Tag: کرکٹ ٹیم

  • بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ دورہ پاکستان کے لیے رضامند

    بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ دورہ پاکستان کے لیے رضامند

    ڈھاکہ: بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ رسل ڈومنگو نے دورہ پاکستان کے لیے اپنی رضا مندی ظاہر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ہیڈکوچ رسل ڈومنگو کا کہنا ہے کہ مجھے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے ساتھ پاکستان جانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، پاکستان جانے کی اجازت دی گئی تو ٹیم کے ہمراہ جاؤں گا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ مینجمنٹ کے کچھ لوگ نہیں جانا چاہتے مگر فیصلہ بورڈ کا ہوگا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو جنوری میں 3ٹی 20 اور 2 ٹیسٹ کا شیڈول بھجوایا تھا، تاہم بنگلادیشن کرکٹ بورڈ حیلے بہانے سے کام لے رہا ہے، ٹی ٹوئنٹی کے بعد اب ٹیسٹ ٹیم بھی نہیں بھیجنا چاہتا۔

    حال ہی میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی جانب سے ٹیسٹ ٹیم پاکستان نہ بھیجنے سے متعلق خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم اب تک بنگلادیش یہ فیصلہ نہیں کرسکا کہ کونسے فورمٹ کی ٹیم پاکستان آئے گی۔

    بھارت کا بنگلہ دیش پر دباؤ، پاکستانی کھلاڑی نشانہ بن گئے

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ نے بی سی بی کو خط لکھا تھا، بنگلادیش بورڈ نے تاحال پی سی بی کو خط کا جواب نہیں دیا۔ پاکستان کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بنگلادیش کا مکمل دورہ نہ کرنا منظورشدہ سیکیورٹی پلان کی نفی ہوگی۔

    خط کے مطابق بنگلادیش کی 2ٹیمیں پاکستان آسکتی ہیں تو تیسری مکمل دورہ کیوں نہیں کرسکتی؟ البتہ پاکستان کرکٹ بورڈ بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے مکمل دورہ پاکستان کے لیے پر امید ہے۔

  • سال 2019 پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے کیسا ثابت ہوا؟

    سال 2019 پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے کیسا ثابت ہوا؟

    لاہور: سال 2019 پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے مایوس کن ثابت ہوا، ایک روزہ کرکٹ میں بھی پاکستان کی کارکردگی متاثر کن نہ رہی، 4 میں سے پاکستان نے صرف 1 سیریز جیتی، جبکہ ورلڈکپ میں بھی قومی ٹیم سیمی فائنل میں جگہ نہ بناسکی۔

    تفصیلات کے مطابق سال 2019 کا آغاز قومی ٹیم نے مثبت انداز میں کیا، پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو 5 وکٹوں سے شکست دی، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹکر کا مقابلہ ہوا، دوسرا اور تیسرا میچ جنوبی افریقہ جب کہ چوتھا میچ پاکستان نے جیتا۔

    سیریز کے آخری اور فیصلہ کن معرکے میں میزبان ٹیم نے یکطرفہ مقابلہ جیت کر سیریز 3-2 سے اپنے نام کرلی، پاکستان نے اپنے اہم کھلاڑیوں کو آرام کروایا۔ یو اے ای میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 5 میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کیا۔

    حارث سہیل اور محمد رضوان کی سنچریوں کے باوجود پاکستان ایک بھی میچ نہ جیت پایا۔

    ورلڈکپ سے قبل انگلینڈ سے 5 میچز کی سیریز میں بھی قومی ٹیم بری طرح ناکام رہی۔ پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا، جبکہ بقیہ 4 میچز انگلینڈ کے نام رہے اور سیریز 4-0 سے جیت لی۔ آئی سی سی ورلڈکپ کے ابتدائی مرحلے میں قومی ٹیم شکستوں کے ملبے تلے دب گئی۔

    عالمی سطح پر 2019 پاکستان کی فتوحات کا سال

    علاوہ ازیں ویسٹ انڈیز، بھارت اور آسٹریلیا سے شکست ہوئی۔ پاکستان نے کم بیک کرتے ہوئے نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور افغانستان کو ٹھکانے لگایا لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا، قومی ٹیم سیمی فائنل میں جگہ نہ بناسکی۔

    سال کا اختتام پاکستان کے لیے اچھا رہا، 10 سال بعد ملک میں ون ڈے کرکٹ بحال ہوئی، سری لنکا کے خلاف 3 ون ڈے میچز کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کی، پہلا میچ بارش کے باعث بغیر نتیجہ ختم ہوا، بقیہ 2 میچز پاکستان نے با آسانی جیت لیے۔

    پاکستان نے مجموعی طور پر 2019 میں 26 ون ڈے میچز کھیلے، 9 میچز جیتتے، 15 میں قومی ٹیم کو شکست ہوئی جب کہ 2 میچز بغیر نتیجہ ختم ہوئے۔

  • قومی ٹیم کے برسبین میں ڈیرے، بھرپور پریکٹس جاری

    قومی ٹیم کے برسبین میں ڈیرے، بھرپور پریکٹس جاری

    برسبین: آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے کا عزم لیے قومی کرکٹ ٹیم بھرپور پریکٹس میں مصروف ہے، مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو بیٹنگ کی ٹپس دیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی گابا ٹیسٹ کے لیے برسبین میں پریکٹس کا دوسرا روز ہے، پاکستانی ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو بیٹنگ کی ٹپس دیں، جبکہ نیٹس میں قومی بلے بازوں نے جم کر پریکٹس کی۔

    پریکٹس سیشن کے دوران عابدعلی کو بھی وکٹ کیپنگ کی مشقیں کرائی گئیں، بولرز نے ٹیسٹ میچز میں آسٹریلوی بلےبازوں کو ٹف ٹائم دینے کے لیے لائن لینتھ پر توجہ مرکوز کرلی، پہلا ٹیسٹ میچ جمعرات سے کھیلا جائے گا۔

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگا۔

    آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، پاکستان سے دو دو ہاتھ کرنے کے لیے کپتان ٹم پین، ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، کیمرون بینکروفٹ، جوبرنز، پیٹ کمنز اور جوش ہیذل ووڈ اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔

    دیگر کھلاڑیوں میں ٹریوس ہیڈ، لبوشین، نیتھن لائن، مائیکل نیسر، جیمز پیٹنسن اور میتھیو ویڈ بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگا۔

  • قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی تیاریوں پر ڈین جونز کا سوالیہ نشان

    قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی تیاریوں پر ڈین جونز کا سوالیہ نشان

    سڈنی: سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر ڈین جونز نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کی تیاریوں پر کئی سوالات اٹھا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر ڈین جونز نے اپنے کالم میں لکھا کہ گرین کیپس نے جنوری کے بعد کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا، کیا ایک 3 اور ایک 2 روزہ پریکٹس میچ کھیلنا مشکل سیریز کی تیاریوں کے لیے کافی ہوگا؟

    انہوں نے کہا کہ ایشین کرکٹرز کو مقامی ماحول سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے کم از کم طویل فارمیٹ کے 3 میچز درکار ہوتے ہیں، پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں پریکٹس کی کمی محسوس ہوگی۔

    آسٹریلوی کرکٹر کا اپنے کالم میں کہنا تھا کہ گرین کیپس نے رواں سال جنوری کے بعد کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا جس کے باعث انہیں میدان میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، برسبین اور ایڈیلیڈ کی پچز پر باؤنس پرتھ سے بہت مختلف ہوگا، پاکستان کے ناتجربہ کار پیسرز کو کنڈیشنز سے ہم آہنگی میں پریشانی ہوگی۔

    ڈین جونز کا مزید کہنا تھا کہ ایشین کرکٹرز کو مقامی ماحول سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔

    پاکستان کے خلاف آسٹریلوی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

    خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگا۔ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، پاکستان سے دو دو ہاتھ کرنے کے لیے کپتان ٹم پین، ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، کیمرون بینکروفٹ، جوبرنز، پیٹ کمنز اور جوش ہیذل ووڈ اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔

    اس کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹریوس ہیڈ، لبوشین، نیتھن لائن، مائیکل نیسر، جیمز پیٹنسن اور میتھیو ویڈ بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگا۔

  • دورہ آسٹریلیا سے بہتر نتائج برآمد ہوں گے: مصباح الحق

    دورہ آسٹریلیا سے بہتر نتائج برآمد ہوں گے: مصباح الحق

    لاہور: قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ موجودہ دورہ آسٹریلیا میں ماضی کے برعکس بہتر نتائج کی توقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں مصباح الحق نے قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن کو ٹرمپ کارڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایشین ٹیموں کو آسٹریلیا میں ہمیشہ مشکل ہوتی ہے لیکن ہماری لیے اچھی بات یہ ہے کہ ہماری بیٹنگ لائن تجربہ کار ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دورے میں رنز کرنے والے اظہر علی، اسد شفیق اور شان مسعود اس ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ ان کا دورہ جنوبی افریقہ بھی اچھا رہا تھا، ہمارے پاس اچھے نوجوان فاسٹ بولرز اور ساتھ میں یاسر شاہ بھی ہیں، یہ ٹیم پرعزم ہے لہٰذا آپ اچھے نتائج کی توقع کر سکتے ہیں۔

    چیف سلیکٹر نے کہا کہ ہمارا سب سے مثبت پہلو نوجوان فاسٹ بولرز اور یاسر شاہ ہیں، یاسر آسٹریلین کنڈیشنز سے واقفیت رکھتے ہیں اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اس کی تیاری بھی کی تھی، انہوں نے طویل اسپیل بھی کیے ہیں اور وہ اب جانتے ہیں کہ گزشتہ دورہ آسٹریلیا کے دوران کس چیز کی کمی تھی، ہماری تیاری پہلے سے بہتر ہے۔

    دورہ آسٹریلیا ایشین ٹیموں کے لیے کبھی آسان نہیں ہوتا، مصباح الحق

    اس موقع پر انہوں نے سیریز کے دوران وکٹوں کے حصول کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے میچ میں 20وکٹیں لینا سب سے اہم ہے کیونکہ اس کے بغیر ہم جیت نہیں سکتے، ہماری بیٹنگ لائن اسکور بورڈ 400-500 رنز سجانے کی صلاحیت رکھتی ہے جس سے ہمارے بولرز کو بھی مدد ملے گی۔

    خیال رہے کہ پاکستان کی ٹیم 17-2016 کے دورہ آسٹریلیا میں مصباح الحق کی زیر قیادت کسی بھی ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کی 20وکٹیں لینے میں کامیاب نہیں ہو سکی تھی تاہم اس کے باوجود مصباح کو امید ہے کہ بولرز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

    گزشتہ دورہ آسٹریلیا میں یاسر شاہ کی بری طرح ناکامی کے باوجود ہیڈ کوچ کو ان سے اچھی کارکردگی کی امید ہے۔

  • سڈنی کا میدان، شاہینوں کے لیے بڑا امتحان

    سڈنی کا میدان، شاہینوں کے لیے بڑا امتحان

    سڈنی: قومی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا میں پریکٹس دوسرے روز بھی جاری رکھی، ہیڈ کوچ مصباح الحق کی سربراہی میں کھلاڑیوں نے جم کر پریکٹس کی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کی آسٹریلیا سے مقابلے کے لیے تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں، ٹریننگ سیشن میں شاہینوں نے آج بھی خوب پسینہ بہایا۔

    ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو کیچنگ پریکٹس کرائی، نوجوان کھلاڑیوں نے فیلڈنگ میں بھرپور جان لگائی، کھلاڑیوں نے سیریز اپنے نام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    دورہ آسٹریلیا کے لیے منتخب ہونے والے وکٹ کیپربیٹسمین محمد رضوان نے بھی اپنی کیپنگ کے جوہر دکھائے، قومی ٹیم اکتیس اکتوبر کو سڈنی میں آسٹریلیا الیون کے خلاف ٹور میچ سے دورہ کا آغاز کرے گی۔

    آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت بابراعظم کررہے ہیں، کپتان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے تاریخی دورے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کی سربراہی کرنا اعزاز کی بات ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے آسٹریلیا میں ڈیرے، کینگروز پر جھپٹنے کی تیاریاں

    واضح رہے کہ قومی ٹیم آسٹریلیا کے دورے پر ہے، اس دورے میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں جائیں گے۔

    پہلا میچ 3، دوسرا 5 اور سیریز کا آخری میچ 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی کی قیادت سے ہٹا کر بابر اعظم کو قیادت سونپ دی۔

  • بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی، ٹرافی کی رونمائی آج ہوگی

    بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی، ٹرافی کی رونمائی آج ہوگی

    لاہور: پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی طرف ایک اور قدم آگے بڑھ گیا، قومی ٹیم کے خلاف سیزیر کے لیے بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش ویمنز ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے لاہور پہنچ گئی، ٹی20سیریز کی ٹرافی کی رونمائی آج ہوگی ہوگی۔

    مینزکرکٹ کے بعد ویمنز کرکٹ کے ستارے بھی پاکستان میں جگمگائیں گے، بنگلہ دیش کی ویمنز ٹیم سیریز کھیلنے کے لیے لاہور پہنچ گئی، ایئرپورٹ پر پی سی بی ویمنز ونگ کے عہدیداروں نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔

    ہوٹل پہنچنے پر ٹیم کو گلدستے پیش کیے گئے، بنگلہ دیشی ٹیم آج قذافی اسٹیڈیم میں تیاریوں کا آغاز کرے گی، دونوں ٹیموں کی کپتان آج ٹی ٹونٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کریں گی۔

    بنگلہ دیشی وفد کا دورہ کراچی مکمل، سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار

    تین ٹی ٹونٹی میچز چھبیس، اٹھائیس اور تیس اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے، ون ڈے میچز دو اور چار نومبر کو لاہور میں ہی کھیلے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ دورہ پاکستان کے لیے بنگلہ دیش خواتین کی14 رکنی ٹیم کا اعلان بھی کردیا گیا ہے، سلمیٰ خاتون ٹی ٹوینٹی کی قیادت کریں گی جبکہ رومانا احمد ون ڈے سیریز میں کپتانی کی فرائض انجام دیں گی۔

    بنگلہ دیش خواتین ٹیم کی دیگر کھلاڑیوں میں جہاں آرا عالم، شمیمیٰ سلطانہ، نگار سلطانہ، عائشہ رحمان، سنجیدا اسلام، لتا موندل، پنا گھوش، ایکا مولک، خدیجتہ الکبریٰ، شرمین سلطانہ، فرزانہ حق پنکی، شرمین سلطانہ سپتا شامل ہیں۔

  • سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ

    سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ

    لاہور: سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ ہوگئی جو شام 6 بجے کراچی پہنچے گی۔ اپنے دورہ پاکستان کے دوران سری لنکن ٹیم 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ ہوگئی، سری لنکن ٹیم نے روانگی سے قبل سری لنکا کرکٹ ہیڈ کوارٹر میں خصوصی دعا کی۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم شام 6 بجے کراچی پہنچے گی۔

    روانگی سے قبل سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی ہے، سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہوں۔ امید ہے پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

    سری لنکن کرکٹ ٹیم 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک پاکستان میں موجود ہوگی، سری لنکن ٹیم کے دورے میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

    ون ڈے سیریز کراچی میں شیڈول ہے، تینوں ون ڈے میچز 27، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ ٹی 20 میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز دسمبر تک مؤخر کردی گئی ہے۔

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں محدود اوورز کی میچز کی سیریز سے فائدہ ہوگا، ٹیسٹ میچز سے پہلے سری لنکن بورڈ کو یہاں کے حالات کا علم ہوجائے گا۔

    احسان مانی نے کہا تھا کہ وہ مثبت رویئے پر سری لنکن کرکٹ کے صدر شامی سلوا، بورڈ اور کھلاڑیوں کے شکر گزار ہیں۔

  • سابق کپتان مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر

    سابق کپتان مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مصباح الحق کو 3 سال کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر جبکہ وقار یونس کو بولنگ کوچ مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کو 3 سال کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا۔ وقار یونس کو قومی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کیا گیا۔

    مصباح الحق کا نام کوچز کی تلاش کے لیے قائم کردہ 5 رکنی پینل نے متفقہ طور پر پیش کیا تھا۔ پینل میں انتخاب عالم، بازید خان، اسد علی خان، وسیم خان اور ذاکر خان شامل تھے۔ دونوں کوچز کے ناموں کی منظوری پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے دی۔

    مصباح اور وقار کی قومی ٹیم کے ہمراہ پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہوگی، پاکستان سری لنکا میں 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 27 ستمبر سے ہوگی۔

    اس موقع پر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، اس نئی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے مکمل تیار ہوں۔

    وسیم خان نے کہا کہ امید ہے قومی کرکٹ کو مصباح الحق کی قائدانہ صلاحیتوں کا فائدہ ہوگا۔ کوچز کے لیے درخواست جمع کروانے والے درخواست گزاروں کے مشکور ہیں۔

    مصباح الحق کے بطور ہیڈ کوچ نام کے اعلان کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہیں مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

    خیال رہے کہ مصباح الحق پاکستانی ٹیم کے 30 ویں ہیڈ کوچ ہیں، مصباح سے قبل مکی آرتھر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے۔ مصباح الحق پاکستان کے کوچ بننے والے 17 ویں قومی کھلاڑی ہیں۔

    مصباح الحق نے 2001 سے 2017 تک قومی ٹیم میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

    دوسری جانب وقار یونس سے قبل اظہر محمود بولنگ کوچ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ وقار یونس 2 بار پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ رہ چکے ہیں۔

  • قومی کرکٹ ٹیم کا پری سیزن کیمپ، آج سے مہارت بہتر بنانے پر کام ہوگا

    قومی کرکٹ ٹیم کا پری سیزن کیمپ، آج سے مہارت بہتر بنانے پر کام ہوگا

    لاہور: قومی کرکٹرز کے پری سیزن کیمپ میں آج (منگل) سے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں مہارت بہتر بنانے کے لیے کام شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اس کیمپ میں پہلے مرحلے میں کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لئے گئے تھے، اس کے بعد جسمانی استعداد بہتر بنانے کے لیے مشقوں کا سلسلہ جاری رہا، کل سے کرکٹ میں صلاحتیں نکھارنے پر کام شروع ہوگا۔

    مصباح الحق کی نگرانی میں ٹریننگ کے لیے پری سیزن کیمپ میں 20 کرکٹرز کو طلب کیا گیا ہے، سابق کپتان خاص طور پر بیٹنگ تکنیک میں بہتری اور مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھانے کے نسخے بتائیں گے۔

    یاد رہے کہ ہائی پر فارمنس کیمپ کے لہے 12 ابھرتے ہوئے کرکٹرز بھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں موجود ہیں۔

    دوسری جانب سری لنکن کرکٹ ٹیم نے پاکستان میں محدود اوورز کی سیریز کھیلنے کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے، ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی سیریز کا شیڈول جاری کردیا گیا۔

    سری لنکا کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سری لنکن ٹیم 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی، دورے میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

    ون ڈے سیریز کراچی میں شیڈول ہے، ٹی ٹوینٹی سیریز پانچ سے 9 اکتوبر تک لاہور میں ہوگی، ٹیسٹ سیریز دسمبر تک موخر کردی گئی ہے۔