Tag: کرکٹ کی خبریں

  • سری لنکن کرکٹ بورڈ کا سیکورٹی وفد کراچی سے لاہور پہنچ گیا

    سری لنکن کرکٹ بورڈ کا سیکورٹی وفد کراچی سے لاہور پہنچ گیا

    لاہور: سری لنکن کرکٹ بورڈ کا سیکورٹی وفد کراچی سے لاہور پہنچ گیا، وفد ایک روزہ قیام کے دوران شہر میں سیکورٹی کا جائزہ لے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پر آیا سری لنکن کرکٹ بورڈ کا سیکورٹی وفد لاہور پہنچ گیا ہے جہاں وہ سیریز کے سلسلے میں سیکورٹی معاملات کا جائزہ لے گا۔

    سیکورٹی وفد سیف سٹی اتھارٹی اور قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کرے گا، وفد کو حکومتی اور پی سی بی حکام بریفنگ دیں گے۔

    ایک روز لاہور میں قیام کے بعد سیکورٹی وفد سری لنکا واپس روانہ ہو جائے گا، یہ وفد اپنی رپورٹ مرتب کر کے سری لنکن بورڈ کو جمع کرائے گا۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  پی سی بی کا کوچنگ اسٹاف تبدیل کرنے کا فیصلہ، مکی آرتھر کی چھٹی

    اس رپورٹ کی روشنی میں سری لنکن ٹیم کے دورۂ پاکستان کا فیصلہ کیا جائے گا، سری لنکا کو پی سی بی نے لاہور اور کراچی میں ٹیسٹ کھیلنے کی تجویز دی تھی۔

    پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کے سلسلے میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کا وفد دو روز قبل کراچی پہنچا تھا، 4 رکنی سیکورٹی وفد کی سربراہی موہن ڈی سلوا نے کی۔

    سیکورٹی ٹیم نے کراچی نیشنل اسٹیڈیم، ایئر پورٹ سے ہوٹل تک راستے کا بھی معائنہ کیا، اور سیکورٹی کا ہر طرح سے جائزہ لیا تھا۔

    یاد رہے کہ سری لنکا اور پاکستان کی ستمبر اکتوبر میں 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز شیڈول ہے۔ دسمبر اور جنوری میں سری لنکا سے تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز بھی شیڈول ہے۔

  • ٹیسٹ سیریز: سری لنکن کرکٹ بورڈ کا وفد کراچی پہنچ گیا

    ٹیسٹ سیریز: سری لنکن کرکٹ بورڈ کا وفد کراچی پہنچ گیا

    کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مجوزہ کرکٹ سیریز کے تناظر میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کا وفد کراچی پہنچ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کے سلسلے میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کا وفد کراچی پہنچ گیا، 4 رکنی سیکورٹی وفد کی سربراہی موہن ڈی سلوا کر رہے ہیں۔

    سری لنکن کرکٹ بورڈ کی سیکورٹی ٹیم کل نیشنل اسٹیڈیم، ایئر پورٹ سے ہوٹل تک راستے کا معائنہ کرے گی۔

    پاک سری لنکا 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز ستمبر، اکتوبر میں شیڈول ہے، خیال رہے کہ سری لنکا نے پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کی مشروط ہامی بھری تھی۔

    بتایا گیا ہے کہ مذکورہ سیکورٹی وفد کراچی کے بعد لاہور اور اسلام آباد کا دورہ بھی کرے گا، سیکورٹی کا جائزہ لینے کے بعد وفد رپورٹ سری لنکن کرکٹ بورڈ کو جمع کرائے گا۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  آئی سی سی نے پہلے ایشز ٹیسٹ کے بعد نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی

    اس رپورٹ کی روشنی میں سری لنکن ٹیم کے دورۂ پاکستان کا فیصلہ کیا جائے گا، سری لنکا کو پی سی بی نے لاہور اور کراچی میں ٹیسٹ کھیلنے کی تجویز دی تھی۔

    دسمبر اور جنوری میں سری لنکا سے تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز بھی شیڈول ہے۔

    پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہ مقابلے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے درمیان ہوں‌ گے، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 9 ممالک کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی، حکام کی کوشش ہے کہ سری لنکا کے بعد بنگلا دیش بھی پاکستان کا دورے کرے۔

  • سوشل  میڈیا پر کرکٹرز کی منفی خبروں سے پی سی بی ناخوش

    سوشل میڈیا پر کرکٹرز کی منفی خبروں سے پی سی بی ناخوش

    لاہور: سوشل میڈیا پر قومی کرکٹرز کی منفی خبروں کی گردش پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے نا خوشی کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی اس بات پر نا خوش ہوا ہے کہ قومی کھلاڑیوں کے اسکینڈل سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کی زینت بن رہے ہیں جن سے ٹیم کا تشخص داغ دار ہو رہا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کی منفی خبروں کے بعد پی سی بی متحرک ہو گیا ہے، حکام کو اس بات احساس ہے کہ منفی خبروں سے پاکستان اور ٹیم کا امیج خراب ہوتا ہے۔

    ذرایع پی سی بی کے مطابق پلیئرز ایجوکیشن پروگرام پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کھلاڑیوں کو ٹیکنالوجی کے استعمال، محتاط اور ذمہ دارانہ رویے کی تعلیم دی جائے گی۔

    ذرایع نے بتایا کہ پی سی بی نے امام الحق کے معاملے کی تحقیقات مکمل کر لی ہیں، کرکٹرز کو بد نام کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی منصوبہ بندی بھی کر لی گئی ہے۔

    پی سی بی نے کوڈ آف کنڈکٹ اور سینٹرل کنٹریکٹ کی شقوں کا از سرِ نو جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

    پی سی بھی ذرایع نے یہ بھی بتایا کہ ورلڈ کپ میچز کے دوران کھلاڑیوں کے کمروں تک غیر متعلقہ افراد کی رسائی نہیں تھی۔

    خیال رہے کہ ٹیسٹ کرکٹر امام الحق پر لڑکیوں کو بے وقوف بنانے اور انھیں دھوکا دینے کے الزامات لگائے گئے ہیں، امام الحق کیرئیر کے آغاز سے ہی تنقید کی زد میں ہیں اور اچھی پرفارمنس کے باوجود قومی ٹیم میں ان کی شمولیت متنازع رہی ہے۔

  • وسیم اکرم سے بد تمیزی کا معاملہ، مانچسٹر ایئر پورٹ انتظامیہ کا نوٹس

    وسیم اکرم سے بد تمیزی کا معاملہ، مانچسٹر ایئر پورٹ انتظامیہ کا نوٹس

    مانچسٹر: برطانوی شہر مانچسٹر کے ایئر پورٹ پر پاکستان کے لے جنڈ کرکٹر وسیم اکرم کے ساتھ افسوس ناک واقعہ پیش آیا، ٹویٹر پر شکایت کے بعد ایئر پورٹ انتظامیہ نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق مانچسٹر ایئر پورٹ پر سابق قومی ٹیم کپتان وسیم اکرم کے ساتھ ایئر پورٹ حکام نے بد تمیزی کی، سابق کرکٹر نے ٹویٹر پر واقعے سے متعلق اطلاع دیتے ہوئے لکھا کہ حکام نے انسولین سے متعلق برا رویہ اپنایا۔

    سوئنگ کے سلطان مانچسٹر ایئر پورٹ حکام پر برس پڑے، ایئر پورٹ پر انسولین روکے جانے پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’دنیا بھر میں سفر کرتا ہوں، کبھی کسی نے نہیں روکا۔

    وسیم اکرم نے ٹویٹ میں لکھا کہ مانچسٹر ایئر پورٹ حکام نے میرے ساتھ بد تمیزی کی، مجھے کہا گیا انسولین نکال کر پلاسٹک بیگ میں ڈال دیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  یوٹیوب گولڈن بٹن کا اعزاز ملنے کے بعد شعیب اختر کا بڑا اعلان

    ان کا کہنا تھا کہ وہ دنیا بھر میں سفر کرتے رہتے ہیں، انھیں کبھی اس طرح پریشان نہیں کیا گیا، لیکن مانچسٹر ایئر پورٹ حکام کے رویے سے سخت مایوس ہوئے ہیں۔

    قومی ٹیم کے سابق کپتان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انھیں سخت بے عزتی محسوس ہوئی، حکام نے سب کے سامنے نہایت بد تہذیبی سے پوچھ گچھ کی اور حکم دیا کہ میں اپنی انسولین کو ٹھنڈے سفری بیگ سے نکال کر ایک پلاسٹک بیگ میں ڈال دوں۔

    خیال رہے کہ سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم 1997 سے ذیابطیس کے مریض ہیں اور باقاعدگی سے انسولین استعمال کرتے ہیں۔

    ایئر پورٹ انتظامیہ کا نوٹس

    وسیم اکرم سے بد تمیزی کے معاملے پر مانچسٹر ایئر پورٹ انتظامیہ نے ٹویٹر پر ان کی شکایت کا نوٹس لے لیا، ایئر پورٹ انتظامیہ نے وسیم اکرم سے تفصیلات طلب کر لیں، انتظامیہ نے کہا کہ وسیم اکرم واقعے سے متعلق براہ راست آگاہ کریں۔

    لے جنڈ کرکٹر وسیم اکرم کے ٹویٹ پر مانچسٹر ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے ریپلائی میں کہا گیا کہ آپ نے اس مسئلے کی طرف ہماری توجہ دلائی جس کے لیے شکرگزار ہیں۔

    جس پر وسیم اکرم نے بھی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا فوری رد عمل کے لیے شکریہ، میں آپ کے ساتھ رابطے میں رہوں گا۔

    قبل ازیں وسیم اکرم نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ میرے ساتھ دوسروں سے مختلف رویہ کیسے رکھا جا سکتا ہے، تمام لوگوں کے ساتھ ڈیلنگ کرتے ہوئے ایک معیاری رویہ اپنایا جانا چاہیے، میں سمجھتا ہوں کہ حفاظتی اقدامات کیے جاتے ہیں تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ لوگوں کی بے عزتی کی جائے۔

  • ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر پی سی بی اجلاس 29 جولائی کو ہوگا

    ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر پی سی بی اجلاس 29 جولائی کو ہوگا

    لاہور: ورلڈ کپ 2019 میں ناقص کارکردگی کا ذمہ دار کون تھا، اس سلسلے میں ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس 29 جولائی کو منعقد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس انتیس جولائی کو طلب کیا گیا ہے جس میں ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں قومی ٹیم کی گزشتہ 3 سال کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور منیجر طلعت علی کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    ذرایع کے مطابق یہ کمیٹی پاکستان کرکٹ کے مستقبل سے متعلق بھی اہم فیصلے کرے گی، ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کرکٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، سابق کپتان وسیم اکرم کینیڈا سے اسکائپ پر اجلاس میں شریک ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  قومی ٹیم کے منیجر نے ورلڈ کپ کی رپورٹ پی سی بی کو پیش کردی

    خیال رہے کہ سابق کپتان مصباح الحق، سابق قومی خاتون کپتان عروج ممتاز بھی کرکٹ کمیٹی میں شامل ہیں، اجلاس میں بہ طور کپتان سرفراز احمد کے مستقبل سے متعلق بھی فیصلہ کیا جائے گا۔

    کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں قومی ٹیم کے کوچ اور نئے چیف سلیکٹر کے حوالے سے بھی اہم فیصلے ہوں گے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر طلعت علی نے دورۂ انگلینڈ اور ورلڈ کپ 2019 کی علیحدہ علیحدہ رپورٹس بورڈ کو بھجوائی تھیں، انھوں نے رپورٹ میں کہا یہ ہماری بد قسمتی تھی کہ ٹیم سیمی فائنل میں نہیں پہنچ سکی، انھوں نے یہ بھی رپورٹ میں لکھا کہ آن دی فیلڈ، آف دی فیلڈ کھلاڑیوں نے بہترین رویے کا مظاہرہ کیا، ٹیم میں کسی قسم کی کوئی گروپنگ یا اختلاف نہیں تھا۔

  • کرکٹ ورلڈ کپ کی طرح ومبلڈن میں ٹینس کا فائنل بھی سنسنی خیز رہا، جوکووچ فاتح

    کرکٹ ورلڈ کپ کی طرح ومبلڈن میں ٹینس کا فائنل بھی سنسنی خیز رہا، جوکووچ فاتح

    لندن: دفاعی چیمپین نوواک جوکووچ نے ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ مین سنگل کا فائنل جیت لیا، نوواک جوکووچ نے مسلسل دوسرا، جب کہ مجموعی طور پر پانچواں ومبلڈن ٹائٹل جیتا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طرف کھیل کے عالمی میدانوں میں کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کا سنسنی خیز فائنل میچ کھیلا گیا جو انگلینڈ نے جیتا، دوسری طرف ومبلڈن فائنل کی تاریخ کا سب سے سنسنی خیز، سب سے طویل معرکہ جوکووچ کے نام رہا۔

    سرب اسٹار نوواک جوکووچ نے فائنل میچ میں 8 بار کے ومبلڈن ونر راجر فیڈرر کو 2 کے مقابلے میں 3 سیٹس سے شکست دی۔

    تاریخ کے اس سنسنی خیز میچ کا پانچواں اور آخری سیٹ 100 منٹ سے زیادہ جاری رہا، جوکووچ نے 7،6، 6،1،7،6، 6،4، اور 13،12 سے کام یابی حاصل کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  انگلینڈ پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ کا چیمپئن بن گیا ، نیوزی لینڈ کو شکست

    کرکٹ اور ٹینس کے ان سنسنی خیز مقابلوں کے دوران دل چسپ واقعہ پیش آیا، ٹینس کا فائنل طویل ہوتا گیا تو ومبلڈن کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر کمنٹس آنے لگے، جن میں کہا گیا کہ ہیلو آئی سی سی، تمھارا فائنل کیسا جا رہا ہے۔

    آئی سی سی نے ٹویٹر پر اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ فائنل میں بھی بے سکونی اور جوش کا عالم ہے۔

    خیال رہے کہ انگلینڈ کرکٹ کا نیا ورلڈ چیمپئن بن گیا ہے، لارڈز میں ورلڈ کپ کی تاریخ کا سنسنی خیز فائنل کھیلا گیا، اعصاب کی جنگ عروج پر رہی، شایقین دل تھامے بیٹھے رہے۔

    میچ ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں بھی اسکور برابر ہو گیا، لیکن میچ میں زیادہ باونڈریز کے سبب انگلینڈ جیت گیا اور پہلی بار ورلڈ کپ چیمپئن بن گیا۔ سپر اوور میں انگلینڈ نے پندرہ رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ بھی پندرہ رنز ہی بنا سکا۔ انگلینڈ نے 44 سال بعد ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر سجا کر تاریخ رقم کر دی۔

  • پی سی بی کا کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ

    پی سی بی کا کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ

    لاہور: ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے پیشِ نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے ذرایع کا کہنا ہے کہ کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہیں کی جائے گی، نئے کوچنگ اسٹاف کے لیے باقاعدہ اشتہار دیا جائے گا۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر مکی آرتھر کوچنگ جاری رکھنا چاہتے ہیں تو انھیں دوبارہ درخواست دینی ہوگی۔

    یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام کوچنگ اسٹاف کے ساتھ نئے معاہدے کیے جائیں گے، سابق انگلش کوچ اینڈی فلاور بھی کوچنگ کے لیے سنجیدہ ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی سے متعلق فیصلے جلد ہوں گے، چیئرمین پی سی بی

    پی سی بی کے ذرایع نے بتایا ہے کہ بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کوچز کی اسامیوں کے لیے اشتہار جاری کیا جائے گا، کوچز کے لیے اشتہار اس ماہ کے آخر تک جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ آیندہ چند ہفتوں میں نئی ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

    انھوں نے کہا تھا کہ جب انھوں نے اپنا عہدہ سنبھالا تو ورلڈ کپ میں کچھ ہی ماہ باقی تھے اور اسی وجہ سے ٹیم انتظامیہ اور کپتان سرفراز احمد کی تبدیلی سے متعلق فیصلہ نہیں کیا۔

    چیئرمین پی سی بی نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں مکی آرتھر نے ہیڈ کوچ کے طور پر ذمہ داریاں جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

  • ورلڈ کپ: بھارتی خواب چکنا چُور، نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچ گیا

    ورلڈ کپ: بھارتی خواب چکنا چُور، نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچ گیا

    مانچسٹر: ورلڈ کپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 18 رنز سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کرلی، دھونی اور جڈیجا کی اننگز بھی بھارت کو شکست سے نہ بچاسکیں۔

    تفصیلات کے مطابق مانچسٹر میں کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دئیے جانے والے 240 رنز ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم آخری اوور میں 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی، میٹ ہینری نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    بھارت کی 92 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد رویندر جڈیجا نے 77 اور دھونی نے 50 رنز کی اننگز کھیلی تاہم اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکے، رویندر جڈیجا کو ٹرینٹ بولٹ نے آؤٹ کیا، دھونی کو گپٹل نے رن آؤٹ کیا۔

    بھارتی کپتان ویرات کوہلی، روہت شرما اور لوکیش راہول صرف ایک، ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، رشبھ پنٹ 32 اور دنیش کارتک 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    ہاردک پانڈیا 32 رنز بنا کر سینٹنر کا نشانہ بنے، بھونیشور کمار بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، یوزویندر چاہل 5 رنز بنا کر نیشم کی گیند پر ٹام لیتھم کو کیچ دے بیٹھے۔

    نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری کو تین وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، ٹرینٹ بولٹ اور سینٹنر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، فرگیوسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں کل دوسرے سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گی، جیتنے والی ٹیم 14 جولائی کو نیوزی لینڈ سے فائنل کھیلے گی۔

     ورلڈ کپ 2019 میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والا پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا تھا، کل ہونے والا سیمی فائنل بارش کے باعث آج کے لیے مؤخر کردیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز جب مانچسٹر میں بارش شروع ہوئی تو نیوزی لینڈ نے 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنالیے تھے۔

    گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن بھارتی بولرز کے آگے شروع سے ہی دباؤ میں نظر آئی ، صرف ایک رن بنا کر اوپنر مارٹن گپٹل پویلین لوٹ گئے، نکولس 28 رنز بنا کر جڈیجا کا نشانہ بنے۔

    کپتان کین ولیمسن نے 67 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، انہیں اسپنر چاہل نے آؤٹ کیا۔ جمی نیشام 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گرینڈ ہوم 16 رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر دھونی کو کیچ دے بیٹھے۔

    راس ٹیلر نے 74 اور ٹام لیتھم نے 10 رنز بنائے۔ بھارت کے بھونیشور کمار نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    گزشتہ روز ٹاس جیتنے کے بعد کیوی کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے کوشش کریں گے اچھا کھیلیں۔

    بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم بھی بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، امید ہے پچ ایسی ہی رہے گی۔ اپنی صلاحیتوں کو بیک کر کے اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ مانچسٹر میں پہلے 2 اچھے میچز کھیل چکے ہیں۔

    اسکواڈ

    سیمی فائنل کے لیے بھارتی ٹیم میں ویراٹ کوہلی (کپتان)، کے ایل راہول، روہت شرما، رشبھ پنت، مہندر سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، ہردیک پانڈیا، رویندر جڈیجا، بھونیشور کمار، یزویندر چاہل اور جسپریت بمرا شامل ہیں۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیمسن (کپتان)، مارٹن گپٹل، ہنری نکولس، راس ٹیلر، ٹام لیتھم، جیمز نیشام، کولن ڈی گرینڈ ہوم، مچل اسینٹنر، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

  • بھارت اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل میچ بارش کے باعث کل تک کے لیے موخر کردیا گیا

    بھارت اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل میچ بارش کے باعث کل تک کے لیے موخر کردیا گیا

    مانچسٹر: بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل میچ بارش کے باعث کل تک کے لیے موخر کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مانچسٹر میں جب بارش شروع ہوئی تو نیوزی لینڈ نے 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنالیے تھے، کل میچ اسی اسکور سے دوبارہ شروع کیا جائے گا، اگر کل بھی بارش کے باعث میچ نہ ہوسکا تو بھارت زیادہ پوائنٹس ہونے کے سبب فائنل میں پہنچ جائے گا۔

    نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن بھارتی بولرز کے آگے شروع سے ہی دباؤ میں نظر آئی، صرف ایک رن بنا کر اوپنر مارٹن گپٹل پویلین لوٹ گئے، نکولس 28 رنز بنا کر جڈیجا کا نشانہ بنے۔

    کپتان کین ولیم سن نے 67 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی انہیں اسپنر چاہل نے آؤٹ کیا، جمی نیشم 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گرینڈ ہوم 16 رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر دھونی کو کیچ دے بیٹھے۔

    راس ٹیلر 67 اور ٹام لیتھم 3 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    بھارت کے بھونیشور کمار، جسپریت بمرا، ہردیک پانڈیا، چاہل اور رویندر جڈیجا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل ورلڈ کپ 2019 کا پہلا سیمی فائنل آج سابق ورلڈ چیمپئن بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

     آئی سی سی ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل مانچسٹر کے ٹرائی فورڈ اسٹیڈیم میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ بھارتی ٹیم مسلسل تیسری بار عالمی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ نیوزی لینڈ بھی لگاتار دوسرا سیمی فائنل کھیل رہا ہے۔

    ٹاس جیتنے کے بعد کیوی کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے کوششش کریں گے اچھا کھیلیں۔

    بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم بھی بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، امید ہے پچ ایسی ہی رہے گی۔ اپنی صلاحیتوں کو بیک کر کے اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ مانچسٹر میں پہلے 2 اچھے میچز کھیل چکے ہیں۔

    ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوجانے کے بعد اب دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کی جنگ میں شامل 4 ٹیمیں ٹرافی حاصل کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔

    ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور میزبان ٹیم انگلینڈ کے درمیان 11 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ دونوں سیمی فائنلز کی فاتح ٹیمیں 14 جولائی کو فائنل کھیلیں گی۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں ویراٹ کوہلی (کپتان)، کے ایل راہول، روہت شرما، رشبھ پنت، مہندر سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، ہردیک پانڈیا، رویندر جڈیجا، بھونیشور کمار، یزویندر چاہل اور جسپریت بمرا شامل ہیں۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیمسن (کپتان)، مارٹن گپٹل، ہنری نکولس، راس ٹیلر، ٹام لیتھم، جیمز نیشام، کولن ڈی گرینڈ ہوم، مچل اسینٹنر، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

  • ورلڈ کپ میں کافی کچھ سیکھا کافی غلطیاں بھی کی ہیں: امام الحق، بابر اعظم

    ورلڈ کپ میں کافی کچھ سیکھا کافی غلطیاں بھی کی ہیں: امام الحق، بابر اعظم

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں بابر اعظم اور امام الحق کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں کافی کچھ سیکھا کافی غلطیاں بھی کی ہیں، بدقسمتی سے سیمی فائنل تک نہ پہنچ سکے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں بابر اعظم اور امام الحق نے پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میرا پہلا ورلڈ کپ تھا پہلے ہاف میں 2 میچ ہارے، سب نے اچھا پرفارم کیا۔ کافی کچھ سیکھا کافی غلطیاں بھی کی ہیں۔

    بابر اعظم نے کہا کہ ہم اپنا 100 فیصد دے رہے تھے، انگلینڈ کے ساتھ سیریز اچھی رہی تھی۔ وکٹ دیکھ کر پلان کرنا ہوتا ہے۔ کوچ کا فیصلہ ہوتا ہے کس کو کھلانا ہے کس کو نہیں۔ ’میرے خیال سے ورلڈ کپ انگلینڈ کو جیتنا چاہیئے، ہمیں نہیں پتہ بھارت جان کر ہارا ہے یا واقعی شکست ہوئی‘۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کے سینئرز نے کبھی شو نہیں کروایا کہ وہ سینئر ہیں، ہمیں کبھی سوچنے بھی نہیں دیا کسی نے کہ وہ سینئرز ہیں۔ 15 کھلاڑیوں میں سے کوئی ریلو کٹا نہیں تھا۔

    امام الحق کا کہنا تھا کہ تجربہ اچھا تھا، بدقسمتی سے سیمی فائنل تک نہ پہنچ سکے۔ انسان کافی غلطیوں سے سیکھتا ہے میں بھی سیکھوں گا۔ ٹیم میں رکھنا ہے یا نہیں یہ کام پاکستان کرکٹ بورڈ کا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم جس طرح کھیلنے گئے تھے باقی ٹیمیں بھی کھیلنے آئی تھیں، ہمارے بلے بازوں نے اچھی پرفارمنس کی کوشش کی۔ 9 میں سے 5 میچ جیتے، اپنی کارکردگی مزید بہتر کروں گا۔ سب کا احترام ہے کوشش کرتا ہوں فینز خوش رہیں۔

    امام الحق کا کہنا تھا کہ کوشش ہوتی ہے دورے پر سوشل میڈیا استعمال نہ کروں، ہماری بھی فیملی اور ذاتی زندگی ہے، تنقید کی ایک حد ہوتی ہے۔ ہر شخص پر نظر رکھیں گے تو پرفارم کرنا مشکل ہوتا ہے، تمام کھلاڑی محنت کرتے ہیں ہار کسی کو اچھی نہیں لگتی۔ ’پرفارمنس پر تنقید کریں مگر کسی کی ذاتیات میں نہ جائیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان کی ٹیم میں ورلڈ کلاس اسپنرز تھے، افغانستان نے میچ میں بھارت کو بھی ٹف ٹائم دیا۔ جس طرح عماد وسیم نے میچ جتوایا اس پر توجہ دینی چاہیئے، آسٹریلیا کے خلاف میچ میں میری وجہ سے شروع میں ناکامی ہوئی۔ بھارت سے ہار جائیں تو ہر چیز پر تنقید ہوتی ہے، ایسا کبھی نہیں ہو سکتا تنقید نہ ہو۔