Tag: کرکٹ

  • سر ویوین رچرڈز کو کراچی پریس کلب نے اعزازی ممبر شپ دے دی

    سر ویوین رچرڈز کو کراچی پریس کلب نے اعزازی ممبر شپ دے دی

    کراچی: کے پی سی نے دنیائے کرکٹ میں احترام کی نظروں سے دیکھے جانے والے سابق کرکٹر سر ویوین رچرڈز کو تا حیات اعزازی ممبر شپ دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب نے ویسٹ انڈیز کے سابق لیجنڈ کھلاڑی سر ویوین رچرڈز کو کلب کی تاحیات اعزازی ممبر شپ دی ہے، ویوین رچرڈز کو پاکستان میں کرکٹ بحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کے اعتراف میں ممبر شپ دی گئی۔

    اس سلسلے میں پریس کلب کے سیکریٹری اور صدر نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ویوین رچرڈز سے ملاقات کی، اور انھیں ممبر شپ کے ساتھ کلب کا نشان پیش کیا گیا۔ ملاقات میں بات کرتے ہوئے سر ویوین رچرڈز نے کراچی پریس کلب کے عہدے داران کا شکریہ ادا کیا، اور ممبر شپ کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی پریس کلب کا جلد دورہ کریں گے۔

    سابق لے جنڈ کرکٹر سر ویوین رچرڈز کو کے پی سی کی جانب سے اعزازی ممبرشپ اور کلب کا نشان پیش کیا گیا

    سابق ویسٹ انڈین کرکٹر کو سندھ کی ثقافتی علامت اجرک بھی پیش کی گئی۔ پریس کلب کے سیکریٹری ارمان صابر کا کہنا تھا کہ ویون رچرڈز کی جانب سے پریس کلب کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، انھیں کرکٹ کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں مبمر شپ دی گئی ہے۔

    سر ویوین رچرڈز کو سندھی ثقافت کی علامت اجرک بھی پیش کی گئی

    خیال رہے کہ سر ویوین رچرڈز پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے ہیڈ کوچ ہیں، اور ان دنوں پی ایس ایل 5 سیزن کے سلسلے میں پاکستان آئے ہوئے ہیں۔

  • برائن لارا نے آسٹریلیا کو ورلڈکپ کیلیے فیورٹ قرار دے دیا

    برائن لارا نے آسٹریلیا کو ورلڈکپ کیلیے فیورٹ قرار دے دیا

    کراچی: لیجنڈ بیٹسمین برائن لارا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے آسٹریلوی ٹیم کو ہاٹ فیورٹ قرار دے دیا۔

    ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میزبان آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی ٹرافی پر قبضہ جما سکتا ہے، میزبان ہونے کے ناطے ہوم ٹیم فیورٹ ہے۔

    عظیم بلے باز کا کہنا تھا کہ دو بار کی چیمپئن ویسٹ انڈیز بھی خطرناک ٹیم ثابت ہو سکتی ہے، جس طرح مسلسل کارکردگی ٹیم دکھا رہی ہے وہ آسٹریلیا کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔

    بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم سے آسٹریلیا کو خبردار رہنا پڑے گا، بھارتی ٹیم ایک بار ٹرافی جیت چکی ہے تاہم اس بار آسٹریلیا ہوم گراؤنڈ پر فیورٹ ہے۔

    Image result for t20 world cup trophy 2020

    حیران کن طور پر ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون ٹیم پاکستان کو برائن لارا نے نظرانداز کردیا اور اسے اپنی فیورٹ لسٹ میں شامل نہیں کیا۔

    واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا، ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

    2016میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے فائنل میں ویسٹ انڈیز نے آخری اوور میں بریتھی وردی کے 4 شاندار چھکوں کی بدولت انگلینڈ کو شکست دے کر عالمی کپ جیتا تھا۔

  • نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز لاہور قلندرز کو دبوچنے کے لیے تیار

    نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز لاہور قلندرز کو دبوچنے کے لیے تیار

    کراچی: پی ایس ایل فائیو کے رنگارنگ میلے کی پھر شہر قائد میں واپسی ہو رہی ہے، کراچی کے شیر آج لاہور قلندرز سے مقابلہ کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ایل 5 کے چھبیسویں میچ میں کراچی کنگز آج ہوم گراؤنڈ میں بدلہ چکانے کو تیار نظر آ رہے ہیں، نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کے شیر قلندرز پر وار کریں گے، اپنی فیوریٹ ٹیم کا جوش بڑھانے کے لیے کراچی کے شائقین بھی بے تاب ہیں، اسٹیڈیم میں ہاؤس فل ہوگا۔

    کراچی کنگز کے اونر سلمان اقبال نے فینز کے لیے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کراچی کنگز ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کو تیار ہے، کراچی والے نیلی ٹی شرٹس پہن کر اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے آئیں اور دنیا کو دکھائیں کہ یہ ہے کراچی۔

    ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اہم میچ بارش کی نذر

    کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے جیت کے لیے عزم کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تیار ہیں، لاہور قلندرز کے خلاف حکمت عملی بنالی، کسی کھلاڑی کا کوئی ڈر نہیں، پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے، پہلی کوشش پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اہم میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹورنامنٹ میں 7 پوانٹس ہو گئے جب کہ ملتان سلطانز 12 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر برقرار ہے۔ دوسری طرف لاہور قلندرز نے 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے، جب کہ کراچی کنگز 7 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر براجمان ہے۔

    کراچی کنگز کی ٹیم اب تک 7 میچز کھیل چکی ہے، جن میں سے 3 جیتے، ایک کا نتیجہ نہیں نکلا جب کہ 3 ہارے۔ قلندرز اور کنگز کا اب تک ایک ہی ٹاکرا ہوا ہے جو قلندرز کے نام رہا۔ لاہور قلندرز کی ٹیم اب تک 8 میچز کھیل چکی ہے، جن میں سے اس نے 4 جیتے، اور 4 ہارے۔

  • ورلڈ الیون اور ایشیا الیون کے میچز ملتوی

    ورلڈ الیون اور ایشیا الیون کے میچز ملتوی

    ڈھاکا: بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ورلڈالیون اور ایشیا الیون کے درمیان شیڈول میچز کو ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔

    دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے ہلاکت خیز کورونا وائرس نے ایک اور اسپورٹس ایونٹ کو متاثر کیا ہے، سو سے زائد ممالک میں پھیلنے والے مہلک وائرس سے جہاں عالمی معیشت، سیاحت اور دیگر سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں وہیں کھیل کے میدان بھی اس وبا کی اثرات سے محفوظ نہیں رہے۔

    بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے پیش نظر ورلڈالیون اور ایشیا الیون کے مابین ہونے والے میچز کو ملتوی کر دیا ہے۔

    بی سی بی کے صدر نظم الحسن کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ 21 اور 22 مارچ کو ڈھاکا میں شیڈول ورلڈ اور ایشیا الیون کے میچز کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کیے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں میچز کا انعقاد مشکل دکھائی دے رہا تھا اس لیے فیصلہ کیا کہ میچز موخر کردیے جائیں اور صورتحال کو دیکھتے ہوئے نئی تاریخیں طے کی جائیں گی۔

    واضح رہے کی ورلڈ اور ایشیا الیون میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں تھا جب کہ زیادہ تر تعداد بنگلادیشی اور بھارتی کرکٹرز کی تھی۔

  • کراچی کنگز سے آج لاہور قلندرز پہلی بار ٹکرائیں گے

    کراچی کنگز سے آج لاہور قلندرز پہلی بار ٹکرائیں گے

    لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں پہلی بار آج لاہور قلندرز کا ٹاکرا کراچی کنگز سے ہوگا، میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ایل 5 میں آج ایک اور اہم ترین میچ کھیلا جا رہا ہے، یہ میچ ہے پاکستان سپر لیگ کی سب سے بڑی ٹیم کراچی کنگز اور سیریز کی سب سے پیچھے رہ جانے والی ٹیم لاہور قلندرز کے درمیان۔

    پی ایس ایل فائیو کے اس 23 ویں میچ میں پہلی بار دونوں ٹیمیں آمنا سامنا کر رہی ہیں، اب تک کراچی کنگز اور لاہور قلندرز 6،6 میچز کھیل چکی ہیں۔ کنگز نے 3 میچز جیتے 2 ہارے اور 1 ڈرا ہوا۔ قلندرز نے 2 میچز جیتے اور 4 ہارے، کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل پر 7 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جب کہ لاہور قلندرز 4 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

    قلندرز کی دوسری کامیابی، گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے ہرادیا

    کراچی کنگز کے بابر اعظم اور محمد عامر کارکردگی دکھانے کے لیے پرجوش ہیں، لاہور قلندرز کے محمد حفیظ اور شاہین آفریدی بھی میچ کا پھانسا پلٹنے کے لیے بے تاب ہیں۔

    خیال رہے کہ آج راولپنڈی اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا بھی میچ شیڈول ہے، جو تاخیر کا شکار ہے۔ پچ اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہوا ہے۔ آج بارش کے بعد پچ پر کورز ڈال دیے گئے تھے جنھیں بارش تھمنے کے بعد ہٹا دیا گیا ہے۔

    راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے 8 میچز رکھے گئے تھے جن میں 3 میچز بارش سے متاثر ہوئے۔

  • فاسٹ بولر نے اہلیہ کا میچ دیکھنے کیلیے اپنا میچ چھوڑ دیا

    فاسٹ بولر نے اہلیہ کا میچ دیکھنے کیلیے اپنا میچ چھوڑ دیا

    جوہانسبرگ: آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کو اہلیہ کا ٹی ٹوئنٹی ولڈکپ فائنل میچ دیکھنے کے لیے جنوبی افریقی ٹور ادھورا چھوڑنے کی اجازت مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کو اہلیہ ایلسا ہیلے کا میچ دیکھنے کے لیے وطن واپسی جانے کی درخواست منظور کر لی گئی۔

    مچل اسٹارک نے ٹیم منیجمٹ سے اہلیہ کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل میچ دیکھنے کے لیے جنوبی افریقا سے وطن لوٹنے کی اجازت مانگی تھی جس پر کوچ جسٹن لینگر نے پیسر کو اجازت دے دی۔

    ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل اتوار کو آسٹریلیا میں ہوم ٹیم اور بھارت کے مابین کھیلا جائے گا، مچل اسٹارک کی اہلیہ ایلسا ہیلے فائنل ٹیم کا حصہ ہوں گی۔مچل اسٹارک دورہ جنوبی افریقا پر تھے اور انہوں نے تیسرا ون ڈے کھیلنے سے معذرت کی تھی۔

    کوچ جسٹن لینگر کا کہنا کہ زندگی میں ایک بار موقع ملتا ہے کہ کوئی اپنی سرزمین پر ورلڈکپ کا فائنل کھیلے، اس لیے ہمیں بڑی خوشی ہے مچل اسٹارک اپنی اہلیہ کی حوصلہ افزائی کے لیے وطن واپس جانا چاہتے ہیں، ہم نے اسٹارک کو وطن جانے کی اجازت دے دی ہے تاکہ وہ اہلیہ کو سپورٹ کر سکیں۔

  • پی ایس ایل کی مقبول ترین ٹیم کراچی کنگز کا مقابلہ آج ملتان سلطانز سے ہوگا

    پی ایس ایل کی مقبول ترین ٹیم کراچی کنگز کا مقابلہ آج ملتان سلطانز سے ہوگا

    لاہور: پاکستان سپر لیگ 5 کے سنسنی خیز میچز کا سلسلہ جاری ہے، آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز کا مقابلہ ملتان سلطانز سے ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج لاہور میں رات 8 بجے کراچی کنگز اور ملتان سلطانز دوسری بار ٹکرائیں گے، یہ پی ایس ایل فائیو کا 19 واں میچ ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 28 فروری کو ملتان میں کھیلا جانے والا پہلا میچ ملتان ٹیم نے 52 رنز سے جیتا تھا۔ یہ پی ایس ایل کا دسواں میچ بھی تھا۔

    میچ کے امپائرز ہیں مائیکل گف، شوزیب رضا اور ناصر حسین۔ جب کہ میچ ریفری ہوں گے عزیز الرحمان اور ٹی وی امپائر ہوں گے آصف یعقوب۔

    پی ایس ایل سیزن فائیو میں ملکی اور غیر ملکی اسٹارز کی سوپرڈوپر پرفارمنس جاری ہے، عماد وسیم کی قیادت میں کنگز آج قذافی اسٹیڈیم فتح کرنے کو پر عزم دکھائی دے رہے ہیں، کراچی کنگز کی اوپننگ جوڑی سب پر بھاری نظر آ رہی ہے، بابر اعظم اور شرجیل خان بولرز کی خوب دھلائی کرتے ہیں۔

    18 واں میچ: گلیڈی ایٹرز کی ایک اور شکست، زلمی کی فتح

    ایلکس ہیلز اور کیمرون ڈیلپورٹ بھی میچ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جب کہ بولنگ میں محمد عامر، کرس جورڈن اور عمر خان سے امید ہے کہ اپنی ٹیم کو جتوانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ دوسری طرف سلطانز کے معین علی اور رائلی روسو کراچی کنگز کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں، کے کے کو میچ جیتنے کے لیے ملتان ٹیم کے آل راؤنڈر سہیل تنویر اور بولر محمد الیاس کو سنبھل کے کھیلنا ہوگا۔

    اب تک ملتان سلطانز پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، ملتان سلطانز نے 5 میچز میں 4 چار جیتے ایک ہارا۔ کراچی کنگز کی پوزیشن پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی ہے، 5 میچز میں سے 3 جیتے اور 2 ہارے۔ دیگر ٹیموں میں اسلام آباد یونائیٹڈ 7 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر، پشاور زلمی 7 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر اور لاہور قلندرز 2 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر ہے۔

  • پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آج پنڈی اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گے

    پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آج پنڈی اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گے

    راولپنڈی: آج پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شام 7 بجے مد مقابل ہوں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج 18 واں میچ پشاور اور کوئٹہ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے، جس کے لیے تمام انتظامات اور حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    گزشتہ روز پی ایس ایل فائیو کے 17 ویں میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایک اور فتح حاصل کر لی تھی، لاہور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں قلندرز کی ٹیم 199 رنز کے تعاقب میں صرف 18.5 اوورز میں 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ایونٹ میں لاہور قلندرز کی یہ چوتھی شکست تھی۔

    لاہور قلندرز کی ٹیم 127 رنز پر ڈھیر، یونائیٹڈ کی ایک اور فتح

    3 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے 16 ویں میچ میں قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 37 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی تھی۔ میچ میں لاہور قلندرز نے 210 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا، جس کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے بازوں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے، اور پوری ٹیم 172 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ قلندرز کے بولرز نے ابتدا ہی سے بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا جس کے باعث وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور کٹنگ کے سوا کوئی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا تھا۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست، لاہور قلندرز کی پہلی فتح

    اب تک کھیلے گئے 17 میچوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے 3، کراچی کنگز نے 3، ملتان سلطان 4، پشاور زلمی 2، اسلام آباد یونائیٹڈ نے 3 میچ جیتے، جب کہ لاہور قلندرز ایک میچ جیت چکی ہے۔

  • آج لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا

    آج لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا

    لاہور: آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا، یہ پاکستان سپر لیگ فائیو کا 16 واں میچ ہوگا، میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ایل 5 کے سولہویں میچ میں آج لاہور قلندرز ہوم گراؤنڈ پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ ٹکرائیں گے، پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کراچی کنگز 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

    ایلکس ہیلز اور بابر کا لاٹھی چارج، زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست

    گزشتہ روز پی ایس ایل 5 میں کراچی کنگز نے تیسری شان دار کامیابی حاصل کرتے ہوئے راولپنڈی اسٹیڈیم میں پشاور زلمی کو 6 وکٹوں شکست دے دی تھی، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو دوسری بار ایونٹ میں ہرایا، کنگز کے بابر اعظم نے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ایلکس ہیلز نے 49 رنز بنائے، جب کہ محمد عامر نے شان دار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑی آؤٹ کیے جس پر انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    اب تک پی ایس ایل فائیو میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 3 میچز، ملتان سلطانز 4 میچز، اسلام آباد یونائیٹڈ 2 میچز، پشاور زلمی 2 میچز جیت چکی ہیں، کراچی کنگز 3 جب کہ لاہور قلندرز نے کوئی میچ نہیں جیتا۔ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں 4 میچز کھیلے جا چکے ہیں، لاہور قذافی اسٹیڈیم میں 3 میچز، ملتان 3 اور پنڈی اسٹیڈیم میں 5 میچز کھیلے جا چکے ہیں۔

  • پی ایس ایل 5: آج گلیڈی ایٹرز اور سلطانز، یونائیٹڈ اور زلمی مد مقابل

    پی ایس ایل 5: آج گلیڈی ایٹرز اور سلطانز، یونائیٹڈ اور زلمی مد مقابل

    ملتان: پاکستان سپر لیگ 5 میں دل چسپ اور سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، ان مقابلوں کے ساتھ ہی پاکستان میں کرکٹ کے میدان بھرپور طور سے آباد ہو گئے ہیں، ایونٹ میں آج بھی 2 میچز کا فیصلہ ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ایل فائیو کا میلہ پاکستان میں پوری آب و تاب سے جاری ہے، انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ایکشن پاکستانی میدانوں میں دیکھنے کے لیے شائقین جوق در جوق اسٹیڈیم کا رخ کر رہے ہیں، میچز کے سلسلے میں سیکورٹی کے بھی بہت سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    ایونٹ میں آج ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 12 ویں میچ میں ہوم ٹیم سلطانز دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ٹکرائے گی، جب کہ دوسرا میچ راولپنڈی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا، یہ ایونٹ کا 13 واں میچ ہوگا۔

    10 واں میچ:  ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو شکست دیدی

    اب تک پی ایس ایل فائیو میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 3 میچز، ملتان سلطانز 3 میچز، اسلام آباد یونائیٹڈ 2 میچز، پشاور زلمی 2 میچز جیت چکی ہیں، کراچی کنگز 1 جب کہ لاہور قلندرز نے کوئی میچ نہیں جیتا۔ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں 4 میچز کھیلے جا چکے ہیں، لاہور قذافی اسٹیڈیم میں 3 میچز، جب کہ ملتان اور پنڈی اسٹیڈیمز میں 2،2 میچز کھیلے جا چکے ہیں۔


    آج کا شیڈول

    12 واں میچ ملتان اسٹیڈیم: ملتان سلطان بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز (وقت دوپہر 2 بجے)

    13 واں میچ پنڈی اسٹیڈیم: اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ پشاور زلمی (وقت شام 7 بجے)


    11 واں میچ:  لاہور قلندرز شکستوں کے بھنور میں پھنس گئی، زلمی کی فتح

    گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ 5 کے 10 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 52 رنز سے شکست دی، جب کہ 11 ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو بہ آسانی 16 رنز سے شکست دی۔