Tag: کرونا

  • غیر ضروری طور پر سفر کرنے والی خاتون ٹرانسپورٹ اہلکاروں پر تھوک کر فرار

    غیر ضروری طور پر سفر کرنے والی خاتون ٹرانسپورٹ اہلکاروں پر تھوک کر فرار

    نیوزی لینڈ میں ایک جوڑے کو بس میں سفر کرنے سے منع کیا گیا تو انہوں نے ٹرانسپورٹ سروس کے 3 اہلکاروں پر تھوک دیا، پولیس نے جوڑے کی تلاش شروع کردی ہے۔

    مذکورہ واقعہ نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں گزشتہ روز پیش آیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ جوڑا ایک بس میں سفر کر رہا تھا تاہم ان کے سفر کی نوعیت جاننے کے بعد علم ہوا کہ وہ غیر ضروری طور پر سفر کر رہے تھے۔

    بس سے اترنے کا کہنے پر جوڑا آپے سے باہر ہوگیا اور خاتون نے ٹرانسپورٹ سروس کے 3 اہلکاروں پر تھوک دیا جس کے بعد دونوں فرار ہوگئے۔

    واقعے کا شکار افراد کو کرونا وائرس کے خدشے کے تحت فوری طور پر قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ آج کل کے حالات کو دیکھتے ہوئے اس طرح کی حرکت پر وہ حیران ہیں اور وہ اسے بالکل برداشت نہیں کریں گے۔

    حکام کے مطابق ٹرانسپورٹ سروس کا عملہ لوگوں کو سفری سہولیات مہیا کرنے کے لیے دن رات کام کر رہا ہے، ان کے ساتھ اس طرح کا سلوک بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    پولیس نے جوڑے کی تصویر جاری کر کے لوگوں سے ان کی معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

  • طور خم بارڈر پر جدید آٹو میٹک تھرمل اسکینر نصب

    طور خم بارڈر پر جدید آٹو میٹک تھرمل اسکینر نصب

    اسلام آباد: پاک افغان سرحد طور خم بارڈر پر جدید آٹو میٹک تھرمل اسکینر نصب کر دیا گیا، 2 روز قبل 400 افراد کو افغانستان سے پاکستان داخلے کی اجازت دی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹرل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ محکمہ صحت نے اہم اقدام کرتے ہوئے کہا کہ طور خم بارڈر پر جدید آٹو میٹک تھرمل اسکینر نصب کر دیا گیا، تھرمل اسکینرز کی مدد سے پاکستان میں داخل ہونے والوں کو چیک کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعہ کو 400 افراد کو افغانستان سے پاکستان داخلے کی اجازت دی گئی تھی جس کو مدنظر رکھتے ہوئے چند دنوں میں طور خم بارڈر پر ایک اور آٹو میٹک تھرمل اسکینر نصب کیا جائے گا۔

    آٹو میٹک تھرمل اسکینر بخار اور فلو کے مریض کی شناخت کرتا ہے۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 7 ہزار 993 ہوچکی ہے جبکہ ملک بھر میں 159 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    قومی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق اب تک 217 ہیلتھ پروفیشنلز بھی کرونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں ڈاکٹرز، نرسز اور اسپتال کا دیگر عملہ شامل ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ملک میں تاحال 217 ہیلتھ پروفیشنلز کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جن میں سے 116 ڈاکٹرز، 34 نرسز اور 67 دیگر اسپتال ملازمین شامل ہیں۔

  • مصر: کرونا وائرس کا مریض قرنطینہ سے فرار ہو کر چچا کے جنازے پر پہنچ گیا

    مصر: کرونا وائرس کا مریض قرنطینہ سے فرار ہو کر چچا کے جنازے پر پہنچ گیا

    قاہرہ: مصر میں کرونا وائرس کا ایک مریض قرنطینہ سے فرار ہو کر اپنے چچا کے انتقال پر ان کے جنازے میں شریک ہونے کے لیے جا پہنچا، پولیس نے مذکورہ شخص کو پکڑ کر واپس قرنطینہ پہنچا دیا۔

    مقامی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا کا مریض الشرقیہ صوبے کے قرنطینہ سینٹر سے فرار ہوا تھا، وزارت کے مطابق مریض ایک فیکٹری میں کام کرتا تھا جہاں اس کے 6 مزید ساتھیوں میں کرونا وائرس کے جراثیم موجود ہونے پر فیکٹری کو بند کر دیا گیا تھا۔

    متاثرہ مریض کو جب چچا کے انتقال کی خبر ملی تو وہ قرنطینہ سے فرار ہو کر نماز جنازہ میں شرکت کے لیے چلا گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مریض نے نماز جنازہ کے موقع پر کئی لوگوں سے مصافحہ بھی کیا اور کئی ایسے بھی تھے جنہوں نے اسے گلے لگا کر دلاسہ بھی دیا۔

    بعد ازاں پولیس کی مدد حاصل کرتے ہوئے فرار ہونے والے مریض کو گرفتار کر کے دوبارہ قرنطینہ میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد نماز جنازہ و تدفین میں شریک تمام افراد کا کرونا ٹیسٹ لیا گیا اور پورے علاقے میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی کیا گیا ہے۔

    واضح رہے مصر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 188 نئے مریضوں کے بعد مجموعی تعداد بڑھ کر 3 ہزار 32 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 224 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

  • بھارت میں سبزی والا کرونا وائرس کا شکار نکلا، 2 ہزار افراد قرنطینہ ہونے پر مجبور

    بھارت میں سبزی والا کرونا وائرس کا شکار نکلا، 2 ہزار افراد قرنطینہ ہونے پر مجبور

    نئی دہلی: بھارتی شہر آگرہ میں سبزی بیچنے والا کرونا وائرس کا شکار نکلا، حکام نے علاقے کے 2 ہزار افراد کو قرنطینہ میں جانے کا حکم دے دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص آٹو رکشہ چلاتا تھا تاہم لاک ڈاؤن کے دوران وہ سبزی بیچنے لگا تھا، طبیعت خراب ہونے پر اس کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تو وہ مثبت نکلا۔

    حکام نے فوری طور پر مذکورہ علاقے میں 2 ہزار افراد کو قرنطینہ میں جانے کا حکم دیا ہے، ضلعی انتظامیہ اس بات پر پریشان ہے کہ ان لوگوں کا پتہ کیسے چلایا جائے جو گزشتہ 14 دن میں اس شخص سے رابطے میں آئے۔

    ایک اور پریشان کن بات یہ بھی ہے کہ خود سبزی والا جس شخص سے متاثر ہوا ہے وہ تاحال اندھیرے میں ہے۔

    حکام کا اندازہ ہے کہ رکشہ چلانے کے دنوں میں اس نے کسی مشتبہ سواری کو اپنے رکشے میں بٹھایا اور اسی سے خود بھی کرونا وائرس کا شکار ہوا۔

    اس سے قبل بھارت میں ہی ایک پیزا ڈلیوری بوائے بھی کرونا وائرس کا شکار نکلا تھا جس کے بعد 72 خاندانوں کو قرنطینہ میں جانا پڑا۔

    یہ وہ خاندان تھے جن کے گھروں پر ڈلیوری بوائے نے گزشتہ 14 دنوں کے دوران پیزا ڈلیوری پہنچائی تھی، بعد ازاں ان میں سے 10 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی تھی۔

    خیال رہے کہ بھارت میں اب تک 16 ہزار 365 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 521 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

  • ملک بھر میں طبی عملے کے 217 افراد کرونا وائرس کا شکار

    ملک بھر میں طبی عملے کے 217 افراد کرونا وائرس کا شکار

    اسلام آباد: قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں اب تک 217 ہیلتھ پروفیشنلز کرونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں ڈاکٹرز، نرسز اور اسپتال کا دیگر عملہ شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت نے ہیلتھ پروفیشنلز کی رپورٹ وزارت قومی صحت کو ارسال کردی، رپورٹ میں کرونا وائرس کا شکار بننے والے ہیلتھ پروفیشنلز کے اعداد و شمار بتائے گئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ملک میں تاحال 217 ہیلتھ پروفیشنلز کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جن میں سے 116 ڈاکٹرز شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مریضوں کی دیکھ بھال کے دوران 34 نرسز کرونا وائرس میں مبتلا ہوئیں، ملک بھر میں 67 دیگر اسپتال ملازمین میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کا شکار 119 ہیلتھ پروفیشنلز اسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور ان تمام کی حالت تسلی بخش ہے، 71 ہیلتھ پروفیشنلز قرنطینہ میں زیر علاج ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کا علاج کرنے والے 3 ہیلتھ پروفیشنلز جاں بحق ہو چکے ہیں، ان میں سے 2 کا تعلق گلگت بلتستان اور ایک کا اسلام آباد سے ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس سے 24 ہیلتھ پروفیشنلز تاحال صحتیاب ہو چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 7 ہزار 993 ہوچکی ہے جبکہ ملک بھر میں 159 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

  • 18 بچوں کی ماں نے 17 بچوں میں کرونا وائرس منتقل کردیا

    18 بچوں کی ماں نے 17 بچوں میں کرونا وائرس منتقل کردیا

    واشنگٹن: کرونا وائرس کی علامت ظاہر ہوتے ہی لوگ پریشان ہو کر ڈاکٹر کے پاس جارہے ہیں تاہم بعض کیسز میں مرض کا شکار لوگوں میں کوئی علامت ظاہر نہیں ہورہی، ایسی ہی ایک ماں نے بھی بے خبری میں اپنے 18 میں سے 17 بچوں کو وائرس منتقل کردیا۔

    نیویارک کی رہائشی برٹنی جینک میں کرونا وائرس کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی چنانچہ وہ معمول کے مطابق اپنے گھر میں رہ رہی تھی، پھر اچانک اس کی طبیعت نہایت بگڑ گئی جس کے بعد اس کا ٹیسٹ کیا گیا تو انکشاف ہوا کہ وہ کرونا وائرس کا شکار ہوچکی ہے۔

    تشویش ناک بات یہ تھی کہ ماں سے اس کے 18 میں سے 17 بچوں میں بھی وائرس منتقل ہوچکا تھا، برٹنی کے 18 بچوں میں سے کچھ گود لیے ہوئے ہیں جو سب ایک ساتھ ایک گھر میں رہتے ہیں۔

    برٹنی کا کہنا ہے کہ اسے گزشتہ 5 ہفتوں سے کسی بیماری کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور اب وہ شدید بیمار ہوئی ہے اور بستر پر پڑ گئی ہے، ’میں اپنی زندگی میں آج سے پہلے کبھی اتنی خوفزدہ نہیں ہوئی‘۔

    حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کا تعین نہیں ہوسکا کہ خود برٹنی اس وائرس کا کیسے شکار ہوئی۔

    خیال رہے کہ امریکی ریاست نیویارک اس وقت اس وبا کا مرکز بن چکی ہے، صرف نیویارک میں اب تک 2 لاکھ 23 ہزار 699 افراد وائرس کا شکار بن چکے ہیں جبکہ ہلاک افراد کی تعداد 12 ہزار 800 ہوچکی ہے۔

    نیویارک سمیت امریکا میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 10 ہزار 272 ہوچکی ہے جبکہ ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 37 ہزار 175 ہوچکی ہے۔

  • کرونا وائرس: شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے خطیر رقم عطیہ کردی

    کرونا وائرس: شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے خطیر رقم عطیہ کردی

    لندن: برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل نے اپنی شادی سے حاصل ہونے والی 90 ہزار پاؤنڈز کی خطیر رقم کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کے لیے عطیہ کردی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جوڑے نے یہ رقم ایک فلاحی ادارے فیڈنگ بریٹین کو دی ہے جو اس بحران کے دنوں میں لوگوں کو کھانا فراہم کر رہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ پہلے ہی طے تھا کہ جوڑے کی شادی پر نشریاتی اداروں کی جانب سے جو منافع حاصل ہوگا وہ جوڑا اپنی مرضی سے کسی بھی ادارے کو عطیہ کرسکے گا۔

    یہ رقم دراصل شادی کو نشر کرنے کے حقوق کی فروخت سے حاصل ہوئی ہے جس کا بڑا حصہ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے حاصل ہوا ہے۔

    دوسری جانب جوڑے نے اس رقم کو عطیہ کرنے کے لیے جس ادارے کا انتخاب کیا ہے وہ کسی اور کا نہیں بلکہ کنٹربری چرچ کے اس بشپ کا ہے جنہوں نے جوڑے کی شادی کی رسومات ادا کیں۔

    ہیری اور میگھن نے چند ماہ قبل مذکورہ ادارے کی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا تھا، جبکہ رقم عطیہ کرنے سے پہلے انہوں نے بشپ سے فون پر گفتگو بھی کی جنہوں نے کرونا وائرس کے بحران کے دوران ادارے کی امدادی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

    بشپ نے خطیر رقم عطیہ کرنے پر جوڑے کا شکریہ ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس رقم سے ان کی امدادی سرگرمیوں میں مزید وسعت پیدا ہوگی۔

    بشپ کا ادارہ اس سے قبل متوسط طبقے کے اسکولوں میں بچوں کو ناشتہ اور ظہرانہ فراہم کر رہا تھا تاہم اب کرونا وائرس کے بحران میں ادارے نے خاندانوں کو کھانا دینا شروع کردیا ہے۔

  • کرونا وائرس سے لڑنے کے لیے کیا ایک ویکسین کافی ہوگی؟

    کرونا وائرس سے لڑنے کے لیے کیا ایک ویکسین کافی ہوگی؟

    برطانوی دوا ساز کمپنی جی ایس کے کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی ہلاکت خیزی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کے خلاف زیادہ سے زیادہ ویکسینز بنانی ہوں گی۔

    ادارے کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایما کا کہنا ہے کہ اس وائرس کے خلاف ایک ویکسین کافی نہیں ہوگی اور زیادہ سے زیادہ اداروں کو مل کر اس کی ویکسینز تیار کرنی ہوں گی۔

    ان کے مطابق ان کا ادارہ بھی مختلف اداروں کے اشتراک سے ویکسین کی تیاری پر کام کر رہا ہے لیکن یہ ایک طویل مرحلہ ہے۔

    ایما کا کہنا ہے کہ زیادہ ویکسینز کی ضرورت اس لیے بھی ہے کیونکہ اس وائرس نے ایک عالمگیر طبی بحران پیدا کردیا ہے چانچہ دنیا بھر کی آبادی کے لیے ایک ویکسین کافی نہیں ہوگی۔

    اس وقت کرونا وائرس کی سب سے زیادہ ویکسینز چین میں تیار کی گئی ہیں جن کی تعداد 3 ہے، ان میں سے ایک اپنی آزمائش کے دوسرے مرحلے میں پہنچ گئی ہے جبکہ بقیہ دو کی آزمائش پہلے مرحلے میں ہے۔

    چین کی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ چین اس وقت دنیا کا واحد ملک ہے جو اب تک وائرس کے خلاف 3 ویکسینز تیار کرچکا ہے، پہلی ویکسین کی آزمائش دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اور یہ اس اسٹیج تک پہنچنے والی دنیا کی پہلی ویکسین ہے۔

    ان کے مطابق اب تک دنیا میں تیار کی گئی تمام ویکسینز اپنے ٹرائل کے پہلے مرحلے میں ہیں۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس اب تک دنیا کے 20 لاکھ سے زائد انسانوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے جبکہ وائرس سے اب تک 1 لاکھ 35 ہزار 229 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

  • چین میں کرونا وائرس کی مزید 2 ویکسینز کی آزمائش

    چین میں کرونا وائرس کی مزید 2 ویکسینز کی آزمائش

    بیجنگ: چین میں کرونا وائرس کی 2 ویکسینز کے کلینیکل ٹرائل کی منظوری دے دی گئی، چین اس سے قبل بھی ایک ویکسین تیار کرچکا ہے جس کی آزمائش دوسرے مرحلے میں پہنچ گئی ہے۔

    چین کی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ویکسینز کی تیاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں ویکسینز کی آزمائش جلد شروع کردی جائے گی۔

    ان 2 میں سے ایک ویکسین بیجنگ اور دوسری ووہان کے انسٹی ٹیوٹ آف بائیولوجیکل پروڈکٹس میں تیار کی گئی ہے۔

    وزارت سائنس کا کہنا ہے کہ چین اس وقت دنیا کا واحد ملک ہے جو اب تک وائرس کے خلاف 3 ویکسینز تیار کرچکا ہے اور تینوں ویکسینز اپنی ٹرائلز کے علیحدہ مرحلوں میں ہیں۔

    اس سے قبل پہلی ویکسین گزشتہ ماہ مارچ میں اکیڈمی آف ملٹری میڈیکل سائنسز اور ہانگ کانگ کی ایک بائیو ٹیک کمپنی نے تیار کی تھی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ پہلی ویکسین کی آزمائش دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اور یہ اس اسٹیج تک پہنچنے والی دنیا کی پہلی ویکسین ہے۔

    ان کے مطابق اب تک دنیا میں تیار کی گئی تمام ویکسینز اپنے ٹرائل کے پہلے مرحلے میں ہیں۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس اب تک دنیا کے 20 لاکھ سے زائد انسانوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے جبکہ وائرس سے اب تک 1 لاکھ 26 ہزار 754 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

  • منگیتر سے ملنے کے لیے نوجوان قرنطینہ سے فرار

    منگیتر سے ملنے کے لیے نوجوان قرنطینہ سے فرار

    رملہ: فلسطین کا ایک نوجوان منگیتر سے ملنے کے لیے قرنطینہ سے فرار ہو کر اس کے گھر پہنچ گیا، فورسز نے نوجوان کو حراست میں لے کر منگیتر اور اس کے گھر والوں سمیت قرنطینہ منتقل کردیا۔

    کہا جاتا ہے کہ محبت اندھی اور بہری ہوتی ہے، یہ کہاوت فلسطینی شہر بیت اللحم کے اس نوجوان پر پوری طرح صادق آتی ہے کہ جسے کرونا وائرس سے متاثر ہونے پر قرنطینہ بھیج دیا گیا تھا۔

    فلسطینی نوجوان منگیتر کو دیکھنے کی خواہش میں بھول گیا کہ قرنطینہ سے اس کا نکلنا خود اس کے اور اس کی منگیتر کے لیے خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق قرنطینہ میں زیر علاج فلسطینی شہری آنکھ بچا کر قرنطینہ ہی نہیں بلکہ شہر سے نکل کھڑا ہوا اور الخلیل شہر کے شمال میں واقع العروب کیمپ اپنی منگیتر سے ملاقات کے لیے پہنچ گیا۔

    سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کو جیسے ہی اس کا علم ہوا وہ فوری طور پر حرکت میں آگئے اور مفرور نوجوان کو حراست میں لے کر دوبارہ قرنطینہ پہنچا دیا۔

    فورسز نے اس کی منگیتر اور سسرالی رشتہ داروں کو بھی قرنطینہ میں داخل کردیا، قرنطینہ سے فرار کا یہ واقعہ فلسطین بھر میں سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

    خیال رہے کہ فلسطینی حکومت نے کرونا کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے متعدد حفاظتی اقدامات کیے ہیں، فلسطین میں ایسے تمام مقامات کو سینی ٹائز کیا جا رہا ہے جہاں گنجان آبادی ہے۔

    فلسطین میں اب تک کرونا وائرس کے 208 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 2 اموات بھی ہو چکی ہیں۔