Tag: کرونا

  • وہ دوا جو کرونا وائرس کے خلاف ’مؤثر‘ ثابت ہو رہی ہے

    وہ دوا جو کرونا وائرس کے خلاف ’مؤثر‘ ثابت ہو رہی ہے

    بیجنگ: چینی ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف فیوی پیراویر نامی ایک دوا مؤثر ثابت ہو رہی ہے، اس دوا کی اب تک کلینیکل آزمائش کی جارہی تھی۔

    چین کی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ایک عہدیدار زینگ شن من کا کہنا ہے کہ فیوی پیراویر نامی جاپانی اینٹی وائرل دوا کے اثرات چین کے شہروں ووہان اور شینزن میں کلینکل ٹرائلز کے دوران حوصلہ افزا رہے ہیں۔

    ان کے مطابق اس دوا کو 340 مریضوں کو استعمال کروایا گیا اور یہ وائرس کے خلاف محفوظ ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے علاج میں بھی واضح طور پر مؤثر ثابت ہوئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق شینزن میں جن مریضوں کو یہ دوا استعمال کروائی گئی ان میں ٹیسٹ مثبت آنے کے 4 دن بعد وائرس ختم ہو گیا، جبکہ اس دوا کے بغیر مرض کی علامات کے لیے دیگر ادویات کے استعمال سے صحتیابی میں اوسطاً 11 دن درکار ہوتے ہیں۔

    علاوہ ازیں ایکسرے سے علم ہوا کہ اس نئی دوا کے استعمال سے 91 فیصد مریضوں کے پھیپھڑوں کی حالت میں بھی بہتری رونما ہوئی، جبکہ دیگر ادویات میں یہ شرح 62 فیصد کے قریب ہوتی ہے۔

    جاپان میں بھی ڈاکٹروں کی جانب سے اس دوا کو کرونا وائرس کے معمولی سے معتدل علامات والے مریضوں پر ہونے والے کلینیکل ٹرائلز کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے اور ڈاکٹرز کو توقع ہے کہ اس کے استعمال سے مریضوں میں وائرس کی نشوونما کی روک تھام ممکن ہے۔

    جاپانی وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دوا سنگین علامات والے مریضوں کے لیے ممکنہ طور پر زیادہ مؤثر نہیں کیونکہ ایسے مریضوں پر اس کا اثر دیکھنے میں نہیں آیا جن میں یہ وائرس زیادہ پھیل چکا تھا۔

    ان کے مطابق اس نئی دوا کو کرونا وائرس سے ہونے والے بیماری کووڈ 19 کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال کرنے کے لیے حکومتی اجازت کی ضرورت ہوگی کیونکہ یہ بنیادی طور پر فلو کے علاج کے لیے تیار کی گئی تھی۔

    اس دوا کو فیوجی فلم ٹویاما کیمیکل نے سنہ 2014 میں فلو کے لیے تیار کیا تھا تاہم کمپنی نے چین کے حالیہ دعوے پر کوئی ردعمل نہیں دیا، البتہ چینی عہدے دار کے بیان کے بعد کمپنی کے حصص میں بدھ کو 14 فیصد سے زائد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    دوسری جانب امریکی شہر سیئٹل میں واقع واشنگٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں کرونا وائرس کی ویکسین کے تجربے کا آغاز کیا جاچکا ہے۔

    اس ویکسین کی آزمائش 45 صحت مند انسانوں پر کی جائے گی اور اس کے حتمی نتائج جاننے میں 12 سے 18 ماہ کا وقت لگے گا۔ اس کے بعد ہی یہ تعین کیا جاسکے گا کہ ویکسین وائرس کے خلاف کس حد تک مؤثر ہے۔

  • سعودی عرب میں گودام پر چھاپہ، 20 لاکھ سے زائد ماسک برآمد

    سعودی عرب میں گودام پر چھاپہ، 20 لاکھ سے زائد ماسک برآمد

    ریاض: سعودی حکام نے ایک گودام پر چھاپہ مار کر 20 لاکھ سے زائد حفاظتی ماسک اور دستانے برآمد کر کے اپنی تحویل میں لے لیے، گودام کے مالک کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کردیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تجارت کے انسپکٹرز نے سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کے تعاون سے ایک تجارتی ادارے کے گودام پر چھاپہ مار کر 20 لاکھ سے زیادہ حفاظتی ماسک اور دستانے برآمد کرلیے۔

    تجارتی ادارے کا مالک مہنگے داموں فروخت کرنے کے لیے انہیں ذخیرہ کیے ہوئے تھا۔ وزارت تجارت کے انسپکٹرز کا کہنا ہے کہ تجارتی ادارے کے مالک نے وزارت کو ذخیرہ شدہ ماسک اور دستانوں سے متعلق اعتماد میں نہیں لیا تھا اور نہ مبینہ گودام کے پاس کوئی لائسنس تھا۔

    وزارت تجارت نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے برآمد شدہ ماسک اور دستانے ضبط کرلیے۔ تجارتی ادارے اور اس کے گودام کے ذمہ داران کو قانونی سزا دلانے کے لیے متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا گیا۔

    وزارت تجارت نے ایسے تمام تاجروں کو جو غیر قانونی طریقے سے حفاظتی ماسک اور دستانے چھپائے ہوئے ہیں، خبردار کیا ہے کہ پہلی فرصت میں حفاظتی ماسک اور دستانوں کے ذخیرے سے متعلق وزارت کو مطلع کریں اور چھپایا ہوا مال مارکیٹ میں لائیں۔

    حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ ایسے ادارے جو حفاظتی ماسک اور دستانے ذخیرہ کیے ہوئے ہو اور اسے مہنگے داموں فروخت کر رہا ہو، کے خلاف شکایات سینٹر وزارت تجارت کی ویب سائٹ پر رپورٹ کریں۔

  • کرونا وائرس: اداکارہ شگفتہ اعجاز کی اپنے مداحوں کے لیے تجاویز

    کرونا وائرس: اداکارہ شگفتہ اعجاز کی اپنے مداحوں کے لیے تجاویز

    معروف پاکستانی اداکارہ شگفتہ اعجاز نے اپنے مداحوں کو کرونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر اپنانے، اور اپنا اور اپنے گھر والوں کا خیال رکھنے کی تجویز دے دی۔

    شگفتہ اعجاز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنی ماسک پہنی ہوئی تصویر شیئر کی۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو تاکید کی کہ وہ خوفزدہ ہونے یا حد سے زیادہ خود اعتماد بننے کے بجائے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

    اپنی پوسٹ میں شگفتہ اعجاز کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس نے دنیا بھر میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور لوگوں نے بڑی مقدار میں ضروری اشیا خرید کر رکھ لی ہیں جیسے ماسک، سینی ٹائزر، تھرما میٹرز وغیرہ جس کی وجہ سے ان کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لوگوں نے غیر ضروری طور پر اپنے گھروں سے نکلنا بند نہیں کیا، یاد رکھیں آپ کی صحت اور حفاظت پہلی ترجیح ہونی چاہیئے۔ ریستوران، مووی تھیٹرز اور مال وہیں اپنی جگہ پر موجود ہیں اور حالات بہتر ہوتے ہی کھل جائیں گے۔

     

    View this post on Instagram

     

    The Corona virus has caused so much unnecessary panic all around the world. People have bought all necessary resources in bulk causing a shortage of sanitisers, masks, thermometers, anti bacterials all over the country. Everyone is uninformed about the disease itself and no one is willing to give up unnecessarily leaving their homes. Your health and safety comes first, the restaurants and movie theatres and malls will still be here when everything settles down. It is your duty as an individual to keep yourself and your family safe. Just because you’re young and strong doesn’t mean you can’t extract the virus and pass it on to someone with a weakened immune system in your home. Don’t risk your loved ones health by being overconfident. Stay at home as much as you can. Wash your hands frequently and don’t touch your face. Socially distance yourself and keep a 3 feet distance from everyone around you. If you have a fever, cough, flu and difficulty breathing, please do not hesitate to seek medical attention. Please pray that Allah helps us and everyone around us through this difficult time and puts an end to all this very soon. Ameen! 🙏🏻

    A post shared by Shagufta Ejaz 💫 (@shaguftaejazofficial) on

    شگفتہ اعجاز کا کہنا تھا کہ یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ اپنی اور اپنے اہلخانہ کی حفاظت کریں۔ اگر آپ نوجوان اور مضبوط ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ متاثر نہیں ہوسکتے۔ آپ وائرس ان افراد میں پھیلانے کا سبب بن سکتے ہیں جو کمزور قوت مدافعت رکھتے ہیں۔

    انہوں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کی اسٹینڈرڈ حفاظتی تدابیر دہراتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ گھر کے اندر وقت گزاریں، اپنے ہاتھوں کو بار بار دھوئیں اور چہرے کو نہ چھوئیں، سماجی طور پر اپنے آپ کو الگ تھلگ کرلیں، اور اپنے آس پاس موجود افراد سے 3 فٹ کا فاصلہ رکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ اگر آپ بخار، کھانسی، فلو اور سانس لینے میں تکلیف کا شکار ہیں تو ڈاکٹر سے رجوع کرنے میں بالکل نہ ہچکچائیں۔

    آخر میں انہوں نے لکھا کہ دعا کریں کہ اللہ ہم سب کی اس مشکل وقت میں مدد کرے اور اس بیماری کا جلد خاتمہ کرے۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس کی وجہ سے کس کاروبار میں اضافہ ہوگیا؟

    سعودی عرب: کرونا وائرس کی وجہ سے کس کاروبار میں اضافہ ہوگیا؟

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کے پیش نظر ریستورانوں پر پابندی لگنے کے بعد کھانا منگوانے کی ایپلی کیشنز کے کاروبار میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرونا وائرس کے باعث تجارتی ادارو ں کو اربوں ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے تاہم ریستوران ایپلی کیشن کے کاروبار میں 50 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    کرونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر کے پیش نظر سعودی عرب میں ریستوران بند کردیے گئے ہیں اور لوگ کھانے پینے کی اشیا اپنے دروازے پر منگوا رہے ہیں۔

    ریستورانوں کی ایپلی کیشنز اس سلسلے میں مددگار ہیں اور ریستورانوں نے ہوم ڈلیوری شروع کر رکھی ہے۔

    ہنگر اسٹیشن نامی ایپلی کیشن کے بانی ابراہیم الجاسم کا کہنا ہے کہ ریستورانوں کی ایپلی کیشنز گزشتہ دنوں کے مقابلے میں اس وقت 50 فیصد زیادہ کا کاروبار کر رہی ہیں۔ آن لائن ادائیگی کو ترجیح دی جا رہی ہے کیونکہ کرنسی نوٹ سے بھی وائرس منتقل ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایسے کئی ریستوران جو اب تک ایپلی کیشن پروگرام میں شامل نہیں ہوئے تھے وہ اب اس میں شامل ہونے کی درخواستیں کر رہے ہیں تاہم ان درخواستوں پر عمل درآمد کے لیے وقت درکار ہوگا۔

    الجاسم کا یہ بھی کہنا ہے کہ ریستورانوں کو اس بات کا پابند کیا گیا ہے کہ صارفین جو بھی طلب کریں وہ بند پیکٹ میں ان تک پہنچے، اگر آرڈر کھلا ہوا پہنچے تو صارف کو حق ہے کہ وہ اسے واپس کر دے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ریستوران ایپلی کیشن کے کاروبار میں اضافے کے 4 بڑے اسباب ہیں۔

    ایک مملکت میں 15 دن کے لیے سفری اور دیگر پابندیاں نافذ ہیں، سعودی میڈیا لوگوں کو آگاہی دے رہا ہے کہ لوگ گھروں سے اشد ضرورت کے تحت ہی نکلیں۔ وائرس کے حوالے سے لوگ خوف میں مبتلا ہیں جبکہ ریستوران بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

  • سعودی حکام کی شہریوں سے آن لائن کام کروانے کی اپیل

    سعودی حکام کی شہریوں سے آن لائن کام کروانے کی اپیل

    ریاض: سعودی وزارت داخلہ نے اپنے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے تمام سرکاری امور آن لائن انجام دیں اور دفاتر کا دورہ نہ کریں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وزارت داخلہ اور اس کے ماتحت سیکیورٹی اداروں سے متعلقہ کام کروانے کے لیے دفاتر جانے سے گریز کریں۔

    سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی اپنے کام آن لائن ابشر کے ذریعے کروا سکتے ہیں۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ 200 سے زائد کام ایسے ہیں جن کے لیے وزارت داخلہ یا اس کے ماتحت کسی ادارے کے دفتر جانے کی ضرورت نہیں یہ سارے کام آن لائن کروائے جا سکتے ہیں۔

    وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ ابشر سے 15 ملین سے زائد افراد مختلف کام کروا رہے ہیں لہٰذا سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی ابشر پر جا کر وزارت داخلہ اور اس کے محکموں سے مختلف کاموں کے بارے میں معلومات حاصل کریں اور کارروائی مکمل کروائیں۔

    وزارت نے کام کے بارے میں کسی بھی قسم کی معلومات لینے کے لیے رابطہ نمبر بھی جاری کیا ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے بچنے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات اپنائے جارہے ہیں۔

  • کورونا وائرس: وبا کے دنوں‌ میں‌ "خریداری” کی تصاویر دیکھیے

    کورونا وائرس: وبا کے دنوں‌ میں‌ "خریداری” کی تصاویر دیکھیے

    کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک میں‌ جہاں‌ ہر قسم کے ہنگامے اور رونقیں ماند پڑ گئی ہیں‌، وہیں خوف اور افراتفری کا ماحول ہے۔ ہر شخص اس وبا کی وجہ سے خدشات اور اندیشوں‌ کا شکار نظر آتا ہے۔

    مختلف ممالک میں‌ تقاریب اور اجتماعات پر پابندی کے علاوہ چھوٹے بڑے بازار اور تجارتی مراکز کی بندش کا فیصلہ کیا گیا تو گویا شہری مزید پریشان ہو گئے۔ لوگوں‌ نے اشیائے خور و نوش کے ساتھ دیگر ضروری سامان ذخیرہ کرنے کے لیے بازاروں‌ کا رُخ کیا اور………

    افراتفری، خدشات اور اندیشوں‌ میں‌ گھری ہوئی "خریداری” کی یہ تصاویر دیکھیے۔

     

     

     

     

     

     

     

     

     

     

     

     

     

    حکومت اور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہری طبی ماہرین کی ہدایات پر عمل کریں‌، بیمار ہونے کی صورت میں صرف مستند اور ماہر معالج سے رجوع کریں‌ اور کورونا سے متعلق جعلی اور من گھڑت خبروں‌ یا باتوں‌ پر دھیان نہ دیں۔

  • پاکستانیوں کی مہمان نوازی پی ایس ایل کی میزبان کو بھا گئی

    پاکستانیوں کی مہمان نوازی پی ایس ایل کی میزبان کو بھا گئی

    پاکستان سپر لیگ کے سیزن 5 کی ہوسٹ ایرن ہالینڈ وطن واپس لوٹنے کے بعد پاکستانیوں کی مہمان نوازی کی بے حد مشکور ہوئیں۔

    30 سالہ ماڈل، گلوکارہ اور 2013 میں مس ورلڈ رہنے والی ایرن ہالینڈ پی ایس ایل 5 میں ہوسٹنگ کرنے کے لیے پاکستان میں موجود تھیں۔

    تاہم کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پی ایس ایل 5 کے اختتامی میچز ملتوی کردیے گئے جس کے بعد غیر ملکی میزبان اور کھلاڑی اپنے وطنوں کو لوٹ گئے۔

    واپسی سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنی ایک ویڈیو میں ایرن ہالینڈ نے کہا کہ یہ میرا پاکستان کا دوسرا دورہ تھا اور میں اس کے ہر لمحے سے بے حد لطف اندوز ہوئی۔

    ایرن نے کہا کہ پاکستانیوں نے ہم سے بہت محبت کی اور ان کی مہمان نوازی شاندار تھی۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں شکریہ بھی لکھا۔

    ایرن کے ساتھ موجود جنوبی افریقی ہوسٹ کیس نائیڈو نے بھی شکریے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چاروں شہروں کے میچز کے دوران بہت لطف اٹھایا۔

    انہوں نے کہا کہ میں پہلی بار پی ایس ایل میں شریک ہوئی اور یہ میرے لیے کام کرنے کا زبردست موقع تھا۔

    ان دونوں کے ساتھ موجود کمنٹیٹر مائیکل سلیٹر نے پی ایس ایل کے میچز ملتوی ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا تاہم انہوں نے لیگ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتطامات اور کاوشوں کو بے حد سراہا۔

  • ووہان میں پھنسے طلبا کو پاکستانی کھانا بھیجنے کا فیصلہ

    ووہان میں پھنسے طلبا کو پاکستانی کھانا بھیجنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: چین کے شہر ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کو پاکستانی کھانا بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے خطیر رقم نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین کے حوالے کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاق نے چین کے شہر ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کو پاکستانی کھانا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) ووہان میں مقیم پاکستانوں کے لیے تیار کھانا ارسال کر رہا ہے۔

    ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پاکستانی طلبا کے لیے 14 ٹن تیار کھانا ارسال کیا جائے گا، کھانا لے کر جہاز جمعہ کے روز اسلام آباد سے ووہان روانہ ہوگا۔

    ترجمان کے مطابق وزارت اوور سیز نے طلبا کے کھانے کے لیے 2 کروڑ 15 لاکھ روپے جاری کر دیے ہیں، رقم کا چیک چیئرمین این ڈی ایم اے محمد افضال کے حوالے کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ووہان میں موجود طلبا سمیت ہر پاکستانی شہری کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ دفتر خارجہ اور فارن مشن چین میں موجود ہم وطنوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔

  • وینس کی جھیلوں میں بطخیں لوٹ آئیں

    وینس کی جھیلوں میں بطخیں لوٹ آئیں

    کرونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کے لوگوں کو دہشت زدہ کردیا ہے اور معیشتوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، وہیں اس کے ماحولیات سے متعلق کچھ خوشگوار پہلو بھی سامنے آرہے ہیں۔

    اٹلی کے معروف سیاحتی شہر وینس میں بھی ایسی ہی صورتحال دیکھنے میں آئی جہاں سیاحوں کے غائب ہوجانے کے بعد ندی، نالے اور جھیلیں آلودگی سے پاک، شفاف ترین ہوگئے اور مقامی آبی حیات ایک بار پھر یہاں بسیرا کرنے آن پہنچی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کی گئی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وینس کی جھیلیں صاف شفاف ہوگئی ہیں اور ان میں موجود مچھلیاں صاف دکھائی دے رہی ہیں۔ کچھ جھیلوں پر بطخیں اور ہنس بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

    وینس کے میئر کا کہنا ہے کہ ایسا اس وجہ سے ہوا کیونکہ ان جھیلیں میں کشتیوں کی آمد و رفت بالکل ختم ہوگئی جو اس شہر میں نقل و حمل کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں، یہ کشتیاں اور جھیلیں ہی اس شہر کی انفرادیت ہیں جن سے لطف اندوز ہونے کے لیے ہر سال یہاں کروڑوں کی تعداد میں سیاح آتے ہیں۔

    میئر کے مطابق کشتیوں کی آمد و رفت سے جھیلوں کی آلودگی ہر وقت سطح پر موجود رہتی تھی، اب یہ آلودگی نیچے بیٹھ گئی ہے اور جھیلیں شفاف دکھائی دے رہی ہیں۔

    بعض صارفین نے دریا کی تصاویر بھی پوسٹ کیں جن میں ڈولفن تیرتی ہوئی نظر آرہی ہیں، صارفین کا کہنا تھا کہ کشتیوں کی ہلچل اور شور ان ڈولفنز کو تنگ کرتی تھیں جس کی وجہ سے وہ گہرے پانی میں ہی رہتی تھیں، اب سناٹا ہونے سے وہ اوپر آنے لگی ہیں۔

    کرونا وائرس سے ہونے والی ایک اور ماحولیاتی بہتری فضائی آلودگی میں کمی بھی ہے، ناسا کے مطابق چین میں فیکٹریز اور صنعتیں بند کیے جانے کے بعد فضائی و ماحولیاتی آلودگی میں بھی واضح کمی دیکھی گئی۔

    چین اس وقت دنیا میں کاربن اور دیگر زہریلی گیسوں کا اخراج کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے، ماہرین کے مطابق چین میں کاروبار معطل ہونے سے دنیا بھر کی فضائی آلودگی میں کمی دیکھی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ اٹلی، یورپ کا کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، اٹلی میں اب تک 31 ہزار 506 افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ اس سے ڈھائی ہزار ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

    حکام نے پورے ملک کو لاک ڈاؤن کردیا ہے اور لوگوں کے گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر نکلنے پر پابندی عائد کردی ہے، ملک میں سیاحوں کی آمد پر بھی عارضی طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

  • ماسک کیسے تیار کیے جاتے ہیں؟ سعودی حکام نے ویڈیو جاری کردی

    ماسک کیسے تیار کیے جاتے ہیں؟ سعودی حکام نے ویڈیو جاری کردی

    ریاض: سعودی وزارت تجارت نے ماسک کی تیاری کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں ماسک موجودہ ضرورت سے کہیں زیادہ مقدار میں تیار ہورہے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں ماسک کی وافر تعداد تیار کرلی گئی ہے اور رسد، طلب سے کہیں زیادہ ہے۔

    سعودی وزارت تجارت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی طور پر تیار ہونے والے طبی ماسک مارکیٹ میں سپلائی کیے جا رہے ہیں۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ مقامی فیکٹریوں میں تیار ہونے والے ماسک ہر قسم کے ہیں، ان کی بڑی تعداد کو مختلف شہروں کی فارمیسیوں کو سپلائی کیا جائے گا۔

    حکام کے مطابق سعودی عرب میں تیار ہونے والے ماسک کا خام مال بھی مقامی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ یہاں تیار ہونے والے ماسک کی رسد طلب سے کہیں زیادہ ہے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس سے بچنے کے لیے سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں ماسک اور سینی ٹائزر کی طلب میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔

    سعودی وزارت تجارت نے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماسک اور سینی ٹائزر ذخیرہ کرنا، مصنوعی بحران پیدا کرنا یا انہیں زیادہ قیمت پر فروخت کرنا جرم ہے۔