Tag: کرکٹ

  • پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

    پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

    راولپنڈی: پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی، افتخار احمد کو 5 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کی جانب سے دیا جانے والا 207 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی 35.2 اوورز میں حاصل کرلیا، کپتان بابر اعظم نے ناقابل شکست شاندار نصف سنچری اسکور کی۔

    پاکستان کی پہلی وکٹ 68 رنز پر گری، اوپنر عابد علی 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، امام الحق نے 61 گیندوں پر 49 رنز کی اننگز کھیلی، میچ میں ڈیبیو کرنے والے حیدر علی 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔

    وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان ایک رن پر سکندر رضا کا نشانہ بنے، بابر اعظم نے ناقابل شکست 77 رنز کی اننگز کھیلی۔

    زمبابوے کی جانب سے ٹی ایس سیزورو نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، سین ولیمز اور سکندر رضا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45.1 اوورز میں 206 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، سین ولیمز نے 75 رنز کی اننگز کھیلی، برینڈین ٹیلر 36 رنز بناسکے۔

    پاکستان کی جانب سے افتخار احمد نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد موسیٰ نے دو وکٹیں حاصل کیں، فاسٹ بولر حارث رؤف اور فہیم اشرف ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    پاکستانی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، حارث سہیل اور وہاب ریاض کو ڈراپ کر دیا گیا ہے، جب کہ ٹاپ آرڈر بیٹسمین حیدر علی اور فاسٹ بولر موسیٰ خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، دونوں کھلاڑی ایک روزہ میچ میں آج ڈیبیو کر رہے ہیں۔

    دوسری طرف مہمان ٹیم کی فائنل الیون برقرار ہے، زمبابوے ٹیم کے کپتان چمو چھبابا نے کہا کہ انھوں نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

    کپتان بابر اعظم نے میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زمبابوے کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے، یہ کوشش بھی کریں گے کہ پہلے میچ کی غلطیاں نہ دہرائیں۔

    پاکستانی اسکواڈ

    زمبابوے ٹیم

    بریان چری، چمو چھبابا (کپتان)، کریگ اِرون، برنڈن ٹیلر (وکٹ کیپر)، سین ولیمز، ویزلے مدھیور، سکندر رضا، ٹنڈائی چسورو، کارل ممبا، رچرڈ نگاراوا، بلیسنگ مضربانی

     

  • پاک زمبابوے سیریز: مہمان ٹیم شاہینوں کو ٹف ٹائم دینے کے لیے تیار

    پاک زمبابوے سیریز: مہمان ٹیم شاہینوں کو ٹف ٹائم دینے کے لیے تیار

    راولپنڈی: پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ون ڈے آج راولپنڈی میں کھیلا جائےگا، قومی ٹیم میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور زمبابوے ٹیموں کے درمیان پہلے ون ڈے میں سخت مقابلے کے بعد آج دوسرے معرکے کی بازی راولپنڈی میں کھیلی جائے گی، پہلے میچ میں شکست کے بعد مہمان ٹیم سیریز میں واپسی کے لیے شاہینوں کو ٹف ٹائم دے گی۔

    قومی ٹیم میں دوسرے میچ کے لیے تبدیلیاں کی گئی ہیں، انجرڈ حارث سہیل کی جگہ حیدر علی کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، یہ ان کا ڈیبیو میچ ہوگا، نائب کپتان شاداب خان بھی مکمل فٹ نہ ہو سکے، انھیں دوسرے میچ سے بھی باہر رکھا گیا ہے۔

    شاہین آفریدی کی تباہ کن باؤلنگ، پاکستان کا فاتحانہ آغاز، زمبابوے کو 26 رنز سے شکست

    پہلا میچ جیتنے کے بعد پاکستان یہ سیریز جیتنے کے لیے پر عزم ہے، ادھر زمبابوین ٹیم بھی سیریز میں کم بیک کے لیے جی جان لگائے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ دوپہر 12 بجے کھیلا جائےگا، پاکستان کو 3 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

    یاد رہے کہ 30 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں پاکستان نے شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن باؤلنگ کی وجہ سے زمبابوے کی ٹیم کو 26 رنز سے شکست دے دی تھی۔ پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔

    ٹیلر کے آؤٹ ہونے کے بعد زمبابوے کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک پاکستانی باؤلرز کا سامنا نہ کر سکا، اس دوران شاہین شاہ آفریدی نے بھی ان سوئنگ اور آؤٹ سوئنگ کر کے زمبابوے کے کھلاڑیوں کو خوب پریشان کیا، مہمان ٹیم صرف 255 رنز ہی بنا سکی تھی۔

  • پاکستان کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس سیزن کا آغاز

    پاکستان کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس سیزن کا آغاز

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پاکستان کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس سیزن قائد اعظم ٹرافی کے میچز کا آغاز ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس سیزن قائد اعظم ٹرافی کے میچز کا کراچی میں آغاز ہوگیا۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپیئن سینٹرل پنجاب اور سندھ کا مقابلہ جاری ہے۔

    سندھ نے ٹاس جیت کر سینٹرل پنجاب کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ سیزن کا انعقاد ایس او پیز کے تحت کیا جارہا ہے۔

    فرسٹ کلاس الیون میں کل 1 کروڑ 70 لاکھ کی انعامی رقم تقسیم ہوگی۔ فاتح ٹیم کو ایک کروڑ اور رنر اپ ٹیم کو 50 لاکھ روپے ملیں گے۔

    گزشتہ برس قائد اعظم ٹرافی کا فائنل سینٹرل پنجاب نے جیتا تھا۔ سینٹرل پنجاب نے ناردرن کو اننگز اور 16 رنز سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

    فائنل میچ میں عمر اکمل کو ڈبل سنچری اور بلال آصف کو 8 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

  • زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کرونا ٹیسٹ کے نتائج آ گئے

    زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کرونا ٹیسٹ کے نتائج آ گئے

    لاہور: زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کرونا ٹیسٹ کے نتائج آ گئے، تمام کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ منفی آ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر کرونا ٹیسٹ کیے گئے تھے جن کی رپورٹس آ گئیں، تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں جب کہ زمبابوے کے کوچز اور آفیشلز کے کرونا ٹیسٹ بھی منفی آئے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ کرونا ٹیسٹ کے بعد زمبابوے کے کھلاڑیوں نے آج پریکٹس کی، تاہم 27 تاریخ تک زمبابوے کے تمام کھلاڑی اور آفیشلز قرنطینہ میں رہیں گے۔

    28 اور 29 تاریخ کو زمبابوے کی ٹیم پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔

    زمبابوے کے خلاف ون ڈے، ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے 22 رکنی ٹیم کا اعلان

    دوسری طرف قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ آج ہوں گے، قومی کھلاڑیوں کے لیے ٹریننگ کیمپ 4 روز پر مشتمل ہوگا جس کے لیے پی سی بی نے کھلاڑیوں کو فیملیز بھی ساتھ رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے 30 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، دوسرا ون ڈے یکم نومبر جب کہ تیسرا اور آخری میچ 3 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

  • لنکا پریمیئر لیگ کے لیے پاکستان کے 8 مایہ ناز کھلاڑی منتخب

    لنکا پریمیئر لیگ کے لیے پاکستان کے 8 مایہ ناز کھلاڑی منتخب

    کولمبو: لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کے لیے پاکستان کے 8 مایہ ناز کھلاڑیوں کا انتخاب کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کو آن لائن لنکا پریمیئر لیگ ڈرافٹ میں شاہد خان آفریدی، سابق کپتان شعیب ملک، سرفراز احمد اور محمد عامر سمیت پاکستان کے آٹھ کھلاڑیوں کو چن لیا گیا۔

    یہ ڈرافٹ پہلے یکم اکتوبر کو ہونا تھا لیکن سری لنکا میں کرونا وائرس کی حالیہ لہر کے سبب تاخیر کا شکار ہو گیا۔ 21 نومبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے افتتاحی ایڈیشن کے لیے 5 فرنچائزز نے کرس گیل، آندرے رسل، فاف ڈو پلیسس اور ڈیوڈ ملر کو بھی منتخب کر لیا ہے۔

    کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کے ساتھ ٹیموں کے ناموں اور لوگوز کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے، جن میں جافنا اسٹالینز، گال گلیڈی ایٹرز، ڈمبولا ہاکس، کولمبو کنگز اور کینڈی ٹسکرز شامل ہیں۔

    گال گلیڈی ایٹرز کی ملکیت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس ہے، اور یہ ٹیم زیادہ تر پاکستانی کھلاڑیوں کی میزبان ہوگی، جن میں شاہد آفریدی، عامر، سرفراز اور نوجوان ٹیلنٹ اعظم خان شامل ہیں۔ آفریدی نے، جو 2016 میں انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑ چکے ہیں، ایل پی ایل کی ٹیم گال گلیڈی ایٹرز کے لیے گزشتہ ماہ اسٹار کھلاڑی کے طور پر دستخط کیے تھے۔

    شاہد آفریدی مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل

    گال کی کوچنگ سابق پاکستانی کپتان معین خان کریں گے اور لیجنڈری سوئنگ بالر وسیم اکرم ٹیم کے سرپرست کے فرائض سرانجام دیں گے۔

    ادھر جافنا اسٹالینز کی طرف کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑیوں میں شعیب ملک، عثمان شنواری اور آصف علی شامل ہیں۔ تجربہ کار فاسٹ بالر وہاب ریاض کینڈی ٹسکر کی ٹیم میں لیے گئے ہیں، جس میں کرس گیل، لیام پلنکٹ اور نوین الحق بھی شامل ہیں۔

    ہر ٹیم کے لیے مقامی آئیکون کھلاڑیوں میں تھیسارا پریرا (جافنا اسٹالینز)، لاستھ ملنگا (گال گلیڈی ایٹرز)، داسن شناکا (ڈمبولا ہاکس)، انجیلو میتھیوز (کولمبو کنگز) اور کوسل پریرا (کینڈی ٹسکرز) شامل ہیں۔

    ڈمبولا نے اپنی لائن اپ میں ڈیوڈ ملر، پال اسٹرلنگ اور آل راؤنڈ جوڑی کارلوس براتھویٹ اور سمت پٹیل کو شامل کر کے بیٹنگ لائن کو مضبوط بنا دیا ہے۔

    چوں کہ ہر ٹیم کو اس کے اسکواڈ میں کل 20 کھلاڑیوں کی اجازت ہے، اس لیے توقع ہے کہ یکم نومبر سے قبل کچھ اور غیر ملکی اسٹارز کو بھی شامل کیا جائے گا۔

    ڈرافٹ کے بعد مکمل دستے درج ذیل ہیں:

    جافنا اسٹالینز

    تھیسارا پریرا، ڈیوڈ ملن، ونندو ہسارانگا، شعیب ملک، عثمان شنواری، اوشکا فرنینڈو، دھننجیا ڈی سلوا، سورنگا لکمل، بینورا فرنینڈو، آصف علی، منود بھنوکا، چتورنگا ڈی سلوا، مہیش تھیکشانا، چرتھ اسالنکا، نووینیدو فرنانڈو، کننگا رتنم کپل راج، تھیویندرم ڈینوشن، یائکانت ییاسکنت۔

    گال گلیڈی ایٹرز

    لاستھ ملنگا، شاہد آفریدی، کولن انگرم، محمد عامر، حضرت اللہ زازئی، دنوشکا گناتیلاکا، بھنوکا راجپاکسا، اکیلا دننجایا، ملنڈا سری واردنہ، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، اعظم خان، لکشن سنداکن، شیہان جیاسوریہ، اشیتھا فرنینڈو، نووان تشارا، محمد شیراز، دھننجیا لکشن، چناکا روانسیری، سہان آراچی۔

    ڈمبولا ہاکس

    ڈاسن شناکا، ڈیوڈ ملر، کارلوس بارتھویٹ، سمت پٹیل، نروشن ڈیکویلا (وکٹ کیپر)، لاہیرو کمارا، اوشاڈا فرنینڈو، کسون رجیتھا، پال اسٹرلنگ، لاہیرو مدوشنکا، اُپل تھرنگا، انجیلو پریرا، رمیش مینڈس، پُلینا تھرنگا، اشن بنڈارا، دلشان مدوشنکا، سچندو کولمبیج۔

    کولمبو کنگز

    آندرے رسل، فاف ڈو پلیسس، اینجلو میتھیوز، من پریت سنگھ گونی، منویندر بِسلا، اسورو اُدانا، دنیش چندیمل، امیلا اپونسو، رویندرپال سنگھ، اشان پریانجن، دشمنتھا چمیرا، جیفری ونڈرسے، تھکشیلا ڈی سلوا، تریندو کوشل، لاہیرو اُڈارا، ہمیش رامنائک، کلانا پریرا، تھارندو رتنائک، نووڈ پیراناویتھانا۔

    کینڈی ٹسکرز

    کرس گیل، کوسل پریرا، لیام پلنکیٹ، وہاب ریاض، کوسل مینڈس، نووان پردیپ، سیکوجی پرسانا، اسیلا گناراتنے، نوین الحق، کمیندو مینڈس، دلروان پریرا، پریامل پریرا، کویشکا انجولا، لاستھ امبلڈینیا، لاہیرو سماراکون، نشان فرنینڈو، چامیکا اڈی ریسنگے، ایشان جیا رتنے۔

  • قومی ٹیم میں شاداب خان کو اہم ذمے داری تفویض

    قومی ٹیم میں شاداب خان کو اہم ذمے داری تفویض

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے آل راؤنڈر شاداب خان کو قومی ٹیم کا ئانب کپتان مقرر کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے زمبابوے سے ہوم سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ شاداب خان کو ایک روزہ میچز اور ٹی 20 میں قومی ٹیم کا ئانب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

    دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے شاداب خان 4 اکتوبر 1998 کو میانوالی میں پیدا ہوئے، سال 2017 میں آل راؤنڈر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈیبیو کیا تھا، شاداب خان پاکستان کی جانب سے 43 ایک روزہ اور 136 ٹی ٹوینٹی کھیل چکے ہیں، اس کے علاوہ وہ 6 ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔

    زمبابوے کے خلاف ون ڈے، ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے 22 رکنی ٹیم کا اعلان

    شاداب خان پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹیڈ کی کپتانی کے فرائض بھی سر انجام دے چکے ہیں۔

    ڈومیسٹک کرکٹ میں آل راؤنڈر سوئی نادرن کی نمائندگی کرتے ہیں، اس کے علاوہ بگ بیش لیگ میں وہ برسبین ہیٹ، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ڈھاکا پلاٹون کی نمائندگی کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے 22 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ بابر اعظم کو ون ڈے اور ٹی 20 ٹیموں کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے، سابق کپتان شعیب ملک، محمدعامر اور سرفراز کو آرام دیاگیا ہے، دوسری طرف نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بنانے والے عبداللہ شفیق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

  • زمبابوے کے خلاف ون ڈے، ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے 22 رکنی ٹیم کا اعلان

    زمبابوے کے خلاف ون ڈے، ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے 22 رکنی ٹیم کا اعلان

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے 22 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ نے زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔

    بابر اعظم کپتان اور شاداب خان نائب کپتان ہوں گے، سابق کپتان شعیب ملک، محمدعامر اور سرفراز کو آرام دیاگیا ہے،  دوسری طرف نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بنانے والے عبداللہ شفیق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    آل راونڈر فہیم اشرف کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، جب کہ ان فٹ نسیم شاہ کی جگہ موسیٰ خان کو موقع دیا گیا ہے۔ نوجوان وکٹ کیپر روحیل نذیر بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔Image

    عابد علی، امام الحق، فخر زمان، اور حارث سہیل بھی ٹیم کا حصہ بنائے گئے ہیں، عماد وسیم، شاداب خان اور عثمان قادر کے ساتھ ظفر گوہر اسپنرز ہوں گے۔

    اسکواڈ کے فاسٹ بولرز میں شاہین شاہ، حارث رؤف، حسنین، اور وہاب ریاض شامل ہیں۔ یاد رہے کہ پہلا ون ڈے 30 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

    دریں اثنا، نیوز کانفرنس میں ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ ون ڈے میچز میں کامیابی ہمارے لیے بہت ضروری ہے، ون ڈے کرکٹ آئی سی سی سپر لیگ کے لیے بھی ضروری ہے، ایک سال بعد ون ڈے کرکٹ کھیلنے جا رہے ہیں، اس لیے ون ڈے ٹیم میں زیادہ تجربات نہیں کر رہے۔

    انھوں نے کہا عبداللہ شفیق نے نیشنل ٹی 20 میں 10میچز میں 358 رنز بنائے، اس لیے انھیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، حیدر علی اور خوش دل جیسے کھلاڑیوں کو مزید مواقع دیں گے، شعیب ملک کو آرام کرایا گیا ہے، سرفراز احمد کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے دیکھ رہے ہیں۔

    ادھر پی سی بی نے کہا ہے کہ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ 21 اکتوبر کو لیے جائیں گے، کھلاڑی 5 روزہ آئسولیشن کے دوران قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گے۔

    پی سی کے مطابق قومی ٹیم کا اسکواڈ 26 اکتوبر کو راولپنڈی روانہ ہوگا، اور 4 روزہ پریکٹس کے دوران 2 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔

  • کرکٹ کے شائقین کے لیے بڑی خوش خبری

    کرکٹ کے شائقین کے لیے بڑی خوش خبری

    پشاور: خیبر پختون خوا کی وادی کالام میں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر ہوگا، جس میں 20 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے وادئ کالام میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کی منظوری دے دی، کالام کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر پر 60 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔

    صوبے کے محکمہ کھیل و سیاحت کا کہنا ہے کہ کالام اسٹیڈیم میں 20 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، جب کہ اس کی تعمیر کی لاگت کا اندازہ 607 ملین روپے لگایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ خیبر پختون خوا میں پی ٹی آئی حکومت دیگر منصوبوں پر بھی تیزی سے کام کر رہی ہے، صوبے میں اسکولوں کی تعمیر اور بحالی پروگرام SCRP کے تحت صوبے میں 4.5 ارب کی لاگت سے 128 اسکولوں کی اپ گریڈیشن جاری ہے۔

    اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 54 دوسرے میں 74 اسکولوں پر کام ہو رہا ہے، اس منصوبے پر 3.2 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔

    صوبے میں پن بجلی کے منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے، ان منصوبوں کی بر وقت تکمیل سے نہ صرف بجلی کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ مقامی صنعتوں کو رعایتی نرخوں پر بجلی کی فراہمی سے معاشی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ بھی ہوگا اور عوام کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

  • لیجنڈ کرکٹر کے بھائی کا گھر کے سامنے سفاکانہ قتل

    لیجنڈ کرکٹر کے بھائی کا گھر کے سامنے سفاکانہ قتل

    کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقا کے لیجنڈ بولر کے بھائی کو گھر کے باہر گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹر ورنن فلینڈر کے چھوٹے بھائی ٹائرون کو کیپ ٹاون میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے ۔

    ٹائرون فلینڈر کو بدھ کو ریونسمیڈ میں ان کے گھر سے چند میٹر کی دوری پر اس وقت گولی ماری گئی جب وہ ایک پڑوسی کو پانی دے رہے تھے، ورنن فلینڈر کے خاندان نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اس سفاکانہ قتل کی وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے، ٹائرون پر گولی بدھ کے روز لنچ کے وقت چلی تھی، اور اس واقعے کو قتل کا واقعہ مان کر ہی تفتیش کی جا رہی ہے، اس کیس میں کوئی گرفتاری بھی عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق فلینڈر کی ماں اور گھر کے دیگر افراد قریب ہی اپنے گھر کے آنگن میں بیٹھے تھے جب انھوں نے گولی چلنے کی آواز سنی، جب انھوں نے باہر نکل کر دیکھا تو ٹائرون زمین پر خون میں لت پت پڑا تھا۔

    یاد رہے کہ سابق جنوبی افریقی فاسٹ میڈیم بولر اور آل راؤنڈر ورنن فلینڈر 2015 میں بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں، ورنن نے 64 ٹیسٹ میچز میں 224 وکٹیں لیں، جب کہ ون ڈے میں 30 میچز میں انھوں نے 41 وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔

  • زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق اہم خبر

    زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق اہم خبر

    لاہور: زمبابوے کرکٹ کا 5 رکنی وفد انتظامات کا جائزہ لینے پاکستان آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق 5 رکنی وفد 10 سے 15 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ زمباوے کرکٹ کا یہ وفد پہلے مرحلے میں راولپنڈی اور پھر ملتان میں انتظامات کا جائزہ لےگا، ان دونوں وینیوز پر بائیو سیکورببل میں انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

    ذرایع کے مطابق زمبابوے کرکٹ نے بائیو سیکور پروٹوکولز پر پہلے ہی اظہار اطمینان کیا تھا، اس دورے کا مقصد انتظامات دیکھنا ہے، سیریز پہلے ہی یقینی قرار دی جا چکی ہے۔

    ذرایع نے بتایا کہ وفد ہوٹل اور گراؤنڈز میں بائیو سیکورببل کے انتظامات دیکھے گا، دورے میں پاکستان ٹیم کے اپریل میں دورہ زمبابوے پر بھی بات ہوگی، جب کہ وفد کے تمام اخراجات زمبابوے کرکٹ کی ذمہ داری ہے۔

    زمبابوے کے خلاف سیریز، مصباح الحق کی حکمت عملی کیا ہوگی؟

    واضح رہے کہ رواں مہینے اکتوبر اور نومبر میں زمبابوے کے ساتھ 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز اور ٹی 20 میچز ملتان اور راولپنڈی اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے، ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور 3 نومبر کو کھیلے جائیں گے، جس کے بعد 3 ٹی ٹوینٹی میچز 7، 8 اور 10 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

    زمبابوے اسکواڈ کے 2 کو وِڈ نائنٹین ٹیسٹ کیے جائیں گے، ایک ٹیسٹ ہرارے میں روانگی سے قبل 48 گھنٹوں کے دوران کیا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ اسلام آباد پہنچنے کے فوراً بعد کیا جائے گا۔