Tag: کرکٹ بال

  • کرکٹ بال سے فٹبال کھیلنے کی کوشش؟ دلچسپ ویڈیو وائرل

    کرکٹ بال سے فٹبال کھیلنے کی کوشش؟ دلچسپ ویڈیو وائرل

    فٹبال اور کرکٹ دنیا کے دو مقبول کھیل ہیں افغان کھلاڑی نے کرکٹ بال سے وہ کمال دکھایا کہ فٹبال کھیلنے کا گمان ہو گیا۔

    فٹبال اور کرکٹ دنیا کے دو مقبول کھیلوں میں شمار ہوتے ہیں، تاہم فٹبال میں کرکٹ سے بڑے سائز کی گیند استعمال ہوتی ہے لیکن رواں چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں افغان کرکٹ اسٹار نے کرکٹ گیند سے وہ سلوک کیا جس سے فٹبال کھیلنے کا گمان ہوا۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں افغانستان نے اپنا پہلا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا جو افغان ٹیم ہار گئی تھی تاہم میچ کا ایک دلچسپ ویڈیو کلپ اب تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔

    اس ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افغانستان کے اسٹار آل راؤنڈر راشد خان پروٹیز بیٹر کو گیند کراتے ہیں اور اس کے شاٹ کو پیر سے روکتے ہیں۔

    اس دوران وہ فٹبالر کے انداز میں کئی بار پیر اور ایڑی سے گیند کو اوپر نیچے اچھالتے ہیں اور پھر ہاتھ میں لے لیتے ہیں۔

    اس دلچسپ ویڈیو کو ’’کل وقتی کرکٹر، پارٹ ٹائم فٹبالر‘‘ کے عنوان سے آئی سی سی ہندی آفیشل اکاؤنٹ سے جاری کیا گیا ہے اور اس کو اب تک ہزاروں صارفین دیکھ چکے اور دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

     

  • بیٹسمین کا جان لیوا شاٹ، گیند بولر کے سر پر جا لگی (کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

    بیٹسمین کا جان لیوا شاٹ، گیند بولر کے سر پر جا لگی (کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

    اترپردیش: بھارت کے شہر غازی آباد میں ایک میچ کے دوران بلے باز نے گیند کو ہٹ کیا تو گیند 120 میل فی گھنٹہ رفتار سے سیدھی جا کر بولر کے سر پر لگی، اور وہ اگلے ہی لمحے وہیں پر ڈھیر ہو گئے۔

    اس واقعے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے، گیند جیسے ہی بولر کو لگی اور وہ زمین پر بے حس و حرکت ہو کر گر گئے، تو لوگ یہی سمجھے کہ وہ مر گیا ہے، لیکن 120 میل فی گھنٹہ رفتار کی گیند سر پر ٹکرانے کے بعد بھی وہ خوش قسمت نکلے۔

    ویڈیو میں بیٹسمین کو سیدھی ڈرائیو کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے، پھر گیند بولر کے سر سے ٹکرائی اور وہ زمین پر گر گئے۔ وکٹ کیپر اور دوسرے کھلاڑی دوڑتے ہوئے ان کے پاس آئے، اکثر نے یہی سمجھا کہ وہ مر چکا ہے، کیوں ایسے جان لیوا واقعات پہلے بھی رونما ہو چکے ہیں، تاہم بولر صرف بے ہوش ہو کر گر گئے تھے، اور ان کے دائیں کان کی لو گہری سرخ تھی، جہاں گیند لگی تھی۔

    یہ واقعہ 3 اپریل کو بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر غازی آباد میں واقع VVIP کرکٹ اکیڈمی میں پیش آیا، بولر کو فوراً قریبی اسپتال لے جایا گیا، ابھی ڈاکٹر ان کا جائزہ لے رہے تھے کہ انھیں خود ہی ہوش آ گیا، لیکن تب تک ان کی موت کی افواہیں بھی گردش کرنے لگ گئی تھیں، جس پر انھیں اپنے زندہ ہونے کا ایک ویڈیو پیغام دینا پڑا۔

    کھلاڑی، جس کا نام معلوم نہیں ہو سکا، نے پیغام میں کہا ’میں مرا نہیں، زندہ ہوں۔‘ انھوں نے مزید کہا یہ افواہ گردش کر رہی تھی کہ میں موقع ہی پر مر گیا تھا لیکن یہ درست نہیں، میں بس کچھ وقت کے لیے بے ہوش ہو گیا تھا، میں اب ٹھیک ہوں اور سر میں تھوڑا سا درد اور چکر ہیں، تاہم میں جلد ہی دوبارہ کھیلنے آؤں گا۔

    یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ بولر کی سماعت کو نقصان پہنچا ہوگا لیکن ڈاکٹرز نے کہا کہ وہ بہت خوش قسمت ہے کیوں کہ اسے کوئی ایسا نقصان نہیں پہنچا۔

    یاد رہے کہ نومبر 2014 میں آسٹریلوی کرکٹر 25 سالہ فلپ ہفس بیٹنگ کے دوران گردن پر گیند لگنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔