Tag: کرپشن اسکینڈل

  • ٹرمپ ایک بار پھر کرپشن کیسز کا سامنے کرنے والے نیتن یاہو کے دفاع میں آگئے

    ٹرمپ ایک بار پھر کرپشن کیسز کا سامنے کرنے والے نیتن یاہو کے دفاع میں آگئے

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کرپشن اسکینڈل کا شکار اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی حمایت میں ایک بار پھر سامنے آگئے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل میں جو نیتن یاہو کے ساتھ کیا جارہا ہے وہ خوف ناک ہے، انہیں جانے دیا جائے انہیں بڑے کام کرنا ہیں۔

    ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے حماس سے ڈیل کی کوشش میں ہیں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ نیتن یاہو نے امریکا کے ساتھ مل کر ایران کے نیوکلیئر پروگرام کے خلاف بڑی کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں۔

     ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم سارا دن عدالت کے کمرے میں گزارے اور وہ بھی ایک ایسی چیز پر جسکا وجود ہی نہیں۔

    امریکی صدر نے مزید کہنا تھا کہ نیتن یاہو کو اسی انداز سے انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس سے امریکا میں وہ خود گزرے ہیں، اسرائیلی وزیراعظم کے خلاف اس نوعیت کی عدالتی کارروائی ایران اور حماس سے ڈیل کرنے میں رکاوٹ بنے گی۔

    واضح رہے کہ خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق نیتن یاہو کے خلاف مقدمہ مئی 2020 میں شروع ہوا تھا مگر جنگِ غزہ اور بعد ازاں لبنان کے ساتھ کشیدگی کے باعث اس میں متعدد بار تاخیر ہوئی۔

    مقدمے کے ایک حصے میں نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ سارہ پر الزام ہے کہ انہوں نے ارب پتی افراد سے سیاسی فوائد کے بدلے سگار، جیولری اور شیمپین کی شکل میں 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر سے زائد مالیت کے تحائف وصول کیے۔

    دو دیگر مقدمات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نیتن یاہو نے 2 اسرائیلی میڈیا ہاؤسز سے بہتر کوریج کے لیے سودے بازی کی کوشش کی، نیتن یاہو تمام الزامات کو مسترد کرچکے ہیں۔

  • موٹر وے اسکینڈل کے بعد کرپشن کا ایک اور بڑا اسکینڈل سامنے آگیا

    موٹر وے اسکینڈل کے بعد کرپشن کا ایک اور بڑا اسکینڈل سامنے آگیا

    نوشہروفیروز : موٹروے اسکینڈل کے بعد کرپشن کا ایک اور اسکینڈل سامنے آگیا،ترقیاتی کاموں کیلئے وفاق سے ملنے والے 50 کروڑ بوگس ٹینڈرز کے ذریعے ہڑپ کر لیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق موٹروے اسکینڈل کے بعد نوشہروفیروز میں کرپشن کا ایک اور بڑا اسکینڈل سامنے آگیا، وفاق کیجانب سے 2 قومی حلقوں کو ترقیاتی کاموں کیلئے ملنے والے 50 کروڑ بجٹ میں خرد برد کی گئی۔

    ہائی ویز ڈویزن کیجانب سے این آئی ٹی کسی بھی اخبار میں شائع کروائے بغیر بوگس ٹینڈر کردیئے، بوگس ٹینڈرز اپنے خودساختہ ٹھیکیداروں کے نام سے کرکے مکمل رقوم کی ادائیگیاں بھی کردی گئیں۔

    ضلع کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کام کے نام پر 50 کروڑ مل بانٹ کر ہڑپ کرلئے گئے، تحصیل مورو، تحصیل نوشہرو، تحصیل بھریا، تحصیل کنڈیارو اور تحصیل محراب پور میں ترقیاتی کام کئے جانے تھے۔

    پیپرورک میں دیکھا کر مکمل پیمنٹ لینے والی جگہوں پر ایک اینٹ بھی نہیں لگائی گئی، بوگس ٹینڈرز کے ذریعے ٹھیکے لینے والوں میں حسین بخش سہتو، بخشل بالادی، پپار تگڑ، ظفر کیریو، شفاء مدینہ کنسٹریکشن، فرقان حیدر کنسٹریکشن، موسی پاک، اے کی بی اینڈکو، حذیفہ کنسٹریکشن، آلحرمین انٹرپرائیز سمیت 2 درجن کمپیناں شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ہائی ویز ڈویزن کے انجینئر پرویز کھیڑو اور سپرینڈنٹ مسرور سولنگی کرپشن کے مرکزی مہرے ہیں۔

    دوسری جانب جب انجینئر پرویز کھیڑو اور مسرور سولنگی نے رابطے پر موقف دینے سے انکار کردیا، اسی طرح رابطے کے باوجود ڈپٹی کمشنر ارسلان سلیم کا۔موقف سامنے نہ آسکا۔

  • کرپشن اسکینڈل:  ملوث ایف بی آر کے 400 افسران اور عملے سے  باز پرس

    کرپشن اسکینڈل: ملوث ایف بی آر کے 400 افسران اور عملے سے باز پرس

    اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں کرپشن میں مبینہ ملوث 400افسران اور عملے سے باز پرس جاری ہے جبکہ مبینہ 400 افسران اور ٹیکس اہل کار تبدیل کردیئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کراچی زونل آفس میں کرپشن کا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر عاصم متحرک ہوگئے۔

    ذرائع نے بتایا کہ کرپشن میں مبینہ ملوث 400افسران اور عملے کی باز پرس کی جارہی ہے جبکہ مبینہ 400 افسران اور ٹیکس اہل کار تبدیل کردیئے ہیں۔

    ایف بی آر زونل آفسز میں کرپشن کی رپورٹ اور خوردبرد کے کیسز پر ملازمین کے تقررو تبادلوں کی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔

    ایف بی آر کراچی آفسز میں تقرروتبادلوں کی رپورٹ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کوجمع کرا دی گئی ، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ایف بی آر کی تقرروتبادلوں پر مشتمل رپورٹ مسترد کردی۔

    چیئرمین کمیٹی نورعالم نے کہا کہ ایف بی آر میں کرپٹ پریکٹسزکو روکنے کیلئے ہرممکن اقدام کیا جائے گا۔

    ایف بی آر نے کرپشن میں ملوث افسران کی رپورٹ کےبجائے تقررو تبادلوں کی رپورٹ دی ، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو تقرری یا تبادلے کےبجائے ایکشن کی رپورٹ دیں۔

  • حیدرآباد سکھر موٹر وے: سابق ڈی سیز کا نیا کرپشن اسکینڈل سامنے آ گیا

    حیدرآباد سکھر موٹر وے: سابق ڈی سیز کا نیا کرپشن اسکینڈل سامنے آ گیا

    مٹیاری: حیدرآباد سکھر موٹر وے (M-6) اسکینڈل میں ملوث سابق ڈی سیز کا نیا کرپشن اسکینڈل سامنے آ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل کی اسپیشل آڈٹ رپورٹ میں دو سابق ڈی سیز عدنان راشد اور تاشفین عالم کی مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔

    اسپیشل آڈٹ رپورٹ کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کی، جس میں کہا گیا ہے کہ سابق ڈی سی مٹیاری عدنان راشد نے سیلاب متاثرین کے لیے آئی ساڑھے 4 کروڑ کی رقم ہتھیا لی ہے، جب کہسابق ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز تاشفین عالم نے بھی ساڑھے 3 کروڑ روپے نکلوائے۔

    رپورت کے مطابق دونوں ڈپٹی کمشنرز نے اوپن چیک کے ذریعے کیش کی صورت میں رقم نکلوائی۔

    سابق ڈپٹی کمشنر مٹیاری عدنان راشد موٹروے کرپشن اسکینڈل میں پہلے ہی گرفتار ہیں، جب کہ سابق ڈی سی نوشہروفیروز تاشفین عالم موٹر وے کرپشن اسکینڈل میں بیرون ملک فرار ہیں۔

    واضح رہے کہ سندھ اور وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو خطیر رقم فراہم کی تھی۔

  • حیدرآباد، سکھر موٹر وے اراضی خریداری میں اربوں روپے کا کرپشن اسکینڈل

    حیدرآباد، سکھر موٹر وے اراضی خریداری میں اربوں روپے کا کرپشن اسکینڈل

    کراچی: حیدرآباد، سکھر موٹر وے اراضی خریداری میں اربوں روپے کے کرپشن اسکینڈل پر ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے حیدرآباد، سکھر موٹر وے اراضی خریداری میں 12 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون ٹو عبدالحمید بھٹو نے ایڈیشنل ڈائریکٹر حیدرآباد اور قائم مقام ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے شہید بے نظیر آباد کو فوری تحقیقات کی ہدایات جاری کر دیں۔

    دونوں افسران کو جاری مراسلے میں انکوائری افسر کی فوری تعیناتی اور تحقیقات کے لیے کہا گیا ہے۔

    فراڈ میں ملوث افسران کے بیرون ملک فرار کو روکنے کے لیے ان کے کوائف بھی ایف آئی اے امیگریشن کو ارسال کر دیے گئے، ارسال ناموں میں ڈی سی نوشہروفیروز تاشفین عالم، سابق ڈی سی مٹیاری عدنان رشید، منصور علی اور میر محمد سہاگ کے کوائف شامل ہیں۔

    تاشفین عالم کا بیرون ملک فرار

    واضح رہے کہ سکھر حیدرآباد موٹر وے کے لیے زمین کی خریداری کی رقم میں اربوں کی کرپشن میں ملوث ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز تاشفین عالم گرفتاری سے بچنے کے لیے بیرون ملک فرار ہو گئے ہیں۔

    تاشفین عالم 19 نومبر کو دوپہر دو بجے غیر ملکی ایئر لائن سے دبئی فرارہوئے، سکھر حیدر آباد موٹر وے کے لیے زمین کی خریداری میں تین ارب روپے کی کرپش سامنے آئی ہے۔

    ا یف آئی اے نے ڈی سی نوشہرو فیروز تاشفین عالم، ڈی سی مٹیاری عدنان رشید، سندھ بینک کے برانچ منیجر میر محمد سہاگ کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی وزارت داخلہ سے درخواست کی ہے۔

  • نیب نے شہباز شریف کو آج طلب کرلیا

    نیب نے شہباز شریف کو آج طلب کرلیا

    لاہور: نیب نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو آج پھر طلب کرلیا، شہباز شریف کو لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرپشن اسکینڈل اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو آج پھر طلب کرلیا ہے، شہباز شریف کے لیے تیار کیے گئے سوالات کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں۔

    ذرائع کے مطابق ایل ڈبلیو ایم سی کرپشن کیس میں 7 سوالات تیار کیے گئے ہیں، زائد اثاثے بنانے سے متعلق بھی مختلف سوالات تیار کیے گئے ہیں۔

    نیب سوالات میں پوچھا جائے گا کہ خلاف قانون لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بنانے کی سمری کیوں منظور کی؟ منصوبے کا مینجمنٹ یونٹ فعال ہونے کے باوجود کمپنی کیوں بنائی۔

    شہباز شریف سے پوچھا جائے گا کہ صفائی کمپنی بنانے سے پہلے منافع، استحکام، کم خرچ ہونے کی تحقیق کرائی تھیں؟ کمپنی آئی اسٹیک کو قانونی طریقہ استعمال کیے بغیر ٹھیکہ دیا گیا، غیرملکی کمپنیوں کو 320 ملین ڈالر کا ٹھیکہ آؤٹ سورس کا اختیار کس نے دیا تھا۔

    شہباز شریف کے گرد احتساب کا شکنجہ مزید سخت

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف سے سوال کیا جائے گا کہ کمپنی کو بغیر کسی جامع منصوبے کے بغیر قرضہ اور امداد دینے کا فیصلہ کیوں دیا گیا، قرض واپس کرنے، سرمایہ پیدا کرنے کے منصوبے کو کیوں مسترد کیا گیا۔

    نیب سوالات میں پوچھا جائے گا کہ مشتبہ ٹرانزیکشن کی رقوم کے ذرائع کیا ہیں، بیرون ملک سے شہباز شریف اکاؤنٹ میں مشتبہ ٹرانزیکشن کے شواہد بھی ملے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری شوگر ملز میں کی جانے والی سرمایہ کاری، شیئرز سے متعلق بھی سوالات شامل ہیں۔

  • کرپشن اسکینڈل، کینیڈین وزیرِاعظم کا قوانین کی خلاف ورزی کا اعتراف

    کرپشن اسکینڈل، کینیڈین وزیرِاعظم کا قوانین کی خلاف ورزی کا اعتراف

    اوٹاوا:جسٹن ٹروڈو کرپشن سکینڈل میں کینیڈین وزیرِاعظم کا قوانین کی خلاف ورزی کا اعتراف کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق حال ہی میں ٹروڈو کے خلاف مفادات کے ٹکراؤ کے قوانین کی خلاف ورزی سے متعلق رپورٹ منظرِ عام پر آئی ہے جس میں لگائے گئے الزامات کو انھوں نے تسلیم بھی کر لیا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے جو کیا، ملکی مفاد میں کیا۔

    کینیڈین وزیر اعظم نے اس رپورٹ کے کچھ نتائج سے اختلاف کیا ہے، اب دیکھنا ہو گا کہ کیا یہ تنازعہ اکتوبر میں ہونے والے انتخابات پر اثر انداز ہو گا یا نہیں۔

    کینیڈا کے ضابطہ اخلاق سے متعلق کمشنر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ایس این سی-لاویلن کے معاملے میں مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

    ٹروڈو کی سابق پرنسپل سیکریٹری جیرلڈ بٹس کا کہنا ہے کہ اس مقدمے میں کسی قسم کا سیاسی دباؤ نہیں ڈالا گیا، صرف اس مقدمے سے ملکی معیشت کو ممکنہ طور پر پہنچنے والے نقصان سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اگست میں جاری ہونے والی ’فیڈرل اِیتھکس کمشنر‘ کی رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ٹروڈو نے مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔

    کمشنر ماریو ڈیون کا کہنا ہے کہ ٹروڈو نے براہِ راست اور اپنے سینیئر حکام کے ذریعے سابق اٹارنی جنرل کو دباؤ میں لانے کے لیے مختلف حربے آزمائے۔

  • نیب نے کرپشن اسکینڈل میں ملوث ایس ایس پی رائے اعجاز کو گرفتار کرلیا

    نیب نے کرپشن اسکینڈل میں ملوث ایس ایس پی رائے اعجاز کو گرفتار کرلیا

    کراچی: نیب نے کروڑوں روپے کے کرپشن اسکینڈل میں ملوث ایس ایس پی رائے اعجاز کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے کرپشن اسکینڈل میں ملوث ایس ایس پی رائے اعجاز کو گرفتار کرلیا، ترجمان نیب کے مطابق رائے اعجاز پر بطور ڈی پی او گجرات کروڑوں روپے کی خورد برد کا الزام ہے۔

    ترجمان نیب کے مطابق ایس ایس پی رائے اعجاز کو کراچی کے علاقے شارع فیصل سے گرفتار کیا گیا، ایس ایس پی کے وارنٹ گرفتاری نیب لاہور نے حاصل کیے تھے۔

    [bs-quote quote=”رائے اعجاز پر پولیس ملازمین کو کروڑوں روپے کی وردیاں نہ دینے کا الزام ہے” style=”style-6″ align=”left” author_name=”ترجمان نیب”][/bs-quote]

    نیب اعلامیہ کے مطابق رائے اعجاز پر پولیس ملازمین کو کروڑوں روپے کی وردیاں نہ دینے کا الزام ہے، ایس ایس پی کے ساتھ 4 ڈی پی اوز بھی ملوث ہیں، رائے اعجاز آج کل سندھ میں تعینات تھے۔

    ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ رائے اعجاز کی گرفتاری کے بعد مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں، کرپشن اسکینڈل میں ملوث ایس ایس پی کے ساتھ 8 پولیس اہلکاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

    نیب کے مطابق کرپشن کے اس کیس میں رائے اعجاز کے والد بھی مطلوب ہیں، ایس ایس پی کے والد کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپہ مارا گیا مگر وہ فرار ہوگئے۔

    اطلاعات کے مطابق 70 کروڑ روپے کے فنڈز کی خوردبرد کے الزام میں گرفتار ائے اعجاز کو لینے کے لیے نیب لاہور کی ٹیم کراچی میں موجود ہے۔

    ذرائع کے مطابق رائے اعجاز کا تعلق سابق آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی گروپ سے ہے، وہ آج دوپہر 12 بجے سینٹرل پولیس آئے اور بہت زیادہ پریشان لگ رہے تھے، وہ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز کے ساتھ تھے۔

    ترجمان نیب کے مطابق معطل ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ افسر گجرات چن پیر، ڈپٹی ڈائریکٹر بجٹ محکمہ خوراک لاہور محمد افضل کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، محمد افضل گجرات میں 2014 سے 2016 کے دوران تعینات رہے۔

    نیب کے مطابق ڈی پی او آفس گجرات کے محمد فیاض، سابق کانسٹیبل رمیض، سینئر اکاؤنٹ افسر گجرات محمد اشرف، منیجر نجی بینک گجرات محمد آصف، منیجر شکیل احمد، پیٹرول پمپ کے مالک صغیر احمد اور غلام سرور کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

  • صاف پانی کرپشن اسکینڈل: شہبازشریف آج نیب کےسامنے پیش ہوں گے

    صاف پانی کرپشن اسکینڈل: شہبازشریف آج نیب کےسامنے پیش ہوں گے

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے صاف پانی کمپنی کرپشن اسکینڈل میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شریف کو آج طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں تمام افسران کی تنخواہوں اور دیگرمراعات کا ریکارڈ لے کر آج پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

    صاف پانی کرپشن اسکینڈل میں اس سے قبل شہبازشریف کے بیٹے حمزہ شہباز، داماد عمران علی یوسف، سابق وزیرخزانہ عائشہ غوث پاشا، سابق رکن اسمبلی اورممبربورڈ آف ڈائریکٹروحید گل بھی پیش ہوچکے ہیں۔

    سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف رواں سال 11 فروری کو صاف پانی ازخود نوٹس کی سماعت میں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں بھی پیش ہوچکے ہیں۔

    شہبازشریف نے عدالت عظمیٰ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ تین ہفتوں میں صاف پانی کی فراہمی اور واٹرٹریٹمنٹ کا منصوبہ پیش کردیں گے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل نیب لاہور صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں 4 افسران کو گرفتار کرچکی ہے۔

    نیب کے مطابق ملزمان کی ملی بھگت سے حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا اور ملزمان نے بہاولپور ریجن میں انتہائی مہنگے داموں 116 واٹرفلٹریشن پلانٹس نصب کیے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جادو سر چڑھ کر بولنے لگا، سکھر میں پاناما جوس کی فروخت

    جادو سر چڑھ کر بولنے لگا، سکھر میں پاناما جوس کی فروخت

    سکھر : پاناما کیس کا فیصلہ جو بھی آئے لیکن پاناما کرپشن اسکینڈل کا عوامی سطح پراتنا چرچا ہوا کہ سکھر میں ایک دکاندار نے پاناما جوس سینٹرکھول لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کہتے ہیں کہ جادو وہ جو سر چڑھ کر بولے۔ پانامہ لیکس کی عوام میں مقبولیت کے بعد سکھر میں پانامہ جوس کی شہرت کو بھی چار چاند لگ گئے ہیں، شہری بھی تین پھلوں کا مرکب پانامہ جوس کا بھر پور مزا لے رہے ہیں۔

    سکھر سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے علی گوہر نے بتایا کہ پانامہ لیکس جب سے قومی ایشو بنا تو گھروں دفاتراور چوک، چوراہوں پر سب لوگ اس حوالے سے اپنی اپنی رائے قائم کر رہے ہیں اور اس کے فیصلے کا بھی سب کو بے چینی سے انتظار بھی ہے۔

    اس دکاندار نے بھی موقع کی نزاکت دیکھتے ہوئے اپنی دکان کا نام پانامہ جوس سینٹر رکھ لیا، جس کے بعد جوس والے کو بہت آمدنی ہوئی۔

    دکاندار نے تین پھلوں کے رس پر مشتمل جوس کو پانامہ جوس کا نام دے کر فروخت کرنا شروع کیا تو پینے والوں کی تعداد میں بھی مزید اضافہ ہوگیا۔ کل پانامہ کیس کا فیصلہ جو بھی آئے لیکن اس دکاندار کا روزگار اچھا ہوگیا۔