Tag: کرکٹ کی خبریں

  • دورۂ انگلینڈ کا مثبت آغاز، پاکستان نے پریکٹس میچ میں کینٹ کاؤنٹی کو 100 رنز سے ہرا دیا

    دورۂ انگلینڈ کا مثبت آغاز، پاکستان نے پریکٹس میچ میں کینٹ کاؤنٹی کو 100 رنز سے ہرا دیا

    بیکنھم: پاکستان کرکٹ ٹیم نے دورۂ انگلینڈ کا مثبت آغاز کرتے ہوئے پریکٹس میچ میں کینٹ کاؤنٹی کو 100 رنز سے شکست دے دی، عماد وسیم نے 117 رنز کی شان دار اننگ کھیلی۔

    تفصیلات کے مطابق بیکنھم میں کھیلے گئے پریکٹس میچ میں پاکستان نے کینٹ کاؤنٹی کو 100 رنز سے ہرا دیا ہے، پاکستان کے 358 رنز کے جواب میں کینٹ کی ٹیم 258 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

    عماد وسیم نے 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 117 رنز کی اننگز کھیلی، فخر زمان 76، حارث سہیل 75 اور امام الحق 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

    فہیم اشرف 17، سرفراز احمد 10، بابر اعظم 9، شعیب ملک 4 رنز بنا سکے، جب کہ کینٹ کاؤنٹی کی اننگز میں الیکس بلیک 89 اور رابنسن 49 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مخالف بھی پاکستان کے مداح، گنگولی نے سرفراز الیون کو فیورٹ قرار دے دیا

    یاسر شاہ 3، فہیم اشرف، حسن علی اور فخر زمان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کینٹ کاؤنٹی کے عمران قیوم نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں لندن میں موجود ہے جہاں وہ برطانوی ٹیم کے خلاف پانچ ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔

    دوسری طرف ورلڈ کپ مقابلوں کا آغاز 30 مئی سے ہوگا، افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان 30 مئی کو کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 31 مئی کو کھیلے گی۔

  • سرفراز احمد کی قیادت میں 17 رکنی قومی کرکٹ ٹیم لندن پہنچ گئی

    سرفراز احمد کی قیادت میں 17 رکنی قومی کرکٹ ٹیم لندن پہنچ گئی

    لاہور: سرفراز احمد کی قیادت میں 17 رکنی قومی کرکٹ ٹیم لندن پہنچ گئی، قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں لندن پہنچ گئی ہے جہاں وہ برطانوی ٹیم کے خلاف پانچ ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔

    لندن پہنچنے پر پاکستان ٹیم کو انگلش کرکٹ بورڈ کے آفیشلز نے خوش آمدید کہا، قومی کرکٹ ٹیم پہلی ٹیم ہے جو ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے لندن پہنچی ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم آج آرام کے بعد کل سے نیٹ پریکٹس کا آغاز کرے گی، ورلڈ کپ سے قبل پاکستان انگلینڈ سے واحد ٹی 20 اور 5 ون ڈے میچز کھیلے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستانی ٹیم کب اورکہاں میچ کھیلے گی

    ورلڈ کپ مقابلوں کا آغاز 30 مئی سے ہوگا، افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان 30 مئی کو کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 31 مئی کو کھیلے گی۔

    پاکستان کا روایتی حریف بھارت سے مقابلہ 16 جون کو ہوگا، ورلڈ کپ 2019 کا فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا، پاکستان کرکٹ ٹیم 27 اپریل کو کینٹ کاؤنٹی کے خلاف میچ سے دورے کا آغاز کرے گی۔

    کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم میں عالمی چیمپئن بننے کی صلاحیت ہے، ٹیم کا ہر کھلاڑی ترپ کا پتّا ہے، پوری تیاری کے ساتھ ورلڈ کپ کے لیے جا رہے ہیں، جو کام عمران خان نے ورلڈ کپ جیت کر پاکستان کے لیے کیا وہ میں بھی کرنا چاہتا ہوں۔

  • شارجہ کے میدان میں جاوید میاں داد کے تاریخی چھکے کو آج 33 برس مکمل ہو گئے

    شارجہ کے میدان میں جاوید میاں داد کے تاریخی چھکے کو آج 33 برس مکمل ہو گئے

    کراچی: شارجہ کے تاریخی میدان میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لے جنڈ بیٹسمین جاوید میاں داد کے تاریخی چھکے کو آج 33 برس مکمل ہو گئے ہیں۔

    شارجہ میں بھارت کے خلاف جاوید میاں داد کے تاریخی اور لازوال چھکے کا وہ تاریخی لمحہ کرکٹ شائقین کے ذہنوں میں آج بھی تازہ ہے، میاں داد نے بھارت کے خلاف فائنل میچ میں چھکا لگا کر پاکستان کوشان دار فتح دلائی تھی۔

    18 اپریل 1986 کا دن بھارتیوں کے لیے دل دہلا دینے والا دن تھا جب عظیم پاکستانی بلے باز جاوید میاں داد نے ان کی فتح کو تاریخی شکست میں تبدیل کر دیا تھا۔

    ایک طرف شارجہ کا اسٹیڈیم اور دوسری طرف پاکستان کا روایتی حریف بھارت تھا، پاکستان آسٹریلیشیا کپ کے فائنل میں 246 رنز کے بھارتی ہدف کا تعاقب کر رہا تھا، یہ اس وقت شارجہ میں کسی بھی ٹیم کا بنایا گیا سب سے بڑا مجموعہ تھا۔

    اس ہدف کے تعاقب میں پاکستان جاوید میاں داد کی لازوال سنچری کی بہ دولت اس مقام تک پہنچا کہ آخری اوور کی آخری گیند پر 4 رنز کی ضرورت تھی۔

    کرکٹ گراؤنڈ شائقین سے بھرا ہوا تھا، دو کھلاڑیوں پر سب کی نظریں لگی ہوئی تھیں، کریز کے ایک طرف جاوید میاں داد کھڑے تھے، اور دوسرے اینڈ پر بھارت کے فاسٹ بولر چیتن شرما ہاتھوں میں گیند تھامے ہوئے تھے۔

    شائقین کے دلوں کی دھڑکن اس وقت تیز ہو گئی جب چیتن شرما نے میچ کے آخری گیند کے لیے دوڑنا شروع کر دیا، گیند ان کے ہاتھوں سے نکلی تو ایک لمحے کے لیے میدان میں سناٹا چھا گیا، اور پھر وہ ہوا جس نے ایک تاریخ رقم کر دی۔

    لے جنڈ میاں داد نے بلا گھمایا اور چیتن شرما کی گیند کو ہوا میں اٹھا کر باؤنڈری پار کرا دیا، اس زوردار چھکے کے بعد ایک طرف پاکستانی انکلوژر میں جشن کا سماں بندھ گیا تھا تو دوسری طرف بھارتی انکلوژر پر موت جیسا سناٹا طاری ہو گیا تھا۔

  • پاکستان ورلڈ کپ کے لیے ٹاپ تھری فیورٹ ٹیموں میں شامل ہیں، برطانوی کپتان مورگن

    پاکستان ورلڈ کپ کے لیے ٹاپ تھری فیورٹ ٹیموں میں شامل ہیں، برطانوی کپتان مورگن

    لندن: انگلش ٹیم کے کپتان ایون مورگن نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز سے موسم گرما کے طویل سیزن کا آغاز ہمارے لیے بھی خوش آئند ہے، گرین شرٹس کےساتھ ہمیں انتہائی مسابقتی کرکٹ کھیلنے کو ملے گی۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن نے پاکستان کو 30 مئی سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے انتہائی مضبوط امیدوار قرار دے دیا ۔ایون مورگن نے کہاکہ بدستور پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کے لیے دوسری یا تیسری فیورٹ ٹیم ہے۔

    اس وقت انگلینڈ عالمی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر فائز ہے، اسے شوپیس ایونٹ کے لیے ہاٹ فیورٹ قرار دیا جارہا ہے تاہم ورلڈ کپ سے قبل میزبان سائیڈ کی آزمائش پاکستان کے خلاف 5کو شیڈول واحد ٹوئنٹی 20میچ اور اس کے فوری بعدکھیلی جانے والی 5ون ڈے میچز کی باہمی سیریز میں ہوگی۔دونوں ہی ٹیمیں اس سیریز کی بدولت ورلڈ کپ کیلئے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیں گی۔

    مورگن نے کہاکہ پاکستان کے خلاف سیریز سے موسم گرما کے طویل سیزن کا آغاز ہمارے لیے بھی خوش آئند ہے، ہمیں گرین شرٹس سے مقابلوں کی صورت میں حقیقت میں ایک بہت اچھی اور مسابقتی کرکٹ کھیلنے کو ملے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ورلڈ کپ کے لیے دوسری یا تیسری فیورٹ ٹیم ہے، اس وقت چیمپئنز ٹرافی بھی ان کے ہی پاس ہے۔ گرین شرٹس نے انگلینڈ میں یہ ٹرافی جیتنے کےلیے بہت ہی عمدہ کارکردگی پیش کی تھی، اس لیے ہم ان کے خلاف سیریز کے منتظر ہیں۔

  • ورلڈ کپ میں قومی ٹیم مایوس نہیں کرے گی: کپتان سرفراز احمد

    ورلڈ کپ میں قومی ٹیم مایوس نہیں کرے گی: کپتان سرفراز احمد

    کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے عوام میں مقبول چیمپئن کپتان سرفراز احمد اے آر وائی نیوز کے مہمان بن گئے، اے آر وائی اسٹوڈیو میں انھوں نے کیک کاٹا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کراچی میں اے آر وائی نیوز کے اسٹوڈیو آ کر اے آر وائی نیوز کے لوگو والا کیک کاٹا اور سیلفیاں بنائیں۔

    سرفراز احمد نے اس موقع پر کہا کہ عوام دعا کریں، ورلڈ کپ میں قومی ٹیم مایوس نہیں کرے گی۔

    خیال رہے کہ چیمپئن کپتان اے آر وائی نیوز کے مہمان بنے تھے، اے آر وائی آمد پر قومی ٹیم کے کپتان کو گل دستہ پیش کیا گیا۔ انھوں نے عوام سے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے لیے دعا کی درخواست کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  مشن ورلڈ کپ، پی سی بی کا پلیئرز فٹنس ٹیسٹ کا اعلان، 23 کھلاڑی طلب

    سرفراز احمد نے اے آر وائی نیوز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ’وعدہ کرتے ہیں کہ پوری کوشش کریں گے، پاکستان کے لیے اچھی پرفارمنس دیں گے۔‘

    خیال رہے کہ گرین شرٹس سرفراز کی قیادت میں مشن ورلڈ کپ 2019 کے لیے 23 اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوں گے، جس کے لیے پی سی بی نے پلیئرز فٹنس ٹیسٹ کا اعلان کر دیا ہے اور 23 کھلاڑیوں کو طلب کر لیا گیا ہے۔

    پی سی بی کے مطابق فٹنس ٹیسٹ 15 اور 16 اپریل کو لیا جائے گا، عالمی کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان 18 اپریل کو کیا جائے گا۔

  • پاکستان اور جنوبی افریقہ ویمن کرکٹ ٹیم کے درمیان سیریز اگلے ماہ ہوگی

    پاکستان اور جنوبی افریقہ ویمن کرکٹ ٹیم کے درمیان سیریز اگلے ماہ ہوگی

    لاہور: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اور جنوبی افریقہ ویمن ٹیم کے درمیان 2 پریکٹس میچ، 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز پر شتمل سیریز کھیلی جائے گی جس کا آغاز اگلے ماہ ہوگا۔

    پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم مئی 2019 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 2 پریکٹس میچ، 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ شیڈول کے مطابق پہلا ٹور میچ یکم مئی کو پورٹ چیفسٹروم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 3 مئی کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔

    بعد ازاں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیموں کے درمیان 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 6 مئی کو اور دوسرا ون ڈے میچ 9 مئی کو پورٹ چیفسٹروم میں کھیلا جائےگا۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے کرکٹ میچ 12 مئی کو بنونی میں کھیلا جائے گا۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 15 مئی کو پریٹوریا میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 18 مئی کو اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 19 مئی کو پیٹر ماریٹز برگ میں کھیلا جائے گا۔

    چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ 22 مئی کو بنونی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا پانچواں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 23 مئی کو بنونی کے مقام پر کھیلا جائے گا۔

  • آئی سی سی ون ڈے رینکنگ: پاکستان ٹیم چھٹی پوزیشن بچانے میں کامیاب

    آئی سی سی ون ڈے رینکنگ: پاکستان ٹیم چھٹی پوزیشن بچانے میں کامیاب

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ ون ڈے رینکنگ میں پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے ہاتھوں کلین سویپ شکست کے باوجود چھٹی پوزیشن بچانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ایک روزہ کرکٹ کی عالمی رینکنگ کا اعلان کر دیا، آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان ٹیم کلین سویپ شکست کے باوجود چھٹی پوزیشن بچانے میں کامیاب رہی ہے۔

    [bs-quote quote=”ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں پاکستان 135 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    آسٹریلیا نے عرب امارات میں پاکستان کو ون ڈے سیریز میں 0-5 سے شکست دی لیکن اس سے ٹیم کے پوائنٹس ٹیبل میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہوا اور وہ 108 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہی براجمان ہے۔

    ون ڈے کی نئی عالمی درجہ بندی میں انگلینڈ کی ٹیم 123 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جب کہ انڈیا 120 پوائنٹس سے دوسرے نمبر پر ہے، نیوزی لینڈ 112 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، جنوبی افریقہ بھی 112 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

    آسٹریلیا سے کلین سویپ شکست کے بعد پاکستانی ٹیم 100 پوائنٹس سے 97 پوائنٹس پر سرک گئی لیکن اس کی چھٹی پوزیشن برقرار رہی۔ دوسری جانب ٹیسٹ رینکنگ میں بدستور بھارت سر فہرست ہے جب کہ پاکستانی ٹیم ساتویں پوزیشن پر قبضہ جمائے ہوئے ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ون ڈے سیریز، آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا

    بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں کام یابی کے بعد نیوزی لینڈ 108 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، 105 پوائنٹس کے ہم راہ جنوبی افریقا کی تیسری پوزیشن ہے۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ دونوں کے 104 پوائنٹس ہیں اور یہ عالمی رینکنگ میں بالترتیب چوتھے اور پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔

    سری لنکا کی 93 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن ہے جب کہ پاکستان 88 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر ہے، 77 پوائنٹس کے ساتھ ویسٹ انڈیز آٹھویں، 69 پوائنٹس کے ساتھ بنگلا دیش نویں اور 13 پوائنٹس کے ساتھ زمبابوے دسویں نمبر پر ہے۔

    دوسری طرف آئی سی سی ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں پاکستان 135 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے، انڈیا 122 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور انگلینڈ 121 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔

  • چوتھا ون ڈے، عابد علی اور رضوان کی سنچریاں رائیگاں، آسٹریلیا کی 6 رنز سے کامیابی

    چوتھا ون ڈے، عابد علی اور رضوان کی سنچریاں رائیگاں، آسٹریلیا کی 6 رنز سے کامیابی

    دبئی: چوتھے ون ڈے میچ میں عابد علی اور محمد رضوان کی سنچریوں کے باوجود آسٹریلیا نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے دی، عمر اکمل 7 اور عماد وسیم 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، کینگروز کو سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے جانے والے چوتھے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم 278 رنز کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بناسکی، محمد رضوان اور عابد علی کی سنچریاں بھی گرین شرٹس کو شکست سے نہ بچاسکیں۔

    عابد علی نے ڈیبیو میچ میں شاندار 112 رنز کی اننگز کھیلی، وہ ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے والے تیسرے پاکستانی بن گئے، ان سے پہلے سلیم الٰہی اور امام الحق ڈیبیو میچ میں سنچری اسکور کرچکے ہیں۔

    پاکستان کی پہلی وکٹ صفر پر گری جب شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، حارث سہیل 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد رضوان نے 104 رنز کی اننگز کھیلی۔

    عمر اکمل 7 رنز بنا کر بولڈ ہوئے، سعد علی نے 7 رنز بنائے، کپتان عماد وسیم ایک رن بنا کر رچرڈسن کی گیند پر مارش کو کیچ دے بیٹھے۔

    آسٹریلیا کے کالٹر نیل نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، رچرڈسن، نیتھن لیون اور زمپا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے چوتھے ون ڈے میچ میں کینگروز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے اور گرین شرٹس کو جیت کے لیے 278 رنز کا ہدف دیا، عماد وسیم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

    آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 56 رنز پر گری، ایرون فنچ 39 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، عثمان خواجہ 62 رنز بنا کر یاسر شاہ کا نشانہ بنے، شان مارش 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    ہینڈکومب 7 اور اسٹونس 2 رنز بناسکے، ابتدائی پانچ وکٹیں 140 رنز پر گرنے کے بعد گلین میکسویل اور ایلکس کیری نے شاندار پارٹنر شپ بنائی اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    میکسویل نے شاندار 98 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ایلکس کیری 55 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے، پاکستان کے عماد وسیم، محمد حسنین اور یاسر شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    قبل ازیں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ دبئی میں کھیلا جارہا ہے۔ پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    کپتان شعیب ملک انجری کے سبب چوتھے ون ڈے سے باہر ہوچکے ہیں، ان کی جگہ عماد وسیم ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ شعیب ملک کی جگہ سعد علی ڈیبیو کریں گے جبکہ امام الحق کی جگہ اوپنر عابد علی بھی ڈیبیو کریں گے۔

    مہمان ٹیم آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف سیریز میں 0-3 کی برتری حاصل ہے۔ آسٹریلیا نے دو روز قبل پاکستان کو تیسرے ون ڈے میچ میں 80 رنز سے شکست دے کر ون ڈے سیریز اپنے نام کی تھی۔

    مزید پڑھیں: کینگروز نے شاہینوں‌ کو 80 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

    مہمان ٹیم کے کپتان نے 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی جس میں 5 چوکے اور چھکا بھی شامل تھا، میکسویل نے بھی 55 گیندوں پر 71 رنز بنا کر آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

    پاکستان کی جانب سے امام الحق 46، عماد وسیم 43، عمر اکمل 36 اور شعیب ملک 32 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔

    اس سے قبل پاکستان ٹیم کا باؤلنگ اٹیک ابتدائی دونوں ون ڈے میچز میں بھی بری طرح ناکام رہا تھا، کینگروز نے دونوں میچ 8، 8 وکٹوں سے اپنے نام کیے تھے۔

  • تیسرا ون ڈے، کینگروز نے شاہینوں‌ کو 80 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

    تیسرا ون ڈے، کینگروز نے شاہینوں‌ کو 80 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

    ابوظبی: آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میچ میں 80 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، کپتان ایرون فنچ نے 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، امام الحق 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں کینگروز نے شاہینوں کو 80 رنز سے شکست دے دی، 267 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 186 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ایڈم زمپا نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

    پاکستان کے اوپننگ بلے باز امام الحق 46 رنز بنا کر نمایاں رہے، عماد وسیم نے 43 رنز کی اننگز کھیلی، عمر اکمل اور شعیب ملک بالترتیب 36 اور 32 رنز بناسکے۔

    آسٹریلیا کے لیگ اسپنر ایڈم زمپا نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاسٹ بولر پیٹ کمنز نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    قبل ازیں ابوظبی میں کھیلے جانے ولاے تیسرے ون ڈے میچ میں کینگروز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے اور گرین شرٹس کوجیت کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا، ایرون فنچ 90 اور گلین میکسویل نے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی۔

    آسٹریلیا کی پہلی وکت صفر پر گری جب عثمان خواجہ بغیر کوئی رن بنائے شنواری کی گیند پر بولڈ ہوگئے، 20 رنز پر کینگروز کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا 14 رنز بنا کر شان مارش بھی پویلین لوٹ گئے۔

    ایرون فنچ اور ہینڈز کومب نے ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا، فنچ 90 اور ہینڈکومب 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اسٹونس کو 10 رنز پر عماد وسیم نے پویلین روانہ کیا۔

    گلین میکسویل نے شنواری کی گیند پر امام الحق کی جانب سے کیچ ڈراب ہونے کے بعد 71 رنز کی اننگز کھیلی، کیری 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری، عماد وسیم، یاسر شاہ، حارث سہیل اور جنید خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، محمد حسنین کافی مہنگے بولر ثابت ہوئے انہوں نے 5 اوورز میں 50 رنز دئیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

    قبل ازیں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز ابو ظہبی میں کھیلی جارہی ہے، تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ٹاس جیتتا تو میں بھی بیٹنگ کرتا، پاکستان کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ عثمان شنواری اور جنید خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ محمد حسنین ٹیلنٹڈ بالر ہیں، امید ہے حسنین فٹ رہے گا اور اچھی کارکردگی دکھائے گا۔

    دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں پیٹ کمنز اور جیسن بھنڈروف کو شامل کیا گیا ہے۔

    پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان ٹیم کا باؤلنگ اٹیک ابتدائی دونوں ون ڈے میچز میں بری طرح ناکام رہا، کینگروز نے دونوں میچ 8، 8 وکٹوں سے اپنے نام کیے۔

  • شارجہ ون ڈے، ایرون فنچ کی شاندار سنچری، پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست

    شارجہ ون ڈے، ایرون فنچ کی شاندار سنچری، پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست

    شارجہ: آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں کپتان ایرون فنچ کی شاندار سنچری کی بدولت 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی، فنچ شاندار کارکردگی پر مرد بحران قرار پائے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 281 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان کرلیا، ایرون فنچ 116 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، پانچ میچوں سیریز میں آسٹریلیا کو 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔

    آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 63 رنز پر گری جب عثمان خواجہ 24 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد فنچ اور شان مارش کے درمیان 172 رنز کی شراکت قائم ہوئی، فنچ 116 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

    شان مارش نے ناقابل شکست 91 رنز کی اننگز کھیلی، پاکستان کے محمد عباس اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

     شارجہ میں کھیلے جانے والے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 281 رنز کا ہدف دے دیا، عمر اکمل نے 49 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

    شعیب ملک نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 35 رنز پر گری جب امام الحق کرس لیون کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ڈیبیو کرنے والے شان مسعود نے 40 رنز بنائے۔

    عمر اکمل 50 گیندوں پر 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہوں نے تین بلند و بالا چھکے لگائے، قائم مقام کپتان شعیب ملک 11 رنز بنا کر میکسویل کی گیند پر بولڈ ہوئے، فہیم اشرف 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    حارث سہیل نے کیریئر کی پہلی شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے ناقابل شکست 101 رنز بنائے، عماد وسیم نے جارحانہ 28 رنز کی اننگز کھیلی۔

    آسٹریلیا نے کولٹر نیل نے دو وکٹیں حاصل کیں، اسپنرز میکسویل اور کرس لیون کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

    پاکستان کی طرف سے محمد عباس اور شان مسعود پاکستان کی طرف سے ڈیبیو کیا۔ پاکستان کی ٹیم کپتان شعیب ملک، امام الحق، شان مسعود، عمراکمل، حارث سہیل، محمد رضوان، عماد وسیم، محمد عامر، فہیم اشرف، محمد عباس اور یاسر شاہ پر مشتمل ہے۔

    دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان ایرون فنچ، شان مارش، عثمان خواجہ، پیٹر ہینڈ سکومب، کین رچرڈسن، گلین میکسویل، جیسن بہرنڈوف، ایڈم زمپا اور نیتھن لیون شامل ہیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کا موقع ملے گا، کینگروز کے بعد انگلش ٹیم کے خلاف سیریز ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگی۔

    پاکستان ٹیم نے شارجہ کے میدان میں گزشتہ روز بھرپور پریکٹس بھی کی تھی، قومی ٹیم کی قیادت شعیب ملک کر رہے ہیں جبکہ سرفراز احمد کو آرام کی غرض سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل شعیب ملک کی قیادت میں 38 ایک روزہ میچز کھیلے گئے جس میں سے 25 میں وہ فتحیاب ہوئے جبکہ 13 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس حساب سے ان کی فتح کا تناسب عمدہ ہے۔