Tag: کرپشن

  • کراچی: کرپشن کا الزام، میونسپل کمشنر اور ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ معطل

    کراچی: کرپشن کا الزام، میونسپل کمشنر اور ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ معطل

    کراچی: کرپشن کے الزامات پر محکمہ بلدیات سندھ نے ایک میونسپل کمشنر اور ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ کو معطل کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق غیر قانونی طریقے سے من پسند کمپنیوں کو اشتہارات کے ٹھیکے دینے اور سرکاری فیس وصولی میں خرد برد کے معاملے پر محکمہ بلدیات سندھ نے ایکشن لے لیا ہے۔

    سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی پر ضلع شرقی کے میونسپل کمشنر وسیم سومرو اور ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ جاوید کلوڑ کو معطل کر دیا گیا۔

    سیکریٹری محکمہ بلدیات نے معطلی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا، افسران کے خلاف الزامات کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئیں۔

    دونوں افسران کو ضلع شرقی میں من پسند کمپنی کو مجاز اٹھارٹی کی اجازت کے بغیر اشتہارات کے ٹھیکے دینے پر معطل کیا گیا ہے، نوٹی فکیشن میں معطل افسران کو سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ رپورٹ کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا۔

    کراچی میں انتظامی تبدیلیاں بھی بہتری نہ لا سکیں، فنڈز میں‌ خرد برد کا انکشاف

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پر ٹھیکے کی اجازت میں صوبائی لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے شقوں کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

    مذکورہ افسران پر من پسند کمپنی کو ٹھیکے دینے کے ساتھ سرکاری فیس کی وصولی میں کمپنی کو فائدہ پہنچانے اور فیس وصولی میں خرد برد کا بھی الزام ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق افسران نے کم رقم کے چالان جاری کیے جس سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا۔

    دونوں افسروں کو جلد چارج شیٹ دی جائے گی، ذرایع کا کہنا ہے کہ بلدیہ شرقی میں غیر قانونی طور پر لگائے گئے اشتہاری بورڈز، ان کے ٹھیکوں اور فنڈز میں کرپشن پر محکمہ اینٹی کرپشن کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔

  • سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں 100 ارب روپے کی کرپشن کا انکشاف

    سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں 100 ارب روپے کی کرپشن کا انکشاف

    کراچی: سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں 100 ارب کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، 18 سالوں میں ادارے میں کرپشن کی وجہ سے غیر قانونی تعمیرات میں بے تحاشہ اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں 100 ارب کی کرپشن بے نقاب ہوگئی، سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ 59 صفحات پر مشتمل رپورٹ تیار کرلی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 3 سابق ڈائریکٹر جنرل سمیت 128 افسران کرپشن میں ملوث رہے، زمینوں کے انتقال کی فیس کی مد میں 27 ارب کی خرد برد کی گئی۔ رپورٹ میں کرپشن میں ملوث 4 افسران کو نوکری سے برخاست کرنے کی سفارش کی گئی۔

    رپورٹ میں 775 افسران کے براہ راست ملوث ہونے پر سخت کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 18 سالوں میں ادارے میں کرپشن کی وجہ سے غیر قانونی تعمیرات میں بے تحاشہ اضافہ ہوا، غیر قانونی تعمیرات کے لیے علاقوں کو ٹھیکے پر دیا جاتا تھا۔ نچلی سطح سے لے کر ڈائریکٹر جنرل تک غلط کاموں میں ملوث ہوتے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق ادارے کی خرابی کے نتیجے میں 97 ہزار سے زائد غیر قانونی تعمیرات تاحال موجود ہیں، گزشتہ 3 سال میں 32 سو سے زائد غیر قانونی تعمیرات کروائی گئیں۔

  • نیب: عثمان بزدار اور پنجاب حکومت کے خلاف ایک اور کرپشن کیس میں تحقیقات

    نیب: عثمان بزدار اور پنجاب حکومت کے خلاف ایک اور کرپشن کیس میں تحقیقات

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور پنجاب حکومت کے خلاف ایک اور کرپشن کیس میں تحقیقات میں پیش رفت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے آرمی شہدا کے ورثا کو مختص اراضی سرکاری افسران کو الاٹ کرنے کی تحقیقات جاری ہیں، نیب نے اس سلسلے میں چیف سیکریٹری پنجاب سے زمین الاٹ کرنے پر تمام تر ریکارڈ طلب کر لیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ نیب اسلام آباد نے چیف سیکریٹری کو الاٹمنٹ کے طریقے کار اور رپورٹ فراہم کرنے کے لیے خط لکھا ہے، پنجاب حکومت انکوائری سے بچنے کے لیے تاحال نیب کو رپورٹ دینے میں ناکام رہی ہے۔

    ذرایع کے مطابق جنوبی پنجاب میں 4 ارب کی سیکڑوں ایکڑ اراضی الاٹ کرنے کی منظوری دی گئی تھی، کابینہ ارکان کی مخالفت کے باوجود وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے بیوروکریٹس کو الاٹمنٹ کی منظوری دی۔

    نیب شراب لائسنس کیس میں عثمان بزدار کے جواب سے غیر مطمئن

    ذرایع نے مزید بتایا کہ فائدہ اٹھانے والوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے پرسنل اسٹاف افسر عامر کریم بھی شامل ہیں، مستفید ہونے والے دیگر افراد میں احمد نواز سکھیرا، فیصل ظہور، اشفاق احمد اور گریڈ 20 کے فدا حسین بھی شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف شراب لائسنس کیس میں بھی تفتیش جاری ہے، 19 اگست کو نیب نے عثمان بزدار کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا، اس کیس میں ان کی طلبی کا پھر امکان ہے۔

  • ایف بی آر کا کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف گھیرا تنگ

    ایف بی آر کا کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف گھیرا تنگ

    اسلام آباد: ممبر ایف بی آر ایڈمنسٹریشن بختیار محمد کا کہنا ہے کہ کرپشن میں ملوث 10 افراد کو برطرف کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ایف بی آر ندیم رضوی نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ ایف بی آر کے اندر کرپشن کی تحقیقات کے لیے سیل موجود ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ کوئی بھی شکایت پر انٹگریٹی مینجمنٹ سیل تحقیقات کرتا ہے،شکایات عموماً نامعلوم افراد کی طرف سے ہوتی ہیں۔

    میڈیا بریفنگ کے دوران ممبر ایڈمنسٹریشن ایف بی آر بختیار محمد نے کہا کہ کرپشن کی شکایات پر اسکروٹنی کے بعد تحقیقات کا فیصلہ ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر میں نئی ٹیم جولائی میں آئی،یکم جولائی سے 76 افراد کے خلاف کارروائی ہوئی،دس افراد کو برطرف کیا گیا۔

    بختیار محمد کا کہنا تھا کہ گریڈ 20 کے 2 افسران کی تحقیقات کے لیے وزیراعظم سے اجازت لی گئی،گریڈ 21 کے ایک افسر کے خلاف اندرونی تحقیقات جاری ہیں۔

    ممبر ایڈمنسٹریشن ایف بی آر کا کہنا تھا کہ اب سے کرپشن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    بختیار محمد نے کہا کہ سابق ممبرکسٹم کے حوالے سے ایف بی آر کو شکایت نہیں ملی، 300 کنٹینرز معاملے پر وزیر اعظم نے تحقیقات کی ہدایت کی تھی،اس میں سابق ممبر کسٹم کا نام نہیں آیا،300کنٹینرز کے حوالے سے جے آئی ٹی کی کوئی رپورٹ نہیں آئی۔

  • مریم نواز کا نیب کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ

    مریم نواز کا نیب کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے نیب کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے ذرایع نے بتایا کہ مریم نواز نیب کے سامنے پیش ہوں گی، نیب کے سامنے پیشی کا فیصلہ وکلا، اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

    پارٹی ذرایع کے مطابق مریم نواز قافلے کی صورت جاتی امرا سے نیب آفس ٹھوکر نیاز بیگ پہنچیں گی، اس سلسلے میں لیگی کارکنوں کو منگل کی صبح 9 بجے جاتی امرا پہنچنے کی ہدایت کی جائے گی، لیگی رہنما اور کارکنان گاڑیوں کے قافلے میں مریم نواز کے ہمراہ نیب دفتر جائیں گے۔

    واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو نے مریم نواز کو 11 اگست کو دن 11 بجے طلب کیا ہے، نیب لاہور مریم نواز کی 200 ایکڑ اراضی کے حوالے سے تحقیقات کر رہا ہے۔

    اس سلسلے میں نیب کی جانب سے ایک سوال نامہ بھی تیار کیا گیا ہے، جس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحب زادی سے کہا گیا ہے کہ زمین کی خرید و فروخت کی تمام تفصیلات نیب کو فراہم کی جائیں۔

    مریم نواز کی نیب میں طلبی، سوال نامہ تیار

    نیب نے سوال کیا ہے کہ زمین کی خریداری کے لیے فنڈز کب اور کہاں سے مینج ہوئے، مذکورہ اراضی کی خریداری کے لیے ڈیوٹی، ٹیکس کی تفصیلات دی جائیں، سوال نامے کے مطابق اراضی میں سے کوئی حصہ فروخت کیا گیا ہو تو اس کی بھی تفصیلات مانگی گئی ہیں، نیب نے کہا ہے کہ اراضی اگر ایگریکلچر یا کمرشل استعمال میں آئی ہے تو اس کی بھی تفصیلات دی جائیں۔

    یاد رہے کہ نیب نے مریم نواز کو رائے ونڈ جاتی عمرہ کے علاقے میں 200 ایکڑ اراضی غیر قانونی طور پر اپنے نام منتقل کرنے کے الزام میں طلب کیا ہے، ذرایع کے مطابق 2014 میں رائے ونڈ میں مریم نواز کے نام 2 سو ایکڑ زمین منتقل کی گئی۔

  • پنجاب کو ذاتی جاگیر سمجھنے والوں نے کرپشن کی حدود عبور کیں،سیف اللہ نیازی

    پنجاب کو ذاتی جاگیر سمجھنے والوں نے کرپشن کی حدود عبور کیں،سیف اللہ نیازی

    لاہور: چیف آرگنائزر پی ٹی آئی سیف اللہ نیازی نے کہا ہے کہ پنجاب کو ذاتی جاگیر سمجھنے والوں نے کرپشن کی حدود عبور کیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف آرگنائزر پی ٹی آئی سیف اللہ نیازی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں سیاسی صورتحال، انتظامی معاملات سمیت تنظیمی امور اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر بھی بات چیت کی گئی۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پروپیگنڈا کرنے والے عناصر پہلے کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے، منفی سیاست کا جواب عوامی خدمت سے دیں گے۔

    دوسری جانب سیف اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ صوبے کو ذاتی جاگیر سمجھنے والوں نے کرپشن کی حدود عبور کیں، اسٹیٹس کو پنجاب میں سیاسی عدم استحکام کو ہوا دینا چاہتا ہے۔

    چیف آرگنائزر پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سیاسی بیروزگاروں کو پنجاب کو تختہ مشق بنانے کی اجازت نہیں دیں گے،سیاسی شرارتوں کا ڈٹ کر مقابلہ اور بھرپور جواب دیں گے۔

  • ظاہر پیر سی پیک انٹر چینج پر روزانہ 15 لاکھ روپے کی کرپشن کا انکشاف

    ظاہر پیر سی پیک انٹر چینج پر روزانہ 15 لاکھ روپے کی کرپشن کا انکشاف

    لاہور: ظاہر پیر سی پیک انٹر چینج پر میگا کرپشن کا انکشاف، ٹھیکیدار مال بردار گاڑیوں اور مسافر بسوں کو روک کر پیسے وصول کر رہے ہیں، روزانہ 15 لاکھ روپے کی کرپشن کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے شہر ظاہر پیر میں سی پیک انٹر چینج پر میگا کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، مذکورہ مقام پر اوور لوڈڈ گاڑیوں کو جانے سے روکنے کے لیے 17 وے اسٹیشن بنا دیے گئے۔

    حکومت کی جانب سے ٹھیکیدار کو فی اے اسٹیشن 4 لاکھ ادا کیے جا رہے ہیں تاہم ٹھیکیدار نے کانٹا سسٹم کو کمائی کا ذریعہ بنالیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مال بردار گاڑیوں کے ساتھ مسافر بسوں کو بھی روکا جارہا ہے، 17 وے اسٹیشز پر روزانہ 15 لاکھ کی کرپشن ہورہی ہے۔

    ٹرانسپورٹرز نے اپیل کی ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نوٹس لے کر ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کرے۔

  • نیب کو سندھ کے ایک افسر کی تلاش، افسر غائب

    نیب کو سندھ کے ایک افسر کی تلاش، افسر غائب

    کراچی: نوری آباد پاور پلانٹ کرپشن کیس کے سلسلے میں قومی احتساب بیورو (نیب) کو سابق سیکریٹری توانائی کی تلاش ہے لیکن ان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ مبینہ طور پر غائب ہو گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے گریڈ 20 کے افسر سابق سیکریٹری توانائی آغا واصف مبینہ طور پر غائب ہو گئے ہیں، ذرایع نے بتایا ہے کہ آغا واصف نوری آباد پاور پلانٹ کرپشن الزام کے بعد 6 ماہ کی چھٹی پر چلے گئے تھے۔

    آغا واصف کو مبینہ کرپشن الزامات کے باعث 21 گریڈ میں ترقی بھی نہیں مل سکی تھی۔

    آغا واصف کی چھٹی ختم ہونے پر سندھ حکومت نے ان کی خدمات وفاق کے سپرد کر دی تھیں، تاہم بتایا جا رہا ہے کہ انھوں نے تاحال وفاق کو رپورٹ نہیں کی اور اس کی بجائے وہ مبینہ طور پر غائب ہو گئے ہیں۔

    فشریز کے سابق چیئرمین نثار مورائی کے گرد نیب کا شکنجہ مزید سخت

    ادھر نیب سندھ کی جانب سے سیکریٹری سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن کو ایک خط میں لکھا گیا ہے کہ نوری آباد توانائی منصوبے کا پورا ریکارڈ نہیں ملا، بتایا جائے کہ سابق سیکریٹری توانائی آغا واصف کس عہدے پر اور کہاں تعینات ہیں۔

    تاہم چیف سیکریٹری نے نیب سندھ کو جواب میں کہا ہے کہ آغا واصف کی خدمات کئی ماہ قبل صوبے سے وفاق کے سپرد کر دی گئی تھیں۔

  • نیب نے نور الحق قادری کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا

    نیب نے نور الحق قادری کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا

    راولپنڈی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے نور الحق قادری کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نور الحق قادری کے خلاف نیب نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا، نیب نے حج کی اشتہاری مہم میں مبینہ بے ضابطگیوں کی بھی چھان بین کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    نیب کی جانب سے گزشتہ 2 سال کی اشتہاری مہم کا مکمل ریکارڈ حاصل کیا جائے گا، اشتہاری ایجنسیوں اور پی آئی ڈی سے بھی ریکارڈ لیا جائے گا، حج اشتہاری مہم کی چھان بین کا فیصلہ مبینہ بے ضابطگیوں پر کیا گیا۔

    وزیر کے خلاف سرکاری عمارت بزنس پارٹنر کو کرائے پر دینے کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے، اس سلسلے میں اختیارات کے غلط استعمال کی شکایت پر چیئرمین نیب نے معاملے کی جانچ پڑتال کا حکم دیا تھا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ نیب کا شکایات سیل نورالحق قادری کے اثاثوں کی مکمل معلومات حاصل کرے گا، شکایات کی مکمل تصدیق کے بعد باقاعدہ انکوائری شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

    حلیم عادل شیخ کا ملیر کی 253 ایکڑ زمین پر قبضے اور بیچنے کا انکشاف

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کے ستارے بھی گردش میں آ گئے ہیں، اینٹی کرپشن کے بعد اب قومی احتساب بیورو (نیب) نے بھی ان کے خلاف گھیرا تنگ کر لیا۔ حلیم عادل شیخ پر ملیر کی 253 ایکڑ سرکاری زمین پر قبضے اور غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کا الزام ہے۔

  • بھارتی کرکٹ میں کرپشن: ویرات کوہلی کا بڑا انکشاف

    بھارتی کرکٹ میں کرپشن: ویرات کوہلی کا بڑا انکشاف

    نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے انکشاف کیا کہ اسٹیٹ کرکٹ ٹیم میں سلیکشن کے لیے میرے والد سے پیسے مانگے گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سنیل چھتری کے ساتھ سوشل میڈیا کی ویب سائٹ انسٹا گرام لائیو میں ویرات کوہلی نے سنسنی خیز انکشاف کیا کہ ایک وقت میں اسٹیٹ کرکٹ ٹیم میں سلیکشن کے لیے میرے والد سے پیسے مانگے گئے تھے۔

    بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ اسٹیٹ کرکٹ میں ایک بار کوئی آگے آیا اور میرے والد سے کہا کہ سلیکشن کا کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن اس کے لیے انہیں کچھ اور کرنا پڑے گا،یعنیٰ وہ رقم مانگ رہے تھے۔

    ویرات کوہلی نے کہا کہ ان کے والد محنت کر کے وکیل بنے اور محنت کرنے والوں کو یہ سب سمجھ نہیں آتا۔کوہلی کا کہنا تھا کہ ان کے والد نے کوچ کو صاف کہہ دیا کہ ان کا بیٹا خود ہی کچھ اپنے دم پر کرےگا، مگر اس طرح نہیں کھیلے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس وقت میں بہت رویا لیکن والد نے کہا کہ وہ کرو جو کوئی نہیں کر رہا ہے اور میں یہ بات ہمیشہ گانٹھ باندھ کر رکھی۔ لائیو سیشن کے دوران سنیل چھتری کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ سچن ٹنڈولکر کا پیڈل اسکوپ چوری کرنا چاہتے ہیں۔

    سنیل چھتری نے ویرات کوہلی سے سوال کہا کہ اگر آپ کو آخری گیند پر تین رنز درکار ہیں تو وقار یونیس اور شین وارن میں سے کس باؤلر کا انتخاب کریں گے جس پر انہوں نے وقار یونس کا نام لیتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ میں ان کی گیند پر ہٹ مار دوں گا۔