Tag: کرونا

  • کرونا وائرس: سعودی عرب میں پاکستانی شہری روبصحت

    کرونا وائرس: سعودی عرب میں پاکستانی شہری روبصحت

    ریاض: سعودی عرب میں پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید کا کہنا ہے کہ 6 پاکستانی کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جنہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، تمام افراد کی حالت مستحکم ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹ نے مملکت میں 6 پاکستانیوں کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے اور ان تمام کی حالت مستحکم ہے۔

    قونصلیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کو ینبع میں ایک پاکستانی کے کرونا میں مبتلا ہونے کا پتہ چلا ہے جو اسپتال میں زیر علاج ہے، اس کی بھی حالت اب بہتر ہے۔

    قونصل جنرل خالد مجید کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے مریض پاکستانیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ ابھی تک کسی مقیم پاکستانی نے طبی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے سفارتخانے یا قونصلیٹ سے کوئی رابطہ کیا اور نہ کوئی شکایت سامنے آئی ہے۔

    خالد مجید نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبد العزیز پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ مملکت میں شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں میں امتیاز نہیں برتا جائے گا اور سب کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

    انہوں نے بتایا کہ مملکت میں رکے ہوئے 300 عمرہ زائرین میں سے فی الحال کوئی بھی کرونا وائرس میں مبتلا نہیں، پوری کوشش ہے کہ زائرین جلد اور بحفاظت واپس جائیں۔

    خالد مجید کے مطابق اس وقت صرف وہی زائرین رکے ہوئے ہیں جو بجٹ ایئر لائنز سے گروپوں کی شکل میں پہنچے تھے، پوری کوشش ہے کہ خصوصی فلائٹس کے ذریعے انہیں روانہ کیا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میری پاکستانی کمیونٹی سے استدعا ہے کہ وہ پر سکون رہیں، احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور اس سلسلے میں سعودی حکام کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے۔

  • سعودی عرب میں ہر ہفتے لاکھوں ماسک تیار

    سعودی عرب میں ہر ہفتے لاکھوں ماسک تیار

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں فیکٹریاں ہر ہفتے لاکھوں کی تعداد میں ماسک تیار کر رہی ہیں اور ماسک کی کوئی قلت نہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایف ڈی اے) نے جاری اپنے بیان میں شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کو اطمینان دلایا ہے کہ ماسک بڑی تعداد میں موجود ہیں لہٰذا اس حوالے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

    سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ سعودی فیکٹریاں ہر ہفتے لاکھوں حفاظتی ماسک تیار کر رہی ہیں۔

    دوسری جانب وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب نے سینی ٹائزر تیار کرنے والی فیکٹریوں کی تعداد بھی بڑھا کر 31 کرلی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سینی ٹائزر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر کیا گیا ہے، پوری دنیا میں اس وقت سینی ٹائزر کی طلب میں بہت زیادہ اضافہ ہوچکا ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جب سے کرونا وائرس بحران شروع ہوا ہے تب سے تمام طبی آلات اور کرونا سے بچاؤ میں کام آنے والی ادویات کی برآمد بھی معطل کردی گئی ہے۔

  • کرونا اور لاک ڈاؤن سے جڑے ہوئے پھیپھڑوں کی کہانی

    کرونا اور لاک ڈاؤن سے جڑے ہوئے پھیپھڑوں کی کہانی

    تروتازہ اور صاف ہوا ہماری صحت اور تن درستی کے لیے نہایت ضروری ہے جو پھیپھڑوں کے ذریعے ہمارے جسم میں پہنچتی ہے۔

    اگر ہمارے جسم میں موجود پھیپھڑے خراب یا ناکارہ ہوجائیں تو ہم سانس نہیں لے سکیں جس کے نتیجے میں موت یقینی ہے۔ آلودہ ہوا میں سانس لینے کے دوران مختلف زہریلے مادے ہمارے جسم میں داخل ہو جاتے ہیں اور اسے نقصان پہنچاتے ہیں۔

    کرونا وائرس بھی ہمارے جسم میں داخل ہوکر اسی اہم ترین عضو کو متاثر کرتا ہے اور جب جسم اس وائرس کا مقابلے کرنے اور پھیپھڑے اپنا کام انجام دینے میں ناکام ہو جائیں تو انسان کی موت واقع ہوجاتی ہے۔

    اسی کرونا کی وجہ سے دنیا کے مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے جس کے دوران ایئر انڈیکس جائزے سے معلوم ہوا کہ مختلف ملکوں کے شہروں میں آب و ہوا صاف ہوئی ہے اور ماحول میں بہتری آرہی ہے اور گیسوں، دھویں، مخلتف زہریلے اور کثیف مادوں سے صاف ہوا کا کچھ تو فائدہ اٹھایا ہی جاسکتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق کھلی فضا اور تازہ ہوا میں سانس لینے سے آپ سانس کی مختلف طبی مسائل اور بیماریوں کے خطرے سے محفوظ رہتے ہیں۔

    لمبی اور گہری سانس لینے سے دل کو صحیح مقدار میں آکسیجن ملتی ہے جب کہ اس سے پھیپھڑے بھی مضبوط ہوتے ہیں اور ان کی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں‌۔

    طبی ماہرین کے مطابق گہرے سانس لینے سے مدافعتی نظام تن درست رہتا ہے جس سے ہمارے بیمار ہونے کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

    کرونا سے بچنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے آپ تازہ اور پہلے کے مقابلے میں قدرے صاف ہوا میں لمبے اور گہرے سانس لے کر آپ جہاں بیماریوں کے خطرات کم کرسکتے ہیں، وہیں ڈپریشن، گھبراہٹ اور بیزاری کی کیفیت سے بھی نجات مل سکتی ہے۔

    محققین اور ماہرینِ نفسیات کہتے ہیں کہ لمبے اور گہرے سانس لینے سے دماغی حالت پر مثبت اثر پڑتا ہے اور یہ عمل خاص طور ڈپریشن سے نجات دلاتا ہے۔

    صاف ستھری ہوا جہاں پھیپھڑوں کو طاقت دیتی ہے، وہیں دل کو مضبوط کرتی ہے جو خون کی گردش بہتر بناتا ہے۔

    دنیا بھر میں‌ فضائی آلودگی سنگین مسئلہ بن چکی ہے اور انسان طرح طرح کے جسمانی اور ذہنی امراض سمیت مختلف قسم کی معذوریوں کا شکار ہورہا ہے، ان حالات میں میسر قدرے صاف ہوا پھیپھڑوں کے لیے تو نعمتِ غیر مترقبہ ہی ہے۔

  • لاک ڈاؤن میں فٹنس کیسے برقرار رکھی جائے؟

    لاک ڈاؤن میں فٹنس کیسے برقرار رکھی جائے؟

    کراچی: آج کل کے لاک ڈاؤن میں تقریباً ہر شخص اپنا زیادہ تر وقت ٹی وی اور لیپ ٹاپ کے آگے گزار رہا ہے ایسے میں فٹنس کو برقرار رکھنا مشکل ہوگیا ہے، فٹنس ایکسپرٹ رمیز احمد نے فٹنس برقرار رکھنے کے کچھ طریقے بتائے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فٹنس ایکسپرٹ رمیز احمد نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شرکت کی اور ورزشوں اور کھانوں کے حوالے سے بات کی۔

    انہوں نے زیادہ فوکس اس بات پر کیا کہ آج کل کے لاک ڈاؤن میں جب بیرونی سرگرمیاں تقریباً ختم ہوچکی ہیں اور تمام وقت گھر پر گزر رہا ہے ایسے میں اپنے آپ کو فٹ کیسے رکھا جائے۔

    ماہرین کے مطابق آج کل کے دنوں میں ایک شیڈول بنانے اور اس پر سختی سے عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے اور اس شیڈول میں ورزش کا اہم حصہ ہونا چاہیئے۔

    رمیز نے بھی گھر میں رہتے ہوئے کچھ مخصوص ورزشیں کرنے کے طریقے بتائے جو نیچے ویڈیو میں دیکھے جاسکتے ہیں۔ ان ورزشوں سے جسم کو فعال اور فٹ رکھا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے دیکھا ہے کہ آج کل لوگ قسم قسم کے کھانے پکا اور کھا رہے ہیں جس سے ان کا وزن بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق اپنی غذا گڈ کاربس، پروٹین اور گڈ فیٹس پر مشتمل بنائیں۔

    اس حوالے سے رمیز نے بتایا کہ اچھے کاربس میں سفید ابلے ہوئے چاول، براؤن بریڈ اور خشک میوہ جات شامل ہیں جبکہ پروٹین والی غذائیں مچھلی، چکن اور مٹن ہیں۔

    انہوں نے ورزش کے حوالے سے ایک غلط فہمی یہ بھی دور کی کہ بڑھا ہوا پیٹ صرف ورزش سے کم نہیں ہوتا بلکہ اس کے لیے ڈائٹ بھی ضروری ہے۔

    علاوہ ازیں مسلز بنانے کی ورزش بھی پیٹ کم کرسکتی ہے کیونکہ مسلز کی ورزش سے پہلے پیٹ اندر کی طرف جانا شروع ہوتا ہے اس کے بعد شیپ میں آتا ہے۔ بعد ازاں مختلف پوسچرز سے اس کو مزید بہتر کیا جاتا ہے۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مزید 7 ارب ریال کی منظوری

    سعودی عرب: کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مزید 7 ارب ریال کی منظوری

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مزید 7 ارب ریال بجٹ کی منظوری دے دی، وزارت صحت کی درخواست پر مسلسل بجٹ فراہم کیا جارہا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مزید 7 ارب ریال کی منظوری دی ہے، اس سے قبل 8 ارب ریال کی منظوری کا شاہی فرمان جاری ہوا تھا۔

    مجموعی طور پر یہ رقم اب 15 ارب ریال ہوگئی، منظوری کی درخواست ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کی تھی۔

    سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا ہے کہ نئے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بھاری بجٹ درکار ہے، وزارت صحت کی درخواست پر بجٹ مسلسل فراہم کیا جا رہا ہے۔

    وزیر صحت کے مطابق نئے بجٹ کی بدولت صحت کے اداروں کی تیاریوں کا معیار بلند ہوگا جبکہ مطلوبہ دوائیں وافر مقدار میں فراہم کی جا سکیں گی اور اسپتالوں میں مزید بستروں کی فراہمی کی جاسکے گی۔

    اس بجٹ سے مصنوعی تنفس کے آلات اور کرونا وائرس سے متاثرین کا پتہ لگانے کے لیے معائنے کے مزید آلات کی خریداری کی جائے گی، جبکہ اندرون و بیرون مملکت سے مزید طبی اور معاون عملے کی خدمات حاصل کی جاسکیں گی۔

    سعودی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ وزارت رواں سال کے آخر تک کے لیے مزید 32 ارب ریال کے بجٹ کی درخواست کیے ہوئے ہے اس کی بھی اصولی منظوری مل چکی ہے۔

    ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے مزید کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے سلسلے میں دو اہم مشکلات پیش آرہی ہیں۔ پہلا مسئلہ یہ ہے کہ عالمی مارکیٹ سے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مطلوبہ مشینیں، طبی لوازمات اور دوائیں مستقبل کے حوالے سے مطلوبہ تعداد میں نہیں مل پا رہی ہیں۔

    ان کے مطابق متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے اور ان کے علاج کے درکار دواؤں اور آلات کی فراہمی مشکل ہو رہی ہے۔

    وزیر صحت نے بتایا کہ دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ معاشرے کے بعض لوگ غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ متاثرین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

  • شارجہ میں تمام باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز بند کردیے گئے

    شارجہ میں تمام باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز بند کردیے گئے

    ابو ظہبی: شارجہ کی بلدیاتی کونسل نے تمام باربر شاپس اور بیوٹی پارلر تا اطلاع ثانی بند کر دیے ہیں۔ فیصلے پر عمل درآمد کے لیے چھاپہ مار مہم چلائیں گے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں اقتصادی فروغ کے ادارے نے بلدیاتی کونسل کے تعاون سے ریاست میں باربر شاپس اور بیوٹی پارلر تا اطلاع ثانی بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

    مقامی حکام نے عمل درآمد شروع کردیا گیا۔ باربر شاپ اور بیوٹی پارلر بند کرنے کا فیصلہ صحت عامہ کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدبیر اور بچاؤ کے اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔

    شارجہ کا ادارہ اقتصادی ترقی اور بلدیاتی کونسل کے افسران اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے چھاپہ مار مہم چلائیں گے۔

    اقتصادی ترقی کے ادارے نے دکانداروں اور مختلف خدمات فراہم کرنے والوں کو بھی تنبیہ کی ہے کہ وہ کرونا وائرس کے بحران کے بہانے کوئی بھی سامان ذخیرہ نہ کریں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ نرخ بڑھانے کے لیے سامان فروخت کرنے میں آنا کانی نہ کریں اور کسی بھی چیز کی قیمت حد سے زیادہ وصول کرنے کی کوشش نہ کریں۔

  • کرونا وائرس کو فائرنگ کر کے ’بھگانے‘ والی بھارتی سیاستدان پر مقدمہ قائم

    کرونا وائرس کو فائرنگ کر کے ’بھگانے‘ والی بھارتی سیاستدان پر مقدمہ قائم

    نئی دہلی: دنیا بھر کو خوف و دہشت میں مبتلا کردینے والے کرونا وائرس کے حوالے سے بھارتی سیاستدان سنجیدہ ہونے کو تیار نہیں، کرونا وائرس کے خلاف مارچ اور نعروں کے بعد ایک اور سیاستدان کی ہوائی فائرنگ کی ویڈیو سامنے آگئی جن کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    بھارت میں اتوار کی شب وزیر اعظم نریند مودی کی اپیل پر کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں اظہار یکجہتی کے طور پر 9 بجے 9 منٹ تک موم بتیاں روشن کی گئیں۔

    ایسے موقع پر جہاں عوام کی بڑی تعداد اور فنکاروں نے طبی عملے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا وہیں سیاستدان عجیب و غریب حرکتیں دکھائی دیے۔

    ریاست اتر پردیش کے ضلع بالرام پور میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی سیاستدان اس موقع پر ہوائی فائرنگ کر کے کرونا وائرس کو بھگاتی ہوئی نظر آئیں۔

    منجو تیواڑی بی جے پی کے خواتین ونگ کی ضلعی صدر ہیں جنہوں نے اپنی ہوائی فائرنگ کی ویڈیو خود ہی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی اور جب اس پر شدید تنقید کی گئی تو پھر خود ہی اسے ڈیلیٹ کردیا،ویڈیو میں ان کے قریب کھڑے لوگ بھی تالیاں بجاتے اور ہنستے دکھائی دے رہے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بی جے پی کے ہی کئی رہنماؤں نے ان کے خلاف پولیس کارروائی کا مطالبہ کیا جس کے بعد مقامی پولیس حرکت میں آئی اور خاتون سیاستدان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا، اس حوالے سے ایڈیشنل ایس پی اروند مشرا کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔

    بعد ازاں  منجو تیواڑی نے اپنی حرکت پر معذرت طلب کرلی، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس رات شمعوں اور مشعلوں کی وجہ سے دیوالی جیسا ماحول پیدا ہوگیا تھا چنانچہ انہوں نے بھی خوشی سے بے قابو ہو کر ہوائی فائرنگ کر ڈالی، انہوں نے کہا کہ وہ اپنی غلطی تسلیم کرتی ہیں اور اس پر معذرت کرتی ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بی جے پی کے ایک سیاستدان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جو اسی رات اپنے سپورٹرز کے ساتھ مشعلیں لے کر سڑکوں پر نکل آئے اور کرونا وائرس کے خلاف باقاعدہ مارچ کیا، اس دوران وہ اور ان کے حامی ’گو بیک چائنیز وائرس‘ کے نعرے بھی لگاتے رہے۔

  • کرونا وائرس کے خلاف اقدامات: سرکاری ملازمین نے 1 ارب روپے عطیہ کردیے

    کرونا وائرس کے خلاف اقدامات: سرکاری ملازمین نے 1 ارب روپے عطیہ کردیے

    لاہور: صوبہ پنجاب کے سرکاری افسران اور ملازمین کی جانب سے کرونا وائرس کے تدارک کے لیے 1 ارب 20 کروڑ روپے چیف منسٹر فنڈ میں عطیہ کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے چیف سیکریٹری پنجاب اعظم سلیمان نے ملاقات کی، چیف سیکریٹری پنجاب نے چیف منسٹر فنڈ کے لیے چیک وزیر اعلیٰ کو پیش کیا۔

    ذرائع کے مطابق فنڈ کے لیے گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین نے ایک دن کی، گریڈ 17 سے 19 کے سرکاری افسران نے 2 دن کی اور گریڈ 20 سے 22 کے افسران نے 3 دن کی تنخواہ فنڈ میں عطیہ کی۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کمزور طبقات کی مدد کرنے والوں کا جذبہ قابل ستائش ہے، کرونا کے متاثرین کی مدد کے لیے فنڈ کی رقم مستحق لوگوں تک پہنچے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ملازمین کی جانب سے عطیہ، متاثرین کی مدد کے لیے ایثار کی اعلیٰ مثال ہے۔ فنڈ میں عطیہ کی جانے والی ایک ایک پائی حقداروں تک پہنچائیں گے۔ ریلیف کے کاموں میں کوئی تاخیر نہیں ہوگی۔

  • کرونا وائرس فضائی سفر میں کیا تبدیلیاں لا رہا ہے؟

    کرونا وائرس فضائی سفر میں کیا تبدیلیاں لا رہا ہے؟

    دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث کئی ممالک میں فضائی سفر کی خدمات معطل کردی گئی ہیں تاہم اب ایوی ایشنز فضائی سفر میں تبدیلیاں لا رہی ہیں جو مسافروں کے لیے  نئی ہوسکتی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق موجودہ حالات کے باوجود بعض فضائی کمپنیاں سروس بحال کرنے کے لیے حفاظتی اقدامات میں تبدیلی کا نیا لائحہ عمل مرتب کر رہی ہیں۔

    امارات ایئر کی آفیشل ویب سائٹ پر دیے گئے شیڈول کے مطابق امارات ایئر لائن کی جانب سے فضائی سروس کی بحالی کے لیے نیا لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا جس میں مسافروں کو ایئرپورٹ کم از کم 3 گھنٹے قبل پہنچنا ہوگا۔

    امارات ایئر کے مطابق ہر مسافر حفاظتی اقدامات کی پابندی کرتے ہوئے طبی ماسک اور دستانوں کا استعمال لازمی طور پر کرے، تمام مسافروں کو فلائٹ میں جانے سے قبل درجہ حرارت چیک کروانا ہوگا تاکہ احتیاطی تدابیر پر مکمل طور پر عمل کیا جا سکے۔

    دوسری جانب بعض فضائی کمپنیوں کی جانب سے طیاروں میں بنیادی تبدیلیاں بھی کی جا رہی ہیں جو مسافروں کے لیے بالکل نئی ہوں گی۔

    رپورٹ کے مطابق تمام فلائٹس میں روایتی اخباروں کی تقسیم فوری طور پر روک دی جائے گی، ہر مسافر کو جہاز میں سوار ہونے سے قبل طبی ماسک اور سینی ٹائزر فراہم کیا جائے گا۔

    دوران پرواز مسافروں کو فراہم کیے جانے والے کھانے میں بھی بنیادی تبدیلیاں متوقع ہیں جیسے کہ دوران فلائٹ فراہم کیا جانے والا کھانا ایئر ٹائٹ ہوگا جو روایتی کھانوں سے قطعی مختلف ہوگا اور اسے جہاز میں تیار نہیں کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: فضائی سفر کے دوران جسم میں کیا تبدیلیاں ہوتی ہیں؟

    جہاز میں ہر 30 منٹ میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا جائے گا، ہوا کی سرکولیشن کے لیے خصوصی طور پر بائیولوجیکل فلٹرز سے آراستہ سسٹم لگایا جائے گا جو ہوا میں موجود کسی بھی نوعیت کے جراثیموں کو فوری طور پر تلف کرنے کی صلاحیت کا حامل ہوگا۔

    جہاز کے ٹوائلٹ میں صابن جار کے ساتھ خصوصی سینی ٹائزر کی بوتل نصب کرنے کے علاوہ خود کار سسٹم کے ذریعے مسافر پر جراثیم کش ادویات کے اسپرے کا بھی بندوبست ہوگا جو ٹوائلٹ کے دروازے پر نصب ہوگا۔

    مسافروں کے سامان کو مکمل طور پر جراثیم کش ادویات سے اسپرے کیا جائے گا، جہاز کے عملے کی جانب سے مائیک پر مسافروں کی یاد دہانی کے لیے مسلسل ہاتھوں کو سینی ٹائز کرنے کی ہدایات دی جاتی رہیں گی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حفاظتی اقدامات کے تحت بعض جہازوں میں خصوصی طور پر ڈیجیٹل تھرمل کیمروں کی بھی تنصیب کی جائے گی تاکہ ہر مسافر کے جسم کا درجہ حرارت نوٹ کیا جا سکے۔

    وبائی امراض سے بچاؤ کے سینٹر نے اس امر کی بھی یقین دہانی کروائی ہے کہ بیشتر جراثیم جہازوں میں اس لیے آسانی سے نہیں پھیل سکتے کہ جہاز کے اندر ہوا کا دبؤو اور اس کی سرکولیشن اس نوعیت کی ہوتی ہے کہ اس میں وائرس اور جراثیم نہیں رہ سکتے۔

  • کرونا وائرس ویکسین کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت کی اہم وضاحت

    کرونا وائرس ویکسین کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت کی اہم وضاحت

    جنیوا: عالمی ادارہ صحت نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ کرونا وائرس کے لیے تیار کی جانے والی کسی بھی ویکسین کا کوئی تجربہ افریقہ میں نہیں کیا جائے گا۔

    عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈ روس ایڈہنم نے یہ وضاحت فرانسیسی ڈاکٹروں کے اس بیان کے تناظر میں دی ہے جس میں ڈاکٹرز نے کہا کہ کووڈ 19 کی ویکسین کا تجربہ افریقہ میں کیا جاسکتا ہے۔

    اس بارے میں دریافت کرنے پر ڈائریکٹر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سوچ نسل پرستانہ، شرمناک اور نو آبادیاتی دور کی باقیات ہے۔

    ان فرانسیسی ڈاکٹرز نے ایک ٹی وی پروگرام کے دوران کہا تھا کہ کوویڈ 19 کی ویکسین کا تجربہ افریقہ میں کیا جانا چاہیئے۔ ڈاکٹرز کے اس بیان پر سخت تنقید کی گئی جس کے بعد ایک ڈاکٹر نے اپنے الفاظ پر معافی بھی مانگی۔

    اسی بارے میں ٹیڈ روس کا کہنا ہے کہ تقریباً 20 انسٹی ٹیوٹس اور کمپنیاں ویکسین کی تیاری میں مصروف ہیں، لیکن ادویات اور ویکسین کی تیاری پر عالمی ادارہ صحت تمام ممالک اور انسانوں میں اس کی مساوی تقسیم کو یقینی بنانا چاہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فرانسیسی ڈاکٹرز کے بیانات دہشت زدہ کردینے والے ہیں، ایک ایسے وقت میں جب دنیا کو باہمی اتحاد کی ضرورت ہے، اس نوعیت کے نسل پرستانہ بیانات اس اتحاد کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

    ٹیڈ روس کا مزید کہنا تھا کہ افریقہ نہ تو کسی ویکسین کی تجربہ گاہ ہے اور نہ ہی کبھی ہوگا۔ ہم کووڈ 19 ویکسین کے ٹیسٹ کے لیے افریقہ اور یورپ کی تفریق کیے بغیر مساوی پروٹوکول پر عمل کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت ایسی کسی چیز کی اجازت نہیں دے گا، اکیسویں صدی میں سائنس دانوں سے ایسے بیانات سننا شرمناک ہی نہیں خوفناک بھی ہے۔ میں ان بیانات کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔