Tag: کرپشن ریفرنس

  • ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کے خلاف 17 ارب روپے کرپشن ریفرنس میں اہم پیش رفت

    ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کے خلاف 17 ارب روپے کرپشن ریفرنس میں اہم پیش رفت

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کے خلاف 17 ارب روپے کرپشن ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم و دیگر کی درخواست منظور کر لی، اور ریفرنس واپس چیئرمین نیب کو ارسال کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں دو رکنی بنیچ نے ڈاکٹر عاصم حسین و دیگر کے خلاف 17 ارب روپے کرپشن ریفرنس میں فیصلہ سنا دیا، عدالت نے ریفرنس واپس چیئرمین نیب کو بھجوانے کا حکم دیا، واضح رہے کہ احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

    ڈاکٹر عاصم حسین سمیت دیگر کی جانب سے احتساب عدالت کے دائرہ اختیار کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا، نیب کے مطابق ڈاکٹر عاصم نے دیگر ملزمان کے ساتھ مل کر من پسند کمپنیوں کو گیس فراہم کی، تاہم ڈاکٹر عاصم کے وکیل کا مؤقف تھا کہ سرکاری اداروں کو گیس فراہمی کا فیصلہ بدنیتی اور کرپشن پر مبنی نہیں تھا، ترجیحات مختلف ہو سکتی ہیں لیکن فیصلے اپنی صوابدید کے مطابق درست کیے گئے تھے۔

    ملزمان کے وکیل فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ نے کہا کہ نیا قانون بننے کے بعد یہ ریفرنس احتساب عدالت کے دائرہ سماعت میں نہیں رہا، یہ ریفرنس بنیادی طور پر اختیارات کے غلط استعمال سے متعلق ہے، لیکن قانون کے مطابق یہ ثابت کرنا ضروری ہے کہ اختیارات استعمال کرنے والے نے کوئی مالی فائدہ اٹھایا ہو۔

    وکیل ملزمان نے کہا سوئی ڈی سی اور سوئی سدرن گیس کمپنی سرکاری ادارے ہیں، انھیں گیس فراہم کر کے ڈاکٹر عاصم سمیت کسی ملزم نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔ جسٹس کے کے آغا نے کہا اب نئی ترمیم آ گئی ہے، قانون سازی پارلیمنٹ کا حق ہے، نیب پراسیکیوٹر نے کہا ہم پارلیمنٹ کے حق سے انکار نہیں کر سکتے لیکن ملزمان کی بریت کے خلاف ہیں۔

    فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ نے کہا کہ سترہ ارب روپے کرپشن کا جے جے وی ایل ریفرنس خلاف قانون ہے، ریفرنس میں کئی شواہد اور اہم دستاویزات کو چھپایا گیا۔

  • نیب ثبوت دینے میں ناکام، اسٹیل ملز کے سابق چیئرمین سمیت 13 ملزمان بری

    نیب ثبوت دینے میں ناکام، اسٹیل ملز کے سابق چیئرمین سمیت 13 ملزمان بری

    کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ثبوت پیش کرنے میں ناکامی پر احتساب عدالت نے پاکستان اسٹیل ملز کے سابق چیئرمین سمیت 13 ملزمان کو بری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز سے متعلق کرپشن ریفرنس میں احتساب عدالت نے فیصلہ سنا دیا، عدالت میں آج مارکیٹ ریٹ سے کم دام میں مال فروخت کرنے سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی، عدالت نے سابق چیئرمین معین آفتاب شیخ سمیت 13 ملزمان کو بری کر دیا۔

    عدالت نے فیصلے میں کہا نیب پراسکیوشن ملزمان کے خلاف الزام ثابت کرنے میں ناکام رہی۔

    نیب دستاویزات کے مطابق ملزم سابق چیئرمین پر کرپشن کی مد میں 1 ارب 21 کروڑ سے زائد روپے کرپشن کا الزام تھا، واضح رہے کہ سابق چیئرمین اسٹیل مل معین آفتاب اب تک 6 ریفرنسوں میں بری ہو چکے ہیں۔

    نیب دستاویزات کے مطابق ملزمان میں سابق ڈائریکٹر کمرشل ممبر اسٹیل مل ثمین اصغر، ڈیلر سکندر علی جتوئی، بدر الدین اکبر، محمود علی بھی شامل ہیں۔

    ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ان ملزمان کے خلاف 2012 میں ایف آئی اے نے انکوائری شروع کی تھی، سپریم کورٹ نے حکم دیا تو کرپشن انکوائری ایف آئی اے سے نیب منتقل کر دی گئی۔

    ایڈووکیٹ شاہنواز ڈاہری نے بتایا کہ نیب کو یہ کیس لیے 10 سال ہو چکے ہیں، لیکن ان دس برسوں میں تاحال نیب نے کوئی ٹھوس ثبوت عدالت میں پیش نہیں کیا، نیب کی وجہ سے ملزمان عدالتوں کے چکر کاٹتے رہے۔

  • کرپشن ریفرنس میں شرجیل میمن کی ضمانت منظور

    کرپشن ریفرنس میں شرجیل میمن کی ضمانت منظور

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کی پونے 6 ارب روپے کرپشن ریفرنس میں ضمانت منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے پونے 6 ارب روپے کرپشن ریفرنس میں پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کی ضمانت 50 لاکھ کے عوض منظور کرلی۔

    شرجیل میمن نے کرپشن کے نیب ریفرنس میں درخواست ضمانت دائر کی تھی جس پر آج عدالت نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ نے 2 بار شرجیل میمن کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی۔

    احتساب عدالت میں ملزمان کے خلاف ریفرنس زیرسماعت ہے، ریفرنس میں سابق سیکرٹری انفارمیشن ذوالفقار شلوانی سمیت 13 ملزمان گرفتارہیں۔

    یاد رہے کہ سابق صوبائی وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن اور دیگر پر15-2013 کے دوران سرکاری رقم میں 5 ارب 76 کروڑ روپے کی خرد برد کا الزام ہے۔

    شرجیل انعام میمن پرالزام ہے کہ انہوں نے مذکورہ رقم صوبائی حکومت کی جانب سے آگاہی مہم کے لیے الیکٹرونک میڈیا کو دیے جانے والے اشتہارات کی مد میں کی جانے والے کرپشن کے دوران خرد برد کی۔

  • شرجیل میمن کے خلاف کرپشن ریفرنس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی

    شرجیل میمن کے خلاف کرپشن ریفرنس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی

    کراچی : شرجیل انعام میمن و دیگر کے خلاف کرپشن ریفرنس پرسماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ نیب پراسیکیوٹراور ملزمان کے وکلا آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات شرجیل انعام میمن ودیگر کے خلاف 5 ارب سے زائد کرپشن ریفرنس پرسماعت ہوئی۔

    سابق صوبائی وزیراطلاعات ونشریات شرجیل انعام میمن اور دیگر ملزمان کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

    احتساب عدالت نے ریمارکس دیے کہ کبھی نیب پراسیکیوٹرتو کبھی درخواست گزار کے وکیل غائب ہوجاتے ہیں، گواہ پر جرح ایک ماہ سے تاخیر کا شکار ہے۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس طرح اگرکیس چلا تو کئی سال ہوجائیں گے نتیجہ کچھ نہیں نکلے گا، نیب پراسیکیوٹراور ملزمان کے وکلا آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنائیں۔

    بعدازاں احتساب عدالت نے شرجیل انعام میمن و دیگر کے خلاف کرپشن ریفرنس پرسماعت 9 مارچ تک کے لیے ملتوی کردی۔

    شرجیل میمن کے خلاف کرپشن ریفرنس کی سماعت 25 فروری تک ملتوی

    یاد رہے کہ 9 فروری کو احتساب عدالت نے سماعت کے دوران نیب کی جانب سے گواہ کی عدم پیشی اورپراسیکیوٹر کی عدم حاضری پراحتساب عدالت نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔

  • شرجیل میمن کے خلاف کرپشن ریفرنس کی سماعت 25 فروری تک ملتوی

    شرجیل میمن کے خلاف کرپشن ریفرنس کی سماعت 25 فروری تک ملتوی

    کراچی: شرجیل انعام میمن و دیگر کے خلاف کرپشن ریفرنس پرسماعت کے دوران نیب کی جانب سے گواہ کی عدم پیشی اورپراسیکیوٹر کی عدم حاضری پراحتساب عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات شرجیل انعام میمن ودیگر کے خلاف 5 ارب سے زائد کرپشن ریفرنس پرسماعت ہوئی۔

    احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے گواہ کی عدم پیشی اورپراسیکیوٹر کی عدم حاضری پربرہمی کا اظہار کرتے ریمارکس دیے کہ ایک ماہ تک عدالت میں پراسیکیوٹر نہیں، مقدمات کیسے چلیں گے؟۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ پراسیکیوٹر کی عدم تعیناتی سے مقدمات کا بوجھ بڑھ رہا ہے۔ احتساب عدالت نے پراسیکیوٹر کی تعیناتی کے لیے ڈی جی نیب کو خط لکھ دیا۔

    بعدازاں احتساب عدالت نے شرجیل انعام میمن و دیگر کے خلاف کرپشن ریفرنس پرسماعت 25 فروری تک کے لیے ملتوی کردی۔

    یاد رہے کہ سابق صوبائی وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن اور دیگر پر15-2013 کے دوران سرکاری رقم میں 5 ارب 76 کروڑ روپے کی خرد برد کا الزام ہے۔

    شرجیل انعام میمن پرالزام ہے کہ انہوں نے مذکورہ رقم صوبائی حکومت کی جانب سے آگاہی مہم کے لیے الیکٹرونک میڈیا کو دیے جانے والے اشتہارات کی مد میں کی جانے والے کرپشن کے دوران خرد برد کی۔

  • کرپشن  ریفرنس ، شہباز شریف کے بعد ان  کے  بیٹے حمزہ شہباز کےگرد گھیرا تنگ

    کرپشن ریفرنس ، شہباز شریف کے بعد ان کے بیٹے حمزہ شہباز کےگرد گھیرا تنگ

    لاہور : قومی احتساب بیورو (نیب) نے غیر قانونی اثاثوں اور رمضان شوگرملزکیس میں حمزہ شہباز کو نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا، ذرائع کا کہنا ہے شہباز شریف اور  حمزہ شہباز کے خلاف کرپشن ریفرنس اسی مہینے دائر کیا جائےگا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے بعد ان کے بیٹے حمزہ شہباز کے گرد بھی گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے غیر قانونی اثاثوں اور رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف کے ساتھ حمزہ شہباز کو بھی نامزد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    [bs-quote quote=”باپ بیٹے کے خلاف ریفرنس کی حتمی منظوری چیئرمین نیب دیں گے” style=”style-6″ align=”left” author_name=”ذرائع”][/bs-quote]

    نیب ذرائع نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور رمضان شوگر ملز کا ریفرنس رواں ماہ کے آخر دائر کر دیا جائے گا، باپ بیٹے کے خلاف ریفرنس کی حتمی منظوری چیئرمین نیب دیں گے۔

    ذرائع کے مطابق نیب نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے اثاثوں کی تفصیل اور بینک ریکارڈ حاصل کر رکھا ہے، نیب نے شہباز شریف سے جیل میں تفتیش کے لیے عدالت سے اجازت بھی حاصل کر رکھی ہے۔

    خیال رہے کہ حمزہ شہباز آمدن سے زائد اثاثوں اور رمضان شوگر ملز کیس میں 2 بار نیب میں پیش ہو چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : نیب میں پیشی، حمزہ شہبازسے ڈیڑھ گھنٹہ تفتیش

    واضح رہے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے دونوں بیٹوں حمزہ شہباز اور سلمان شہباز پر سرکاری خزانے کے غیر قانونی استعمال کا الزام ہے جبکہ گرفتار کیے جانے کے خدشہ کے باعث حمزہ شہباز نےلاہور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے۔

    بعد ازاں 11 دسمبر کوایف آئی اے نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام بنادی، وہ غیرملکی ایئرلائن کی پروازسے دوحہ جارہے تھے۔

    نیب نے وزارتِ داخلہ سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے دونوں صاحب زادوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی اور اس ضمن میں وزارت داخلہ کو مراسلہ بھی ارسال کر دیا تھا۔

    خیال رہے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر برا جمان شہباز شریف اس وقت مختلف کیسز میں نیب کے زیر حراست ہیں۔

  • عدالت نے اکبرانعام کوملک سے باہرجانے کی اجازت دے دی

    عدالت نے اکبرانعام کوملک سے باہرجانے کی اجازت دے دی

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے محکمہ اطلاعات کرپشن کیس میں پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے شریک ملزم اکبرانعام کوملک سے باہر جانے کی اجازت دے دی.

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں شرجیل میمن کے شریک ملزم اکبرانعام کی ملک سے باہرجانے کی درخواست سے متعلق سماعت ہوئی ، ہائی کورٹ نےسماعت کے دوران اکبرانعام کوملک سے باہر جانےکی اجازت دیتے ہوئے  ملزم کا پاسپورٹ بھی واپس کرنے کا حکم صادرکیا۔

    نیب پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ اکبرانعام محکمہ اطلاعات میں کرپشن کا شریک ملزم ہے. ملک سے جانے کے بعد واپس نہ آنے کا خدشہ ہے، نیب کے مطابق ملزم 5ارب 76 کروڑروپے کے کرپشن ریفرنس میں شریک ملزم ہے۔ ملزم کا وکیل ملزم دوبارملک سے باہر جا چکا ہے جبکہ ٹرائل کا بھی سامنا کررہا ہے۔

    خیال رہے گذشتہ سال محکمہ اطلاعات میں اشتہارات کی کرپشن میں بھی اربوں روپے کی کرپشن سامنے آئی تھی، جس کے بعد شرجیل میمن اور انعام اکبر کے نام ای سی ایل میں‌ ڈالے گئے تھے.

    شرجیل میمن کی حراست اوررہائی


    یاد رہے پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کو وطن واپس پہنچنے پر نیب نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر حراست میں لیا تاہم ضمانتی دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں رہاکردیا گیا تھا.

     نیب رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے 5ارب 76 کروڑ کی خوردبرد کی ہے، نیب کا کہنا ہے کہ شرجیل میمن کو کسی صورت حفاظتی ضمانتی نہیں دینی چاہیے، انہوں نے پونے 2 سال تک نیب کے کسی سوال کا جواب دیا نہ پاکستان آئے۔