Tag: کرکٹ کی خبریں

  • سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ

    سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ

    لاہور: سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ ہوگئی جو شام 6 بجے کراچی پہنچے گی۔ اپنے دورہ پاکستان کے دوران سری لنکن ٹیم 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ ہوگئی، سری لنکن ٹیم نے روانگی سے قبل سری لنکا کرکٹ ہیڈ کوارٹر میں خصوصی دعا کی۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم شام 6 بجے کراچی پہنچے گی۔

    روانگی سے قبل سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی ہے، سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہوں۔ امید ہے پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

    سری لنکن کرکٹ ٹیم 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک پاکستان میں موجود ہوگی، سری لنکن ٹیم کے دورے میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

    ون ڈے سیریز کراچی میں شیڈول ہے، تینوں ون ڈے میچز 27، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ ٹی 20 میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز دسمبر تک مؤخر کردی گئی ہے۔

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں محدود اوورز کی میچز کی سیریز سے فائدہ ہوگا، ٹیسٹ میچز سے پہلے سری لنکن بورڈ کو یہاں کے حالات کا علم ہوجائے گا۔

    احسان مانی نے کہا تھا کہ وہ مثبت رویئے پر سری لنکن کرکٹ کے صدر شامی سلوا، بورڈ اور کھلاڑیوں کے شکر گزار ہیں۔

  • مصباح سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا دکھ تھا: عثمان شنواری

    مصباح سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا دکھ تھا: عثمان شنواری

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر عثمان شنواری نے کہا ہے کہ انھیں مصباح الحق کے ساتھ کھیل کر ان سے بہت کچھ سیکھنےکو ملا۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر عثمان شنواری نے کہا ہے کہ مصباح الحق نے ہمیشہ انھیں اعتماد دیا ہے، مصباح کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کی تیاریوں کے لیے کیمپ جاری ہے، سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانا ہمارا ہدف ہے۔

    شنواری نے کہا کہ جب آپ محنت کر رہے ہوں اور اچانک ٹیم سے باہر ہو جائیں تو دکھ ہوتا ہے، مجھے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا دکھ تھا مگر یہ کھیل کا حصہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز

    کرکٹر عثمان شنواری نے کہا کہ کھلاڑی کے کیرئیر میں ہمیشہ اتار چڑھاؤ آتا ہے، میں جتنا کھیلا ہوں، اب تک اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔

    اپنی بولنگ اور کوچنگ سے متعلق فاسٹ بولر نے کہا کہ وقار یونس کے بالنگ کوچ بننے سے میری پرفارمنس بہتر ہوگی۔

    واضح رہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مہمان ٹیم سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کے 4 روزہ تربیتی کیمپ کا ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کی نگرانی میں آغاز ہو چکا ہے۔

    سری لنکا کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹوینٹی سیریز 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک جاری رہے گی، سرفراز احمد 2017 سے تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، دو روز قبل سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔

  • سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان

    سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان

    لاہور: سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا، سری لنکن ٹیم 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا، 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کیا۔

    ممکنہ کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، بابر اعظم، احمد شہزاد، آصف علی، عابد علی، عثمان شنواری، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث سہیل، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، وہاب ریاض، امام الحق، شاداب خان اور عمر اکمل شامل ہیں۔

    تمام کھلاڑی 18 ستمبر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورمیں رپورٹ کریں گے۔ مصباح الحق 21 ستمبر کو ون ڈے اور ٹی 20 ٹیموں کا اعلان کریں گے۔ قومی ایک روزہ کرکٹ ٹیم 24 ستمبر کو کراچی روانہ ہوجائے گی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا سیریز اور دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم مینجمنٹ کا اعلان بھی کردیا۔ مصباح الحق ہیڈ کوچ اینڈ چیف سلیکٹر کے فرائض انجام دیں گے۔ منصور رانا ٹیم آپریشنز اور لاجسٹک اینڈ ایڈمنسٹریٹو مینیجر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

    وقار یونس بولنگ کوچ، بریڈ برن فیلڈنگ کوچ، شاہد اسلم اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ، کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ، یاسر ملک ٹرینر، رضا راشد میڈیا مینیجر، طلحہ بٹ اینالسٹ اور ملنگ علی مساجر بھی ٹیم مینجمنٹ کا حصہ ہیں۔

    میجر (ر) اظہر عارف کو سری لنکا سیریز کے لیے سیکیورٹی مینیجر مقرر کیا گیا ہے جبکہ کرنل (ر) عثمان انوری دورہ آسٹریلیا پر سیکیورٹی مینیجر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سری لنکن ٹیم 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی، دورے میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

    بعد ازاں پاکستان کرکٹ ٹیم نومبر میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

  • کرکٹر عابد علی کا قائد اعظم ٹرافی میں ڈبل سنچری پر اظہار تشکر

    کرکٹر عابد علی کا قائد اعظم ٹرافی میں ڈبل سنچری پر اظہار تشکر

    کراچی: قائد اعظم ٹرافی میں ڈبل سنچری بنانے پر کرکٹر عابد علی نے اظہار تشکر کیا ہے، انھوں نے کہا اپنا انفرادی ہائی اسکور کرنے پر خدا کا شکر ادا کرتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی میں سندھ ٹیم کے بیٹسمین عابد علی نے ڈبل سنچری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کنڈیشن جیسی بھی ہو ہمیں اچھا کھیلنا ہے، فٹنس پر کام کر رہا ہوں۔

    عابد علی نے کہا کہ خواہش ہے کہ ہر فارمیٹ کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کروں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میچ میں ہم نے ٹیم پلان پر عمل کیا، میری کارکردگی بھی بہتر رہی، اب ڈومیسٹک کرکٹ اچھی ہو رہی ہے، پروفیشنل کھلاڑی سامنے آ رہے ہیں۔

    تفصیل یہاں پڑھیں:  تاریخ میں پہلی بار قائداعظم ٹرافی کے میچز لائیو اسٹریم ہوں گے

    2007 میں فرسٹ کلاس ڈیبو کرنے والے عابد علی نے کہا کہ مجھے اچھا آغاز ملا، کارکردگی برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا، فٹنس پر بھرپور توجہ دے رہا ہوں۔

    واضح رہے کہ نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے تحت قائد اعظم ٹرافی کے ابتدائی راؤنڈ کا گزشتہ روزسے آغاز ہو گیا ہے، یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں نو ٹاس قانون کا استعمال کرتے ہوئے مہمان بلوچستان کے کپتان حارث سہیل نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    میچ میں بلوچستان کے خلاف ڈبل سنچری جڑتے ہوئے سندھ ٹیم کےعابد علی نے 249 رنز ناٹ آؤٹ کا بہترین انفرادی اسکور کیا، اکتیس سالہ کھلاڑی نے یہ سنگ میل 512 گیندوں پر 26 چوکوں کی مدد سے عبور کیا، وہ 712 منٹ کریز پر کھڑے رہے، ٹیم نے پانچ وکٹوں پر 473 رنز اسکور کر کے اننگ ڈیکلیئر کر دی۔

    عابد علی

    16 اکتوبر 1987 کو لاہور میں پیدا ہوئے، انھوں نے لسٹ اے ڈیبو 2005 میں کیا اور فرسٹ کلاس ڈیبو 2007 میں کیا، جب کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے انٹرنیشنل ڈیبو انھوں نے مارچ 2019 میں کیا۔ انٹرنیشنل ڈیبو کرنے سے قبل وہ 100 فرسٹ کلاس میچز میں 6700 رنز اسکور کر چکے تھے۔

    مارچ 2019 میں انھیں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچ کے لیے منتخب کیا گیا، انھوں نے اپنا پہلا انٹرنیشنل ون ڈے میچ 29 مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلا۔ یہ ایک یادگار میچ تھا جب عابد علی نے پہلے ہی میچ میں آسٹریلیا جیسی ٹیم کے خلاف سینچری اسکور کر لی۔

    عابد علی نے آؤٹ ہونے سے قبل 9 چوکوں کی مدد سے 112 رنز کی شان دار اننگز کھیلی، یہ پاکستان کی جانب سے ڈیبو کرنے والے ون ڈے بیٹسمین کا سب سے زیادہ اسکور تھا، یہ کارنامہ انجام دینے والے وہ تیسرے پاکستانی کھلاڑی بنے۔

    اپریل 2019 میں عابد علی کو کرکٹ ورلڈ کپ کے پاکستان اسکواڈ میں ابتدائی طور پر شامل کیا گیا لیکن 20 مئی کو پی سی بی کی جانب سے فائنل اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تو انھیں ڈراپ کر دیا گیا۔

  • انڈیا مجھ سے گھبرا رہا ہے، میرا ٹویٹر بند کرا دیا: جاوید میاں داد

    انڈیا مجھ سے گھبرا رہا ہے، میرا ٹویٹر بند کرا دیا: جاوید میاں داد

    کراچی: سابق لیجنڈ کرکٹر جاوید میاں داد نے کہا ہے کہ انڈیا مجھ سے گھبرا رہا ہے، اس لیے اس نے میرا ٹویٹر بند کرا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جاوید میاں داد جامعہ کراچی کے سیمینار سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ انھوں نے انڈیا میں سب کو بہت محبت دی لیکن وہ اب مجھ سے گھبرا رہا ہے۔

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ میں نہ کوئی وزیر ہوں نہ ہی سیاست دان پھر بھی میری کہی بات بڑی ہو جاتی ہے، میں جو بات کرتا ہوں دل سے کرتا ہوں۔

    دریں اثنا، جاوید میاں داد نے سیمینار میں بھارتی مظالم کے خلاف طلبہ کے ساتھ پلے کارڈ تھاما، جس پر لکھا تھا کشمیریوں کو سکون سے رہنے دو، مظالم بند کرو۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر کے حق میں آواز اٹھانے والے 67 پاکستانیوں کے بلاک شدہ اکاؤنٹ بحال

    نامور سابق کرکٹر نے اپنے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ میرے پاس دو چیزیں تھیں جن کی وجہ سے میں نے زندگی میں مقام بنایا، کرکٹ اور انسانیت، میں نے انھی چیزوں کو لے کر چلا۔

    مزید کہا کہ مجھ پر جب بھی کوئی مصیبت آئی میں نے نماز سے مدد لی، مصلا بچھایا، نماز کبھی نہیں چھوڑی، بزرگوں کے درباروں پر گیا، یہ سب چیزیں میری زندگی کا حصہ رہی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ چھوڑے ہوئے 20 سال ہو گئے لیکن ایسا لگتا ہے جیسے میں نے کرکٹ آج چھوڑی ہو۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے جاوید میاں داد نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے ایل او سی کے دورے کا بھی اعلان کیا تھا۔

  • سابق کپتان مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر

    سابق کپتان مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مصباح الحق کو 3 سال کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر جبکہ وقار یونس کو بولنگ کوچ مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کو 3 سال کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا۔ وقار یونس کو قومی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کیا گیا۔

    مصباح الحق کا نام کوچز کی تلاش کے لیے قائم کردہ 5 رکنی پینل نے متفقہ طور پر پیش کیا تھا۔ پینل میں انتخاب عالم، بازید خان، اسد علی خان، وسیم خان اور ذاکر خان شامل تھے۔ دونوں کوچز کے ناموں کی منظوری پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے دی۔

    مصباح اور وقار کی قومی ٹیم کے ہمراہ پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہوگی، پاکستان سری لنکا میں 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 27 ستمبر سے ہوگی۔

    اس موقع پر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، اس نئی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے مکمل تیار ہوں۔

    وسیم خان نے کہا کہ امید ہے قومی کرکٹ کو مصباح الحق کی قائدانہ صلاحیتوں کا فائدہ ہوگا۔ کوچز کے لیے درخواست جمع کروانے والے درخواست گزاروں کے مشکور ہیں۔

    مصباح الحق کے بطور ہیڈ کوچ نام کے اعلان کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہیں مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

    خیال رہے کہ مصباح الحق پاکستانی ٹیم کے 30 ویں ہیڈ کوچ ہیں، مصباح سے قبل مکی آرتھر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے۔ مصباح الحق پاکستان کے کوچ بننے والے 17 ویں قومی کھلاڑی ہیں۔

    مصباح الحق نے 2001 سے 2017 تک قومی ٹیم میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

    دوسری جانب وقار یونس سے قبل اظہر محمود بولنگ کوچ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ وقار یونس 2 بار پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ رہ چکے ہیں۔

  • شاہین آفریدی ڈینگی مچھر کا شکار، پری سیزن کیمپ سے باہر، فخر زمان زخمی

    شاہین آفریدی ڈینگی مچھر کا شکار، پری سیزن کیمپ سے باہر، فخر زمان زخمی

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑی اسپتال پہنچ گئے ہیں، فاسٹ بالر شاہین آفریدی ڈینگی مچھر کا شکار ہو کر پری سیزن کیمپ سے باہر ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹر شاہین شاہ آفریدی پری سیزن کیمپ سے باہر ہو گئے ہیں، انھیں ڈینگی بخار لا حق ہو گیا ہے، وہ گزشتہ روز سے مقامی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق فاسٹ بالر شاہین آفرید کا علاج جاری ہے، مکمل صحت یابی کے بعد کیمپ میں دوبارہ شمولیت کر سکیں گے۔

    ادھر اوپنر بلے باز فخر زمان گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے ہیں، وہ پریکٹس کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے، اطلاعات کے مطابق وہ تا حال نیٹ پریکٹس کا آغاز نہیں کر سکے ہیں۔

    مزید تفصیل پڑھیں:  قومی کرکٹ ٹیم کا پری سیزن کیمپ شروع

    انجری کے بعد گزشتہ روز فخر زمان کے دائیں گھٹنے کا ایم آر آئی اسکین کیا گیا، ایم آر آئی رپورٹ پی سی بی میڈیکل ایڈوائزری پینل کو موصول ہو چکی ہے، اب پینل کی سفارشات پر فخر زمان کی کیمپ میں شرکت کا فیصلہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ قومی کرکٹرز کے پری سیزن کیمپ کا آغاز دو روز قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو چکا ہے، جس میں کھلاڑیوں کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں مہارت بہتر بنانے کے لیے مشقیں جاری ہیں۔

    مصباح الحق کی نگرانی میں ٹریننگ کے لیے پری سیزن کیمپ میں 20 کرکٹرز کو طلب کیا گیا، سابق کپتان خاص طور پر بیٹنگ تکنیک میں بہتری اور مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھانے کے نسخے بتائیں گے۔

  • اعجاز احمد انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

    اعجاز احمد انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد کو قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا، سابق کرکٹر کی تقرری 3 سال کے لیے کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے اعجاز احمد کو تین سال کے لیے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے، اعجاز احمد قومی انڈر 16 اور اے کرکٹ ٹیموں کے ساتھ بھی کام کریں گے۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ اعجاز احمد اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے بعد عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔

    اعجاز احمد 2009 سے کوچنگ کے شعبے میں خدمات انجام دے رہے ہیں، 2009 میں پی سی بی نے انھیں انڈر 19 ٹیم کا کوچ مقرر کیا تھا، اعجاز احمد اے ٹیم کی کوچنگ کی بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

    کھیلوں کی تازہ خبر پڑھیں:  مصباح الحق ہیڈ کوچ کی دوڑ میں شامل ہوگئے

    قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم کے نو منتخب کوچ اعجاز احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ وہ 3 سال میں پاکستان کو 5 سے 6 کرکٹر دیں۔

    انھوں نے کہا کہ وہ پی سی بی کے شکر گزار ہیں کہ انڈر 19 کی کوچنگ کی ذمہ داری انھیں سونپی گئی، وہ ڈسپلن پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کریں گے۔

    اعجاز احمد نے کہا مستقبل کے لیے اسٹار کھلاڑی تلاش کرنا میری اولین ترجیح ہوگی، ایشیا کپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لوں گا۔

    تنخواہ کے سلسلے میں انھوں نے کہا معاوضے کے معاملے پر پی سی بی سے کوئی بات نہیں کی، مجھے یقین ہے کہ بورڈ مجھے اچھا معاوضہ دے گا۔

  • پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال سیریز کا شیڈول جاری

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال سیریز کا شیڈول جاری

    لاہور: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال سیریز کا شیڈول جاری کردیا گیا، 30 جولائی سے 2 ستمبر 2020 تک ہونے والے دورے کے دوران 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال سیریز کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ 30 جولائی سے 2 ستمبر 2020 تک جاری رہے گا۔

    دورے کے دوران 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے، سیریز میں شامل 3 ٹیسٹ میچز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔ پہلا ٹیسٹ میچ 30 جولائی سے 3 اگست 2020 تک لارڈز میں کھیلا جائے گا۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 اگست 2020 تک اولڈ ٹریفورڈ اور تیسرا 20 سے 24 اگست 2020 تک ٹرینٹ برج کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا۔

    سیریز کا پہلا ٹی 20 مقابلہ 29 اگست 2020 کو لیڈز میں ہوگا، دوسرا ٹی 20، 31 اگست کو کارڈف اور تیسرا 2 ستمبر 2020 کو ساؤتھ ہمپٹن میں منعقد ہوگا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ذاکر خان کا کہنا ہے کہ سیریز سے قومی کھلاڑیوں کو ٹیسٹ فارمیٹ میں بہتری کا موقع ملے گا، سریز سے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد ملے گی۔ 4 سال میں تیسری دو طرفہ سیریز کا انعقاد دوستانہ تعلقات کا عکاس ہے۔

    پاکستان کے دورے کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو سال 2022 میں پاکستان کا جوابی دورہ کرنا ہے، جوابی سیریز میں 3 ایک روزہ اور 3 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

  • پی سی بی کا نیا آئین: کپتان، کوچ، چیف سلیکٹر کی تعیناتی پی سی بی چیئرمین کرے گا

    پی سی بی کا نیا آئین: کپتان، کوچ، چیف سلیکٹر کی تعیناتی پی سی بی چیئرمین کرے گا

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، آئین کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان، کوچ اور چیف سلیکٹر کی تعیناتی چئیرمین کی صوابدید ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا آئین 31 صفحات پر مشتمل ہے، آئین میں ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کی جگہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز شامل کی گئی ہیں، جو ایکٹو کرکٹ کلبز پر مشتمل ہوں گی۔

    نئے آئین کے تحت پی سی بی کا گورننگ بورڈ 11 اراکین پر مشتمل ہوگا، یہ بورڈ چئیرمین پی سی بی کا انتخاب کرے گا، بورڈ میں 3 صوبائی ایسوسی ایشنز کے نمائندے شامل ہوں گے، 4 آزاد ڈائریکٹرز، 2 پیٹرن نمائندے، چیف ایگزیکٹو یا سی ای او، سیکریٹری آئی پی سی شامل ہوں گے۔

    تازہ خبریں پڑھیں:  پری سیزن کیمپ، پی سی بی نے 20 کھلاڑیوں کو این سی اے طلب کرلیا

    آئین کے مطابق ایکٹو کلبز کے صدور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا انتخاب کریں گے، کلب کی سطح پر تمام سرگرمیوں کو صوبائی ایسوسی ایشنز مانیٹر کریں گی، سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن الیکشن سے ایک برس قبل فہرست فراہم کرنے کی پابند ہوگی، جب کہ ایسوسی ایشنز کے علاقوں کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔

    نئے آئین میں پہلی مرتبہ سٹی ایسوسی ایشنز کو فنڈز خود بنانے کی بھی اجازت دی گئی ہے، یہ صوبائی بورڈ یا ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا انتخاب کریں گی، تمام ایسوسی ایشنز سوسائٹی ایکٹ کے تحت خود کو رجسٹرڈ کرانے کی پابند ہوں گی۔

    آئین کے مطابق چئیرمین، چیف آپریٹنگ آفیسر، چیف ایگزیکٹو آفیسر، صوبائی ایسوسی ایشنز کے صدور، بلائنڈ کونسل کے چئیرمین، ڈیف اینڈ ڈم اور ویٹرنز کرکٹ کے صدور جنرل باڈی کا حصہ ہوں گے۔