Tag: کرکٹ

  • کرس گیل کس کھلاڑی کو ‘سانپ’ سمجھتے ہیں

    کرس گیل کس کھلاڑی کو ‘سانپ’ سمجھتے ہیں

    جمیکا: ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کھلاڑی کرس گیل کو کیریبئن پریمیئر لیگ کی ٹیم جمیکا تلاواس سے باہر کر دیا گیا ہے، جس پر وہ غصے سے آگ بگولہ ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جمیکا تلاواس نے کیریبئن پریمیئر لیگ کے اگلے ایڈیشن کے لیے بلے باز کرس گیل کو ٹیم میں شامل نہ کر کے انھیں غصہ دلا دیا، ٹیم سے باہر ہونے پر انھوں نے اسسٹنٹ کوچ اور سابق ٹیم میٹ رام نریش سروان کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    ویسٹ انڈیز کے دھماکا خیز اوپنر بلے باز کرس گیل نے اپنے یو ٹیوب چینل پر ایک پندرہ منٹ کی ویڈیو ریلیز کی، جس میں انھوں نے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان رام نریش سروان کو سانپ قرار دے دیا۔

    کرس گیل نے سروان کو مخاطب کر کے کہا، تم کینہ پرور ہو، تم سانپ ہو، تم ابھی تک بڑے نہیں ہوئے، تم آج بھی لوگوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دیتے ہو، تم آخر کب تبدیل ہوگے؟

    کرس گیل نے سروان پر جمیکا تلاواس سے آؤٹ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ان کو کرونا وائرس سے بھی بدتر قرار دے دیا، انھوں نے ویڈیو میں کہا وہ کرونا وائرس سے بھی زیادہ خطرناک ہیں، سروان تلاواس ٹیم کا ہیڈ کوچ بننا چاہتا ہے لیکن میں نے انھیں براہ راست کہا کہ سروان تم اتنا تجربہ نہیں رکھتے کہ ہیڈ کوچ بنو، یہ کوئی آسان کام نہیں۔

    کرس گیل کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ جو کچھ ہوا اس میں سروان کا بڑا ہاتھ ہے، ویڈیو میں انھوں نے کہا کہ سروان آپ نے میری سال گرہ پر کہا تھا کہ کس طرح ہم آگے بڑھ سکتے ہیں لیکن آپ سانپ ہیں، آپ کو پتا ہے کہ یہاں آپ پسندیدہ نہیں، بے شک میں 1996 کے دور کا آخری کھلاڑی ہوں جو اب بھی چل رہا ہے، مجھے لگتا ہے کہ ان لوگوں کی اس بات سے پریشانی ہے کہ گیل کھیل رہا ہے اور کیریئر میں کامیابی حاصل کر رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ سروان میں آپ سے نجات پالوں گا اور وقت آنے پر دیگر کھلاڑیوں سے بھی نمٹ لوں گا۔ خیال رہے کہ اب 2020 کے کیریبئن پریمیئر لیگ میں سینٹ لوسیا زوکس کی طرف سے ڈیرن سیمی اور ہیڈ کوچ اینڈی فلاور کی قیادت میں کھیلیں گے، جس کے ساتھ ان کا معاہدہ ہو گیا ہے۔

  • ‘دھونی اب بھارت کے لیے دوبارہ نہیں کھیل پائیں گے’

    ‘دھونی اب بھارت کے لیے دوبارہ نہیں کھیل پائیں گے’

    نئی دہلی: سابق بھارتی آف اسپنر ہربھجن سنگھ کا کہنا ہے کہ سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی دوبارہ کبھی بھی بھارتی ٹیم کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے اور ان کا کیریئر ختم ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق بھارتی آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر روہت شرما کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ میرا خیال ہے کہ مہندرا سنگھ دھونی بھارت کے لیے دوبارہ نہیں کھیل پائیں گے۔

    ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا کہ دھونی سو فیصد آئی پی ایل میں کھیلیں گے لیکن وہ انڈیا کے لیے اور کھیلنا چاہتے ہیں اس سے متعلق دوسرا کوئی اندازہ نہیں لگا سکتا۔

    سابق بھارتی آف اسپنر کو لگتا ہے کہ مہندرا سنگھ دھونی نے فیصلہ کر لیا تھا کہ 2019 ورلڈکپ میں بھارت کا جو بھی آخری میچ ہوگا،وہ ان کا بھی آخری میچ ہوگا،مجھے کچھ اور لوگوں نے بھی ایسا ہی کہا تھا۔

    دوسری جانب بھارتی بلے باز روہت شرما نے کہا کہ ہم نہیں جانتے کہ گزشتہ ورلڈکپ کے بعد سے دھونی کے دماغ میں کیا چل رہا ہے، ورلڈکپ کا آخری میچ گزشتہ سال جولائی میں تھا، اس کے بعد سے ہم نے دھونی سے متعلق کوئی خبر نہیں سنی۔

  • پی سی بی کی جانب سے صوبائی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل

    پی سی بی کی جانب سے صوبائی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے صوبائی کھلاڑیوں کے ویڈیو لنک فزیکل فٹنس ٹیسٹ مکمل کر لیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی کی جانب سے قومی و صوبائی کھلاڑیوں کے ویڈیو لنک فٹنس ٹیسٹ کیے جا رہے تھے، قومی کے بعد صوبائی کھلاڑیوں کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ بھی مکمل ہو گئے ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ٹرینرز فٹنس ٹیسٹ رپورٹس شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ اور چیف سلیکٹر کو بھجوائیں گے، ٹرینرز اور صوبائی کوچز نے محدود مواقع کے باوجود کھلاڑیوں کے فٹنس پر اظہار اطمینان کیا ہے۔

    ذرایع نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے باوجود سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کی فٹنس برقرار ہے، شان مسعود، امام الحق، بابر اعظم، سرفراز احمد کا فٹنس لیول بہترین ہے، اظہر علی، اسد شفیق، محمد عباس کا فٹنس لیول بھی عمدہ قرار دیا گیا ہے جب کہ عماد وسیم، حسن علی اور محمد عامر کی فٹنس میں بہتری نظر آئی۔

    قومی کرکٹرز کے ویڈیو لنک فزیکل فٹنس ٹیسٹ مکمل ہوگئے

    اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ یاسر ملک نے آن لائن ایپ کے ذریعے ٹیسٹ کی نگرانی کی، ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کو پش اپس، سٹ اپس، چن اپس اور جمپنگ کرنا تھی۔

    یاسر شاہ، عابد علی اور شاہین آفریدی نے آیندہ ہفتے ٹیسٹ کی درخواست کی تھی، ٹیم انتظامیہ نے تینوں کھلاڑیوں کی درخواست قبول کر لی تھی، جس پر ان کھلاڑیوں کے ٹیسٹ آیندہ ہفتے ہوں گے۔

  • ثقلین مشتاق نے چنائی ٹیسٹ میں ٹنڈولکر کو آؤٹ کرنے کا راز افشا کر دیا

    ثقلین مشتاق نے چنائی ٹیسٹ میں ٹنڈولکر کو آؤٹ کرنے کا راز افشا کر دیا

    لاہور: پاکستانی کرکٹ کی تاریخ کے سب سے یادگار ٹیسٹ میچ چنائی ٹیسٹ کے ہیرو ثقلین مشتاق نے یادداشت کو آواز دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تاریخی دن اللہ ان کے ساتھ تھا، اس لیے انھوں نے اپنے کیریئر کی یادگار ترین کارکردگی دکھائی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دوسرا کے مؤجد کہلانے والے سابق پاکستانی آف اسپنر ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ جب وہ چنائی ٹیسٹ میں لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر کی وکٹ لے رہے تھے تو اس دن اللہ ان کے ساتھ تھا۔

    ثقلین نے کہا کہ اس دن اللہ میرے ساتھ تھا، میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ میں ماسٹر بلاسٹر (سچن ٹنڈولکر) کی وکٹ حاصل کر لوں گا، لیکن جب اللہ فیصلہ کرتا ہے تو اسے کوئی تبدیل نہیں کر سکتا۔

    سابق کرکٹر ثقلین مشتاق کا نیا روپ جسے دیکھ کر آپ حیران رہ جائیں گے

    یاد رہے کہ چنائی ٹیسٹ 1999 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان ٹیم نے روایتی حریف کو 12 رنز سے شکست دی تھی، اس میچ کی خاص بات یہ تھی کہ ثقلین مشتاق نے اس میں 10 وکٹیں لے لی تھیں، جس میں ٹنڈولکر کی بڑی وکٹ بھی شامل تھی، انھوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 136 رنز بنائے تھے، اور وہ بھارت کو میچ جتوانے کی طرف لے جا رہے تھے۔

    تاریخی چنائی ٹیسٹ میں ثقلین مشتاق بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کو آؤٹ کرتے ہوئے، وسیم اکرم اس سے قبل آف اسپنر کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں

    سابق اسپنر نے اس یادگار میچ سے متعلق کہا کہ میری زندگی کی آخری سانس تک مجھے اس پر فخر کا احساس ہوتا رہے گا کہ میں نے اس دن ٹنڈولکر کو آؤٹ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ان دنوں سچن جب بیٹنگ کے لیے آتا تو کسی کو نہیں چھوڑتا تھا، وہ بہت خوب صورتی سے کھیلتا، میں وسیم بھائی (اس وقت ٹیم کے کپتان وسیم اکرم) کے پاس گیا اور کہا ٹنڈولکر کو آؤٹ کرنا بولرز کے لیے بہت مشکل ہو گیا ہے، میں تھوڑا سا نفسیاتی دباؤ بھی محسوس کر رہا تھا۔

    ثلقین مشتاق کا کہنا تھا کہ اگرچہ میں انھیں دوسرا کرنے سے ڈر رہا تھا لیکن اس وقت وسیم اکرم نے بھرپور اعتماد دیا اور کہا کہ میں ٹیم کے لیے کوئی جادو دکھا سکتا ہوں، ان الفاظ نے بڑی مدد کی اور میں نئے جذبے سے بولنگ کرنے لگا، کئی باؤنڈریز لگیں لیکن آخر کار میں نے ٹنڈولکر کو آؤٹ کر دیا۔

  • کرکٹ اور اسکواش کے لیجنڈز بھی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے نکل آئے

    کرکٹ اور اسکواش کے لیجنڈز بھی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے نکل آئے

    کراچی: شہر قائد میں سخت لاک ڈاؤن میں کرکٹ اور اسکواش کے لیجنڈز اور فن کار بھی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے نکل آئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق کپتان جاوید میاں داد اور سابق اسکواش چیمپئن جہانگیر خان نے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا، لیجنڈری کھلاڑیوں نے کے کے ایف کی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے فلاحی خدمات کو سراہا۔

    کرکٹ اور اسکواش کے سابق بڑے کھلاڑیوں نے ایم کیو ایم کے رہنما عامر سے خان سے ملاقات کی، اس موقع پر عامر خان نے اسپورٹس کے لیجنڈز کو بتایا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کے پاس مستحقین کا مکمل ڈیٹا موجود ہے جس کے تحت ان تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں، اب تک کراچی اور حیدرآباد میں ایک لاکھ راشن تقسیم کر چکے ہیں۔

    کے کے ایف کے ٹرسٹی عامر خان نے کہا کہ گزشتہ روز ضلع شرقی کی سیل ہونے والی گیارہ یوسیز میں بھی امداد پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    کراچی کے مزید کئی علاقے سیل، طبی عملہ بھی پریشان، مزید 273 افراد گرفتار

    جاوید میاں داد نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ صورت حال میں انسانیت کی خدمت ہی اصل مشن ہے، خوشی ہے کراچی کے لوگ دل کھول کر عطیات دے رہے ہیں۔ اسکواش چیمپئن جہانگیر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیاست کا وقت نہیں سب کو مل کر اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کے لیے آگے آنا ہوگا۔

    معروف گلو کار رحیم شاہ نے کے کے ایف کو مثالی ادارہ اور ایم کیو ایم پاکستان کی ان تھک محنت کو خراج تحسین پیش کیا، معروف کامیڈین فیصل قازی نے کہا کہ جس طرح کے کے ایف کام کر رہی ہے وہ قابل تحسین ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے گزشتہ روز رابطہ کمیٹی اور کے کے ایف کے ٹرسٹی ممبران کے اجلاس میں کہا تھا کہ حالیہ صورت حال میں کراچی میں موجود لاکھوں خاندان بدترین معاشی صورت حال سے دوچار ہیں، فاؤنڈیشن کے تحت امدادی سرگرمیوں کو مزید بڑھایا جائے گا۔ انھوں نے متاثرہ خاندانوں میں گھر گھر راشن کی تقسیم، مختلف علاقوں میں قائم عارضی دسترخوان کے قیام اور وائرس کے خاتمے کے لیے اسپرے مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

  • آن لائن فٹنس ٹیسٹ تمام کھلاڑیوں کے لیے چیلنج ہوگا: اظہر علی

    آن لائن فٹنس ٹیسٹ تمام کھلاڑیوں کے لیے چیلنج ہوگا: اظہر علی

    لاہور: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ آن لائن فٹنس ٹیسٹ تمام کھلاڑیوں کے لیے چیلنج ہوگا، لاک ڈاؤن میں بھی فٹنس کا خیال رکھنا لازمی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کپتان اظہر علی نے ویڈیو کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کی بحالی کی خبریں سن رہے ہیں، اس سے بہت فائدہ ہوگا، پی سی بی نے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کا اعلان کیا ہے، یہ تمام کھلاڑیوں کے لیے چیلنج ہوگا۔

    اظہر علی کا کہنا تھا طویل وقفے کے بعد کرکٹ میں واپسی مشکل ہوگی، ہم اپنے طور پر کوشش کر رہے ہیں کہ خود کو فٹ اور متحرک رکھ سکیں، کوشش کریں گے کچھ پریکٹس میچز ہو جائیں،ہمیں معلوم نہیں یہ وقفہ کتنا طویل ہوگا۔

    انھوں نے کہا لاک ڈاؤن میں جو لوگ بلا وجہ باہر نکل رہے ہیں ان پر افسوس ہے، صرف دوسروں نہیں اپنے آپ سے بھی بچنے کی ضرورت ہے، بلاوجہ باہر نکلنے کی بجائے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزاریں۔

    کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، ٹریننگ کرا رہے ہیں: مصباح الحق

    اظہر علی نے کہا قومی ٹیسٹ ٹیم کے حوالے سے مطمئن ہوں، آسٹریلیا کا دورہ بہتر آغاز نہیں تھا، بنگلادیش اور سری لنکا کے خلاف فتوحات خوش آیند ہیں، وہاب ریاض، محمد عامر نے بہت عرصہ پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلی، سینئر کھلاڑیوں کے نہ ہونے سے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملا، نوجوان فاسٹ بولرز نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، امید ہے 6 سے 8 ماہ میں بہترین بولنگ اٹیک بن جائے گا۔

    کپتان قومی ٹیسٹ ٹیم کا کہنا تھا پاکستان کو کافی عرصے سے ٹیسٹ کرکٹ کم مل رہی ہے، پاکستان کو سال میں زیادہ سے زیادہ 10 ٹیسٹ میچز ملتے ہیں، امید ہے ان میں مزید کمی نہیں ہوگی۔ انھوں نے مزید کہا اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر اپنے مؤقف پر قائم ہوں، پی ایس ایل نہ کھیلنے کا دکھ ہے، لیکن فرنچائز پر منحصر ہے کہ وہ کس کھلاڑی کا انتخاب کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ لاک ڈاؤن کے دنوں میں پی سی بی نے کھلاڑیوں کے لیے فٹنس ٹیسٹ کی تاریخ کا اعلان کیا ہے، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ 20 اور 21 اپریل کو وڈیو لنک کے ذریعے لیے جائیں گے، ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کو ایک منٹ میں 60 پش اپ اور 50 سٹ اپ لگانے ہوں گے۔

  • کروناوائرس: پی سی بی کا رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ سے متعلق بڑا اعلان

    کروناوائرس: پی سی بی کا رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ سے متعلق بڑا اعلان

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا، کرونا کے باعث کرکٹ سرگرمیاں منعقد نہیں ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ کروناوائرس کے باعث کسی بھی کرکٹ سرگرمی کے لیے این او سی جاری نہیں ہوگا، چند منتظمین نے این او سی کی غرض سے وضاحت طلب کرنے کے لیے رابطہ کیا جنہیں واضح طور پر بتا دیا گیا ہے کہ مہلک وائرس کے باعث این او سی نہیں دیا جائے گا۔

    ’’ اس وقت مناسب یہی ہے کہ ہم اپنی واضح اور جامع پالیسی پر عمل کریں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے ملازمین اور کھلاڑیوں کی حفاظت کے حوالے سے بہت سنجیدہ ہے‘‘۔

    کورونا وائرس؛ پی سی بی کا اہم اقدام

    خیال رہے کروناوائرس کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ، پاکستان سپر لیگ فائیو کے 2 سیمی فائنلز اور فائنل میچز ملتوی کرچکا ہے۔ اور کہا ہے کہ میچز کو ری شیڈول کیا جائے گا۔

    ردعمل میں کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ کروناوائرس کے پیش نظر پی سی بی کا فیصلہ بہت اچھا ہے، پی ایس ایل کے فینز مایوس نہ ہوں، صورتحال بہتر ہوتے ہی پی ایس ایل کے میچز دوبارہ ہوں گے۔

  • کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، ٹریننگ کرا رہے ہیں: مصباح الحق

    کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، ٹریننگ کرا رہے ہیں: مصباح الحق

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا کی صورت حال معمول والی نہیں ہے، سیلف آئسولیشن پر عمل درآمد ہونا چاہیے، ہم کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں انھیں ٹریننگ کرا رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق قومی ٹیم کپتان مصباح الحق لاہور میں ویڈیو کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ پوری دنیا کی صورت حال کے بعد دعا ہے اللہ سب کو محفوظ رکھے، سیلف آئسولیشن پر عمل درآمد کرنا چاہیے، بلاوجہ باہر نہ جائیں۔

    مصباح الحق نے کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ٹریننگ کرا رہے ہیں، پی ایس ایل میں تمام ٹیموں نے بہترین کرکٹ کھیلی، پچز کا معیار بہت اچھا تھا جن پر بڑے اسکور بنے، پی ایس ایل میں کافی چیزیں نظر آئیں جن پر کام کی ضرورت ہے، پاکستان کرکٹ کا مستقبل بہت اچھا نظر آ رہا ہے، میری تجویز ہے پی ایس ایل کے باقی میچز ضرور ہوں۔

    کرونا وائرس، سرفراز احمد کا عوام کے نام خصوصی پیغام

    چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ وہ شرجیل خان کی فٹنس سے خوش نہیں ہیں، انھیں واپسی کے لیے بہت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے بھی شہر قائد میں عوام کے نام خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ شہری لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کریں، کرونا وائرس سے بچاؤ صرف احتیاط ہی سے ممکن ہے۔

  • محبت اور سپورٹ پر کراچی کنگز کے مداحوں کا شکر گزار ہوں: ڈین جونز

    محبت اور سپورٹ پر کراچی کنگز کے مداحوں کا شکر گزار ہوں: ڈین جونز

    کراچی: پاکستان سپر لیگ فائیو کی سب سے بڑی ٹیم کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے ٹیم کے مداحوں کا شکریہ ادا کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کہا ہے کہ محبت اور سپورٹ پر کراچی کنگز کے مداحوں کا شکر گزار ہوں، کراچی کنگز کے فینز پی ایس ایل کے بہترین فینز ہیں۔

    ڈین جونز نے لکھا کہ میں اپنی ٹیم کراچی کنگز کا بھی شکر گزار ہوں، ہمارے پاس بہترین کھلاڑیوں کا اسکواڈ تھا۔

    کرونا وائرس، پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فائیو کے میچز ملتوی کردیئے

    دریں اثنا، ہوٹل میں کراچی کنگز ٹیم کے مالک سلمان اقبال، صدر وسیم اکرم، کوچ ڈین جونز اور کپتان عماد وسیم نے الوداعی تقاریر کیں، اور تمام کھلاڑیوں کا شکریہ ادا جنھوں نے ٹورنامنٹ کے دوران شان دار ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔

    کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال الوداعی خطاب کر رہے ہیں

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ فائیو کے 2 سیمی فائنلز اور فائنل میچز ملتوی کر دیے ہیں، پی سی بی کا کہنا تھا کہ میچز کو ری شیڈول کیا جائے گا۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے ایونٹ کے پلے آف میچز کو سیمی فائنل اور فائنل میں تبدیل کر دیا تھا۔

    غیرملکی کھلاڑی میں کرونا کی علامات کے بعد پی ایس ایل ملتوی کرنےکافیصلہ کیا،وسیم خان

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ ایک غیر ملکی کھلاڑی میں کرونا وائرس کا شبہ تھا، غیر ملکی کھلاڑی میں علامات کے بعد پی ایس ایل ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

  • پی سی بی نے بنگلادیش کا دورہ پاکستان ملتوی کر دیا

    پی سی بی نے بنگلادیش کا دورہ پاکستان ملتوی کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر بنگلادیش کا دورہ پاکستان ملتوی کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش ٹیم کو پاکستان میں ایک ون ڈے اور ایک ٹیسٹ میچ کھیلنا تھا تاہم پی سی بی نے کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر یہ دورہ ملتوی کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 7 تا 10 فروری راولپنڈی میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان نے ایک اننگز اور 44 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے خلاف سیریز کے دوسرے مرحلے میں شرکت کے لیے 29 مارچ کو کراچی پہنچنا تھا۔

    پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنل میچز کل لاہور میں ہوں گے

    پہلے مرحلے میں دونوں ٹیموں کے مابین 3 ٹی ٹوینٹی میچز پر مشتمل سیریز میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو وائٹ واش کیا تھا۔ ٹیموں کے درمیان واحد ون ڈے میچ یکم اپریل جب کہ 2 میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 5 اپریل سے شیڈول تھا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے 25 مارچ سے شروع ہونے والا پاکستان ایک روزہ کپ بھی غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔ ادھر کرونا وائرس کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کے میچز میں کراؤڈ کی پابندی لگا دی گئی ہے، تاہم میچز شیڈول کے مطابق ہو رہے ہیں، اور دونوں سیمی فائنل کل لاہور میں کھیلے جائیں گے۔