Tag: کرونا

  • پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، 570 کیسز کی تصدیق

    پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، 570 کیسز کی تصدیق

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، اب تک صوبے میں 570 مریض سامنے آچکے ہیں جنہیں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 570 ہوگئی ہے۔

    ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق کرونا وائرس سے پنجاب میں 5 اموات ہوئیں، اب تک 5 مریض صحتیاب ہو کر ڈسچارج ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان سے 207 زائرین، ملتان سے 79 زائرین، لاہور میں 119 افراد اور رائیونڈ قرنطینہ میں 23 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    اسی طرح گجرات میں 52، گوجرانوالہ میں 11، جہلم میں 21، راولپنڈی میں 19، ڈیرہ غازی خان میں 5، ملتان میں 3، فیصل آباد میں 9، منڈی بہاؤ الدین میں 4، وہاڑی، سرگودھا، ننکانہ صاحب، بہاولنگر اور میانوالی میں بھی 2، 2 مریضوں میں تصدیق ہوئی ہے۔

    ترجمان کے مطابق خوشاب، اٹک، نارووال، رحیم یار خان میں 1، 1 مریض میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ترجمان پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ تمام تصدیق شدہ مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں، مریضوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

  • ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1526 ہوگئی

    ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1526 ہوگئی

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 15 سو 26 ہوگئی ہے، ملک بھر میں 185 قرنطینہ سینٹرز میں 8 ہزار 66 مریض ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 15 سو 26 ہوگئی، پنجاب میں کرونا کیسز کی تعداد 558 ہوگئی۔

    کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ سندھ میں 481، پختونخواہ میں 188، بلوچستان میں 138، گلگت بلتستان میں 116، اسلام آباد میں 43 اور آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کے 2 مریض ہیں۔

    کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے باعث اموات 13 ہو چکی ہیں جبکہ 11 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، کرونا وائرس کے صحت یاب مریضوں کی تعداد 28 ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ 58 فیصد کیسز ایران اور 13 فیصد دیگر ممالک سے منتقل ہوئے۔ کرونا وائرس کے 58 فیصد کیسز مقامی سطح پر رپورٹ ہوئے، ملک بھر میں مشتبہ کیسز کی تعداد 13 ہزار 324 ہے۔

    کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 411 اسپتالوں میں آئسولیشن کی سہولت موجود ہے، 411 اسپتالوں میں قائم آئسولیشن بیڈز کی تعداد 5 ہزار 939 ہے۔ مختلف اسپتالوں میں کرونا کے 756 مریض زیر علاج ہیں۔

    کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے ملک بھر میں 185 قرنطینہ سینٹرز میں 8 ہزار 66 مریض ہیں۔

  • کرونا وائرس: پنجاب حکومت کا دیہاڑی دار افراد کے لیے ماہانہ 4 ہزار روپے کا اعلان

    کرونا وائرس: پنجاب حکومت کا دیہاڑی دار افراد کے لیے ماہانہ 4 ہزار روپے کا اعلان

    لاہور: پنجاب حکومت نے کرونا وائرس سے متاثرہ حلقوں کے لیے معاشی پیکج کا اعلان کردیا، 25 لاکھ خاندانوں کے لیے 10 ارب روپے کا پیکج متعارف اور کرونا وائرس سے متاثرہ ڈیلی ویجرز کو ماہانہ 4 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کے معاشی پیکج سے مزدور طبقے کو حقیقی ریلیف ملے گا، کرونا سے نمٹنے اور غریب طبقے کو ریلیف دینے کے لیے پیٹ کاٹ کر وسائل دیں گے، زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس نے دیہاڑی دار طبقے کو بری طرح متاثر کیا ہے، ہماری حکومت نے عام آدمی اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی۔ کرونا وائرس کے باعث مزدور طبقے کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت قومی ذمہ داری اپنا فرض سمجھ کر ادا کرے گی۔

    دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے کرونا سے متاثرہ حلقوں کے لیے معاشی پیکج کا اعلان کردیا، بزدار حکومت نے 18 ارب کے ٹیکسز معاف کر دیے ہیں۔ بزدار حکومت معاشی صورتحال پر مناسب اقدامات کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 25 لاکھ خاندانوں کے لیے 10 ارب روپے کا پیکج متعارف کروایا گیا ہے، کرونا سے متاثرہ ڈیلی ویجرز کو ماہانہ 4 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز، نرسز و دیگر اسٹاف کو تنخواہ کے برابر الاؤنس ملے گا، کرونا سے جاں بحق پروفیشنلز کے لیے شہدا پیکج کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ بزدار حکومت عوام کی تکالیف کے ازالے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

    وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عوام کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دے۔

  • غیر معیاری سینی ٹائزرز کی شکایات پر فواد چوہدری کا ایکشن

    غیر معیاری سینی ٹائزرز کی شکایات پر فواد چوہدری کا ایکشن

    اسلام آباد: ملک بھر میں مختلف دکانوں پر بکنے والے غیر معیاری سینی ٹائزرز کی شکایت پر وفاقی وزیر فواد چوہدری ایکشن میں آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ مختلف اسٹورز پر سینی ٹائزر چیک کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایسی شکایات ملی تھیں کہ کم کوالٹی کے سینی ٹائزر مختلف دکانوں پر فرخت کیے جا رہے ہیں، پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی ان شکایات پر فوری کارروائی کرے گی۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1408 ہوچکی ہے جبکہ 11 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ سب سے زیادہ کیسز پنجاب میں رپورٹ ہوئے جہاں مریضوں کی تعداد 490 ہوگئی۔

    سندھ میں 457، پختونخواہ میں 180، بلوچستان میں 133، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 39 اور آزاد کشمیر میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ملک بھر میں 7 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 25 افراد صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج کیے جاچکے ہیں۔

  • سکھر اور ڈی جی خان کے قرنطینہ سے مزید سینکڑوں زائرین گھروں کو روانہ

    سکھر اور ڈی جی خان کے قرنطینہ سے مزید سینکڑوں زائرین گھروں کو روانہ

    سکھر: سکھر کے قرنطینہ سے مزید 11 زائرین کو واپس گھروں کو بھیج دیا گیا، ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ سے بھی 26 زائرین کو کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر گھروں کو روانہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سکھر کے قرنطینہ سے مزید 11 زائرین اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے ہیں۔ روانہ کیے گئے 11 زائرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ زائرین کا تعلق کراچی اور ٹنڈو جام سے ہے، زائرین کی ٹیسٹ رپورٹ نارمل آنے پر انہیں گھر بھیجا جا رہا ہے۔

    سکھر کے قرنطینہ سے 626 زائرین کو پہلے ہی گھروں کو بھیجا جا چکا ہے جس کے بعد گھروں کو جانے والے زائرین کی تعداد 651 ہوگئی ہے۔

    دوسری جانب صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں قائم قرنطینہ سے بھی 26 زائرین کو گھر روانہ کردیا گیا ہے، مذکورہ زائرین کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور انہیں کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ نیگٹیو آنے پر گھر بھیجا گیا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنرز نے تمام زائرین کو عبد الحکیم انٹر چینج سے وصول کیا۔ واپس آنے والے تمام زائرین کو اپنے گھروں میں الگ تھلگ رہنے کی تلقین کردی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1408 ہوچکی ہے جبکہ 11 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ سب سے زیادہ کیسز پنجاب میں رپورٹ ہوئے جہاں مریضوں کی تعداد 490 ہوگئی۔

    سندھ میں 457، پختونخواہ میں 180، بلوچستان میں 133، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 39 اور آزاد کشمیر میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ملک بھر میں 7 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 25 افراد صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج کیے جاچکے ہیں۔

  • امریکا: سہولیات کی عدم فراہمی، کچرے کی تھیلی پہننے والا ڈاکٹر جان کی بازی ہار گیا

    امریکا: سہولیات کی عدم فراہمی، کچرے کی تھیلی پہننے والا ڈاکٹر جان کی بازی ہار گیا

    نیویارک: امریکا میں کرونا وائرس سے حفاظتی سامان کی قلت ہونے کے باعث طبی عملہ کچرے کی تھیلیاں استعمال کرنے پر مجبور ہے، تھیلیاں استعمال کرنے والا ایک ڈاکٹر کرونا وائرس کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک سٹی ہاسپٹل میں طبی عملہ کچرے کے لیے استعمال کیے جانے والے پلاسٹک بیگز پہننے پر مجبور ہے۔

    سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی ایک تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طبی عملے کے 3 افراد نے کچرے کے لیے استعمال کیے جانے والے سیاہ پلاسٹک بیگز پہن رکھے ہیں۔

    تصویر کے کیپشن میں کہا گیا کہ اسپتال میں مزید گاؤنز موجود نہیں ہیں۔

    اسی اسپتال میں کام کرنے والے ایک ڈاکٹر بھی وائرس کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئے۔ 48 سالہ ڈاکٹر کیلی میں ایک ہفتہ قبل کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور گزشتہ رات وہ انتقال کر گئے۔

    مقامی حکام نے ڈاکٹر کی موت پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    کرونا وائرس کے کاری وار کے بعد نیویارک کے تقریباً سب ہی اسپتالوں میں ذاتی حفاظت کے سامان جیسے ماسک اور آئسولیشن گاؤنز کی قلت ہے۔

    مقامی انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اگر ان کے پاس اضافی این 95 اور 99 ماسک، گاؤنز یا دستانے موجود ہیں تو انہیں طبی عملے کو عطیہ کردیں۔

    خیال رہے کہ امریکا میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، امریکا میں کرونا سے ہلاکتیں 15 سو سے زائد ہوگئی ہیں۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2 کھرب ڈالرز کے ریلیف بل پر بھی دستخط کردیے ہیں۔

  • 95 سالہ خاتون جنہوں نے کرونا وائرس کو شکست دے دی

    95 سالہ خاتون جنہوں نے کرونا وائرس کو شکست دے دی

    برن: سوئٹزر لینڈ میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والی 95 سالہ خاتون کا کہنا ہے کہ وہ مرنے سے بالکل بھی خوفزدہ نہیں تھیں، تاہم اس موذی وائرس کے خلاف جنگ جیت کر وہ بے حد خوش ہیں۔

    95 سالہ گرٹروڈ فیٹن چند روز قبل کرونا وائرس کا شکار ہوئیں، حکام کو اطلاع دینے پر ایک ایمبولینس ان کے گھر پہنچی اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اسپتال میں وہ ایک ہفتہ آئی سی یو میں رہیں جہاں انہوں نے کرونا وائرس کو شکست دی اور اب وہ صحتیاب ہو کر اپنے گھر پر ہیں۔

    فیٹن بتاتی ہیں کہ آئی سی یو میں ایک موقع پر انہوں نے ڈاکٹرز کو منع کردیا کہ وہ انہیں مصنوعی سانس نہ دیں۔ ’میں نے ان سے کہا کہ میں اپنی زندگی جی چکی ہوں اور مجھے سکون سے جانے دو‘۔

    ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز انہیں دن میں 3 بار اینٹی بائیوٹکس دیتے تھے جو براہ راست ان کی رگوں میں انجیکٹ کیے جاتے تھے، انہیں ملیریا کی دوا کلوروکوئن بھی دی گئی۔

    فیٹن اب گھر لوٹ آئی ہیں جہاں وہ اپنے آئی پیڈ پر اپنے پوتے، پوتیوں اور پڑپوتے، پڑپوتیوں سے روزانہ بات کرتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ میں مرنے سے بالکل خوفزدہ نہیں تھی۔ ’میری عمر اب 95 سال ہے، اب تو جانے کا وقت ہی ہے‘۔

    ان کی بیٹی نے بتایا کہ جب انہیں اسپتال سے فون آیا کہ ان کی والدہ کی حالت بگڑ چکی ہے اور انہیں بچانے کے لیے ڈاکٹرز کے پاس صرف 24 گھنٹوں کا وقت ہے تو مجھے لگا کہ ہم انہیں کھو دیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ میں روز اپنی والدہ سے بات کرتی تھی اور جس دن میں نے دیکھا کہ وہ بغیر کھانسے بات کر پارہی ہیں تو میں جان گئی کہ ہم جیت گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ سوئٹزر لینڈ میں کرونا وائرس سے 12 ہزار 161 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ وائرس سے اب تک 197 افراد کی ہلاکت ہوچکی ہے۔

  • عرب امارات میں ہاتھ ملانے پر 50 ہزار درہم جرمانہ

    عرب امارات میں ہاتھ ملانے پر 50 ہزار درہم جرمانہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر اب 50 ہزار درہم جرمانہ عائد ہوگا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے پر 50 ہزار درہم تک کا جرمانہ مقرر کردیا ہے۔

    کابینہ نے حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزیوں کی ابتدائی فہرست بھی جاری کی ہے جس کے مطابق کسی بھی مقامی یا غیر ملکی شہری کو حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی پر کم از کم 500 اور زیادہ سے زیادہ 50 ہزار درہم کا جرمانہ ہوگا۔

    دوسری بار خلاف ورزی پر جرمانہ دگنا کردیا جائے گا جبکہ تیسری بار خلاف ورزی پر معاملہ پبلک پراسیکیوشن کے حوالے ہوگا جہاں اس کے خلاف فوجی عدالت کی کارروائی ہوگی۔

    جرمانہ قرنطینہ ضوابط کی خلاف ورزی، متاثرین سے ملنے ملانے کے علاوہ اسی طرح کی دیگر تمام خلاف ورزیوں پر ہوگا۔

    وزارت داخلہ، پولیس افسران و اہلکار سرکاری اداروں میں عدالتی نظام نافذ کرنے والے شہریوں پر اس حوالے سے مسلسل نظر رکھیں گے۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس کے خودکار ٹیسٹ سسٹم سے 1 لاکھ سے زائد افراد مستفید

    سعودی عرب: کرونا وائرس کے خودکار ٹیسٹ سسٹم سے 1 لاکھ سے زائد افراد مستفید

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کے خود کار ٹیسٹ سسٹم کے ذریعے 1 لاکھ 76 ہزار افراد نے اپنا ٹیسٹ کیا جن میں سے 20 میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ خود کار کرونا ٹیسٹ سسٹم (مووید ایپلی کیشن) سے 1 لاکھ 76 ہزار غیر ملکیوں اور سعودی شہریوں نے فائدہ اٹھایا ہے۔

    ریاض میں پریس کانفرنس کے دوران ترجمان نے بتایا کہ ان میں سے 1 لاکھ 70 ہزار کا نتیجہ تسلی بخش رہا، 20 افراد متاثر پائے گئے۔ ان کے مطابق جو افراد ابتدائی مرحلے میں تھے فوری طور پر ان کا علاج کردیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ صحیح وقت پر وائرس سے متاثر ہونے کا پتہ لگنے کی وجہ سے علاج آسانی سے کرلیا گیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ 27 سو افراد ایسے تھے جو درمیانے درجے سے زیادہ وائرس کے خطرات کا شکار ہوچکے تھے، ان سے رابطہ کیا جارہا ہے تاکہ ان کا فائنل ٹیسٹ کر کے انہیں مطلوبہ صحت خدمات فراہم کی جا سکیں۔

    ان کے مطابق کرونا کے خود کار ٹیسٹ سسٹم سے فائدہ اٹھانے والے 3 ہزار افراد ایسے ہیں جو وائرس کے حوالے سے متوسط درجے کے خطرے میں مبتلا ہیں، ترجمان کے مطابق اس کا امکان ہے کہ ان کے یہاں پائی جانے والی علامتیں کرونا کی ہی ہوں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ملک میں کرونا وائرس کے 92 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 11 سو 4 ہوگئی ہے۔

    ترجمان وزارت صحت کے مطابق نئے مریضوں میں سے 10 بیرون ملک سے آئے تھے جبکہ 82 مریض لوکل کیریئر کے ذریعے اس مرض میں مبتلا ہوئے۔

  • کرونا وائرس: سعودی وزارت صحت کی صرف ضرورت کے وقت دستانے استعمال کرنے کی ہدایت

    کرونا وائرس: سعودی وزارت صحت کی صرف ضرورت کے وقت دستانے استعمال کرنے کی ہدایت

    ریاض: سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ دستانے کرونا وائرس سے نہیں بچاتے بلکہ آلودگی کا ذریعہ بن جاتے ہیں، لہٰذا انتہائی ضرورت کے وقت ہی دستانے استعمال کیے جائیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ کی بابت آگہی مہم جاری رکھے ہوئے ہے، وزارت نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ دستانے انتہائی ضرورت کے تحت ہی استعمال کریں، عموماً اس سے گریز کیا جائے۔

    وزارت صحت نے توجہ دلائی ہے کہ دستانے کرونا وائرس سے نہیں بچاتے، یاد رکھیں کہ دستانے آلودگی کا ذریعہ بن جاتے ہیں۔

    وزارت صحت نے ایک بار پھر تاکید کی ہے کہ اپنے ہاتھ بار بار دھوتے رہیں، ماہرین صحت کا یہی کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے گرم پانی اور صابن سے مسلسل ہاتھ دھوتے رہیں۔

    ترجمان کے مطابق ہر مرتبہ کم از کم 20 سیکنڈ تک ہاتھ دھوئیں اور ہاتھ دھونے کے لیے گرم پانی کا استعمال کریں، اگر پانی ٹھنڈا ہو تو ایسی صورت میں صابن سے ہاتھ 20 سیکنڈ تک ضرور دھوئیں۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں اب تک 11 سو 4 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ وائرس سے 3 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔