Tag: کرکٹ کی خبریں

  • کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کمال کرکٹ کھیلی: فواد چوہدری

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کمال کرکٹ کھیلی: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فور کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کمال کرکٹ کھیلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے فائنل میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ کوئٹہ کی ٹیم نے کمال کرکٹ کھیلی ہے۔

    انھوں نے کہا ’میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو مبارک باد دیتا ہوں، پشاور زلمی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

    فواد چوہدری نے ملک میں کرکٹ کی واپسی پر تمام پی ایس ایل فرنچائز کا بھی شکریہ ادا کیا، کہا ’تمام فرنچائز کا مشکل وقت میں پاکستان کرکٹ کے لیے ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

    وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلی بار پی ایس ایل ٹائٹل جیت لیا، زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست

    واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل فور کا چیمپئن بن گیا ہے، دوسری طرف پشاور زلمی کو مسلسل دوسری بار پی ایس ایل فائنل میں شکست ہو گئی ہے، جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے والی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔

    فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 8 وکٹ سے شکست دی، احمد شہزاد 59 اور رائلے روسو 39 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

  • پی ایس ایل میچز میران شاہ میں بھی کرائے جائیں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر

    پی ایس ایل میچز میران شاہ میں بھی کرائے جائیں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر

    کراچی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کی کام یابی پوری قوم کی کام یابی ہے، پی ایس ایل میچز میران شاہ، مظفر آباد اور خیبر میں بھی کرائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے نیشنل اسٹیڈیم کرچی کے میڈیا باکس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز شمالی وزیرستان کے شہر میران شاہ اور آزاد کشمیر کے دار الحکومت مظفر آباد میں بھی کرائے جائیں گے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ان کی چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے میران شاہ اور دیگر شہروں میں اسٹیڈیم کی تعمیر پر بات ہوئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی ایس ایل فائنل: زلمی نے گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 139 رنز کا ہدف دے دیا

    انھوں نے کہا کہ کراچی پچھلی بار بھی پی ایس ایل کے فائنل کا میزبان تھا، کراچی آج بھی فائنل کی میزبانی کر رہا ہے، خوشی کی بات ہے کہ پاکستان میں اسپورٹس سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: پی ایس ایل 4 کی اختتامی تقریب کا آغاز، کرائسٹ چرچ کے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی

    میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور فورسز نے بہت کام کیا ہے، جس طرح سیکورٹی فورسز نے کام کیا اسے ریورس نہیں کیا جا سکتا، پی ایس ایل کو پاکستان میں ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کے لیے پرعزم ہیں، ہم سب نے مل کر ایونٹ کو کام یاب بنایا ہے۔

  • کراچی: پی ایس ایل 4 کی اختتامی تقریب کا آغاز، کرائسٹ چرچ کے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی

    کراچی: پی ایس ایل 4 کی اختتامی تقریب کا آغاز، کرائسٹ چرچ کے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی

    کراچی: پاکستان سپر لیگ 4 کی رنگا رنگ اختتامی تقریب کا آغاز ہو گیا ہے، تقریب شروع ہوتے ہی کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ کے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل میچ سے قبل نیشنل اسٹیڈیم میں شان دار میوزک کنسرٹ کے ساتھ اختتامی تقریب کا آغاز ہو گیا ہے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کا فائنل دیکھ رہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور بھی موجود ہیں۔

    [bs-quote quote=”آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کا فائنل دیکھیں گے۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گیلری میں آ کر ہاتھ ہلا کر لوگوں کے نعروں کا جواب دیا، کور کمانڈر کراچی بھی گیلری میں آئے، کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی اختتامی تقریب میں شریک ہیں، شہریار آفریدی، سعید غنی و دیگر بھی نیشنل اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔

    تقریب کے شروع ہوتے ہی نیوزی لینڈ میں دہشت گردی میں شہید افراد کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، بعد ازاں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اور وزیرِ اعلیٰ سندھ نے تقریب سے خطاب کیا۔

    وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خطاب میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگوائے، نیشنل اسٹیڈیم میں امن کی علامت سفید کبوتر چھوڑے گئے، آئی ایس پی آر نے اختتامی تقریب میں 23 مارچ کا ترانہ پاکستان زندہ باد لانچ کر دیا۔

    قبل ازیں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ آج پاکستان اور کراچی کے لیے تاریخی دن ہے، آج پاکستان پی ایس ایل فائنل کی میزبانی کر رہا ہے، اور اس وقت اسٹیڈیم میں 28 ہزار سے زائد تماشائی موجود ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز کو پوری دنیا میں لاکھوں لوگوں نے دیکھا ہے، میں پولیس چیف، ڈی جی رینجرز، سندھ حکومت کا شکر گزار ہوں، کراچی میں میچز کرانے پر تعاون کی کوئی نذیر نہیں، کرکٹ وہ کھیل ہے جو زندگیوں میں خوشی اور روشنی لاتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ہسپانوی اسٹار فٹبالر کارلوس پیول اور وزیرِ اعلیٰ سندھ نیشنل اسٹیڈیم پہنچ گئے

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ ، سیکریٹری داخلہ اور کور کمانڈر کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، پیار اور محبت پر کراچی کے لوگوں کو انعام دینا چاہیے۔

    وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سب سے پہلے نیوزی لینڈ میں شہید 50 لوگوں کے لیے دعا کرتے ہیں، میں زخمیوں کی صحت یابی کے لیے بھی دعا گو ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پرانا کراچی واپس آگیا،امید ہے پرانا پاکستان بھی واپس آئے گا‘ مراد علی شاہ

    انھوں نے کہا ’2 سال پہلے اسی گراؤنڈ میں وعدہ کیا تھا پی ایس ایل کراچی لائیں گے، اس سال پاکستان میں ہونے والے تمام میچز کراچی میں ہوئے، یہ کراچی کی جیت ہے، اگلے سال پورا پی ایس ایل پاکستان میں کھیلا جائے گا۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ لاہور، ملتان، حیدر آباد، سب شہروں میں کراچی جیسا جوش ہو، کراچی آ کر کرکٹ کھیلنے پر غیر ملکی کھلاڑیوں کا شکر گزار ہوں۔

    انھوں نے فائنل کھیلنے والی ٹیموں کے لیے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی دونوں اچھی ٹیمیں ہیں، فائنل کوئی بھی جیتے جیت کراچی اور پاکستان کی ہوگی۔

  • پی ایس ایل 4: ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    پی ایس ایل 4: ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 4 کے آخری مرحلے میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم یہ میچ ملتان سلطانز نے سات وکٹوں سے جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 4 کی شکست خوردہ ٹیمیں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز آج آمنے سامنے آئیں، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آج کے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں اوسط درجے کی کارکردگی دکھا کر ایونٹ سے باہر ہوچکی ہیں۔

    پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 141 رنز کا ہدف دیا تھا جسے ملتان سلطانز نے بہ آسانی پورا کر کے لاہور قلندرز کو شکست دی۔

    ملتان سلطانز اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں شیعب ملک، شاہد آفریدی، عمر صدیق، ڈینیئل کرسچن، جانسن چارلس، شان مسعود، کرس گرین، محمد الیاس، جنید خان اور محمد عباس شامل ہیں۔

    لاہور قلندرز اسکواڈ

    لاہور قلندرز کی ٹیم میں آج فخر زمان، یاسر شاہ، راحت علی، شاہین آفریدی، آغا سلمان، سہیل اختر، حسن خان، حارث سہیل، محمد عمران اور عمیر مسعود کھیل رہے ہیں۔

    پی ایس ایل کے چوتھے سیزن میں دونوں ٹیموں نے 9، 9 میچز کھیلے جس میں سے ملتان کی ٹیم صرف 2 اور لاہور کی ٹیم 3 میچز جیت سکی۔

  • کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

    شارجہ: پی ایس ایل فور کے بارہویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کپتان سرفراز احمد کی ناقابل شکست نصف سنچری کی بدولت لاہور قلندرز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 144 رنز کا ہدف دیا جسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    کوئٹہ کی پہلی وکٹ 1 رن پر گری جب شین واٹسن بغیر کوئی رن بنائے راحت علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، گلیڈی ایٹرز کی دوسری وکٹ 26 رنز پر گری، روسو 17 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

    سرفراز احمد نے ناقابل شکست 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد نواز 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انور علی ایک رن پر ویسے نے بولڈ کیا۔

    عمر اکمل کو 9 رنز پر حارث رؤف نے پویلین روانہ کیا، ڈیوین اسمتھ کو 2 رنز پر فخر زمان نے رن آؤٹ کیا، احسن علی نے 29 گیندوں پر 40 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حارث رؤف نے دو جبکہ راحت علی، یاسر شاہ، لمن چانے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں پی ایس ایل سیزن فور کے بارہویں میچ میں سرفراز احمد نے لاہور قلندرز کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 144 رنز کا ہدف دیا۔

    فخر زمان نے 3 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر عمر اکمل کو کیچ دے بیٹھے، سلمان بٹ آج بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    کورے اینڈرسن کو 19 رنز پر انور علی نے آؤٹ کیا، کل کے میچ کے ہیرو ڈیوڈ ویسے 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، گوہر علی کو 5 رنز پر غلام مدثر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، یاسر شاہ ایک رن بنا کر سہیل تنویر کا نشانہ بنے۔

    لاہور قلندرز کے کپتان اے بی ڈیولیرز نے ناقابل شکست 45 رنز کی اننگز کھیلی، سندیپ لمن چانے 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے غلام مدثر نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، سہیل تنویر نے دو وکٹیں حاصل کیں، انور علی، اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں پاکستان سپر لیگ کے سیزن 4 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز مدمقابل ہیں۔ گلیڈی ایٹرز نے قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    لاہور قلندرز کی ٹیم میں 3 جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔

    قلندرز نے گزشتہ روز ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد آج ان کا مورال بلند ہے۔

    پوائنٹس ٹیبل پر قلندرز کی ٹیم آخری نمبر سے چوتھے نمبر پر آگئی ہے۔ لاہور قلندر اب تک 4 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے 2 میں شکست اور 2 میں فتحیاب ہوچکی ہے۔

    قلندرز کی میچز کی یہ تعداد اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے برابر ہوگئی ہے تاہم رن ریٹ کی وجہ سے دونوں ٹیمیں لاہور سے آگے ہیں۔

    دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ کوئٹہ نے اب تک 3 میچز کھیلے ہیں اور تینوں میں ہی ناقابل شکست رہی۔

    میچ جیتنے کی صورت میں لاہور قلندرز کی پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن مزید بہتر ہوجائے گی۔

  • پی ایس ایل 4: کراچی کنگز اور لاہور قلندرز آج آمنے سامنے

    پی ایس ایل 4: کراچی کنگز اور لاہور قلندرز آج آمنے سامنے

    دبئی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز، جبکہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز آپس میں مدمقابل ہوں گے۔

    پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن میں آج 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ دبئی کے اسٹیڈیم میں پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کا ہوگا، میچ مقامی وقت کے مطابق 5 بجے کھیلا جائے گا۔

    دوسرا میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان ساڑھے 9 بجے کھیلا جائے گا۔

    کراچی کنگز نے گزشتہ روز پی ایس ایل 4 میں شاندار فاتحانہ آغاز کیا اور ملتان سلطانز کو 7 رنز سے شکست دی۔

    کراچی کے مدمقابل لاہور قلندرز کی ٹیم پہلے روز افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے 5 وکٹوں سے شکست کھا چکی ہے۔

    کنگز کی ٹیم آج بھی جیت کا تسلسل رکھنے کے لیے برقرار ہے۔

    دوسری جانب ملتان سلطان کا یہ دوسرا میچ ہے اور وہ پہلے میچ کی شکست کے بعد دوسرا میچ جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    2 سیزنز کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس سیزن میں بھی فاتحانہ آغاز کیا اور پہلے میچ میں لاہور قلندرز کو شکست دی۔

    چاروں ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے اور مقابل کو پچھاڑنے کے لیے بے چین ہیں۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل 4 میں 6 ٹیموں کے درمیان 34 مقابلے ہوں گے، ابتدائی 26 میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے، ابو ظہبی پہلی مرتبہ پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرے گا۔

    پی ایس ایل 4 کے آخری 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ 7 سے 17 مارچ تک میچز لاہور اور کراچی میں ہوں گے، لاہور میں 9، 10 اور 12 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے۔

    بعد ازاں کراچی میں 7، 10، 13، 15 اور 17 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے، 17 مارچ کو لیگ کا فائنل بھی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

  • کراچی کنگز کا فاتحانہ آغاز، ملتان سلطانز کو 7 رنز سے شکست

    کراچی کنگز کا فاتحانہ آغاز، ملتان سلطانز کو 7 رنز سے شکست

    دبئی: پی ایس ایل فور کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 7 رنز سے شکست دے دی، لیام لیونگ اسٹون کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا، شعیب ملک الیون مقررہ اوورز میں 176 رنز بناسکی، بابراعظم اور لیونگ اسٹون نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں، محمد عامر نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

    ملتان سلطان 184 رنز کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو مورس صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، دوسری وکٹ 52 رنز پر گری جب شان مسعود 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    شعیب ملک کی نصف سنچری بھی ملتان سلطانز کو شکست سے نہ بچاسکی، انہیں نے 52 رنز کی اننگز کھیلی، ملک کو عثمان شنواری نے پویلین کی راہ دکھائی۔

    آندرے رسل، شاہد خان آفریدی اور حماد اعظم کو محمد عامر نے پویلین بھیج دیا، تینوں نے بالترتیب 9، 14، اور 12 رنز بنائے۔

    کراچی کنگز کے محمد عامر نے چار وکٹیں حاصل کیں، سہیل خان کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، شنواری اور عمر خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کیں۔

    قبل ازیں کراچی کنگز نے مقررہ اوورز 6 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دے دیا، بابر اعظم نے 77 اور لیونگ اسٹون نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور بابر اعظم اور لیونگ اسٹون نے ملتان سلطانز کے بولر کی جم کر دھلائی کی۔

    کراچی کنگز کی پہلی وکٹ 157 رنز پر گری جب لیونگ اسٹون بلند و بالا شاٹ کھیلنے گئے تو گرین کی گیند پر رسل کو کیچ دے بیٹھے، کولن انگرام 1 رن بنا کر آندرے رسل کی گیند پر آؤٹ ہوئے، سکندر رضا ایک رن بنا کر جنید خان کی گیند پر رن آؤٹ ہوئے۔

    وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ایک رن بنا کر جنید خان کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

    ملتان سلطانز کی جانب سے کرس گرین نے تین وکٹیں حاصل کیں، جنید خان کے حصے میں ایک وکٹ آسکی، جبکہ محمد عرفان، آندرے رسل، اور شاہد آفریدی کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے۔

    گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن کے شاندار افتتاح کے بعد آج 2 میچز کھیلے جا رہے ہیں۔

    دبئی کے اسٹیڈیم میں پہلا میچ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا ہے جس کے لیے کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    دونوں ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتر گئی ہیں اور مقابل کو پچھاڑنے کے لیے بے چین ہیں۔

    کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ بیٹنگ وکٹ کے لیے اچھی ہے، بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

    کراچی کنگز کی ٹیم میں سکندر رضا، روی بوپارہ، کولن انگرام، محمد عامر، لیونگ اسٹون، عامر یامین، ابرار احمد، علی عمران، اویس رضا، بابر اعظم، افتخار احمد، سہیل خان اور عثمان شنواری شامل ہیں۔

    دوسری جانب ملتان سلطانز کی ٹیم میں کپتان شعیب ملک، علی شفیق، ڈی جے کرسٹین، حماد اعظم، جنید خان، محمد عباس، محمد الیاس، محد عرفان، شان مسعود، شاہد آفریدی، نعمان علی اور قیس احمد شامل ہیں۔

    اس سے قبل گزشتہ روز افتتاحی میچ لاہور قلندرز اور اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی تھی۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل 4 میں 6 ٹیموں کے درمیان 34 مقابلے ہوں گے، ابتدائی 26 میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے، ابو ظہبی پہلی مرتبہ پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرے گا۔

    پی ایس ایل 4 کے آخری 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ 7 سے 17 مارچ تک میچز لاہور اور کراچی میں ہوں گے، لاہور میں 9، 10 اور 12 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے۔

    بعد ازاں کراچی میں 7، 10، 13، 15 اور 17 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے، 17 مارچ کو لیگ کا فائنل بھی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

  • پی ایس ایل 4: کراچی کنگز اور ملتان سلطانز ایک دوسرے سے ٹکرانے کو تیار

    پی ایس ایل 4: کراچی کنگز اور ملتان سلطانز ایک دوسرے سے ٹکرانے کو تیار

    دبئی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن میں آج کراچی کنگز اور ملتان سلطانز، جبکہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آپس میں مدمقابل ہوں گے۔

    گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن کے شاندار افتتاح کے بعد آج 2 میچز کھیلے جائیں گے۔

    دبئی کے اسٹیڈیم میں پہلا میچ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا ہوگا، میچ مقامی وقت کے مطابق 5 بجے کھیلا جائے گا۔

    دوسرا میچ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ساڑھے 9 بجے کھیلا جائے گا۔

    چاروں ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے اور مقابل کو پچھاڑنے کے لیے بے چین ہیں۔

    اس سے قبل گزشتہ روز افتتاحی میچ لاہور قلندرز اور اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی تھی۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل 4 میں 6 ٹیموں کے درمیان 34 مقابلے ہوں گے، ابتدائی 26 میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے، ابو ظہبی پہلی مرتبہ پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرے گا۔

    پی ایس ایل 4 کے آخری 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ 7 سے 17 مارچ تک میچز لاہور اور کراچی میں ہوں گے، لاہور میں 9، 10 اور 12 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے۔

    بعد ازاں کراچی میں 7، 10، 13، 15 اور 17 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے، 17 مارچ کو لیگ کا فائنل بھی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

  • ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں: چیئرمین پی سی بی

    ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں: چیئرمین پی سی بی

    لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ جب تک کوئی دوسرا نہیں مل جاتا سرفراز ہی کپتان رہیں گے، آسٹریلیا سیریز اور ورلڈ کپ میں سرفراز احمد کپتانی کریں گے۔ ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی اور کپتان قومی ٹیم سرفراز احمد نے میڈیا بریفنگ کی۔ چیرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد سے بہت عرصہ پہلے ملاقات ہوئی تھی، سرفراز احمد میں بہت عرصہ پہلے لیڈر شپ دیکھی تھی۔

    احسان مانی نے کہا کہ سرفراز کی کپتانی پہلی بار 2006 جونیئر ورلڈ کپ میں دیکھی تھی، اس ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی تھی۔ سرفراز کی اس دن اور آج کی کپتانی ویسی ہی ہے۔ ان کی کپتانی دیکھ کر شہریار خان کو خط بھی لکھا تھا۔

    مزید پڑھیں: سرفراز کو ورلڈ کپ 2019 کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

    انہوں نے کہا کہ جب تک کوئی دوسرا نہیں مل جاتا سرفراز ہی کپتان رہیں گے، جب بھی کوئی ایونٹ آتا ہے قیاس آرائیاں شروع ہوجاتی ہیں۔ آسٹریلیا سیریز اور ورلڈ کپ میں سرفراز احمد کپتانی کریں گے۔ پورا بورڈ سرفراز احمد کے ساتھ ہے۔

    چیئرمین پی سی بی  کا کہنا تھا کہ ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں۔ سرفراز احمد کی کپتانی میں ہم کامیابی حاصل کریں گے۔ پاکستان جنوبی افریقہ سیریز میں ہارا ہے اس میں شک نہیں، نیوزی لینڈ سیریز سے دیکھ لیں وہاں کامیابی بھی ملی ہے۔ ہار سے سبق ملتا ہے، اسی طرح پرفارمنس میں بہتری آتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہا ہوں ایک ہی کپتان ہیں اور وہ سرفراز احمد ہیں۔ ریویو ہم ضرور کرتے ہیں، ٹیم مینیجمنٹ تمام معاملات دیکھتی ہے۔ کوئی سیاسی مداخلت نہیں، سرفراز احمد ہی ورلڈ کپ میں کپتانی کریں گے۔ ’انشا اللہ اس بار ورلڈ کپ لے آئیں گے‘۔

    احسان مانی نے مزید کہا کہ حفیظ اور شعیب دونوں نے اعلان کیا ہے کہ یہ ان کا آخری ورلڈ کپ ہے۔ جب کسی کو کپتان منتخب کیا جاتا ہے تو وہ آخر تک کپتان ہی ہوتا ہے۔ کسی کو یہ نہیں کہا جاتا کہ آپ ایک یا دو سال کے لیے کپتان بنے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کپتان موجود نہیں تو سینئر کھلاڑی ٹیم کو دیکھتے ہیں، اس میں کوئی وجہ نہیں کہ سرفراز کی غیر موجودگی میں شعیب دیکھتے ہیں۔ پلیئرز کھیل کر بنتے ہیں ایک ہی رات میں نہیں بنتے۔ سرفراز کی پرفارمنس دیکھ لیں میرٹ کا پتہ چل جائے گا۔

    قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی کا مشکور ہوں انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا ہے۔ میرے لیے فخر کی بات ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی کر رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی نے شروع سے مجھ پر اعتماد کیا جس سے حوصلہ بڑھا، کوشش کریں گے پاکستان ٹیم بہترین پرفارمنس پیش کرے۔ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی سے 3 مرتبہ معذرت کی، بات نکل گئی جس پر معذرت کی اب آگے بڑھنا چاہیئے۔۔

    سرفراز کا کہنا تھا کہ کوئی کراچی یا لاہور والا نہیں، سب پاکستانی ہیں۔ ٹیم کے نائب کپتان کے حوالے سے بورڈ سے بات کروں گا۔ کسی کرکٹر کو پسند نہیں ہے کہ اس پر تنقید ہو، کرکٹ پر تنقید کریں گے تو ٹھیک ہے، ذاتی ہونا مسئلہ ہوتا ہے۔

  • کرکٹ رلاتا زیادہ خوش کم کرتا ہے: جیت کے بعد سابق کپتان ثنا میر کی گفتگو

    کرکٹ رلاتا زیادہ خوش کم کرتا ہے: جیت کے بعد سابق کپتان ثنا میر کی گفتگو

    کراچی: قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے کہا ہے کہ کرکٹ ایسا کھیل ہے جو رلاتا زیادہ اور خوش کم کرتا ہے، خوشی ہے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ میچ کھیلے۔

    ویسٹ انڈین ٹیم کے خلاف کام یابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثنا میر نے کہا کہ یہ جیت میں سپورٹرز کو وقف کرتی ہوں، جیتنے کے با وجود ہمیں فیلڈنگ اور بالنگ میں بہتری کی ضرورت ہے۔

    [bs-quote quote=”خواتین کرکٹ کے لیے جدوجہد کی ہے، اسے سمجھنے میں لوگوں کو وقت لگا ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”سابق کپتان ثنا میر”][/bs-quote]

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں اتحاد ہے، نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہوتا ہے، ہم اپنی کوشش کرتے ہیں، سب سے اہم بات یہ ہے کہ پاکستان جیتا ہے، جب تک کرکٹ کو انجوائے کرتی رہی کھیلتی رہوں گی۔

    ثنا میر نے کہا ’خواتین کرکٹ کے لیے جدوجہد کی ہے، اسے سمجھنے میں لوگوں کو وقت لگا ہے، سرفراز نے نیک خواہشات کا اظہار کیا، ان کا آنا اچھا لگا۔‘

    ثنا میر نے کہا ’ویسٹ انڈیز کو ہم نے ون ڈے میں بھی ہرایا، آئندہ بھی اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، ویسٹ انڈیز نے جو بہادری دکھائی وہ قابل تعریف ہے، ویسٹ انڈین کپتان گھل مل گئیں، یہی کھیلوں کی خوب صورت بات ہے۔‘

    یہ بھی پڑھیں:  تیسرا ٹی ٹوئنٹی : پاکستان ویمن ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی

    میچ میں زبردست کام یابی دکھانے والے کھلاڑی ندا ڈار نے کہا کہ اپنے آئیڈیلز کے سامنے کھیلنا اچھا لگتا ہے، شروع سے آفریدی کو فالو کرتی رہی ہوں، آنے والی لڑکیاں دیکھ سکتی ہیں عالمی کرکٹ کا کیا معیار ہے، تیسرا میچ ہم نے اپنی پوری قوت سے کھیلا ہے۔