Tag: کرکٹ میں سیاست

  • بھارتی کرکٹ میں ایک بار پھر سیاست کا آغاز، روہت شرما پیسر سے خائف؟

    بھارتی کرکٹ میں ایک بار پھر سیاست کا آغاز، روہت شرما پیسر سے خائف؟

    آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارتی کرکٹ میں ایک بار پھر سیاست کا آغاز ہوگیا، کپتان روہت شرما بھارتی پیسر سے خائف نظر آتے ہیں۔

    بھارتی کرکٹ ٹیم کو بارڈر گواسکر ٹرافی کے پنک بال ٹیسٹ میں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد سے روایتی طور پر بھارتی میڈیا اپنے ہی کرکٹرز کے پیچھے پڑ گیا، آسٹریلیا میں موجود بھاررتی ٹیم میں سیاست کی خبریں بھی سامنے آرہی ہیں۔

    کپتان روہت شرما محمد شامی سے خائف نظر آتے ہیں، نیوزی لینڈ کی سیریز کے دوران مبینہ طور پر ان کے اور پیسر کے درمیان اینکل انجری کو لے کر تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔

    اس وقت بھارتی ٹیم میں محمد شامی کی واپسی معمہ بنی ہوئی ہے، پچھلے دو ماہ سے شامی فٹنس حاصل کرنے لیے بولنگ کرتے نظر آئے، نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ سیریز کے دوران وہ مسلسل بنگال کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے رہے۔

    تاہم ان کی مکمل فٹنس پر خدشات ظاہر کرتے ہوئے انھیں بھارتی کرکٹ ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا، اب امکان ہے کہ بھارتی پیس بیٹری کی ناقص پرفارمنس کے بعد انھیں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا حصہ بنایا جائے گا۔

    آسٹریلیا سے شکست کے بعد بھارتی کپتان سے محمد شامی کی ٹیم میں واپسی کا سوال کیا گیا تو بھارتی کپتان نے کہا کہ ہم انھیں مانیٹر کررہے ہیں کیوں کہ سید مشتاق علی ٹرافی کے دوران ان کے ٹخنے میں سوجن آئی تھی۔

    ہم انھیں ایسی حالت میں ٹیم میں نہیں لانا چاہتے کہ ان کا درد بڑھ جائے یا کچھ اور ہوجائے، کیوں کہ وہ کافی عرصے سے فٹ نہیں تھے اس لیے ہم ان کے حوالے سے 100 فیصد مطمئن ہونا چاہتے ہیں۔

    خیال رہے کہ ایڈیلیڈ میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں ٹریوس ہیڈ نے بھارتی بولرز کا مار مار کر برا حال کردیا تھا، ایسے میں پیس اٹیک میں ٹیم میں شامی کو شامل کرنے کی باتیں ہورہی تھیں تاہم اب پریس کانفرنس میں روہت شرما نے ان کی فنٹنس پر خدشات ظاہر کیے ہیں۔

  • بھارت میں کرکٹ میں سیاست ہوتی ہے، اچھی طرح جانتا ہوں، سابق آسٹریلوی کرکٹر

    بھارت میں کرکٹ میں سیاست ہوتی ہے، اچھی طرح جانتا ہوں، سابق آسٹریلوی کرکٹر

    آسٹریلوہ سابق کرکٹر ریان ہیرس نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں کرکٹ میں سیاست نہیں ہوتی، تاہم میں اچھی طرح جانتا ہوں کہ یہ سب بھارت میں ہوتا ہے۔

    سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر نے گزشتہ دنوں پرتھ ٹیسٹ میں شکست کا حوالہ دیتے ہوئے آسٹریلین ٹیم میں انتشار اور آپس میں کھنچاؤ کی نشاندہی کی تھی، ان کی اس بات کا سابق فاسٹ بولر ریان ہیرس نے کرارا جواب دیتے ہوئے بھارتیوں کو آئینہ دکھایا ہے۔

    ریان ہیرس نے واضح طور پر کہا کہ دیکھیں یہاں کوئی دھڑے نہیں ہیں، اس طرح کی ساری باتیں بکواس ہیں، یہاں تک کہ میں نے مسٹر گواسکر کی باتیں سنی ہیں کہ آسٹریلین ٹیم میں کچھ دھڑے بندی ہے۔

    سابق آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ یہ سب بکواس ہے، آسٹریلیا میں ایسا نہیں ہوتا، تاہم میں جانتا ہوں کہ یہ سب بھارت میں ہوتا ہے میں وہاں رہا ہوں۔

    ریان ہیرس نے کہا کہ یہاں کوئی سیاست نہیں ہے اور کچھ کہنے کی وجہ سے کسی کھلاڑی (جوش ہیزل ووڈ) کو ٹیم سے باہر نہیں کیا جائے گا، ہم نے پرتھ میں کافی برا کھیلا تھا اس لیے آسٹریلوی میڈیا اس معاملے میں کود پڑا اور سوالات کیے۔

    خیال رہے کہ ایک صحافی نے جوش ہیزل ووڈ سے پرتھ ٹیسٹ کے چوتھے دن بیٹنگ اپروچ کے حوالے سے سوال کیا تھا جس پر فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ آپ کو یہ سوال کسی بیٹر سے کرنا چاہیے تھا، تاہم اس بات کو لے کر سنیل گواسکر نے آسٹریلوی ٹیم میں دھڑے بندی کی نشاندہی کی تھی۔