Tag: کرکٹ

  • 3 ماہ بعد آج سے شروع ہونے والی بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں ایک اور رکاوٹ آ گئی

    3 ماہ بعد آج سے شروع ہونے والی بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں ایک اور رکاوٹ آ گئی

    ساؤتھمپٹن: 3 ماہ بعد آج سے شروع ہونے والی بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ایک بار پھر کھٹائی میں پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق تین ماہ بعد آج سے شروع ہونے والی بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی دوبارہ مشکل میں پڑ گئی، ساؤتھمپٹن میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی روز (آج) محکمہ موسمیات نے بارش ہونے کی پیش گوئی کر دی ہے۔

    انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج سے دی روز باؤل، ساؤتھمپٹن میں شروع ہوگا، تاہم بارش کے امکان کے باعث میچ کا آغاز کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے برطانوی وقت کے مطابق صبح 7 بجے سے لے کر شام 4 بجے تک بارش کی پیش گوئی کی ہے جب کہ میچ برطانوی وقت کے مطابق صبح 11 بجے شیڈول ہے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے باعث یہ میچز بند دروازوں کے پیچھے بغیر شائقین کے کھیلے جائیں گے تاہم کھلاڑیوں کو شائقین والا ماحول دینے کے لیے شائقین کے مصنوعی شور کی آڈیو اور میوزک چلایا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کا مورال بلند رہے۔

    یاد رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ 117 دنوں سے معطل ہے۔ تاریخ میں پہلی بار میچ بند اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے، گیند کو تھوک لگانے پر پابندی ہوگی، ایمپائر کو کیپ یا سوئٹر سنبھالنے کو نہیں دیا جائے گا اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے لاؤڈ اسپیکر سے کراؤڈ کا شور پلے کیا جائے گا۔

  • پاکستان کرکٹ ٹیم کا تیسرا گروپ انگلینڈ کے لیے روانہ

    پاکستان کرکٹ ٹیم کا تیسرا گروپ انگلینڈ کے لیے روانہ

    لاہور: انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا تیسرا گروپ برطانیہ کے لیے روانہ ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج پاکستان کرکٹ ٹیم کا تیسرا گروپ انگلینڈ کے لیے روانہ ہو گیا، انگلینڈ روانہ ہونے والوں میں 3 کھلاڑی حیدر علی، کاشف بھٹی اور عمران خان سینئر سمیت ایک ٹرینر شامل ہیں۔

    اس سے قبل 3 جولائی کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا دوسرا گروپ لاہور سے مانچسٹر روانہ ہوا تھا، گروپ میں 6 کھلاڑی شامل تھے۔

    کرونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد روانہ ہونے والے کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد حسنین، محمد حفیظ، محمد رضوان، شاداب خان اور وہاب ریاض شامل تھے۔

    پاک انگلینڈ سیریز کا شیڈول جاری

    دورہ انگلینڈ کے لیے 28 جون کو قومی کرکٹ ٹیم کا پہلا گروپ لاہور سے روانہ ہوا تھا، جس میں پاکستانی اسکواڈ کے ساتھ حکام بھی شامل تھے۔

    جمعرات کو برطانیہ میں کپتان ٹی 20 اور ون ڈے کرکٹ ٹیم بابر اعظم نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام کھلاڑی فٹ ہیں، پریکٹس بھی جاری ہے، تمام کھلاڑیوں کا کرونا ٹیسٹ یہاں بھی منفی آیا ہے۔

    بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ کی ٹریننگ کی ہے، یہاں ڈیوک کی گیند استعمال ہوتی ہے جو کنڈیشن کو سوٹ کرتی ہے، پچھلے 2 تین سیریز کے لیے ٹیم میں تبدیلیاں کی گئیں، کھلاڑیوں کی تبدیلی کی وجہ سے نتائج مختلف رہے، کوشش یہی ہے کہ انگلینڈ میں سیریز جیتیں اور ٹرینڈ سیٹ کریں۔

  • سچن ٹنڈولکر کی کئی یادگار اشیا نہرو اسٹیڈیم کوچی سے غائب

    سچن ٹنڈولکر کی کئی یادگار اشیا نہرو اسٹیڈیم کوچی سے غائب

    کیرالہ: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر کی کئی یادگار اشیا نہرو اسٹیڈیم کوچی سے غائب ہو گئیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ کے شہر کوچی میں واقع جواہر لعل نہرو انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں انتظامیہ کی غفلت کے باعث سچن ٹندولکر پویلین کی حالت انتہائی خراب ہو گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق لیجنڈ بھارتی کرکٹر سچن ٹندولکر کی کئی یادگار اشیا بھی اسٹیڈیم سے غائب ہوگئی ہیں۔

    اسٹیڈیم میں سچن ٹندولکر پویلین کا افتتاح 20 نومبر 2013 کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے اس وقت کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کیا تھا، ٹنڈولکر نے اس پویلین کو اپنی جرسی، دستخط شدہ بیٹ اور اپنی استعمال شدہ گیند تحفے میں دی تھی۔

    تاہم جس شور شرابے کے ساتھ کیرالہ کرکٹ ایسوسی ایشن اور گریٹر کوچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے مل کر سچن ٹنڈولکر پویلین قائم کیا تھا، اب اس کی حالت بے حد خراب ہے، حتیٰ کہ یادگار اشیا کا بھی کچھ اتا پتا نہیں ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے جوائنٹ سیکریٹری جایش جارج نے بھی اسٹیڈیم میں ٹنڈولکر پویلین کی بری حالت پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔

    کہا جا رہا ہے کہ اس پویلین کی صورت حال تب سے تبدیل ہوئی ہے جب سے مقامی انڈین سپر لیگ کی ٹیم کوچی بلاسٹرز نے اسٹیڈیم کو اپنا ہوم وینیو بنا لیا ہے۔

    واضح رہے کہ سچن ٹنڈولکر پویلین کیرالہ کرکٹ ایسوسی ایشن اور گریٹر کوچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا مشترکہ اقدام تھا، یہ پویلین 1 ہزار مربع فٹ پر پھیلا ہوا ہے اور اس میں سچن ٹنڈولکر کی متعدد تصاویر بھی ہیں جن میں ماسٹر بلے باز کے ساتھ سرڈان بریڈ مین اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا کی تصاویر بھی شامل ہیں جب کہ پویلین میں سچن کے بچپن کی تصاویر بھی لگی ہوئی ہیں۔

    2014 میں آئی ایس ایل کے آغاز کے بعد نہرو اسٹیڈیم نے کسی بھی بین الاقوامی کرکٹ میچ کی میزبانی نہیں کی ہے، گراؤنڈ میں آخری بین الاقوامی کرکٹ میچ 8 اکتوبر 2014 کو بھارت اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلا گیا تھا۔

  • بابر اعظم کو گوگل پر سرچ کرنے میں حیران کن اضافہ

    بابر اعظم کو گوگل پر سرچ کرنے میں حیران کن اضافہ

    لاہور: پاکستان کے نامور بیٹسمین بابر اعظم کو گوگل پر سرچ کرنے میں حیران کن اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محدود اوورز والے کھیل کے کپتان بابر اعظم کچھ عرصے سے گرین شرٹس کے انتہائی مایہ ناز بلے باز رہے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔

    دائیں ہاتھ سے ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کرنے والے یہ پاکستانی کھلاڑی نہ صرف پاکستانی شایقین بلکہ غیر ملکی انٹرنیشنل کرکٹرز میں بھی مقبول اور پسندیدہ ہیں۔

    حال ہی میں گوگل نے بابر اعظم سے متعلق ایک رپورٹ پیش کی ہے، سرچ انجن نے کہا ہے کہ پاکستان میں بابر اعظم سے متعلق تلاش میں 183 فی صد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    جب 15 سالہ بابر اعظم نے کیا شعیب اختر کا سامنا

    گوگل سرچ انجن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں مجموعی کھیلوں سے متعلق تلاش میں 150 فی صد اضافہ ہوا، جب کہ صرف کرکٹ کی تلاش میں 160 فی صد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، پاکستان سپر لیگ (PSL) سے متعلق تلاش میں بھی 55 فی صد اضافہ ہوا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستانی اپنے پسندیدہ کھیلوں اور کھلاڑیوں سے متعلق ہمیشہ متجسس رہتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ جاننے کے مشتاق رہتے ہیں، بابر اعظم سے متعلق تلاش میں 183 فی صد اضافہ بتاتا ہے کہ وہ 2019 میں تیزی سے مقبول ہونے والی اسپورٹ سیلی بریٹیز میں سے ایک تھے۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ لوگوں نے سابق وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف سے متعلق بھی بہت اشتیاق ظاہر کیا، رپورٹ میں بتایا گیا کہ راشد لطیف سے متعلق تلاش میں 149 فی صد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    2019 کے دوران کھیلوں سے متعلق جو ٹاپ ٹرینڈ چل رہے تھے، حیران کن طور پر کرونا وائرس وبا کی وجہ سے 2020 کے آغاز ہی سے اس میں 60 فی صد کمی دیکھنے میں آئی۔ لائیو کھیلوں کی دنیا تو مکمل طور پر منجمد ہو چکی ہے۔ پرانے میچز کی ہائی لائٹس اور کھیلوں سے متعلق شوز کے سوا کھیلوں کے افق پر کوئی مواد نہیں تھا جس کی وجہ سے لوگوں کی دل چسپی میں اتنی کمی آئی۔

  • کرکٹ کی ترقی: پی سی بی نے 5 سالہ حکمت عملی پیش کر دی

    کرکٹ کی ترقی: پی سی بی نے 5 سالہ حکمت عملی پیش کر دی

    لاہور: کرکٹ کے کھیل کی ترقی و خوش حالی کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے 5 سالہ حکمت عملی کی رونمائی کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے کرکٹ سے متعلق اپنی پانچ سالہ حکمت عملی پیش کر دی ہے، کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ان پانچ برسوں میں احتساب، شفافیت، اصولوں اور پیشہ ورانہ مہارت کا کردار کلیدی ہوگا۔

    پی سی بی کے مطابق حکمت عملی میں پائیدار کارپوریٹ گورننس، انٹرنیشنل معیار کی ٹیموں کی فراہمی کے نکات شامل کیے گئے ہیں، گراس روٹ اینڈ پاتھ ویز فرم بھی پی سی بی کے اہم نکات میں شامل ہیں۔

    خواتین کرکٹ سے آئندہ نسلوں کو متاثر کرنا، کمرشل آمدن کے ذرائع بڑھانا اور عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص بہتر کرنا بھی حکمت عملی کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ روانگی کا شیڈول تیار

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ بورڈ آف گورنرز اس حکمت عملی کی منظوری دے چکا ہے، حکمت عملی کا عنوان ‘ہماری قوم کو متاثر اور متحد کرنے کا 5 سالہ منصوبہ’ رکھا گیا ہے، چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ ان مقاصد پر عمل کے لیے جامع ٹریکنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین پی سی بی آج ملاقات کریں گے، اور کرکٹ، کرکٹ بورڈ کے معاملات پر وزیر اعظم کو بریفنگ دیں گے، پاکستان ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے حوالے سے وزیر اعظم کو بریف کیا جائے گا، پی سی بی میں ہونے والی تبدیلیوں سے متعلق بھی وزیر اعظم کو بتایا جائے گا۔

  • سابق آسٹریلوی کرکٹر نے انگلینڈ ٹیم کو پاکستانی اسکواڈ کے حوالے سے خبردار کر دیا

    سابق آسٹریلوی کرکٹر نے انگلینڈ ٹیم کو پاکستانی اسکواڈ کے حوالے سے خبردار کر دیا

    کراچی: سابق آسٹریلوی کرکٹر بریڈ ہوگ نے انگلینڈ ٹیم کو پاکستانی اسکواڈ کی صلاحیت کے حوالے سے خبردار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی اسپنر بریڈ ہوگ نے انگلینڈ کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان اسکواڈ اس کے خلاف اپ سیٹ کر سکتا ہے۔

    کرکٹ کے تمام فارمیٹ کھیلنے والے سابق آسٹریلوی کرکٹر کا کہنا تھا کہ انگلینڈ ٹور کے لیے منتخب کیا گیا 29 رکنی پاکستانی اسکواڈ میزبان ٹیم کو اس کے میدان میں ہرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    سابق آسٹریلوی اسپنر بریڈ ہوگ

    بریڈ ہوگ دو مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم میں شامل رہے ہیں، انھوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ مجھے امید ہے گرین شرٹس پوری طرح تیار ہیں اور سیریز بہت دل چسپ رہے گی۔

    انھوں نے پاکستانی اسکواڈ سے امید وابستہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپ سیٹ کر سکتا ہے، اور امید ہے کہ انگلینڈ کے لیے روانہ ہونے سے قبل اسے معیاری پریکٹس بھی ملے گی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ روانگی کا شیڈول تیار

    دریں اثنا، پاکستان انڈر 19 کے بیٹسمین حیدر علی کو بھی انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز سیریز کے لیے 29 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو اگست اور ستمبر میں کھیلی جائیں گی۔

    انگلینڈ ٹیم کے دھواں دار بلے باز اور پشاور زلمی میں حیدر علی کے ساتھی کھلاڑی ٹام بینٹن نے انگلینڈ کے خلاف پاکستانی اسکواڈ میں شامل کیے جانے پر حیدر علی کو مبارک باد دی ہے۔ ٹام بینٹن نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ انٹرنیشنل کال پر آپ کو شاباش ہے۔

    واضح رہے کہ حیدر علی کا 2019-20 کا سیزن زبردست رہا، جس کی وجہ سے انھیں 2020-21 سیزن کا کنٹریکٹ بھی ملا۔

  • 4 تجربہ کار کوچز سے فائدہ ہوگا: مشتاق احمد

    4 تجربہ کار کوچز سے فائدہ ہوگا: مشتاق احمد

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے اسپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ 4 تجربہ کار کوچز کے ایک ساتھ ہونے سے بہت فائدہ ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ویڈیو کانفرنس میں قومی ٹیم کے اسپن باؤلنگ کوچ نے کہا کہ یونس خان، میرے، مصباح اور وقار یونس کے لیے ہیلپنگ ہینڈ ہوں گے، یونس خان زبردست انسان ہیں، ان سے ہمیشہ بہترین تعلق رہا ہے۔

    مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں انھوں نے 11 سال کاؤنٹی کرکٹ کھیلی، 6 سال ٹیم کی کوچنگ کی، وہ پی سی بی کے ساتھ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے کام کر رہے تھے، اب کوشش ہوگی کہ اپنا کردار بہترین طریقے سے نبھائیں۔

    گیند کو تھوک سے چمکانے پر پابندی، آئی سی سی کے نئے قوانین کی منظوری

    باؤلنگ کوچ نے کہا اپنے تجربے کی روشنی میں کھلاڑیوں کی بہترین تربیت کی کوشش کروں گا، کرونا صورت حال میں اب ذہنی دباؤ کو برداشت کرنے کا کھیل آ گیا ہے، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز سے کافی فائدہ ہوگا۔

    یونس خان قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

    لیگ بریک گگلی باؤلر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ گیند چمکانے کے نئے قانون سے شناسائی کے لیے ابھی کافی وقت ہے، ہم پہلے ہی کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر تیار کر رہے ہیں، انگلینڈ کے خلاف سیریز کوچز کے لیے بھی سخت ہوگی۔

    انھوں نے کہا ٹیم میں فاسٹ باؤلر ہیں لیکن اسپنر ہمیشہ اہمیت کے حامل رہے ہیں، یاسر شاہ تجربہ کار ہیں ان کے ساتھ کام بھی کر رہا ہوں۔

    خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ انگلینڈ کے لیے یونس خان کو قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا ہے، مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر ہیں۔

  • سری لنکن بولر پر مکمل پابندی عائد

    سری لنکن بولر پر مکمل پابندی عائد

    کولمبو: منشیات کے الزام میں گرفتار سری لنکن بولر شیہان مدوشناکا پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق 2 روز قبل سری لنکن پولیس نے سڑک پر معمول کی تلاشی کے دوران فاسٹ بولر کے پاس سے منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جس پر انھیں حراست لیا گیا اور بعد ازاں مجسٹریٹ نے انھیں جیل بھجوا دیا۔

    ادھر آج سری لنکا کرکٹ بورڈ نے 25 سالہ فاسٹ بولر شیہان مدوشناکا کی کرکٹ کی تمام سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی ہے، مدوشناکا نے 2018 میں اپنے پہلے ہی میچ میں بنگلا دیش کے خلاف وکٹوں کی ہیٹ ٹرک کی تھی۔

    پہلے میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے بولر کو جیل بھیج دیا گیا

    گزشتہ روز مجسٹریٹ نے مدوشناکا کو 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں دے دیا تھا، کرکٹ سری لنکا کے مطابق منشیات کیس کی مکمل انکوائری تک مدوشناکا کرکٹ کی کسی بھی قسم کی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

    واضح رہے کہ شیہان مدوشناکا نے بنگلا دیش کے خلاف صرف 2 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں، انجریز کے باعث وہ تاحال کوئی ایک روزہ میچ نہیں کھیل سکے ہیں۔

  • پاکستان کے دورہ انگلینڈ کے بارے میں مثبت پیش رفت

    پاکستان کے دورہ انگلینڈ کے بارے میں مثبت پیش رفت

    اسلام آباد: پاکستان اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے درمیان تفصیلی ٹیلی کانفرنس ہوئی ہے، جس میں پاکستان کے دورہ انگلینڈ کے بارے میں مثبت پیش رفت سامنے آئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کی ٹیم جولائی کے شروع میں انگلینڈ پہنچے گی، پاکستانی ٹیم کو چارٹرڈ فلائٹ سے انگلینڈ لایا جائے گا، جس کے تمام اخراجات انگلینڈ بورڈ ادا کرے گا اور پاکستانی ٹیم گراؤنڈ کے اندر ہوٹل میں قیام کرے گی۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 5 اگست سے ہوگا، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے جائیں گے جو ستمبر میں ہوں گے۔

    قبل ازیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیگٹو وسیم خان اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ای سی بی کے ساتھ ٹیلی کانفرنس میں شرکت کی، جب کہ انگلینڈ کی جانب سے ٹام ہیری سن اور کوچ کرس سلوروڈ نے شرکت کی۔

    ٹیسٹ کرکٹ کو بچانے کیلئے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا آئسولیشن میں جانے کا فیصلہ

    پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ کرونا وبا کے پیش نظر کرکٹ کھیلنے والے ممالک کو متحد ہو کر چلنا ہوگا۔

    خیال رہے کہ رواں ماہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے بند دروازوں کے پیچھے بغیر شائقین کے انگلینڈ سیزیز کروانے کا مشورہ دے دیا تھا۔

    ادھر انگلش کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ کو بچانے کے لیے 8 مئی کو آئسولیشن میں جانے کا فیصلہ کیا تھا، بتایا گیا تھا کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے پہلے انگلش کرکٹ ٹیم ایک ماہ تنہائی میں رہے گی، اس دوران کھلاڑی کسی سے ملاقات نہیں کریں گے۔

  • کیون پیٹرسن کا کھلاڑیوں کو اپنی عادت بدلنے کا مشورہ

    کیون پیٹرسن کا کھلاڑیوں کو اپنی عادت بدلنے کا مشورہ

    انگلینڈ کے سابق بلے باز کیون پیٹرسن کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں شائقین کی موجودگی میں کرکٹ میچز کا انعقاد ممکن نہیں، اس لیے کھلاڑیوں کو خالی میدانوں میں کھیلنے کی عادت ڈال لینی چاہیئے۔

    کرونا وائرس کی وجہ سے جہاں تمام کاروبار زندگی معطل ہوچکا ہے اور کھیلوں کی سرگرمیاں بھی رک گئی ہیں ایسے میں خالی اسٹیڈیمز میں میچز کروانے کی بھی تجویز دی جارہی ہے۔

    انگلینڈ کے سابق بلے باز کیون پیٹرسن کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کو خالی اسٹیڈیم میں کھیلنے کی عادت ڈال لینی چاہیئے۔

    انہوں نے کہا شائقین ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہیں اور اس وقت ان کے حوصلے پست ہیں، ایسے میں کھیل لوگوں کے حوصلے بلند کرنے کا کام کریں گے۔

    پیٹرسن کا کہنا تھا کہ حالات کو دیکھتے ہوئے ہمیں شائقین کے بغیر خالی میدانوں میں کھیلنا ہوگا۔ کھلاڑیوں کو حالات کو سمجھنا چاہیئے، کئی کھلاڑی اپنے کھیل کے عروج پر ہیں اور انہیں ضرور کھیلنا چاہیئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اگر شائقین اسٹیڈیم میں نہیں ہوئے تو کیا ہوا، لوگ اپنے گھروں میں ٹی وی کے ذریعے میچ دیکھ سکتے ہیں۔