Tag: کرکٹ کی خبریں

  • ایشیا کپ کی تیاری، قومی ٹیم کی دبئی میں بھرپور پریکٹس، بھارت سے ٹاکرے کے لیے تیار

    ایشیا کپ کی تیاری، قومی ٹیم کی دبئی میں بھرپور پریکٹس، بھارت سے ٹاکرے کے لیے تیار

    دبئی: امتحان کی گھڑی نزدیک آ گئی، پاکستانی کرکٹرز ایشیا کپ کے لیے تیار ہوگئے، قومی ٹیم کی دبئی میں بھرپور پریکٹس جاری ہے، پاکستان ایونٹ میں پہلا میچ 16 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی دبئی کی آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی میں تیاریاں جاری ہیں، نئے فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز فٹ اور با صلاحیت ہیں۔

    ٹیموں کے لیے امتحان کی گھڑی نزدیک آ گئی ہے، میدان سجنے والا ہے، کھیل جمنے والا ہے، جلد ہی فیصلہ ہو جائے گا کہ ایشیا پر بادشاہت کس کی ہے، پاکستانی کرکٹرز کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔

    پاکستان اپنا پہلا میچ 16 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا جب کہ ایک ہفتے بعد روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا ہوگا، شاہین اس کڑے امتحان کے لیے بھی تیار ہوچکے ہیں۔

    کھلاڑیوں کی ٹریننگ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی زیرِ نگرانی جاری ہے، ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کی بیٹنگ اور بولنگ میں خامیاں دور کیں، ٹریننگ میں کھلاڑیوں نے خود کو وارم اپ کیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  ایشیا کپ میں شرکت کے لیے قومی کرکٹ ٹیم دبئی پہنچ گئی


    پاکستان ٹیم کے کھلاڑی بولنگ اور بیٹنگ کے علاوہ  فیلڈنگ میں بھی خوب جان مار رہے ہیں، نئے فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن کھلاڑیوں سے متاثر نظر آئے۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شریک ہیں اور ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکر 19 ستمبرکو پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان ہوگا۔

  • مصباح الحق نے کلثوم نواز کے انتقال کے باعث چلڈرن اسپتال کا افتتاح ملتوی کر دیا

    مصباح الحق نے کلثوم نواز کے انتقال کے باعث چلڈرن اسپتال کا افتتاح ملتوی کر دیا

    اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے لندن میں بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے باعث بچوں کے اسپتال کا افتتاح ملتوی کر دیا، اسپتال کے منصوبے کا افتتاح لاہور میں 14 ستمبر کو کیا جانا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے نہایت کام یاب کپتان مصباح نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ محترمہ کلثوم نواز کے انتقال کی خبر سے ان کے دل کو بہت تکلیف پہنچی۔

    مصباح الحق نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال کو بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال پُر ملال پر میں اور بچوں کے اسپتال کی ٹیم مرحومہ کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    انھوں نے ٹویٹر پر لکھا ’ہم محترمہ کلثوم نواز کے انتقال پُر ملال کے باعث اپنے 14 ستمبر والی تقریب کو ملتوی کرتے ہیں، تقریب کی نئی تاریخ کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔‘

    خیال رہے کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز 68 سال کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئی ہیں، انھیں ایک مدت سے گلے کا کینسر لاحق تھا۔


    یہ بھی پڑھیں:  مصباح الحق نے امراضِ قلب میں مبتلا بچوں کے لیے اسپتال کا اعلان کر دیا


    واضح رہے کہ مصباح الحق نے 6 ستمبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اعلان کیا تھا کہ وہ بچوں کے لیے ایک اسپتال قائم کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا یہ منصوبہ ان بچوں کے لیے ہے جو پیدائشی طور پر دل کے امراض میں مبتلا ہوتے ہیں جنھیں طبی اصطلاح میں congenital heart disease کہا جاتا ہے۔

  • وقت آ گیا ہے کہ بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان آ کر کھیلیں، ہارون لورگاٹ

    وقت آ گیا ہے کہ بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان آ کر کھیلیں، ہارون لورگاٹ

    لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سابق چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے کہا ہے کہ پاکستان میں معیاری کرکٹ کھیلی جا رہی ہے، وقت آ گیا ہے کہ بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان آ کر کھیلیں۔

    ہارون لورگاٹ لاہور میں پریس کانفرنس کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ اب بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کو پاکستان میں آ کر کھیلنا چاہیے، یہاں کرکٹ کا معیار دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔

    آئی سی سی کے سابق چیف ایگزیکٹو نے کہا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کرکٹ کا ایک معیار دیکھنے میں آیا ہے، یہ معیار باعثِ مسرّت ہے، بین الاقوامی ٹیمیں اب پاکستان آ کر کھیلیں۔

    ہارون لورگاٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی میں پی ایس ایل کا کردار اہم ہوگا، سپر لیگ میں ایک معیار نظر آیا ہے، یہ عالمی کرکٹ کی واپسی میں اہم کردار ادا کرے گی۔


    یہ بھی پڑھیں:  پاک بھارت کرکٹ سیریز کے لیے یونس خان نے آسان فارمولا پیش کردیا


    خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے بھی پی ایس ایل کے حوالے سے کہا تھا کہ جن ممالک نے اس طرز کے ایونٹ منعقد کیے وہاں سے ٹیلنٹ نکل کر سامنے آیا، صرف تین سال کے عرصے میں با صلاحیت نوجوان کرکٹر ز نے قومی ٹیم میں جگہ بنائی اور اپنا لوہا منوایا۔

    پی ایس ایل سے ہٹ کر بھی پاکستان کے مخلتف شہروں سے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے ’کراچی کنگز سندھ کے شہزادے‘ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس کا دائرہ کار پورے ملک پر پھیلایا جا رہا ہے۔

  • میری کرکٹ ابھی ختم نہیں ہوئی ، کامران اکمل

    میری کرکٹ ابھی ختم نہیں ہوئی ، کامران اکمل

    کراچی: قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کوچ اور کپتان کے خلاف پھٹ پڑے ، کہتے ہیں کہ میری کرکٹ ختم نہیں ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوچ اور کپتان سلیکشن کمیٹی سے زیادہ بااختیار ہیں ،ا نہی کی مرضی سے کھلاڑیوں کا چناؤ ہوتا ہے۔

    کامران اکمل کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی کو جو فٹنس اور پرفارمنس کھلاڑیوں سے درکار ہوتی ہے وہ ہم نے دی ہے ، کرکٹ کھیل رہے ہیں اب کیا خود کو بیٹ ماردوں یا سامان جلادوں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کوچ اور کپتان کی چل رہی ہے۔

    وکٹ کیپر بیٹس مین نے یہ بھی کہا کہ اتنی ہمت نہیں کہ حق کے لیے لڑائی کرسکوں اور لڑائی کروں گا تو فوراً نوٹس آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میری کرکٹ چل رہی ہے ابھی ختم نہیں ہوئی ، جہاں موقع ملتا ہے کھیلتے ہیں اور خوب کھیل رہے ہیں ، مزہ آرہا ہے۔

    یاد رہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے جوپلان تیار کیا ہے، احمد شہزاد، عمر اکمل اور کامران اکمل اس پلان کا حصہ نہیں ہیں۔

  • کرکٹ بورڈ میں انقلابی تبدیلیوں کا امکان

    کرکٹ بورڈ میں انقلابی تبدیلیوں کا امکان

    اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ میں انقلابی تبدیلیوں کا امکان ہے، ذاکر خان پی ایس ایل چیئرمین بننے کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کے طور پر فرائض ادا کرنے والے آفیشل ذاکر خان پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کی تعیناتی کے بعد توقع ہے کہ ذاکر خان کی تعیناتی کے سلسلے میں بھی اعلان کر دیا جائے گا۔

    دوسری جانب پاکستان سپر لیگ فرنچائز نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کے متوقع طور پر چیئرمین بننے پر اظہارِ اطمینان کر دیا ہے۔

    واضح رہے کہ عمران خان کے وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالے جانے کے بعد سے پاکستان کرکٹ بورڈ میں بڑی تبدیلیوں کے اشارے مل رہے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم کی سابق کرکٹرزسے ملاقات، کرکٹ کا ڈھانچہ بدلنے کا عندیہ


    وزیرِ اعظم عمران خان نے سابق کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران ملک میں کرکٹ کا ڈھانچا تبدیل کرنے کا عندیہ دیا تھا، اور کرکٹ کی بہتری کے لیے انقلابی تبدیلیوں کا اعلان کیا گیا۔

    خیال رہے کہ نجم سیٹھی کے پی سی بی سے مستعفی ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی حکومت کی جانب سے احسان مانی کو پی سی بی کا نیا چیئرمین نامزد کردیا گیا تھا۔

  • پاک فوج کے فزیکل انسٹرکٹر قومی کرکٹ ٹیم کو آج فزیکل فٹنس ٹریننگ دیں گے

    پاک فوج کے فزیکل انسٹرکٹر قومی کرکٹ ٹیم کو آج فزیکل فٹنس ٹریننگ دیں گے

    ایبٹ آباد: ایشیا کپ کی تیاری کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی سخت ٹریننگ شروع ہوگئی، بھرپور فزیکل فٹنس کے حصول کے لیے پاک فوج کے فزیکل انسٹرکٹر کھلاڑیوں کو ٹریننگ دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی ایشیا کپ کے لیے ٹریننگ کی غرض سے پی سی بی نے پاک فوج کے فزیکل انسٹرکٹر کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

    فٹنس ٹریننگ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا 26 رکنی اسکواڈ ایبٹ آباد پہنچ گیا، تربیتی کیمپ پانچ دن تک آرمی پی ٹی اسکول ایبٹ آباد میں جاری رہے گا۔

    واضح رہے کہ ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں چیمپیئنز ٹرافی کے بعد پہلی بار پاکستانی ٹیم کا بھارت سے مقابلہ ہوگا، اس لیے قومی ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنا چاہتی ہے۔

    خیال رہے کہ ایشیا کپ 2018 ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹ ہے جو متحدہ عرب امارات میں ستمبر 2018 میں منعقد ہوگا، اس میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں افغانستان، بنگلہ دیش، انڈیا، پاکستان، سری لنکا شامل ہیں جب ایک ٹیم کا ابھی اعلان نہیں ہوا ہے۔


    ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف اچھا کھیل پیش کریں گے‘ سرفراز احمد


    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال جشن آزادی چیمپئنز ٹرافی کے ساتھ منایا تھا، کوشش ہوگی اگلے برس جشن آزادی ورلڈ کپ کے ساتھ منائیں۔

    کھلاڑیوں کی کارکردگی کے حوالے سے کپتان کا کہنا تھا کہ نئے اور پرانے کھلاڑیوں نے گزشتہ دو سالوں میں اچھی پرفارمنس پیش کی اسی وجہ سے آج ہم سرفہرست ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان کی پہلی محبت کرکٹ ہے، انضمام الحق

    وزیراعظم عمران خان کی پہلی محبت کرکٹ ہے، انضمام الحق

    گوجرانوالہ: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی پہلی محبت کرکٹ ہے، امید ہے کرکٹ میں بہتری آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر پی سی بی انضمام الحق نے راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم کی پہلی محبت کرکٹ ہے اس لیے امید ہے کہ اس دور میں کرکٹ میں بہتری آئے گی۔

    انضمام الحق نے گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس میں کہا ’انشاء اللہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آئے گی، پاکستان میں ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے صرف اسے نکھارنا ہے۔‘

    چیف سلیکٹر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پہلے دن کوئی وسیم اکرم، شعیب اختر اور عاقب جاوید نہیں بن سکتا، نئے ٹیلنٹ کو مسلسل اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق تیز ترین بولر شعیب اختر نے کہا ’پاکستان کے ہر حصے میں بہت ٹیلنٹ ہے، یہاں کے لوگ کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔‘


    مزید پڑھیں:  وزیراعظم کی سابق کرکٹرزسے ملاقات، کرکٹ کا ڈھانچہ بدلنے کا عندیہ


    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے رواں ماہ قومی ٹیم کے سابق کھلاڑیوں سے ہونے والی ملاقات میں پاکستان میں کرکٹ کی بہتری کے لیے انقلابی تبدیلیوں کا عندیہ دیا تھا، انھوں نے کہا تھا کہ ملک میں کرکٹ کا ڈھانچا بدلنے کے لیے اہم فیصلے کیے جائیں گے، پرانے اور تجربہ کار کھلاڑیوں کو ذمہ داریاں دی جائیں گی۔

  • پوری قوم کی نظریں آپ اور آپ کی ٹیم پر ہیں: شاہد آفریدی کا عمران خان کے لیے ٹویٹ

    پوری قوم کی نظریں آپ اور آپ کی ٹیم پر ہیں: شاہد آفریدی کا عمران خان کے لیے ٹویٹ

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹویٹ کے ذریعے وزیرِ اعظم عمران خان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کی نگاہیں آپ اور آپ کی ٹیم پر مرکوز ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق آل راؤنڈر اور جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور بلّے باز شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عمران خان کو وزیرِ اعظم بننے کی مبارک باد دی۔

    شاہد خان آفریدی نے وزیرِ اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’پورا پاکستان آپ اور آپ کی ٹیم کی طرف دیکھ رہا ہے۔‘

    انھوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کپتان عمران خان کی ٹیم آنے والی نسلوں کے لیے پاکستان کو ایک بہتر ملک بنانے کے لیے عمران خان کے خواب اور ان کی سوچ پر عمل پیرا ہوگی۔

    اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی نے عمران خان کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ قوم کی نگاہیں عمران خان پر مرکوز ہیں جو ملک کو ترقی کے راستے پر گام زن کریں گے۔


    وزیراعظم کی سابق کرکٹرزسے ملاقات، کرکٹ کا ڈھانچہ بدلنے کا عندیہ


    واضح رہے کہ آج وزارتِ عظمیٰ کا حلف لینے کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان سے ان کے دفتر میں قومی کرکٹ ٹیم کے موجودہ اور سابق کھلاڑیوں نے ملاقات کی، بھارت سے نوجوت سنگھ سدھو نے ملاقات کے دوران ان کو شال کا تحفہ پیش کیا۔

    کھلاڑیوں سے ملاقات کے موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک میں کرکٹ کا ڈھانچا بدلنے کے لیے اہم فیصلے کیے جائیں گے، پرانے اور تجربہ کار کھلاڑیوں کو ذمہ داریاں دی جائیں گی۔

  • انگلینڈ نے بھارت کو پہلے ٹیسٹ میں 31 رنز سے شکست دے دی

    انگلینڈ نے بھارت کو پہلے ٹیسٹ میں 31 رنز سے شکست دے دی

    برمنگھم: پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے انڈیا کو زبردست مقابلے کے بعد 31 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کا انگلش سرزمین پر جیت کا خواب پورا نہ ہوسکا، انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں بھارت کو اکیتس رنز سے شکست دے دی۔

    میچ کے آخری دن کپتان ویرات کوہلی کے آؤٹ ہوتے ہی بھارت کی شکست واضح ہو گئی تھی، بھارت کو کوہلی، انوشکا شرما کا شگن کافی نہیں رہا، خیال رہے کہ حال ہی میں کرکٹر کوہلی اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں۔

    قبل ازیں چوتھے دن کا کھیل شروع ہوا تو بھارت کو جیت کے لیے 84 رنز، انگلینڈ کو 5 وکٹیں درکار تھیں، تاہم دن کے پہلے ہی اوور میں جیمز اینڈرسن کی گیند پر کارتھک آؤٹ ہو گئے، انھوں نے صرف 20 رنز بنائے۔

    پہلی اننگز میں سینچری اسکور کرنے والے بھارتی کپتان کریز پر موجود رہے، تاہم وہ زیادہ دیر ٹکے نہیں رہ سکے اور 51 رنز بنا کر بین اسٹوکس کے پہلے ہی اوور میں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

    شاہد آفریدی کا کرس گیل کو سنگل وکٹ کا چلینج


    ویرات کوہلی کو آؤٹ قرار دینے والے امپائر پاکستان کے علیم ڈار تھے، کوہلی کو اپنے آؤٹ ہونے کا یقین نہیں تھا اس لیے ریویو لیا لیکن فیصلہ نہیں بدل سکا، ان کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی بھارت کی جیت کی آخری امید بھی ختم ہوگئی۔

    انگلینڈ کی جانب سے بن اسٹوکس نے چار، جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، چار بھارتی بلے باز دہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔

    پانچ میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں بھارتی ٹیم 162 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ خیال رہے کہ یہ انگلش کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کیریئر کا 1000 واں میچ تھا، اب تک ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ممالک میں انگلینڈ واحد ٹیم ہے جس نے ایک ہزار میچ کھیلنے کا سنگ میل عبور کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • آئی سی سی کا عمر اکمل کے خلاف تحقیقات جاری رکھنے کا فیصلہ

    آئی سی سی کا عمر اکمل کے خلاف تحقیقات جاری رکھنے کا فیصلہ

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی کرکٹر عمر اکمل کے خلاف تحقیقات جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے بعد ٹیسٹ کرکٹر کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ کے الزامات پر آئی سی سی نے کرکٹر عمر اکمل کے خلاف تحقیقات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس فیصلے نے عمر اکمل کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔

    پاکستان کرکٹ کے بیڈ بوائے عمر اکمل ان دنوں میچ فکسنگ کے الزامات پر آئی سی سی کے سخت سوالات کی زد پر ہیں، کرکٹر انٹرنیشنل کونسل کو مطمئن نہیں کر پائے ہیں کہ انھیں کس نے پیش کش کی تھی اور کیا پیش کش کی تھی، کرکٹر نے کونسل کو اس سلسلے میں بر وقت کیوں آگاہ نہیں کیا۔

    ٹیسٹ بیٹسمین نے آئی سی سی کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے تاہم بین الاقوامی ادارہ عمر اکمل کے بیان سے مطمئن نہیں ہوا، آئی سی سی معاملے کی مزید چھان بین کررہی ہے۔

    ہیڈ کوچ پر الزامات، پی سی بی نے عمر اکمل کو سزا سنادی

    واضح رہے کہ عمر اکمل نے حال ہی میں ورلڈ کپ 2015 کے دوران اسپاٹ فکسنگ کی پیش کش کا انکشاف کیا تھا، 24 جون کو  دیے جانے والے ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا تھا کہ انھیں ورلڈ کپ کے دوران اسپاٹ فکسنگ کی پیش کش ہوئی تھی۔

    عمر اکمل نے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ ورلڈ کپ 2015 میں انھیں میچ کے دوران 2 گیندیں چھوڑنے کے عوض 2 لاکھ ڈالرز کی پیش کش ہوئی تھی جسے انھوں نے مسترد کر دیا تھا۔

    آئی سی سی نے اس بیان کے بعد عمر اکمل سے تحقیقات کا فیصلہ کرتے ہوئے بیان کی وضاحت طلب کی ہے، خیال رہے کہ عمر اکمل پہلے ہی پاکستان ٹیم سے باہر ہیں جس کا سبب ڈسپلن اور خراب فارم ہے، موجودہ تحقیقات کے بعد ان کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔