Tag: کرکٹ ورلڈ کپ

  • کرکٹ ورلڈ کپ: اب تک ساڑھے سات لاکھ ٹکٹس فروخت

    کرکٹ ورلڈ کپ: اب تک ساڑھے سات لاکھ ٹکٹس فروخت

    دبئی : آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو افیسر ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا ہے کہ گیارہواں کرکٹ ورلڈ کپ تاریخ کا سب سے کامیاب ایونٹ ثابت ہوگا۔ میگا ایونٹ کے لئے اب تک ساڑھے سات لاکھ ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔

    دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلےکے آغاز میں اب صرف سات دن باقی رہہ گئے ہیں۔ جیسے جیسے ورلڈ کپ قریب آرہا ہےکھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ شائقین کا جوش خروش بھی عروج پر جارہا ہے۔

    آئی سی سی کے مطابق گیارہویں ورلڈ کپ کے لئے اب تک ساڑھے سات لاکھ ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مشترکہ طور پر منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ کا آغاز 14 فروری سے ہو رہا ہے۔

    امید کی جا رہی ہے کہ اس بار ٹورنامنٹ کے میچ دیکھنے کے لیے دس لاکھ سے زیادہ پرستار میدانوں میں آئیں گے۔ پندرہ فروری کو ہونے والے پاک بھارت مقابلے کو ایونٹ کا سب سے بڑا میچ قرار دیاجارہاہے جس کے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔

  • کرکٹ بورڈز نے اپنی ٹیموں کو لالچ دینا شروع کردیا

    کرکٹ بورڈز نے اپنی ٹیموں کو لالچ دینا شروع کردیا

    کراچی : آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم مالا مال ہوجائے گی۔ کرکٹ بورڈز نے ٹیموں کو لالچ دینا شروع کردی۔ کرکٹ پر آئندہ چار سال جو بھی ٹیم حکمرانی کرے گی اس پر پیسوں کی بارش ہوگی۔

    تمام ٹیموں نے بڑے خواب سجالئے۔ کون پیسوں کی گنگا میں ڈبکی لگائے گا۔ کرکٹ بورڈز نے بھی کھلاڑیوں کو پیسے کی لالچ دینا شروع کردی ہے۔

    نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے تو خزانے کے منہ ہی کھول دیئے۔کہتے ہیں ورلڈ چیمپئین بن جاؤ اور مالا مال ہوجاؤ۔ عالمی چیمپئین بننے پر ہر کیوی کھلاڑی کو ساڑھے تین لاکھ ڈالر بونس دیا جائےگا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی کھلاڑیوں کو چیمپئین بننے پر ڈھیروں انعامات کے خواب دکھادیئے ہیں۔ دوہزار پندرہ ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کو آئی سی سی اڑتالیس لاکھ ڈالر کی انعامی رقم دےگا۔

    رنر اپ کو پچیس لاکھ، سیمی فائنل میں ہارنے والی ٹیم کو سات لاکھ چھیاسٹھ ہزار اور کوارٹرفائنلسٹ کو تین لاکھ تراسی ہزار ڈالرز ملیں گے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ خزانے کی چابی کس ٹیم کے ہاتھ لگتی ہے۔

  • ورلڈ کپ میں کون کرے گا چھکے اور چوکوں کی برسات

    ورلڈ کپ میں کون کرے گا چھکے اور چوکوں کی برسات

    کراچی : کرکٹ ورلڈ کپ کی عالمی جنگ چھڑنے والی ہے۔ میگا ایونٹ میں کون کمال دکھائے گا۔ ہر ٹیم میں ایسے ہارڈ ہٹرز موجود ہیں جو شائقین کا جوش گرمادیں گے۔

    ورلڈ کپ میں ٹی ٹوئنٹی کا تڑکا لگے گا۔ چھکوں اور چوکوں کی برسات کون کرے گا؟ جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلئیرز نے ورلڈ کپ سےقبل ہی ہاتھ کھول دیا۔

    طوفانی بیٹنگ کرنے والے کرس گیل نےبھی بلے کو دھار لگادی ہے اور اب وہ   بولرز کا براحال کرنے والے ہیں۔ بولرز کیلئے دہشت کی علامت شاہد آفریدی بھی بوم بوم کیلئے پوری طرح تیارہیں۔

    نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن بھی ہوم گراؤنڈ پردھوم مچانے کے لئے بے تاب  ہیں۔ آسٹریلیا میں گلین میکسوئل، جارج بیلی اور ایرون فنچ توجہ کا مرکزہوں گے۔

    بھارت کے روہیت شرما بولرز کی دھنائی کرنے میں کوئی شرم نہیں کرتے۔آخر میں ذکر سری لنکن بیٹسمین تھیسارا پریرا کا جو بولرز پرکوئی رحم نہیں کھاتے۔

    میگاایونٹ میں ان کا کردار بھی اہم ہوگا۔ورلڈ کپ میں ان بڑے ناموں سے بڑی کارکردگی کی توقع کی جارہی ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ میدان میں کون کمال کرتا ہے ۔

  • کرکٹ ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا

    کرکٹ ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا

    ولینگٹن: ورلڈ کپ کے مشترکہ میزبان ملک نیوزی لینڈ نے میگا ایونٹ کے لئے پندرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

    آئی سی سی ورلڈ کپ میں کیوی ٹیم کی قیادت برینڈن میککلم کریں گے،آل راؤنڈر گرانٹ ایلیٹ ایک سال سے زائد عرصے کے بعد ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ جمی نیشم حیران کن طور پر اسکواڈ کا حصہ نہ بن سکے۔ پاکستان، جنوبی افریقہ اور بھارت کے خلاف سیریز میں شامل فاسٹ بولر میٹ ہینری بھی سلیکٹرز کا اعتماد حاصل نہ کرسکے۔

    پندرہ رکنی کیوی اسکواڈ میں ٹرینٹ بولٹ، ٹام لیتھم، مارٹن گپتل، مچل میکلنگن، نیتھن میککلم، کائل ملز، ایڈم ملنے، ڈینئیل ویٹوری، کین ولیمسن، کورے اینڈرسن، ٹم ساؤتھی، لیوک رانچھی اور روز ٹیلر شامل ہیں۔

  • پاک بھارت میچ کے ٹکٹس کی زائد قیمت میں فروخت

    پاک بھارت میچ کے ٹکٹس کی زائد قیمت میں فروخت

    ایڈیلڈ: کرکٹ ورلڈ کپ نے شائقین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔ آئندہ ماہ پندرہ فروری کو ہونے والے پاک بھارت سنسنی خیز مقابلے کے ٹکٹس مہنگے داموں فروخت ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

    بڑے ایونٹ کا بڑا میچ اور شائقین کو ورلڈ کپ میں پاک بھارت مقابلے کا بے چینی سے انتظار ہے۔ جنوبی ایشیا کے ان روایتی حریفوں کا مقابلہ دیکھنے کا شوق نہ صرف ان کے آبائی ملکوں میں بہت زیادہ ہے بلکہ دنیا بھر میں کرکٹ کے دلدادہ یہ میچ دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

    اسی لئے پندرہ فروری کو ایڈیلڈ میں ہونے والے سنسنی خیز اور پرجوش مقابلے کے ٹکٹس مہنگے داموں فروخت ہورہے ہیں۔ کانٹے دار میچ کے ٹکٹس اصل قیمت سے بیس گنا زیادہ نرخوں پر فروخت کئے جا رہے ہیں۔

    ایڈیلیڈ میں شیڈول مقابلے کی ٹکٹ چار سو ڈالر تک فروخت کئے جارہے ہیں۔

  • ورلڈ کپ میں شرکت،کھلاڑیوں کی قسمت کا فٰیصلہ کل ہوگا

    ورلڈ کپ میں شرکت،کھلاڑیوں کی قسمت کا فٰیصلہ کل ہوگا

    کراچی : کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ٹیم کا اعلان کل کیا جائے گا۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین ناصر جمشید کے نام پر سلیکشن کمیٹی اڑگئی۔کپتان کا نام شامل کرنے پر اصرار۔اسپنر رضا حسن بھی امیدواروں کی دوڑمیں شامل ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے کن کھلاڑیوں کے نام کا قرا نکلتا ہے پندرہ رکنی ٹیم کے لئے سلیکٹرز نے کوچ وقار یونس اور کپتان مصباح الحق سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں طویل مشاورت کی۔

    کچھ کھلاڑیوں پر بحث جاری رہی، اوپننگ بیٹسمین ناصر جمشید کے نام پر سلیکشن کمیٹی اڑگئی، کپتان نے نام  شامل کرنے پر اصرار کیا۔

    اجلاس کے بعد وقار اور مصباح الحق میڈیا سے بات کئے بغیر لاہور روانہ ہوگئے۔ پینٹینگولر کپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے رضا حسن بھی امیدواروں کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں۔

    لیگ اسپنر یاسر شاہ بھی میگا ایونٹ کے لئے اڑان بھرسکتے ہیں۔ احمد شہزاد کے ساتھ سرفراز احمد سے اوپننگ کرائے جانے کا امکان ہے۔

    حفیظ بولنگ ایکشن میں کلئیر نہ ہوئے تو بطور بیٹسمین کھیلیں گے۔ ٹیم کی قیادت مصباح الحق کریں گے۔ یونس خان، حارث سہیل، شاہد آفریدی ، محمد عرفان اور جنید خان مضبوط امیدوار ہیں۔

    مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل، بلاول بھٹی، انور علی اور احسان عادل ٹیم کا حصہ ہوسکتے ہیں۔ وہاب ریاض اور سہیل تنویرمیں سے کسی ایک کو ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔ سابق کپتان شعیب ملک کی واپسی کے آثار بھی نہیں۔

  • کرکٹ ورلڈ کپ کی ٹرافی آج پاکستان پہنچے گی

    کرکٹ ورلڈ کپ کی ٹرافی آج پاکستان پہنچے گی

    لاہور: کرکٹ ورلڈ کپ دوہزار پندرہ کی ٹرافی کا دنیا کا سفر جاری ہے۔ میگا ایونٹ کی ٹرافی آج پاکستان پہنچے گی۔ کرکٹ ورلڈ کپ آئندہ سال فروری میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مشترکہ طور پر منعقد ہورہا ہے۔

    ورلڈ کپ کی ٹرافی دنیا کا چکر لگارہی ہے۔ ٹرافی آج افغانستان سے پاکستان پہنچے گی۔ لاہور میں پی سی بی کے آفیشلز ٹرافی کا استقبال کریں گے۔ ورلڈ کپ کی ٹرافی تین دن پاکستان میں رہے گی۔

    کل مینارپاکستان کے سائے تلے ایک تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جہاں عام شہری بھی ٹرافی کا نظارہ کر سکیں گے۔ جبکہ اٹھارہ ستمبر کو ٹرافی کراچی پہنچے گی۔