Tag: کرکٹ کی خبریں

  • ورلڈ کپ 2019: قومی ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی ہو گئی، ویڈیو جاری

    ورلڈ کپ 2019: قومی ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی ہو گئی، ویڈیو جاری

    لاہور: ورلڈ کپ 2019 کے لیے پاکستانی ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی کر دی گئی، کٹ میں ہمیشہ کی طرح سبز رنگ نمایاں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ کا عالمی میلہ بس 9 دن کی دوری پر رہ گیا ہے، پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی کر دی، اس سلسلے میں ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔

    نئی کٹ پر ایک طرف ورلڈ کپ 2019 اور دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کا لوگو ہے، پی سی بی نے نئی کٹ کے ساتھ کھلاڑیوں کی ویڈیو بھی جاری کر دی۔

    قومی ٹیم کی کٹ کا رنگ ہلکا اور گہرا سبز ہے، سبز رنگ کی کٹ پر سفید رنگ سے کھلاڑیوں کے نام اور نمبر لکھے گئے ہیں۔

    دریں اثنا، کرکٹ ورلڈ کپ دو ہزار انیس کا میلہ سجنے کو ہے، کرکٹ کے سب سے بڑے میلے کے لیے پاکستان ٹیم کل سے تیاریوں کو حتمی شکل دے گی۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم لیڈز سے برسٹل پہنچ گئی، عالمی کپ سے پہلے قومی ٹیم کے پاس خامیوں کو دور کرنے کا آخری موقع ہے، شاہین بولنگ اور فیلڈنگ کی غلطیوں کو سدھارنے کے لیے کل سے پریکٹس کا آغاز کریں گے۔

    شاداب خان بھی کل کے ٹریننگ سیشن کا حصہ ہوں گے، قومی ٹیم ورلڈ کپ کا پہلا وارم اپ میچ افغانستان سے، دوسرا بنگلہ دیش سے ہوگا جب کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم اپنی مہم جوئی کا آغاز 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔

    ورلڈ کپ میں 10 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ایونٹ کل 33 دن پر مشتمل ہوگا، 48 میچز کھیلے جائیں گے، اور ٹرافی کے لیے گھمسان کا رن پڑے گا، ایونٹ میں دنیائے کرکٹ کے بہترین اسٹارز ایکشن میں نظر آئیں گے۔

    مبصرین نے آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت اور پاکستان کو ٹائٹل کے لیے فیورٹ قرار دیا ہے، 30 مئی کو انگلینڈ میں شروع ہو نے والی کرکٹ کی اس عالمی جنگ کا افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان لندن میں ہوگا۔

  • ٹیم کے لیے میرا واپس آنا خوش آئند ہے: وہاب ریاض

    ٹیم کے لیے میرا واپس آنا خوش آئند ہے: وہاب ریاض

    کراچی: کرکٹر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک میں مسلسل پرفارم کر کے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی ہے۔ ٹیم کے لیے میرا واپس آنا خوش آئند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹر وہاب ریاض نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم انگلینڈ میں برا نہیں کھیلی، آخری اوورز میں ویری ایشنز کرنا پڑیں گی۔ ورلڈ کپ میں ملک اور قوم کے لیے کھیلیں گے۔

    وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کا حصہ بننے پر خوشی ہے، میں تیار ہوں۔ والد صاحب کی خواہش تھی ورلڈ کپ کھیلوں، خواب آتے تھے، خواب میں مکی آرتھر سے ملاقات ہوئی تھی۔ خواب میں انضمام الحق کی کال آئی کہ تم ورلڈ کپ کے لیے جا رہے ہو۔

    انہوں نے کہا کہ سلیکٹرز کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، دباؤ ہے لیکن 2 سالوں میں بہت تیاری کی ہے۔ بیٹنگ میں لڑکوں نے بہت کوشش کی جو مثبت ہے۔ بولنگ میں کلک نہیں کر سکے جس سے نقصان ہوا ہے۔

    وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ باؤنڈری پر کیچز پکڑے جاتے تو نتائج مختلف ہوتے، ڈومیسٹک میں مسلسل پرفارم کر کے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی ہے۔ ٹیم کے لیے میرا واپس آنا خوش آئند ہے۔ مجھے جب کال آئی تھی بتایا گیا تھا لندن جانے کے لیے تیاری کرنی ہے۔ ورلڈ کپ میں بڑی چیز جذبے سے کھیلنا ہے۔ قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے آپ کو ورلڈ کپ کے لیے تیار رکھا تھا، جنید کو ٹیم سے باہر ہونے پر بہت افسوس ہوگا۔ میری نیک تمنائیں تمام کھلاڑیوں کے ساتھ ہیں۔ تنقید کرنا ناقدین کا کام ہے، فٹنس پر محنت کر رہا ہوں، فٹنس نہیں ہوگی تو ٹیم کا حصہ نہیں بن سکتا۔

  • ورلڈ کپ اسکواڈ : عامر، آصف علی اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ

    ورلڈ کپ اسکواڈ : عامر، آصف علی اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ

    لاہور: چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا، محمد عامر، آصف علی اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ ہوں گے، چیف سلیکٹر نے کہا کہ آصف علی کوعابد علی پرپاور ہٹنگ کی وجہ سے فوقیت دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مشن ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی 15 رکنی ٹیم کو حتمی شکل دے دی گئی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے سرفرازاحمد کی قیادت میں 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا۔

    چیف سلیکٹرنے نیوزکانفرنس میں کہا کہ فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، بابر اعظم، سرفراز احمد، حارث سہیل، شعیب ملک، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین اسکواڈ میں شامل ہیں۔

    انضمام الحق نے کہا کہ انگلینڈ کے ساتھ جو سیریز ہوئی اس کے بعد قومی ٹیم میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کیا، وہاب ریاض، محمد عامر، آصف علی کو واپس لے لیا، شاداب کی ٹیم میں واپسی ہوئی، ڈاکٹروں نے شاداب کو کلیئر کر دیا ہے، تجربہ کار عامر اور وہاب کو ٹیم میں شامل کیا گیا، فاسٹ بالرز کو ون ڈے سیریز میں کارکردگی کے بعد شامل کیا گیا،

    انھوں نے کہا کہ عابد علی کو ٹیم میں شامل نہ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا، پاور ہٹنگ کی وجہ سے ان پر آصف علی کو فوقیت دی، وہاب ریاض کو ہم نے نظر انداز نہیں کیا تھا، انھوں نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی، 90 کی اسپیڈ جس کی نہیں ہے وہ بھی میچ میں کھیلتے ہیں، برطانوی کھلاڑی کو بھی ویسی مار پڑی ہے جیسے پاکستانی کو۔

    انضمام الحق کا کہنا تھا کہ فخر زمان اور امام الحق فارم میں ہیں، حسنین کو اتنا تجربہ نہیں لیکن اللہ کرے ورلڈ کپ میں اچھی پرفارمنس دیں، ان کے پاس اسپیڈ ہے، ٹیم کی ضرورت کے مطابق کوچ اور کپتان سے بات کی، بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ کو بھی دیکھنا ہے۔

    چیف سلیکٹر نے کہا کہ جنید اور فہیم بھی اچھے بولر ہیں لیکن کنڈیشن میں تجربہ کار کھلاڑی چاہیے، آگے کیا ہوگا میں نہیں بتا سکتا، ٹیم نے انگلینڈ میں فائٹ کی کچھ چیزیں بری تو کچھ اچھی بھی ہیں، ہماری ٹیم ورلڈ کپ میں بہتر پرفارمنس دے گی۔

    انضام کا کہنا تھا کہ ٹیم پر زیادہ تنقید اچھی چیز نہیں، اچھا کھیلنے والوں کو بھی سراہنا چاہیے، شعیب اور حفیظ سینئر کرکٹرز ہیں اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی ضرورت ہے، ہم 23 مئی تک ٹیم میں تبدیلی کر سکتے ہیں تو فائدہ کیوں نہ اٹھائیں، پاکستان ٹیم کو جس کی ضرورت ہے ہم نے وہ فیصلہ کیا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ہماری ینگ کھلاڑیوں کی ٹیم ہاری بھی ہے لیکن فتح بھی ملی ہے، رضوان، عابد اور فہیم کو انگلینڈٖ ہی میں روک رہے ہیں، اگر کسی کی ضرورت پڑے گی تو ہمارے پاس بیک اپ ہوگا۔

    چیف سلیکٹر کا کپتان کے متعلق کہنا تھا کہ سرفراز جتنا اوپر آ کر کھیلتے ہیں اتنی اچھی کارکردگی دیتے ہیں، سرفراز احمد کی کارکردگی انگلینڈ سے سیریز میں بہتر ہے۔

  • انگلینڈ نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے ہرا کر ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی

    انگلینڈ نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے ہرا کر ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی

    نوٹنگھم : چوتھے ون ڈے میں بھی انگلینڈ نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے ہرا کر ون ڈے سیریز جیت لی، میزبان ٹیم نے341رنز کا ہدف آخری اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے چوتھے میں بھی انگلینڈ نے پاکستان کو سخت مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے دی۔

    انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کرلیا، بین اسٹوکس نے ناقابل شکست71رنز بنائے جبکہ جیسن رائے نے114،جیمزونس43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    بین سٹوکس نے آخری لمحات میں انتہائی ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا، انگلینڈ نے اس فتح کے بعد سیریز میں 0۔3 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

    قبل ازیں چوتھے ون ڈے میچ میں پاکستان نے بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت انگلینڈ کو جیت کے لیے 341 رنز کا ہدف دے دیا۔

     ٹرینٹ برج میں کھیلے جانے والے چوتھے ون ڈے میچ میں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 340 رنز بنائے اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 341 رنز کا ہدف  دیا تھا۔

    پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے شاندار سنچری اسکور کی جبکہ محمد حفیظ اور فخر زمان نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

    قومی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو امام الحق 3 رنز بنا کر کہنی پر مارک ووڈ کی گیند لگنے کے سبب ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے تاہم ایکسرے رپورٹ کلیئر آنے کے بعد وہ دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے اور 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    پاکستان کی پہلی وکٹ 116 رنز پر گری جب فخر زمان 57 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم نے شاندار 115 رنز کی اننگز کھیلی ان کی اننگز میں 1 چھکا اور 13 چوکے شامل تھے۔

    محمد حفیظ 55 گیندوں پر 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شعیب ملک 41 رنز بنا کر کٹ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ہٹ وکٹ آؤٹ ہوئے، آصف علی 17 رنز بناسکے۔

    آل راؤنڈر عماد وسیم کو 12 رنز پر ٹام کرن نے بولڈ کیا، حسن علی ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، کپتان سرفراز احمد 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    انگلینڈ کی جانب سے ٹام کُرن نے چار کھلاڑیں کو پویلین کی راہ دکھائی، مارک ووڈ نے دو جبکہ جوفرا آرکر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں انگلینڈ اور پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کا چوتھا میچ آج ناٹنگھم میں کھیلا جارہا ہے جس میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم انگلینڈ نے 12 رنز سے پاکستان کو شکست دی۔

    تیسرا میچ ایک روز قبل کھیلا گیا، پاکستان نے 358رنز کا ہدف دیا جسے میزبان ٹیم نے 45 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔

    امام الحق کی 151 رنز کی اننگز بھی کام نہ آئی۔ انگلینڈ کے جوہنی بئیر سٹو نے دھواں دھار سنچری اسکور کی جبکہ جیسن رائے نے 76رنز کی شاندار اننگز کھیلی،انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔

  • مشن ورلڈکپ 2019: قومی ٹیم میں کون شامل ہوگا کون باہر، غور شروع

    مشن ورلڈکپ 2019: قومی ٹیم میں کون شامل ہوگا کون باہر، غور شروع

    لاہور: ورلڈ کپ 2019 کے لیے قومی ٹیم کی حتمی تشکیل پر چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ٹیم انتظامیہ میں رابطہ ہوا ہے جس میں محمد عامر اور شاداب خان سمیت کئی کھلاڑیوں کے معاملے پر غور کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کے لیے ٹیم کے انتخاب کے سلسلے میں چیف سلیکٹر اور ٹیم انتظامیہ کے درمیان رابطے شروع ہو گئے ہیں۔

    آج ہونے والے رابطے میں میں محمد عامر اور شاداب خان سمیت کئی کھلاڑیوں کے معاملے پر غور کیا گیا۔

    محمد عامر کو چکن پاکس ہونے کے بعد باؤلنگ لائن اپ کی تشکیل پرغور کیا گیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ محمد عامر کے ورلڈ کپ میں شرکت کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔

    ذرایع نے یہ بھی بتایا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کے فٹ ہونے پر فہیم اشرف یا جنید خان کو وطن بھجوا دیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  محمد عامر خسرہ کا شکار، انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بقیہ میچز میں‌ شرکت مشکوک

    دوسری طرف لیگ اسپنر شاداب خان کی میڈیکل رپورٹس آج شام تک آنے کا امکان ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ شاداب خان کے فٹ نہ ہونے پر محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

    بیٹسمین عابد علی کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد وطن واپس بھجوانے پر بھی غور کیا گیا، بتایا گیا ہے کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کی میچ فٹنس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ڈینٹسٹ کے آلات سے شاداب خان کو ہیپاٹائٹس سی کا وائرس لگا، قریبی ذرائع

    خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ آج برسٹل میں کھیلا جائے گا، سیریز برابر کرنے کے لیے شاہینوں نے جم کر تیاری کر لی ہے۔

  • دوسرا ون ڈے: قومی ٹیم کی شاندار بیٹنگ، انگلینڈ 12 رنز سے کامیاب

    دوسرا ون ڈے: قومی ٹیم کی شاندار بیٹنگ، انگلینڈ 12 رنز سے کامیاب

    لندن:  انگلینڈ نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 12 رنز سے شکست دے کر سیریز کی پہلی فتح اپنے نام کرلی، سرفراز الیون نے آخری بال تک مقابلہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے مابین پانچ ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ ساؤتھ مپٹن میں کھیلا گیا، قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ پر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

    انگلینڈ کے بلے باز پاکستانی گیند بازوں پر کھیل کے ابتدا سے ہی حاوی رہے اور انہوں نے گراؤنڈ کے چاروں طرف جم کر اسٹروک کھیلے، بارش کے باعث کھیل کو کچھ دیر کے لیے روکا بھی گیا البتہ میزبان ٹیم کے بلے بازوں نے دوبارہ گراؤنڈ میں آکر اپنی دھاگ کو قائم رکھا۔

    انگلینڈ کو اوپننگ کا آغاز اچھا ملا اور اُن کے پہلے کھلاڑی 115 کے مجموعی اسکور اور نصف سنچری بنا کر آؤٹ ہوئے، دوسری وکٹ 177 پر جبکہ تیسری 211 کے مجموعی اسکور پر گری۔ انگلینڈ کے بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو پہاڑ جیسا ہدف دیا۔

    انگلینڈ نے پاکستان کو 374 رنز کا ہدف دیا

    انگلینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں 373 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 374 رنز کا ہدف دیا۔ جوس بٹلرنے110 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ جیسن رائے 87، آئن مورگن 71، بئیر سٹو 51 اور جو روٹ چالیس رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی،شاہین شاہ آفریدی اوریاسرشاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    قومی ٹیم کی بیٹنگ

    پاکستان نے 374 رنز ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اوپننگ سے آغاز کیا، سرفراز الیون کی پہلی وکٹ 92 کے مجوعی اسکور پر اُس وقت گری جب امام الحق 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بعد ازاں فخر زمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بابر اعظم کے ساتھ 135 رنز کی شراکت داری قائم کی اور اپنی ٹیم کو مستحکم پوزیشن میں لائے۔

    فخر زمان 138 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو بابر اعظم بھی 51 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے یوں 233 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو تین کھلاڑیوں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، نئے آنے والے بیٹسمین حارث سہیل زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 14 رنز بناکر واپس روانہ ہوگئے، آصف علی نے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ مل کر 49 رنز کی شراکت داری بنائی اور پھر وہ بھی پویلین لوٹ گئے۔

    ایک وقت میں گیم پاکستان کے ہاتھ میں نظر آرہا تھا البتہ آصف علی کے آؤٹ ہونے کے بعد نئے آنے والے بلے باز عماد وسیم بھی 8 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے، فہیم اشرف صرف تین رنز کی اننگز کھیل سکے۔

    مجموعی طور پر  پاکستان کے نوجوان بلے بازوں نے  انگلش ٹیم کوٹف ٹائم دیا، اسکور کارڈ کی بات کی جائے تو فخرزمان 138 ،بابراعظم اورآصف علی نے51،51 رنزبنائے نمایاں بلے باز رہے جبکہ کپتان سرفراز احمد 41 کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 

    جہاں تک بات کی جائے تبدیلی کی تو قومی ٹیم میں محمد عامر کی جگہ یاسر شاہ کو شامل کیا گیا، ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کو کم سے کم اسکور تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔

    دوسرے ون ڈے کی بھرپور تیاری کے لیے شاہینوں نے ٹھنڈے موسم میں خوب لہو گرمایا، قومی ٹیم کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی الگ الگ مشقیں ہوئیں۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ آنے والے میچز میں ٹیم اچھی کارکردگی دکھائے گی۔

    اس سے قبل پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ون ڈے میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا، بارش کے سبب میچ کو 41 اوور تک محدود کیا گیا تھا تاہم بارش دوبارہ شروع ہوگئی جس کے سبب میچ کو ختم کرنا پڑا۔ پاکستان نے 19 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنائے تھے۔

    مذکورہ دورے میں کارڈف میں کھیلے گئے واحد ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی، اب دونوں ٹیموں کے درمیان 5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کھیلی جارہی ہے۔

    اب تک ہونے والے باہمی ون ڈے مقابلوں میں میزبان کا پلڑا بھاری رہا ہے، پاکستانی ٹیم 82 میچز میں 31 فتوحات حاصل کر پائی جبکہ انگلینڈ کو 49 میں فتح نصیب ہوئی۔

  • پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ون ڈے میچ بارش کی نذر

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ون ڈے میچ بارش کی نذر

    لندن: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ون ڈے میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ون ڈے میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا، بارش کے سبب میچ کو 41 اوور تک محدود کیا گیا تھا تاہم بارش دوبارہ شروع ہوئی جس کے سبب میچ کو ختم کرنا پڑا، پاکستان نے 19 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنائے تھے۔

    اوپنر فخر زمان 3 اور بابر اعظم 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، امام الحق 42 اور حارث سہیل 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آکر اور لیام پلنکٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ 11 مئی کو کھیلا جائے گا۔

    قبل ازیں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، بارش کی وجہ سے میچ 47 اوور تک محدود کردیا گیا ہے۔

     اوول گراؤنڈ انگلینڈ میں آج سے پاک انگلینڈ ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کھیلا جارہا ہے، گراؤنڈ انتظامیہ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے پریشان ہے اور بارش کی وجہ سے میچ تاخیر کا شکار بھی ہوا۔

    محمد حفیظ بدستور مکمل فٹنس حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں، محمد حفیظ اور شعیب ملک پہلے ون ڈے میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

    پاکستان کی ٹیم میں سرفراز احمد کپتان، فخرزمان، امام الحق، بابر اعظم، آصف علی، حارث سہیل، عماد وسیم، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

    انگلینڈ کی ٹیم میں ایون مورگن کپتان، بیرسٹو، جیمز ونس، جو روٹ، بین اسٹوکس، جوس بٹلر، جو ڈینلی، ووکس، لیام پلنکٹ، راشد خان اور آکر شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ کارڈف میں کھیلے گئے واحد ٹی 20 میچ میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست ہوئی، اب دونوں ٹیموں کے درمیان 5 میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔

    اب تک ہونے والے باہمی ون ڈے مقابلوں میں میزبان کا پلڑا بھاری رہا، پاکستان ٹیم 82 میچز میں 31 فتوحات حاصل کر پائی، جب کہ انگلینڈ کو 49 میں فتح نصیب ہوئی۔

    انگلش سرزمین پر دونوں ٹیمیں 42 بار مد مقابل ہوئیں، گرین شرٹس 15 میں کام یاب ہوئے، 26 میں میزبان ٹیم نے برتری ثابت کی، ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

  • پاک انگلینڈ ون ڈے سیریز، میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ، حفیظ اور ملک شرکت نہیں کر سکیں گے

    پاک انگلینڈ ون ڈے سیریز، میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ، حفیظ اور ملک شرکت نہیں کر سکیں گے

    لندن: پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ون ڈے سیریز کا آج سے آغاز ہو رہا ہے، تاہم اوول گراؤنڈ اور اطراف کے علاقوں میں بارش کی وجہ سے میچ متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اوول گراؤنڈ انگلینڈ میں آج سے پاک برطانیہ ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کھیلا جائے گا، دوسری طرف گراؤنڈ انتظامیہ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے پریشان ہے۔

    محمد حفیظ بدستور مکمل فٹنس حاصل کرنے میں کام یاب نہیں ہو سکے ہیں، محمد حفیظ اور شعیب ملک پہلے ون ڈے میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

    انگلینڈ کے خلاف پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم 3 یا 4 فاسٹ بولرز کھلانے کا فیصلہ ٹاس سے پہلے کرے گی۔

    واحد ٹی ٹوینٹی، انگلینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    خیال رہے کہ کارڈف میں کھیلے گئے واحد ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست ہوئی، اب دونوں ٹیموں کے درمیان 5 میچز پر مشتمل سیریز کھیلا جائے گا۔

    اب تک ہونے والے باہمی ون ڈے مقابلوں میں میزبان کا پلڑا بھاری رہا، پاکستان ٹیم 82 میچز میں 31 فتوحات حاصل کر پائی، جب کہ انگلینڈ کو 49 میں فتح نصیب ہوئی۔

    انگلش سرزمین پر دونوں ٹیمیں 42 بار مد مقابل ہوئیں، گرین شرٹس 15 میں کام یاب ہوئے، 26 میں میزبان ٹیم نے برتری ثابت کی، ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

  • علیم ڈار کی امپائرنگ کے 200 انٹرنیشنل میچز مکمل

    علیم ڈار کی امپائرنگ کے 200 انٹرنیشنل میچز مکمل

    لاہور: بین الاقوامی شہرت یافتہ امپائر علیم ڈار کے 200 انٹرنیشنل میچز بطور امپائر مکمل ہوگئے، پی سی بی نے انہیں اہم سنگ میل مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔

    تفصیلات کے مطابق امپائرنگ کے فرائض انجام دیتے ہوئے علیم ڈار کے 200 انٹرنیشنل میچز مکمل ہوگئے۔ اس موقع پر علیم خان کا کہنا تھا کہ 200 میچز مکمل ہونے پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا مشکور ہوں جس نے مجھ پر اعتماد کیا۔ پاکستانی شائقین کرکٹ اور میڈیا نے ہمیشہ سپورٹ کیا۔ جب تک فٹ رہا امپائرنگ کرتا رہوں گا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی علیم ڈار کو مبارکباد دی، پی سی بی کے مینجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کا کہنا تھا کہ علیم ڈار ایلیٹ امپائرنگ میں پاکستان کا اثاثہ ہیں۔

    علیم خان 6 فروری 1968 کو جھنگ میں پیدا ہوئے، علیم خان نے فرسٹ کلاس کرکٹ بھی کھیلی مگر ان کی وجہ شہرت امپائرنگ بنی۔

    انہوں نے بطور امپائر اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز 16 فروری 2000 کو گجرانوالا میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین ہونے والے میچ سے کیا۔ سنہ 2002 میں وہ آئی سی سی کے امپائرز کے بین الاقوامی پینل کا حصہ بن گئے۔

    سنہ 2003 میں انہوں نے پہلی بار ورلڈ کپ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اپریل 2004 میں وہ آئی سی سی کے ایلیٹ پینل کا حصہ بنے، وہ اس پینل کا حصہ بننے والے پہلے پاکستانی تھے۔

    انہیں 2009، 2010 اور 2011 میں آئی سی سی کی جانب سے سال کا بہترین امپائر قرار دیا گیا۔ 2011 میں حکومت پاکستان نے انہیں تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا۔

  • پاکستان کرکٹ ٹیم کی لندن کے نواحی علاقے بیکنھم میں پریکٹس جاری

    پاکستان کرکٹ ٹیم کی لندن کے نواحی علاقے بیکنھم میں پریکٹس جاری

    بیکنھم: پاکستان کرکٹ ٹیم کی لندن کے نواحی علاقے بیکنھم میں پریکٹس جاری ہے جہاں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لندن کے علاقے بیکنھم میں پاکستانی ٹیم کی پریکٹس جاری ہے، ٹیم کی حفاظت کے لیے سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، کوچ مکی آرتھر نے کھلاڑیوں کو فیلڈنگ کی بھرپور پریکٹس کرائی۔

    آئی سی سی کی ہدایات پر اس مرتبہ سانحہ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی وجہ سے کسی بھی ٹیم کے کھلاڑی کو پیشگی اجازت کے بغیر کسی تقریب میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ وہ ورلڈ کپ میں تاریخ ساز کارکردگی کے لیے پُرعزم ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  دورۂ انگلینڈ کا مثبت آغاز، پاکستان نے پریکٹس میچ میں کینٹ کاؤنٹی کو 100 رنز سے ہرا دیا

    خیال رہے کہ شاہینوں کا دورۂ انگلینڈ میں دوسرا معرکہ کل نارتھیمپٹن شائر سے ہوگا، ٹیم پاکستان اپنے پہلے پریکٹس میچ میں کینٹ کاؤنٹی کو 100 رنز سے شکست دے چکی ہے۔

    قومی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے تیاریاں تیز کر دی ہیں، میچ پریکٹس حاصل کرنے کے لیے پاکستانی ٹیم پیر کو نارتھیمپٹن شائر سے پریکٹس میچ میں مدم قابل ہو گی۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ایک ٹی ٹوئنٹی میچ 5 مئی کو کھیلا جائے گا۔