Tag: کرکٹ کی خبریں

  • ورلڈ کپ2019: آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو 41 رنز سے شکست

    ورلڈ کپ2019: آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو 41 رنز سے شکست

    ٹاؤنٹن: ورلڈ کپ2019 کے اہم میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو  41 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق  308 رنز کا تعاقب کرنے والی پاکستانی ٹیم کو میگا ایونٹ میں دوسری بار شکست کی ہزیمت اٹھانے پڑی۔فاسٹ بولر محمد عامر کی پانچ وکٹیں ضایع گئیں۔

    ٹاؤنٹن کے میدان میں پاکستانی ٹیم308رنز کےہدف کےتعاقب میں 266رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ صرف امام الحق نے نصف سنچری اسکور کی۔ فخر  زمان  اور شعیب ملک صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ آصف علی  بھی بری طرح ناکام ہوئے۔ محمد حفیظ، سرفراز احمد، حسن علی اور وہاب ریاض کی مختصر، مگر ذمے داری اننگز  رائیگاں گئیں۔

    قبل ازیں محمد عامر کی شان دار بولنگ کے طفیل پاکستان نے دفاعی چیمپین آسٹریلیا کو  307  تک محدود کر  دیا تھا۔

    پاکستان نے ٹاس جیت کر  بولنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا نے اپنی اننگز کا اغاز اعتماد کے ساتھ کیا، سوائے عامر کے دیگر بولرز رنگ نہیں جما سکے۔

    محمد آصف نے تین کیچز ڈراپ کیے اور یوں لگانے لگا کہ آسٹریلیا بہ آسانی 350 کا سنگ میل عبور کر جائے گا۔ البتہ پھر پاکستان نے کم بیک کیا۔

    ڈیوڈ وارنر 107 اور ارون فنچ 82ر نز بناکر نمایاں رہے، محمدعامر نے10 اوورز میں 30رنز دے کر 5کھلاڑیوں کوآؤٹ کی۔

    میچ کے آغاز سے قبل سرفراز احمد نے کہا تھا کہ پچ گرین لگ رہی ہے، فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے، پریکٹس میں کافی محنت کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میچ میں سیاہ پٹی پہن کر اترے گی، پاکستانی ٹیم امپائر ریاض الدین کو خراج عقیدت پیش کرے گی۔

    آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم اچھی ہے، امید ہے اچھا مقابلہ ہوگا۔ کوشش کریں گے پاکستان ٹیم کو بڑا ہدف دیں۔ ’ہم بھی ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ کرتے‘۔

    خیال رہے کہ رواں برس ہونے والے ورلڈ کپ کو بارش نے شدید متاثر کیا ہے، یکے بعد دیگرے میچز بارش کی زد میں آرہے ہیں۔ اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کا میچ بھی بارش کے باعث منسوخ ہوچکا ہے جبکہ بارش کے باعث میچز میں تاخیر اور مختصر اوورز کا کھیل بھی معمول کی بات بن گیا ہے۔

    اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے کئی میچز بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں، جبکہ مزید میچز کی منسوخی کا بھی خدشہ ہے۔

    آج کے میچ کے لیے قومی اسکواڈ میں سرفراز احمد (کپتان)، امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی، وہاب ریاض، حسن علی، شاہین آفریدی اور محمد عامر شمال تھے۔

    آسٹریلیا کی ٹیم میں ایرون فنچ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، اسٹیون اسمتھ، شان مارش، گلن میکس ویل، ایلکس کرے، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور کین اینڈرسن شامل تھے۔

  • ورلڈ کپ 2019: بنگلہ دیش اور سری لنکا کا میچ بھی بارش کی نذر

    ورلڈ کپ 2019: بنگلہ دیش اور سری لنکا کا میچ بھی بارش کی نذر

    برسٹل: ورلڈ کپ 2019 میں آج کھیلا جانے والا بنگلہ دیش اور سری لنکا کا میچ بھی بارش کی باعث منسوخ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق برسٹل میں بادل پھر برس پڑے، بنگلہ دیش اور سری لنکا کا میچ بھی منسوخ ہوگیا، بارش کے باعث ٹاس بھی نہ ہوسکا، دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

    ورلڈ کپ 2019 سب سے زیادہ میچز منسوخ ہونے والا ورلڈ کپ بن گیا۔

    بارش سے متاثر ہونے والا یہ پہلا میچ نہیں، رواں برس ہونے والے ورلڈ کپ کو بارش شدید متاثر کر رہی ہے۔ یکے بعد دیگرے میچز بارش کی زد میں آرہے ہیں۔

    اس سے قبل پاکستان، سری لنکا اور جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز کا میچ بھی بارش کے باعث منسوخ ہوچکا ہے جبکہ بارش کے باعث میچز میں تاخیر اور مختصر اوورز کا کھیل بھی معمول کی بات بن گیا ہے۔

    اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے کئی میچز بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں، جب کہ مزید میچز کی منسوخی کا بھی خدشہ ہے.

    سوشل میڈیا پر بارش کو آئی سی سی ورلڈکپ کی گیارہویں ٹیم قرار دیا جارہا ہے، شائقین کو تشویش ہے کہ کہیں یہی ٹیم ورلڈ ٹرافی اپنے نام نہ کر لے.

    بارش سے ٹیموں کو نقصان ہورہا ہے، ڈک ورتھ لوئس قانون سے کمزورٹیم بھی فائدہ اٹھا رہی ہے۔

  • ورلڈ کپ 2019، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا میچ بارش کے باعث منسوخ‌ کردیا گیا

    ورلڈ کپ 2019، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا میچ بارش کے باعث منسوخ‌ کردیا گیا

    ساؤتھ ہیمپٹن: ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا، دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ میں ایک اور میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان صرف 7.3 اوورز کا کھیل ہوا جس کے بعد بارش ہوگئی، امپائرز نے کافی دیر انتظار کے بعد میچ ختم کردیا۔

     ساؤتھ ہیمپٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں بارش سے قبل جنوبی افریقہ نے 7.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 29 رنز بنائے تھے، کولٹرنیل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    ہاشم آملہ 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، مرکرام 5 رنز بنا کر کولٹرنیل کی گیند پر شائے ہوپ کو کیچ دے بیٹھے، جنوبی افریقہ کی ابتدائی دونوں وکٹیں کولٹرنیل نے حاصل کیں۔

    واضح رہے کہ بارش کی وجہ سے ورلڈ کپ میں منسوخ ہونے والا یہ دوسرا میچ ہے، اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا میچ بھی بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا۔

    اس سے قبل ورلڈ کپ 2019 میں آج ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ساؤتھ ہمپٹن کے میدان میں آج ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ مدمقابل ہیں۔ ویسٹ انڈیز اب تک ٹورنامنٹ میں2 میچز کھیل چکا ہے جن میں سے 1 میں فتح حاصل کی۔

    دوسری جانب جنوبی افریقہ نے 3 میچز کھیلے اور تینوں میں شکست کھائی۔

    آج کے میچ کے لیے جنوبی افریقہ کی ٹیم میں فاف ڈوپلیسی (کپتان)، کوانٹن ڈی کوک، ہاشم آملہ، ایڈن مارک، ڈیوڈ ملر، کرس مورس، عمران طاہر اور بیرن ہیڈرکس شامل ہیں۔

    ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں جیسن ہولڈر (کپتان) کرس گیل، ڈیرن براوو، نکولس پورن، کارلوس بریتھ وائٹ، ایشلے نرس، کیمر روچ اور اوشن تھامس شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈکپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9،9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، 14 جولائی کو فائنل کھیلا جائے گا۔

  • برسٹل میں بارش، پاکستان اور سری لنکا کا میچ متاثر ہونے کا خدشہ

    برسٹل میں بارش، پاکستان اور سری لنکا کا میچ متاثر ہونے کا خدشہ

    برسٹل: کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے گیارہویں میچ میں آج پاکستان ٹیم کا سری لنکن حریف کے ساتھ ٹاکرا ہو گا، دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی 2 میں سے ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج ورلڈ کپ کا گیارہواں میچ برسٹل میں ہوگا، پاکستان اور سری لنکا مدِ مقابل ہوں گے، دونوں ٹیمیں اپنے ایک ایک میچ جیت چکی ہیں جب کہ ایک میں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔

    پاکستان نے ورلڈ نمبر ون انگلینڈ کو شکست سے دوچار کیا، تاہم پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف کام یابی حاصل کی۔ دوسری طرف سری لنکا نے افغانستان کو شکست دی، اور نیوزی لینڈ سے میچ ہار گیا۔

    پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا، پاکستان ٹیم ممکنہ طور پر وِننگ الیون کے ساتھ ہی میدان میں اترے گی۔ اس میچ میں جیت کے لیے پاکستان کو فیورٹ قرار دیا گیا ہے، پاکستان کے جیت کا امکان 72 فی صد جب کہ سری لنکا کا 28 فی صد ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ 2019: آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 15 رنز سے شکست دے دی

    برسٹل میں بارش شروع ہو گئی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کا میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، آج رات تک مسلسل بارش ہوگی۔ دوسری طرف اگر بارش سے میچ منسوخ ہوا تو پاکستان اور سری لنکا کو 1-1 پوائنٹ ملے گا۔

    یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کرکٹ ورلڈ کپ میں 7 بار آمنے سامنے آئے، پاکستان نے ساتوں میچز میں سری لنکا کو شکست دی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ناٹنگھم میں کھیلے گئے دسویں میچ میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 15 رنز سے شکست دی، شائے ہوپ اور کپتان جیسن ہولڈر کی نصف سنچریاں بھی ٹیم کے کام نہ آسکی تھیں۔

  • ورلڈ کپ 2019: سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر جرمانہ

    ورلڈ کپ 2019: سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر جرمانہ

    ناٹنگھم: آئی سی سی نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر جرمانہ عائد کیا، پاکستانی ٹیم نے مقررہ وقت میں ایک اوور کم کرایا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں کے چھٹے میچ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر آئی سی سی نے جرمانہ کر دیا۔

    کپتان سرفراز احمد پر میچ فیس کا 20 فی صد اور دیگر کھلاڑیوں پر 10 فی صد جرمانہ عاید کیا گیا ہے۔

    گزشتہ روز ناٹنگھم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2019 کے اپنے دوسرے میچ میں پاکستان نے میزبان انگلینڈ کو 14 رنز سے شکست دے کر شان دار کم بیک کیا تھا۔

    دوسری طرف اسی میچ میں آئی سی سی نے انگلش کھلاڑی جوفرا آرچر اور بیٹسمین جیسن رائے کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان ٹیم کو اس جیت کی ضرورت تھی، سرفراز احمد

    آئی سی سی کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فاسٹ بولر جوفرا آرچر اور جیسن رائے پر میچ فیس کا 15 فی صد جرمانہ عاید کیا گیا۔

    انگلش فاسٹ بولر نے میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا، جب کہ جیسن رائے دوران میچ نازیبا کلمات کہے۔

    واضح رہے کہ کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف جیت سے ٹیم کے مورال میں اضافہ ہوا ہے، مستقبل میں ہم اچھی کارکردگی دکھائیں گے، ٹٰیم کو اس جیت کی ضرورت تھی۔

  • ورلڈ کپ میں پاکستان کا شاندار کم بیک، انگلینڈ کو 14 رنز سے شکست

    ورلڈ کپ میں پاکستان کا شاندار کم بیک، انگلینڈ کو 14 رنز سے شکست

    ناٹنگھم: ورلڈ کپ 2019 کے اپنے دوسرے میچ میں پاکستان نے میزبان انگلینڈ کو 14 رنز سے شکست دے دی، جو روٹ اور جوز بٹلر کی سنچریاں بھی انگلینڈ کے کام نہ آسکیں، محمد حفیظ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

    تفصیلات کے مطابق ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کی جانب دئیے جانے والے 349 رنز ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بناسکی، وہاب ریاض نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    انگلینڈ کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گری جب شاداب خان نے جیسن رائے کو 8 رنز پر پویلین روانہ کیا، بیرسٹو 32 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔

    جو روٹ نے 9 رنز پر بابر اعظم کی جانب سے کیچ ڈراپ کیے جانے کے بعد 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کپتان اوئن مورگن کو 9 رنز پر محمد حفیظ نے بولڈ کیا۔

    بین اسٹوکس 13 رنز بنا کر شعیب ملک کا شکار بنے، جوز بٹلر نے برق رفتار 103 رنز کی اننگز کھیلی، بٹلر کو محمد عامر نے آؤٹ کیا، معین علی 19 رنز پر ہمت ہار گئے۔

    کرس ووکس 21 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے، جوفرا آرچر نے ایک رن پر پویلین لوٹ گئے۔

    پاکستان کے وہاب ریاض نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاداب خان اور محمد عامر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حفیظ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

    قبل ازیں ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے اور میزبان انگلینڈ کو جیت کے لیے 349 رنز کا ہدف دے دیا، بابر اعظم اور سرفراز احمد نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے 82 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، فخر زمان 36 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے، امام الحق کو بھی 44 رنز پر معین علی نے پویلین روانہ کیا۔

    بابر اعظم نے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، محمد حفیظ 62 گیندوں پر 84 رنز بنا کر نمایاں رہے، حفیظ کی اننگز میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

    کپتان سرفراز احمد نے 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں ووکس نے آؤٹ کیا، آصف علی 14 رنز بنا کر کرس ووکس کا نشانہ بنے، شعیب ملک صرف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    وہاب ریاض کو 4 رنز بنا کر کرس ووکس نے آؤٹ کیا، حسن علی اور شاداب خان 10، 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    انگلینڈ کے کرس ووکس نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، معین علی نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں، مارک ووڈ نے دو وکٹیں لیں۔

    قبل ازیں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کر لیا تھا، انگلش کپتان کا کہنا ہے کہ پچ اچھی لگ رہی ہے، باؤنڈریز بھی چھوٹی ہیں۔

    انگلش کپتان اوئن مورگن کا کہنا ہے کہ کوشش کریں گے پاکستان کو کم رنز پر روکیں، ٹیم میں مارک ووڈ کو شامل کیا گیا ہے۔

    دوسری طرف پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، حارث سہیل اور عماد وسیم کی جگہ شعیب ملک اور آصف علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ 2019: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ ہی کرتے، پچ اچھی ہے، کوشش کریں گے اچھا کھیلیں اور اچھا اسکور کریں۔

    پاکستان ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ بھلا کر اچھا کھیلیں گے، خیال رہے کہ پاکستان نے اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے مقابل ہار دیا تھا۔

    31 مئی کو کھیلے گئے میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی، پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 106 رنز کا ہدف، پاکستان کا ورلڈ کپ میں دوسرا کم ترین اسکور تھا جسے ویسٹ انڈین ٹیم نے 13.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

    یہ ایونٹ کا چھٹا میچ ہے، دونوں ٹیمیں اپنا ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں جس میں انگلینڈ کو کام یابی اور پاکستان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

  • ورلڈ کپ 2019: نیوزی لینڈ کا فاتحانہ آغاز،سری لنکا کو باآسانی شکست

    ورلڈ کپ 2019: نیوزی لینڈ کا فاتحانہ آغاز،سری لنکا کو باآسانی شکست

    کارڈف: ورلڈ کپ 2019 کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو باآسانی شکست دے کر فاتحانہ آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کارڈف میں ہونے والے میچ میں  نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل تھیں، نیوزی لینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

    کیویز باؤلر میچ کے پہلے ہی اوور سے مخالف ٹیم پر بھاری نظر آئے، سری لنکا کا پہلا کھلاڑی چار کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے تو اُس کے بعد کوئی بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹک سکا، دوسری اور تیسری وکٹ بھی 46 پر گری، 53 پر چوتھی، 59 پر پانچویں، 60 پر چھٹی، 112 پر ساتویں، 114 پر آٹھویں، 130 پر نویں اور 136 پر دسویں وکٹ گری۔

    سری لنکن ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی جبکہ کپتان کرو نارتنے ناقابل شکست 52 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ نیوزی لینڈ کے ہینری اور ایل ایچ فرگوسن نے تین تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ بولٹ، گرانڈ ہوم، نیشہم اور سانٹنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 137 رنز کا ہدف دیا جس کا تعاقب کرنے کے لیے کیویز کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز گپتل اور منرو نے کیا۔ دونوں ہی بلے بازوں نے خوب جم کر اسٹروکس کھیلے اور ناقبل شکست رہے۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 8.47 کی اوسط سے 137 رنز کا ہدف 16.1 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔ گپتل نے 51 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے جبکہ منرو نے 47 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 1 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 58 کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

    ورلڈ کپ 2019 کے تیسرے روز آج 4 ٹیمیں مدمقابل ہیں، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ کے بعد دوسرا مقابلہ آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان کاؤنٹی گراؤنڈ برسٹول میں ہورہا ہے۔

    خیال رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔ ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیے جانے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈ کپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9، 9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

  • ورلڈ کپ 2019: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    ورلڈ کپ 2019: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    ناٹنگھم: ورلڈ کپ 2019 کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 106 رنز کا ہدف، پاکستان کا ورلڈ کپ میں دوسرا کم ترین اسکور ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کے دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 106 رنز کا ہدف دیا جو ویسٹ انڈین ٹیم نے 13.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، کرس گیل نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

    ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ 36 رنز پر گری جب شائے ہوپ 11 رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے، ڈیرن براؤو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، کرس گیل نے 34 گیندوں پر 50 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

    پورن 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ ہیٹ میئر نے 7 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تینوں وکٹیں حاصل کی۔

    قبل ازیں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے ہی میچ میں پاکستان کی بیٹنگ بری طرح ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی پوری بیٹنگ لائن صرف 21.4 اوورز میں پویلین لوٹ گئی۔ فخر زمان اور بابر اعظم 22، 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پاکستان کے بقیہ 7 کھلاڑی ڈبل فگر بھی نہ بنا سکے۔

    ویسٹ انڈین بولرز نے پاکستانی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے، کپتان جیسن ہولڈر نے 3، تھامس نے 4 اور آندرے رسل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اننگز کے اختتام پر پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 106 رنز کا ہدف دیا، یہ پاکستان کا ورلڈ کپ میں دوسرا کم ترین اسکور ہے۔

    میچ سے قبل ناٹنگھم میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میچ دیکھنے پہنچی۔ میچ کے آغاز سے قبل پاکستانی شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا، پاکستانیوں نے ڈبل ڈیکر بس پر جشن منایا جبکہ پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

    میچ سے قبل قومی ٹیم نے ٹرینٹ برج کے گراؤنڈ میں جم کر پریکٹس بھی کی۔ میچ کے لیے بارہ رکنی ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد حفیظ، سرفراز احمد، حارث سہیل، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی شامل ہیں۔

    ٹاس جیتنے کے بعد ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ جلد وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے، پہلے سے انگلینڈ آ کر تیاری کا اچھا موقع ملا۔

    قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ناٹنگھم کی پچ کا اندازہ ہے، ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بولنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔ ورلڈ کپ سے پہلے بلے بازوں کا فارم میں آنا خوش آئند ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ روز ورلڈ کپ کی میزبان ٹیم انگلینڈ نے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا، پہلے میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 104 رنز سے شکست دے کر مخالفین کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

    ماہرین کے مطابق ہوم گراؤنڈ پر انگلش ٹیم بڑا خطرہ ثابت ہوسکتی ہے، میزبان کے سیمی فائنل میں‌ پہنچنے کے امکانات پر بھی بات ہو رہی ہے۔

  • ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ کا فاتحانہ آغاز، جنوبی افریقہ کو 104 رنز سے شکست

    ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ کا فاتحانہ آغاز، جنوبی افریقہ کو 104 رنز سے شکست

    اوول: ورلڈ کپ 2019 کے افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 104 رنز سے شکست دے دی، جوفرا آرکر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ کی جانب سے دئیے جانے والے 312 رنز ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 39.5 اوورز میں 207 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ڈی کوک نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

    جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 35 رنز پر گری جب مرکرام 11 رنز پر بنا کر جوفرا آرکر کا نشانہ بنے، کوئن ٹن ڈی کوک 68 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    جوفرا آرکر کی خطرناک باؤنسر لگنے کے بعد ہاشم آملہ ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے اور جب دوبارہ بیٹنگ کرنے آئے تو صرف 13 رنز بنا کر پلنکٹ کی گیند پر بٹلر کو کیچ دے بیٹھے۔

    کپتان فاف ڈوپلیسی بھی 5 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے، وینڈر ڈوسن نے 50 رنز کی اننگز کھیلی انہیں جوفرا آرکر نے معین علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا، جے پی ڈومینی 8 رنز بنا کر معین علی کا شکار بنے۔

    پری ٹوریس 1 رن پر رن آؤٹ ہوئے، فلک وایو 24 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر اسٹوکس کو کیچ دے بیٹھے، ربادا 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عمران طاہر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    انگلیںڈ کے جوفرا آرکر نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، پلنکٹ اور لیام پلنکٹ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ معین علی اور عادل رشید کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

    قبل ازیں ورلڈ کپ 2019 کے پہلے میچ میں میزبان انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 312 رنز کا ہدف دے دیا، لنگی نگیڈٰی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

    جنوبی افریقہ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ان کی پہلی وکٹ ایک رن پر گر گئی جب بریسٹو بغیر کوئی رن بنائے عمران طاہر کی گیند پر ڈی کوک کو کیچ دے بیٹھے۔

    بریسٹو کے آؤٹ ہونے کے بعد جو روٹ اور جیسن رائے نے ذمہ دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 107 رنز تک پہنچایا، جیسن رائے 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جو روٹ 51 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    انگلش کپتان اوئن مورگن نے 54 رنز کی اننگز کھیلی انہیں عمران طاہر نے آؤٹ کیا، بین اسٹوکس نے 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، بٹلر 18 رنز بنا کر نگیڈی کا شکار بنے۔

    معین علی صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کرس ووکس 13 رنز بنا کر ربادا کا شکار بنے، لیام پلنکٹ 9 اور جوفرا آرکر 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    جنوبی افریقہ کے لنگی نگیڈی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عمران طاہر اور فاسٹ بولر کیگسو ربادا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    قبل ازیں آئی سی سی ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ اوول گراؤنڈ میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔

    انگلینڈ کے خلاف میچ میں جنوبی افریقہ کو فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین کی خدمات حاصل نہیں ہیں، وہ زخمی ہونے کے باعث میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ میزبان ٹیم کے کپتان آئن مورگن کے مطابق ہوم گراؤنڈ میں ورلڈ کپ جیت کر کرکٹ میں حیران کن کارنامہ انجام دے سکتے ہیں۔

    دوسری جانب جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیوپلیسی کا کہنا ہے کہ ہم اس ٹورنامنٹ میں فیورٹ کے طور پر یا کم فیورٹ کے طور پرشامل ہوں لیکن ہمیں گراؤنڈ میں جا کر کرکٹ کھیلنی ہے اور ورلڈ کپ جیتنے کے لیے کارکردگی دکھانی ہے۔

    اس جیتنے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اچھے باؤلرز ہیں، ہاشم آملہ کا رنز کرنا خوش آئند ہے۔

    خیال رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔ ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیے جانے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈ کپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9، 9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

  • محمد عامر ٹیم میں کھیلنے کے لیے بالکل تیار ہیں: کپتان سرفراز احمد

    محمد عامر ٹیم میں کھیلنے کے لیے بالکل تیار ہیں: کپتان سرفراز احمد

    لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ محمد عامر ٹیم میں کھیلنے کے لیے بالکل تیار ہیں اور کل کے میچ کے لیے دستیاب ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل میچز کھیل کر اپنی پرفارمنس کا اندازہ ہو گیا ہے، پرفارمنس ٹیسٹ ہمیں ورلڈ کپ میں نا قابل شکست بنائے گا۔

    کپتان کا کہنا تھا کہ امید ہے ہم شکستوں کے تسلسل کو توڑ دیں گے، اگر ہم ٹاس جیت گئے تو پہلے بیٹنگ کریں گے، میں ٹیم میں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کروں گا۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ ڈیتھ اوورز میں بیٹنگ کرنی پڑی تو پھر ان کی بیٹنگ آرڈر مختلف ہو سکتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ 2019: جنوبی افریقہ کا انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

    انھوں نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملکہ برطانیہ سے مل کر اچھا لگا، ملکہ سے ملاقات اعزاز کی بات ہے، قومی لباس کی نمائندگی پر خوشی ہوئی۔

    کپتان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ بیٹنگ کرتے ہوئے تین سو پلس بنائیں، ہماری بیٹنگ بری نہیں، انگلینڈ اور پاکستان کے کھیلنے کا انداز مختلف ہے۔

    خیال رہے کہ عالمی کرکٹ کے میگا ایونٹ کا با قاعدہ آغاز آج سے اوول لندن میں ہو گیا ہے، افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جا رہا ہے، افتتاحی میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر میزبان انگلینڈ کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔