Tag: کرکٹ

  • جارحانہ کرکٹ کھیلنے اور پلے آف میں جگہ بنانا ہدف ہے: کپتان کراچی کنگز

    جارحانہ کرکٹ کھیلنے اور پلے آف میں جگہ بنانا ہدف ہے: کپتان کراچی کنگز

    کراچی: پی ایس ایل 5 کی سپر ٹیم کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا ہے کہ ہمارا ہدف جارحانہ کرکٹ کھیلنا اور پلے آف میں جگہ بنانا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے پریس کانفرنس میں کیا، انھوں نے آنے والے میچز میں شان دار کارکردگی دکھانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ہدف ہے جارحانہ کرکٹ کھیلیں اور پلے آف میں جگہ بنائیں۔

    عماد وسیم کا کہنا تھا کہ شرجیل خان اور بابر اعظم ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں، شرجیل خان اکیلے میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، بابر اعظم اور شرجیل خان ٹورنامنٹ کے آخری میچ تک مین کھلاڑی رہیں گے، شرجیل خان پرفارم کرے یا نہ کرے وہ کھیلے گا، ٹاپ آرڈر میں ان دونوں سے اچھا کوئی کھلاڑی نہیں۔

    ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں‌ سے شکست دے دی

    کراچی کنگز کے کپتان نے کہا کہ ہمارے لہے اعزاز کی بات ہے کہ ملتان کا لڑکا ہماری ٹیم میں ہے، عامر یامین بہترین کھلاڑی ہیں، وہ بہت محنت کرتے ہیں، وہ پاکستان کے بیسٹ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر ہیں۔ عماد وسیم نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے تیسرے میچ میں ٹیم میں تبدیلیاں ہوں، ایسا نہیں کہ ہم پریشرمیں ہیں، ہمارے کھلاڑی ورلڈ کلاس ہیں، ہماری ٹیم بھی بہت بڑی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پرفارمنس کی گارنٹی کسی کی نہیں ہوتی، جو بہتر کھیلے گا وہی میچ جیتے گا۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایل کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز نے ملتان میں ڈیرے ڈال دیے ہیں، آج کراچی کنگز کا ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن شیڈول ہے۔ کراچی کنگز ایونٹ میں اپنا تیسرا میچ کل ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔ اپنا پہلا میچ کے کے ٹیم نے پشاور زلمی سے جیتا تھا تاہم دوسرا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہار گئی تھی۔

  • پاکستان سپر لیگ کو بدنام کرنے کی سازش ناکام

    پاکستان سپر لیگ کو بدنام کرنے کی سازش ناکام

    کراچی: پی ایس ایل کو شفاف رکھنے کے لیے ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے اسے بدنام کرنے کی سازش ناکام بنا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے بھارتی بکیوں کے ساتھ رابطہ رکھنے والے بین الاقوامی گروہ کے 3 اہم کارندے گرفتار کر لیے، ملزمان میں مہیندر کمار، نریش کمار، نریش کمار عرف جانی شامل ہیں۔

    ایف آئی اے ذرایع کے مطابق ملزمان انٹرنیٹ کے ذریعے بیرون ملک گروپ سے رابطے میں تھے، بھارتی بکیوں سے تانے بانے ملتے ہیں، ملزمان سے لیپ ٹاپ اور موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔

    ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، ملزمان مختلف بینکوں میں بے نامی اکاؤنٹس چلا رہے تھے، حوالہ ہنڈیوں کے کام میں بھی ملوث تھے، گروپ میں بدنام زمانہ بکی بھی شامل ہیں۔

    پی ایس ایل میں بال ٹیمپرنگ کا الزام

    خیال رہے کہ پاکستان میں پی ایس ایل 5 کے سنسنی خیز میچز جاری ہیں، اب تک 8 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز نے دو دو میچز جیتے ہیں جب کہ کراچی کنگز اور پشاور زلمی ایک ایک میچ جیت چکے ہیں۔

    آج پی ایس ایل فائیو کا میلہ راولپنڈی میں سجے گا، اسلام آباد یونائیٹڈ کا ہوم گراؤنڈ پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے مقابلہ ہوگا۔

  • دورہ پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کروں گا: گریگ چیپل

    دورہ پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کروں گا: گریگ چیپل

    اسلام آباد: سابق آسٹریلوی کپتان گریگ چیپل نے ٹویٹر پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، اور اس دوران وہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق آسٹریلوی کپتان گریگ چیپل نے ٹویٹر پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں انھوں نے بتایا کہ میں پاکستان کا دورہ کر رہا ہوں، وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کروں گا۔

    گریگ چیپل کا کہنا تھا کہ انھوں نے پاکستان میں تبدیلی کی اچھی باتیں سنی ہیں، یقین ہے کہ نئے وزیر اعظم زبردست کام کر رہے ہیں، میں یہ سن کر پرجوش ہوں کہ پاکستان میں کرکٹ واپس آ چکی ہے۔

    شین واٹسن نے وسیم اکرم سے معافی مانگ لی

    خیال رہے کہ پاکستان میں پی ایس ایل 5 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، دو دن آرام کے بعد کل 26 فروری کو ملتان میں میدان سجے گا، جس میں میزبان ملتان سلطانز اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہوں گے، دونوں ٹیمیں ملتان پہنچ چکی ہیں۔

    گزشتہ روز سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم سے معافی مانگ لی تھی، انھوں نے آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے چیریٹی میچ میں وسیم اکرم کو 2 شان دار چھکے لگائے تھے، جس پر شین واٹسن نے معافی مانگی، شین واٹسن نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ مجھے ابھی بھی اس چھکے لگانے کے حوالے سے برا لگتا ہے، وسیم اکرم میرے بچپن کے ہیرو ہیں اور بہترین انسان ہیں۔

  • پی ایس ایل کی فاتح ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

    پی ایس ایل کی فاتح ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

    لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 2020) کی انعامی رقم اس سال 10 لاکھ امریکی ڈالرز رکھی گئی ہے، ایونٹ نے ایک بار پھر شائقین کرکٹ کے دلوں میں جوش و جذبہ بھر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ایل 5 کے لیے انعامی رقم کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، اس ایونٹ کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، فائنل کی فاتح ٹیم ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ امریکی ڈالرز کی حق دار ٹھہرے گی۔

    ایونٹ کی رنراپ ٹیم کو 2 لاکھ امریکی ڈالر دیے جائیں گے، ایونٹ میں ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو مین آف دی میچ ایوارڈ کے طور پر 4500 امریکی ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی، ایونٹ کے لیے مجموعی انعامی رقم دس لاکھ امریکی ڈالرز رکھی گئی ہے۔

    پاکستان سپر لیگ کی چمچماتی ٹرافی سے متعلق جاننے کے لیے کلک کریں

    80 ہزار ڈالر ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بلے باز، باؤلر اور اسپرٹ آف کرکٹ کے لیے مختص کیے گئے ہیں، بہترین رن آؤٹ اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بھی انعام کے حق دار ہوں گے۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایل فائیو کا باقاعدہ آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہو رہا ہے، پی ایس ایل 2020 کے دوران کُل 34 میچز کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ 22 مارچ تک جاری رہے گا، افتتاحی میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی ٹرافی برطانیہ کی ایک کمپنی اوٹ وِل سلور اسمٹس نے تیار کی ہے، جس کے اوپر نصب ایک چاند اور سہ جہتی ستارہ پاکستان کی نمایندگی کر رہے ہیں، 65 سینٹی میٹر لمبی اس ٹرافی کا کل وزن 8 کلوگرام ہے، چمچماتی ٹرافی کے اردگرد مخصوص رنگ بھی نمایاں ہیں۔

  • پی ایس ایل میچز کی سیکورٹی کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کی ہے: ڈی جی رینجرز

    پی ایس ایل میچز کی سیکورٹی کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کی ہے: ڈی جی رینجرز

    کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میچز کی سیکورٹی کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ‏ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کر کے پی ایس ایل میچز کی تیاریوں کا جائزہ لیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میچز کی سیکورٹی کے سلسلے میں پولیس، رینجرز اور تمام اداروں نے ہر معاملے کا خیال رکھا ہے۔

    ڈی جی رینجرز نے کہا کہ ہماری پلاننگ کافی مربوط ہے، سیکورٹی پلان اچھا بنایا گیا ہے، رینجرز، پولیس اور تمام ادارے مل کر کام کریں گے، سڑکیں بندش کے حوالے سے ماضی والا پلان ہے، پارکنگ ایریاز بڑھائے گئے ہیں۔

    پی ایس ایل پاکستان آگیا، اب فٹبال کی واپسی کے لیے کوشاں ہیں، سلمان اقبال

    میجر جنرل عمر احمد نے کہا کہ دعائیں رنگ لائی ہیں، سب پی ایس ایل میچز کو انجوائے کریں گے، خوشی کی بات ہے کہ کرکٹ سے کراچی کی روشنیاں بحال ہوں گی، پی ایس ایل فارمیٹ بہت مقبول ہے، زیادہ لوگ آنے کے امکانات ہیں۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی کنگز کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز کا انعقاد پہلے بیرونِ ملک ہوتا تھا جس پر ہمیں دکھ تھا، اب پی ایس ایل پوری طرح سے پاکستان میں آ گیا ہے، جس سے قوم میں بڑا جذبہ پایا جاتا ہے۔ گزشتہ روز سابق کپتان اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے کہا تھا کہ پی ایس ایل بڑا ایونٹ ہے، جو پرفارم کرے گا وہ ہیرو بن جائے گا، ایونٹ جو بھی جیتے گا جیت پاکستان کی ہوگی۔

  • ڈی کک نے تیز ترین نصف سنچری بنا ڈالی

    ڈی کک نے تیز ترین نصف سنچری بنا ڈالی

    ڈربن: کوئنٹین ڈی کک نے ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین نصف سنچری بنانے والے جنوبی افریقی پلیئر کا اعزاز حاصل کر لیا۔

    موجودہ کپتان نے انگلینڈ کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 17 گیندوں پر ففٹی بنا کر سابق کپتان اے بی ڈیویلیئرز کا ریکارڈ توڑ ڈیا۔

    ڈربن میں کھیلے گئے میچ میں ڈی کک نے شاندار اننگز کھیلی اور پروٹیز کی جانب سے تیز ترین ففٹی بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

    https://www.youtube.com/watch?v=puvYFCLW174

    اس سے قبل اے بی ڈیویلیئرز 21 گیندوں پر نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ رکھتے تھے، ڈیویلیئرز نے بھی انگلینڈ کے خلاف تیز ترین ففٹی اسکور کی تھی۔

    جنوبی افریقا کی جانب سے تیز ترین نصف سنچریاں بنانے والے ڈی کک اور اے بی ڈیویلیئرز ہی ہیں، تیسری تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ ڈی کک اور چوتھی فاسٹس ففٹی کا ریکارڈ ڈیلویلیئرز کے پاس ہے۔

  • شان مسعود ٹیسٹ کرکٹر کی چھاپ سے خوفزدہ

    شان مسعود ٹیسٹ کرکٹر کی چھاپ سے خوفزدہ

    لاہور:‌ قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ پلیئر شان مسعود بطور ٹیسٹ کرکٹر کی چھاپ سے خوفزدہ ہونے لگے۔

    قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ خود پر صرف ٹیسٹ کرکٹر کی چھاپ نہیں لگوانا چاہتا، یہ نہیں چاہتا کہ لوگ مجھے صرف ٹیسٹ کرکٹر ہی سمجھیں۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کی چھاپ سے بچنا چاہتا ہوں اور دوسر پلیئرز کی طرح وائٹ بال کرکٹ میں بھی نام کمانا چاہتا ہوں۔

    پی ایس ایل کے حوالے سے شان مسعود نے کہا کہ اپنے ہوم گراؤنڈ ملتان میں کھیلنے کے لیے بے تاب ہیں، ہوم کراؤڈ کی سپورٹ کھلاڑیوں کے لیے اہم ہوتی ہے اس لیے اپنے میدان پر کھیلنے کے لیے بے چین ہیں۔

    شان مسعود کا کہنا تھا کہ مجھ پر کپتانی کا کوئی دباؤ نہیں، رواں برس ڈومیسٹک سیزن میرے لیے بہت مختلف رہا ہے،اس دوران کپتانی کا تجربہ حاصل ہوا ہے تاہم پی ایس ایل ٹیم کی کپتانی کرنا چیلنج ہے۔

  • سری لنکن ٹیم پر حملے کے 10 سال بعد سنگا کارا کی پاکستان آمد

    سری لنکن ٹیم پر حملے کے 10 سال بعد سنگا کارا کی پاکستان آمد

    لاہور: سری لنکن ٹیم کے سابق کپتان کمار سنگا کارا دس سال بعد پاکستان آ گئے، سنگا کارا سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پہلی بار پاکستان آئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سنگا کارا نے برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کھیل کر انھیں خوشی ہوگی، 2009 سے پہلے ہمیشہ پاکستان کا تجربہ اچھا رہا، پاکستان کے لوگ محبت کرنے والے اور مہمان نواز ہیں۔

    کمار سنگا کارا کا کہنا تھا کہ جب آپ پاکستان جاتے ہیں تو وہ لوگ اپنا دل بچھا دیتے ہیں، امید کرتا ہوں کہ آیندہ کبھی کرکٹ پر حملہ نہیں ہوگا، میں نے سیکورٹی انتظامات دیکھنے کے بعد اس خوب صورت ملک کے دورے کا فیصلہ کیا تھا، پاکستان محفوظ ملک ہے، یہاں کھیلنے پر بہت پرجوش ہوں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ خوشی ہے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی پر اپنا حصہ ڈال رہا ہوں، دیگر ممالک کی ٹیموں کو بھی کہتا ہوں پاکستان کا دورہ کریں، میں 2002 میں پہلی مرتبہ پاکستان آیا تھا، اس دورے کی یادیں اب تک تازہ ہیں۔

    ایم سی سی ٹیم کی پاکستان آمد

    خیال رہے کہ سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا کی قیادت میں دنیا کے تاریخی مارلی بون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی ٹیم 7 روزہ دورے پر لاہور پہنچی ہے، ایم سی سی کی ٹیم 48 سال بعد پاکستان آئی ہے۔ ایم سی سی کی ٹیم لاہور میں 4 میچز کھیلے گی، کل قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور ایم سی سی کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوینٹی میچ کھیلا جائے گا۔

    پاکستان شاہینز کے ساتھ ون ڈے میچ 16 فروری کو ہوگا، ناردرن کے ساتھ 17 فروری جب کہ 19 فروری کو ملتان سلطانز کے ساتھ ٹی ٹوینٹی میچ کھیلا جائے گا۔

  • نیوزی لینڈ نے بھی بھارت کو وائٹ واش کر دیا

    نیوزی لینڈ نے بھی بھارت کو وائٹ واش کر دیا

    ماؤنٹ ماؤنگانوئی: نیوزی لینڈ بھارت کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کر کے ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ہزیمت کا بدلہ چکا دیا۔

    ماؤنٹ ماؤنگانوئی میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں بھی بلند حوصلہ کیوی ٹیم نے بھارت کو پچھاڑ دیا، میزبان ٹیم نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں پر حاصل کر کے سیریز میں کلین سوئپ کر لیا۔

    کیوی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے مہمان ٹیم کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو بھارتی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی لڑکھڑا گئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تاہم راہل نے سنچری بنا کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا۔

    راہل نے 112 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جب کہ لیر نے 62، شوا نے 40 اور پانڈے نے 42 رنز بنائے، کپتان ویرات کوہلی اس بار بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے بینٹ نے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    ہدف کے تعاقب میں کیوی جوڑی نے پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 106 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کر کے جیت کی بنیاد رکھی، جس کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمین بھی بغیر کسی دباؤ کے اننگز کو آگے بڑھاتے رہے اور مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

    اوپنر نکولس80 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ گپٹل نے 66، گرینڈہومے نے 58، ولیمسن نے 22 اور لیتھم نے 32 رنز بنائے۔

    نیوزی لینڈ نے اس فتح کے ساتھ تین میچوں کی سیریز 0-3 سے جیت کر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کا بدلہ لے لیا۔

  • بنگلادیش کا پاکستان کیخلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ

    بنگلادیش کا پاکستان کیخلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ

    ڈھاکا: بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے صاف انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ پاکستان سپر لیگ کے بعد اپریل میں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

    ٹیسٹ کرکٹ میں شائقین کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان نے دوسرا ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ کھیلنے کی تجویز پیش کی تھی جس پر پی سی بی کو بنگلادیش کے ردعمل کا انتظار تھا۔

    اس حوالے سے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری نے کرکٹ ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے خدشات سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے حوالے سے ٹیم مینجمنٹ سے بات چیت کی تو وہ پنک بال سے کھیلنے کے لیے رضامند نہیں ہوئے کیونکہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے حوالے سے ٹیم کی تیاری نہیں ہے۔

    چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ ٹیم مینجمنٹ کے نکتہ نظر اور خیالات کو سمجھتے ہوئے یہ فیصلہ ہوا کہ پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے۔

    واضح رہے کہ بنگلادیش نے اب تک صرف ایک ہی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا ہے جس میں اسے بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔