Tag: کرونا

  • پاکستان کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کتنا تیار ہے؟ ماہرین نے حوصلہ افزا خبر سنادی

    پاکستان کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کتنا تیار ہے؟ ماہرین نے حوصلہ افزا خبر سنادی

    اسلام آباد: پاکستان میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالہ کا کہنا ہے کہ پاکستان دیگر ممالک کے مقابلے میں کرونا وائرس سے بہتر انداز میں نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

    عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں کرونا کے 2 مریضوں کی جلد نشاندہی سے ثابت ہوتا ہے کہ یہاں پر وائرس کی تشخیص کا بہتر نظام کام کر رہا ہے لہٰذا گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

    ڈاکٹر پالیتھا کا کہنا ہے کہ پاکستان کی حکومت نے اس وائرس سے بچنے کے لیے اقدامات پہلے سے ہی کر رکھے تھے اور وہ اس سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، پاکستان کی جانب سے جس طرح کے اقدامات کیے گئے ہیں وہ اس سے پہلے کسی دوسرے ملک کی جانب سے دیکھنے کو نہیں ملے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او نے اس وائرس کے پاکستان پہنچنے سے قبل ہی پاکستان کی حکومت کے ساتھ مل کر تمام تیاریاں کر رکھی تھیں۔ اس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں اس وائرس کے پہلے کیس کی تشخیص فوراً ہی ہوگئی ہے۔

    ڈاکٹر پالیتھا کا مزید کہنا تھا کہ چند روز قبل ہی انہوں نے اسلام آباد کے پمز اسپتال میں آئسولیشن وارڈ کا دورہ کیا تھا جہاں تمام انتظامات تسلی بخش ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس وائرس سے اموات کی شرح صرف 2 سے 3 فیصد ہے۔ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس وائرس کے خطرے سے بچا جا سکتا ہے۔

    ڈاکٹر پالیتھا کے مطابق باقاعدگی سے ہاتھ دھو کر اس وائرس کے جراثیم کو جلد میں جذب ہونے سے روکا جا سکتا ہے۔

  • کرونا وائرس: ایران میں نماز جمعہ کے اجتماعات منسوخ

    کرونا وائرس: ایران میں نماز جمعہ کے اجتماعات منسوخ

    تہران: جان لیوا کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ایران نے بڑے شہروں میں آج نماز جمعہ کے اجتماعات کو منسوخ کردیا، ایران میں اب تک کرونا وائرس سے 19 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کے محکمہ صحت نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ بڑے شہروں میں آج ہونے والے نماز جمعہ کے اجتماعات کو منسوخ کردیا جائے۔

    محکمہ صحت نے یہ ہدایت کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر کی ہے، محکمے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مزید ہدایات موصول ہونے تک دیگر تمام نوعیت کے عوامی اجتماعات کو بھی منسوخ کردیا جائے۔

    ترجمان محکمہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں نئی 15 میڈیکل لیبارٹریز ایک ہفتے کے اندر فعال کردی جائیں گی جہاں سے کرونا وائرس کی تشخیص ہوسکے گی۔

    ایران میں اب تک 245 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں 7 حکومتی افراد بھی شامل ہیں، جبکہ 1 ہزار کے قریب مشتبہ کیسز موجود ہیں۔

    کرونا وائرس کا شکار ہونے والے حکام میں ایران کی نائب صدر برائے امور خواتین، نائب وزیر صحت اور تہران کے ضلعی میئر بھی شامل ہیں۔ یہ کرونا وائرس سے متاثر کسی ملک کے حکام کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

    کرونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض قم شہر میں موجود ہیں، ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ قم میں کرونا کے 49 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

    دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈ روس کا کہنا ہے کہ یہ ڈرنے کا نہیں عالمی اقدامات کا وقت ہے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ کرونا وائرس عالمی وبا بن سکتی ہے، ہم اس وقت نازک صورتحال سے دو چار ہیں، متاثرہ ممالک کی حکومتیں ہنگامی اقدامات کر رہی ہیں۔

  • کرونا وائرس سے متاثر 36 ہزار سے زائد افراد صحتیاب

    کرونا وائرس سے متاثر 36 ہزار سے زائد افراد صحتیاب

    بیجنگ: چین میں جان لیوا کرونا وائرس سے اب تک 36 ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں، صرف گزشتہ روز ساڑھے 3 ہزار افراد کو اسپتالوں سے ڈسچارج کیا گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق چین میں جان لیوا کرونا وائرس میں کچھ بہتری کے آثار نظر آرہے ہیں، چین میں گزشتہ روز کرونا وائرس سے متاثر 3 ہزار 6 سو 22 افراد علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیے گئے۔

    چینی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک کرونا وائرس سے متاثر 36 ہزار 1 سو 17 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

    چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں میں بھی کمی آنا شروع ہوگئی ہے، گزشتہ روز چین میں 44 مزید افراد وائرس سے ہلاک ہوئے اور یہ جنوری سے اب تک ہلاکتوں کی کم ترین شرح ہے۔

    علاوہ ازیں ایک روز میں مزید 327 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جو اس سے گزشتہ روز 433 تھے، چین میں کرونا سے متاثر افراد کی مجموعی تعداد 78 ہزار 824 ہوگئی ہے۔

    عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈ روس کا کہنا ہے کہ یہ ڈرنے کا نہیں عالمی اقدامات کا وقت ہے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ کرونا وائرس عالمی وبا بن سکتی ہے، ہم اس وقت نازک صورتحال سے دو چار ہیں، متاثرہ ممالک کی حکومتیں ہنگامی اقدامات کر رہی ہیں۔

  • کرونا کو پاکستان میں وبائی شکل اختیار نہیں کرنے دیں گے،  ڈاکٹر ظفر مرزا

    کرونا کو پاکستان میں وبائی شکل اختیار نہیں کرنے دیں گے، ڈاکٹر ظفر مرزا

    اسلام آباد :معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ کرونا کو پاکستان میں وبائی شکل اختیار نہیں کرنے دیں گے، عوام اپنےاردگرد رہنے والوں پرنظررکھیں۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں 2افراد میں کروناوائرس کی تصدیق ہوئی ہے ، ہم اب یہ کہہ سکتے ہیں پاکستان میں کرونا وائرس آچکا ہے ، دونوں افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئےہیں، ایک مریض کا تعلق سندھ اور دوسرے کا فیڈرل ایریا سے ہے، دونوں متاثرہ افراد نے ایران کاسفرکیا ہے۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ قوم کوبتاناچاہتاہوں پر یشان ہونےکی ضرورت نہیں ہے، قوم کوچاہیےصرف احتیاط کرے، مکمل تصدیق تک دوسرےشخص میں وائرس منتقلی کانہیں کہہ سکتے، عوام اپنےاردگردرہنےوالوں پرنظررکھیں۔

    معاون خصوصی نے کہا پاکستان خطے میں کروناوائرس سےمتاثرہونےوالاآخری ملک ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر کل سے قوم کو ہر روز باخبر رکھیں گے ، ایسی چیزیں پھیلانے سےگریز کریں ، جس سےخوف وہراس پھیلے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انشااللہ کروناوائرس کو وبا کی شکل اختیار نہیں کرنے دیں گے ، ہمیں بلاضرورت پریشان ہونےکی ضرورت نہیں، کوئی چین یا ایران کا سفرکر چکا ہے اور علامات ہیں تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا نے مزید کہا کہ بروقت اقدامات کی وجہ سے کروناوائرس پاکستان میں آخر میں پہنچا، آگےبھی بہترین اقدامات اوراحتیاطی تدابیراپنائی جائیں گی۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وفاق اورصوبائی حکومتیں بھرپوراقدامات کررہی ہیں، پوری کوشش ہےکروناوائرس وبائی شکل اختیارنہ کرے، وائرس کی روک تھام اورتدارک کیلئے بھرپور تیاری ہے، علامات پر ہماری ہیلپ لائن1166پر رابطہ کیا جاسکتاہے، ایک ایک چیز پر حکومت کی نظرہے۔

  • کرونا وائرس ایران سے افغانستان پہنچ گیا، 3 مریضوں میں وائرس کی تصدیق

    کرونا وائرس ایران سے افغانستان پہنچ گیا، 3 مریضوں میں وائرس کی تصدیق

    کابل: دنیا بھر کو خوف میں جکڑ لینے والا کرونا وائرس ایران کے بعد افغانستان بھی پہنچ گیا، افغان صوبے ہرات میں کرونا وائرس کے 3 مریضوں کی تصدیق کردی گئی۔

    افغان وزارت صحت کے ایک اہلکار احمد امیر نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کردی ہے کہ افغان صوبے ہرات میں 3 افراد میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔

    اہلکار کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد ایران سے واپس آئے تھے۔ ایرانی شہر قم سے، جہاں کرونا سے اب تک 8 ہلاکتیں ہوچکی ہیں، مزید 36 افراد افغانستان واپس آئے ہیں، گو کہ ان میں کرونا کی علامات نہیں پائی گئی تاہم انہیں حفظ ماتقدم کے طور پر قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

    کرونا وائرس کیس سامنے آنے کے بعد ہرات میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ ایرانی شہر قم میں کرونا وائرس سے صرف 3 روز میں 8 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 43 تک جا پہنچی ہے، ترجمان وزارت صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ قم میں کام کرنے والے چینی مزدوروں کی وجہ سے وائرس مزید پھیل سکتا ہے۔

    14 ایرانی شہروں میں تعلیمی ادارے اور سنیما، سب ویز، کیفے اور فوارے تک بند کر دیے گئے ہیں جبکہ قم میں تمام مذہبی اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

    ایران نے بھی اپنے تمام سرحدی علاقوں اور متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور محکمہ صحت، ڈاکٹرز اور عملے کو الرٹ کردیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران میں بڑھتی مریضوں کی تعداد پڑوسی ملکوں کو متاثر کر سکتی ہے، ایران سے متحدہ عرب امارات واپس جانے والے جوڑے میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ قم سے لبنان پہنچنے والی 45 سالہ خاتون بھی کرونا وائرس سے متاثر ہیں۔

    سعودی عرب نے اپنے شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کے ایران کا سفر کرنے پر پابندی لگا دی جبکہ عراق، ترکی اور پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی سرحدیں بند کردیں۔

    ایران سے واپس پاکستان آنے والے زائرین کی سرحد پر سخت اسکریننگ کی جارہی ہے۔

  • تہران: شہر کے میئر کرونا وائرس کا شکار، جامعات اور سینما بند

    تہران: شہر کے میئر کرونا وائرس کا شکار، جامعات اور سینما بند

    بیجنگ / تہران: ایران میں کرونا وائرس سے 5 افراد کی ہلاکت کے بعد دارالحکومت تہران میں جامعات اور سینما بند کردیے گئے، شہر کے ضلعی میئر میں بھی وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ چین میں جان لیوا وائرس سے مزید 96 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے ایران میں 5 افراد کی ہلاکت کے بعد دارالحکومت تہران سمیت کئی شہروں میں جامعات اور سینما ایک ہفتے کے لیے بند کردیے گئے۔

    ایران میں اب تک 18 افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جن میں تہران کے 13 ضلعوں کے میئر مجتبیٰ رحمٰن زادہ بھی شامل ہیں۔

    دوسری جانب چین میں کرونا وائرس سے مزید 96 افراد موت کے گھاٹ اتر گئے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 2 ہزار 458 ہوگئیں۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز کرونا وائرس کے مزید 648 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

    حکام کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 77 ہزار ہوگئی ہے۔ وائرس سے متاثرہ 10 ہزار 968 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

    چین کے بعد جنوبی کوریا کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، جنوبی کوریا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 556 سے تجاوز کر گئی جبکہ 2 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    اٹلی میں جان لیوا وائرس سے 2 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 77 ہوگئی۔ وائرس کے مزید پھیلاؤ کے خدشے کے تحت اٹلی کے شمالی علاقوں میں اسکول بند کردیے گئے ہیں۔

  • کرونا وائرس: پاکستانی زائرین کے ایران جانے پر پابندی عائد

    کرونا وائرس: پاکستانی زائرین کے ایران جانے پر پابندی عائد

    کوئٹہ: کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشے کے تحت بلوچستان حکومت نے پاکستانی زائرین کے ایران جانے پر پابندی عائد کردی، تافتان میں موجود 100 کے قریب زائرین کو واپس کوئٹہ بلا لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت نے کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشے کے تحت پاکستانی زائرین کے ایران جانے پر پابندی عائد کردی۔ مذکورہ پابندی ایران میں کرونا وائرس سے 5 افراد کی ہلاکتوں کے بعد لگائی گئی ہے۔

    تافتان میں موجود 100 کے قریب زائرین کو واپس کوئٹہ بلا لیا گیا ہے اور محکمہ داخلہ بلوچستان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ زائرین کو تا حکم ثانی اجازت نامے جاری نہیں ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک ایران سرحد پر خصوصی چیک پوسٹیں بھی قائم کرنے کی ہدایت جاری کردی گی، زائرین کو نہ روکنے پر متعلقہ ڈی سی، اے سی اور ایس پی ذمے دار ہوں گے۔

    فی الوقت تافتان میں ایران سے آنے والوں کی اسکریننگ بھی کی جارہی ہے جس کے لیے ضروری طبی سامان پہنچا دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں محکمہ داخلہ بلوچستان نے سفارش کی ہے کہ پاک ایران سرحد پر آمد و رفت محدود کی جائے۔

    اجلاس میں پاک ایران زائرین آپریشن فوری طور پر روکنے کی سفارش کی گئی جبکہ کہا گیا کہ پاک ایران سرحد پر زائرین کے لیے اسکریننگ کیمپس لگائے جائیں۔ حکام نے کوئٹہ، مستونگ، نوشکی اور چاغی میں خصوصی چیک پوسٹس کے قیام کی سفارش کی ہے۔

    گزشتہ روز ایران سے منسلک بلوچستان کے اضلاع میں ایمرجنسی بھی نافذ کی جاچکی ہے جبکہ تافتان بارڈر پر اضافی عملہ بھی تعینات کردیا گیا تھا۔ ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم بھی تافتان بارڈر پر پہنچ چکی ہے۔

  • کرونا وائرس: ہلاک ڈاکٹر کی اہلیہ شوہر کو آخری بار بھی نہ دیکھ سکیں، دلدوز ویڈیو

    کرونا وائرس: ہلاک ڈاکٹر کی اہلیہ شوہر کو آخری بار بھی نہ دیکھ سکیں، دلدوز ویڈیو

    بیجنگ: چین کے شہر ووہان میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے اسپتال کے سربراہ کی اہلیہ کی دلدوز ویڈیو نے لوگوں کی آنکھیں نم کردیں، اہلیہ اپنے شوہر کا مردہ جسم لے جانے والی گاڑی کے پیچھے دیوانہ وار بھاگتی دکھائی دے رہی ہیں۔

    چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو نے لوگوں کو غمزدہ کردیا ہے۔ ووہان میں اس وقت کرونا وائرس کے مریضوں کے مرکزی اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر لیو ژمنگ بھی اس جان لیوا وائرس کا شکار ہوگئے۔

    ڈاکٹر لیو کی موت 2 دن قبل ہوئی اور ان کا جسم اسپتال سے ہی آخری رسومات کے لیے جایا گیا، اس موقع پر ان کی اہلیہ اور دیگر رشتے دار اسپتال کے باہر جمع ہوگئے۔

    جب اسپتال کی گاڑی ڈاکٹر لیو کا مردہ جسم لے کر باہر نکلی تو ڈاکٹر کی اہلیہ کائی لیپنگ روتی ہوئی گاڑی کے پیچھے بھاگتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں تاکہ وہ آخری بار اپنے شوہر کو دیکھ سکیں۔

    تاہم وائرس کی شدت کے سبب کسی کو بھی، وائرس کا شکار مردہ افراد کے بھی قریب جانے کی اجازت نہیں چنانچہ کائی لیپنگ اپنے شوہر کو دیکھنے میں ناکام رہتی ہیں۔

    کائی لیپنگ جو خود بھی اسی اسپتال کی ہیڈ نرس ہیں گزشتہ ایک ماہ سے اپنے شوہر سے نہیں مل سکیں۔ ڈاکٹر لیو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد سے مریضوں کی خدمت میں اس قدر مشغول رہے کہ انہیں خود میں ظاہر ہونے والی کرونا کی علامات کا اندازہ نہ ہوسکا اور جب ان میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تو بہت دیر ہوچکی تھی۔

    وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد وہ گزشتہ ایک ماہ سے قرنطینیہ میں تھے، اس دوران ان کی اہلیہ نے کئی بار کوشش کی وہ قرنطینیہ یونٹ میں جا کر اپنے شوہر کا خیال رکھ سکیں تاہم ڈاکٹر لی نے سختی سے انہیں اپنے قریب آنے سے منع کردیا کہ کہیں وہ خود بھی وائرس کا شکار نہ ہوجائیں۔

    شوہر کی موت کے باوجود کائی لیپنگ اس جان لیوا مرض سے لڑنے کے لیے پرعزم ہیں اور اس غم سے نبرد آزما ہونے کے بعد وہ واپس اسپتال جا کر اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

  • زلفی بخاری کی چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات

    زلفی بخاری کی چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاونین خصوصی زلفی بخاری اور ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات کی اور بتایا کہ حکومت چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کی مشکلات حل کرنا چاہتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاونین خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری اور برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں بریفنگ دی۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ چین میں کرونا وائرس کی صورتحال بہت گھمبیر ہو چکی ہے، کرونا وائرس کی ساخت سے متعلق تاحال کچھ پتہ نہیں چل رہا۔ حکومت چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کی مشکلات حل کرنا چاہتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وائرس کا کوئی حل نہیں ہے نہ ہی اس کا کوئی ماہر موجود ہے، بہت سے ممالک مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن کسی کو اندازہ نہیں کہ جو وہ کر رہے ہیں وہ ٹھیک ہے یا نہیں۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ وہاں رہنے والے پاکستانی طلبا محفوظ ہاتھوں میں ہیں، سفارت خانے سے 2 افراد کو ووہان جانے کی اجازت ہے۔ کئی ممالک کو اس حوالے سے کیے گئے اقدامات پر یقین نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اقدامات کے نتائج کے حوالے سے ابھی تک کسی کو نہیں پتہ، 2 افراد کو اس شرط پر جانے کی اجازت دی گئی کہ وہ بغیر چیک نہیں آسکیں گے۔ ہم نے اپنے لوگ اس لیے بھیجے تاکہ وہاں وہ بچوں کا درد دیکھ سکیں، وہ وہاں ہی رہیں گے۔

    معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ حکومت اور کابینہ کو احساس ہے کہ ہم کوئی حکمت عملی آپ سے شیئر کریں، معاملہ اپنی اولاد کا ہو تو خواہش ہوگی کل کے بجائے آج ہی بچے واپس آجائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سب کو بھرپور اندازہ ہے کہ بچوں کے والدین بہت پریشان ہیں، والدین کے تحفظات اپنی جگہ لیکن حالات بھی دیکھیں۔

    اس سے قبل کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ایمرجنسی کور گروپ کے اجلاس کے دوران ظفر مرزا نے بتایا تھا کہ اب تک قومی ادارہ صحت کو کرونا وائرس کے مشتبہ 89 نمونے موصول ہوئے ہیں، موصول ہونے والے تمام نمونے منفی ہیں، پاکستان میں اس وقت کرونا وائرس کا کوئی کیس نہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ کو مربوط بنایا گیا ہے اور 4 لاکھ سے زائد باہر سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ ہوچکی ہے۔

  • ووہان میں پھنسے ہر پاکستانی کا خصوصی خیال رکھا جائے: وزیر اعظم کی ہدایت

    ووہان میں پھنسے ہر پاکستانی کا خصوصی خیال رکھا جائے: وزیر اعظم کی ہدایت

    اسلام آباد: چینی شہر ووہان میں پھنسے پاکستانیوں کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری کی اہم ملاقات ہوئی، وزیر اعظم نے کہا کہ طلبا سمیت ہر پاکستانی شہری کا خصوصی خیال رکھا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے بعد چین میں پھنسے پاکستانیوں کی دیکھ بھال کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری کی اہم ملاقات ہوئی۔ مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور سیکریٹری خارجہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

    ملاقات میں چین میں موجود پاکستانیوں کی صحت کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور چینی جامعات میں پاکستانی طلبا کے تحفظ کے حوالے سے خصوصی بات چیت کی گئی۔

    چینی شہر ووہان میں موجود پاکستانیوں کو خوراک اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ معاون خصوصی زلفی بخاری نے وزیر اعظم کو مکمل صورتحال سے آگاہ کر دیا۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ شہریوں کی حفاظت کے لیے چینی حکومت سے مل کر کام کر رہے ہیں، یقین ہے چین کرونا وائرس کے چیلنج سے کامیابی سے نمٹ لے گا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ چین میں موجود ہم وطنوں کی سلامتی و تحفظ کے لیے فکر مند ہیں، طلبا سمیت ہر پاکستانی شہری کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دفتر خارجہ اور فارن مشن ہم وطنوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔

    وزیر اعظم نے وزارت اوور سیز کی جانب سے اقدامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ ملاقات میں وزیر اعظم کو چینی سفیر کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز اسی معاملے پر زلفی بخاری نے چینی سفیر سے بھی ملاقات کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ چین میں موجود پاکستانیوں کی واپسی تک تمام ہم وطنوں کا خصوصی خیال رکھا جائے اور اسپیشل کیسز کی صورت میں چینی حکومت خصوصی تعاون کرے۔

    چینی سفیر یاؤ ژنگ کا کہنا تھا کہ چین میں موجود پاکستانیوں کی دیکھ بھال مزید بہتر کر رہے ہیں، ہر قسم کی پیش رفت سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھیں گے۔