Tag: کرکٹر انتقال

  • یومِ‌ وفات:‌ فضل محمود ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹوں کا ہدف عبور کرنے والے پہلے پاکستانی تھے

    یومِ‌ وفات:‌ فضل محمود ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹوں کا ہدف عبور کرنے والے پہلے پاکستانی تھے

    30 مئی 2005ء کو پاکستان کے معروف کرکٹر فضل محمود لاہور میں وفات پاگئے تھے۔ آج فضل محمود کی برسی ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ کے آغاز میں انھوں نے اپنی کارکردگی سے پاکستان کو جو کام یابیاں دلوائیں، وہ یادگار ثابت ہوئیں۔ بھارت کے خلاف لکھنؤ ٹیسٹ میں پاکستان کی پہلی کام یابی ہو یا اوول کی شان دار فتح، فضل محمود نے نمایاں‌ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور آگے رہے۔

    پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹر کی حیثیت سے شہرت حاصل کرنے والے فضل محمود 18 فروری 1927ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ اسلامیہ کالج لاہور سے گریجویشن اور پنجاب یونیورسٹی سے معاشیات میں ایم اے کیا۔ 1943ء سے انھوں نے کرکٹ کھیلنا شروع کیا اور 1952ء میں بھارت کا دورہ کرنے والی پاکستان کی پہلی کرکٹ ٹیم کے رکن منتخب ہوئے۔

    فضل محمود نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 34 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 139 وکٹیں حاصل کیں۔ انھوں نے 10 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی قیادت کی بھی کی تھی۔ وہ پاکستان کے پہلے کپتان تھے جنھوں نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں کام یابی حاصل کی تھی۔

    فضل محمود پاکستان کے پہلے کھلاڑی تھے جنہیں کرکٹ کے کھیل کے لیے مشہور کتاب وزڈن نے سال کے پانچ بہترین کھلاڑیوں میں شمار کیا۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹوں کا ہدف عبور کرنے والے بھی پہلے پاکستانی کھلاڑی تھے۔

    حکومتِ پاکستان نے فضل محمود کو صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی عطا کیا تھا۔

  • یومِ وفات: ایم ای زیڈ غزالی نے کرکٹ کی دنیا میں‌ کون سا منفرد ریکارڈ بنایا؟

    یومِ وفات: ایم ای زیڈ غزالی نے کرکٹ کی دنیا میں‌ کون سا منفرد ریکارڈ بنایا؟

    محمد ابراہیم زین الدّین غزالی پاکستان کے سابق مڈل آرڈر بیٹسمین اور آف بریک بائولر تھے جو ایم ای زیڈ غزالی کے نام سے مشہور ہیں۔

    کرکٹ کے کھیل کی تاریخ میں وہ اپنے ایک منفرد اعزاز کی وجہ سے آج بھی یاد کیے جاتے ہیں۔ انھیں یہ منفرد اعزاز حاصل رہا کہ وہ اولڈ ٹریفرڈ (مانچسٹر) میں انگلینڈ کے خلاف میچ کھیلتے ہوئے دونوں اننگز میں صفر کے اسکور پر آئوٹ ہوئے۔ یوں ایم ای زیڈ غزالی پاکستانی ٹیم کے وہ کھلاڑی بنے جس نے اپنے ملک کی جانب سے پہلا ’’پیئر‘‘ بنانے کا ریکارڈ قائم کیا۔ یہ میچ 24 جولائی 1954ء کو کھیلا گیا تھا۔

    ایم ای زیڈ غزالی 26 اپریل 2003ء کو کراچی میں وفات پاگئے تھے۔ انھیں کراچی میں ڈیفنس سوسائٹی کے قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔ آج کرکٹ کے کھیل میں پیئر بنانے کا ریکارڈ قائم کرنے والے اس کھلاڑی کا یومِ وفات ہے۔

    ایم ای زیڈ غزالی 15 جون 1924ء کو بمبئی میں پیدا ہوئے اور تقسیمِ ہند کے بعد پاکستان آگئے۔ انھوں نے 1954ء میں پاکستانی ٹیم کے رکن کی حیثیت سے انگلینڈ کا دورہ کیا۔ کُل دو ٹیسٹ میچز کھیلنے والے اس کھلاڑی کے منفرد ریکارڈ میں دونوں صفروں میں صرف دو گھنٹے کا وقفہ تھا جو کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے ٹیسٹ میچ میں سب سے تیز رفتار پیئر بنانے کا عالمی ریکارڈ ہے۔