Tag: کرپشن

  • اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس: سماعت 12 ستمبر تک ملتوی

    اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس: سماعت 12 ستمبر تک ملتوی

    اسلام آباد: احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی۔

    سماعت میں گواہ سعید احمد احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

    وکیل صفائی قاضی مصباح نے دوسرے گواہ اشتیاق احمد پر جرح مکمل کرلی۔ گواہ اشتیاق احمد کو گزشتہ سماعت پر مزید دستاویزات کے ساتھ آج طلب کیا گیا تھا۔

    احتساب عدالت نے کیس کی مزید سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سماعت میں استغاثہ کے دوسرے گواہ بشارت محمود کا بیان بھی قلمبند کیا گیا تھا۔

    بشارت محمود نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یکم نومبر2017 کو نیب لاہور سے کال آف نوٹس ملا تھا، نیب میں 2004 سے کلرک کی خدمات سر انجام دے رہا ہوں۔

    اس سے قبل سماعت میں استغاثہ کے 4 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے تھے۔ آخری سماعت میں عدالت میں شریک ملزمان سعید احمد، نعیم محمود اور منصور رضا رضوی بھی پیش ہوئے تھے۔

  • ایف آئی اے کےعبوری چالان کے خلاف فریال تالپور کی درخواست

    ایف آئی اے کےعبوری چالان کے خلاف فریال تالپور کی درخواست

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کے عبوری چالان کے خلاف فریال تالپور کی درخواست کی سماعت ان کے وکیل کی عدم موجودگی پر غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کے عبوری چالان کے خلاف فریال تالپور کی درخواست پرسماعت ہوئی۔

    عدالت میں مزمل ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ چالان میں فریال تالپور کا کوئی کردار واضح نہیں، الزامات سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے جبکہ ایف آئی اے کی ایف آئی آر میں منی لانڈرنگ کا ذکر نہیں ہے، ایف آئی اے کے چالان کوغیرقانونی قراردیا جائے۔

    انہوں نے عدالت کو بتایا کہ فاروق ایچ نائیک کراچی میں نہیں ہیں لہذا وہ پیش نہیں ہوسکتے جس پرعدالت نے فریال تالپور کے وکیل کی عدم موجودگی پردرخواست کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی۔

    فریال تالپور نے ایف آئی اے کا چالان چیلنج کردیا

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کا عبوری چالان عدالت میں چیلنج کیا تھا۔

    فریال تالپور کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ ایف آئی کی جانب سے دائر مقدمہ خارج کیا جائے، ایف آئی اے کے چالان کو غیرقانونی قرار دے کر معطل کیا جائے اور عدالت چالان پرحکم امتناع جاری کرکے کارروائی کرے۔

    واضح رہے کہ ایف آئی اے، ڈپٹی اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کررکھے ہیں۔

  • کیپٹن صفدرکی طبعیت میں بہتری‘ اسپتال سےڈسچارج کردیا گیا

    کیپٹن صفدرکی طبعیت میں بہتری‘ اسپتال سےڈسچارج کردیا گیا

    راولپنڈی : سابق وزیراعظم نواشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی طبعیت میں بہتری کے بعد انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی طبعیت میں بہتری کے بعد انہیں راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیولوجی سے ڈسچارج کردیا گیا۔

    سابق وزیراعظم نواشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کوکچھ دیربعد سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل پہنچایا جائے گا۔

    کپٹن(ر) صفدر کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، جیل منتقل کرنے کے لیے پولیس اورسیکیورٹی اداروں نے اقدامات شروع کردیے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سابق وزیراعظم نواشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اڈیالہ جیل میں طبعیت خراب ہونے پر راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیولوجی منتقل کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل رواں ماہ 5 اگست کو کیپٹن (ر) صفدرکو اڈیالہ جیل میں طبعیت خراب ہونے پرسخت سیکیورٹی حصار میں پمز اسپتال کے امراض قلب پہنچایا گیا تھا جہاں تین رکنی میڈیکل بورڈ نے معائنے کے بعد انہیں پرائیوٹ کمرے میں منتقل کردیا تھا۔

    اسلام آباد انتظامیہ نے پمزمیں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے وارڈ کو سب جیل قرار دیا تھا۔

    ایون فیلڈ ریفرنس: نوازشریف، مریم نواز اورکیپٹن صفدر کو قید کی سزا اور جرمانہ

    واضح رہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواشریف کو 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

    کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نوازشریف اور مریم نوازکے ساتھ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں اپنی سزا پوری کررہے ہیں۔

  • جنوبی پنجاب کےعوام کوان کے حقوق ملیں گے‘ عثمان بزدار

    جنوبی پنجاب کےعوام کوان کے حقوق ملیں گے‘ عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پولیس نظام میں وہی تبدیلیا ں لائیں گے جو خیبرپختونخواہ پولیس میں لائی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے ڈیرہ غازی خان کےعمائدین کے وفد نے ملاقات کی اورانہیں وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

    اس موقع پرسردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کےعوام کو ان کے حقوق ملیں گے، ڈی جی خان میں مویشی چوری سمیت اسٹریٹ کرائم کنٹرول کریں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ٹیم ان کی توقعا ت پرپوری اترے گی ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نظام میں وہی تبدیلیا ں لائیں گے جوکے پی پولیس میں لائی گئیں۔

    عمران خان کے نئے پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنا ہے‘ عثمان بزدار

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ عمران خان کے نئے پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنا ہے، گڈ گورننس کو فروغ دیں گے، کرپشن برداشت نہیں کروں گا۔

    عثمان بزدارکا یہ بھی کہنا تھا کہ سب کو ساتھ لے کر چلیں گے اور مشاورت سے فیصلے ہوں گے، جب بھی نئی حکومت آتی ہے تو ردوبدل ہوتا ہے، یقین دلاتا ہوں ہم نے ردوبدل نہیں کرنا ہے۔

    پنجاب میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کریں گے‘ وزیراعلیٰ پنجاب

    واضح رہے کہ تین روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد صرف کام کام اور صرف کام ہے، ہمیں تبدیلی لانی ہے جو آسان کام نہیں، اس کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔

  • پنجاب میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کریں گے‘ وزیراعلیٰ پنجاب

    پنجاب میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کریں گے‘ وزیراعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور کے ریس کورس پارک میں نماز عید ادا کی اور قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔

    نمازعید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ قوم کو عیدالاضحیٰ اورنئے پاکستان کی مبارکباد دیتا ہوں۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ یہ عید پاکستان میں تبدیلی کی بنیاد بنی ہے، نئے پاکستان کی خوشی نے عید کی خوشیوں کو دوبالا کردیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عید پرمحروم طبقے کے ساتھ خوشیاں بانٹنا قومی ودینی فریضہ ہے، وطن کی حفاظت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو یاد رکھنا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، نہ ہم کرپشن کریں گے نہ کسی اور کو کرنے دیں گے۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صوبے میں جلد خیبرپختونخواہ طرز کی پولیس اصلاحات لائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف کام کام اور صرف کام ہے، ہمیں تبدیلی لانی ہے جو آسان کام نہیں، اس کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔

  • کرپشن کےخاتمےکےلیےقانون سازی اولین ترجیح ہوگی‘ اسد قیصر

    کرپشن کےخاتمےکےلیےقانون سازی اولین ترجیح ہوگی‘ اسد قیصر

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی کے نامزد اسپیکر اسد قیصر کا کہنا ہے کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے قانون سازی اولین ترجیح ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی کے عہدے کے لیے نامزد امیدوار اسد قیصر کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اپوزیشن کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

    اسد قیصر نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی سمیت تعلیم اور صحت کے شعبوں میں عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

    پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اسمبلی کے نامزد اسپیکر نے یہ بھی کہا کہ زراعت، صحت، بجلی اور تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔

    اسد قیصر نے مزید کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے قانون سازی ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔

    عمران خان کے اعتماد پرپورا اتروں گا، ایک نیا پاکستان بنائیں گے‘ اسد قیصر

    خیال رہے کہ دو روز قبل بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کوشش یہی ہوگی کہ ہاؤس کورولز کے مطابق چلائیں، عوام اورملک کے لیے کام کریں گے، ایک نیا پاکستان بنائیں گے۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کومیرٹ پرچلائیں گے اور پارلیمنٹ کو پورا وقت دیں گے، اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے.

  • نیب نے 2200 ملین روپے بدعنوان عناصرسے لے کرمتاثرین کو واپس کیے

    نیب نے 2200 ملین روپے بدعنوان عناصرسے لے کرمتاثرین کو واپس کیے

    لاہور: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاویداقبال نے نیب لاہور کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں ڈی جی نیب کی جانب سے میگا کرپشن کیسزپر انھیں بریفنگ دی گئی.

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب کو میگاکرپشن کیسز پر بریفنگ دی گئی، جس میں انھیں 56 کمپنیز کیس، ایزگارڈ نائن سمیت اہم کیسز سے آگاہ کیا گیا.

    چیئرمین نیب کو بریفنگ دی گئی کہ 2200 ملین روپے بدعنوان عناصرسے لے کرمتاثرین کو واپس کئے ہیں، ساتھ ہی 300 بدعنوان عناصرکو گرفتار کیا گیا.

    ساتھ ہی اورنج لائن اور 56 کمپنیوں میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات میں پیش رفت پربریفنگ دی گئی.


    نیب کا15 لاکھ یا اس سے زائد تنخواہ لینے والے سرکاری افسروں کے گرد گھیرا تنگ

    اس موقع پر چیئرمین نیب نے کہا کہ مقدمات مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں،اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی.

    چیئرمین نیب کی جانب سے نیب بیوروکی کارکردگی کو سراہا گیا.

    یاد رہے کہ نیب نے لاکھوں روپے تنخواہ لینے والے سرکاری افسران کے گرد گھیراتنگ کردیا ہے اور سرکاری افسروں کے خلاف تحقیقات کے لئے ریجنل آفسز کو خط لکھا ہے۔

  • کرپشن کا گاڈ فادر اپنے انجام کو پہنچ گیا، طاہر القادری

    کرپشن کا گاڈ فادر اپنے انجام کو پہنچ گیا، طاہر القادری

    اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے نواز شریف کو دس سال قید کی سزا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کا گاڈفادرانجام کوپہنچ گیا، سرکس کےشیرکوفیصلےکاعلم تھا اس لیےبھاگ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سزائیں اچھی روایت ہے مگر اصل چیلنج غریب پاکستانیوں کی لوٹی دولت ملک واپس لانا ہے۔

    طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی کرپشن پرجوکہا اس پرعدالت کی مہرلگ گئی، جسے28سال پہلےجیل میں ہوناچاہیےتھاوہ وزیراعظم بنارہا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ فیصلہ آئین وقانون کی بالادستی کی طرف اہم پیشرفت ہے، جج اورنیب پراسیکیوٹرزمبارکبادکے مستحق ہیں۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نوازشریف کو دس سال قید جبکہ مریم نواز کو سات سال کے ساتھ کیپٹن صفدر کو بھی ایک سال قیدکی سزا سنائی۔

    نیب نے فیصلےمیں مزید لکھا کہنواز شریف کو آٹھ ملین پاؤنڈ جرمانہ جبکہ مریم نواز کو دو ملین پاؤنڈ جرمانے کا حکم سنایا ہے، ایون فیلڈز فلیٹ  کی قرقی کا بھی حکم صادر کیا گیا ہے۔

    عدالت نے مانسہرہ میں موجود نوازشریف کے داماد کپٹن (ر) صفدر کو فوری حراست میں لے کر جیل منتقل کرنے کا حکم جاری کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل مل اور ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت

    احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل مل اور ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت

    اسلام آباد: احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران پاناما لیکس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ واجد ضیا پر جرح کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سماعت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز پیش ہوئے۔

    سماعت کے دوران نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے پاناما لیکس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ واجد ضیا پر جرح کی۔

    واجد ضیا نے بتایا کہ نواز شریف جے آئی ٹی کےس امنے شامل تفتیش ہوئے اور انکم ٹیکس اور ویلتھ گوشواروں کے ساتھ پیش ہوئے۔ گوشواروں کے مطابق انہوں نے 41 اعشاریہ 410 ملین غیر ملکی کرنسی ظاہر کی۔

    واجد ضیا نے کہا کہ جے آئی ٹی نے 14-2013 کی حسین نواز کی بینک اسٹیٹمنٹ حاصل کیں۔ 2 بینکوں سے نواز شریف کے اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی حاصل کی گئیں۔ ہل میٹل سے 14-2013 میں رقم آئی لیکن وہ حسین نواز سے نہیں آئی۔

    واجد ضیا نے کہا کہ کالم ان فلو میں پہلی انٹری حسین نواز سے ملنے والی رقم کی ہے۔ 14-2013 میں ملنے والی رقم 41 اعشاریہ 470 ملین ہے۔ دوسری انٹری ہل میٹل سے وصول ہونے والی رقم ہے۔ حاصل ہونے والی رقم 192.05 ملین تھی۔

    انہوں نے کہا کہ 14-2013 کی ویلتھ اسٹیٹمنٹ دکھائی جائے تو پہچان سکتا ہوں۔ اسٹیٹمنٹ میں صرف ایک بیرون ملک سے آنے والی رقم کی انٹری ہے۔ 41 اعشاریہ 470 ملین رقم کی حسین نواز سے وصولی کی انٹری نہیں۔ ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں ہل میٹل سے آئے 192 ملین روپے کی انٹری نہیں۔

    اس دوران نیب پراسیکیوٹر اور خواجہ حارث کے درمیان گرما گرمی بھی ہوئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جو جواب آگیا اس پر گواہ سے بحث نہ کریں۔ یہ کوئی طریقہ نہیں آپ کا کیسا رویہ ہے؟ یہ گواہ سے بات نہیں کر سکتے عدالت کے ساتھ کریں۔

    اس سے قبل سماعت پر واجد ضیا نے عدالت کو بتایا تھا کہ حسین نواز اور ہل میٹل کی بھیجی گئی رقوم پر مبنی ٹیبل تیار کیا۔ 8.9 ملین ڈالر حسین نواز اور ہل میٹل میں 2010 سے 2015 میں بھیجے گئے، یہ رقم نوازشریف کو بھیجی گئی۔

    ان کے مطابق 88 فیصد منافع حسین نواز نے اس عرصہ میں نواز شریف کو بھجوایا، بطور تحفہ بھیجی گئی رقم منافع اور نقصان سے مطابقت نہیں رکھتی۔ 2015 میں کمپنی کو 1.5 ملین ڈالر کا نقصان ہوا، 1.5 ملین ڈالر کے نقصان کے باوجود 2.1 ملین نواز شریف کو بھیجے گئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حسن نواز نے بیان میں کہا کہ 2015 میں 8 لاکھ پاؤنڈ حسین نواز سے لیے، اس وقت کمپنی خسارے میں تھی، جے آئی ٹی اس نتیجہ پر پہنچی کہ 8 فیصد منافع نواز شریف کو گیا۔

    واجد ضیا پر مختصر جرح کے بعد عدالت نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس پر سماعت پیر تک ملتوی کردی۔ پیر کے روز واجد ضیا پر جرح کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    ایون فیلڈ ریفرنس پر سماعت جمعے تک ملتوی کردی گئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نیب کا چھاپہ : محکمہ بلدیات کے دوملازمین گرفتار، کروڑوں کی رقم، دستاویز برآمد

    نیب کا چھاپہ : محکمہ بلدیات کے دوملازمین گرفتار، کروڑوں کی رقم، دستاویز برآمد

    کراچی : قومی احتساب بیورو (نیب) نے محکمہ بلدیات کے پرسنل سیکریٹری اور سابق ایڈمنسٹریٹر کے فرنٹ مین کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے کروڑوں کی رقم، سونا اور اہم دستاویزات برآمد کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں نیب نے غیر قانونی بھرتیوں اور میگا پراجیکٹس میں کرپشن کی شکایات پر محکمہ بلدیات کے سیکریٹری اور ڈی ایم سی ویسٹ کے دفاتر پر چھاپے مارے۔

    چھاپوں کے دوران نیب ٹیم نے سابق ایڈمنسٹریٹر قمرالدین شیخ کے فرنٹ مین جاوید قمر اور پرسنل سیکریٹری محکمہ بلدیات رمضان سولنگی کو حراست میں لے کر فائلیں تحویل میں لے لیں۔

    ترجمان نیب کے مطابق سابق ایڈمنسٹریٹر قمرالدین شیخ کے فرنٹ مین جاوید قمر کو کرپشن کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے، جاوید قمر ڈائریکٹراسٹیبلشمنٹ ڈی ایم سی ویسٹ کے عہدے پر تعینات تھا۔

     نیب حکام کا کہنا ہے کہ جاوید قمر کے گھر پر چھاپے میں دو کروڑ روپے اور اہم دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں، ملزم کے قبضے سے جعلی فرمز کے نام پر بنائے گئے کاغذات بھی تحویل میں لے لئے گئے ہیں۔

    اس کے علاوہ  پرسنل سیکریٹری محکمہ بلدیات رمضان سولنگی کو اس کے دفتر سے گرفتار کیا گیا، ملزم رمضان سولنگی کے دفتر سے اس کا موبائل فون، بھاری رقم اور سونا برآمد کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نیب ٹیم چھاپہ مارنے جب سیکریٹری بلدیات کے دفتر پہنچی تو وہاں موجود عملے سے تلخ کلامی بھی ہوئی، نیب ٹیم مختلف تعمیراتی منصوبوں سے متعلق فائلیں بھی ہمراہ لے گئی، نیب نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کو بھی طلب کر لیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔