Tag: کرکٹ

  • فردوس عاشق اعوان کی گیند پرگورنر پنجاب بولڈ ہوگئے

    فردوس عاشق اعوان کی گیند پرگورنر پنجاب بولڈ ہوگئے

    لاہور: گورنر پنجاب اور فردوس عاشق اعوان کی ٹیموں میں آج ایک کرکٹ میچ کھیلا گیا جس میں ڈاکٹر فردوس عاشق کی گیند پرگورنر پنجاب بولڈ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج کھیل کے میدان میں ایک دل چسپ منظر اس وقت دکھائی دیا جب وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ایک گیند پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو بولڈ کر دیا۔

    میچ پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جا رہا تھا، جب کہ دونوں ٹیمیں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے بچوں پر مشتمل تھیں۔

    یاد رہے کہ 17 نومبر کو کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان پی ایس ایل فائیو کے فائنل میچ کے موقع پر فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کیا تھا کہ کراچی اور لاہور دونوں شہر ان کے دل کے قریب ہیں، فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کے لیے نیک خواہشات ہیں اور اُمید ہے آج دل چسپ فائنل دیکھنے کو ملے گا۔

    بعد ازاں انھوں نے پی ایس ایل5 کی فاتح کراچی کنگز اور ان کی منیجمنٹ کو جیت پر مبارک باد کا ٹویٹ کیا، انھوں نے یہ بھی لکھا کہ لاہور قلندرز کی کارکردگی اس سیزن میں متاثر کن رہی۔

    فردوس عاشق نے کراچی کنگز کی جیت کو پاکستان کی جیت قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ کرونا کے مشکل وقت میں PSL5 کو تکمیل تک پہنچانے میں PCB کی کاوشیں قابلِ تعریف ہیں، انھوں نے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے پاکستان آنے پر ان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

  • نیوزی لینڈ کے نوجوان کرکٹر کو کینسر لاحق

    نیوزی لینڈ کے نوجوان کرکٹر کو کینسر لاحق

    ولنگٹن: نیوزی لینڈ کے ایک نوجوان کرکٹر کو کینسر لاحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک کرکٹر اینڈریو ہیزلڈائن خون کے کینسر کا شکار ہوگئے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کنٹربری کے 26 سالہ فرسٹ کلاس کرکٹر اینڈریو ہیزلڈائن نے کینسر کی تشخیص کے بعد تمام طرز کی کرکٹ سے بریک لے لیا ہے۔

    فاسٹ بولر اینڈریو کا علاج جاری ہے، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 2021 تک وہ کرکٹ کے میدانوں میں واپس آنے کے قابل ہو جائیں گے۔

    واضح رہے کہ ڈومیسٹک کرکٹر اینڈریو ہیزلڈائن نے اپنا فرسٹ کلاس میچ 2018 کھیلا تھا، کنٹربری کرکٹ کے عہدے دار مارٹی کرو کا کہنا ہے کہ اینڈریو کے لیے فطری طور پر یہ ایک پریشان کن صورت حال ہے، ہماری ہمدردیاں ان کے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

    بنگلہ دیشی کرکٹر کے لیے سیکورٹی گارڈ

    ادھر بنگلادیش کے مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن کو قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد سیکورٹی فراہم کی گئی ہے۔ حال ہی میں پریکٹس سیشن کے دوران گراؤنڈ میں مسلح گارڈ شکیب الحسن کے ہمراہ دیکھا گیا۔

    یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی ملکی پلیئر کو مسلح گارڈ فراہم کیا گیا ہو تاہم غیر ملکی پلیئزر، آفیشلز اور دیگر آئی سی سی حکام کو سیکورٹی گارڈز مہیا کیے جاتے رہے ہیں۔ بی سی بی نے مسلح گارڈ کی تعیناتی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شکیب الحسن کو سوشل میڈیا پر جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے پر انھیں مسلح گارڈ فراہم کیا گیا ہے۔

  • پی ایس ایل 5: کراچی کنگز، سلطانز کو ہرا کر فائنل میں جانے کے لیے پُر عزم

    پی ایس ایل 5: کراچی کنگز، سلطانز کو ہرا کر فائنل میں جانے کے لیے پُر عزم

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے پلے آف مرحلے کا آج سے آغاز ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ایل فائیو کا 8 ماہ بعد آج سے دوبارہ آغاز ہو رہا ہے، یہ ایونٹ کرونا وائرس کی عالمگیر وبا کے باعث ملتوی ہوگیا تھا، پی ایس ایل فائیو کے پلے آف مرحلے کے لیے چاروں ٹیموں نے پریکٹس میچز کےذریعے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔

    آج پہلے کوالیفائر میں سہ پہر 3 بجے کراچی کنگز اور ملتان سلطانز میں زور کا جوڑ پڑے گا، کوالیفائر جیتنے والی ٹیم فائنل میں جائے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم ایک اور قسمت آزمائے گی، شام ساڑھے 7 بجے ایلیمنیٹر ون میں لاہور قلندر اور پشاور زلمی ٹکرائیں گے۔

    کرونا وائرس کے باعث شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت نہیں، ٹیمیں بائیو سیکیورببل میں ہوٹل اور اسٹیڈیم میں رہیں گی، طبی امداد کے لیے موبائل اسپتال بھی اسٹیڈیم میں بنا دیاگیا ہے۔

    پی ایس ایل فائیو میں کراچی کنگز کو ملتان سلطانز پر برتری حاصل ہے، ایونٹ میں دونوں ٹیمیں 7 ویں بار مدِ مقابل آ رہی ہیں۔ مجموعی طور پر دونوں ٹیمیں 6 بار آمنے سامنے آئی ہیں، جس میں کراچی کنگز نے 3 میچز میں سلطانز کو شکست دی، جب کہ 2 میچز بغیر نتیجے کے ختم ہوئے، اور صرف ایک میچ سلطانز کے نام رہا۔

    پی ایس ایل فائیو سے متعلق اہم معلومات

    کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کوالیفائر میں سلطانز کے خلاف جیت کے لیے پُرعزم ہیں، ویڈیو کانفرنس میں انھوں نے کہا ہم ملتان سلطانز کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائیں گے، کراچی اور لاہور کا فائنل ہو جائے تو مزہ آ جائےگا، ٹائٹل جیت کر ڈین جونز کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہتے ہیں۔

    کراچی کنگز کے بہترین بلے بازوں میں ایلکس ہیلز، چیڈوک والٹن، بابر اعظم، کیمرون ڈیل پورٹ، شرجیل خان شامل ہیں اور اگر ملتان سلطانز کی بولنگ اٹیک کی بات کی جائے تو عمران طاہر، سہیل تنویر، محمد عرفان اور شاہد خان آفریدی میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    کوالیفائرز جیتنے والی ٹیم براہ راست فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم کو ایلیمنیٹر ٹو تک انتظار کرنا پڑے گا، آج شامل ایلیمنیٹر ون میں لاہور قلندرز اور سابق چیمپیئن پشاور زلمی کی ٹیمیں مد مقابل آئیں گی۔ اس میچ کی فاتح ٹیم کو کوالیفائرز کی شکست خوردہ ٹیم کا سامنا کرنا پڑے گا تب جا کر دوسری فائنلسٹ کا فیصلہ ہوگا۔ میگا ایونٹ کا فائنل مقابلہ 17 نومبر کو شیڈول ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے اہم مرحلے میں کراچی کنگز بہترین کوچ ڈین جونز کی خدمات سے محروم ہوگا، ڈین جونز 24 ستمبر کو ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔ کراچی کنگز کے کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ وہ ڈین جونز کی کمی شدت سے محسوس کریں گے۔

    ڈین جونز کی جگہ کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، سلطانز کے خلاف اہم میچ سے قبل وسیم اکرم نے کھلاڑیوں کو ٹپس بھی دی ہیں۔

  • کرونا قوانین کی خلاف ورزی، ویسٹ انڈین ٹیم کو سزا مل گئی

    کرونا قوانین کی خلاف ورزی، ویسٹ انڈین ٹیم کو سزا مل گئی

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کو کرونا قوانین کی خلاف ورزی پر سزا مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے دورے پر آئی ہوئی ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کو کھانا کھانے کے دوران کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی مہنگی پڑ گئی۔

    نیوزی لینڈ کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم کے لیے پریکٹس کی اجازت ختم کر دی گئی ہے، کھلاڑیوں نے کھانا کھانے کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کی۔

    ہیلتھ منسٹری کا کہنا تھا کہ اب ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کو دوبارہ آئسولیشن میں جانا پڑے گا، جہاں ان کے دوبارہ ٹیسٹ ہوں گے، کرونا ٹیسٹ کے بعد کھلاڑیوں کو پریکٹس کی اجازت ملے گی۔

    مارلن سیمیولز کا تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 27 نومبر کو آکلینڈ میں شیڈول ہے، تاہم اس سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیاگیا۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچز کی سیریز کا دوسرا میچ 29 نومبر جب کہ آخری میچ 30 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز مارلن سیمیولز نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔

  • آپ کے پسندیدہ کھلاڑی اب پولیو کی اہمیت اجاگر کریں گے

    آپ کے پسندیدہ کھلاڑی اب پولیو کی اہمیت اجاگر کریں گے

    اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ اور قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے درمیان ایک اہم معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی اور قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر پولیو ویکسی نیشن کی اہمیت اجاگر کرنے کی آگہی مہم پر مشترکہ کام کریں گے۔

    اس سلسلے میں ایک معاہدے پر دستخط کے بعد اب کھلاڑی پولیو ویکسین کی اہمیت اجا گر کریں گے۔

    کوآرڈینیٹر آپریشنز سینٹر ڈاکٹر رانا صفدر کا کہنا تھا کہ کرکٹرز پاکستانی بچوں اور نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہیں، قومی ہیروز ملک سے پولیو کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

    ملک سے پولیو کے خاتمے کا مشن، لیجنڈ کرکٹر بھی میدان میں آگئے

    پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کا کہنا تھا کہ پولیو کے خلاف آگہی بڑھانے کی یہ مہم بہت اہم ہے تاکہ لوگ ویکسین لینے کی طرف راغب ہوں، ہمیں اپنے بچوں کو پولیو سے بچانے کے لیے ہر قدم اٹھانا چاہیے۔

    انھوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ پولیو کے خاتمے کے پلیٹ فارم کے ساتھ مل کر کرکٹر پولیو کے خلاف آگہی بڑھا سکتے ہیں، ہمارے کھلاڑی قومی سفیر ہیں، ان کی آواز سنی جاتی ہے، اس لیے پولیو کے خاتمے کے لیے ان کی آواز استعمال کرنا اور مل کر کام کرنا بہت اہم ہے۔

  • عثمان قادر کی گگلی پر سکندر رضا کی وکٹ (ویڈیو دیکھیں)

    عثمان قادر کی گگلی پر سکندر رضا کی وکٹ (ویڈیو دیکھیں)

    راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر عثمان قادر کا کہنا ہے کہ انھوں نے زمبابوے کے بلے باز سکندر رضا کو اپنی ایک گگلی پر آؤٹ کر کے بہت لطف لیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کی شان دار فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگ اسپنر عثمان قادر نے کہا میں آج اپنی پرفارمنس پر خوش ہوں، گگلی پر سکندر رضا کی وکٹ لے کر بہت انجوائے کیا۔

    واضح رہے کہ عثمان قادر ماضی کے قومی ٹیم کے مایہ ناز لیجنڈ لیگ اسپنر عبدالقادر مرحوم کے صاحب زادے ہیں، انھوں نے زمبابوے کے خلاف ٹی 20 میں ڈیبیو کیا تھا۔

    عثمان قادر نے کہا کیریئر کے پہلے میچ میں کھلاڑی نروس ہوتا ہے، تاہم منیجمنٹ نے دوسرے میچ میں مجھے اعتماد دیا، منیجمنٹ نے پہلے میچ کے بعد میری غلطیوں کی نشان دہی کی، اس لیے دوسرے میچ میں بہتری نظر آئی۔

    پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر ٹی 20 سیریز جیت لی

    یاد رہے کہ 7 نومبر کو زمبابوے کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میچ میں عثمان قادر نے ایک ہی وکٹ لی تھی، جب کہ دوسرے ٹی ٹوینٹی میں انھوں نے چار اوورز میں 23 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

    دوسرے میچ میں عثمان قادر نے ویزلے مدھیور کو 24 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا تھا، سکندر رضا ان کی گگلی پر محض 7 رنز پر کلین بولڈ ہو گئے تھے، جب ایلٹن چگمبورا کو 18 رنز پر عثمان قادر کی گیند پر محمد رضوان نے اسٹمپ کر دیا تھا۔

  • پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ٹی 20 آج کھیلا جائے گا

    پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ٹی 20 آج کھیلا جائے گا

    راولپنڈی: پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی آج راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ٹی 20 آج سہ پہر ساڑھے 3 بجے کھیلا جا رہا ہے، ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نےگزشتہ روز زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

    ون ڈے سیریز اور اب پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان ٹیم کی شان دار کارکردگی کے پیش نظر اس میچ میں بھی پاکستان کو جیت کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

    کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ جیت سے ٹیم اور کھلاڑی کو اعتماد ملتا ہے، ہم نے مس فیلڈنگ کی اور کیچز بھی چھوڑے، ہمیں فیلڈنگ میں بہتری کی ضرورت ہے۔

    پہلا ٹی 20، پاکستان نے زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

    انھوں نے کہا کوشش ہے لڑکوں کو اعتماد دے کر ورلڈ کپ کے لیے تیار کریں۔

    خیال رہے کہ زمبابوے کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں وکٹ کیپر محمد رضوان نے ایک شان دار کیچ بھی لیا تھا، وہاب ریاض کی گیند پر کیچ اچھلا، گیند رضوان سے دور تھی، لیکن چیتے کی طرح چھلانگ لگا کر رضوان نے سکندر رضا کا کیچ دبوچ لیا، اس کیچ کی ویڈیو بھی وائرل ہو گئی ہے۔

    اسٹار بلے باز بابر اعظم کی جانب سے بھی ٹی ٹوئنٹی میں ٹاپ فارم جاری ہے، پہلے ٹی 20 میچ میں 82 رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ بابر نے رواں سال ٹی ٹوئنٹی میں 1 ہزار رنز مکمل کر لیے ہیں، بابر مسلسل 2 سال میں ایک ہزار رنز بنانے والے پاکستان کے پہلے کھلاڑی ہیں، بابر نےگزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی میں 1607 رنز بنائے تھے۔

  • زمبابوے نے سپر اوور میں‌ پاکستان کو شکست دے دی

    زمبابوے نے سپر اوور میں‌ پاکستان کو شکست دے دی

    راولپنڈی: زمبابوے نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے دی، پاکستان نے سپر اوور میں زمبابوے کو 3 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جانے والا تیسرا ون ڈے میچ زمبابوے نے سپر اوور میں جیت لیا،، پاکستان کی جانب سے سپر اوور شاہین آفریدی نے کیا ، زمبابوے نے تین رنز کا ہدف تین بالز پر حاصل کرلیا، اس سے قبل زمبابوین فاسٹ بولر مزرابانی نے سپر اوور کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

    قومی ٹیم نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔

    پاکستان کی جانب سے سپر اوور میں بیٹنگ کے لیے آنے والے افتخار احمد پہلی گیند پر پویلین لوٹ گئے جبکہ فخر زمان بھی صرف ایک رن بناسکے۔

    اس سے قبل قومی ٹیم نے زمبابوے کی جانب سے دیا جانے والا 279 رنز کا ہدف برابر کردیا تھا، قومی ٹیم کو ایک گیند پر پانچ رنز درکار تھے، محمد موسیٰ نے چوکا لگا کر میچ برابر کیا۔

    کپتان بابر اعظم نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے  125 رنز کی اننگز کھیلی، وہاب ریاض نے بھی کیریئر کی چوتھی نصف سنچری اسکور کی، وہاب نے 52 رنز بنائے۔

    اس سے قبل آدھی ٹیم 88 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی، خوشدل شاہ 33 رنز بنا کر نمایاں رہے، اوپنر فخر زمان اور امام الحق 4 اور 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    حیدر علی 13 اور محمد رضوان 10 رنز بناسکے، آل راؤنڈر افتخار احمد 18 رنز بنا کر چلتے بنے، شاہین شاہ آفریدی 2 رنز پر مزرابانی کا نشانہ بنے۔

    زمبابوے کی جانب سے مزرابانی نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ٹریپانو اور نگروا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    قبل ازیں زمبابوے نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے تھے، پہلی وکٹ کپتان چمو چی بھابھا کی صفر پر گری، جنھیں محمد حسنین کی گیند پر افتخار احمد نے کیچ آؤٹ کیا، جب کہ دوسری وکٹ کریگ ارون کی گری، انھوں نے 1 رنز بنایا، انھیں بھی محمد حسنین کی گیند پر رضوان نے کیچ آؤٹ کیا، تیسری وکٹ 22 رنز پرگری، بریان چری کو بھی محمد حسنین نے 9 رنز پر بولڈ کر دیا۔

    زمبابوے کی چوتھی وکٹ 106 رنز پر گری، بریان ٹیلر 56 رنز بنا کر محمد حسنین ہی کا شکار بنے، پانچواں کھلاڑی 181رنز پر آؤٹ ہوا، ویزلے مدھیور کو 33 رنز پر محمد حسنین نے کیچ اینڈ بولڈ کیا۔جب کہ آخری وکٹ سکندر رضا کی گری جنھیں 45 رنز پر وہاب ریاض نے بولڈ کر دیا۔ زمبابوے کی جانب سے شین ولیمز ناقابل شکست رہے اور انھوں نے سینچری اسکور کرتے ہوئے 13 چوکوں کی مدد سے 118 رنز بنائے۔

    رائٹ آرم فاسٹ بولر محمد حسنین نے زمبابوے کے خلاف شان دار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کر لیں، جب کہ وہاب ریاض نے ایک وکٹ لی۔

    واضح رہے قومی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں، عابد علی، عماد وسیم، حارث رؤف، اور فہیم اشرف کو ڈراپ کر دیا گیا ہے جب کہ محمد حسنین، فخر زمان، وہاب ریاض اور خوشدل شاہ اِن ہو گئے ہیں۔ آل راؤنڈر فہیم اشرف فوڈ پوائزننگ کا شکار ہو کر میچ سے باہر ہوگئے ہیں، خوشدل شاہ کو ون ڈے ڈیبیو پر ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کیپ پیش کی۔

    آج جنوبی افریقا کا چار رکنی سیکورٹی وفد نے بھی راولپنڈی اسٹیڈیم میں میچ دیکھا۔

    قبل ازیں، ٹاس جیت کر کپتان زمبابوے ٹیم چی بھابھا نے کہا کہ اوپنرز اگر اچھا آغاز دیں تو بڑا اسکور کر سکتے ہیں، کوشش کریں گے آج میچ جیتیں۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پچ اچھی ہے، ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنا چاہتے تھے۔

    پاکستانی اسکواڈ

  • کرکٹ جنوبی افریقا کے وفد نے سیکورٹی کو تسلی بخش قرار دے دیا

    کرکٹ جنوبی افریقا کے وفد نے سیکورٹی کو تسلی بخش قرار دے دیا

    راولپنڈی: کرکٹ جنوبی افریقا کے وفد نے سیکورٹی کو تسلی بخش قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ جنوبی افریقا کا 4 رکنی وفد راولپنڈی اسٹیڈیم میں موجود ہے، مہمان وفد پاکستان، زمبابوے کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ دیکھ رہا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ کرکٹ جنوبی افریقا کے وفد نے سیکورٹی کو تسلی بخش قرار دے دیا، 4 رکنی وفد زمبابوے ٹیم کو دی گئی سیکورٹی سے مطمئن ہے۔

    جنوبی افریقی وفد کراچی اور لاہور کی سیکورٹی کا جائزہ بھی لے گا، وفد کی قیادت کرکٹ جنوبی افریقا کے آپریشنز منیجر موکاش گیجر کر رہے ہیں، پی سی بی ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان بھی وفد کے ہمراہ اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔

    وفد کے دیگر اراکین اسٹیفن گریک، محمد زونید اور روری اسٹین بھی اس وقت راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاک زمبابوے میچ دیکھ رہے ہیں، دوسری طرف چار رکنی وفد نے پاکستانی کھانوں کی بھی بڑی تعریف کی ہے۔

    یاد رہے کہ کرکٹ جنوبی افریقا کا وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچا ہے، جو ملک میں جنوبی افریقی ٹیم کے دورے کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لے رہا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ جنوبی افریقا کے درمیان سیریز کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔

    مشاہدے اور جائزے کے بعد یہ وفد اپنی رپورٹ کرکٹ جنوبی افریقا کو فراہم کرے گا، بعد ازاں دونوں ٹیموں کے درمیان ممکنہ سیریز کو حتمی شکل دی جائے گی۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم بھی آئندہ برس اپریل میں جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی۔

  • برینڈن ٹیلر کی وکٹ حاصل کر کے بہت خوشی ہوئی: افتخار احمد

    برینڈن ٹیلر کی وکٹ حاصل کر کے بہت خوشی ہوئی: افتخار احمد

    لاہور: آل راؤنڈر افتخار احمد زمبابوے کے ساتھ دوسرے ایک روزہ میچ میں 5 وکٹیں لینے پر نہایت خوش دکھائی دے رہے ہیں، انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انھیں برینڈن ٹیلر کی وکٹ حاصل کر کے بہت خوشی ہوئی۔

    افتخار احمد کا کہنا تھا کہ میں بیٹنگ آل راؤنڈر ہوں لیکن ڈومیسٹک میں کافی وکٹیں حاصل کیں، ڈومیسٹک میں پرفارمنس کی وجہ سے کپتان اور ٹیم مجھ پر اعتماد کرتے ہیں۔

    انھوں نے کہا عماد وسیم اچھے بولر ہیں لیکن ان کا دن نہیں تھا، اس لیے مجھے بولنگ ملی، برینڈن ٹیلر کی وکٹ حاصل کر کے مجھے بہت خوشی ہوئی۔

    گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے کہا تھا کہ افتخار احمد کو بولنگ اور بیٹنگ دونوں کر لینے کی وجہ سے کھلایا جاتا ہے، پاکستان کو مزید اچھے آل راؤنڈرز کی ضرورت ہے۔

    پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے، سیریز کا آخری میچ منگل (3 نومبر) کو کھیلا جائے گا۔

    زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو 207 رنز کا ہدف دیا تھا، بابر اعظم کی شان دار نصف سنچری کی بدولت قومی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 35.2 اوورز میں حاصل کر لیا، میچ میں 5 وکٹیں حاصل کرنے پر افتخار احمد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔