Tag: کرونا ٹیسٹ

  • قومی اسمبلی اجلاس: اراکین کے لیے کرونا ٹیسٹ لازمی قرار

    قومی اسمبلی اجلاس: اراکین کے لیے کرونا ٹیسٹ لازمی قرار

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اراکین کے لیے کرونا وائرس کا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا، اراکین اسمبلی کے لیے کرونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا، اراکین سینی ٹائزر گیٹ سے گزر کر پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہوں گے۔

    پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ نمبر 5 پر تھرمامیٹر اور سینی ٹائزنگ گیٹ بھی نصب کر دیے گئے ہیں، اجلاس کور کرنے والے میڈیا نمائندوں کا بھی کرونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، میڈیا نمائندگان اور ملازمین کا داخلہ گیٹ نمبر 5 سے ہوگا۔

    میڈیا نمائندوں کا کرونا ٹیسٹ پارلیمنٹ ہاؤس کی ڈسپنسری میں ہوگا، ہر ادارے سے صرف ایک رپورٹر کو اجلاس کور کرنے کی اجازت ہوگی، جب کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں نجی کیمروں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔

    قومی اسمبلی کے 2 اراکین میں کروناوائرس کی تصدیق

    اراکین کا پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلہ گیٹ نمبر ایک سے ہوگا، قومی اسمبلی اجلاس کی کارروائی صرف 2 گھنٹے پر مشتمل ہوگی، آج پہلے دن صرف کرونا کی صورت حال اور حکومتی اقدامات پر بحث ہوگی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اراکین محمود شاہ اور گل ظفر خان کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا تھا، اراکین پارلیمنٹ سے ٹیسٹ کے لیے سیمپلز 8 مئی کو لیے گئے تھے۔ پارلیمنٹ لاجز کے ایک اور چیمبر اٹینڈنٹ میں کرونا کی تصدیق بھی ہو گئی ہے جس کے بعد پارلیمنٹ لاجز سے سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 3 ہو گئی۔ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے۔

    اب تک اراکین پارلیمان میں سے سینیٹر راجہ ظفر الحق، مشاہد حسین سید، غلام سرور خان، سید فخر امام، مصطفی نواز کھوکھر، شاہ زین بگٹی، نور عالم خان، سینیٹر سلیم ضیا، ستارہ ایاز، ملیکہ بخاری، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، طاہرہ اورنگ زیب، معاونین خصوصی علی نواز اعوان، ملک امین اسلم، مریم اورنگ زیب اور مائزہ حمید کے کرونا ٹیسٹ منفی آ چکے ہیں۔

  • حکومت اینٹی باڈیز ٹیسٹ بھی شروع کرے: ڈاکٹر طاہر شمسی

    حکومت اینٹی باڈیز ٹیسٹ بھی شروع کرے: ڈاکٹر طاہر شمسی

    کراچی: بلڈ ڈیزیز کے اسپیشلٹ ڈاکٹر طاہر شمسی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کرونا وائرس کے پی سی آر ٹیسٹ پر لوڈ کم کرنے کے لیے اینٹی باڈیز ٹیسٹ بھی شروع کیے جائیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈاکٹر طاہر شمسی نے کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے ایک اہم ٹیسٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی باڈیز ٹیسٹ کی مدد سے کرونا سے صحت یاب افراد کی پہچان ہو سکتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت چاہے تو ایس او پیز کے تحت معیشت کا پہیا چل سکتا ہے، وفاق کا محکمہ صحت مہربانی کرے، اینٹی باڈی کا ٹیسٹ دستیاب ہونا ضروری ہے، شہری اپنے اپنے ٹیسٹ کروا کے اپنے اپنے کاموں پر جا سکتے ہیں۔

    ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے خلاف بننے والی آئی جی جی اینٹی باڈیز کے لیے آئی جی ایم کے استعمال کی اجازت تاحال نہیں دی گئی ہے، نہ ہی ٹیسٹس کی کٹس وفاقی حکومت نے فراہم کی ہیں، اس ٹیسٹ کے ذریعے کرونا وائرس کے پی سی آر ٹیسٹ پر لوڈ کم ہو جائے گا، اور بہت سے ایسے لوگوں کی بھی نشان دہی ہوگی جو کرونا سے متاثر ہوئے اور خود بخود صحت یاب ہو گئے کیوں کہ متعدد افراد میں کرونا کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔

    بڑی کامیابی ، پاکستان میں کرونا کےعلاج کیلیے پلازمہ تھراپی کا فیصلہ

    ماہر امراض خون کا کہنا تھا کہ اینٹی باڈیز ٹیسٹ ان تمام لوگوں کی نشان دہی کرے گا جو کرونا سے بغیر علامات کے متاثر ہوئے ہیں، ٹیسٹ میں ان لوگوں کے خون میں اینٹی باڈیز کی نشان دہی سے معلوم ہوگا کہ انھیں کرونا لاحق ہوا تھا۔ انھوں نے این ڈی ایم اے اور وفاقی صحت کے اداروں سے اپیل کی کہ اس معاملے پر بھی توجہ دی جائے۔

    ڈاکٹر شمسی نے کہا کہ تمام وفاقی صحت کے شعبہ جات سے درخواست ہے کہ اس ٹیسٹ کے لیے اجازت نامہ جاری کریں، کیوں کہ وفاقی حکومت کی اجازت کے بغیر کوئی صوبائی حکومت ملک میں ٹیسٹنگ کے اجازت نامے نہیں دے سکتی۔

    واضح رہے کہ این آئی بی ڈی اور جناح اسپتال میں پلازما امونائزیشن کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے، ڈاکٹر سیمی جمالی نے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ملک میں پہلی مرتبہ کو وِڈ نائنٹین میں پلازما امونائزیشن استعمال کیا جا رہا ہے، جناح اسپتال میں کرونا کے مریضوں کے لیے پلازما تھراپی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

  • گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کل میری والدہ آئی تھیں ہم نے مل کر افطار کیا، والدہ کے جانے کے بعد بخار ہوا جس کے بعد ٹیسٹ کرانے کا سوچا۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے رات کو ہی قرنطینہ کرلینا چاہئے تھا لیکن صبح قرنطینہ ہوا ہوں، اپنی والدہ اور گھر والوں کا کرونا ٹیسٹ کراؤں گا۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ مجھ میں کرونا کی کوئی علامات نہیں ہیں، ابھی تو مکمل صحت یاب ہوں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر تعلیم سندھ سعید غنی بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے تھے تاہم چند روز بعد ان کی رپورٹ منفی آگئی تھی، انہوں نے دعائیں کرنے اور حوصلہ افزائی کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔

    یاد رہے کہ محکمہ صحت سندھ کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران سندھ میں 341 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی، کراچی میں 275 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    سندھ بھر میں کرونا کے 925 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور کرونا سے اموات کی تعداد 85 ہوگئیں۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ بھر میں اب تک 43 ہزار 494 افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، 24 گھنٹے میں 2 ہزار 733 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے۔

  • سعودی عرب: کرونا کی مفت تشخیص کے لیے ڈرائیو ان ٹیسٹ کی سہولت قائم

    سعودی عرب: کرونا کی مفت تشخیص کے لیے ڈرائیو ان ٹیسٹ کی سہولت قائم

    ریاض: سعودی عرب میں الاحسا ریجن میں کرونا وائرس کے ڈرائیو ان ٹیسٹ کی سہولت قائم کردی گئی جہاں ہر شخص کو مفت ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں الاحسا ریجن کی بلدیہ نے ادارہ صحت کے تعاون سے کرونا ڈرائیو ان ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی ہے، وہ افراد جو کوویڈ 19 کا ٹیسٹ کروانے کے خواہاں ہیں انہیں یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    کرونا ڈرائیو ان ٹیسٹ سینٹر الاحسا شہر میں شاہ فہد شاہراہ پر قائم کیا گیا ہے جہاں اعلیٰ تربیت یافتہ طبی عملہ جدید ترین سامان کے ساتھ موجود ہوگا۔

    ڈرائیو ان ٹیسٹ سینٹر دو رویہ سڑک پر نصب کیا گیا ہے جہاں ٹیسٹ کیبن سے کچھ فاصلے پر اہلکار متعین ہوں گے جو ٹیسٹ کے لیے آنے والوں کی معلومات جس میں نام، شناختی کارڈ نمبر اور رابطہ نمبر کے علاوہ ایڈریس درج کریں گے۔

    سینٹر کی نگرانی ریجنل ادارہ صحت کے اہلکار کریں گے، سینٹر میں موجود طبی اہلکار آنے والوں کے نمونے حاصل کر کے انہیں سلپ فراہم کردیں گے بعد ازاں ٹیسٹ کے نتیجے کے بارے میں انہیں موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کر دیا جائے گا۔

    وزارت صحت کی جانب سے مختلف زبانوں میں کرونا آگاہی پروگرام بھی جاری کیا گیا ہے جس میں کرونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اور ہدایات درج ہیں۔

    وزارت صحت نے ایپلی کشن بھی لانچ کی ہے جس کے ذریعے چند سوالات کا جواب دے کر کوئی بھی اپنے طور پر یہ معلوم کرسکتا ہے کہ اسے کرونا وائرس ہے یا نہیں۔

  • ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ کے بیٹے کا کرونا ٹیسٹ منفی آ گیا

    ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ کے بیٹے کا کرونا ٹیسٹ منفی آ گیا

    کراچی: ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی کا کو وِڈ نائنٹین کا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سعد ایدھی کا ٹیسٹ اپنے والد کے ٹیسٹ سے بھی قبل مثبت آیا تھا، تاہم اب ان کا دوبارہ کیا گیا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے۔

    سعد ایدھی نے بتایا کہ جب وہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے گئے تھے تو انھیں گیسٹ روم میں بٹھایا گیا تھا، صرف والد صاحب ہی وزیر اعظم سے ان کے آفس میں ملے تھے، وہ اس وقت سیلف آئسولیشن میں ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ والد فیصل ایدھی کا 5 روز بعد دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا، والد کے علاوہ باقی ہم سب کا ٹیسٹ نیگیٹو آیا ہے۔

    وزیراعظم سےملاقات کے 30 گھنٹے بعد علامات ظاہر ہوئیں، فیصل ایدھی

    گزشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے بتایا تھا کہ ان میں کرونا وائرس کی علامات وزیر اعظم سےملاقات کے 30 گھنٹے بعد ظاہر ہوئی تھیں، امکان ہے کہ وائرس کراچی ہی سے میرے ساتھ آیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں لیاری سے تعلق رکھنے والے ورکر میں وائرس تھا، گلوز بھی پہنے ہوئے ہوں تو بھی کرونا ہو جاتا ہے، بہت احتیاط کی، سماجی فاصلہ بھی رکھا، ہاتھ بھی نہیں ملایا لیکن وائرس لگ گیا۔ خیال رہے کہ ذرائع محکمہ صحت نے کہا تھا کہ فیصل ایدھی سے پہلے ان کے بیٹے کا بھی کرونا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا۔ وزیر اعظم سے ملاقات کی وجہ سے گزشتہ روز عمران خان کا بھی ٹیسٹ کیا گیا جو منفی آیا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا کرونا ٹیسٹ منفی آ گیا

    وزیر اعظم عمران خان کا کرونا ٹیسٹ منفی آ گیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کو وِڈ نائنٹین کا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کا کرونا وائرس کے لیے کیے گئے ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو آ گئی ہے، ان کا کرونا ٹیسٹ گزشتہ روز لیا گیا تھا۔

    فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر وزیر اعظم نے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا تھا، چند دن قبل اسلام آباد میں فیصل ایدھی نے وزیر اعظم سے ان کے آفس میں ملاقات کی تھی اور کرونا ریلیف فنڈ میں عطیہ دیا تھا۔

    ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

    وزیر اعظم کے کرونا ٹیسٹ کے لیے شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹرز نے سیمپل لیے تھے، وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے کرونا وائرس ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ کچھ روز قبل فیصل ایدھی نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد بہ طور ذمہ دار شہری وزیر اعظم نے اپنا کرونا ٹیسٹ کرانے پر رضا مندی ظاہر کی۔

    فیصل ایدھی سے قبل ان کے بیٹے سعد ایدھی کا بھی کرونا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا، آج فیصل ایدھی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں شبہ ہے کہ انھیں وائرس کراچی ہی میں لگا تھا، خیال رہے کہ وائرس کی تصدیق کے بعد فیصل ایدھی نے خود کو آئسولیٹ کر دیا ہے۔

  • سندھ حکومت نے فیصل ایدھی کی فیملی کے کرونا ٹیسٹ کے احکامات جاری کر دیے

    سندھ حکومت نے فیصل ایدھی کی فیملی کے کرونا ٹیسٹ کے احکامات جاری کر دیے

    کراچی: سندھ حکومت نے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کی فیملی کا کرونا ٹیسٹ کرانے کے احکامات جاری کر دیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے سول اسپتال کو ہدایت جاری کی ہے کہ کراچی میں موجود فیصل ایدھی کے خاندان کے دیگر افراد کے بھی کرونا ٹیسٹ کیے جائیں۔

    ذرایع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ فیصل ایدھی سے قبل ان کے بیٹے سعد ایدھی کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، اس دوران بھی فیصل ایدھی کو کچھ دن گھر میں رہنے کی ہدایت کی گئی تھی، فیصل ایدھی 4 دن سے اسلام آباد میں تھے، شک ہے وائرس وہی سے منتقل ہوا۔

    ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

    واضح رہے کہ آج فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے، انھوں نے دو دن قبل ٹیسٹ کروایا تھا، وہ اسلام آباد میں مقیم ہیں، ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں، فیصل ایدھی کا ٹیسٹ شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد میں کیا گیا تھا۔

    ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ 5 دن قبل فیصل ایدھی نے اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی، دو روز قبل انھوں نے کرونا کا ٹیسٹ کروایا تھا جس کی آج رپورٹ آئی ہے۔

    ادھر وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے کرونا وبا ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ خدشے کے پیش نظر وزیر اعظم کو ٹیسٹ کروانے کی رائے دوں گا۔

  • بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کیلئے  کرونا ٹیسٹ میں نرمی

    بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کیلئے کرونا ٹیسٹ میں نرمی

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نےعارضی طورپربیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کیلئے ہیلتھ کرونا ٹیسٹ میں نرمی کردی ، شرط کی نرمی کااختتامی وقت21 مارچ کی رات8بجےتک مقررکیاگیاہے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نےعارضی طورپربیرون ملک سے آنے والےپاکستانیوں کو ہیلتھ کورونا ٹیسٹ سےاستشنیٰ دیتے ہوئے نوٹم جاری کردیا، جس کااطلاق اکیس مارچ سے ہوگا۔

    وزارت ہوابازی کے ترجمان کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹم کا مقصد براہ راست پروازوں کے ذریعے پاکستان آنے والے مسافروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

    براہ راست پروازوں کے ذریعے آنے والے مسافروں کے لیے کرونا وائرس کی مصدقہ رپورٹ کی فراہمی کے بغیر پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی شرط کچھ دورانیےکیلئےختم کی گئی ، شرط کی نرمی کااختتامی وقت 21 مارچ کی صبح 5 بجے سے بڑھا کر 21 مارچ کی ہی رات 8 بجے تک مقرر کر دیا گیا ہے۔

    21 مارچ کے بعد بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے کرونا وائرس کی مصدقہ ٹیسٹ رپورٹ فراہم کرنا لازم ہو گا، اس نوٹم کا اطلاق صرف ان پروازوں پر ہو گا، جو 21 مارچ 2020 صبح 5 بجے پرواز کی حالت میں ہوں گی۔

    ذرائع کےمطابق پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے سیکریٹری ایوی ایشن سے رابطہ کرکے کہا تھا کہ بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو ہیلتھ ٹیسٹ سے استثنیٰ دیا جائے، برطانیہ اور یورپ سےپاکستان آنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامناہے۔

    کرونا وائرس ٹیسٹ کی شرط میں نرمی کے لئے اسپیشل کوارڈینیشن کمیٹی نے سفارش وزیراعظم کو بھجوائی تھی ، یہ فیصلہ بیرون ملک مقیم پاکستانی طلبا اور سیاحوں کی وطن واپسی میں مشکلات کے پیش نظرکیا گیا جبکہ آئندہ مشتبہ مسافروں کو ایئرپورٹ سے قرنطینہ منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ملک کے 7 بڑے شہروں میں بڑے ہوٹل حاصل کر کے قرنطینہ میں تبدیل کیے جائیں گے، ہوٹلوں میں اٹیچ باتھ والے کمروں میں صرف مشتبہ مریضوں کو رکھا جائے گا۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد،پشاور، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ میں قرنطینہ قائم کیے جائیں گے۔