Tag: کرونا

  • صرف 20 منٹ میں کرونا وائرس کا علاج حتمی مراحل میں: امریکی ڈاکٹر کا دعویٰ کتنا سچ؟

    صرف 20 منٹ میں کرونا وائرس کا علاج حتمی مراحل میں: امریکی ڈاکٹر کا دعویٰ کتنا سچ؟

    واشنگٹن: ایک امریکی ڈاکٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کی دوا بنانے میں اگلے 3 سے 4 ہفتوں میں کامیاب ہوجائیں گے، ان کی بنائی گئی دوا صرف 20 منٹ میں اس موذی وائرس کا مقابلہ کر کے اسے ختم کرسکتی ہے۔

    امریکا کے ڈاکٹر جیکب گلینول کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی کی لیبارٹری کرونا وائرس کی دوا بنانے میں تقریباً کامیاب ہوچکی ہے اور یہ دوا اگلے 3 سے 4 ہفتوں میں دستیاب ہوگی۔

    ڈاکٹر گلینول کا کہنا ہے کہ ان کی بنائی دوا جسم میں موجود اینٹی باڈیز کو اس قابل بنا دے گی کہ وہ کرونا کے وائرس سے مطابقت کرلیں گے جس کے بعد کرونا وائرس انسانی جسم کے لیے بے ضرر بن جائے گا۔

    یہی نہیں ان کا دعویٰ ہے کہ ان کی یہ دوا صرف 20 منٹ میں اپنا اثر دکھا سکے گی۔

    ڈاکٹر گلینول کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ دوا امریکا کے آرمی میڈیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف انفیکشیئس ڈیزیز کو بھیجی جارہی ہے جو اسے کرونا وائرس کا شکار امریکی فوجیوں پر ٹیسٹ کرے گا۔

    علاوہ ازیں اسے امریکا کی چارلس ریور لیبارٹریز کو بھی بھیجا جارہا ہے جہاں اسے مختلف مریضوں پر ٹیسٹ کروایا جائے گا۔ دونوں جگہ سے آنے والے نتائج کو دیکھا جائے گا اور ان کی بنیاد پر تعین کیا جائے گا کہ دوا کس حد تک مؤثر ہے۔

    ڈاکٹر گلینول کا کہنا ہے کہ اب تک کرونا وائرس کے خلاف جتنی بھی دواؤں پر کام کیا جارہا ہے وہ سب سال کے آخر تک دستیاب ہوسکیں گی، لیکن اس وائرس کی ہلاکت خیزی اس بات کی متقاضی ہے کہ جلد سے جلد اس کا توڑ تیار کیا جائے۔

  • کرونا وائرس: ایپل نے آئی فون کی فروخت محدود کردی

    کرونا وائرس: ایپل نے آئی فون کی فروخت محدود کردی

    معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے فونز کی آن لائن فروخت محدود کردی ہے، فیصلہ آئی فونز کی پروڈکشن میں کمی کے باعث کیا گیا ہے۔

    ایپل نے چین اور امریکا سمیت متعدد ممالک میں اپنے فونز کی آن لائن فروخت کو محدود کردیا ہے۔ ایپل پہلے ہی چین کے علاوہ دنیا بھر میں اپنے اسٹورز بند کر چکا ہے، ایسا مختلف ممالک میں کرونا وائرس کے پیش نظر کیے جانے والے لاک ڈاؤن کے بعد کیا گیا ہے۔

    بعض ممالک بشمول چین، ہانگ کانگ، سنگاپور، اور تائیوان میں ویب سائٹ کھولنے پر صارف کو بتایا جاتا ہے کہ ایک آرڈر پر صرف 2 ہی پروڈکٹس بھیجی جاسکیں گی۔

    ایسا اس سے قبل سنہ 2007 میں کیا گیا تھا جب پہلی بار آئی فون لانچ کیا گیا تھا، اس وقت لوگوں نے بڑی تعداد میں فون خرید کر دوبارہ بیچنے شروع کردیے تھے جس کے بعد کمپنی کو اس کی فروخت محدود کرنی پڑی۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ فروخت کو محدود کرنے کا سبب اس کی پروڈکشن میں کمی آنا بھی ہے، چین میں 13 مارچ سے ایپل کے اسٹورز دوبارہ کھل گئے ہیں اور فیکٹریوں میں کام بھی معمول کے مطابق شرع ہوگیا ہے تاہم دنیا بھر میں اس کی فروخت میں بدترین کمی دیکھی جارہی ہے۔

    کمپنی کے مطابق اس قلت کے سبب اسے بلیک مارکیٹ میں بھی بیچے جانے کا خدشہ ہے یہی وجہ ہے کہ اس کی آن لائن فروخت محدود کی گئی ہے۔

  • عمان ایئر نے بھارت کے لیے اپنی تمام پروازیں معطل کردیں

    عمان ایئر نے بھارت کے لیے اپنی تمام پروازیں معطل کردیں

    مسقط: عمان ایئر نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر وہ بھارت کے ساتھ اپنے تمام فضائی آپریشنز معطل کر رہے ہیں، معطلی کا فیصلہ بھارت میں غیر ملکی پروازوں کی آمد و رفت پر پابندی کے بعد کیا گیا ہے۔

    عمان ایئر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عمان ایئر بھارت آنے اور جانے والی اپنی تمام فلائٹس کم از کم 28 مارچ تک معطل کر رہا ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ فلائٹس کی معطلی بھارتی ایوی ایشن کے فیصلے کے بعد کی جارہی ہے جس میں بھارت کے تمام ایئرپورٹس سے تمام غیر ملکی پروازوں کے آنے اور جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    عمان ایئر نے اپنی فلائٹس بک کروانے والے بھارتی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھارت میں واقع ان کے دفتر سے رابطہ کریں۔

    یاد رہے کہ بھارت میں اب تک کرونا وائرس کے 275 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 5 اموات بھی ہوچکی ہیں۔ بھارتی ایوی ایشن نے تمام غیر ملکی پروازوں کی آمد و رفت پر 28 مارچ تک پابندی عائد کردی ہے۔

  • بیرون ملک سے آنے والی مریضہ ملک بھر میں کرونا وائرس پھیلانے کا سبب بن گئی

    بیرون ملک سے آنے والی مریضہ ملک بھر میں کرونا وائرس پھیلانے کا سبب بن گئی

    جنوبی امریکی ملک یوروگوئے میں پھیلنے والے کرونا وائرس کیسز کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ ان میں سے نصف ایک ہی شخص سے رابطے میں آئے، ملک میں کرونا کے 392 مشتبہ کیسز کی جانچ کی جارہی ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 57 سالہ فیشن ڈیزائنر کارمیلا ہونوٹو اسپین سے واپس آئی تھیں اور انہوں نے اسی روز ایک شادی میں شرکت کی جو یوروگوئے کے دارالحکومت میں منعقد کی گئی تھی، شادی میں 500 افراد نے شرکت کی۔

    رپورٹس کے مطابق 12 مارچ تک ملک میں کرونا وائرس کے صرف 4 کیسز تھے جو صرف ایک ہفتے میں بڑھ کر 79 ہوگئے، مزید 392 مشتبہ کیسز کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام نئے کیسز مذکورہ شادی کے بعد سامنے آئے ہیں۔

    جب ان خاتون سے رابطہ کر کے اس بارے میں ان سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ یوروگوئے پہنچنے کے بعد انہوں نے اپنی 84 سالہ دادی کے ساتھ لنچ بھی کیا جبکہ ایک اور پارٹی میں شرکت کی جہاں اور بہت سے لوگ تھے۔

    فیشن ڈیزائنر کا کہنا تھا کہ ان کے حوالے سے کی جانے والی باتیں سراسر احمقانہ ہیں، ’اس جہاز میں اور بھی بہت سے لوگ سوار تھے جو سب دارالحکومت میں اترے ہیں‘۔

    انہوں نے بتایا کہ جنوری میں انہیں بخار کی شکایت ہوئی تھی اور وہ اس کے لیے ڈاکٹر کے پاس گئی تھیں، انہوں نے اس سے پوچھا کہ کیا یہ کرونا وائرس کی علامت ہے تاہم ڈاکٹر نے کوئی خاص توجہ نہیں دی۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ مجھے لوگوں کے تاثرات پر حیرانی ہورہی ہے جو یہ کہہ رہے ہیں کہ میں کوئی دہشت گرد ہوں جو سب کو قتل کرنے کے لیے وائرس ساتھ لائی ہوں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ملک کے پینل کوڈ کے آرٹیکل 224 کے تحت ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوسکتی ہے جو متعدی امراض کے پھیلاؤ کے حوالے سے ہے۔

    حکام ان خاتون کے بیٹوں کو بھی شامل تفتیش کر رہے ہیں جو اپنی والدہ ہی کی طرح قرنطینیہ اصولوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

    یوروگوئے میں کرونا وائرس کے پیش نظر 2 ہفتوں کے لیے تعلیمی ادارے اور شاپنگ مالز بند کردیے گئے ہیں جبکہ یورپ اور امریکا سے آنے والی فلائٹس پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

    ملک میں مکمل طور پر لاک ڈاؤن نہیں کیا گیا تاہم نیشنل ڈاکٹرز یونین کی جانب سے لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا جارہا ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

  • کروناوائرس: امریکی حکومت پر سوالات اٹھ گئے

    کروناوائرس: امریکی حکومت پر سوالات اٹھ گئے

    واشنگٹن: امریکا میں کروناوائرس کے تناظر میں ٹرمپ انتظامیہ کی کارکردگی پر کئی سوالات اٹھ گئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کے قانون ساز گروہ نے امریکی حکومت کی کارکردگی کو ناقص قرار دے دیا۔ ہزاروں امریکی باشندے دیگر ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں۔

    قانون دانوں کا کہنا ہے کہ جو امریکی شہری دیگر ملکوں میں پھنسے ہوئے ہیں ان کی مدد کے لیے سفارت اور قونصل خانوں کی جانب سے کوئی خاطر خواہ حکمت عملی نہیں اپنائی جارہی۔

    امریکی ڈیموکریٹک قانون سازوں نے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کو خصوصی خط لکھا جس میں انہوں نے کروناوائرس سے متاثرہ ممالک میں پھنسے شہریوں کے خدشات سے آگاہ کیا۔

    کروناوائرس: امریکا نے کمپنیوں سے اہم درخواست کردی

    انہوں نے امریکی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ امریکی شہری شدید پریشان ہیں اور وہ ملک واپسی کے لیے مدد کی اپیل کررہے ہیں تاہم سفری پابندیوں کے باعث وہ ملک آنے سے قاصر ہیں۔

    ’’امریکی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے ٹرمپ انتظامیہ خصوصی پروازیں چلائے‘‘۔

  • کرونا کے باعث پابندیاں ، گلوکارسجاد علی نے مداحوں کو مایوس نہ ہونے دیا

    کرونا کے باعث پابندیاں ، گلوکارسجاد علی نے مداحوں کو مایوس نہ ہونے دیا

    کراچی : کرونا وائرس کے باعث  پابندیوں  کے بعد گلوکارسجاد علی نے مداحوں کو مایوس نہ ہونے دیا اورآن لائن کنسرٹس کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا ائرس کے باعث عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ، اس سلسلے میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گلوکار سجاد علی نے ویڈیو پیغام میں آن لائن کنسرٹس کا اعلان کردیا۔

    ویڈیو پیغام میں سجاد علی نے کہا کہ کروڑوں مداح گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے تو کیا کنسرٹس نہیں ہوں گے؟ کنسرٹس توہوں گے،مگر آن لائن ہوں گے۔

    انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ ’Music Revolution‘ کا استعمال کرتے ہوئے کہا آئیے کمرشل شوز آن لائن کر کے ایک انقلاب لاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہیش ٹیگ ’SajjadAliOnline‘ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو پیغام میں کہا کیا سننا پسندکریں گے؟گانےکی فرمائش کریں، آن لائن گانا گائیں گے۔

  • ملک کے تمام 3 اور 4 اسٹار ہوٹلز قرنطینیہ میں تبدیل کرنے کی ہدایت

    ملک کے تمام 3 اور 4 اسٹار ہوٹلز قرنطینیہ میں تبدیل کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے تمام 3 اور 4 اسٹار ہوٹلز کو قرنطینیہ میں تبدیل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے صوبائی چیف سیکریٹریز کو خط لکھا ہے، خط میں تمام 3 اور 4 اسٹار ہوٹلز خالی کروانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ ہوٹلز کو فوری طور پر قرنطینیہ میں تبدیل کیا جائے، ہوٹلوں میں قیام اور کرائے داری کے تمام معاملات فوری طور پر منجمد کیے جائیں۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کے خاتمے تک ہوٹلز بطور قرنطینیہ استعمال ہوں گے، وائرس کے مشتبہ مریضوں کے لیے ون پرسن ون روم کی پالیسی پر عمل ہوگا۔

    این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ قائم کردہ قرنطینیہ کی تفصیلات این ڈی ایم اے کو بھجوائیں۔

    مذکورہ خط کی نقل وزیر اعظم آفس، وزارت صحت، وزارت داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور چیف سیکریٹری آزاد جموں کشمیر کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔

  • سعودی عرب میں ماسک کی سرکاری قیمت مقرر

    سعودی عرب میں ماسک کی سرکاری قیمت مقرر

    ریاض: سعودی عرب میں ماسک کی سرکاری قیمت مقرر کردی گئی، حکام کے مطابق ایک ماسک کی قیمت 60 ہللہ سے ایک ریال تک ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں تحفظ صارفین انجمن کے مطابق ماسک اور دستانوں کے سرکاری نرخ مقرر کردیے گئے ہیں، ماسک کتنے اقسام کے ہیں اس کی تفصیلات بھی دی گئی ہیں۔

    تحفظ صارفین انجمن کا کہنا ہے کہ صارفین سرکاری نرخ کے مطابق ہی ماسک اور دستانے خریدیں۔

    انجمن کے مطابق ماسک 2 پرت یا 3 پرت والے ہوتے ہیں جبکہ این 95 قسم کے بھی ماسک ہوتے ہیں، این 95 ماسک عام لوگوں کے لیے نہیں ہیں۔ یہ شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے عملے کے لیے ہیں۔

    دوسری جانب وزارت صحت نے بھی اعلان کیا ہے کہ مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہر وقت ماسک استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

    ان کے مطابق صرف 2 صورتوں میں ماسک کا استعمال کیا جائے، ایک اس وقت جب کوئی شخص کھانسی یا نزلہ زکام میں مبتلا ہو یا دوسرا اس وقت جب وہ کرونا وائرس کے کسی مریض سے مل رہا ہو۔

    انجمن تحفظ صارفین نے ماسک کی سرکاری قیمتوں کے حوالے سے بتایا کہ ایک ماسک کی قیمت 60 ہللہ سے ایک ریال تک ہے۔ ماسک کی نوعیت اور برانڈ کی وجہ سے قیمت میں فرق ہو گا۔

    اسی طرح 50 ملی لیٹرسینی ٹائزر کی قیمت 8 ریال سے 18 ریال تک مقرر کی گئی ہے، قیمت میں فرق دوا ساز کمپنی کے لحاظ سے ہے۔

    انجمن تحفظ صارفین کے مطابق اگر لوگ پانی اور صابن سے ہاتھ دھو رہے ہوں تو ایسی صورت میں سینی ٹائزر کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    انجمن کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعودی عرب میں فارمیسیاں ماسک، دستانے اور سینی ٹائزر ایک شخص کو زیادہ مقدار میں فروخت کرنے سے معذرت کر رہی ہیں کیونکہ کسی ایک شخص کو اتنی ہی مقدار میں یہ چیزیں دینے کی ہدایت ہے جس کی اسے ضرورت ہو تاکہ دیگر صارفین بھی اپنی ضروریات پوری کرسکیں۔

  • کرونا وائرس: چین نے اپنے شہریوں کے لیے کم وقت میں ایک اور جدید اسپتال بنا لیا

    کرونا وائرس: چین نے اپنے شہریوں کے لیے کم وقت میں ایک اور جدید اسپتال بنا لیا

    بیجنگ: چینی دارالحکومت بیجنگ میں بیرون ملک سے آنے والے افراد کو قرنطینیہ میں رکھنے کے لیے 16 سو بستروں کا اسپتال تیار کرلیا گیا، یہ سینٹر خاص طور پر بیرون ملک سے وطن واپس لوٹنے والے چینی شہریوں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

    نیا بنایا گیا یہ اسپتال اس سے قبل سارس وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے بنایا گیا تھا اور اب اسے تزئین نو کے بعد قرنطینیہ سینٹر میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

    چینی میڈیا کے مطابق بیجنگ ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے پہنچنے والے افراد کے پہلے گروپ کو گزشتہ روز اس اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    سینٹر کو 15 ہزار مزدوروں نے 53 روز میں تیار کیا ہے اور یہ 16 سو بستروں پر مشتمل ہے۔ یہاں 600 میڈیکل ورکرز کو تعینات کیا گیا ہے جو کرونا وائرس کے مشتبہ و مصدقہ مریضوں کا علاج کریں گے۔

    یہ سینٹر خاص طور پر ان چینی شہریوں کے لیے تیار کیا گیا ہے جو وائرس کے پھیلاؤ کے دوران مختلف ممالک میں ہی رک گئے تھے، اور اب جب چین نے اس وائرس پر قابو پا لیا ہے تو یہ واپس اپنے وطن لوٹ رہے ہیں۔

    ایک اندازے کے مطابق چین میں اب ہر روز 20 ہزار افراد بیرون ملک سے واپس آرہے ہیں، کرونا وائرس پر قابو پالینے کے بعد اب مختلف ممالک میں موجود چینی شہریوں کی بڑی تعداد وطن واپس لوٹنا چاہتی ہے اور اس کے لیے لوگ چارٹر طیارے میں سیٹ حاصل کرنے کے لیے 21 ہزار پاؤنڈز دینے کو بھی تیار ہیں۔

    حکام نے اب تک 54 افراد کی نشاندہی کی ہے جو بیرون ملک کرونا وائرس کے مریضوں سے رابطے میں آئے، حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایسے افراد کی واپسی چین کی ان سر توڑ کوشش کو زائل نہ کردے جو اس نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کیں۔

    حکام نے بیرون ملک موجود چینی شہریوں سے واپس نہ آنے کی اپیل بھی کی ہے اور ساتھ ہی اعلان کیا ہے کہ بیرون ملک سے چین آنے والے تمام افراد کو 14 دن قرنطینیہ میں گزارنے ہوں گے۔

    حکام کے مطابق چین میں 7 مارچ سے اب تک کرونا وائرس کا کوئی مقامی کیس رپورٹ نہیں ہوا، تاہم اس عرصے میں 54 ایسے افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جوبیرون ملک سے آئے تھے۔

  • شہری نے لاک ڈاؤن کے دوران پولیس کو چکمہ دے دیا

    شہری نے لاک ڈاؤن کے دوران پولیس کو چکمہ دے دیا

    اسپین میں ایک شہری کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے دوران پولیس کو چکمہ دینے کے لیے کھلونے کتے کو لے کر باہر نکل گیا اور کتے کو ٹہلانے کا ڈرامہ کرنے لگا۔

    اسپین میں کرونا وائرس کے تیز رفتار پھیلاؤ کے سبب ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کا کہا گیا ہے۔ شہریوں کو صرف کام یا اسپتال جانے کے لیے اور روزمرہ اشیا کی خریداری کے لیے باہر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔

    خلاف ورزی کرنے اور بلا ضرورت باہر گھومنے والوں پر 601 یوروز سے 30 ہزار یوروز کے درمیان جرمانہ ہوسکتا ہے۔

    اس دوران ایک معمولی نرمی یہ کی گئی ہے کہ پالتو کتے رکھنے والے افراد کو مختصر وقت کے لیے کتے کو لے کر باہر نکلنے اور ہوا خوری کروانے کی اجازت دی گئی ہے۔

    اس نرمی کا فائدہ اٹھا کر ایک شخص نے کھلونے کتے کے گلے میں پٹہ ڈالا اور اسے لے کر باہر نکل گیا، اس دوران وہ کتے کو ٹہلانے کا ڈرامہ کرتا رہا تاہم جلد ہی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پولیس اس تک پہنچ گئی۔

    مقامی پولیس نے مذکورہ شخص کو بغیر جرمانے کے وارننگ دے کر چھوڑ دیا۔

    بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے پولیس نے کہا کہ یہ ایمرجنسی لوگوں کی بھلائی کے لیے ہی لگائی گئی ہے، پولیس کو دھوکہ دینے سے پہلے کامن سینس کا استعمال کریں۔

    خیال رہے کہ اسپین میں اب تک کرونا وائرس کے 14 ہزار 769 مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ جان لیوا وائرس 638 افراد کی جانیں لے چکا ہے۔ وائرس سے اب تک 1 ہزار 81 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔