Tag: کرونا کی تشخیص

  • جاپان: کرونا وائرس کی تشخیص کا جدید ترین آلہ ایجاد

    جاپان: کرونا وائرس کی تشخیص کا جدید ترین آلہ ایجاد

    ٹوکیو: جاپان کے ماہرین نے ایک ایسا جدید آلہ ایجاد کر لیا ہے جو سانس سے کرونا وائرس کی تشخیص کر سکتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق توہوکُو یونی ورسٹی اور حساس پیمائشی آلات تیار کرنے والی ایک جاپانی کمپنی نے ایک ایسا نظام وضع کر لیا ہے جس کی مدد سے کسی بھی شخص کی سانس سے کرونا وائرس کی تشخیص کی جا سکتی ہے۔

    مذکورہ دونوں اداروں نے کرونا کے ٹیسٹنگ نظام کے تجرباتی نمونے کی تیاری مکمل کر لی ہے، یہ آلہ 3 حصوں پر مشتمل ہے۔

    آلے کا پہلا حصہ تقریباً 5 منٹ تک چھوڑے گئے سانس کو جذب کرتا ہے، دوسرا حصہ سانس میں موجود تمام کرونا وائرس کو غیر فعال بناتے ہوئے وائرس میں موجود پروٹینز حاصل کرتا ہے، جب کہ تیسرے حصے میں پروٹینز کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔

    یہ آلہ تیار کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ڈیوائس تقریباً ایک گھنٹے میں نتائج دے سکتی ہے، اس آلے کی کامیاب طبی آزمائش دس متاثرہ افراد پر کی گئی ہے۔

    ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ چوں کہ اس آلے کی جسامت اس وقت بڑی ہے اس لیے کثیر تعداد میں اس کی تیاری ایک چیلنج ہے، اسے اب چھوٹے سائز میں بنایا جائے گا۔

    توہوکُو یونی ورسٹی اسکول آف میڈیسن کے پروفیسر آکائیکے تاکا آکی کا کہنا ہے کہ سانس سے وائرس کی تشخیص کی کوششوں کے حوالے سے کوئی تحقیقی مقالے موجود نہیں ہیں اور اُن کی ٹیکنالوجی غالباً دنیا کی پہلی ایسی ایجاد ہوگی۔

    حساس پیمائشی آلات بنانے والی کمپنی شیمادزُو کے صدر کا کہنا تھا کہ یہ نظام نہ صرف لوگوں میں انفیکشن کا سراغ لگا سکتا ہے بلکہ اس کے ذریعے علامات کی شدت سے متعلق بھی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

  • ایس آئی یو ٹی میں کرونا کی تشخیص کا عمل رک گیا

    ایس آئی یو ٹی میں کرونا کی تشخیص کا عمل رک گیا

    کراچی: سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) میں کرونا وائرس کی تشخیصی کٹس ختم ہو گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایس آئی یو ٹی میں کرونا وائرس کی تشخیص کا عمل عارضی طور پر رک گیا ہے، طبی ادارے میں وائرس کی تشخیصی کٹس ختم ہو چکی ہیں۔

    انتظامیہ ایس آئی یو ٹی کے مطابق طبی ادارے میں بڑی تعداد میں گردوں کے مریض زیر علاج ہیں، جیسے ہی وفاقی یا صوبائی حکومت کی جانب سے کٹس موصول ہوں گی، تشخیص کا عمل دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔

    شہر کے مختلف اسپتالوں میں تشخیصی کٹس کی عدم فراہمی کا سلسلہ بدستور برقرار ہے، ایس آئی یوٹی کی انتظامیہ کے مطابق اسکریننگ کا عمل کٹس کی عدم دستیابی کے باعث عام لوگوں کے لیے روک دیا گیا ہے کیوں کہ ایس آئی یو ٹی میں پہلے امراض گردہ کے مریضوں کی بڑی تعداد زیر علاج ہے جن کی اسکریننگ بھی کی جاتی ہے۔

    ایس آئی یو ٹی میں کورونا وائرس کی تشخیص کی سہولت کا آغاز

    آغا خان اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق اسپتال میں مزید داخلوں کی گنجائش نہ ہونے کی کیفیت برقرار ہے اس لیے تشخیص کا عمل جاری نہیں رکھا جا سکتا جب کہ انڈس اسپتال کے ترجمان کے مطابق اسپتال میں ڈاکٹروں کی تجویز پر کرونا کی علامت والے مریضوں کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔ ڈاؤ یونی ورسٹی کے ترجمان نعیم طاہر کے مطابق ادارے میں کرونا وائرس کے لیے اسکریننگ کا عمل جاری ہے، اوجھا کیمپس میں کٹس موجود ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دیگر اسپتالوں میں کٹس ختم ہونے کی وجہ سے ان کا دباؤ بھی اوجھا کیمپس پر آ گیا ہے۔