Tag: کرکٹ

  • محمد حفیظ کے پاس 2 روز رہ گئے

    محمد حفیظ کے پاس 2 روز رہ گئے

    سرگودھا: پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ کے پاس ٹیم کو جوائن کرنے کے لیے صرف دو روز رہ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ کو ڈینگی سے صحت یاب ہو کر 8 اکتوبر تک ببل میں رپورٹ کرنا ہوگی، ان کے پاس جمعہ تک کا وقت ہے، بہ صورت دیگر انھیں ٹیم سے باہر کر دیا جائے گا۔

    محمد حفیظ اگر مکمل صحت یاب نہ ہو سکے تو ان کا ٹیم کے ساتھ سفر کرنا مشکل ہوگا، اور سلیکشن کمیٹی ان کی جگہ متبادل کھلاڑی کا اعلان کر سکتی ہے۔

    پی سی بی کی جانب سے گزشتہ روز کیے گئے بلڈ ٹیسٹ کی رپورٹ پر سلیکٹرز ان سے متعلق کوئی فیصلہ کریں گے، محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔

    پاکستانی ٹیم ون ڈے ورلڈکپ فائنل کھیلے گی، محمد حفیظ کی پیش گوئی

    تاہم حفیظ نے تین ہفتوں سے کرکٹ نہیں کھیلی، اور بدھ کو وہ قومی ٹی ٹوئنٹی کا میچ بھی نہیں کھیلیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حفیظ نے جمعہ تک لاہور ہوٹل کے ببل میں رپورٹ نہیں کی، تو کوئی اور کھلاڑی ٹیم کے ساتھ جائے گا، دوسری صورت میں انھیں متحدہ عرب امارات جا کر قرنطینہ مکمل کرنا ہوگا اور وہ 2 پریکٹس میچز بھی نہیں کھیل سکیں گے۔

    پی سی بی ترجمان کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قوانین کے تحت پاکستانی کرکٹرز کو جمعہ تک ببل میں داخل ہونا ہوگا، 8 اکتوبر کے بعد کوئی کھلاڑی ببل میں داخل ہونے کا مجاز نہیں ہوگا، ورنہ امارات میں اس کو قرنطینہ کی مدت گزارنا ہوگی۔

  • وسیم خان نے پی سی بی میں بہترین قیادت کا مظاہرہ کیا: رمیز راجہ

    وسیم خان نے پی سی بی میں بہترین قیادت کا مظاہرہ کیا: رمیز راجہ

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ اپنے دور میں وسیم خان نے پی سی بی میں بہترین قیادت کا مظاہرہ کیا۔

    رمیز راجہ نے چیف ایگزیکٹو پی سی بی کے عہدے سے وسیم خان کے مستعفی ہونے پر کہا کہ بہترین قیادت پر پی سی بی وسیم خان کا مشکور ہے، عالمی وبا کے دوران وسیم خان نے ایسے فیصلے کیے جس سے کرکٹ متاثر نہیں ہوئی۔

    رمیز راجہ نے کہا وسیم خان کے کیریئر اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

    وسیم خان نے مستعفی ہونے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے وابستگی پر انھیں فخر ہے، چارج سنبھالا تو اولین ذمہ داری بورڈ کا مثبت تشخص اجاگر کرنا تھا، جس کے لیے ہم نے جامع اور منظم حکمت عملی کے تحت فیصلے کیے، جس سے امیج بہترا ہوا۔

    سی ای او پی سی بی وسیم خان عہدے سے مستعفی ہوگئے

    انھوں نے کہا ہم نے جو اقدامات اٹھائے، ہمیں امید ہے کہ ان سے بین الاقوامی کرکٹ کے انعقاد پر مفید اثرات ہوں گے، میری اور ٹیم کی 5 سالہ حکمت عملی کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے، پی ایس ایل کے پاکستان میں انعقاد پر بھی بہت مطمئن ہوں۔

    وسیم خان نے کہا میرے لیے آگے بڑھنے اور اپنی فیملی سے دوبارہ ملنے کا یہی بہترین وقت ہے، پی سی بی کے اسٹاف اور کمرشل پارٹنرز کے ساتھ کام پر بہت خوش ہوں، تمام ملازمین، پاکستان مینز، ویمنز کرکٹرز اور تمام فینز کا شکر گزار ہوں۔

    واضح رہے کہ آج وسیم خان نے بطور چیف ایگزیکٹو پی سی بی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جسے پی سی بی نے منظور کر لیا ہے، بورڈ کا کہنا ہے کہ پی سی بی بورڈ آف گورنرز نے وسیم خان کا استعفیٰ منظور کیا۔ خیال رہے کہ

    وسیم خان نے یہ عہدہ یکم فروری 2019 کو 3 سال کے لیے سنبھالا تھا۔

  • انگلینڈ بورڈ کا فیصلہ بزدلانہ ہے، کھلاڑیوں اور بھارت سے ڈر کر کیا گیا: برطانوی مصنف

    انگلینڈ بورڈ کا فیصلہ بزدلانہ ہے، کھلاڑیوں اور بھارت سے ڈر کر کیا گیا: برطانوی مصنف

    لندن: برطانیہ کے ایک مصنف پیٹر اوبورن نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا فیصلہ بزدلانہ قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ بورڈ نے دورۂ پاکستان کی منسوخی کا فیصلہ انگلش کھلاڑیوں اور بھارت سے ڈر کر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے مصنف پیٹر اوبورن نے انگلش بورڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیا، انھوں نے کہا کہ جس بنیاد پر دورۂ پاکستان منسوخ کیا گیا وہ انتہائی تشویش کی بات ہے۔

    پیٹر اوبورن نے کہا کہ انگلینڈ بورڈ نے دورہ منسوخی کا فیصلہ بزدلانہ اور کھلاڑیوں اور بھارت سے ڈر کر کیا ہے، بالخصوص اس فیصلے میں آئی پی ایل کا بھی کردار ہے، پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات وہی تھے جو شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کے لیے کیے گئے تھے، پاکستان میں انگلش ہائی کمیشن سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن تھا۔

    برطانوی مصنف نے اسکائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان کی کرکٹ کے لیے نہیں یہ فیصلہ پوری دنیا کے لیے ایک دھچکا ہے، پاکستان کی ٹیم دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ہے، انگلینڈ نے بظاہر یہ فیصلہ سیکیورٹی بنیاد پر نہیں کیا۔

    مصنف اوبورن نے فیصلے کا پول کھولتے ہوئے کہا کہ انگلش بورڈ کی سیکیورٹی ایڈوائس میں کوئی تبدیلی نہیں تھی، پریس ریلیز میں سیکیورٹی کا نہیں بلکہ کھلاڑیوں کے ذہنی دباؤ کا ذکر ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرونا وبا کے خطرناک وقت میں بھی برطانیہ آ کر کھیلا، پاکستان نے کرونا وبا میں آ کر برطانیہ پر احسان کیا تھا۔

  • نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے کینسل ہونے کی وجہ ’ابسلیوٹلی ناٹ‘ ہے: وفاقی وزیر اطلاعات

    نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے کینسل ہونے کی وجہ ’ابسلیوٹلی ناٹ‘ ہے: وفاقی وزیر اطلاعات

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے کینسل ہونے کی وجہ ’ابسلیوٹلی ناٹ‘ ہے۔

    فواد چوہدری کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دے رہے تھے، انھوں نے کہا اگر پاکستان نے سر اونچا رکھنا ہے اور ’ایبسلوٹلی ناٹ‘ کہیں گے تو پھر قیمت تو ادا کرنا پڑے گی، غیر ملکی ٹیموں کے نہ آنے پر وزیر داخلہ کے ساتھ تفصیلی بریف کریں گے۔

    انھوں نے کہا نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے کرکٹ سیریز ملتوی ہونے سے پی ٹی وی کو 25 کروڑ کا نقصان ہوا، تاہم ہم کرکٹ سیریز ملتوی ہونے پر سخت کارروائی کریں گے۔

    انگلینڈ اور نیوزی لینڈ معروف غیر ملکی کالم نگاروں کے نشانے پر

    واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم سیریز کے لیے پاکستان میں موجود تھی، 17 ستمبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا ون ڈے کھیلنے کی تمام تیاریاں مکمل تھیں جب اچانک نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر سیریز منسوخی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان سے جانے کا فیصلہ کر لیا۔

    بعد میں نیوزی لینڈ کے میڈیا نے دعویٰ کیا کہ نیوزی لینڈ کی حکومت کو پاکستان میں کرکٹ ٹیم کے خلاف تھریٹ کی اطلاع فائیوآئیز کی جانب سے دی گئی تھی۔

    اس کے بعد خدشے کے عین مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اپنی ٹیمیں پاکستان بھیجنے سے معذرت کر لی، انگلینڈ کی مینز ٹیم کو 13، 14 اکتوبر کو 2 ٹی ٹوینٹی کھیلنا تھے، جب کہ خواتین ٹیم نے 2 ٹی ٹوینٹی اور 3 ون ڈے میچز پاکستان میں کھیلنا تھے۔

  • انگلینڈ اور نیوزی لینڈ معروف غیر ملکی کالم نگاروں کے نشانے پر

    انگلینڈ اور نیوزی لینڈ معروف غیر ملکی کالم نگاروں کے نشانے پر

    کراچی: پاکستان کے ساتھ سیریز اور دورے کی منسوخی پر انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے معروف غیر ملکی کالم نگاروں کے نشانے پر آ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے کالمسٹس نے پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے پر اپنے ہی ممالک کے کرکٹ بورڈز کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    کرکٹ کے کالم نگاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان صحیح ہے، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے غلط کیا، کالم نگاروں نے کرکٹ بورڈز کے دہرے معیار کو بھی نشانہ بنایا۔

    کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو پر کالم نگار جارج ڈوبیل نے لکھا کہ انگلش کرکٹ بورڈ منافقت اور دہرے معیار سے تیزی سے اپنے دوستوں کو کھو سکتا ہے۔

    انھوں نے لکھا کہ 2017 میں چیمپئنز ٹرافی شروع ہونے کے فوری بعد برطانیہ میں ٹرک سے عام لوگوں کو جان بوجھ کر کچلنے کا واقعہ پیش آیا لیکن پاکستان اور بھارت کا میچ شیڈول کے مطابق ہوا، کوئی ٹیم واپس نہیں گئی اور ایونٹ مکمل ہوا۔

    جارج ڈوبیل نے لکھا کہ اگر زندگی لیسٹر اور لندن میں ضروری ہے تو لاہور اور لاڑکانہ میں بھی اتنی ہی اہم ہے۔

    ادھر نیوزی لینڈ کے معروف کالمنسٹ مارک ریزن نے بھی کیوی بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیا، انھوں نے لکھا کہ کیوی بورڈ نے اچھے ٹور کا بیڑا غرق کر دیا، پاکستان کا غصہ جائز ہے۔

    انھوں نے لکھا تمام معاملے میں غلطی ڈیوڈ وائٹ کی ہے، پاکستانی وزیر اعظم یقین دہانیوں کو رد کرنے پر خوش نہیں ہوں گے، عمران خان نے کیوی ہم منصب سے بات کر کے کوئی غلطی نہیں کی، یہ عالمی سطح پر ہونے والا ایک واقعہ ہے۔

  • ‘انگلینڈ کے پاکستان آنے سے انکار نے پھر مایوس کر دیا’ قومی کھلاڑیوں کا ردِ عمل

    ‘انگلینڈ کے پاکستان آنے سے انکار نے پھر مایوس کر دیا’ قومی کھلاڑیوں کا ردِ عمل

    کراچی: انگلینڈ کی جانب سے دورۂ پاکستان کی منسوخی پر قومی ٹیم کے کھلاڑی سخت غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں، وہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے فیصلے پر اپنے جذبات کے اظہار کے ساتھ ساتھ نئے عزم کے ساتھ ابھرنے کا حوصلہ بھی بیدار کر رہے ہیں۔

    بابر اعظم نے دورۂ انگلینڈ منسوخ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ میں کہا کہ ہم نے ہمیشہ کھیل کے مفادات کو مدنظر رکھنے کی کوشش کی ہے، لیکن دوسرے ایسا نہیں کرتے۔ بابر اعظم نے کہا ہم نے کرکٹ کی بحالی میں ایک لمبا سفر طے کیا ہے، یہ وقت گزرنے کے ساتھ مزید بہتر ہوگا، ہم نہ صرف مقابلہ کریں گے بلکہ کامیاب بھی ہوں گے، ان شاء اللہ۔

    سابق کپتان شعیب ملک نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے یہ افسوس ناک خبر ہے، لیکن ہمیں مضبوط رہنا ہوگا، ہم دوبارہ واپس آئیں گے ۔

    نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ یہ ایک انتہائی افسوس ناک خبر ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے بھی دورہ ختم کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ کاش دنیا پاکستان کے لوگوں کا کرکٹ کے لیے جذبہ اور محبت دیکھ سکے ، ہم آگے بڑھتے رہیں گے، پاکستان زندہ باد۔

    آل راؤنڈر شاداب خان نے لکھا میرے پاس بالکل الفاظ نہیں ہیں، کبھی نہ بھولیں کہ پاکستان کرکٹ زندہ رہے گی، یہ نہ صرف زندہ رہے گی بلکہ پھلے پھولے گی، پاکستان اور پاکستان کے لوگ کرکٹ کو بہت پسند کرتے ہیں۔

    کامران اکمل نے لکھا کہ انگلش کرکٹ بورڈ کا فیصلہ انتہائی مایوس کُن ہے، لیکن یہ سب نیوزی لینڈ کا کِیا دھرا ہے، جس کے نتائج آج ہم بھگت رہے ہیں۔

    فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ورلڈ کپ جیتنے کا وقت ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ پی ایس ایل کا سب سے بڑا سیزن پاکستان میں ہو۔

  • پاک نیوزی لینڈ سیریز پر کوئی انٹیلیجنس رپورٹ شیئر نہیں کی: برطانوی ہائی کمیشن

    پاک نیوزی لینڈ سیریز پر کوئی انٹیلیجنس رپورٹ شیئر نہیں کی: برطانوی ہائی کمیشن

    اسلام آباد: برطانوی ہائی کمیشن نے ایک بیان جاری کیا ہے کہ پاک نیوزی لینڈ سیریز پر ان کی جانب سے کوئی انٹیلیجنس رپورٹ شیئر نہیں کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز کی اچانک منسوخی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان صورت حال عجیب ہو گئی، یہاں تک کے اعلیٰ سطح پر رابطے بھی کیے گئے جب وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعظم نیوزی لینڈ سے فون پر اس سلسلے میں بات کی۔

    ادھر یہ افواہ بھی پھیلی کہ برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے نیوزی لینڈ کے ساتھ کوئی انٹیلیجنس رپورٹ شیئر کی گئی تھی جس پر حکومت نیوزی لینڈ نے سیریز کی فوری منسوخی کا فیصلہ کیا، تاہم برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی خبروں کی ہم سختی سے تردید کرتے ہیں، ہائی کمیشن نے کوئی انٹیلیجنس رپورٹ شیئر نہیں کی۔

    پاک نیوزی لینڈ سیریز : عمران خان کا نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے رابطہ

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان سے رابطے میں نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے احتیاطی طور پر نیوزی لینڈ ٹیم کا دورہ ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی۔

    اس رابطے کے بعد جیسنڈا آرڈرن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم کی سیکیورٹی ان کی اوّلین ترجیح ہے، وزیر اعظم عمران خان سے بات ہوئی ہے، عمران خان کا نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا خیال رکھنے پر شکریہ ادا کیا۔

    انھوں نے کہا مجھے اندازہ ہے کہ کھیل کو اس طرح ختم کرنا شائقین کے لیے کتنا مایوس کن ہے، لیکن نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔

  • بورڈ کے متوقع چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات کیسی رہی؟ کپتان نے بتا دیا

    بورڈ کے متوقع چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات کیسی رہی؟ کپتان نے بتا دیا

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پی سی بی کے نئے متوقع چیئرمین رمیز راجہ سے ان کی ملاقات مثبت رہی۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ رمیز راجہ سے ملاقات خاصی مثبت رہی، انھوں نے اپنی سوچ اور حکمت عملی سے ہمیں آگاہ کیا۔

    نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم پاکستان آتی تو بہت اچھی تیاری ہوتی، اب جو بھی ٹیم یہاں آ رہی ہے اس کے ساتھ بھرپور کرکٹ کھیلیں گے، امید ہے آئندہ برس نیوزی لینڈ کی مکمل ٹیم پاکستان آئے گی۔

    قومی ٹیم کے لیے کھلاڑیوں کے اعلان پر انھوں نے کہا کہ ابھی ون ڈے ٹیم کا اعلان ہوا ہے، ٹی 20 کے لیے بیٹھیں گے تو معاملات کا جائزہ لیں گے، مڈل آرڈر میں مسائل ہیں اور ان کے حل کے لیے سوچ بچار رہے ہیں، جو لڑکے ٹیم میں واپس آئے ہیں ان کے پاس خود کو منوانے کا موقع ہے۔

    نیوزی لینڈ کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان

    بابر اعظم نے کہا اچھی کارکردگی کے باوجود تنقید کو انجوائے کرتے ہیں، کوشش ہوتی ہے کہ تنقید کو سنیں ہی نہیں، بلکہ اپنی کارکردگی پر توجہ دیں۔

    سرفراز احمد کو ڈراپ کرنے سے متعلق ایک سوال پر کپتان قومی ٹیم نے کہا کہ اس سلسلے میں چیف سلیکٹر محمد وسیم وضاحت دے چکے ہیں۔

    ورلڈ ٹی 20 سے متعلق بابر اعظم نے کہا کہ بھارت کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پُر عزم ہیں، بھارتی ٹیم کافی عرصے سے ٹی 20 کرکٹ سے دور ہے، کوشش ہوگی کہ ورلڈ ٹی 20 میں بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کریں۔

  • نیوزی لینڈ کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان

    نیوزی لینڈ کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان

    لاہور: نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹیم کا اعلان ہو گیا، 20 رکنی قومی اسکواڈ کی قیادت بابر اعظم کریں گے۔

    حارث سہیل، سلمان آغا، سرفراز احمد اور صہیب مقصود ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے، جب کہ افتخار احمد اور خوشدل شاہ کی ون ڈے اسکواڈ میں واپسی ہو گئی ہے۔

    زاہد محمود، شاہنواز دھانی، محمد وسیم جونیئر اور محمد حارث کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان، عبداللہ شفیق، امام الحق، حارث رؤف، حسن علی، فخر زمان، فہیم اشرف اور محمد رضوان شامل ہیں۔

    محمد حسنین، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، سعود شکیل، شاہین آفریدی، عثمان قادر اور زاہد محمود بھی قومی اسکواڈ کا حصہ بنائے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ کیوی ٹیم کو رواں ماہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کےلیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے، دورے میں تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔

    بنگہ دیش میں سیریز کے اختتام پر ہماری توجہ دورہ پاکستان پر ہوگی، کیوی کپتان

    کیوی ٹیم کی چارٹرڈ فلائٹ سے 11 ستمبر کو پاکستان آمد متوقع ہے، واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا یہ 18 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

  • سیکیورٹی نے اس ’بھارتی کھلاڑی‘ کو پکڑ کر پچ سے کیوں نکالا؟ (ویڈیو دیکھیں)

    سیکیورٹی نے اس ’بھارتی کھلاڑی‘ کو پکڑ کر پچ سے کیوں نکالا؟ (ویڈیو دیکھیں)

    دوران میچ پچ میں‌ کھلاڑی کے روپ میں‌ اچانک گھسنے کے لیے مشہور شائق نے ایک بار پھر سیکورٹی کی دوڑیں لگوا دیں۔

    جمعے کو انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں یو ٹیوبر ڈینئل جاروِس ایک بار پھر پچ میں گھس گیا، اس بار وہ بیٹمسین کے روپ میں تھا۔

    گزشتہ روز 27 اگست کو انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان ہیڈنگلے میں تیسرا ٹیسٹ میچ جاری تھا، کہ اچانک جاروِس عرف جاروو انڈین بیٹسمین کی وردی میں اچانک اس طرح نمودار ہو گیا جیسے بیٹنگ کے لیے آ رہا ہو۔

    عین اسی وقت انڈین بلے باز روہیت شرما آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ رہا تھا، جاروو بڑے مزے سے بلے باز کے لباس میں بلا اٹھائے آیا اور پچ کے درمیان تک پہنچ گیا۔

    سب سمجھ رہے تھے کہ نیا بیٹسمین کھیلنے آیا ہے، لیکن جب سیکیورٹی معاملہ سمجھ گئی تو اس کی طرف دوڑ کر اسے پکڑا اور گراؤنڈ سے باہر نکالنے لگے، لیکن جاروو زور لگا کر انھیں قائل کرنے لگا کہ وہ بھارتی بلے باز ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی یہ شخص لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن میچ کے دوران پچ میں گھس آیا تھا، اس وقت بھی اس نے ٹیم انڈیا کی جرسی پہنی ہوئی تھی جس پر لکھا تھا Jarvo69، وہ اطمینان سے چلتا ہوا آیا اور فیلڈ میں تبدیلیوں کے احکامات دینے لگا۔

    سیکیورٹی ٹیم کو اسے سمجھنے میں کافی دیر لگی، وہ یہی سمجھ رہے تھے کہ یہ بھی ٹیم کا کھلاڑی ہے، تاہم جیسے ہی پتا چلا انھوں نے اسے پکڑ کر نکال باہر کر دیا۔