Tag: کرونا

  • برطانیہ کا  کرونا سے متاثرہ افراد کو جبراً علیحدہ رکھنے کے خصوصی اختیار کا اعلان

    برطانیہ کا کرونا سے متاثرہ افراد کو جبراً علیحدہ رکھنے کے خصوصی اختیار کا اعلان

    لندن : حکومت برطانیہ نے کرونا وائرس کوسنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کرونا سے متاثرہ افراد کو جبراً علیحدہ رکھنے کے خصوصی اختیار کا اعلان کردیا جبکہ برطانیہ میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 8ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت برطانیہ نےکرونا وائرس کوسنگین خطرہ قرار دے دیا اور عوام میں وائرس کی منتقلی روکنے کے لیے سخت قوانین اور کرونا سے متاثرہ افراد کو جبراًعلیحدہ رکھنے کے خصوصی اختیار کا اعلان کردیا۔

    برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ ووہان سے آئے متاثرہ شخص کوعلیحدہ رکھا مگروہ بھاگنےکی دھمکی دیتارہا، روکنےکااختیارنہیں تھااس لیےخصوصی اختیارات کا اعلان کیاگیا ہے۔

    دوسری جانب برطانیہ میں مزید 4افراد میں کوروناوائرس کی تصدیق ہوگئی ہے ، جس کے بعد وائرس سےمتاثرہ مریضوں کی تعداد 8ہو گئی ، برائٹن میں 3مرد اور ایک خاتون میں وائرس کی تشخیص ہوئی ، چاروں افراد کو علاج کے لیے برائٹن سے لندن منتقل کردیاگیا ہے۔

    مزید پڑھیں : جان لیوا کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 910 تک جا پہنچی

    خیال رہےچین میں مہلک کرونا وائرس سے اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ مختلف اور مؤثر اقدامات کے باوجود وائرس کی ہلاکت خیزی پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔

    کرونا وائرس کے باعث چین میں مزید97افرادچل بسے، جس کے بعد کرونا وائرس سےاموات کی تعداد910ہوگئی ہے جبکہ وائرس سے40 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک جان لیوا کروناوائرس سے بچاو کیلئے 20لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا جبکہ امریکا نے چین کو 100 ملین ڈالر امداد کی پیش کش کی تھی۔

  • ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کے حوالے سے زلفی بخاری کی چینی سفیر سے اہم ملاقات

    ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کے حوالے سے زلفی بخاری کی چینی سفیر سے اہم ملاقات

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور پاکستان میں چین کے سفیر کی ملاقات ہوئی جس میں ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کے حوالے سے اہم مشاورت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری کی چین کے سفیر یاؤ ژنگ سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں کرونا وائرس سے متاثرہ چینی شہر ووہان میں پاکستانی طلبا کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور ہوا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مشاورت جاری ہے، موجود صورتحال پر گہری نظر ہے۔ وہ ہمارے بچے ہیں ہم ہر طرح سے ان کا خیال رکھیں گے۔

    انہوں نے پاکستان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت تک کرونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    زلفی بخاری نے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ چین میں موجود پاکستانیوں کی واپسی تک تمام ہم وطنوں کا خصوصی خیال رکھا جائے، اسپیشل کیسز کی صورت میں چینی حکومت خصوصی تعاون کرے، سفارتخانے کے اہلکاروں اور پاکستانی شہریوں میں رابطے آسان بنائے جائیں۔

    ملاقات میں صورتحال میں بہتری پر پاکستانیوں کے انخلا کے آپشن پر بھی غور کیا گیا۔ زلفی بخاری نے صورتحال کی خود نگرانی کے لیے چین جانے کی پیشکش کی، انہوں نے کہا کہ خواہش ہے مشکل وقت میں ہم وطنوں کے پاس جاؤں۔

    چینی سفیر یاؤ ژنگ نے کہا کہ آپ کی سوچ قابل تعریف ہے مگر ابھی وہاں جانا مناسب نہیں، ہم وطنوں کے لیے آپ کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

    زلفی بخاری نے کہا کہ پاکستانیوں کو بہتر رہائش اور خوراک کا انتظام یقینی بنایا جائے، چین میں موجود طالب علموں سے رابطے میں ہوں۔ کوشش جاری ہیں حالات کی جلد بہتری کے لیے پر امید ہیں۔

    چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین میں موجود پاکستانیوں کی دیکھ بھال مزید بہتر کر رہے ہیں، ہر قسم کی پیش رفت سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھیں گے۔

  • کرونا وائرس: چین میں مہنگائی کی شرح 8 سال کی بلند ترین سطح پر

    کرونا وائرس: چین میں مہنگائی کی شرح 8 سال کی بلند ترین سطح پر

    بیجنگ: چین میں کرونا وائرس نے معیشت پر بھی کاری وار کردیا، ملک میں مہنگائی کی شرح 8 سال کی بلند ترین سطح پر آگئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے چین میں مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور چین میں افراط زر کی شرح 8 سال کی بلند ترین سطح پر آگئی۔

    رپورٹ کے مطابق چین میں مہنگائی میں اضافے کی شرح 5.4 فیصد ہوگئی۔

    چین میں شرح نمو میں کمی کا سلسلہ گزشتہ سال بھی جاری رہا تھا، ایک سرکاری رپورٹ کے مطابق سنہ 2019 میں مجموعی طور پر چینی معاشی ترقی کی شرح 6.1 فیصد رہی، جو گزشتہ 29 برسوں میں سب سے کم شرح نمو ہے۔

    اس سلسلے میں حکومت کا کہنا تھا کہ معیشت کو دباؤ اور عدم استحکام جیسے خطرات کا سامنا ہے۔

    معاشی ماہرین کے مطابق امریکا کے ساتھ تجارتی کشیدگی نے چین کی معاشی ترقی کی رفتار کو اس سطح تک پہنچایا ہے۔ گزشتہ برس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی اشیا پر اضافی ٹیکس عائد کیا تھا جس سے چینی برآمدات پر برا اثر پڑا۔

    تب بھی معاشی ماہرین نے جن بدترین اثرات کا خدشہ ظاہر کیا تھا وہ سامنے نہیں آئے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس صدی کے پہلے عشرے میں چینی معیشت کی شرح نمو 10 فیصد سے کم نہیں ہوئی، اگرچہ گزشتہ برس چینی معیشت کی ترقی کی شرح کم ہوئی ہے لیکن دنیا کی دوسری بڑی معیشتوں کی نسبت، چینی معیشت اب بھی بہت آگے ہے۔

  • کرونا وائرس: ایک دن میں مزید 89 افراد ہلاک، متاثر افراد کی تعداد 37 ہزار ہوگئی

    کرونا وائرس: ایک دن میں مزید 89 افراد ہلاک، متاثر افراد کی تعداد 37 ہزار ہوگئی

    بیجنگ: چین میں جان لیوا کرونا وائرس سے ایک دن میں مزید 89 افراد جان کی بازی ہار گئے، وائرس سے مجموعی ہلاکتیں 813 ہوگئیں جبکہ 37 ہزار افراد کرونا سے متاثر ہوگئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں کرونا وائرس سے اموات کا سلسلہ رک نہ سکا، وائرس سے ایک دن میں مزید 89 ہلاکتیں ہوگئیں۔ چین میں اب تک جان لیوا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 813 ہوگئی، جبکہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 37 ہزار تک جا پہنچی ہے۔

    چین کے علاوہ مزید 27 ممالک میں بھی کرونا وائرس کے 200 سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ووہان میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والا امریکی شہری بھی دم توڑ گیا ہے۔ یہ کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والا پہلا امریکی شہری ہے، رپورٹس کے مطابق ہلاک شہری ایک 60 سالہ خاتون تھی۔

    ادھر جاپان کی بندرگاہ پر روکے گئے کروز میں 64 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی، سنگاپور میں مریضوں کی تعداد 33 ہو گئی جس کے بعد سنگاپور میں ہائی الرٹ کر دیا گیا۔

    کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے امریکا نے چین کو 100 ملین ڈالر امداد کی پیش کش کر دی ہے۔ دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کی ٹیم نے بھی وائرس کی تحقیقات کے لیے چین جانے کا اعلان کیا ہے۔

    گزشتہ روز کرونا وائرس کے اثرات کے پیش نظر دنیا کا سب سے بڑا آٹو پلانٹ بھی بند کر دیا گیا ہے، غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیئول میں واقع ساؤتھ کورین کار ساز کمپنی یونڈے کا پلانٹ بند کر دیا گیا ہے۔

    اس آٹو پلانٹ میں سالانہ 14 لاکھ گاڑیاں بنائی جاتی ہیں، پلانٹ بڑی تعداد میں آٹو پارٹس درآمد کرتا ہے اور یہاں 25 ہزار ملازمین کام کرتے ہیں۔

  • کرونا سے متاثرہ ماں کی نومولود بچی بھی وائرس کا شکار

    کرونا سے متاثرہ ماں کی نومولود بچی بھی وائرس کا شکار

    بیجنگ: چین میں جان لیوا کرونا وائرس سے متاثرہ ماں کی نومولود بچی میں بھی وائرس کی تصدیق ہوگئی، نومولود بچی میں کرونا کی تشخیص نے وائرس کی منتقلی کے حوالے سے نئے خدشات کو جنم دے دیا ہے۔

    سرکاری میڈیا کے مطابق مذکورہ بچی کی پیدائش کرونا سے شدید متاثر ووہان کے ایک اسپتال میں ہوئی تھی جو پہلے ہی کرونا وائرس کے مریضوں سے بھرا پڑا ہے۔

    بچے کی حاملہ ماں کو حمل کے آخری ہفتے میں بخار کی شکایت ہونے پر اسپتال لایا گیا تھا جہاں اس میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا۔

    حاملہ ماں کا بھرپور علاج کیا جارہا تھا اور وہ روبصحت تھی، اس دوران اس نے بچی کو بھی جنم دیا اور ڈاکٹرز کے مطابق نومولود بچی بالکل صحت مند اور کرونا وائرس سے محفوظ تھی۔

    اس عرصے میں مستقل نومولود کو زیر مشاہدہ رکھا گیا تاہم اب اس میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ بچی اس وائرس کا شکار کس ذریعے سے ہوئی۔

    کرونا وائرس کی تشخیص کے وقت بچی کی عمر صرف 30 گھنٹے تھی اور یہ اس وائرس کی شکار کم عمر ترین مریض ہے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ یہ کیس اشارہ ہے کہ ہمیں اس وائرس کی منتقلی کے ممکنہ نئے روٹ کے بارے میں فکر مند ہونے کی ضرورت ہے۔

    دوسری جانب ووہان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، اب تک جان لیوا وائرس سے 563 افراد موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں، پورے چین میں 28 ہزار افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

    چین سے باہر کرونا سے متاثرہ 191 کیس سامنے آئے ہیں تاہم ان میں ہلاکتوں کی تعداد صرف 2 ہے۔

  • کیا چین سے خطرناک وائرس پاکستان منتقل ہوسکتا ہے؟

    کیا چین سے خطرناک وائرس پاکستان منتقل ہوسکتا ہے؟

    اسلام آباد: چین سے خطرناک وائرس کی پاکستان منتقلی کے خدشے کے تحت قومی ادارہ صحت نے الرٹ جاری کردیا، چین سے آنے والوں کا معائنہ ضروری ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق چین سے کرونا وائرس کی پاکستان منتقلی کے خدشے کے تحت قومی ادارہ صحت نے ہدایت نامہ جاری کردیا۔ ہدایت نامے میں کہا گیا کہ چین میں کرونا وائرس کے سبب نمونیا کیس سامنے آرہے ہیں۔

    ایڈوائرزی میں کہا گیا ہے کہ جاپان، تھائی لینڈ اور جنوبی کوریا میں کرونا وائرس پایا گیا ہے اور متاثرہ ممالک سے کرونا وائرس کے دیگر ممالک بھی منتقلی کا خدشہ ہے۔

    ایڈوائزری کے مطابق 15 روز میں چین سے آنے والے، کرونا کے مشتبہ مریض تصور ہوں گے۔ طبی عملہ کرونا کے مشتبہ مریض کے معائنے میں احتیاط برتے اور عملہ کرونا کے مشتبہ مریض کے معائنے کے وقت ناک اور منہ ڈھانپیں۔

    ہدایت نامے میں کہا گیا کہ اسے جاری کرنے کا مقصد سرحد پر تعینات عملے اور متعلقہ حکام کو الرٹ کرنا ہے۔ متعلقہ حکام کرونا وائرس سے متعلق قبل از وقت انتظامات یقینی بنائیں۔

    کرونا وائرس کیا ہے؟

    ادارہ صحت کے مطابق این سی او وی 2019 کا تعلق کرونا وائرس فیملی سے ہے۔ چین میں کرونا وائرس مچھلی اور گوشت منڈی جانے والے افراد کو لاحق ہوا۔ وائرس متاثرہ جانور یا حاصل شدہ غذا سے انسان کو منتقل ہوتا ہے۔ یہ وائرس متاثرہ انسان سے دوسرے کو باآسانی منتقل ہو سکتا ہے۔

    ہدایت نامے میں کہا گیا کہ اس وائرس کی علامات میں بخار، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری ہونا ہے۔ کرونا وائرس انسان کے پھیپڑوں کو شدید متاثر کرتا ہے۔ دنیا میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین تاحال دستیاب نہیں، اس سے بچاؤ کا واحد حل صرف بروقت احتیاطی تدابیر ہی ہے۔

    ایڈوائزری میں مزید کہا گیا کہ کرونا وائرس کی علامات پر مریض کا فوری ٹیسٹ کروایا جائے، کرونا کے مشتبہ مریض سے نمونے ماہر ڈاکٹر کی موجودگی میں لیے جائیں۔