Tag: کرکٹ

  • پی ایس ایل 6 کے کمنٹری پینل میں کون کون شامل ہے؟

    پی ایس ایل 6 کے کمنٹری پینل میں کون کون شامل ہے؟

    لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 6 کے لیے کمنٹری پینل تیار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کے لیے 10 رکنی کمنٹری پینل منتخب کر لیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پینل میں 9 کمنٹیٹرز اور ایک پریزینٹر شامل ہے۔

    ذرائع کے مطابق سابق انگلش کپتان اور مشہور کمنٹیٹر ڈیوڈ گاور بھی پینل میں شامل کیے گئے ہیں، اس پینل میں پاکستان سے رمیز راجہ، بازید خان، ثنا میر، عروج ممتاز، طارق سعید اور سکندر بخت کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    جنوبی افریقا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر جے پی ڈومنی بھی کمنٹری پینل میں شامل ہیں، زمبابوے کے پومی بنگوا بھی پینل کا حصہ ہوں گے، جب کہ زینب عباس کو بطور پریزینٹر کمنٹری پینل میں شامل کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میچز میں پہلی بار یو اے ای سے اردو کمنٹری بھی ہوگی۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کے لیے کھلاڑیوں کی ابوظبی روانگی ایک دن آگے بڑھا دی گئی ہے، ذرائع کا کہنا تھا کہ کچھ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ویزوں کے اجرا میں تاخیر ہوئی، جس کی وجہ سے تمام کھلاڑی اور آفیشلز مائیکرو سیکیور ببل میں ایک دن مزید رہیں گے۔

    اب تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کی ویزا کنفرمیشن کے بعد ہی روانگی ممکن ہوگی، پاکستان میں موجود کھلاڑی اور آفیشلز اب جمعرات کو ابوظبی روانہ ہوں گے۔

    سیزن 6 میں شرکت کے لیے بھارت سے ابوظبی سفر کرنے والے تمام 25 افراد کو ویزے جاری کر دیے گئے ہیں، جن میں جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف شامل ہے۔

  • بیٹسمین کا جان لیوا شاٹ، گیند بولر کے سر پر جا لگی (کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

    بیٹسمین کا جان لیوا شاٹ، گیند بولر کے سر پر جا لگی (کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

    اترپردیش: بھارت کے شہر غازی آباد میں ایک میچ کے دوران بلے باز نے گیند کو ہٹ کیا تو گیند 120 میل فی گھنٹہ رفتار سے سیدھی جا کر بولر کے سر پر لگی، اور وہ اگلے ہی لمحے وہیں پر ڈھیر ہو گئے۔

    اس واقعے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے، گیند جیسے ہی بولر کو لگی اور وہ زمین پر بے حس و حرکت ہو کر گر گئے، تو لوگ یہی سمجھے کہ وہ مر گیا ہے، لیکن 120 میل فی گھنٹہ رفتار کی گیند سر پر ٹکرانے کے بعد بھی وہ خوش قسمت نکلے۔

    ویڈیو میں بیٹسمین کو سیدھی ڈرائیو کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے، پھر گیند بولر کے سر سے ٹکرائی اور وہ زمین پر گر گئے۔ وکٹ کیپر اور دوسرے کھلاڑی دوڑتے ہوئے ان کے پاس آئے، اکثر نے یہی سمجھا کہ وہ مر چکا ہے، کیوں ایسے جان لیوا واقعات پہلے بھی رونما ہو چکے ہیں، تاہم بولر صرف بے ہوش ہو کر گر گئے تھے، اور ان کے دائیں کان کی لو گہری سرخ تھی، جہاں گیند لگی تھی۔

    یہ واقعہ 3 اپریل کو بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر غازی آباد میں واقع VVIP کرکٹ اکیڈمی میں پیش آیا، بولر کو فوراً قریبی اسپتال لے جایا گیا، ابھی ڈاکٹر ان کا جائزہ لے رہے تھے کہ انھیں خود ہی ہوش آ گیا، لیکن تب تک ان کی موت کی افواہیں بھی گردش کرنے لگ گئی تھیں، جس پر انھیں اپنے زندہ ہونے کا ایک ویڈیو پیغام دینا پڑا۔

    کھلاڑی، جس کا نام معلوم نہیں ہو سکا، نے پیغام میں کہا ’میں مرا نہیں، زندہ ہوں۔‘ انھوں نے مزید کہا یہ افواہ گردش کر رہی تھی کہ میں موقع ہی پر مر گیا تھا لیکن یہ درست نہیں، میں بس کچھ وقت کے لیے بے ہوش ہو گیا تھا، میں اب ٹھیک ہوں اور سر میں تھوڑا سا درد اور چکر ہیں، تاہم میں جلد ہی دوبارہ کھیلنے آؤں گا۔

    یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ بولر کی سماعت کو نقصان پہنچا ہوگا لیکن ڈاکٹرز نے کہا کہ وہ بہت خوش قسمت ہے کیوں کہ اسے کوئی ایسا نقصان نہیں پہنچا۔

    یاد رہے کہ نومبر 2014 میں آسٹریلوی کرکٹر 25 سالہ فلپ ہفس بیٹنگ کے دوران گردن پر گیند لگنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔

  • سعودی عرب میں بھی اب کرکٹ کھیلی جائے گی

    سعودی عرب میں بھی اب کرکٹ کھیلی جائے گی

    ریاض: سعودی عرب میں بھی اب کرکٹ کھیلی جائے گی، مختلف ممالک کے سفیروں نے سعودی حکومت کے اس منصوبے پر اظہار مسرت کیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے سفارت کاروں نے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کی جانب سے ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے شروع کیے گئے پروگراموں پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

    گزشتہ ہفتے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن (ایس اے سی ایف) کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشال ال سعود نے ایک انٹرویو میں سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے بڑے منصوبوں کا اعلان کیا تھا اور اس حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا ذکر بھی کیا تھا، جن سے کمیونٹی، کلب اور عالمی سطح پر مقامی شہریوں اور غیر ملکی تارکین وطن کی اس کھیل میں شرکت بڑھے گی۔

    سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے سرکاری، نیم سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے ساتھ متعدد معاہدے اور ایم او یوز پر دستخط کیے ہیں۔ ان میں کھیل کے حوالے سے آگاہی پھیلانے، پورے ملک میں کرکٹ کی سہولیات میں اضافے اور اسکول پروگراموں کے ذریعے سعودی نوجوانوں کو کھیل سے متعارف کروانے کے منصوبے شامل ہیں۔

    کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں کمیونٹی کی سطح پر کرکٹ نہایت مقبول ہے اور پاکستان، سری لنکا اور برطانیہ کے سفارت کاروں اور دیگر شخصیات نے مشغولیت بڑھانے اور مختلف قومیتوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے کے نئے منصوبوں کی حمایت کی ہے۔

    سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز نے اس حوالے سے بتایا کہ صرف ایک سال میں ایس اے سی ایف کی اتنی ترقی خوشی کی بات ہے۔ میں ذاتی طور پر بہت خوش ہوں کہ کرکٹ سعودی معاشرے میں جڑیں پکڑ رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی واقعی کھیل کے بارے میں جذباتی ہیں اور سعودی عرب میں کرکٹ کی سرگرمیوں کا آغاز محبت بھرے سلوک سے کم نہیں ہے، امید ہے کہ ایس اے سی ایف کے چیئرمین کے وژن پر کامیابی کے ساتھ عمل ہوگا۔ ان کا سنہ 2021 میں ٹورنامنٹس کے انعقاد کا شیڈول متاثر کن ہے۔

    ان مقابلوں میں نیشنل کرکٹ چیمپئن شپ بھی شامل ہے، جو 11 شہروں میں کھیلی جاتی ہے اور چار پروگراموں کا حصہ ہے، جس پر ایس اے سی ایف نے سعودی سپورٹس فار آل فیڈریشن کے ساتھ دستخط کیے تھے۔ فروری 2021 میں منعقد ہونے والا یہ سعودی عرب کی تاریخ کا سب سے بڑا کرکٹ ٹورنامنٹ ہے۔

    برطانیہ کے سفیر برائے سعودی عرب نیل کرومپٹن نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایک کرکٹ فین کی حیثیت سے میں دوسروں کو کھیلتا دیکھ کر ہمیشہ خوش ہوتا ہوں۔

    سعودی عرب میں ہونے والی ان تبدیلیوں کا خیر مقدم کرنے والوں میں کرکٹر عبدالقادر خان بھی شامل ہیں، وہ اس وقت ریاض کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے کھیل رہے ہیں اور سعودی عرب کی جونیئر اور سینیئر دونوں سطحوں پر نمائندگی کر چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اب سعودی عرب میں کرکٹ کو حکومتی سرپرستی حاصل ہو گئی ہے۔ اب یہاں کرکٹ تیزی سے پھیلے گی۔

  • دورہ جنوبی افریقا کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں ایک تبدیلی

    دورہ جنوبی افریقا کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں ایک تبدیلی

    لاہور: جنوبی افریقا کے دورے کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے اسپورٹنگ اسٹاف کے ایک ممبر کرونا میں مبتلا ہو گئے ہیں، جس کی وجہ سے ممبر کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسکواڈ کے ویڈیو اینالسٹ طلحہ بٹ دورہ جنوبی افریقا سے باہر ہو گئے ہیں، ان کی جگہ عثمان ہاشمی بطور ویڈیو اینالسٹ پاکستان ٹیم کے ساتھ جائیں گے۔

    عثمان ہاشمی نے قومی اسکواڈ کو جوائن کر لیا ہے، واضح رہے کہ طلحہ بٹ کا دیگر اسٹاف کے ہمراہ کیمپ کے انعقاد سے قبل کرونا ٹیسٹ ہوا تھا، جس میں ان کا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔

    قومی کرکٹ ٹیم کی دوسری کرونا ٹیسٹنگ کا نتیجہ کیا رہا؟

    یاد رہے کہ فاسٹ بولر حسن علی کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے، ان کا ٹیسٹ پہلی کرونا ٹیسٹنگ کے دوران مثبت آیا تھا۔

    آج پی سی بی نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ دوسری ٹیسٹنگ میں قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں، اس لیے کھلاڑیوں کی ٹریننگ شیڈول کے مطابق ہوگی۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز میں 2 سے 16 اپریل تک 3 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

  • کرکٹ میچ کے دوران کھلاڑی جان کی بازی ہار گیا

    کرکٹ میچ کے دوران کھلاڑی جان کی بازی ہار گیا

    نئی دہلی: بھارت میں مقامی سطح پر کھیلے جانے والے ایک میچ کے دوران 27 سالہ کرکٹر جان کی بازی ہار گیا، کھلاڑی گیند لینے کے لیے جھکا تو گر گیا اور دوبارہ نہ اٹھ سکا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق افسوسناک واقعہ ریاست حیدر آباد میں پیش آیا، 27 سالہ للت کمار ساکن بینک کا ملازم تھا اور اکثر مقامی سطح پر کھیلے جانے والے کرکٹ میچز میں حصہ لیا کرتا تھا۔

    اتوار کے روز کرکٹ گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلتے وقت وہ گیند کو پکڑنے کے لیے جھکا تو نیچے گر گیا اور دوبارہ نہیں اٹھا۔

    دیگر کھلاڑیوں نے اسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، وہاں پر ڈاکٹروں نے اس کا معائنہ کیا اور مردہ قرار دے دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کردیا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل اڑیسہ میں بھی اسی نوعیت کا واقعہ پیش آچکا ہے جب دوران میچ 18 سالہ کرکٹر دل کا دورہ پڑنے سے زندگی کی بازی ہار گیا۔

    ستیا جیت پردھان نمای کرکٹر کو اس وقت دل کا دورہ پڑا جب وہ نان اسٹرائیک اینڈ سے سنگل رن لینے کے لیے بھاگے اور وکٹ کے درمیان میں پہنچ کر گرگئے۔

    ستیا جیت کو فوری طور پر مقامی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ ڈاکٹرز کے مطابق کرکٹ کی موت اچانک دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔

  • پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی گرفت مضبوط

    پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی گرفت مضبوط

    راولپنڈی: پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے روز کا کھیل ختم ہو گیا، جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 4 وکٹ پر 106رنز بنا لیے۔

    تفصیلات کے مطابق پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی گرفت مضبوط ہو گئی ہے، قومی کھلاڑیوں نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی۔

    خراب روشنی کے باعث کھیل مقررہ وقت سے 10 منٹ قبل ختم کیا گیا، حسن علی 2، نعمان علی اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، جنوبی افریقا کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 166 رنز درکار ہیں۔

    قبل ازیں، پنڈی ٹیسٹ میں فہیم اشرف نے ٹیم کی لاج رکھ لی، دوسرے روز پہلے سیشن میں 4 وکٹیں گرنے کے بعد فہیم اشرف نے نصف سنچری بنا لی، فہیم اشرف نے ناٹ آؤٹ 78 رنز بنائے، قومی ٹیم پہلی اننگز میں 272 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

    دوسرے روز جنوبی افریقی بولرز نے آغاز اچھا دیا، بابر اسکور میں اضافہ کیے بغیر 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، فواد 45 رنز بنا کر بد قسمت رہے، پہلے سیشن میں چار وکٹیں گریں لیکن فہیم اشرف چٹان بنے رہے۔

    تاہم دوسرے سیشن میں ٹیل اینڈرز زیادہ مزاحمت نہ کر سکے، وکٹیں وقفے وقفے سےگرتی رہیں اور پوری ٹیم 272 رنز پر آؤٹ ہو گئی، فہیم اشرف 78 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، جنوبی افریقا کی جانب سے انریخ نارکیا نے 5 اور کیشو مہاراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

    فہیم اشرف نے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ بلے بازی میں اسکور کرنا میرے لیے بونس ہے، جب میرے نصیب میں ٹیسٹ سنچری ہوگی تو اسکور کر لوں گا، راولپنڈی میں جتنی وکٹ ٹو وکٹ گیند بازی کریں اتنا اچھا ہے۔

  • وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا کرکٹ کے فروغ کے لیے بڑا قدم

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا کرکٹ کے فروغ کے لیے بڑا قدم

    اٹک: معاون خصوصی موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کھیل کے میدان میں بھی متحرک ہو گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک امین اسلم نے اپنے انتخابی حلقے میں کھیل کے نئے میدان بنانا شروع کر دیے، انھوں نے ضلع اٹک میں 10 نئے کرکٹ گراؤنڈ بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    ملک امین اسلم نے آج تحصیل حضرو کے علاقے چیچیاں میں کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح کیا، اس موقع پر انھوں نے کہا کرکٹ گراؤنڈز کلین گرین پاکستان ویژن کے تحت بنائے جائیں گے۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے گراؤنڈ کے افتتاح کے موقع پر نوجوانوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی اور میچ بھی دیکھا، انھوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کو بہت جلد دورہ اٹک کی بھی دعوت دیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔

    واضح رہے کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے خیبر پختون خوا حکومت نے بھی ایک سال قبل بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 40 کروڑ کے منصوبوں کی منظوری دی تھی، منصوبے کے تحت چترال میں 15 پولوگراؤنڈز پر 12 کروڑ سے زائد خرچ کیے جائیں گے، مردان میں اسپورٹس سٹی کی فزیبلٹی اسٹڈی پر 2 کروڑ کی منظوری دی گئی تھی۔

  • نئے سال کا شیڈول، انضمام کی اہم تجویز سامنے آ گئی

    نئے سال کا شیڈول، انضمام کی اہم تجویز سامنے آ گئی

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے ایک طرف 2021 کے پاکستانی شیڈول پر تنقید کی ہے تو دوسری طرف ایک اہم تجویز بھی دے دی ہے، جس پر اگر عمل ہو تو نہ صرف ٹیم کے لیے بلکہ کرکٹ کے شائقین کے لیے خوش آئند ثابت ہوگی۔

    اپنے یو ٹیوٹ چینل پر لیجنڈ بیٹسمین انضمام الحق نے نئے سال کے لیے پاکستانی شیڈول پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال جنوبی افریقا نے پاکستان آنا ہے، مختلف ممالک کے خلاف شیڈول سیریز میں 2 ٹیسٹ میچز رکھے گئے ہیں یا محدود اوورز کی ایک سیریز، میں ایسے ٹور کو سیریز نہیں کہتا۔

    ماضی کے شان دار بلے باز کا کہنا تھا کہ ان کا ماننا ہے کہ سیریز میں تینوں فارمیٹ ہوں اور کم سے کم 3 میچز کی سیریز ہو، پاکستان کے شیڈول میں کہیں 3 ٹیسٹ نہیں ہیں، یہ اچھی بات نہیں۔

    انضمام الحق نے یاد دلایا کہ 1992 ورلڈ کپ کے بعد ہم نے انگلینڈ کا 136 دن کا دورہ کیا تھا، 5 ون ڈے، 5 ٹیسٹ اور انگلینڈ میں 13 کاؤنٹی میچز کھیلے گئے تھے، اس کے علاوہ پریکٹس میچز، ون ڈے اور 2 روزہ میچز بھی تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اتنی مصروفیات میں کھلاڑیوں کو گروم ہونے کا موقع ملا، اس ٹیم میں کئی نئے لڑکے بھی تھے، اس دورے سے وہ سیٹ ہوگئے، لیکن نئے سال میں پاکستانی مصروفیات میں مجھے ایسا نہیں لگتا، اب دیکھیں کہ جنوبی افریقا 2 ٹیسٹ، 3 ٹی 20 میچز کھیلے گا، پھر پاکستان نے جنوبی افریقا کا دورہ کرنا ہے، وہاں بھی محدود اوورز کی سیریز ہوگی۔

    انضمام نے کہا کہ رواں برس ایشیا کپ ہے، پی ایس ایل ہے لیکن پاکستان نے جنوبی افریقا جانا ہے، انگلینڈ نے یہاں آنا ہے، پھر ویسٹ انڈیز سے سیریز ہے، نیوزی لینڈ نے پاکستان آنا ہے، پاکستان نے بنگلہ دیش جانا ہے، ورلڈ ٹی 20 بھی ہے لیکن کسی باہمی سیریز میں تینوں فارمیٹ نہیں ہیں اور یہ اچھی بات نہیں ہے۔

    انضمام نے تجویز دی کہ اگرچہ کرونا کی وجہ سے کافی مسائل ہیں لیکن میں پھر بھی تجویز دوں گا کہ تینوں فارمیٹ کی مکمل سیریز ہوں، ٹیسٹ میچز 3 ہوں تاکہ پلیئرز گروم ہو سکیں۔

  • نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز میں پاکستان کا ریکارڈ؟

    نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز میں پاکستان کا ریکارڈ؟

    کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے جانے والے اب تک کے تمام ٹیسٹ میچز میں پاکستان ٹیم کا ریکارڈ حریف کے مقابل بہتر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 58 ٹیسٹ میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں پاکستان نے 25 جب کہ نیوزی لینڈ نے صرف 12 میچز جیتے، دونوں ٹیموں کے درمیان 21 ٹیسٹ میچز ڈرا ہوئے۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ نیوزی لینڈ میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچز میں پاکستان نے سبقت حاصل کر رکھی ہے، نیوزی لینڈ کے اندر اب تک 31 ٹیسٹ میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان نے 10 میں کامیابی حاصل کی جب کہ نیوزی لینڈ نے 7 میچز جیتے اور 14 میچز کا فیصلہ نہ ہو سکا۔

    نیوزی لینڈ میں دونوں ٹیموں کے درمیان 13 سیریز ہو چکی ہیں، جن میں پاکستان نے 7 میں کامیابی حاصل کی اور نیوزی لینڈ صرف 2 سیریز ہی جیت سکا۔

    قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے

    پاکستان کو نیوزی لینڈ میں پہلی بار کسی سیریز میں 1984-85 میں شکست ہوئی تھی، یہ دنیا کے مایہ ناز بولر وسیم اکرم کی ڈیبیو سیریز بھی تھی، تاہم پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ اور پہلی ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

    نیوزی لینڈ میں پاکستان کی جیتی ہوئی آخری سیریز 2011 میں مصباح الحق کی قیادت میں کھیلی گئی تھی، تاہم 2 سال قبل یو اے ای میں کھیلی گئی اپنی ہوم سیریز میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں دو ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    واضح رہے کہ ‏پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے کھیلا جائے گا۔

  • آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے

    آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے

    آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ایک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں فیلڈنگ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر زخمی ہوگئے جس کے بعد انہیں سیریز کے بقیہ میچز سے باہر ہونا پڑا ہے۔

    آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر زخمی ہونے کی وجہ سے ایڈیلیڈ میں 17 دسمبر سے بھارت کے خلاف شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

    انہیں پوری فٹنس حاصل کرنے میں ابھی مزید 10 دنوں کا وقفہ درکار ہے جس کے بعد وہ 26 دسمبر سے میلبورن میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کھیل سکیں گے۔

    وارنر فی الحال خصوصی علاج کے لیے سڈنی میں رہیں گے جبکہ ٹیم کے بقیہ کھلاڑی ایڈیلیڈ روانہ ہو جائیں گے۔

    وارنر کا کہنا ہے کہ میں تیزی سے صحت یاب ہورہا ہوں اور علاج کے لیے مجھے سڈنی میں ہی رکنا بہتر ہوگا، میں چوٹ سے کافی حد تک نجات حاصل کرچکا ہوں لیکن ٹیسٹ میچ میں 100 فیصد کارکردگی دینے کے لیے ابھی بھی مجھے ذہنی طور پر خود کو تیار کرنا باقی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فٹنس ثابت کرنے کے لیے مجھے وکٹوں کے بیچ دوڑ لگانا اور فیلڈنگ کرنی ہوگی، میں ابھی اپنی فٹنس کے تعلق سے پوری طرح مطمئن نہیں ہوں اور مجھے مکمل طور پر صحت یاب ہونے میں ابھی مزید 10 دن لگیں گے۔

    آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کوچ جسٹن لنگر کا کہنا ہے کہ انہیں وارنر کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ تک پوری طرح فٹ ہونے کی توقع ہے، انہوں نے کہا کہ وارنر جس مقام پر ہیں اس کے لیے انہوں نے کافی جدوجہد کی ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ میلبرن ٹیسٹ کے لیے پوری طرح فٹ ہوں گے۔