Tag: کرونا

  • دبئی میں کرونا وائرس کی اسکریننگ کے لیے اسمارٹ ہیلمٹ

    دبئی میں کرونا وائرس کی اسکریننگ کے لیے اسمارٹ ہیلمٹ

    ابو ظہبی: دبئی کے صحت حکام نے کرونا وائرس کے متاثرین کی جانچ کے لیے اسمارٹ ہیلمٹ کا استعمال شروع کردیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی کے طبی خدمات کے ادارے کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر خلیفہ بن دراس نے بتایا کہ طبی امداد پیش کرنے والے صحت اہلکار مریضوں کو چیک کرتے وقت اسمارٹ ہیلمٹ استعمال کر رہے ہیں۔

    ان کے مطابق اس کے ذریعے وہ اس بات کا پتہ لگا لیتے ہیں کہ کرونا وائرس کا مشتبہ مریض واقعی مرض میں واقعی مبتلا ہے یا نہیں۔

    خلیفہ بن دراس کا کہنا ہے کہ اسمارٹ ہیلمٹ مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جیسے ہی صحت اہلکار متعلقہ شخص پر نظر ڈالتا ہے فوراً ہی اسمارٹ ہیلمٹ اس انسان کا درجہ حرارت چیک کرلیتا ہے۔

    ہیلمٹ صحت اہلکار کو اس کے موبائل پر ایس ایم ایس کردیتا ہے جس میں یہ اطلاع ہوتی ہے کہ متعلقہ شخص کے جسم کا درجہ حرارت بڑھا ہوا ہے یا معمول کے مطابق ہے، اگر درجہ حرارت بڑھا ہوا ہوتا ہے تو اس سے پتہ لگا لیا جاتا ہے کہ وہ کرونا وائرس کا ممکنہ مریض ہے۔

    بن دراس کا کہنا ہے کہ اسمارٹ ہیلمٹ کی بدولت صحت اہلکاروں کو کررونا وائرس لگنے سے تحفظ حاصل ہوگیا ہے۔

    یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کرونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 4 ہزار 521 تک پہنچ چکی ہے، 4 اموات ہوچکی ہیں اور 852 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

  • مشیر خزانہ کا کرونا سے نمٹنے کے لیے چینی حکومت کے تعاون پر اظہار تشکر

    مشیر خزانہ کا کرونا سے نمٹنے کے لیے چینی حکومت کے تعاون پر اظہار تشکر

    اسلام آباد: مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ حکومت صحت، مالی امداد اور اقتصادی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے چینی سفیر یاؤجنگ نے ملاقات کی۔مشیر خزانہ نے کرونا سے نمٹنے کے لیے چینی حکومت کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔

    ڈاکٹر عبدالحفیظ کا کہنا تھا کہ حکومت صحت، مالی امداد اور اقتصادی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے کوشاں ہے،کرونا وبا کےاثرات پر قابو پانے کے لیے 1200 ارب کاریلیف پیکیج دیاگیا۔

    مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مزدوروں اور کارکنوں کے لیے200 اور ایس ایم ای کے لیے100 ارب رکھے ہیں،احساس پروگرام کے تحت مستحقین کے لیے 144 ارب کی نقد امداد جاری ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین کی جانب سے فراہم کردہ طبی سامان سے پاکستان کی طبی صلاحیت میں اضافہ ہوا۔

    چینی سفیر نے پاکستان کی حمایت پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ چینی قیادت ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھےگی، دونوں ممالک ترجیحی بنیادوں پر کرونا کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں گے۔

  • سعودی عرب: مریضوں کی غذا کے لیے کڑے اصول

    سعودی عرب: مریضوں کی غذا کے لیے کڑے اصول

    ریاض: سعودی عرب کے اسپتالوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی غذا کے لیے حفظان صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے۔

    قطیف سینٹرل اسپتال میں شعبہ غذا کے سربراہ باسم آل طلاق کا کہنا ہے کہ اسپتال میں خوراک کا باقاعدہ شعبہ ہے، اس کی طرف سے کھانا تیار کرنے والوں، پیش کرنے والوں اور خود کھانے کے سلسلے میں حفظان صحت کے تمام ضوابط کی پابندی کروائی جا رہی ہے۔

    ان کے مطابق کیٹرنگ کے شعبے میں تمام آلات، برتن اور اس کے ہر حصے کو سینی ٹائز کیا جا رہا ہے۔ کیٹرنگ کا شعبہ مریضوں کو کھانا ایسے برتنوں میں پیش کر رہا ہے جو صرف ایک بار استعمال کیے جاتے ہیں۔

    اسپتال میں ڈاکٹروں، نرسوں، صفائی کارکنان اور کیٹرنگ سمیت ہر شعبے کے عملے کی رہائش کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا ہے، اسپتال کے قریب ایک عمارت کرائے کی حاصل کی گئی ہے جہاں تمام حفاظتی تدابیر کی پابندی کی جاتی ہے۔

    کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدبیر کے طور پر ہر کارکن کا ڈیوٹی پر آتے جاتے وقت درجہ حرارت بھی چیک کیا جارہا ہے، غیر ملکی کارکنان کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کرنے کےلیے انگریزی، عربی، فلپائنی اور دیگر زبانوں میں ویڈیو کلپ بھی تیار کروائے گئے ہیں۔

    باسم آل طلاق کا کہنا ہے کہ کیٹرنگ کے شعبے نے کرونا بحران کے زمانے میں ای گیٹ سسٹم شروع کر دیا ہے تاکہ ایسے افراد جو اس شعبے سے تعلق نہ رکھتے ہوں وہ کیٹرنگ نہ آسکیں۔

    علاوہ ازیں کیفے ٹیریا میں بھیڑ بھاڑ روکنے کے لیے ٹیبل سسٹم بھی ختم کردیا گیا ہے، اسپتال میں احتیاطی تدابیر کے طور پر 30 دن کی خوراک ذخیرہ کرلی گئی ہے، کھانے پینے کی اشیا کی حفاظت کے لیے اضافی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

  • مکہ مکرمہ کے کلاک ٹاور پر ’گھر پر رہو‘ کا پیغام

    مکہ مکرمہ کے کلاک ٹاور پر ’گھر پر رہو‘ کا پیغام

    ریاض: مکہ مکرمہ کے کلاک ٹاور پر ’گھر پر رہو‘ کا پیغام درج کردیا گیا، اقدام کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے گھر پر رہنے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر مکہ کلاک ٹاور کی ایک تصویر وائرل ہو رہی ہے جس میں کلاک ٹاور پر یہ پیغام درج ہے خلیک بالبیت یعنی ’گھر میں رہو‘۔

    مکہ کلاک ٹاور پر گھر میں رہو کا پیغام کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے گھروں میں رہنے کی پابندی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے دیا گیا ہے۔

    ٹاور کی تصاویر برج الساعۃ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹویٹر اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہیں۔

    صارفین نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے گھر تک محدود رہنے کی اس تاکید کے منفرد انداز پر پسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔ اس سے قبل کلاک ٹاور پر کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حفاظتی تدابیر سے متعلق پیغام بھی دیا گیا تھا۔

    یہ کلاک ٹاور مسجد الحرام کے سامنے ہے اور دنیا کے بلند ترین ٹاورز میں سے ایک ہے، اس کے بالائی حصے میں دنیا کی سب سے بڑی گھڑی نصب ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے 4 ہزار 934 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ وائرس سے 65 اموات ہوچکی ہیں۔

  • ہم معیشت کودوبارہ زندہ کرسکتے ہیں لیکن لوگوں کونہیں کرسکتے،بلاول بھٹو

    ہم معیشت کودوبارہ زندہ کرسکتے ہیں لیکن لوگوں کونہیں کرسکتے،بلاول بھٹو

    اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم معیشت کودوبارہ زندہ کرسکتے ہیں لیکن لوگوں کونہیں کرسکتے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو نے عالمی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ اب تک پاکستان میں کرونا سے 94 افراد فوت ہوچکے ہیں، پاکستان میں 5230 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ وبا کی تیزی کا احساس نہ ہونے سے بروقت ضروری اقدامات میں مشکلات ہیں،ماہرین صحت نےتجویز دی تھی ملک میں سخت اقدامات کیےجائیں۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم معیشت کو دوبارہ زندہ کرسکتے ہیں لیکن لوگوں کو نہیں کرسکتے،ہم صرف یہ امید نہیں کرسکتے کہ سب خود اچھا ہوجائےگا،اگر ہم اپنی تیاری نہ کریں تو پاکستان خاموشی سے تباہی کی طرف جاسکتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں حفاظتی لباس،طبی عملے اور آلات کی بھی کمی ہے،پاکستان میں صورتحال امریکا،مغربی یورپ سے بھی بری ہو سکتی ہے۔

    سندھ حکومت کےاقدامات سے شہریوں کا ریاست پر اعتماد مضبوط ہوا ہے، بلاول بھٹو

    یاد رہے کہ دو روز قبل بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کی سب سے بڑی ترجیح لوگوں کی زندگی محفوظ بنانا ہونا چاہیے،کرونا وبا کا سامنا کرنے کے لیے سب کو متحد ہونا ہوگا۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کےاقدامات سے شہریوں کا ریاست پراعتماد مضبوط ہوا ہے۔

  • کرونا وائرس کو شکست دینے والی باہمت نرس کی آپ بیتی

    کرونا وائرس کو شکست دینے والی باہمت نرس کی آپ بیتی

    واشنگٹن: کرونا وائرس کا شکار ایک امریکی نرس نے اپنی بدترین حالت کے بارے میں بتاتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سماجی فاصلے پر سختی سے عملدر آمد کریں۔

    امریکی ریاست ٹینیسی میں مقیم کرد امریکی نرس نے مقامی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان دنوں کے بارے میں بتایا جب وہ کرونا وائرس کا شکار تھیں، 8 دن اسپتال میں رہنے کے بعد اب وہ صحتیاب ہوچکی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا میں طبی عملہ حفاظتی کٹس کے فقدان کا شکار ہے لہٰذا وہ کرونا وائرس کے خطرے کا زیادہ شکار ہے۔

    انٹرویو کے دوران نرس نے بتایا کہ کرونا وائرس کے دوران وہ مستقل بخار میں مبتلا رہیں، دوائیں لینے کے باوجود 24 گھنٹے ان کو بخار رہتا تھا اور اس میں ذرا بھی کمی نہیں ہوئی۔

    ان کے مطابق بیماری کے دوران انہیں جسم میں بھی درد ہوتا رہا، ’جب کوئی پوچھتا تھا کہ بخار میں سب سے زیادہ درد کہاں ہوتا تھا تو میں کہتی تھی کہ سر سے لے کر پاؤں تک‘۔

    نرس نے بتایا کہ سانس لینے کے دوران ان کا دم گھٹتا تھا اور وہ گہری سانس بھی نہیں لے سکتی تھیں۔ علاوہ ازیں انہیں اس قدر کھانسی تھی کہ کھانسی کے باعث ان کی سانس رک جاتی تھی۔

    انہوں نے لوگوں سے کہا کہ خدارا سماجی فاصلے رکھیں، چاہے کوئی جوان ہے یا بوڑھا۔ ’میں خود بھی جوان ہوں لیکن اس کے باوجود میں کرونا وائرس کا شکار ہوئی اور 8 روز تک اسپتال میں رہی‘۔

    خیال رہے کہ امریکا اس وقت 5 لاکھ 60 ہزار سے زائد کیسز کے ساتھ دنیا میں اس وقت کرونا وائرس کا مرکز بن چکا ہے، امریکا میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

  • 39 ہزار سے زائد پاکستانی بیرون ممالک سے واپسی کے منتظر ہیں: وزیر خارجہ

    39 ہزار سے زائد پاکستانی بیرون ممالک سے واپسی کے منتظر ہیں: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان واپس آنے والوں کی تعداد 40 ہزار تک بڑھ سکتی ہے، تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل اپنانا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خصوصی کمیٹی برائے کرونا کے دوسرے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہریار آفریدی نے سب کمیٹی کی رپورٹ ہمارے سامنے رکھی ہے، اس وقت 39 ہزار 748 پاکستانی بیرون ممالک سے واپسی کے منتظر ہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں واپسی کے منتظر بہت سے پاکستانی روزگار سے محروم ہو چکے ہیں، 16 سو 40 پاکستانیوں کو 12 خصوصی فلائٹس کے ذریعے واپس لایا گیا،ان 16 سو 40 مسافروں میں سے 28 مسافروں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے۔

    انہوں نے کہا کہ 22 سو 48 پاکستانی اس وقت انڈونیشیا، کینیا، یوگنڈا اور سوڈان میں موجود ہیں، نیپال میں 14 اور مالدیپ میں 4 پاکستانی واپسی کے منتظر ہیں۔ اگلا مرحلہ کل سے شروع ہو رہا ہے جنہیں 9 پروازوں سے لایا جائے گا۔ ان میں بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی بھی شامل ہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ تعداد بڑھ سکتی تھی مگر صوبے ایئر پورٹس کھولنے پر آمادہ نہیں تھے۔ اب صوبوں نے ایئر پورٹس کھولنے پر آمادگی کا اظہار کر دیا ہے۔ ہم 14 اپریل سے شروع آپریشن میں زیادہ پاکستانیوں کو لا سکیں گے۔ امریکہ اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی بھی واپس آنا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان واپس آنے والوں کی تعداد 40 ہزار تک بڑھ سکتی ہے، تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل اپنانا ہوگا۔ وزارت خارجہ اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ یہ عالمی وبا ہے امریکا اور یورپ کی صورتحال بھی سب کے سامنے ہے۔

  • کرونا وائرس: لاہور کے چڑیا گھر میں جانوروں کی اسکریننگ

    کرونا وائرس: لاہور کے چڑیا گھر میں جانوروں کی اسکریننگ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے چڑیا گھر میں جانوروں کی کرونا وائرس کی اسکریننگ کر لی گئی، چڑیا گھر کے کسی بھی جانور میں کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے ڈائریکٹر چڑیا گھر شفقت علی کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر میں جانوروں کی اسکریننگ کر لی گئی، اسکریننگ یونیورسٹی آف ویٹرنری سائنسز کی ٹیم نے کی۔

    ڈائریکٹر شفقت علی کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر کے کسی بھی جانور میں کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

    کرونا وائرس کے خدشے کے تحت ملک بھر کے تمام چڑیا گھروں کو پہلے ہی بند کیا جاچکا ہے، حکام کے مطابق صورتحال سنبھلنے کے بعد تفریح گاہوں کو دوبارہ کھولا جائے گا۔

    دوسری جانب جانوروں میں بھی اب کرونا وائرس کے کیسز سامنے آرہے ہیں، چند روز قبل نیویارک کے برونکس چڑیا گھر میں شیر میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

    چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شیر کا کرونا وائرس ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا، جان لیوا وائرس شیروں کا خیال رکھنے والے شخص سے منتقل ہوا تھا۔

    انتظامیہ کے مطابق 4 چیتوں اور 3 شیروں کو خشک کھانسی ہوئی تھی جس کے بعد ان کا کورنا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا، ان میں سے ایک شیر کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد پالتو جانوروں سے دور رہیں تاکہ جانور اس جان لیوا وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔

  • گوگل ڈوڈل کرونا وائرس سے لڑتے طبی عملے کے نام

    گوگل ڈوڈل کرونا وائرس سے لڑتے طبی عملے کے نام

    معروف سرچ انجن گوگل نے اپنا ڈوڈل دنیا بھر میں کرونا وائرس سے لڑنے والے طبی عملے کے نام کردیا، اپنے ڈوڈل میں گوگل نے طبی عملے کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    گوگل کے ڈوڈل پر آج ایک حروف طبی عملے کا لباس پہنے کھڑا ہے اور اس کے لیے محبت بھرے دل کا نشان جگمگا رہا ہے، ڈوڈل کا پیغام ہے تمام ڈاکٹرز، نرسز اور میڈیکل ورکرز کا شکریہ۔

    گوگل کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں جیسے جیسے کوویڈ 19 پھیل رہا ہے ویسے ویسے لوگ ایک دوسرے کی مدد کرنے کے لیے ایک دوسرے کے قریب آتے جارہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: گوگل ڈوڈل پر ہاتھ دھونے کی ترغیب دینے والا شخص کون ہے؟

    گوگل کے مطابق گوگل ایک ڈوڈل سیریز شروع کر رہا ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں کرونا وائرس کے خلاف صف آرا افراد جیسے طبی عملے، سائنسدان، استاد، سماجی کارکنان اور فوڈ سروس ورکرز کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

    گوگل ڈوڈل کی یہ سیریز 2 ہفتوں تک جاری رہے گی، اس سیریز کے ذریعے سب سے پہلے پبلک ہیلتھ ورکرز اور سائنٹفک کمیونٹی کے محققین کا شکریہ ادا کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل بھی گوگل نے اپنے ڈوڈل کو ہاتھ دھونے کی ایک ویڈیو سے مزین کیا تھا اور اس سلسلے میں ایک بڑی دریافت کرنے والے ڈاکٹر اگنز سملوائز کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔

  • مردہ شخص کرونا وائرس کا شکار نکلا، آخری رسومات میں شریک رشتے دار خوف میں مبتلا

    مردہ شخص کرونا وائرس کا شکار نکلا، آخری رسومات میں شریک رشتے دار خوف میں مبتلا

    نئی دہلی: بھارتی شہر بھوپال میں بزرگ شخص کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد رشتہ داروں میں اس وقت تشویش کی لہر دوڑ گئی جب مرحوم کا کرونا وائرس ٹیسٹ پازیٹو نکل آیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں کرونا وائرس کے مشتبہ مریض جگن ناتھ میتھل کی آخری رسومات میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

    موت کے 3 دن بعد آنجہانی شخص کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ آئی جس میں اس شخص کا کرونا وائرس پازیٹو نکلا، رپورٹ سامنے آتے ہی اس کے رشتہ داروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بزرگ کا علاج بھوپال کے حمیدیا اسپتال میں ہوا اور اب اسپتال کا عملہ بھی پریشانی کا شکار ہے کیونکہ مریض کو بغیر کسی احتیاطی تدابیر کے عام مریضوں کی طرح ٹریٹ کیا گیا تھا۔

    بھوپال میں کرونا وائرس سے یہ دوسری موت ہے، اس سے قبل پہلی موت بھی 6 اپریل کو حمیدیا اسپتال میں ہی ہوئی تھی۔

    خیال رہے کہ بھارت میں اب تک کرونا وائرس سے 9 ہزار افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 35 افراد کی موت کے بعد اموات کی تعداد 331 تک پہنچ گئی ہے۔