Tag: کروڑ پتی ماسی

  • کروڑ پتی ماسی نے پولیس کو دیکھتے ہی کیا ردعمل دیا؟ مزید حقائق سامنے آگئے

    کروڑ پتی ماسی نے پولیس کو دیکھتے ہی کیا ردعمل دیا؟ مزید حقائق سامنے آگئے

    کراچی : کلفٹن خیابان تنظیم میں بنگلے پر کام کرنے والی کروڑ پتی ماسی کو گرفتار کرنے والے پولیس افسر نے مزید حقائق بیان کردیے،

    اےآر وائی نیوز کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں اس کیس کے تحقیقاتی افسر سعید احمد تھہیم نے بتایا کہ انہوں نے ملزمہ کو کیسے گرفتار کیا اور کس طرح اس نے اپنے جرم کا اعتراف کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس انوشہ نامی ایک مدعیہ آئی اور بتایا کہ میرے شوہر لندن میں مقیم ہیں اور ہمارا کاروبار کراچی میں ہے، وہاں سے جو آمدنی ہوتی ہے اس کا کچھ حصہ کیش کی صورت میں گھر میں رکھتے ہیں باقی بینک میں ہوتا ہے۔

    مدعیہ انوشہ کے مطابق ان کے شوہر کو کسی خاتون نے فون پر اطلاع دی کہ آپ کے گھر میں کام کرنے والی ماسی شہناز نے مختلف اوقات میں بھاری رقم چرا کر اپنی جائیداد بنالی ہے، میں نے شوہر کے کہنے پر جب رقم چیک کی تو اس میں 5 کروڑ روپے کم تھے۔

    پولیس افسر نے بتایا کہ ہم نے فوری طور پر ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کا آغاز کیا اور تفتیش کیلیے لیڈی کانسٹیبل کے ساتھ اس کے گھر پہنچ گئے، اس کا پرتعیش گھر دیکھ کر ہم بھی حیران رہ گئے، اور وہ بھی میں دیکھ کر پریشان ہوگئی اور ابتدائی تفتیش میں جب اس سے سوالات پوچھے تو وہ گھبرا گئی اور خود ہی سب مان گئی۔

    سب سے پہلے ملزمہ شہناز سے ایک کار برآمد ہوئی لیکن مزید تفتیش کرنے پر مجموعی طور پر اس کے نام پر 6گاڑیاں نکلیں جس 3 موٹر سائیکلیں اور تین کاریں شامل ہیں۔ ملزمہ شہناز نے اپنے گھر سے 7 لاکھ روپے کیش بھی نکال کر دیے۔

    بعد ازاں عدالت سے اس کا جسمانی ریمانڈ لیا اور مزید تفتیش کی۔ ملزمہ کے شناختی کارڈ سے اس کے نام پر بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کیں تو پتہ چلا کہ دو بینکوں میں اس کے مجموعی طور پر 37 لاکھ روپے موجود ہیں۔

    تحقیقاتی افسر سعید احمد تھہیم نے بتایا کہ اس کے پہلے شوہر کا انتقال ہوچکا ہے جبکہ دوسرے سے اس نے خلع لے رکھی ہے، اس کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔

    اس نے بتایا کہ میں اپنے عام کپڑوں میں کام پر جاتی تھی اور کپڑوں میں چھپا کر رقم لاتی تھی، گھر کی مالکن انوشہ کے مطابق گھر میں مزید اور بھی ملازمین ہیں لیکن اس خاص کمرے تک صرف اسی کو رسائی تھی۔ کیونکہ یہ 15 سال سے ہماری بھروسے والی ملازمہ تھی۔

    اس کے علاوہ ملزمہ پنجاب میں بھی ایک 15 مرلہ کا پلاٹ لے کر اس پر گھر بنا رہی ہے اور ایک کریانہ کی دکان بھی کھول رکھی ہے جس میں 20 لاکھ روپے مالیت کا سامان ڈالا گیا، ملزمہ شہناز نے ایک مہینہ پہلے اپنی بیٹی کی شادی پر 35 لاکھ روپے خرچ کیے تھے۔

    مزید پڑھیں : کروڑ پتی ماسی کی کتنی جائیدادیں ؟ ہوشربا انکشافات

    تحقیقاتی افسر کے مطابق اس کے نام پر تین لگژری فلیٹس ہیں جن کی مالیت تقریباً ڈیڑھ سے پونے دو کروڑ ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اب تک ملزمہ سے 45 لاکھ روپے کیش برآمد کیا جا چکا ہے اور مزید تحقیات جاری ہیں کہ وہ جائیدادیں جو اس کے نام نہیں وہ کون سی ہیں۔

     

  • کراچی میں شاہانہ زندگی گزارنے والی ‘کروڑ پتی ماسی’ کی کتنی جائیدادیں ؟  ہوشربا انکشافات

    کراچی میں شاہانہ زندگی گزارنے والی ‘کروڑ پتی ماسی’ کی کتنی جائیدادیں ؟ ہوشربا انکشافات

    کراچی : خیابان تنظیم میں گھرسے 5 کروڑ چوری کرنے ماسی کے جائیدادوں اور شاہانہ طرز زندگی کے حوالے سے ہوشربا انکشافات سامنے آئے۔

    تفصیلات کے مطابق شاہانہ زندگی گزارنے والی کروڑ پتی ماسی منظر عام آگئی ، خیابان تنظیم میں گھرسے 5 کروڑ چوری کرنے ملزمہ کے ہوشربا انکشافات سامنے آئے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ گرفتار کروڑ پتی ماسی کی جائیدادیں سامنے آگئیں، ملزمہ 5 گاڑیوں، 3 موٹر سائیکلوں، 3 فلیٹس اور دکان کی مالک نکلی جبکہ ملزمہ کےبینک اکانٹس میں بھی تقریباً 40 لاکھ موجود ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ گرفتارملازمہ کا رکھا گیا ملازم بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، شہناز ماسی حیرت انگیز طورپر شاہانہ طرز زندگی گزار رہی تھی اور بنگلے میں کام کے بعدمال میں شاپنگ ،کیفے میں شامیں گزارتی تھی۔

    پولیس نے کہا کہ ملزمہ15 سال کے دوران 5 کروڑ سے زائد بنگلے کے مخصوص کمرے سے نکالتی رہی اور چوری کے پیسوں سے گاڑیاں، فلیٹس، دکان اور موٹر سائیکلیں خریدیں۔

    ایس آئی یوکلفٹن نے بتایا کہ ملزمہ خریدی گئی گاڑیاں کرائے پرچلواکرماہانہ لاکھوں کما رہی تھی جبکہ زیر استعمال فلیٹس کے علاوہ دیگر 2 فلیٹس بھی کرایہ پر دیے گئے تھے۔

    تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ ملزمہ ملازمت کے بعد 65 لاکھ کی گاڑی میں سیر سپاٹے کرتی تھی، شہناز نامی گرفتارملزمہ برانڈڈ کپڑوں کا شوق بھی پورا کرتی رہی ۔

    ماسی نے حماد نامی شخص کو بطور ملازم اپنے پاس رکھا ہوا تھا، حماد ملزمہ کے ڈرائیور کے طور پر بھی خدمات انجام دیتا رہا۔

    گرفتار ماسی کی گاڑیوں ،فلیٹس کی قیمت کروڑوں روپےہے، ملزمہ نے اپنے بیٹے اور ساتھی ملزم آصف کو دکان بھی کھول کر دی۔

    چوری کیے گئے رقم میں سے 6 لاکھ ملزمہ کے گھر سے برآمد کیے گئے ہیں اور گرفتارملزمہ ساتھیوں کی تلاش کا جاری ہے جبکہ ملزمہ کےآبائی علاقے میں جائیدادوں کی تفصیلات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔