Tag: کرونا

  • حجامت کے لیے ہوم سروس کے اشتہارات پر اماراتی حکام کا ایکشن

    حجامت کے لیے ہوم سروس کے اشتہارات پر اماراتی حکام کا ایکشن

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کی وجہ سے باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز بند ہیں تاہم صارفین کو ان کے ہوم سروس یعنی گھر پر خدمات کے اشتہارات وصول ہورہے ہیں جس کے بعد حکام حرکت میں آگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کرونا وائرس کے انسداد کے لیے کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے تحت ملک بھر میں باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز کو بند کیا گیا ہے، تاہم صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں مختلف باربر شاپس اور بیوٹی پارلر کی طرف سے ہوم سروس کے اشتہارات موصول ہورہے ہیں۔

    صارفین کے مطابق انہیں ایس ایم ایس کے ذریعہ ہوم سروس کے اشتہارات موصول ہوئے ہیں۔

    دبئی اور الفجیرہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ باربر شاپس اور بیوٹی پارلر کی طرف سے ہوم سروس کے اشتہار کرونا وائرس کے انسداد کے لیے جاری کوششوں کے لیے سخت نقصان دہ ہیں۔

    میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے باربر شاپس یا بیوٹی پارلرز کے خلاف کارروائی ہوگی اور ان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ہوم سروس کے اشتہارات چلانا انتہائی غیر ذمہ داری ہے، ایسا کرنا جرم ہے۔ یہ دوسروں کو قانون توڑنے پر اکسانے کے زمرے میں آتا ہے جس پر 5 لاکھ درہم جرمانہ ہوسکتا ہے۔۔

    میونسپلٹی نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وبائی قوانین میں واضح ہے کہ جس نے بھی خود اپنی یا دوسری کی جان خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی تو اسے قید اور جرمانہ ہوگا۔

    دوسری جانب وزارت صحت کا کہنا ہے کہ باربر شاپس اور بیوٹی پارلر بند کرنے کا مقصد یہ ہے کہ یہاں کرونا وائرس پھیلنے کے زیادہ امکانات ہیں، جو کام دکانوں میں کرنے کی اجازت نہیں اسے گھروں میں کرنے کی اجازت کیسے ہوسکتی ہے۔

    حکام کے مطابق حجام اور گاہک کے درمیان کام کے دوران فاصلہ بہت کم رہتا ہے جس کے باعث دونوں کو خطرہ لاحق ہے۔

  • کرونا وائرس: گاڑیوں کی فروخت میں ریکارڈ کمی

    کرونا وائرس: گاڑیوں کی فروخت میں ریکارڈ کمی

    کراچی: کرونا وائرس نے جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشت کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے وہیں آٹو سیکٹر پر بھی منفی اثرات مرتب کیے ہیں، رواں برس گاڑیوں کی فروخت میں ریکارڈ کمی دیکھی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے مقامی طور پر تیار ہونے والی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، ٹریکٹر، ٹرک اور بسوں کی فروخت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق کرونا کے لاک ڈاؤن کے باعث مارچ میں مقامی گاڑیوں کی فروخت میں 70 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، مارچ 2019 میں 22 ہزار 783 گاڑیاں فروخت ہوئیں جبکہ رواں برس مارچ میں صرف 6 ہزار 830 مقامی گاڑیاں ہی فروخت ہوئیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں مالی سال کے 9 ماہ میں مقامی گاڑیوں کی فروخت میں 47 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔

    گزشتہ مالی سال کے 9 ماہ میں 1 لاکھ 85 ہزار 23 یونٹس فروخت کیے گئے جبکہ رواں مالی سال یہ تعداد صرف 97 ہزار 664 یونٹ رہی۔

    رپورٹ کے مطابق رواں برس مارچ میں موٹر سائیکلوں کی فروخت میں بھی 35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، مارچ 2019 میں 1 لاکھ 38 ہزار 10 موٹر سائیکلیں فروخت ہوئیں جبکہ رواں برس مارچ میں یہ تعداد صرف 89 ہزار 131 رہی۔

    گزشتہ ماہ ٹریکٹرز کی فروخت میں بھی 49 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، مارچ 2019 میں 5 ہزار 729 جبکہ مارچ 2020 میں صرف 2 ہزار 918 ٹریکٹر فروخت ہوئے۔

    اسی طرح مارچ 2020 میں ٹرک اور بس کی فروخت میں بھی 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، مارچ 2019 میں 492 جبکہ مارچ 2020 میں صرف 342 یونٹس فروخت ہوئے۔

  • اگلے 20 سے 25 دن مزید محتاط رہنا ہوگا: فیاض چوہان

    اگلے 20 سے 25 دن مزید محتاط رہنا ہوگا: فیاض چوہان

    لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ عوام کو اگلے 20 سے 25 دن محتاط رہنا چاہیئے، آنے والے دنوں میں مزید احتیاط کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ حکومت نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں، تمام اضلاع میں اخبار فروش یونینز کو حفاظتی کٹس فراہم کریں گے۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ اخبار فروش آرگنائزیشنز ڈسٹرکٹ انفارمیشن افسر سے رابطہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور ان کی حکومت کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ پر کام کر رہی ہے، عوام کو اگلے 20 سے 25 دن کو ہلکا نہیں لینا چاہیئے۔ آنے والے دنوں میں مزید احتیاط کی ضرورت ہے۔

    فیاض چوہان کا مزید کہنا تھا کہ قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی، اب کرونا کے خلاف جنگ بھی جیتیں گے۔

    اس سے قبل فیاض الحسن چوہان نے صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے صحافی کے لواحقین کو 10 لاکھ جبکہ صحافی کی بیوہ کو تاحیات 10 ہزار ماہانہ پنشن دی جائے گی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ کرونا وائرس سے متاثر صحافی کو 1 لاکھ روپے ریلیف فنڈ سے دیے جائیں گے۔

  • کرونا وائرس: لعل شہباز قلندر کا سالانہ عرس ملتوی

    کرونا وائرس: لعل شہباز قلندر کا سالانہ عرس ملتوی

    جامشورو: حکومت سندھ نے کرونا وائرس کے پیش نظر صوفی بزرگ لعل شہباز قلندر کا سالانہ عرس ملتوی کردیا، عرس 18 شعبان سے شروع ہونا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جامشورو کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر لعل شہباز قلندر کا عرس اس سال نہیں ہوگا، عرس کا انعقاد آئندہ سال کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ لعل شہباز قلندر کا عرس ہر سال صوبہ سندھ کے شہر سیہون میں ان کے مزار پر 18، 19 اور 20 شعبان کو منعقد کیا جاتا ہے جس میں پورے ملک سے لاکھوں زائرین شرکت کرتے ہیں۔

    اس موقع پر مزار اور شہر بھر میں سخت سیکیورٹی کا انتظام کیا جاتا ہے۔

    چیف سیکریٹری سندھ کے مطابق گزشتہ برس لعل شہباز قلندر کے عرس کے موقع پر 25 لاکھ سے زائد زائرین نے شرکت کی۔

    سنہ 2017 میں قلندر کے مزار کو خون سے نہلا دیا گیا جب 16 فروری کی شام مزار کے احاطے میں ہولناک خودکش بم دھماکہ ہوا، حملے میں 123 افراد ہلاک اور 550 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    دھماکہ عین اس وقت ہوا تھا جب مزار میں دھمال ڈالی جارہی تھی، جاں بحق ہونے والے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

    دھماکے کے باوجود بھی مزار اور صاحب مزار سے لوگوں کی عقیدت کسی طور کم نہ ہوسکی اور آنے والے سالوں میں یہاں رش کم ہونے کے بجائے مزید بڑھا جس سے زائرین کے عقیدے کو مزید تقویت ملتی ہے۔

  • متحدہ عرب امارات میں تنخواہ سمیت چھٹی کن ملازمین کو دی گئی ہے؟

    متحدہ عرب امارات میں تنخواہ سمیت چھٹی کن ملازمین کو دی گئی ہے؟

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں بعض شعبوں کے سرکاری ملازمین کے لیے مخصوص حالات میں تنخواہ سمیت ہنگامی چھٹی کی منظوری دے دی گئی۔

    بین الاقومی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے سرکاری ملازمین کے لیے خاص حالات میں تنخواہ سمیت ہنگامی چھٹی کی منظوری دے دی، فیصلہ نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا ہے۔

    اماراتی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی ادارے کے شادی شدہ ملازم مرد یا خاتون کو 16 برس سے کم عمر کے بچوں کی نگہداشت کے لیے تنخواہ سمیت ہنگامی چھٹی دی جا سکتی ہے۔

    اس سہولت سے وہ ملازم بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں جن میں سے کسی ایک کی بیوی یا شوہر کسی اہم صحت کے ادارے میں ملازم ہو، مثال کے طور پر ڈاکٹر، نرسیں، طبی عملہ اور ایسے کارکنان جو اپنی ڈیوٹی کے تحت کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج شامل ہوں، یا قرنطینہ سینٹر کے کارکنان ہوں۔

    یہ سہولت امارات میں ہنگامی صورتحال کے دوران مؤثر ہوگی۔ اماراتی حکومت کے رابطہ دفتر کے مطابق ہنگامی چھٹی سے مندرجہ ذیل افراد کو فائدہ ہوگا۔

    اگر گھریلو قرنطینہ یا ہیلتھ قرنطینہ کی وجہ سے ماں باپ میں سے کوئی ایک موجود نہ ہو تو ایسی صورت میں ہنگامی چھٹی تنخواہ سمیت دی جائے گی۔

    ہنگامی چھٹی ان لوگوں کو بھی دی جا سکے گی جب میاں بیوی میں سے کوئی ایک کرونا وائرس کے متاثرین کے علاج کے سلسلے میں لمبی مدت تک کسی اسپتال میں ڈیوٹی دے رہا ہو۔

    ہنگامی چھٹی ان لوگوں کو بھی دی جائے گی جو کرونا وائرس کے مریضوں کی تیمار داری میں مصروف ہوں۔

    رابطہ دفتر کے مطابق چھٹی لینے والا کسی وزارت یا متحدہ عرب امارات کے کسی سرکاری ادارے میں ملازم ہونا چاہیئے، دوسری شرط یہ ہے کہ وہ شادی شدہ ہو اور اس کی اولاد کو خصوصی نگہداشت کی ضرورت ہو،

    تیسری شرط یہ ہے کہ شوہر یا بیوی کی ملازمت پر 3 شرائط پوری ہو رہی ہوں، دونوں میں سے کوئی ایک گھریلو قرنطینہ میں ہو یا وزارت صحت نے اسے قرنطینہ بھیجا ہو یا پھر شوہر یا بیوی ڈاکٹر یا نرس یا امدادی طبی عملے سے منسلک ہوں۔

  • سعودی عرب: کرفیو سے متعلق اہم اعلان

    سعودی عرب: کرفیو سے متعلق اہم اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں کرفیو میں مزید چند شعبوں کو استثنیٰ دیا گیا ہے، سعودی عرب کے متعدد شہروں اور کمشنریوں میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تجارت نے 24 گھنٹے کرفیو والے شہروں میں مزید 5 شعبوں کو استثنیٰ دیا ہے۔

    وزارت تجارت نے کہا ہے کہ ریستورانوں کو اسمارٹ ایپلی کیشن یا ہوم ڈیلیوری سروس کے ذریعے گھروں میں کھانے پینے کی اشیا پہنچانے کی اجازت ہوگی، اس استثنیٰ میں ٹرک فوڈ ریستوران اور کیٹرنگ شامل نہیں۔

    کرفیو کے دوران لانڈری، پیٹرول اسٹیشنوں سے منسلک گاڑیوں کا مینٹیننس سینٹر، فلاحی انجمنوں کے کارکنان، رضا کار اور کمیونٹی سینٹر بھی مستثنیٰ ہوں گے۔

    وزارت تجارت نے زرعی فارموں اور شہد فارموں کے مالکان، باڑوں کے مالکان، مچھلیوں اور مرغی فارموں کے مالکان کو بھی استثنیٰ دیا ہے، وزارت ماحولیات و پانی و زراعت ان سب کو ہفتے بھر کے لیے ایک مرتبہ کرفیو پاس جاری کرے گی۔

    وزارت تجارت نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ کرفیو کے دوران خوراک، صحت، ٹرانسپورٹ، ای بزنس کے شعبے، قیام کی سہولت فراہم کرنے والے ادارے، توانائی، مواصلات، پانی، انشورنس و مالیاتی امور کے ادارے کھلے رہیں گے۔

    وزارت تجارت نے پلمبر، ایئر کنڈیشن ٹیکنیشن، الیکٹریشن، اصلاح و مرمت کے کارکنان، گیس سیلنڈرز سینٹرز اور گندے پانی کی نکاسی کے ٹینکرز کو بھی استثنیٰ دیا تھا۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی عرب کے متعدد شہروں اور کمشنریوں میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ ہے۔

  • کرونا وائرس: سعودی عرب کا یمن اور فلسطین کے لیے امداد کا اعلان

    کرونا وائرس: سعودی عرب کا یمن اور فلسطین کے لیے امداد کا اعلان

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے امدادی مرکز کی جانب سے یمن اور فلسطین کے لیے طبی امداد کا اعلان کیا گیا ہے جو کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شاہ سلمان انسانی امدادی مرکز کی جانب سے یمن اور فلسطین کے لیے طبی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔

    سینٹر کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر عبد اللہ الربیعہ کی سربراہی میں اس اجلاس میں 6 نئے معاہدوں پر دستخط کیے گئے، متاثرہ ممالک میں وبائی امراض کا مقابلہ کرنے کے لیے خصوصی کمپنیاں یمن اور فلسطین کو امدادی سامان مہیا کریں گے۔

    ان معاہدوں کے تحت دونوں ممالک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے طبی امدادی سامان کی فوری فراہمی ہوگی۔

    ہنگامی اجلاس میں کرونا وائرس پھیلنے سے متاثرہ بہت سے دوسرے ممالک کو ضروری طبی امدادی سامان فراہم کرنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس سے قبل بھی عالمی ادارہ صحت کی اپیل کے جواب میں سعودی عرب نے فوی طور پر 10 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا تھا۔

  • مٹاپے کا شکار افراد کرونا وائرس کا آسان ہدف

    مٹاپے کا شکار افراد کرونا وائرس کا آسان ہدف

    پیرس: کرونا وائرس کے حوالے سے ماہرین نے ایک اور خطرے کی طرف اشارہ کردیا، ماہرین کا کہنا ہے کہ مٹاپے کا شکار افراد کرونا وائرس کا آسان ہدف بن سکتے ہیں۔

    فرانس کی سائنٹفک کونسل کے سربراہ جین فرینکوئس کا کہنا ہے کہ نہ صرف کرونا وائرس کے شکار وہ افراد جو فربہ ہیں زیادہ خطرے میں ہیں، بلکہ موٹاپے کا شکار افراد اس وائرس کا آسانی سے نشانہ بن سکتے ہیں۔

    انہوں نے وائرس اور موٹاپے کے تعلق کو نہایت خطرناک بیان کیا ہے، ان کے مطابق فرانس کی 25 فیصد آبادی اپنی جسمانی حالت خصوصاً مٹاپے، پہلے سے شکار بیماریوں اور عمر کی وجہ سے کرونا وائرس کے خطرے کا شکار ہے۔

    دوسری جانب اس وبا کے دنوں میں امریکا بھی سخت خطرے کا شکار ہے کیونکہ امریکا میں 42.2 فیصد بالغ افراد اور 18.5 فیصد بچے مٹاپے کا شکار ہیں۔

    فرینکوئس نے کہا کہ کرونا وائرس موٹاپے کا شکار نوجوان افراد کو بھی اپنا نشانہ بنا سکتا ہے لہٰذا فربہ افراد کو سخت محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

    ان کے مطابق مٹاپا پہلے ہی امراض قلب، ذیابیطس اور بعض اوقات کینسر کا سبب بھی بن سکتا ہے اب کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے دنوں میں فربہ حالت کسی بھی شخص کو وائرس کا آسان شکار بنا سکتی ہے۔

    ان کے مطابق مٹاپے کا شکار افراد اگر کرونا وائرس کا شکار ہوجائیں تو ان کی حالت زیادہ خطرناک اور پیچیدہ ہوسکتی ہے جبکہ ان کی صحتیابی میں بھی وقت لگ سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا اس وقت کرونا وائرس کا شکار افراد کی تعداد کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے جہاں 4 لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد اس وائرس کا شکار ہیں جبکہ اب تک 14 ہزار 797 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

  • کورونا وائرس ویکسین کے حوالے سے آکسفورڈ یونیورسٹی سے بڑی خبر

    کورونا وائرس ویکسین کے حوالے سے آکسفورڈ یونیورسٹی سے بڑی خبر

    لندن: آکسفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کی تیار کردہ ویکسین کے نتائج اگلے 6 ماہ میں موصول ہوجائیں گے جس کے بعد اس ویکسین کی افادیت کا اندازہ ہوگا۔

    آکسفورڈ یونیورسٹی نے ویکسین کی تیاری کا کام 20 جنوری کو شروع کیا تھا اور اس کی تیاری میں آکسفورڈ جینر انسٹی ٹیوٹ اور آکسفورڈ ویکسین گروپ کلینکل ٹیمز نے حصہ لیا ہے۔

    اس کی آزمائش کے لیے کئی سو رضا کاروں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔

    جینر انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر ایڈریان ہل کا کہنا ہے کہ ان کی تیار کردہ ویکسین بچے، بوڑھے اور وہ افراد بھی استعمال کرسکیں گے جو پہلے سے کسی بیماری کا شکار ہوں گے جیسے ذیابیطس۔

    ان کے مطابق ویکسین قوت مدافعت کو مضبوط کرنے پر کام کرے گی۔

    یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں برس موسم خزاں تک اس ویکسین کے نتائج موصول ہوجائیں گے جس کے بعد اس ویکسین کی افادیت کا اندازہ ہوسکے گا۔

    دوسری جانب طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ 17 اپریل تک برطانیہ میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد عروج پر پہنچ جائے گی، اب تک وائرس سے 7 ہزار 1 سو افراد کی ہلاکت ہوچکی ہے جبکہ ملک بھر میں 55 ہزار افراد ہلاکت خیز وائرس سے متاثر ہیں۔

  • عمان: کرونا کے مریض نے خاندان کے 5 افراد میں وائرس منتقل کردیا

    عمان: کرونا کے مریض نے خاندان کے 5 افراد میں وائرس منتقل کردیا

    مسقط: عمان میں حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک شخص نے سماجی روابط جاری رکھے جس کے بعد اس نے کرونا وائرس کو خاندان کے مزید 5 افراد میں منتقل کردیا۔

    عمان کے وزیر صحت نے عمانی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ اکثر مقامات پر لوگوں کے درمیان سماجی رابطہ دیکھنے میں آرہا ہے، ان کے مطابق کرونا وائرس کے ایک مشتبہ مریض نے سماجی میل جول کے باعث اپنے خاندان کے 5 افراد میں یہ وائرس منتقل کردیا۔

    انہوں نے کہا کہ بظاہر ایسا نہیں لگتا کہ یہ وائرس انسانوں کا پیدا کردہ ہے۔

    عمانی وزیر صحت نے بتایا کہ ملک میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کچھ طبی سامان کی کمی ہے تاہم ہم اس پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم قومی فنڈ میں بھی عوام کی طرف سے حصہ ڈالے جانے کے منتظر ہیں۔

    خیال رہے کہ سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق آل سعید نے کرونا وائرس سے نمٹنے کی تدابیر کے تحت 376 غیر ملکیوں سمیت 599 قیدیوں کی رہائی کا فرمان جاری کیا ہے۔

    عمان میں اب تک کرونا وائرس کے 419 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ وائرس سے 2 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق سلطنت میں جان لیوا وبا میں مبتلا مزید 34 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 72 ہوگئی ہے۔