Tag: کرکٹ کی خبریں

  • بگ بیش لیگ میں شامل افغان اسپنر کرونا وائرس کا شکار

    بگ بیش لیگ میں شامل افغان اسپنر کرونا وائرس کا شکار

    آسٹریلوی کرکٹ لیگ بگ بیش سے قبل ایک اور کرکٹر کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا، مذکورہ کھلاڑی نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔

    بگ بیش میں شامل افغانستان کے اسپنر مجیب الرحمٰن کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے، کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے قرنطینہ اختیار کر لیا ہے۔

    افغان اسپنر کوئینز لینڈ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی دیکھ بھال میں ہیں، مجیب الرحمٰن بگ بیش لیگ کی ٹیم برسبین ہیٹ میں شامل ہیں۔

    اس سے قبل لیگ کھیلنے کے لیے آسٹریلیا پہنچنے پر پاکستان سے تعلق رکھنے والے لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر دلبر حسین کا بھی کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

  • شاہد آفریدی نے اپنی بہترین ٹیم چن لی

    شاہد آفریدی نے اپنی بہترین ٹیم چن لی

    معروف پاکستانی آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے اپنی آل ٹائم فیورٹ ٹیم کے بارے میں بتا دیا، ان کی پسندیدہ ٹیم میں کئی پاکستانی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شاہد خان آفریدی نے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کے فیس بک صفحے پر گفتگو کرتے ہوئے اپنی آل ٹائم فیورٹ پلیئنگ 11 کے بارے میں بتایا۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کی پسندیدہ ٹیم میں سعید انور شامل ہوں گے، وہ سعید انور کی بیٹنگ سے بہت لطف اندوز ہوتے ہیں کیونکہ ان دونوں کی بیٹنگ کا انداز ملتا جلتا ہے۔

    آفریدی نے اپنی پسندیدہ ٹیم کے مزید کھلاڑیوں میں ایڈم گلکرسٹ، رکی پونٹنگ، سچن ٹنڈولکر، انضمام الحق، جیک کیلس، راشد لطیف، وسیم اکرم، گلین مک گرا، شعیب اختر اور شین وارن کو رکھا۔

    انہوں نے کہا کہ چونکہ وہ خود بھی آل راؤنڈر ہیں لہٰذا انہیں دنیا بھر کے بہترین آل راؤنڈرز پسند ہیں۔

    وسیم اکرم کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ نئی اور پرانی دونوں گیندوں کے ساتھ کھیلنا جانتے ہیں جبکہ دنیا کے تیز رفتار ترین باؤلر شعیب اختر کو بھی انہوں نے بہترین کھلاڑی قرار دیا۔

  • ’ویرات کوہلی سے نفرت کرتا ہوں‘

    ’ویرات کوہلی سے نفرت کرتا ہوں‘

    آسٹریلیا کے ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی ان کے لیے دیگر کھلاڑیوں کی طرح ہی ہیں اور وہ ان سے کسی قسم کا کوئی خاص دباؤ محسوس نہیں کرتے۔

    اپنے ایک انٹرویو میں ٹم پین کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی شہری ویراٹ کوہلی سے نفرت کرنا پسند کرتے ہیں لیکن ایک کرکٹ شائق کی حیثیت سے ان کی بیٹنگ دیکھنا بھی پسند کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ویراٹ میرے لیے دوسرے کھلاڑیوں کی طرح ہیں اور مجھے ان سے کوئی پریشانی نہیں ہے، میں انہیں ٹاس کے وقت دیکھتا ہوں اور ان کے خلاف کھیلتا ہوں۔

    ٹم پین کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا، ویراٹ یقینی طور پر ایک زبردست حریف ہے، ہمارے درمیان کئی بار لفظی جنگ بھی ہو چکی ہے۔

    خیال رہے کہ بھارتی ٹیم 2 ماہ سے زائد کے طویل دورے پر آسٹریلیا پہنچ چکی ہے اور اس وقت قرنطینہ میں ہے۔ اس دورے میں دونوں ٹیمز 3 ون ڈے، 3 ٹی 20 اور 4 ٹیسٹ میچز کھیلیں گی۔

    بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی اپنی اہلیہ انوشکا شرما کے یہاں بچے کی پیدائش کی وجہ سے فی الحال بھارت میں ہی ہیں اور وہ پہلے ٹیسٹ کے بعد آسٹریلیا میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔

  • سمیع اسلم دورہ نیوزی لینڈ کے لیے منتخب نہ کیے جانے پر مایوس

    سمیع اسلم دورہ نیوزی لینڈ کے لیے منتخب نہ کیے جانے پر مایوس

    لاہور: نوجوان آل راؤنڈر سمیع اسلم نے قومی کرکٹ ٹیم میں منتخب نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل دورہ انگلینڈ کے لیے بھی انہیں نظر انداز کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سمیع اسلم کا کہنا تھا کہ دکھ ہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے چنے گئے 35 کھلاڑیوں میں ان کا نام شامل نہیں۔

    24 سالہ آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ اس سے قبل دورہ انگلینڈ کے لیے بھی انہیں نظر انداز کیا گیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ انہوں نے قائد اعظم ٹرافی کے گزشتہ سیزن میں اچھی کارکردگی دکھائی تھی، قائد اعظم ٹرافی کے گزشتہ سیزن میں، وہ سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے۔

    سمیع نے کہا کہ انہوں نے سیزن میں 4 سنچریوں کی مدد سے 864 رنز بنائے تھے۔

    آل راؤنڈر نے مزید شکایت کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 2018 میں بھی انگلینڈ میں انہیں کوئی میچ کھلائے بغیر ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔

  • میچ ختم نہ کرنے کا دکھ ہے: بابر اعظم

    میچ ختم نہ کرنے کا دکھ ہے: بابر اعظم

    راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے زمبابوے سے تیسرا ون ڈے میچ ہارنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ ہے کہ میچ ختم کر کے نہیں آیا، 10 پوائنٹس قیمتی ہوتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صحافیوں سے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم سیریز جیت گئے لیکن بدقسمتی سے آخری میچ ہار گئے۔

    انہوں نے کہا کہ بطور کپتان جو غلطیاں کی اس سے سیکھنے کی کوشش کروں گا، غلطیوں سے سیکھنا ہے اور فیلڈنگ اور بیٹنگ میں مزید بہتری لانی ہے۔ زمابوے نے اچھی کرکٹ کھیلی، ہماری ٹاپ آرڈر میں پارٹنر شپ نہیں تھی جو ہمیں چاہیئے تھی۔

    بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس سے کافی مطمئن ہوں، آئندہ ایک روزہ سیریز میں بہترین کھیل کھیلیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے سپر اوور کے لیے جو بیٹسمین بھیجے وہ پاور ہٹنگ کرتے ہیں، کرکٹ کی خوبصورتی ہی یہی ہے کہ کبھی بھی صورتحال تبدیل ہوسکتی ہے۔

    بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہم فیلڈنگ میں کیچ کر لیتے تو زمبابوے اتنا ٹوٹل نہ بنا پاتا، ہماری کوشش ہے کہ ٹی 20 میں بہترین ٹیم کھلائیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور زمابوے کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز پاکستان نے 1-2 سے اپنے نام کرلی، آخری میچ کا نتیجہ سپر اوور سے نکلا جو زمبابوے نے گزشتہ روز جیتا۔

  • قائد اعظم ٹرافی 2020: کئی کھلاڑی بخار اور فلو کا شکار

    قائد اعظم ٹرافی 2020: کئی کھلاڑی بخار اور فلو کا شکار

    کراچی: قائد اعظم ٹرافی کے کئی کھلاڑی بدلتے موسم کے ساتھ بیمار ہوگئے، کئی کھلاڑیوں کا کرونا وائرس ٹیسٹ بھی کروایا گیا ہے جن میں سے اب تک 5 کھلاڑیوں کا رزلٹ منفی آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی میں کھیلنے والے کئی کھلاڑی بخار اور فلو کا شکار ہوگئے جس کے بعد کھلاڑیوں اور براڈ کاسٹنگ ٹیم میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

    ذرائع کے مطابق بلوچستان ٹیم کے وکٹ کیپر بسم اللہ خان کی ٹیسٹ رپورٹ کا انتظار ہے، بسم اللہ خان کو بخار اور کمزوری کے باعث ڈرپ لگائی گئی ہے۔

    دوسری جانب سندھ ٹیم کے فاسٹ بولر میر حمزہ بخار کے باعث گھر چلے گئے تھے۔

    ٹورنامنٹ کے متعلقہ افراد کے لیے قائم کردہ بائیو سیکیور ببل سے باہر ہونے کے باعث کھلاڑیوں کا کرونا وائرس ٹیسٹ کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اب تک 5 کھلاڑیوں کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آچکی ہے۔

    براڈ کاسٹرز میں شامل ایک آفیشل کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی تھی جس کے بعد احتیاط کے طور پر کچھ براڈ کاسٹرز کو کام سے روک دیا گیا۔

  • ٹی 20 کپتان بابر اعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا

    ٹی 20 کپتان بابر اعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا

    سمرسٹ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹی 20 کپتان بابر اعظم نے مختصر ترین دورانیے کی کرکٹ میں اپنے 5 ہزار رنز مکمل کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں جاری ٹی 20 بلاسٹ میں سمرسٹ اور گلیمورگن کے درمیان میچ میں بابر اعظم نے 5 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرلیا۔

    بابراعظم ٹی 20 میں 5 ہزار رنز بنانے والے چھٹے پاکستانی بیٹسمین ہیں۔ ان سے قبل شعیب ملک، محمد حفیظ، کامران اکمل، احمد شہزاد اور عمر اکمل بھی 5 ہزار رنز مکمل کر چکے ہیں۔

    سنہ 2016 میں انگلینڈ کے خلاف اپنا ٹی 20 ڈیبیو کرنے والے بابر اعظم 29 ٹیسٹ، 74 ون ڈے، اور 41 ٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں۔

    وہ اب تک ٹیسٹ میں 2 ہزار 45 اور ون ڈے میچز میں 3 ہزار 359 رنز بنا چکے ہیں۔

    بابر اعظم نے گزشتہ سال ٹی 20 بلاسٹ کی 13 اننگز میں مجموعی طور پر 578 رنز بنائے تھے جس میں 102 رنز کی شاندار سنچری بھی شامل تھی۔

  • محمد رضوان کو کرکٹ ٹیم کا کپتان بنانے کی تیاریاں

    محمد رضوان کو کرکٹ ٹیم کا کپتان بنانے کی تیاریاں

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کے خیال میں وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو مستقبل کا کپتان بنایا جاسکتا ہے، رضوان میں قیادت کی صلاحیت موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کا خیال ہے کہ ٹیم مینجمنٹ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو مستقبل کی کپتانی کا امیدوار سمجھ رہی ہے اور اس لحاظ سے انہیں تیار بھی کیا جا رہا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں راشد لطف کا کہنا تھا کہ رضوان کی کارکردگی اسٹمپس کے پیچھے بہترین رہی، اگر ہم مستقبل کے کپتان کو تلاش کر رہے ہیں تو رضوان میں صلاحیت موجود ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رضوان نے پاکستان اے ٹیم کی بھی قیادت کی ہے، اگر ٹیم مینجمنٹ اسے ہر فارمیٹ میں کھلا رہی ہے تو شاید وہ انہیں مستقبل میں ضرورت پڑنے پر قیادت سونپنے کے بارے میں سوچ رہے ہوں گے۔ محمد رضوان نے وکٹوں کے پیچھے کھڑے ہو کر بہترین کمیونی کیشن کا مظاہرہ بھی کیا۔

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ رضوان کی باؤلرز کے ساتھ گفتگو بہترین ہے، وکٹ کیپر کا کام صرف بیٹنگ یا وکٹ کیپنگ تک محدود نہیں بلکہ ایک وکٹ کیپر نے ٹیم کو چلانا ہوتا ہے اور محمد رضوان 50 فیصد میچ چلا رہے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ جب شاداب کو چھکا لگا تو محمد رضوان اس کے پاس گئے اور بات چیت کی، انہوں نے کئی مواقعوں پر فیلڈنگ بھی درست کی کیونکہ جب بابراعظم مڈ وکٹ پر کھڑے تھے تو انہیں فیلڈنگ میں موجود خلا کا علم نہیں تھا جن کے بارے میں محمد رضوان نے بتایا۔

    راشد لطیف کا مزید کہنا تھا کہ محمد رضوان میں ایک کپتان کی خصوصیات ہیں اور اس سیریز میں انہوں نے اپنا واضح نشان چھوڑا ہے جس کی تعریف کی جانی چاہیئے، وہ طویل عرصے تک پاکستان کی خدمت کریں گے۔ اگر شعیب ملک اور محمد حفیظ کھیل سکتے ہیں تو سرفراز احمد بھی کھیل سکتے ہیں، اور ابھی ان کا باب بند نہیں ہوا۔ بہت سے کھلاڑی ڈراپ ہوتے ہیں اور پھر کم بیک کرتے ہیں، لہٰذا انہیں بھی کم از کم ایک فارمیٹ میں ضرور موقع دینا چاہیئے۔

  • ’سازگار حالات میں پاکستانی ٹیم سرپرائز دے سکتی ہے‘

    ’سازگار حالات میں پاکستانی ٹیم سرپرائز دے سکتی ہے‘

    انگلینڈ کے سابق کھلاڑی اور کمنٹیٹر مائیکل وون کا کہنا ہے کہ اگر سازگار حالات میسر ہوں تو پاکستانی ٹیم ٹیسٹ میں سرپرائز دے سکتی ہے۔

    ایک انٹرویو میں مائیکل وون کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس سازگار ماحول میں ناقابل شکست ثابت ہوسکتی ہیں، جیسے کہ پاکستان یا متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں۔

    انہوں نے کہا کہ وہ انگلینڈ کے ساتھ موجودہ سیریز میں پاکستان کی اننگ سے بہت لطف اندوز ہوئے، گرین شرٹس کی پرفارمنس قابل تعریف رہی۔

    مائیکل وون کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی سرزمین پر پاکستانی ٹیم کی ایسی پرفارمنس دیکھنے کو نہیں ملتی، تاہم اس بار گرین شرٹس کے کوچز مصباح الحق، یونس خان، مشتاق احمد اور وقار یونس کی کوچنگ کی بہترین جھلک دکھائی دی۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں سے انگلینڈ ایک ٹیست میچ جیت چکا ہے جبکہ دوسرا ڈرا ہوگیا تھا، تیسرا ٹیسٹ کل سے شروع ہونے جارہا ہے۔

    اس کے بعد دونوں ٹیمیں 28 اگست، 30 اگست اور یکم ستمبر کو 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے مدمقابل ہوں گی۔

  • پاکستانی ٹیم میں تینوں فارمیٹس کا بہترین کھلاڑی کون ہوسکتا ہے؟

    پاکستانی ٹیم میں تینوں فارمیٹس کا بہترین کھلاڑی کون ہوسکتا ہے؟

    کراچی: سابق وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف بقیہ میچز میں حیدر علی کو ضرور شامل کیا جانا چاہیئے، حیدر علی تینوں فارمیٹس کا بہترین کھلاڑی ثابت ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف نے اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی ہوئی ویڈیو میں کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کو انگلینڈ کے ساتھ باقی کے ٹیسٹ میچز کے لیے پلیئنگ 11 میں حیدر علی کو ضرور شامل کرنا چاہیئے۔

    راشد کا کہنا تھا کہ حیدر علی کو پلیئنگ الیون میں شامل کرنے کا یہ بہترین وقت ہے، ان کے خیال میں اگر اس وقت حیدر کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تو اس محنتی کھلاڑی کا ایک سال ضائع ہوجائے گا۔

    ان کا ماننا ہے کہ حیدر علی کرکٹ کی تینوں فارمیٹس (ٹیسٹ، ون ڈے، ٹی 20) میں اپنی جگہ بنا سکتا ہے۔

    اپنی ویڈیو میں راشد نے مزید کہا کہ ہم نے حیدر کو پاکستان سپر لیگ میں دیکھا ہے کہ محدود اوورز کے کھیل میں اس کی پرفارمنس شاندار تھی، لیکن میرا خیال ہے کہ اسے ٹیسٹ میں بھی جگہ دی جانی چاہیئے، وہ ٹیسٹ کا بہترین کھلاڑی ثابت ہوگا۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست ہوچکی ہے، ٹیسٹ سیریز 3 میچز پر مشتمل ہے جس میں انگلینڈ 0-1 کی برتری حاصل کرچکا ہے۔

    دونوں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 13 اگست سے ساؤتھ ہمپٹن میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں 28 اگست، 30 اگست اور یکم ستمبر کو 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے مدمقابل ہوں گی۔