Tag: کرپشن

  • سرکاری اراضی پر بزدار ہاؤس تعمیر، عثمان بزدار کو محکمہ اینٹی کرپشن نے طلب کرلیا

    سرکاری اراضی پر بزدار ہاؤس تعمیر، عثمان بزدار کو محکمہ اینٹی کرپشن نے طلب کرلیا

    لاہور: اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو طلب کرلیا، اینٹی کرپشن کے مطابق عثمان بزدار نے کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر قبضہ کر کے بزدار ہاؤس تعمیر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری اراضی پر بزدار ہاؤس کی تعمیر کے معاملے پر اینٹی کرپشن نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو طلب کر لیا، اینٹی کرپشن پنجاب نے عثمان بزدار کو 30 مارچ کو طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے۔

    اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے فورٹ منرو میں کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر قبضہ کیا، قبضہ شدہ سرکاری اراضی کے 2 کنال رقبہ پر بزدار ہاؤس تعمیر کیا گیا۔

    اینٹی کرپشن کے مطابق اختیارات کے ناجائز استعمال اور عملے کی ملی بھگت سے 2 کنال کمرشل اراضی پر قبضہ کیا گیا۔

    اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار نے جعلسازی سے سرکاری اراضی پر قبضہ کیا اور قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔

    اینٹی کرپشن نے سابق وزیر اعلیٰ کے ساتھ ساتھ محکمہ مال کے افسران کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے اراضی و تعمیر کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔

  • سعودی عرب میں کرپشن کے خلاف بڑی کارروائی

    سعودی عرب میں کرپشن کے خلاف بڑی کارروائی

    ریاض: سعودی کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن نے سعودی عرب میں کرپشن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 142 اہلکاروں کو حراست میں لے لیا ۔

    عکاظ اخبار کے مطابق سعودی کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن(نزاھۃ) نے سعودی عرب کی 9 وزارتوں اور زکوۃ، ٹیکس و کسٹم اتھارٹی کے 142 اہلکاروں کو بدعنوانی کے الزامات میں حراست میں لیا ہے۔

    اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ مملکت بھر میں سرکاری اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور بدعنوانی کی رپورٹوں پر 1631 تفتیشی کارروائیاں کی گئی ہیں۔

    کارروائیوں کے دوران 251 اہلکاروں سے پوچھ گچھ کی گئی،  ان میں داخلہ، دفاع، نیشنل گارڈز، خارجہ، بلدیاتی و دیہی و آباد کاری امور، صحت، تعلیم، افرادی قوت و سماجی بہبود، اسلامی امور و دعوت و رہنمائی کی وزارتوں اور زکوۃ، ٹیکس و کسٹم اتھارٹی کے اہلکار شامل ہیں۔

    اینٹی کرپشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فوجداری نظام کے مطابق 142 افراد کو حراست میں لیا گیا، ان میں سے بعض کو ضمانت پر چھوڑ دیا گیا۔

    ’گرفتار شدگان پر رشوت، اثر ونفوذ کے ناجائز استعمال، منی لانڈرنگ اور جعلسازی کے الزامات ہیں۔ زیر حراست افراد کے حوالے سے قانونی کارروائی مکمل ہونے پر عدالت کے حوالے کیا جائے گا‘۔

  • سندھ سیڈ کارپوریشن میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف

    سندھ سیڈ کارپوریشن میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف

    کراچی: سندھ سیڈ کارپوریشن میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل نے سندھ سیڈ کارپوریشن کی آڈٹ رپورٹ میں کروڑوں روپے کرپشن کا انکشاف کیا ہے۔

    آڈٹ رپورٹ کے مطابق سندھ سیڈ کارپوریشن سیٹھارجہ کے فارم منیجر نے ایک کروڑ 44 لاکھ مالیت کی 2 ہزار من سے زائد کپاس چوری کر کے مارکیٹ میں بیچ دی۔

    رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ سندھ سیڈ کارپوریشن کے اعلیٰ افسران نے فارم منیجر کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔ سندھ سیڈ کارپوریشن حیدر آباد نے 2 کروڑ 38 لاکھ روپے کی ڈی اے پی کھاد خریدی لیکن وہ کھاد استعمال ہی نہیں کی گئی۔

    سندھ سیڈ کارپوریشن گھوٹکی کے فارم منیجر نے گنے اور کپاس کی پیداوار کم دکھا کر ادارے کو 4 کروڑ 7 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان دیا، تاہم ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے پانی کی کمی کی وجہ سے فصل کم آنے کا بہانہ بنا دیا گیا۔

    آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ سیڈ کارپوریشن عدم دل چسپی کی وجہ سے ادارے کی زمین کے کرایہ داروں سے 2 کروڑ 69 لاکھ روپے کی بقایا جات بھی وصول نہیں کر پایا۔

    سندھ سیڈ کارپوریشن کے ڈائریکٹر پروڈیکشن نے 11 لاکھ کا نیا ٹریکٹر اور 7 لاکھ روپے کی مشینری لودھرا فارم پر بھیجے، لیکن وہ مشینری بیچ میں کہیں غائب ہو گئی۔ اس مشینری کا ریکارڈ موجود ہے نہ مشینری۔

    رپورٹ کے مطابق ادارے نے دو سال کے بعد تحقیقات کے لیے فقط ایک کیمٹی تشکیل دی ہے جو کوئی نتیجہ نہ دے سکی۔ آڈیٹر جنرل نے اتنے بڑے نقصان کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی تجویز دے دی ہے۔

  • نیب قانون میں جرم کی تعریف تبدیل ہوگئی

    نیب قانون میں جرم کی تعریف تبدیل ہوگئی

    اسلام آباد: مجوزہ نیب قانون میں جرم کی تعریف تبدیل ہوگئی ہے، وہ جرم اور کرپشن نیب کے دائرہ کار میں آئیں گے جو 50 کروڑ سے زیادہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے نیب قانون میں متعدد ترامیم کی ہیں، جن کے نفاذ کے بعد صدر مملکت احتساب عدالت کے ججز تعینات نہیں کر سکیں گے، صدر مملکت سے ججز کی تعیناتی کا اختیار ختم کر کے وفاقی حکومت کو دے دیا گیا۔

    نیب قانون میں ترامیم کابینہ سے منظوری کے بعد اب منظوری کے لیے صدر کے پاس بجھوائے جائیں گے، صدر کے دستخط نہ کرنے کی صورت میں اگلے ہفتے جوائنٹ سیشن بلایا جائے گا۔

    مجوزہ ترامیم کے مطابق اب اگر کوئی مجرم کسی جرم کا مرتکب پایا جائے، تو اس پر اب کوئی مالی جرمانہ نہیں ہوگا، اس سے قبل کسی کو جتنی کرپشن کا مرتکب پایا جاتا، تو کم از کم اتنا جرمانہ ادا کرنا ضروری تھا۔

    حکومت نے نیا نیب ترمیمی بل تیار کر لیا

    کوئی شخص جس علاقے کی عدالتی حدود میں ملزم پایا جائے، اسے اسی صوبے کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، اس ترمیم کا بڑا فائدہ سابق صدر آصف علی زرداری کو ہوگا، اس کی باقاعدہ منظوری کے بعد آصف علی زرداری، ان کی بہن فریال تالپور، مراد علی شاہ اور درجنوں دیگر افسران کے کیسز سندھ منتقل ہو جائیں گے۔

    اب نیب کسی جرم سے متعلقہ شخص کو ہی طلب کر سکے گا، اس سے پہلے نیب کسی بھی شخص کو کسی بھی کیس سے متعلق طلب کر سکتا تھا۔

    پہلے کوئی بھی شخص اگر مطلوبہ معلومات دینے میں ناکام رہتا، تو اسے 5 سال قید بامشقت سزا دی جاتی، اب ترمیم یہ کی گئی ہے کہ یہ سزا اب اس فرد کو دی جائے گی جس پر 20 لاکھ سے زائد رقم کی منتقلی کا الزام ہوگا۔

    اس ترمیم سے کئی بڑے تاجروں اور سیاست دانوں کے نوکر مستفید ہوں گے جن پر 10 سے 15 لاکھ روپے مختلف طریقوں سے ملک سے باہر بھجوانے کا الزام ہوتا ہے۔

    ‘ہاں بالکل نیب ختم ہو گا’

    کسی ایک شخص کی پلی بارگین سے اس کیس کے دوسرے افراد پر اثر نہیں پڑے گا، اب چیئرمین نیب کو ریفرنس فائل کرنے سے پہلے تمام حقائق کو مدنظر رکھ کر پراسیکیوٹر جنرل کے ساتھ مشاورت کے بعد کسی بھی کیس کو جزوی یا کلی طور پر ختم کرنے کا اختیار ہوگا۔

    اس دوران اگر کسی عدالت میں کیس چل رہا ہے تو اسی طریقے سے وہ اس کیس کو ختم کرنے کا بھی کہہ سکتا ہے۔

  • 33 کروڑ روپے کی کرپشن میں ملوث محکمہ صحت کا سینئر کلرک گرفتار

    33 کروڑ روپے کی کرپشن میں ملوث محکمہ صحت کا سینئر کلرک گرفتار

    لاہور: 33 کروڑ روپے کی کرپشن میں ملوث محکمہ صحت کا سینئر کلرک گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب نے محکمہ صحت کے ایک سینئر کلرک محمد نواز کو بڑی کرپشن پر راجن پور سے گرفتار کر لیا۔

    محمد نواز نے بطور سینئر کلرک سی ای او ہیلتھ آفس راجن پور میں کرپشن کی، محمد نواز پر الزام ہے کہ انھوں نے ادویات کی خریداری میں لوکل کمپنیوں کا انتخاب کیا اور بھاری کمیشن وصول کی۔

    اینٹی کرپشن کے مطابق 2012 میں طبی آلات کی فرضی خریداری سے بھی محمد نواز نے قومی خزانے کو 5 کروڑ کا نقصان پہنچایا۔

    اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ کلرک محمد نواز نے سی ای او ہیلتھ راجن پور کی ملی بھگت سے 50 لاکھ روپے کی کرپشن کی، فرنیچر کی خریداری میں ملزم نے سرکار کو 25 لاکھ روپے کا چونا لگایا۔

  • ابھی تک کسی پارٹی ممبر یا اتحادیوں کو کال نہیں آئی کہ یہ نہ کریں: شہباز شریف

    ابھی تک کسی پارٹی ممبر یا اتحادیوں کو کال نہیں آئی کہ یہ نہ کریں: شہباز شریف

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل سے ہم نے کرپشن کے خاتمے کا کبھی ڈھنڈورا نہیں پیٹا، ہم نے عوام کے منصوبوں میں کئی اربوں کی بچت کی لیکن پیسے بچانے پر کبھی ڈھنڈورا نہیں کیا۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا متحدہ اپوزیشن نے مجھے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سونپا تو یہ مہربانی ہے، متحدہ اپوزیشن کی حکومت آئی تو سب سے پہلے غریب کی زندگی بہتر کریں گے۔

    شہباز شریف نے کہا ابھی تک کسی پارٹی ممبر یا اتحادیوں کو کال نہیں آئی کہ یہ نہ کریں، انتظامیہ اور پولیس کو کہا ہے ووٹنگ کے دن سپریم کورٹ فیصلے پر عمل نہ کیا تو ہم سب کو ذمہ دار ٹھہرائیں گے، ممبرز کو پرامن ووٹنگ میں رکاوٹ ہوئی تو ہم خط لکھیں گے۔

    انھوں نے کہا آج عمران نیازی کی حالت ڈوبتے کو تنکے کا سہارا جیسی ہے، سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں ایک لفظ سازش کا نہیں ہے، آج کل عمران بھارتی پالیسی کی تعریف کر رہے ہیں، بھارت سے متعلق نیوٹرل کی الگ اور اپنوں کی نیوٹرل کی تشریح کچھ کرتے ہیں۔

    دریں اثنا، پریس کانفرنس کے دوران ہی شہباز شریف کو نواز شریف کا فون آ گیا، انھوں نے فون پر بات سنی پھر کہا پریس کانفرنس کے بعد اتحادیوں سے مشاورت کروں گا، بعد ازاں صحافیوں کے سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا نواز شریف اپنے علاج کے بعد جلد از جلد پاکستان آئیں گے۔

  • 2021 کا کرپٹ ترین شخص کون؟

    2021 کا کرپٹ ترین شخص کون؟

    ہر سال کے اختتام پر جب ہم پیچھے مڑ کر دیکھتے ہیں تو اپنے اعمال اور کارکردگی کا حساب کرنے کی کوشش کرتے ہیں، کوئی نیک نامی پاتا ہے تو کوئی بدنامی۔

    سال 2021 میں اگر اگر کچھ عظیم لوگوں نے ہمارا ساتھ چھوڑا، اور کچھ نے نمایاں کارنامے انجام دیے، تو کچھ لوگوں نے غلط کاموں میں بھی بڑا نام کمایا۔

    ایسے ہی، آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پروجیکٹ (او سی سی آر پی) نے سال 2021 کے کرپٹ ترین شخص کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔

    بیلاروس کے صدر الیگزینڈر جی لوکاشینکو

    یورپی ملک بیلاروس کے صدر الیگزینڈر جی لوکاشینکو کو منظم مجرمانہ سرگرمیوں اور بدعنوانی کو آگے بڑھانے پر 2021 کا ‘کرپٹ پرسن آف دی ایئر’ قرار دیا گیا ہے۔

    وہ شخصیات جو 2021 میں ہم سے بچھڑ گئیں

    رپورٹ کے مطابق بدعنوانی کے بارے میں مطالعہ کرنے اور رپورٹ کرنے والے 6 صحافیوں کے ایک پینل نے دنیا بھر سے 1167 نامزد افراد میں سے بیلاروسی صدر کا انتخاب کیا۔

    کرپٹ پرسن آف دی ایئر عالمی ایوارڈ کے دس برسوں میں یہ پہلا موقع ہے جب یہ فیصلہ متفقہ تھا۔ رواں سال کے دیگر کرپٹ ترین شخصیات میں افغانستان کے سابق صدر اشرف غنی، شام کے صدر بشارالاسد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

  • بھارت: گھر کی پائپ لائن سے پانی کی جگہ لاکھوں روپے نکل آئے (ویڈیو)

    بھارت: گھر کی پائپ لائن سے پانی کی جگہ لاکھوں روپے نکل آئے (ویڈیو)

    کرناٹک: بھارت میں ایک سرکاری افسر کے گھر کی پائپ لائن سے لاکھوں روپے برآمد کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع کلبرگی میں پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کے ایک افسر شانتھا گاؤدا برادر نے کرپشن کی رقم چھپانے کے لیے اپنے گھر میں خصوصی طور پر ایک الگ پائپ لائن بنائی تھی۔

    تاہم، پی ڈبلیو ڈی کے انجینئر کی یہ چالاکی کام نہ آ سکی، جب اینٹی کرپشن بیورو کے حکام نے خفیہ اطلاع پر چھاپا مارا تو گھر کی اچھی طرح تلاشی کے بعد آخر کار چھپائی گئی رقم برآمد کر لی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق انجینئر شانتھا گاؤدا نے پائپ لائن میں 25 لاکھ روپے کے نوٹ چھپا رکھے تھے، پائپ لائن توڑی گئی تو اس میں سے بڑی مقدار میں سونا بھی نکل آیا۔

    اینٹی کرپشن کے حکام نے تلاشی کے دوران جب معلوم کیا کہ نوٹ پائپ لائن میں ہیں، تو ایک پلمبر کو بلایا گیا، جس نے پائپ لائن کھول کر پیسے برآمد کر لیے۔

    چھاپے کے دوران بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حکام اور پلمبر پائپوں کے حصے ہٹا رہے ہیں اور اندر سے نوٹوں کی گڈیاں نکل رہی ہیں، بظاہر یہ پائپ دکھاوے کے لیے تھے تاکہ غیر قانونی رقم چھپائی جا سکے۔

  • سعودی عرب: ملک کے مشہور کرپشن کیسز کے بارے میں ڈرامہ

    سعودی عرب: ملک کے مشہور کرپشن کیسز کے بارے میں ڈرامہ

    ریاض: سعودی عرب میں ملک کے مشہور کرپشن کیسز کے بارے میں ڈرامہ دکھایا جارہا ہے، ڈرامے کا مقصد لوگوں کو کرپشن کے تباہ کن اثرات سے آگاہی دلانا اور ادارہ انسداد کرپشن کی کوششوں کو اجاگر کرنا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی ٹی وی چینل پر ملک میں پکڑے جانے والے مشہور کرپشن کیسز کے بارے میں ڈرامہ دکھایا جائے گا۔

    ٹی وی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرامے کی تیاری ادارہ انسداد کرپشن کے تعاون سے کی گئی ہے۔

    ادارے نے اس سے پہلے کرپشن کے جو مشہور کیسز پکڑے ہیں اور جن میں ملوث افراد مختلف سرکاری محکموں میں اونچے عہدوں پر فائز تھے، ان کو سامنے رکھتے ہوئے ڈرامہ تیار کیا گیا ہے۔

    ڈرامے کا مقصد لوگوں کو کرپشن کے تباہ کن اثرات سے آگاہی دلانا اور ادارے کی کوششوں کو اجاگر کرنا ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈرامے کے بعض مناظر حقیقی ہیں جن میں ملوث افراد کو پکڑتے اور کرپشن سے حاصل ہونے والی دولت کو ضبط کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

  • عمر اکمل نے معافی مانگ لی

    عمر اکمل نے معافی مانگ لی

    لاہور: عمر اکمل نے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا، اور سب سے معافی مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹر عمر اکمل نے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا، انھوں نے کہا کہ 17 ماہ قبل مجھ سے ایسی غلطی ہوئی جس سے کرکٹ اور میرے کیریئر کو نقصان ہوا۔

    انھوں نے کہا کہ غلطی یہ تھی کہ کچھ لوگوں نے مجھ سے رابطہ کیا جسے میں وقت پر رپورٹ نہ کر سکا، میں اعتراف کرتا ہوں کہ میری غلطی کی وجہ سے پاکستان کی کرکٹ کی بدنامی ہوئی۔

    عمر اکمل نے جرمانہ ادا کر دیا

    وکٹ کیپر بیٹسمین نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ، اپنی فیملی اور دنیا بھر میں کرکٹ فینز سے معافی مانگتا ہوں۔

    عمر اکمل نے ویڈیو پیغام میں یہ اعتراف کیا کہ ان سے کچھ لوگوں نے رابطہ کیا تھا لیکن انھوں نے بروقت پی سی بی اینٹی کرپشن کو اس کے بارے میں نہیں بتایا، انھوں نے کہا کہ فکسنگ کی پیش کش کے بارے میں بروقت نہ بتانے پر مجھے 12 ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔

    انھوں نے کھلاڑیوں کے لیے پیغام دیا کہ وہ ملک اور کھیل کے سفیر ہیں، انھیں کسی بھی مشکوک سرگرمی سے دور رہنا چاہیے، کوئی مشکوک شخص ان سے رابطہ کرتا ہے تو پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کیا جائے۔