Tag: کرپشن کا ورلڈ کپ

  • ن لیگی ایسے ریلی نکال رہے ہیں جیسے کرپشن کا ورلڈ کپ جیتا ہو،  فردوس عاشق اعوان

    ن لیگی ایسے ریلی نکال رہے ہیں جیسے کرپشن کا ورلڈ کپ جیتا ہو، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد : فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نون لیگ والوں کو شرم آنی چاہیے ایسے ریلی نکال رہے ہیں کہ جیسے نواز شریف نے کرپشن کا ورلڈ کپ جیتا ہو۔

    یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے سپریم کورٹ سے سزا یافتہ اور بیمار مجرم کی سج دھج کے ساتھ جیل واپسی پر بات کرتے ہوئے نون لیگ رہنماؤں پر کڑی تنقید کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ والوں کو شرم آنی چاہیے ایسے ریلی نکالی جیسے نواز شریف نے کرپشن کا ورلڈ کپ جیتا ہو، مجرم کو خوشنما بنا کر پیش کرنا جرم کی مدد کرنے کے مترادف ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیٹوں نے پلٹ کر اپنے باپ کی خبر تک نہیں لی، چھوٹا بھائی بھی بڑے بھائی کا نجام دیکھ کر ملک سے بھاگ گیا اور بیٹی نے پہلے والد کی سیاست ناکام بنایا اور اب وہ اپنے والد کا جلوس بھی نکال رہی ہے۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہبازگل نے کہا کہ عدالت سے بیماری کے نام پر عاجزی سے ریلیف مانگنے والے جلوس کے ساتھ گرفتاری کیوں پیش کرنے نکلے؟

    کم از کم نوازشریف یہ تو سوچتے کہ عدالت سے بیماری کے نام پر ریلیف لیا تھا دوبارہ کس منہ سے عدالت جائیں گے؟ جبکہ ن لیگی رہنما کہتے تھے کہ ہمارے قائد کی حالت تشویشناک ہے، انہیں کسی وقت بھی کچھ ہوسکتا ہے۔

    شہبازگل نے سوال کیا کہ ایسے میں جلسہ جلوس کا کیا مطلب ہے؟ شہبازگل نے کہا کہ سزایافتہ مجرم کو ہیرو بناکر پیش کرنا قوم سے مذاق ہے لیکن عوام نے کرپٹ ٹولے کا بیانیہ دفن کردیا ہے۔