Tag: کرکٹ کی خبریں

  • قومی کرکٹ ٹیم راولپنڈی سے کراچی پہنچ گئی، سخت سیکورٹی میں ہوٹل منتقل

    قومی کرکٹ ٹیم راولپنڈی سے کراچی پہنچ گئی، سخت سیکورٹی میں ہوٹل منتقل

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم راولپنڈی سے کراچی پہنچ گئی ہے، ٹیم کو سخت حفاظت میں ایئر پورٹ سے ہوٹل پہنچا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ 19 تاریخ سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے سخت سیکورٹی حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا۔

    سری لنکا کی مہمان ٹیم کل دوپہر کو کراچی پہنچے گی، دونوں ٹیمیں 17 اور 18 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک سری لنکا ٹیسٹ ڈرا، عابد علی اور بابر اعظم کی سنچریاں

    خیال رہے کہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلا جانا والا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا، پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز مہمان ٹیم نے 6 وکٹوں پر 308 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈیکلئر کر دی تھی جب کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں‌ کے نقصان پر 252 رنز بنائے اور میچ ڈرا ہوگیا۔

    یادگار پنڈی ٹیسٹ بارش کی نذر ہو کر ڈرا ہوا، پاکستانی اوپنر عابد علی نے منفرد عالمی ریکارڈ بنایا، ٹیسٹ اور ون ڈے میں ڈیبیو پر سنچری کرنے والے وہ دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے، عابد علی کو مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔ بابر اعظم نے بھی ٹیسٹ کیریئر کی تیسری سنچری بنائی، دونوں ٹیموں کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے بیس بیس پوائنٹس مل گئے ہیں۔

  • احسان مانی کا راولپنڈی اسٹیڈیم کا دورہ، گراؤنڈ پر 6 ماہ میں 7 سو ملین خرچ

    احسان مانی کا راولپنڈی اسٹیڈیم کا دورہ، گراؤنڈ پر 6 ماہ میں 7 سو ملین خرچ

    اسلام آباد: چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا، چیئرمین نے بتایا کہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں 6 ماہ میں 6 سو سے 7 سو ملین روپے خرچ ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان محفوظ ہے، اگر کسی کو اعتراض ہے تو وہ ہمیں آگاہ کرے، بنگلا دیش سے بات چل رہی ہے، اگلے ماہ ایم سی سی آ رہی ہے۔

    احسان مانی کا کہنا تھا ہم یہ کہنے کے لیے کیوں کسی کے پاس جائیں کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، کسی کو اس حوالے سے اعتراض ہے تو وہ آکر بات کرے، بنگلا دیش کے ساتھ ٹیسٹ میچ بھی راولپنڈی ہی میں ہوں گے، اس سلسلے میں بنگلا دیش کی سیکورٹی ٹیم یہاں آئی تھی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری پاکستان کے ساتھ کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کریں۔

    یہ بھی پڑھیں:  سری لنکن ٹیم پریکٹس کے لیے اسٹیڈیم پہنچ گئی، احسان مانی بنگلا دیشی ٹیم کے دورے کے لیے پرامید

    چیئرمین پی سی بی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم کا کام ملک کو چلانا ہے وہ کسی ٹیم کو کیوں دعوت دیں گے۔ خیال رہے احسان مانی نے دو دن قبل بنگلہ دیشی ٹیم کے دورے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بنگلا دیشی وزیر اعظم کو فون کیا تھا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی بنگلا دیشی وزیر خارجہ سے مل چکے ہیں۔

    احسان مانی نے کہا کہ ہمارے پاس 7 سلیکٹرز ہیں اور سب کے سب کرکٹر رہ چکے ہیں، جب تک ملک میں فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں ہوگی اچھا کھیل پیش نہیں کر سکتے، ہمیں کرکٹ کو بین الاقوامی معیار پر لانا ہوگا، آئی سی سی کے جنوری کے اجلاس میں شرکت کروں گا، کبھی آئی سی سی میں اتنے لوگ شامل نہیں ہوئے جتنے اب ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کا آج دوسرا دن ہے، تاہم راولپنڈی اسٹیڈیم میں بارش کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہو چکا ہے۔

  • پہلا ٹیسٹ، سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 5 وکٹوں پر 202 رنز بنالیے

    پہلا ٹیسٹ، سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 5 وکٹوں پر 202 رنز بنالیے

    راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنالیے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنالیے، کپتان کرونا رتنے نے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ڈی سلوا 38 اور ڈک ویلا 11 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

    سری لنکا کی پہلی وکٹ 96 رنز پر گری جب کرونا رتنے 59 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، فرنینڈو کو 40 رنز پر نسیم شاہ نے پویلین کی راہ دکھائی۔

    مینڈس 10 رنز بنا کر عثمان شنواری کا نشانہ بنے، اینجلو میتھیوز 31 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے، ڈنیش چندی مل 2 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

    پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    یہ پاکستانی سرزمین پر 10 سال بعد ہونے والا ٹیسٹ میچ ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس موقع پر کھلاڑیوں کے لیے یادگاری کیپس تیار کی ہیں جو پاکستانی کرکٹرز سری لنکن کھلاڑیوں کو پیش کریں گے۔

    شائقین کرکٹ چیکنگ کے بعد شٹل سروس سے اسٹیڈیم پہنچے۔

    محمکہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ راولپنڈی میں 11 دسمبر کو موسم ابر آلود رہے گا اور کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، 12 دسمبر کو وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ دوپہر کے وقت تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 13 اور 14 دسمبر کو بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جس کے باعث میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    پاکستان ٹیم کی قیادت اظہر علی کر رہے ہیں۔ ٹیم میں بابر اعظم، شان مسعود، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور محمد عباس شامل ہیں۔ عثمان خان شنواری اور عابد علی ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔

    ٹاس جیتنے کے بعد سری لنکن کپتان کرونارتنے کا کہنا تھا کہ پچ اچھی ہے، کوشش کریں گے اچھا کھیلیں۔ ٹیم اچھی بنی ہوئی ہے جبھی نتائج آرہے ہیں۔

    پاکستانی کپتان اظہر علی نے کہا کہ پہلی بار پاکستان میں کھیل کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔ کوشش کریں گے اچھا کھیلیں اور اچھا آغاز کریں۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ پہلا ٹیسٹ 11 دسمبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جبکہ دوسرا 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

  • سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    اسلام آباد: سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے، اسلام آباد ایئر پورٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ ٹیم غیر ملکی پرواز ای کے 612 کے ذریعے پاکستان پہنچ گئی ہے، ایئر پورٹ پر پی سی بی حکام نے مہمانوں کا استقبال کیا، پاکستان میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے۔

    سری لنکن ٹیم پاکستان میں 2 ٹیسٹ میچ کھیلے گی، ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 11 سے 15 دسمبر کو کھیلا جائے گا، راولپنڈی میں ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ 15 دسمبر تک رہے گا، سری لنکا اور پاکستانی ٹیم منگل کو پریکٹس میچ کھیلیں گی، پریکٹس میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتان پریس کانفرنس کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز: 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان

    دوسری طرف ذرایع نے بتایا ہے کہ پاک سری لنکا ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑِی بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، قومی ٹیم کے کھلاڑی اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں موجود ہیں، پاکستانی کھلاڑیوں نے میٹنگ میں میچ کے حوالے سے اہم مشاورت کی۔

    خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اپنا پریکٹس میچ کھیلے گی، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیکورٹی کے تمام انتظامات پاک فوج کے سپرد کیے گئے ہیں، شایقین کرکٹ کے لیے اسلام آباد کے مختلف مقامات پر ٹکٹس دستیابی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    اسلام آباد میں ایف ٹین مرکز، ایکسپریس سینٹر، امانت پلازہ، ایف ایٹ مرکز، راِئل ان پلازہ، آب پارہ مارکیٹ، خیابان سہروردی اور جی ایٹ مرکز، ایگزیکٹو کمپلیکس میں ٹکٹس دستیاب ہوں گے۔ جب کہ راولپنڈی میں صدر، کھنہ ایکسپریس سینٹر، فضائیہ کالونی، سکیم تھری، کمرشل مارکیٹ، سکستھ روڈ، رائل سینٹر، چاندی چوک، بلال پلازہ پر ٹکٹس دستیاب ہوں گے۔

  • سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز: 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان

    سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز: 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان

    لاہور: سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، اظہر علی ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ فواد عالم کی 10 سال بعد قومی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے بریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 10 سال بعد ٹیسٹ سیریز کی واپسی ہورہی ہے، سری لنکا ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آ رہا ہے۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ون مین شو کے حوالے سے جو باتیں چل رہی ہیں وہ غلط ہیں۔ 6 سلیکٹرز ہیں فیصلہ سب کی مشاورت سے ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ بنا لیا، ہر کھلاڑی سے متعلق مکمل معلومات ہیں۔ ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہ کر کے تسلسل لانا چاہتے ہیں۔ وہی تبدیلیاں کی جاتی ہیں جو ضروری سمجھی جائیں۔

    انہوں نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ کا بھی اعلان کیا۔ اسکواڈ میں 10 سال بعد فواد عالم کی قومی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی۔ اسکواڈ میں اظہر علی کپتان، عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان سینئر، محمد عباس اور محمد رضوان شامل ہیں۔

    کاشف بھٹی، نسیم شاہ، شاہین شاہ، شان مسعود، یاسر شاہ اور عثمان شنواری بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ فواد عالم بہت اچھی فارم میں ہیں، عثمان شنواری بولنگ میں بہتری لا رہے ہیں۔ محمد موسیٰ ٹیم کے ساتھ ہوں گے، اسکواڈ کا حصہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا سب سے بڑا مسئلہ بولنگ کا ہے۔ میرے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں جس سے سب کچھ ٹھیک کردوں۔ صرف کھلاڑی نہیں ہم بھی جواب دہ ہیں۔

    مصباح کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ان کھلاڑیوں میں شامل ہو چکے ہیں جو میچ ونر ہوتے ہیں، پاکستان ٹیم ٹیسٹ کرکٹ بہت لمبے عرصے بعد کھیلتی ہے۔ کھلاڑی کو پرفارمنس کے لیے وقت چاہیئے ہوتا ہے۔ ایسا نہیں کہ میں بیٹھا رہوں اور قومی ٹیم کا ستیاناس ہوجائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک کی پرفارمنس کو اہمیت دیتے ہیں، جو پرفارمنس دیتا ہے اسے موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ مجھ پر اعتماد نہیں ہے تو کوئی بھی عہدہ نہیں ہونا چاہیئے۔ صحیح طریقے سے کام نہیں کرتا تو کسی بھی عہدے کا جواز نہیں بنتا۔

  • ماضی کو بھلا کر آئندہ اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے: کپتان اظہر علی

    ماضی کو بھلا کر آئندہ اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے: کپتان اظہر علی

    لاہور: قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ ماضی کو بھلا کر آئندہ اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، دو ٹیسٹ میں مسلسل اننگز سے شکست پر شرمندہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دورۂ آسٹریلیا میں ناکامی پر کپتان اظہر علی نے شرمندگی کا اظہار کر دیا ہے، انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مثبت سوچ کے ساتھ آسٹریلیا گئے لیکن بد قسمتی سے نتیجہ توقعات کے مطابق نہیں آیا، ینگ بولنگ اٹیک پرفارم نہیں کر سکا۔

    انھوں نے کہا کہ اچھی اوپننگ پارٹنر شپس ملیں لیکن بد قسمتی سے آگے نہیں لے جا سکے، دس سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ بحال ہو رہی ہے، سری لنکا کی مضبوط ٹیم ہے، جیتنے کے لیے محنت کرنا ہوگی۔

    اظہر علی کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان نے دورۂ آسٹریلیا میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، بولنگ اٹیک ینگ تھا، توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کر سکا، میں سمجھتا ہوں کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر فائٹ کی، نسیم شاہ کی بولنگ دیکھ کر لگتا ہے اس کا مستقبل روشن ہے، شاہین آفریدی نے بھی اچھی بولنگ کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  دورۂ آسٹریلیا کے بعد کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے

    کپتان نے کہا کہ اب تمام کھلاڑی پہلی بار پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلیں گے، ماضی کو بھلا کر آئندہ اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، کافی چیزیں ہیں جن پر آنے والے سیریز میں توجہ دینا ہوگی، مستقبل میں بولنگ کا شعبہ اچھا ہو جائے گا، مجھے پرفارم کو برقرار رکھنے کے لیے رنز بنانے کی ضرورت ہے، محنت کر رہا ہوں مجھ سمیت تمام بیٹسمینوں کو علم ہے کہ رنز بنانے ہیں۔

    اظہر علی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا سے شکست پر مایوسی ہوئی ہے، دو ٹیسٹ میں مسلسل اننگز سے شکست پر شرمندہ ہیں، ایسا نہیں کہ گیند میرے بلے پر نہیں آ رہی یافٹ ورک نہیں چل رہا، مجھے ہر چیز کا علم ہے، بس رنز کی ضرورت ہے، کبھی کبھی آپ کی قسمت چلتی ہے تو کبھی پرفارمنس کام آتی ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ کسی کی ذاتی زندگی پر کوئی بات کریں تو پہلے تصدیق کرنی چاہیے، میرا 3 سال کا بیٹا انگلینڈ میں پڑھ رہا تھا اسے بھی واپس لے آیا ہوں، وارنر کے لیے جو پلان تھا ہم بدقسمتی سے اس پر عمل درآمد نہیں کر سکے، وارنر پر گیم پلان کے تحت اٹیک کیا تھا لیکن اس نے آسانی سے کاؤنٹر کر دیا، اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کی کوشش کر رہا ہوں، حارث سہیل سے پرفارم نہیں ہوا اس لیے امام الحق کو موقع دیا گیا۔

  • دورۂ آسٹریلیا کے بعد کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے

    دورۂ آسٹریلیا کے بعد کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی دورۂ آسٹریلیا کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، کھلاڑی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے براستہ دبئی لاہور پہنچے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آسٹریلیا کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، قومی ٹیم کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے، دونوں میچز میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو اننگز سے شکست ہوئی۔

    کھلاڑی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے دبئی کے راستے لاہور پہنچے ہیں، کھلاڑیوں میں کپتان اظہر علی، بابر اعظم،عابد علی، محمد عباس، حارث سہیل اور امام الحق شامل ہیں، ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس بھی لاہور پہنچ گئے۔

    ٹیسٹ میچز کے علاوہ تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی 0-2 سے آسٹریلیا کے نام رہی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرکٹ ٹیم میں تبدیلی کی ضرورت نہیں، وسیم اکرم

    خیال رہے کہ آسٹریلیا سے شکست کے بعد سابق کپتان اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے قومی ٹیم میں تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے، ان ہی کھلاڑیوں پر بھروسہ رکھا جائے، سری کے خلاف یہی ٹیم رہنی چاہیے، یہی لڑکے ہوم سیریز میں پرفارم کر کے دکھائیں گے۔

    واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، پہلا ٹیسٹ 11 دسمبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

  • ایڈیلیڈ ٹیسٹ: آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا

    ایڈیلیڈ ٹیسٹ: آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا

    ایڈیلیڈ: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو اننگز اور 48 رنز سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے ٹیسٹ سیریز 0-2 سے جیت کر پاکستان کو وائٹ واش کردیا، دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو اننگز اور 48 رنز سے شکست دے دی۔

    پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے 589 رنز بنائے، وارنر نے اپنے کیریئر کی پہلی اور ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی تیز ترین ٹرپل سنچری اسکور کی اور ناقابل شکست 335 رنز بنائے۔

    وارنر ایڈیلیڈ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے بلے باز بھی بن گئے۔

    آسٹریلوی بلے باز لبوشین نے بھی مسلسل دوسری سنچری بنائی، اور اس دوران پاکستانی بولرز کی خوب درگت بنائی۔ قومی بولرز آسٹریلیا میں وکٹ لینا ہی بھول گئے، پاکستانی بولر عباس، یاسر اور موسیٰ بے بسی کی تصویر بنے رہے۔

    جواب میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں 302 رنز بنائے۔ یاسر شاہ 113 اور بابر اعظم 97 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    مچل اسٹارک نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ بابر اعظم نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر مچل اسٹارک کے ہاتھوں 97 رنز پر آؤٹ ہو گئے اور دوسری سنچری اسکور نہ کر سکے۔

    دوسری طرف یاسر شاہ نے شاندار بیٹنگ کی اور اپنے کیرئیر کی پہلی سنچری بنائی۔ یہ کارنامہ انجام دینے کے لیے بلے باز نے 192 گیندوں کا سامنا کیا اور اس دوران انہوں نے 12 چوکے لگائے۔ پہلی اننگز میں 3 وکٹیں لینے والے شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

    بابر اعظم نے یاسر شاہ کے ساتھ مل کر 105 رنز کی شراکت قائم کی۔ یاسر دورہ آسٹریلیا میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بن گئے ہیں۔

    پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 302 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی جس کے بعد اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔

    فالو آن کے بعد پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 239 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، شان مسعود اور اسد شفیق نے نصف سنچریاں بنائیں۔ نیتھن لائن نے دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔

    پاکستانی بلے بازوں نے غلطیوں سے کچھ نہ سیکھا، بار بار وکٹیں گنواتے رہے۔ اظہر علی اور امام الحق دونوں اننگز میں ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

    پاکستانی بولرز بھی بری طرح ناکام رہے اور صرف 3 وکٹیں لے سکے۔ محمد عباس، موسیٰ خان اور یاسر شاہ میچ میں ایک بھی وکٹ نہ لے سکے۔

    یہ پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں تیسری بار مسلسل 2 میچز میں اننگز کی شکست ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا میں مسلسل پانچویں بار وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

  • ایڈیلیڈ ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل، پاکستان کے وائٹ واش کا خطرہ

    ایڈیلیڈ ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل، پاکستان کے وائٹ واش کا خطرہ

    ایڈیلیڈ: پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، دوسری اننگز میں بھی پاکستانی بیٹنگ لڑکھڑا گئی ہے، آدھی ٹیم صرف 167 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ کے میدان میں پاکستان پر مسلسل دوسرے میچ میں اننگز کی شکست کا خطرہ منڈلا رہا ہے، آج میچ کے چوتھے روز پاکستان نے چائے کے وقفے تک 5 وکٹوں پر 167 رنز بنا لیے ہیں۔

    محمد رضوان اور افتخار احمد 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، امام الحق صفر، اظہر علی 9 اور بابر اعظم 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے، شان مسعود نے 68 اور اسد شفیق نے 57 رنز کی اننگ کھیلی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایڈیلیڈ ٹیسٹ: تیسرے دن کا کھیل ختم، پاکستان کے 3 وکٹوں پر 39 رنز

    ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو پاکستان پر 120 رنز کی برتری حاصل ہے، پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 302 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی جس کے بعد اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا تھا، دوسری اننگز میں بھی بیٹنگ لائن نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا کو دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔ برسبین میں کھیلے گئے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں پاکستان کو شرم ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک اننگز اور 5 رنز سے ہرا دیا تھا۔

    قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کم بیک کرے گی، تاہم یہ امید بر آتی نظر نہیں آ رہی ہے۔

  • ایڈیلیڈ ٹیسٹ: تیسرے دن کا کھیل ختم، پاکستان کے 3 وکٹوں پر 39 رنز

    ایڈیلیڈ ٹیسٹ: تیسرے دن کا کھیل ختم، پاکستان کے 3 وکٹوں پر 39 رنز

    ایڈیلیڈ: پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین جاری ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہو گیا، پاکستان نے کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں پر 39 رنز بنائے۔ پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 302 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے ٹیم کو فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے آج دوسری اننگز کا آغاز کیا تو ایک بار پھر وکٹیں گرتی چلی گئیں، دو رنز پر امام الحق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، کھیل کے اختتام پر اسد شفیق 8 اور شان مسعود 14 رنز پر کریز پر کھڑے تھے، آسٹریلیا کو پاکستان پر 248 رنز کی برتری حاصل ہے۔

    قبل ازیں، پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں 302 رنز بنائے، یاسر شاہ 113، بابر اعظم 97 رنز بنا کر نمایاں رہے، مچل اسٹارک نے شان دار بولنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف 287 رنز کی برتری حاصل ہے۔

    قبل ازیں، ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں قومی بلے باز آسٹریلوی بولرز کے سامنے بدستور بے بس نظر آئے، تین ہفتے سے زائد گزارنے کے باوجود بھی پاکستانی ٹیم آسٹریلین کنڈیشنز کو سمجھ نہ سکی، بلے باز جلد بازی میں وکٹیں گنواتے رہے، جب کہ بولرز لائن اور لینتھ کنٹرول کرنے میں ناکام رہے۔

    بابر اعظم نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر مچل اسٹارک کے ہاتھوں 97 رنز پر آؤٹ ہو گئے اور دوسری سنچری اسکور نہ کر سکے، دوسری طرف یاسر شاہ نے شان دار بیٹنگ کی اور اپنے کیرئیر کی پہلی سنچری بنائی، یہ کارنامہ انجام دینے کے لیے بلے باز نے 192 گیندوں کا سامنا کیا، اور اس دوران انھوں نے 12 چوکے لگائے۔ گزشتہ روز تین وکٹیں لینے والے شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کینگروز نے پاکستانی بولرز کو رنز کے پہاڑ تلے دبا دیا

    بابر اعظم نے یاسر شاہ کے ساتھ مل کر 105 رنز کی شراکت قائم کی، دوسری طرف ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں لیگ اسپنر یاسر شاہ نے پاکستانی بلے بازوں کو بیٹنگ کرنا سکھا دیا، یاسر دورہ آسٹریلیا میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بن گئے ہیں۔

    پاکستان نے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنائے تھے، بابراعظم 43 اور یاسر شاہ 4 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے جب کہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 589 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی۔