Tag: کرکٹ کی خبریں

  • بھارت کے خلاف انگلینڈ کے اہم کھلاڑی بقیہ میچز میں شرکت نہیں کریں گے

    بھارت کے خلاف انگلینڈ کے اہم کھلاڑی بقیہ میچز میں شرکت نہیں کریں گے

    بھارت کے خلاف انگلینڈ کے اہم کھلاڑی معین علی تیسرے اور چوتھے ٹیسٹ میں دستیاب نہیں ہوں گے، کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے معین فی الحال اپنے گھر جانا چاہتے ہیں۔

    انگلینڈ کے کپتان جوروٹ نے منگل کے روز میچ کے بعد تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معین واپس اپنے گھر جارہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ کھلاڑیوں کو کوئی پریشانی نہ ہو۔

    یاد رہے کہ معین علی کے لیے گزشتہ کچھ ماہ کافی مشکل رہے ہیں، سری لنکا پہنچنے پر کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی وجہ سے انہیں کافی وقت تک کرکٹ سے دور رہنا پڑا۔

    وہ بھارت کے خلاف موجودہ ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بھی شرکت نہ کرسکے۔

    معین کے جانے کے بعد جانی بیرسٹو اور مارک ووڈ ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کی 17 رکنی ٹیم میں واپس آئیں گے، انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی طرف سے دونوں کھلاڑیوں کا نام پہلے ہی تیسرے ٹیسٹ کے لیے طے شدہ تھا جو 24 فروری سے شروع ہوگا۔

    معین نے بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹیں لی تھیں اور دوسری اننگز میں 43 رنز بنائے تھے۔

    تیسرے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کی 17 رکنی ٹیم میں جوروٹ، جیمس اینڈرسن، جوفرا آرچر، جانی بیرسٹو، ڈومنک بیس، اسٹورٹ براڈ، روری برنس، جیک کرالے، بین فوکس، ڈین لارنس، جیک لچ، اولی پوپ، ڈوم سبلے، بین اسٹوکس، اولی اسٹون، کرس ووکس اور مارک وڈ شامل ہیں۔

  • بلال آصف نے پی ایس ایل کا گانا ریلیز کردیا

    بلال آصف نے پی ایس ایل کا گانا ریلیز کردیا

    معروف کرکٹر اور گلوکار بلال آصف نے پاکستان سپر لیگ کے لیے گانا ریلیز کردیا، بلال آصف کے گانے کو مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹر بلال آصف نے پاکستان سپر لیگ کے لیے نیا گانا یہ ہے پی ایس ایل ریلیز کردیا، گزشتہ روز ریلیز کیے جانے والے اس گانے کے حوالے سے بلال آصف نے لکھا ہے کہ یہ گانا پی ایس ایل کے مداحوں کے لیے بنایا گیا ہے۔

    اس گانے کے بول کرکٹر بلال آصف نے لکھے ہیں، اسے گایا بھی انہوں نے ہے جبکہ وہ خود بھی ویڈیو میں موجود ہیں۔ گانے کی ویڈیو لاہور کے تاریخی شاہی قلعے اور اندرون شہر کی گلیوں میں بنائی گئی ہے۔

    گانے میں پی ایس ایل میں شامل تمام ٹیمز کا ذکر کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

    بلال آصف کے گانے کو مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ 6 کا آفیشل گانا چند روز قبل ریلیز کیا گیا تھا جسے نصیبو لعل اور آئمہ بیگ نے گایا ہے، ابتدا میں گانے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تاہم بعد ازاں لوگوں کی بڑی تعداد نے نصیبو لعل کی گائیکی کو شاندار قرار دیا اور ان کی حمایت کی۔

    دوسری جانب پاکستان سپر لیگ 6 کے میچز کا آغاز رواں ہفتے 20 فروری سے کراچی میں ہونے جارہا ہے، لیگ کا فائنل 22 مارچ کو ہوگا۔

  • انگلینڈ کے لیگ اسپنر بھارت کے خلاف اپنی پھرپور کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم

    انگلینڈ کے لیگ اسپنر بھارت کے خلاف اپنی پھرپور کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم

    انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر جیک لیچ کا کہنا ہے کہ وہ بھارت کے خلاف اپنی پھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں، وہ کافی عرصے سے بین الاقوامی کرکٹ سے دور تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کے لیگ اسپنر جیک لیچ کا کہنا ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف سیریز کے دوران اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں اور صرف اپنی کارکردگی پر ہی توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

    لیچ گزشتہ مہینے سری لنکا کے خلاف 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں شامل تھے جو تقریباً گزشتہ ایک سال کے وقفے کے بعد ان کا پہلا بین الاقوامی میچ تھا۔ لیچ نے سری لنکا کے خلاف 10 وکٹیں حاصل کی تھیں، لیکن وہ ابھی بھی اپنی کارکردگی میں اصلاح کے لیے پرعزم ہیں۔

    لیچ نے کہا کہ میں سری لنکا کے دورے سے پہلے کئی وقت تک میدان سے باہر رہا تھا لیکن اس دوران میں نے خود کو بہتر کرنے پر کام کیا اور جیسا گیند باز بننا چاہتا ہوں ویسا بننے کی کوشش کی۔

    انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے دورے کی شروعات اچھی تھی اور میرے خیال سے میں صحیح سمت میں جا رہا ہوں۔

    لیچ نے مزید کہا کہ اسپن بولر ہونے کی وجہ سے دوسری اننگز میں وکٹ لینے سے ہمیشہ حوصلہ بلند ہوتا ہے۔ میں ایسا کھلاڑی ہوں جو کبھی مطمئن نہیں ہوتا اور مجھے اپنے کھیل میں مزید اصلاح کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میرے خیال سے ہندوستان ایک مضبوط ٹیم ہے اور اس نے حال ہی میں آسٹریلیا کو اس کے گھر میں شکست دی ہے، ہمارے لیے خود کو ثابت کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔

  • فواد عالم کا میچ کے حوالے سے اظہار خیال

    فواد عالم کا میچ کے حوالے سے اظہار خیال

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیفٹ آرم بیٹسمین فواد عالم کا کہنا ہے کہ طویل عرصے بعد ٹیسٹ میں یہ اننگز کھیلنے اور سنچری بنانے پر خوش ہوں لیکن قومی ٹیم کی شکست پر دل سے دکھی ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ویڈیو پیغام میں فواد عالم کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش تھی کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں زیادہ سے زیادہ دیر وکٹ پر رک کر کھیلیں۔ ٹیم مشکل میں تھی، اسی وجہ سے ہماری کوشش یہ رہی کہ آج کا دن وکٹ پر گزار لیں۔

    ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے فواد عالم نے نیوزی لینڈ سے شکست پر افسوس کا اظہار کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ طویل عرصے بعد ٹیسٹ میں یہ اننگز کھیلنے اور سنچری بنانے پر خوش ہوں لیکن قومی ٹیم کی شکست پر دل سے دکھی ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ اللّٰہ کا شکر ہے کہ ٹیم مشکلات کا شکار تھی، ایسے وقت میں پرفارم کیا، میری طرح سب ہی نے میچ بچانے کی کوشش کی۔ وکٹ پر موجودگی کے دوران ہماری کوشش تھی کہ ہار نہیں ماننی، لگے رہنا ہے، سیشنز بائے سیشنز آج کا دن گزارنا ہے۔

    فواد عالم نے مزید کہا کہ مخالف بولر کی اچھی گیند پر تو بیٹسمین کو آؤٹ ہو ہی جانا ہوتا ہے، ہم دونوں کی وکٹ پر یہی کوشش تھی آؤٹ نہ ہوں۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 101 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

    ٹیسٹ کے آخری روز فواد عالم نے سینچری سمیت کئی ریکارڈز بنا ڈالے، کیویز کے خلاف چوتھی اننگز میں سنچری جڑنے والے وہ پہلے پاکستانی بیٹسمین بنے۔

    اس کے علاوہ غیر ایشیائی کنڈیشنز کی چوتھی اننگز میں کریز پر سب سے زیادہ رکنے والے پاکستانی بیٹسمین کے طور پر بھی انہوں نے اپنا نام درج کروالیا۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ 2022: کوالیفائنگ ایونٹس کی تاریخ سامنے آگئی

    ٹی 20 ورلڈ کپ 2022: کوالیفائنگ ایونٹس کی تاریخ سامنے آگئی

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے لیے کوالیفائنگ ایونٹس اگلے سال اپریل میں شروع ہوں گے۔

    آئی سی سی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ہنگری، رومانیہ اور سربیا پہلی بار آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائنگ ایونٹ کا حصہ ہوں گے۔

    ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے لیے 15 ٹیمیں چار مختلف مراحل کے ذریعے کوالیفائی کریں گی۔

    یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 اکتوبر اور نومبر میں آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔

    مذکورہ ورلڈ کپ رواں برس آسٹریلیا میں شیڈول تھا تاہم عالمگیر وبا کرونا وائرس کے باعث اسے ملتوی کردیا گیا۔

    آئندہ برس ٹی 20 ورلڈ کپ بھارت میں شیڈول ہے، تاہم آسٹریلیا میں اب ایونٹ سنہ 2022 میں منعقد ہوگا۔

  • پاکستانی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ میں قرنطینہ کے دوران کیسے وقت گزارا؟

    پاکستانی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ میں قرنطینہ کے دوران کیسے وقت گزارا؟

    ویلنگٹن: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حیدر علی کا کہنا ہے کہ آئیسولیشن کا وقت خاصا مشکل تھا، ہم کمروں میں ہی ہلکی پھلکی ٹریننگ کرتے رہے، شکر ہے مشکل وقت گزر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹی 20 اسکواڈ میں شامل نوجوان بیٹسمین حیدر علی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کی تیاری کا موقع کرونا وائرس کی وجہ سے کم ملا لیکن کم وقت میں اچھی تیاری کر رہے ہیں۔

    کوئنز ٹاؤن سے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے حیدر علی نے کہا کہ وہ پہلی بار نیوزی لینڈ کا دورہ کر رہے ہیں، پریکٹس میچز گرین وکٹ پر کھیل رہے ہیں تاکہ میچز میں کوئی مشکل نہ آئے۔

    حیدر علی نے بتایا کہ آئیسولیشن کا وقت خاصا مشکل تھا، ہم کمروں میں ہی ہلکی پھلکی ٹریننگ کرتے رہے، شکر ہے مشکل وقت گزر گیا، اب وقت کم ہے اور مقابلہ سخت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹی 20 اسکواڈ میں شامل سینئر کھلاڑی جونیئرز کو بہت سپورٹ کر رہے ہیں، پریکٹس کے دوران بیٹنگ پر خاص توجہ دی جارہی ہے۔

    حیدر علی کا مزید کہنا تھا کہ میرا ہدف ہے کہ تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کروں، ٹی 20 نہیں بلکہ ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ بھی کھیلنا چاہتا ہوں۔

  • لنکا پریمیئر لیگ: متعدد میچز ہارنے کے باوجود گال گلیڈی ایٹرز سیمی فائنل میں

    لنکا پریمیئر لیگ: متعدد میچز ہارنے کے باوجود گال گلیڈی ایٹرز سیمی فائنل میں

    لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں گال گلیڈی ایٹرز نے اپنے آخری گروپ میچ میں کینڈی ٹسکرز کو ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ گلیڈی ایٹرز 6 شکستوں کے باجود سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہے۔

    ہمبنٹوٹا میں جاری لنکا پریمیئر لیگ کے 19 ویں گروپ میچ میں کینڈی ٹسکرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 126 رنز بنائے، ٹسکرز کی جانب سے کوشل مینڈس نے 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    جواب میں گال گلیڈی ایٹرز کے اوپنر گوناتھلاکا نے صرف 66 گیندوں پر 94 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 9 وکٹوں سے فتح دلا دی۔

    میچ میں فتح کے ساتھ دمبولا وائی کنگز، کولمبو کنگز اور جافنا اسٹالینز کے بعد گال گلیڈی ایٹرز نے بھی سیمی فائنل کے لیے کو الیفائی کرلیا۔

    لنکا پریمیئر لیگ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہونے کے بعد پانچ ٹیموں کے ایونٹ میں کینڈی ٹسکرز ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔

  • حسن علی ٹیم میں کس کو مس کر رہے ہیں؟

    حسن علی ٹیم میں کس کو مس کر رہے ہیں؟

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی ٹیم میں واپسی کے لیے پرامید ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم میں اپنے گروپ کو بہت مس کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا ہے کہ وہ قومی ٹیم میں اپنے روٹی گروپ کو بہت مس کر رہے ہیں۔

    وہ قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی کے لیے پرامید ہیں اور کہتے ہیں کہ ان کی کوشش ہے کہ وہ جلد ٹیم میں آئیں۔

    حسن علی کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے وہ میچز کھیلتے جارہے ہیں، ان کا ردھم بحال ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق انہیں ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کرنا اچھا لگتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ ہر وقت ہنستے کھیلتے رہتے ہیں اور خوش رہتے ہیں اور یہ چیز انہیں ہر وقت پرامید اور مثبت رکھتی ہے۔ وہ قومی ٹیم میں اپنے ’روٹی گروپ‘ کو بھی کافی مس کر رہے ہیں۔

    فاسٹ بولر نے دورہ نیوزی لینڈ پر موجود قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

  • آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے

    آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے

    آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ایک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں فیلڈنگ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر زخمی ہوگئے جس کے بعد انہیں سیریز کے بقیہ میچز سے باہر ہونا پڑا ہے۔

    آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر زخمی ہونے کی وجہ سے ایڈیلیڈ میں 17 دسمبر سے بھارت کے خلاف شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

    انہیں پوری فٹنس حاصل کرنے میں ابھی مزید 10 دنوں کا وقفہ درکار ہے جس کے بعد وہ 26 دسمبر سے میلبورن میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کھیل سکیں گے۔

    وارنر فی الحال خصوصی علاج کے لیے سڈنی میں رہیں گے جبکہ ٹیم کے بقیہ کھلاڑی ایڈیلیڈ روانہ ہو جائیں گے۔

    وارنر کا کہنا ہے کہ میں تیزی سے صحت یاب ہورہا ہوں اور علاج کے لیے مجھے سڈنی میں ہی رکنا بہتر ہوگا، میں چوٹ سے کافی حد تک نجات حاصل کرچکا ہوں لیکن ٹیسٹ میچ میں 100 فیصد کارکردگی دینے کے لیے ابھی بھی مجھے ذہنی طور پر خود کو تیار کرنا باقی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فٹنس ثابت کرنے کے لیے مجھے وکٹوں کے بیچ دوڑ لگانا اور فیلڈنگ کرنی ہوگی، میں ابھی اپنی فٹنس کے تعلق سے پوری طرح مطمئن نہیں ہوں اور مجھے مکمل طور پر صحت یاب ہونے میں ابھی مزید 10 دن لگیں گے۔

    آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کوچ جسٹن لنگر کا کہنا ہے کہ انہیں وارنر کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ تک پوری طرح فٹ ہونے کی توقع ہے، انہوں نے کہا کہ وارنر جس مقام پر ہیں اس کے لیے انہوں نے کافی جدوجہد کی ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ میلبرن ٹیسٹ کے لیے پوری طرح فٹ ہوں گے۔

  • ویراٹ کوہلی پر سابق وکٹ کیپر بیٹسمین کی شدید تنقید

    ویراٹ کوہلی پر سابق وکٹ کیپر بیٹسمین کی شدید تنقید

    نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹسمین کرن مورے نے موجودہ کپتان ویراٹ کوہلی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دھونی کی عدم موجودگی سے اسپنرز بالخصوص رویندر جڈیجہ اور کلدیپ یادو کی کارکردگی متاثر ہوئی ہے۔

    ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے کرن مورے کا کہنا تھا کہ سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کے نہ ہونے سے جڈیجہ اور کلدیپ پہلے جیسے خطرناک نہیں رہے۔

    مورے کا کہنا تھا کہ دھونی اپنے وقت میں بولرز کو مستقل مشورہ دیتے رہتے تھے، وہ وکٹ کے پیچھے سے بولرز کو زیادہ تر ہندی میں بتاتے رہے کہ گیند کس لائن پر ڈالنی ہے۔ یہ کام انہوں نے مسلسل 10 سے 12 سال تک کیا۔

    انہوں نے کہا کہ دھونی کے وقت ویراٹ کوہلی ڈیپ مڈ وکٹ پر کھڑے ہوسکتے تھے لیکن اب انہیں گیند بازوں سے مشورہ کرنے کے لیے شارٹ ایکسٹرا کور یا مڈ آف پر کھڑا ہونا پڑتا ہے۔

    بھارتی ٹیم کے سابق کپتان دھونی نے جس وقت اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اس وقت کرن مورے بھارتی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر تھے۔

    مورے نے دھونی کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ دھونی کے بعد سے ہی دنیا کی باقی ٹیموں نے بھی ایک کپتان کی شکل میں وکٹ کیپر بلے باز کی تلاش شروع کردی لیکن اب دوسرا دھونی تلاش کرنا بہت مشکل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر آپ پاکستان، انگلینڈ یا جنوبی افریقہ کی ٹیموں پر نگاہ ڈالیں تو وہاں وکٹ کیپر بلے باز کو کپتان بنانے کے قواعد چل رہے ہیں، ایسا اس لیے ہے کیونکہ ان ٹیموں نے اس کے فوائد دھونی کی شکل میں دیکھے ہیں۔

    یاد رہے کہ آسٹریلیا کے دورے کے دوران ون ڈے اور ٹی 20 سیریز میں بھارتی اسپنرز کافی مشکل میں دکھائی دیے۔ کلدیپ یادو، رویندر جڈیجہ اور یزویندر چہل کی گیندوں پر آسٹریلوی کھلاڑیوں نے ون ڈے میچز میں بہت رنز بنائے۔

    بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز آسٹریلیا نے 1-2 سے جیت لی تھی۔