Tag: کرکٹ کی خبریں

  • آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ، 15 رکنی پاکستان اسکواڈ کا اعلان

    آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ، 15 رکنی پاکستان اسکواڈ کا اعلان

    کراچی (25 اگست 2025): آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے لیے 15 رکنی پاکستان اسکواڈ کا اعلان ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خواتین کے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی اسکواڈ کی قیادت فاطمہ ثنا کو سونپ دی گئی ہے، وہ پہلی مرتبہ ون ڈے ورلڈ کپ میں کپتانی کریں گی۔

    ایمان فاطمہ کو پہلی بار پاکستان ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جب کہ نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سیدہ عروب شاہ بھی پہلی بار ون ڈے ورلڈ کپ کھیلیں گی۔

    آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر اسکواڈ میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، گل فیروزہ اور نجيحہ علوی آؤٹ ہو گئی ہیں۔

    پاکستان شاہینز کا سفر تمام، سیمی فائنل میں پرتھ اسکارچرز سے شکست

    یہ 15 رکنی اسکواڈ جنوبی افریقہ سے 3 ون ڈے انٹرنیشنل بھی کھیلے گا، ون ڈے سیریز لاہور میں 16 سے 22 ستمبر تک ہوگی، جس کے لیے جنوبی افریقہ وویمنز ٹیم 12 ستمبر کو لاہور پہنچے گی۔

    وویمنز کرکٹ ورلڈ کپ بھارت اور سری لنکا میں 30 ستمبر سے 2 نومبر تک شیڈول ہے، پاکستان کے تمام ورلڈ کپ میچز کولمبو، سری لنکا میں ہوں گے۔

    پاکستانی اسکواڈ میں فاطمہ ثنا (کپتان)، منیبہ علی صدیقی، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ شامل ہیں، ایمان فاطمہ، نشرا سندھو، نتالیہ پرویز، عمائمہ سہیل، رامین شمیم بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں، صدف شمس، سعدیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سدرہ نواز اور سیدہ عروب شاہ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    نان ٹریولنگ ریزروز میں گل فیروزہ، نجيحہ علوی، طوبہ حسن، امِ ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔

  • ٹی 20 کرکٹ: سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی پاکستانی خاتون بولر

    ٹی 20 کرکٹ: سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی پاکستانی خاتون بولر

    پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار ٹی 20 میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی بولر بن گئیں، انہوں نے 129 ٹی 20 میچز میں 125 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

    پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی بولر بن گئی ہیں۔

    ندا ڈار نے یہ اعزاز اتوار کو آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 وکٹیں حاصل کر کے اپنے نام کیا۔

    36 سالہ آل راؤنڈر نے 129 ٹی 20 میچز کھیل کر 125 وکٹیں حاصل کر لی ہیں جس کے بعد وہ ویسٹ انڈیز کی بولر انیسہ محمد کے ساتھ ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی مشترکہ بولر بن گئی ہیں۔

    ندا ڈار جنوبی افریقہ میں جاری ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں اب تک 3 میچز کھیل کر 4 وکٹیں حاصل کر چکی ہیں۔

    ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ندا ڈار اور انیسہ محمد کے ساتھ آسٹریلیا کی میگن شوٹ اور ایلیس پیری 122، 122 وکٹیں حاصل کر کے تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔

    گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی ندا ڈار گزشتہ 13 برسوں سے پاکستان ویمنز ٹیم کا مستقل حصہ ہیں۔

    انہوں نے ستمبر 2010 میں ویسٹ انڈیز میں سری لنکا کے خلاف اپنا ٹی 20 ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد وہ 129 ٹی 20 مقابلوں میں 125 وکٹیں اور 16 سو 76 رنز بنا چکی ہیں۔

    ندا ڈار ٹی 20 میچز میں پاکستان کی جانب سے تیز ترین 100 وکٹیں لینے والی بھی پہلی کھلاڑی تھیں۔

    لیڈی بوم بوم کے نام سے مشہور ندا ڈار نے 2021 میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی جیتا تھا، اسی طرح انہوں نے رواں سال آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر میں بھی جگہ بنائی تھی۔

    گزشتہ سال انہوں نے مختصر فارمیٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 کی اوسط سے 15 وکٹیں حاصل کیں۔

    سال 2022 میں انہوں نے 14 ٹی 20 میچز کھیلے جن میں صرف 3 میچز ایسے تھے جب وہ کوئی وکٹ نہ حاصل کر سکیں۔

    ندا ڈار نے گزشتہ سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ویمنز ایشیا کپ میں روایتی حریف انڈیا کے خلاف 37 گیندوں پر 56 رنز بنانے کے ساتھ 23 رنز دے کر 2 وکٹیں بھی حاصل کیں جس کے باعث پاکستان نے انڈیا کو شکست دے دی تھی۔

  • کون کون سی ٹیمز کرکٹ کھیلنے پاکستان آئیں گی؟ اگلے 4 سال کی میچز سیریز کا اعلان

    کون کون سی ٹیمز کرکٹ کھیلنے پاکستان آئیں گی؟ اگلے 4 سال کی میچز سیریز کا اعلان

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اگلے 4 سال کے فیوچر ٹورز پروگرام کا اعلان کردیا گیا، انگلینڈ اور آسٹریلیا سمیت متعدد ممالک کی ٹیمز پاکستان آئیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق اگلے 4 سال کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیوچر ٹورز پروگرام کا اعلان کردیا گیا۔ آئی سی سی فل بورڈز کے 12 میں سے 10 ارکان ممالک کی ٹیمز پاکستان کا دورہ کریں گی۔

    جو ٹیمز پاکستان کا دورہ کریں گی ان میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں جو ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آئیں گی۔

    افغانستان، آسٹریلیا، آئر لینڈ اور زمبابوے کی ٹیمز محدود طرز کی کرکٹ کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گی۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم 2 سہ ملکی کرکٹ سیریز بھی کھیلے گی۔

    پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ پر مشتمل پہلی سیریز فروری 2024 میں کھیلی جائے گی جبکہ دوسری سیریز میں انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں پاکستان کے مدمقابل آئیں گی۔

  • پاکستان کا ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ

    پاکستان کا ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ

    پاکستان نے مسلسل تیسرے میچ میں ویسٹ انڈییز کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کر لیا۔

    ملتان میں کھیلے گئے تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں قومی ٹیم کے 269 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 216 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین 60 اور کیسی کارٹی 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    قومی ٹیم کی جانب سے شاداب خان نے 4، حسن علی اور محمد نواز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

    قبل ازیں قومی ٹیم نے مقررہ 48 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر269 رنز بناسکی، شاداب خان 86 اور امام الحق 62 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کیلئے 85 رنز کی شراکت قائم کی، اس موقع پر فخر زمان 35 رنز بنا کر پوران کی گیند پر بولڈ ہوئے،

    شاندار اوپننگ شراکت کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لڑکھڑاگئی اور ویسٹ انڈین کپتان پوران نے مڈل آرڈر کا صفایا کردیا، بابر اعظم صرف ایک رن بنا کر 88 رنز پر پویلین لوٹے۔ امام الحق نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور پھر پویلین لوٹ گئے، بعد ازاں محمد حارث اور رضوان بالترتیب 113 اور 117 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

    117 رنز پر پانچ وکٹیں کھونے کے بعد شاداب خان اور خوشدل شاہ نے سنبھالا اور ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا، 33 ویں اوور میں تیز آندھی کے باعث کھیل کو روک دیا گیا، کھیل دوبارہ شروع ہوا تو میچ کو 48 اوورز تک محدود کردیا گیا۔

    خوشدل شاہ اور شاداب خان کے درمیان 84 رنز کی شراکت قائم ہوئی، خوشدل شاہ  34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد نواز بھی خاطر خواہ اسکور نہ بناسکے اور آٹھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، دوسرے اینڈ پر شاداب خان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو 269 تک پہنچا دیا۔

    ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان نکولس پورن نے 4، کیمو پال نے 2، اکیل حسین، ہیڈن والش اور  جیڈن سیلز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

  • آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ: بابر اعظم سرفہرست، شاہین آفریدی ٹاپ 10 میں

    آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ: بابر اعظم سرفہرست، شاہین آفریدی ٹاپ 10 میں

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 کی نئی رینکنگ جاری کردی، بلے بازوں میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی بھی ٹاپ 10 میں آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 کی نئی رینکنگ جاری کردی، پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی 4 درجہ بہتری کے بعد ٹاپ 10 میں آگئے۔

    شاہین آفریدی کی رینکنگ آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 میں 2 وکٹیں لینے پر بہتر ہوئی۔

    بلے بازوں میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، محمد رضوان ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے۔

    پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک اور اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں، وہ 2 مرتبہ پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن چکے ہیں۔

    بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے میں عمدہ کارکردگی دکھائی، انہوں نے سیریز میں مجموعی طور پر 561 رنز اسکور کیے۔

    ٹی 20 بولرز رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

  • بابر اعظم کے نام ایک اور اعزاز

    بابر اعظم کے نام ایک اور اعزاز

    پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا، وہ 2 مرتبہ پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بابر اعظم دوسری مرتبہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ۔ آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار پائے ہیں۔

    بابر اعظم 2 مرتبہ پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

    بابراعظم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے میں عمدہ کارکردگی دکھائی، بابر اعظم نے سیریز میں مجموعی طور پر 561 رنز اسکور کیے۔

    سیریز کے دوران بابر اعظم بطور کپتان سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے والے پاکستانی کپتان بھی بن گئے، بابر نے بطور کپتان 4 سنچریاں اسکور کیں۔ ان سے قبل اظہر علی نے 3، شاہد آفریدی اور انضمام الحق نے 2، 2 سنچریاں اسکور کی تھیں۔

    بابر اعظم نے کم سے کم اننگز میں 15 ون ڈے سنچریاں اسکور کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ بابر اعظم نے 83 اننگز میں 15 سنچریاں مکمل کیں۔

  • ویمنز ورلڈ کپ 2022: آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    ویمنز ورلڈ کپ 2022: آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2022 میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، پاکستانی ٹیم نے اب تک ایونٹ میں اپنے 2 میچز کھیلے اور دونوں میں شکست کھائی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2022 میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، آسٹریلیا نے 191 رنز کا ہدف 35 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

    آسٹریلیا کی ایلسا ہیلی 72، لیننگ 35 اور ہائینز 34 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

    پاکستان نے پہلے کھیل کر 6 وکٹ پر 190 رنز بنائے، کپتان بسمہ معروف نے 78 اور عالیہ ریاض نے 53 رنز بنائے۔

    خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ 2022 میں اب تک 2 میچز کھیل چکی ہے اور دونوں میں اسے شکست ہوئی ہے، اپنا پہلا میچ پاکستان نے روایتی حریف بھارت سے کھیلا تھا جس میں اسے 107 رنز سے شکست ہوئی۔

    قومی ویمنز ٹیم 245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کوئی بھی کھلاڑی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہی۔

    قومی ٹیم اب اپنا اگلا میچ 11 مارچ بروز جمعہ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔

  • آئی سی سی کی نئی ٹی 20 رینکنگ جاری

    آئی سی سی کی نئی ٹی 20 رینکنگ جاری

    دبئی: انٹرنیشل کرکٹ کاؤنسل (آئی سی سی) نے نئی ٹی 20 رینکنگ جاری کردی، پاکستانی کپتان بابر اعظم تیسرے اور محمد رضوان چوتھے نمبر پر ہیں۔

    انٹرنیشل کرکٹ کاؤنسل (آئی سی سی) نے نئی ٹی 20 رینکنگ جاری کردی، پاکستانی کپتان بابر اعظم کی رینکنگ میں تنزلی ہوئی اور وہ نمبر ون پوزیشن سے نیچے آگئے۔

    بابر اعظم کی جگہ انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان نمبر ون پوزیشن پر آگئے، جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم دوسرے نمبر پر آگئے جبکہ بابر اعظم تیسرے نمبر پر آگئے۔

    محمد رضوان کا ٹی 20 رینکنگ میں چوتھا نمبر برقرار ہے، شاداب خان ایک درجہ ترقی کے بعد نویں پوزیشن پر آگئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی بھی ایک درجہ ترقی کر کے گیارہویں نمبر پر آگئے۔

  • افغان کرکٹر نے ٹیم کی کپتانی کیوں ٹھکرا دی؟

    افغان کرکٹر نے ٹیم کی کپتانی کیوں ٹھکرا دی؟

    افغان لیگ اسپنر راشد خان نے افغانستان کی ٹی 20 ٹیم کی کپتانی یہ کہتے ہوئے ٹھکرا دی کہ وہ لیڈر سے زیادہ ایک کھلاڑی کے طورپر ٹیم کے لیے بیش قیمت ثابت ہوسکتے ہیں۔

    22 سالہ لیگ اسپنر کا کہنا ہے کہ میں اپنے دماغ میں پوری طرح واضح ہوں کہ میں ایک کھلاڑی کی حیثیت سے بہتر ہوں، میں ٹیم کے نائب کپتان کے طور پر ٹھیک ہوں اور کپتان کو جو مدد چاہیئے وہ میں دے سکتا ہوں، میرے لیے اس عہدے سے دور رہنا زیادہ بہتر ہے۔

    راشد خان نے کہا کہ میں ٹیم کے لیے ایک کھلاڑی کے طور پر بہترین پرفارمنس چاہتا ہوں اور فی الحال میرا ہدف ورلڈ کپ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ کپتانی سے ٹیم کے لیے میری کارکردگی پر اثر پڑ سکتا ہے، اس لیے میں ایک کھلاڑی کے طور پر خوش ہوں اور بورڈ و سلیکشن کمیٹی جو بھی فیصلہ کریں گے میں اس کی حمایت کروں گا۔

  • پاکستان نے ثابت کیا کہ وہاں سیکیورٹی صورتحال اچھی ہے: آسٹریلوی کرکٹر

    پاکستان نے ثابت کیا کہ وہاں سیکیورٹی صورتحال اچھی ہے: آسٹریلوی کرکٹر

    سڈنی: آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کو پاکستان کا مکمل دورہ کرنا چاہیئے، بین الاقوامی کرکٹرز نے پاکستان میں کھیلا ہے اور وہ سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن اور خوش تھے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کو پاکستان کا مکمل دورہ کرنا چاہیئے۔

    اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار پانچ سالوں کے دوران پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ وہاں سیکیورٹی کی صورتحال بہت اچھی ہے، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران بین الاقوامی کرکٹرز نے پاکستان میں کھیلا ہے اور وہ سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن اور خوش تھے۔

    عثمان خواجہ نے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ انگلینڈ بھی اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا، یہ کرکٹ کے لیے بہت اچھی خبر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک لمبے عرصے تک ابو ظہبی میں کرکٹ کھیلی ہے، اب انہیں اپنے گھر میں ہی کرکٹ کھیلنی چاہیئے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی کے فیوچر ٹور پروگرام کے تحت آسٹریلیا نے اگلے سال فروری میں پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔