Tag: کرونا کو شکست

  • بل گیٹس نے پاکستان کی کرونا کے خلاف کامیابی کو تسلیم کر لیا

    بل گیٹس نے پاکستان کی کرونا کے خلاف کامیابی کو تسلیم کر لیا

    اسلام آباد: مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے پاکستان کی کرونا کے خلاف کامیابی کو تسلیم کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بل گیٹس نے ایک غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے نہ صرف پاکستان کی کرونا وائرس کی وبا کے خلاف کامیابی کو تسلیم کیا بلکہ پاکستان میں کرونا کی صورت حال کا موازنہ یورپ کے ساتھ بھی کیا۔

    بل گیٹس نے غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا پاکستان نے کرونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے کڑی محنت کی، سخت اقدامات کے باعث پاکستان میں کرونا کیسز میں بڑے پیمانے پر کمی آئی۔

    بل گیٹس نے پاکستان میں کرونا کی صورت حال کا موازنہ یورپ سے کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ایک وقت میں کرونا کیسز کی تعداد خطرناک حد پر تھی لیکن اب صورت حال یورپ جیسی ہے۔

    24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا کے 15 مریض جاں بحق

    بل گیٹس نے پڑوسی ملک بھارت کے حوالے سے بھی بات کی، انھوں نے بھارت میں کرونا کی کی صورت حال کو ابتر قرار دیا، اور کہا کہ افسوس کہ بھارت میں کرونا کی صورت حال جنوبی امریکا جیسی ہے۔

    واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی اپ ڈیٹ کے مطابق پاکستان میں یومیہ رپورٹ ہونے والے کرونا کیسز اور اموات میں بتدریج کمی آ رہی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس انفیکشن سے 15 مریض جاں بحق ہوئے، اور صرف 539 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی، ملک میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد بھی 17799 ہے۔

  • جدہ: 107 سالہ خاتون نے کرونا کو شکست دے دی

    جدہ: 107 سالہ خاتون نے کرونا کو شکست دے دی

    جدہ: سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں 107 سالہ بزرگ خاتون نے کرونا وائرس کو شکست دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ میں سو سال سے زائد عمر کی ایک خاتون کرونا وائرس انفیکشن سے شفایاب ہو گئی ہیں، معمر خاتون کو مشرقی جدہ جنرل اسپتال میں علاج کے لیے رکھا گیا تھا۔

    اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر خالد الغامدی کا کہنا تھا کہ جب معمر خاتون کو اسپتال لایا گیا تو انھیں سانس لینے میں شدید تکلیف لاحق تھی، اسی باعث انھیں اسپتال لایا گیا تھا، جس پر ضعیف خاتون کو فوری طور پر انتہائی نگہداشت یونٹ منتقل کیا گیا۔

    عربی ویب سائٹ سبق کے مطابق اسپتال کے سربراہ نے بتایا کہ خاتون کی صحت کا ابتدائی معائنہ کیے جانے کے بعد ان کا کو وِڈ 19 ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، ٹیسٹ کیا گیا تو کرونا مثبت نکلا، طبی معائنے میں یہ بھی سامنے آیا کہ خاتون کے پھیپھڑوں میں سوجن ہو چکی ہے جس کے باعث انھیں سانس لینے میں سخت دشواری ہو رہی تھی۔

    خاتون کو ان کی حالت کے پیش نظر وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تاکہ انھیں مصنوعی سانسیں فراہم کی جا سکیں، وزارت صحت کی جانب سے بھی خاتون کے خصوصی علاج کی ہدایت جاری کی گئی۔

    ڈاکٹر خالد الغامدی کا کہنا تھا کہ علاج کے ایک ہفتے بعد ہی خاتون کی حالت قابو میں آ گئی جب کہ سانس لینے کی تکلیف بھی ختم ہو گئی، جس پر طبی ٹیم نے ان کا دوبارہ ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا جو منفی نکلا۔

    کرونا انفیکشن سے نجات پانے پر خاتون کو اسپتال کے جنرل وارڈ میں منتقل کیا گیا جہاں وہ روبہ صحت ہیں، تاہم ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ انھیں مزید چند دن طبی نگرانی میں رکھا جائے گا۔