Tag: کرکٹ

  • کلب کرکٹ کے حوالے سے پی سی بی چیف ایگزیکٹو کا اہم بیان

    کلب کرکٹ کے حوالے سے پی سی بی چیف ایگزیکٹو کا اہم بیان

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ کلب کرکٹ پی سی بی کے لیے بہت ضروری ہے، ملک میں اپنے تمام کلبوں کو رجسٹرڈ کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے بیان میں کہا ہے کہ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن کرونا کی وجہ سے متاثر ہوئی تھی، اب تک 2 کرکٹ ایسوسی ایشنز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں دیگر بھی ہوں گی۔

    وسیم خان نے کہا کہ نئے قانون میں 6 ایسوسی ایشنز رکھی گئی ہیں، ہماری 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کلب کرکٹ کو چلائیں گے، پی سی بی کے لیے کلب کرکٹ بہت ضروری ہے، اس لیے تمام کلبز کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔

    انھوں نے انٹرنیشنل ٹیموں کے پاکستان دورے سے متعلق کہا کہ زمبابوے کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، جنوبی افریقہ کی ٹیم جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی، امید ہے ملک میں مزید کرکٹ بھی آئے گی، پاکستان ٹیم بھی نیوزی لینڈ جائے گی،جہاں 2 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

    پی ایس ایل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ابھی یہ کیس عدالت میں ہے اس لیے کیس کے حوالے سے ابھی بات نہیں کی جا سکتی، تاہم پی سی ایل میچز کے بعد دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی، مشکل حالات میں پاکستان کرکٹ بورڈ بہترین کام کر رہا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ کو وِڈ 19 کے بعد کرکٹ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے، مصباح الحق اور اظہر علی سے اگلے ہفتے ملاقات کروں گا۔

  • زمبابوے سیریز کے لیے کرکٹ اسٹیڈیمز کا اعلان

    زمبابوے سیریز کے لیے کرکٹ اسٹیڈیمز کا اعلان

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کر دی ہے کہ ملتان اور راولپنڈی کے کرکٹ اسٹیڈیمز زمبابوے کی میزبانی کریں گے۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ اکتوبر نومبر میں زمبابوے کے ساتھ تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز اور ٹی 20 میچز ملتان اور راولپنڈی اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔

    پی سی بی کی جانب سے یہ تصدیق زمبابوے حکومت کی جانب سے زمبابوے کے پاکستان دورے کی سرکاری تصدیق کے بعد آئی ہے۔ کرونا وبا کی وجہ سے یہ سیریز بند دروازوں کے پیچھے کھیلی جائے گی۔

    ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور 3 نومبر کو کھیلے جائیں گے، جس کے بعد 3 ٹی ٹوینٹی میچز 7، 8 اور 10 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

    دورہ پاکستان کیلیے زمبابوےکا تربیتی اسکواڈ کا اعلان

    زمبابوے کا اسکواڈ 32 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا جس میں دونوں طرز کے کھیلوں کے کھلاڑی شامل ہیں، انٹرا اسکواڈ وارم اپ میچز کے کھلاڑی بھی اس اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔

    پی سی بی کے بیان کے مطابق زمبابوے اسکواڈ کے 2 کو وِڈ نائنٹین ٹیسٹ کیے جائیں گے، ایک ٹیسٹ ہرارے میں روانگی سے قبل 48 گھنٹوں کے دوران کیا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ اسلام آباد پہنچنے کے فوراً بعد کیا جائے گا۔

    انٹرنیشل ٹیم کے اگلے ماہ پاکستان آنے کی تصدیق، شیڈول جاری

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور دیگر معاون عملے کے ٹیسٹ منفی آنے کے بعد وہ اپنی ٹریننگ شروع کر سکیں گے۔ وہ کھلاڑی اور عملہ جن کی رپورٹس مثبت آئیں گی، وہ ٹور کے دوران پانچ دن کے سیلف آئسولیشن میں رہیں گے، اور انھیں ٹیم کو جوائن کرنے کے لیے دو منفی ٹیسٹس کے بعد اجازت دی جائے گی۔

  • ڈومیسٹک کرکٹ: فرسٹ الیون ٹیموں کی دوسری کرونا ٹیسٹنگ رپورٹ جاری

    ڈومیسٹک کرکٹ: فرسٹ الیون ٹیموں کی دوسری کرونا ٹیسٹنگ رپورٹ جاری

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ فرسٹ الیون ٹیموں کی دوسری کرونا ٹیسٹنگ رپورٹ جاری کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے کہا ہے کہ 6 ٹیموں کے 102 کھلاڑیوں اور اسٹاف کا مسلسل دوسرا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے ہیڈ کوچ فیصل اقبال اور اسسٹنٹ ہیڈ کوچ وسیم حیدر نے کرونا پروٹوکول کی خلاف ورزی کی، جس پر دونوں کوچز کو مزید 5 روز سیلف آئسولیشن میں گزارنے ہوں گے۔

    پی سی بی نے کہا ہے کہ مذکورہ دونوں کوچز اس دوران ہونے والے 2 کو وِڈ 19 ٹیسٹس کی فیس بھی خود ادا کریں گے۔

    بتایا گیا ہے کہ کامران اکمل 24 ستمبر کو کیمپ جوائن کریں گے، کامران اکمل کا دوسرا کرونا ٹیسٹ 23 ستمبر کو ہوگا، 6 ٹیمیں آج سے ملتان کے بائیو سیکیورببل میں چلی جائیں گی، بائیو سیکیورببل میں کھلاڑیوں اور اسٹاف کو ملنے جلنے کی آزادی ہوگی۔

    پی سی بی رپورٹ کے مطابق اسکواڈز کل سے اپنی ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس کا آغاز کریں گے۔

    ڈومیسٹک کرکٹ‌‌ کے کورونا پروٹوکولز جاری

    یاد رہے کہ 15 ستمبر کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کے کرونا پروٹوکولز جاری کیے تھے، جس میں کہا گیا تھا کہ کھلاڑیوں کی تفریح کے لیے ایک کمرہ مختص ہوگا جہاں تمام سہولیات ہوں گی، بائیو سیکیور ببل توڑنے والے فرد کو 5 روز (میں 2 کو وِڈ 19 ٹیسٹ منفی آنے) تک سیلف آئسولیشن میں رہنا ہوگا۔

    پروٹوکولز کے مطابق کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف، میچ ریفریز، امپائرز، ڈیوٹی ڈاکٹرز، سیکورٹی منیجرز اور بس ڈرائیورز کو بائیو سیکیور ببل میں رہنا تھا، گراؤنڈ اسٹاف، وینیو منیجرز، اسکوررز اور دیگر عہدے داران کو بائیو سیکیور زون کی دوسری تہہ میں رکھا گیا تھا۔

  • دورہ انگلینڈ اہم تھا، سیریز میں نتائج توقع کے مطابق نہیں تھے: مصباح الحق

    دورہ انگلینڈ اہم تھا، سیریز میں نتائج توقع کے مطابق نہیں تھے: مصباح الحق

    لاہور: چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے کہا ہے کہ کرکٹ بحالی کے لیے انگلینڈ کا دورہ ضروری تھا، دورہ انگلینڈ میں بہت سی مثبت چیزیں سامنے آئیں، بہت سی بہتر چیزیں کر سکتے تھے اور کر سکتے ہیں، سیریز میں نتائج توقع کے مطابق نہیں تھے جس کا افسوس رہے گا۔

    ان خیالات کا اظہار آج ہیڈ کوچ اینڈ چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا، انھوں نے کہا انگلینڈ میں ہم درست راہ پر تھے، کو وِڈ 19 کے بعد دورہ انگلینڈ اہم تھا، ہمیں ٹیم کو طویل عرصے کے لیے مستحکم کرنے کی کوشش کرنی ہے، ہمیں ابھی مطلوبہ نتائج نہیں مل رہے لیکن طریقہ کار سے مطمئن ہوں۔

    انھوں نے کہا اس دورے کی وجہ سے توجہ ڈومیسٹک کرکٹ پر نہیں رہی تھی، اب توجہ دوں گا، ٹیم نیچے کی طرف آ رہی تھی، سب کو اندازہ ہے کہ ایسا کیوں ہوا، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ نئے لڑکوں کو درست سمت میں لے کر جائیں۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا ایک میچ کی بنیاد پر کسی کھلاڑی کے مستقبل کا فیصلہ نہیں ہوتا، سرفراز نے اچھی کیپنگ کی، سائیڈ میچز میں بھی پرفارم کیا، کیپنگ میں نمبر وَن انتخاب رضوان اور دوسرا سرفراز ہے، ہماری کوشش رہتی ہے کہ بابر اعظم کو پورا اختیار دیں، جتنی جلدی ہم اپنے فیصلوں سے سیکھتے ہیں کسی اور چیز سے نہیں سیکھتے۔

    پاکستان نے انگلینڈ‌ کو شکست دے دی، سیریز 1-1 سے برابر

    چیف سلیکٹر نے کہا ٹیم کی ضرورت کے مطابق تبدیلی کر رہے ہیں، کسی ایک شخص کی بات نہیں، جو ٹیم کمبی نیشن میں فٹ ہوگا وہی کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہوگا، غلطیاں تجربے کار کپتان بھی کرتے ہیں، بابر ابھی سیکھ رہا ہے، محمد حفیظ اور شعیب ملک اچھی بیٹنگ کر رہے ہیں، 11 ویں نمبر کے کھلاڑی کو بھی بیٹنگ پریکٹس کرنی ہے، نسیم شاہ اور دیگر نوجوان بولرز ٹیم کا مستقبل ہیں، لیکن نسیم شاہ سے جیمز اینڈرسن جیسی بولنگ کی توقع نہیں رکھ سکتے۔

    مصباح نے کہا ہماری کوشش ہے کہ ورلڈ کپ پلان کے مطابق ہر ایک کو حصہ دیں، وہاب، حفیظ اور شعیب ملک پلان کا حصہ ہیں۔

    ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ کوئی بھی کھیل کھیلتے ہیں تو جیتنے کے لیے کھیلتے ہیں، ناتجربہ کار بولنگ کو پختہ ہونے کے لیے وقت دینا ہوگا، نوجوان کھلاڑیوں کو تسلسل کے ساتھ مواقع دیں گے، جب چیزیں حق میں نہ جا رہی ہوں تو افسوس ہونا فطری ہے، کبھی ساری چیزیں حق میں ہوتی تو موسم خلاف ہو جاتا ہے۔

  • بابر اعظم کو انگلینڈ میں ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی

    بابر اعظم کو انگلینڈ میں ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی

    کراچی: قومی ٹیم کے مایہ ناز بیٹسمین بابر اعظم کو انگلینڈ میں ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی 20 کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرنے والے کھلاڑی بابر اعظم کو ٹی ٹوینٹی بلاسٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے، بابر اعظم وائٹیلٹی بلاسٹ 2020 میں سمر سیٹ کی نمائندگی کریں گے۔

    بابر اعظم ایونٹ کے گزشتہ سیزن میں 578 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے تھے، جس میں 102 رنز کی شان دار سنچری بھی شامل تھی۔ وہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹی ٹوینٹی سیریز کے بعد 2 ستمبر سے اپنے معاہدے کے تحت انگلش کاؤنٹی سمرسیٹ جوائن کریں گے۔

    بابر اعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا

    قومی کرکٹر اس سال کے سیزن میں 12 ٹی ٹوینٹی بلاسٹ میچز کے ساتھ ساتھ چار روزہ 2 میچز بھی کھیلیں گے۔

    سمرسٹ کا حصہ بننے سے متعلق انھوں نے کہا تھا کہ وہ اس پر بہت خوش ہیں، سمر سیٹ کے پاس اچھا اسکواڈ ہے اور مجھے ان کے ساتھ کھیل کر اچھا لگتا ہے۔

    مایہ ناز بیٹسمین بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ میں 2 ہزار رنز مکمل کر چکے ہیں، یہ کارنامہ انھوں نے 25 اگست کو انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں ٹام بیس کو چوکا لگا کر انجام دیا۔

    بابر نے 28 ویں میچ میں 2 ہزار رنز مکمل کیے ہیں، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 5 سنچریاں اور 14 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں، وہ دنیا کے واحد بیٹسمین ہیں جو تینوں فارمیٹس میں ٹاپ 5 میں شامل ہیں، ٹی ٹوینٹی میں ان کا پہلا، ون ڈے میں دوسرا اور ٹیسٹ کرکٹ میں پانچواں نمبر ہے۔

  • پہاڑوں کے درمیان انوکھے میدان میں کرکٹ کا میچ

    پہاڑوں کے درمیان انوکھے میدان میں کرکٹ کا میچ

    اسلام آباد: پاکستان کے شمالی علاقے ایبٹ آباد کے پہاڑوں کے درمیان کھیلے جانے والے کرکٹ میچ نے لوگوں کو حیران کردیا، پہاڑوں کے درمیان پتلی سی سڑک پر کرکٹ کھیلنے والے مقامی نوجوانوں کا جنون دیکھنے کے قابل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جو ایبٹ آباد کی ہے، ویڈیو میں پہاڑی راستے پر کرکٹ کا میچ ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

    پتلی سی سڑک پر مقامی نوجوان جوش و خروش سے کھیل میں مصروف ہیں، پس منظر میں لاؤڈ اسپیکر پر کمنٹری بھی سنائی دے رہی ہے۔

    کھیل کے اختتام پر شائقین بھرپور جشن مناتے ہیں جو کھیل دیکھنے کے لیے اونچائی پر بیٹھے ہوئے تھے۔

    اپنے ٹویٹ میں شعیب اختر نے لکھا کہ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ایسا کرکٹ گراؤنڈ اور کرکٹ کے لیے ایسا جنون آپ نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔

    ان کے اس ٹویٹ کو بے حد پسند کیا گیا اور لاکھوں صارفین نے اسے ری ٹویٹ اور لائیک کیا۔

  • ٹیم سلیکشن میں کمی نہیں تھی، بدقسمتی سے ہارے: اظہر علی

    ٹیم سلیکشن میں کمی نہیں تھی، بدقسمتی سے ہارے: اظہر علی

    مانچسٹر: ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے انگلینڈ کے ہاتھوں 3 وکٹوں سے شکست کے بعد ویڈیو لنک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہماری ٹیم سلیکشن میں کوئی کمی نہیں تھی، انگلینڈ کی جیت کا سہرا کرس ووکس اور جوز بٹلر کی پارٹنر شپ کو جاتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے انگلینڈ کے ہاتھوں اولڈ ٹریفورڈ میں پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کی وجہ انگلش بیٹسمینوں کی پارٹنر شپ کو قرار دے دیا، انھوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ میچ ہمارے ہاتھ میں تھا لیکن پارٹنر شپ سے جیت نہیں سکے۔

    اظہر علی نے کہا تیسرے روز کا آخری سیشن اور انگلینڈ کی پارٹنر شپ ٹرننگ پوائنٹ تھے، ہم ٹیسٹ میچ کو لیڈ کر رہے تھے لیکن بدقسمتی سے ہار گئے، اگلے میچ میں بھی وکٹ کو دیکھ کر ٹیم سلیکشن کریں گے۔

    Image may contain: text that says 'ENGLAND V PAKISTAN TEST OLD TRAFFORD MANCHESTER INNINGS) SHAN MASOOD BABAR 156[319) 9(106) 326 STUART BROAD ENGLAND 3-54 JOFRA ARCHER 3-59 OLLIE POPE JOS BUTTLER 62[117) 219 8[108) PAKISTAN YASIR SHAH SHADAB KHAN 4-66 SHAH INNINGS) 33[24) (24) 29 29(43) ASAD SHAFIQ STUART BROAD 2-13 169 3-37 2-11 ENGLAND INNINGS) CHRIS WOAKES CHRIS WOAKES 84*(120) JOS BUTTLER (101) 277-7 YAIRAH 4-99 MOHAMMAD ABBAS ©pcb.com.pk 1-36 ENGLAND WON BY WICKETS f/PakistanCricketBoard @TheRealPCB D@TheRealPCB pepsi. easypaisa PakistanCricketOfficial'

    کپتان کا کہنا تھا کہ وہ ایک طویل عرصے سے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور یہ بات جانتے ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ میں دباؤ ہوتا ہے، انھوں نے کہا ہم اس سے بہتر کھیل سکتے تھے، لیکن دوسری اننگز میں ہماری کوئی بھی پارٹنرشپ 50 سے اوپر نہیں گئی، اس سے قبل اس گراؤنڈ پر اتنا ٹارگٹ نہیں بنا، دس سال سے کرکٹ کھیل رہا ہوں جانتا ہوں کیسے چلنا ہے، جوز بٹلر نے اسپنرز کو اچھے طریقے سے کھیلا جس سے ہم پر دباؤ آیا۔

    مانچسٹر ٹیسٹ : انگلینڈ نے پاکستان کو 3 وکٹوں‌ سے شکست دے دی

    اظہر علی نے کہا کہ شاداب خان کو بطور آل راؤنڈر کھلایا تھا، وہ پی ایس ایل اور ڈومیسٹک میں بھی اچھی بیٹنگ کر چکے ہیں، ٹیم سلیکشن میں کوئی کمی نہیں تھی، شاداب خان کے ہونے سے کافی سپورٹ تھی، انھوں نے ہماری امیدوں کے مطابق پرفارم کیا۔

    ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ وہ بطور بیٹسمین اپنی پرفارمنس کو دیکھتے ہیں اور کپتانی کے دوران میچ کی صورت حال کو سوچتے ہیں۔

  • مانچسٹر ٹیسٹ، پہلے روز کا کھیل ختم، پاکستان نے 2 وکٹوں پر 139 رنز بنالیے

    مانچسٹر ٹیسٹ، پہلے روز کا کھیل ختم، پاکستان نے 2 وکٹوں پر 139 رنز بنالیے

    اولڈ ٹریفورڈ: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کا پہلا روز ختم ہوگیا، پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنالیے۔

    تفصیلات کے مطابق مانچسٹر ٹیسٹ کے پہلے روز بارش کے باعث صرف 49 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا، پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنالیے، بابر اعظم 69 اور شان مسعود 46 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

    بابر اعظم نے 9 چوکوں کی مدد سے شاندار 69 رنز کی  ناقابل شکست اننگز کھیلی، شان مسعود نے 7 چوکے لگا کر 46 رنز بنائے۔

    اس سے قبل کپتان اظہر علی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 36 رنز پر ابتدائی دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، اوپنر عابد 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

    انگلینڈ کی جانب سے فاسٹ بولر جوفرا آرچر اور کرس ووکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اظہر الیون میں 2 لیگ اسپنرز شاداب خان اور یاسر شاہ اور 3 فاسٹ باؤلر شامل ہیں، فواد عالم ایک مرتبہ پھر فائنل الیون میں جگہ بنانے میں ناکام رہے، کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ ان کی تیاری مکمل ہے۔

    اظہر علی کا کہنا تھا کہ بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، انگلینڈ میں ہمیشہ فینز کی سپورٹ ملتی ہے، فینز کی کمی محسوس ہوگی۔

    Image

    واضح رہے کہ کرونا کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم پہلی بار ایکشن میں آئی ہے، کرونا وائرس کے باعث کرکٹ فینز کے لیے گراؤنڈ کے دروازے بند ہیں، فینز کہتے ہیں ہم گھر سے پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں، قومی ٹیم بہترین کھیل پیش کرے گی۔

    چاچا کرکٹ سمیت متعدد سپر فینز نے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔

  • سابق کپتان کا شاہد آفریدی سے متعلق پریشان کن بیان

    سابق کپتان کا شاہد آفریدی سے متعلق پریشان کن بیان

    لاہور: پاکستان کے سابق کپتان عامر سہیل نے آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کے حوالے سے کہا ہے کہ ورلڈ کپ 1999 میں ان کا انتخاب تباہ کن فیصلہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے سابق پاکستانی بیٹسمین عامر سہیل نے حال ہی میں ایک یوٹیوب ویڈیو میں آئی سی سی ورلڈ کپ 1999 میں پاکستان کی ناکامی کے پیچھے موجود وجوہ سے متعلق بات کی ہے۔

    53 سالہ سابق کھلاڑی عامر سہیل نے کہا کہ وہ ورلڈ کپ کے لیے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے انتخاب اور سعید انور کے ساتھ اوپنر بھیجے جانے کے خلاف تھے۔

    سہیل کے مطابق شاہد خان آفریدی انگلش کنڈیشنز میں بیٹنگ کا آغاز کرنے کے لیے موزوں آپشن نہیں تھے، کیوں کہ وہاں کی کنڈیشنز آفریدی کے کھیل کے انداز کو سپورٹ نہیں کرتی تھیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ محمد یوسف کے حق میں تھے کہ وہ پاکستان کے لیے بیٹنگ کا آغاز کریں اور نئی گیند کے خطرے کو دیکھیں۔

    انھوں نے کہا کہ جب میں 1998 میں کپتان تھا تو ہم نے سلیکٹرز کے ساتھ یہ فیصلہ کیا تھا کہ ورلڈ کپ کے لیے ہمارے پاس باقاعدہ اوپنرز ہونے چاہیئں، جو وکٹ پر ٹھہر سکتے ہوں اور نئی گیند کے ساتھ کھیل سکتے ہوں۔

    عامر سہیل کا خیال ہے کہ یہ بدقسمتی تھی کہ سلیکٹرز نے آفریدی کو مشکل حالات میں بیٹنگ اوپن کرنے کے لیے منتخب کیا۔

    انھوں نے کہا بدقسمتی سے شاہد آفریدی کا انتخاب کیا گیا، جب کہ وہ ان پچز پر کھیلنے کی صلاحیت رکھتے تھے جو زیادہ باؤنسی نہ ہوں، جہاں وہ بولرز کی اچھی پٹائی کر سکتے تھے اور مخالف کو دباؤ میں لا سکتے تھے، لیکن مشکل حالات میں یہ ایک بڑا جوا تھا۔

    عامر سہیل نے کہا آفریدی نہ تو باؤلنگ کرنے کے قابل تھے نہ ہی بیٹنگ کے، اگر وسیم اکرم کی جگہ میں کپتان ہوتا تو میں ان کی جگہ محمد یوسف کو ترجیح دیتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ ہارنے کی دو وجوہ تھیں، ایک تو انھوں نے بہترین ٹیم کمبی نیشن نہیں بنایا، اور دوم یہ کہ فائنل میں ٹاس جیتنے کے بعد بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جہاں لندن میں سارا دن بارش ہوتی رہی تھی۔

  • بھارت میں فراڈ ٹی 20 ٹورنامنٹ نے کرکٹ کی دنیا میں ہلچل مچا دی

    بھارت میں فراڈ ٹی 20 ٹورنامنٹ نے کرکٹ کی دنیا میں ہلچل مچا دی

    ممبئی: بھارت میں ایک فراڈ ٹی 20 ٹورنامنٹ نے کرکٹ کی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے، جعلی ٹورنامنٹ کی تحقیقات کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)، بھارتی اور سری لنکن کرکٹ بورڈز کو بھی ایکشن لینا پڑ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں سری لنکا کے جعلی UVA T20 لیگ نے کرکٹ بورڈز کو بڑی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، گزشتہ تین ماہ سے کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے کرکٹ کھیل سے محرومی کے بعد شائقین کو ایک نئے ٹورنامنٹ کی خوش خبری ملی تاہم وہ سب فراڈ ثابت ہو گیا۔

    سری لنکا UVA T20 league کے نام سے بھارتی شہر چندی گڑھ کے قریب ایک گاؤں سوارا میں ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا اعلان کیا گیا، اس سے قبل یہ بتایا گیا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ سری لنکا میں ہونا ہے تاہم میچز شروع ہونے کا وقت آیا تو معلوم ہوا کہ یہ انڈیا میں ہو رہے ہیں، جس نے شائقین کو حیرت میں ڈال دیا۔

    صرف یہی نہیں، معاملہ بہت آگے کا تھا، جلد یہ انکشاف ہوا کہ اس ٹورنامنٹ سے متعلق ہر چیز جعلی ہے، اس کی تیاریوں کے سلسلے میں گمنام آئی پی ایڈریس، فرضی ای میلز اور غیر رجسٹرڈ فون نمبرز استعمال کیے گئے، ممبئی کی ایک لائیو اسٹریمنگ کمپنی کو بھی اس کی خدمات حاصل کر کے بے وقوف بنایا گیا۔

    مذکورہ کمپنی کے بیان کے مطابق شام سندن کرونا رتنے نامی ایک شخص نے گزشتہ ماہ 25 جون کو UVA T20 لیگ کے نمائندے کے طور پر کمپنی حکام سے ملاقات کر کے لیگ سے متعلق پریزنٹیشن دی، اور تشہیر کے لیے مدد مانگی، جعلی لیگ کے فراڈ نمائندے نے کرکٹ ایونٹ کا ویب ایڈریس اور فرضی ای میل بھی دیا۔

    جب نمائندے سے سری لنکن کرکٹ بورڈ کا لیٹر مانگا گیا تو 2 دن بعد انھیں بورڈ کی منظوری پر مبنی ایک ای میل بھیجی گئی۔ 29 جون کو چندی گڑھ کے نواحی علاقے میں 2 میچز منعقد ہوئے، تاہم کمپنی کو گراؤنڈ کی لوکیشن کا کوئی علم نہیں تھا۔ اس فراڈ کا ڈراپ سین اس وقت ہوا جب اسی روز سری لنکن بورڈ کے لیگل منیجر چالکا سلوا کی ای میل موصول ہوئی جس میں انھوں نے خبردار کیا کہ بورڈ نے اس ایونٹ کی منظوری نہیں دی۔

    اس کے بعد معلوم ہوا کہ جعلی UVA T20 لیگ کے فراڈ نمائندے کرونارتنے سے متعلق ہر چیز جعلی تھی، اس کے نمبر بھی بند نکلے، فون نمبر رجسٹرڈ ہی نہیں تھے، ای میلز بھی جعلی نکلے، آئی پی ایڈریس بھی گمنام تھا۔

    معاملے کی خبر موہالی اور ممبئی پولیس کو دے دی گئی ہے، بھارتی بورڈ کے ساتھ آئی سی سی اور سری لنکن بورڈ کا اینٹی کرپشن یونٹ بھی اس جعل سازی کی تحقیقات کر رہا ہے، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ 6 جولائی کو پنجاب پولیس نے موہالی میں انٹرنیشنل میچ فکسنگ سنڈیکیٹ چلانے والے رویندر ڈانڈیوال کو گرفتار کیا تھا، اس کی گرفتاری جعلی سری لنکا UVA T20 لیگ کے انعقاد کے سلسلے میں عمل میں آئی ہے۔

    ادھر بھارتی کرکٹ بورڈ نے موہالی پولیس کو جعلی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں ڈریم الیون (Dream11) کے کردار کی تحقیقات کے لیے بھی کہہ دیا ہے، ڈریم الیون نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو بھی اسپانسر کیا، بی سی سی آئی اینٹی کرپشن یونٹ کا کہنا ہے کہ جعلی ٹورنامنٹ کے ساتھ ڈریم الیون کے پلیٹ فارم کا بھی تعلق ہو سکتا ہے، جس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

    اینٹی کرپشن یونٹ کے چیف اجیت سنگھ شیکھاوت کے مطابق جعلی ٹورنامنٹ کے لیے کھلاڑیوں کو جو کٹس دی گئیں وہ ڈریم الیون ٹورنامنٹ کی ہو سکتی ہیں، کیوں کہ ان پر کی پشت پر Dream11 لکھا ہوا ہے۔