دبئی: کرکٹ کے عالمی نگراں ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی ) نے فرنٹ فٹ نوبال کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی متعارف کروا دی۔
تفصیلات کے مطابق نئی ٹیکنالوجی آنے کے بعد اب آن فیلڈ امپائر فرنٹ فٹ نوبال کی کال نہیں کر سکے گا تاہم وہ دیگر قسم کی نوبال دینے کا مجاز ہوگا۔
فرنٹ فٹ نو بال دینا اب تھرڈ امپائر کی ذمہ داری ہوگی، تھرڈ امپائر ہر ڈیلیوری کو مانیٹر کرے گا اور فیلڈ امپائر سے رابطہ کر کے آگاہ کرے گا کہ مذکورہ ڈیلیوری نوبال تھی۔
فیلڈ امپائر کو جب تک تھرڈ امپائر کی جانب سے ہدایت موصول نہیں ہوں گی وہ نوبال کی کال اپنے طور پر نہیں سے سکے گا۔
فرنٹ فٹ نوبال ٹیکنالوجی کا استعمال آئندہ بڑے آئی سی سی ٹورنامنٹس میں کیا جائے گا، اس جدید نظام کو مختلف مواقعوں پر آزمائش کے مراحل سے گزارا گیا ہے جس میں یہ تجربہ کامیاب رہا۔
اس نظام کی 12 میچز میں آزمائش کی گئی جس کے دوران 4 ہزار 717 ڈیلیوریز کو مانیٹر کیا گیا جس میں 13 نوبالز دی گئیں اور یہ تمام نوبالز بلکل درست قرار پائیں۔
مانچسٹر: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی ناصر جمشید کے خلاف مانچسٹر کراؤن کورٹ میں اسپاٹ فکسنگ کیس کی کارروائی کے دوران برطانوی استغاثہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے قوانین پر بھی اظہار تشویش کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مانچسٹر کراؤن کورٹ میں ناصر جمشید اور ان کے دو ساتھیوں یوسف انور اور اعجاز احمد کے خلاف اسپاٹ فکسنگ کیس کی کارروائی کے دوران پی سی بی کے قوانین بھی زیر بحث آئے۔
کارروائی کے دوران ناصر جمشید کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ برطانیہ میں میچ فکسنگ میں ملوث افراد کو کرمنل چارجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب کہ پاکستان میں کھلاڑیوں کو کرمنل چارجز کی بہ جائے صرف پابندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور کھلاڑی پابندی کی مدت پوری کر کے واپس آجاتے ہیں، جب کہ برطانیہ میں سزا کا بنیادی مقصد اس گھناؤنے کام میں ملوث کھلاڑیوں کو نشان عبرت بنانا ہوتا ہے تاکہ فکسنگ کے جرم کی روک تھام کی جا سکے۔
عدالت کو کرکٹر شرجیل خان کی مثال بھی دی گئی، شرجیل پر پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی تھی تاہم بورڈ نے اسے کم کر کے اڑھائی سال کر دیا تھا، سزا پوری کرنے کے بعد شرجیل نے دوبارہ کرکٹ کھیلنی شروع کر دی ہے۔
استغاثہ نے اس امر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کو اسپاٹ فکسنگ اور کرپشن کے قوانین مزید سخت کرنے چاہیئں، تاکہ کرکٹ کھیل پر لوگوں کا اعتماد بحال رکھا جا سکے۔
یاد رہے کہ جمعے کے روز مانچسٹر کراؤن کورٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی ناصر جمشید اور ان کے دو ساتھیوں یوسف انور اور اعجاز احمد کو اسپاٹ فکسنگ میں قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں جس کے بعد انھیں کمرہ عدالت سے گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے پہلے ہی ناصر جمشید پر 10 سال کی پابندی عائد ہے جسے نہ صرف آئی سی سی بلکہ مانچسٹر کراؤن کورٹ میں بھی سراہا گیا۔
کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان قومی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پریوینشن آف بلائنڈ نیس (POB) ٹرسٹ اسپتال آنکھوں کا اچھا اسپتال ہے، سیلیکٹرز کو بھی یہاں سے اپنی آنکھوں کا معائنہ کرانا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہون نے پریوینشن آف بلائنڈ ٹرسٹ (پی او بی) کے زیر اہتمام سفید موتیا کے مفت آپریشن کیمپ کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر پی او بی چئیرمین ڈاکٹر مصباح العزیز، ڈاکٹر شایان شادمانی اور شارق جعفری بھی موجود تھے۔
ہفتہ وار منعقد ہونے والے کیمپ میں رواں ہفتے سفید موتیا کے 300 مریضوں کی فہرست مرتب کی گئی تھی جن کا اتوار کے روز مفت آپریشن کیا گیا، آپریشن کے بعد پی او بی ہسپتال کی جانب سے مریضوں کو ادویات بھی مہیا کی گئیں۔
سابق کرکٹر معین کا کہنا تھا کہ فواد عالم بار بار اچھی کارکردگی دکھا کر سلیکٹرز کو بتا رہے ہیں کہ مجھے چانس دو، فواد عالم ایسی عمر میں ہے کہ اسے موقع ملنا چاہیے، وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی بھرپور کارکردگی دکھا چکے ہیں، فواد عالم کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، وہ بھی اس ملک کے کھلاڑی ہیں۔
معین خان نے سیلیکٹرز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ پی او بی آنکھوں کا اچھا اسپتال ہے، سیلیکٹرز کو اپنی آنکھوں کا معائنہ یہاں سے کرانا چاہیے، میرٹ کو آگے نہ لاکر ہماری ساکھ خراب ہو رہی ہے، ہماری کارکردگی متاثر ہورہی ہے۔
راولپنڈی: قومی ٹیم کے اوپنر شان مسعود نے کہا ہے کہ ٹیسٹ ، ون ڈے ہو یا ٹی 20 بابر اعظم ہمیشہ بابر اعظم ہی ہوتا ہے۔
راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز سنچری بنانے والے شان مسعود نے کپتان بابر اعظم کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر اعظم بہت اچھا کھلاڑی ہے اسے اپنی گیم پرکافی کمانڈ ہے، کوئی بھی فارمیٹ ہو بابراعظم ہمیشہ بابراعظم ہی ہوتا ہے۔
کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ ٹیم کو اسکور سے اچھی پوزیشن پر ڈال پائےہیں، جتنےمواقع کھلاڑی کو ملیں گے وہ اسی قدر پرفارم کر سکے گا، غلطیاں جب آپ کرتے ہیں تو آپ کو سیکھنے کا موقع بھی ملتا ہے۔
اوپنر کا کہنا تھا کہ پنڈی کراؤڈ کی جتنی تعریف کریں اتنا کم ہے، ٹیسٹ کرکٹ کو ہمیں ہمیشہ عزت دینی چاہیے، ٹیسٹ کرکٹ میں کوئی ٹیم بڑی چھوٹی ٹیم نہیں ہوتی۔
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل اختتام پذیر ہوگیا، پاکستان نے 3 وکٹوں پر 342 رنز بنالیے، بابراعظم 143 اور اسدشفیق 60 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں بنگلادیش پر 109رنز کی برتری حاصل کرلی، بنگلادیش کی ٹیم پہلے دن 233 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، بنگلا دیش کے خلاف اپنی پہلی اننگز کا آغاز کرتے ہی پاک ٹیم کے اوپنر عابد علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، عابد علی بھارتی کرکٹر محمد اظہر الدین کی مسلسل تیسرے ٹیسٹ میں سنچری کا ریکارڈ برابر نہ کر سکے۔
راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی عمدہ بولنگ کی بدولت بنگلادیش کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 233 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی تو قومی بولرز کے سامنے حریف بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، ابتدا سے ہی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری ٹیم 233 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
تمیم اقبال 3 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، جب کہ سیف حسن کو شاہین آفریدی کی گیند پر شفیق نے کیچ آؤٹ کیا۔ سیف حسن رنز کا کھاتا ہی نہ کھول سکے اور صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان مومن الحق 5 چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، نجم الحسین شنتو 44 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں پویلین لوٹ گئے، محمود اللہ 25 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
فاسٹ بولر شاہین آفریدی بنگلا کپتان مومن الحق کو آؤٹ کرنے کے بعد
بنگلادیش کی جانب سے محمد متھن 63 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے ایک بار پھر شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد عباس اور حارث سہیل نے 2،2 اور نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کم روشنی کے باعث میچ کا پہلا دن ختم کر دیا گیا اور اب قومی ٹیم کل صبح اپنی پہلی اننگز کا آغاز کرے گی۔
کپتانوں کی ٹاس کے موقع پر گفتگو
کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ بنگلادیش کو جلدی آؤٹ کریں، پاکستان ٹیم میں نوجوان کھلاڑی موجود ہیں، عابد علی نے ڈیبیو میں اچھی کارکردگی دکھائی تھی۔ کپتان نے کہا کہ بنگلا دیش کے خلاف ٹیم میں فاسٹ بولر اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، بنگلا ٹیم میں بھی نئے کھلاڑی ہیں جو اپنا بہترین کھیل پیش کریں گے۔
تین سابق کپتان: جاوید برکی، مشتاق محمد اور ماجد خان، پنڈی اسٹیڈیم میں ٹیسٹ کے اوپننگ ڈے پر
بنگلا دیش ٹیم کے کپتان مومن الحق نے کہا کہ ان کے پاس اچھی بیٹنگ لائن ہے، بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے، پاکستان کی ٹیم بھی بہت اچھی ہے، ہم اپنا 100 فی صد دیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلی جا رہی ہے۔ پاکستان نے بنگلہ دیش کو تین ٹی 20 میچز کی سیریز میں 2-0 سے شکست دی تھی۔
کراچی: کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے جارح مزاج بیٹسمین شرجیل خان کو ٹیم کے لیے میچ وننگ پلیئر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شرجیل کی ٹیم میں شمولیت سے خوشی ہوئی، وہ میچ وننگ ثابت ہو سکتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ اس سال کراچی کنگز کو بہت زبردست کرکٹر ملے،ہماری ٹیم بہت متوازن ہے اور ہوم کراوڈ کے سامنےکھیلنے کا مزہ زبردست ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آرہےہیں، غیرملکی کھلاڑیوں کے آنے سے پی ایس ایل اور دلچسپ ہوجائےگی، ڈرافٹ میں ڈین جونز اور وسیم اکرم کے ساتھ مشاورت شامل تھی، امید نہیں تھی کہ اتنے اچھےکھلاڑی مل جائیں گے۔
مسلسل تیسرے بار ٹیم کی قیادت کرنے والے عماد وسیم نے کہا کہ فٹنس بہترین ہے اور پی ایس ایل کیلئے پوری طرح تیارہوں، کراچی کنگزکی کپتانی کرنا اعزاز کی بات ہے، فینز ٹیم کوصرف جیتتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں، بحیثیت کپتان کوشش ہوتی ہے سب کو ساتھ لےکر چلوں اگر منصوبےکےمطابق کھیلیں گےتونتائج مثبت آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم لیجنڈہیں ان سےبہت کچھ سیکھنےکوملتاہے جب کہ ڈین جونز بہترین کوچ اور جارحانہ مزاج ہیں، ڈین جونزحریف ٹیم کےخلاف بہترین منصوبہ بندی کرتےہیں۔
کراچی: امریکا سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد فاسٹ بولر علی خان پی ایس ایل کھیلنے کے لیے بے تاب ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے شائقین کے نام پیغام میں علی خان نے کہا کہ پاکستان میں اپنے مداحوں اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلنے کے لیے بے صبری سے انتظار ہے اور اب مزید صبر کرنا بہت مشکل ہو رہا ہے۔
ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں پی ایس ایل کے لیے پرجوش ہوں اور اسے مزید چمکتا دمکتا دیکھنا چاہتا ہوں۔
29 سالہ پاکستانی نژاد فاسٹ بولر علی خان نے امریکا کی جانب سے ایک ون ڈے میچ کھیلا ہے وہ ٹی ٹوئنٹی کے نامور کھلاڑی ہیں اور اس سال ہونے والے پی ایس ایل فائیو میں کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے۔
Here comes the Final #Kings Squad for #HBLPSL5 selected with passion and ambition to deliver the best in the game!✌🏻
کراچی کنگز نے پیسر علی خان کو سلور کیٹگری میں منتخب کیا ہے، پاکستان سپر لیگ فائیو کا میلہ 20 فروری سے کراچی میں سجے گا اور پہلی بار ایونٹ کے تمام میچز پاک سرزمین پر ہوں گے۔
ہیملٹن: نیوزی لینڈ نے بھارت کا 348 رنز کا بڑا ہدف حاصل کر کے نیا ریکارڈ بنا ڈالا، سنچری میکر راس ٹیلر کی 109 رنز کی ناقابل شکست اننگز نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
ہیملٹن میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 347 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کیا، شریاس لیر نے 103 رنز کی باری کھیلی وہ ٹاس اسکورر رہے جب کہ کپتان ویرات کوہلی نے 51 رنز کا حصہ ڈالا۔
ان فام بیٹسمین راہل نے 88 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 347 تک پہنچایا اور یادیو نے 26 رنز بنا کر ان کا پورا ساتھ دیا، بھارت نے صرف 4 وکٹیں گنوائیں تھیں۔
پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے کیوی بیٹسمین میدان میں اترے تو گپٹل اور نکولس نے 85 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا، میزبان ٹیم کی دوسری وکٹ 109 کے مجموعے پر بلیونڈل کی صورت میں گری جو صرف 9 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد 171 پر سیٹ بیٹسمین نکولس 78 رنز بنا کر چلتے بنے۔
چوتھی وکٹ پر تجربہ کار راس ٹیلر اور قائم مقام کپتان لیتھم نے 138 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کو جیت کے قریب پہنچایا، کپتان لیتھم 309 کے مجموعے پر پویلین لوٹے، انہوں نے 69 رنز بنائے جب کہ راس ٹیلر نے 109 بنا کر ٹیم کو فتح دلوائی۔
نیوزی لینڈ نے 348 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی، یہ نیوزی لینڈ کی بھارت کے خلاف ریکارڈ فتح ہے، راس ٹیلر کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل غیر اخلاقی حرکت کے معاملے پر اپنے بھائی کے دفاع میں آگئے۔
نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ جس طرح سے معاملے کو پیش کیا گیا اس طرح نہیں ہوا ہوگا، میرے خیال میں ایسا کچھ نہیں ہوا جیسا کہ بتایا جا رہا ہے، بالفرض ایسا ہوا بھی ہے تو تمام فریقین کو طلب کرکے معاملے کا حل نکالا جا سکتا ہے۔
کامران اکمل نے کہا کہ معاملہ غلط فہمی کا نتیجہ ہے مجھے یقین ہے کہ ایسا نہیں ہوا ہوگا، ٹرینر اور عمر اکمل آپس میں دوست ہیں وہ دونوں ایک ہی اسکول میں پڑھے ہیں، ہاں اگر ثابت ہو جاتا ہے کہ کسی کے ساتھ غلط ہوا تو عمراکمل معذرت کر لیں گے لیکن میرا خیال ہے کہ عمراکمل نے وہ کچھ کیا وہ جان بوجھ کر نہیں کیا ہوگا۔
38سالہ کامران اکمل نے دعویٰ کیا کہ اگر کوئی کھلاڑی مطلوبہ فٹنس معیار پر پورا نہیں اترتا تو یہ ٹرینر کا فرض ہے کہ وہ پلیئر کی مدد کرے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹر عمر اکمل کے فٹنس ٹیسٹ کے دوران کپڑے اتار کر عجیب حرکت کرنے کا نوٹس لیا تھا۔
عمر اکمل فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہوئے تو انہوں نے اپنے کپڑے اتارتے ہوئے کہا کہ دیکھ لیں چربی کہاں ہے؟عمر اکمل کی اس حرکت کے دوران نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور پاکستان ٹیم مینجمنٹ کے اسٹاف بھی موجود تھے۔
لاہور: پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان راولپنڈی میں ٹیسٹ سیریز کے سلسلے میں اے آئی جی آپریشنز نے فول پروف سیکورٹی کے لیے مزید فورس مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق اے آئی جی آپریشنز نے مراسلہ جاری کرتے ہوئے کانسٹیبلری فاروق آباد اور ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ فورس سے مزید سیکورٹی مانگ لی ہے، مراسلے میں کہا گیا کہ سیکورٹی کے لیے پی سی فاروق آباد سے 100 ریزرو فراہم کی جائے۔
مراسلے کے مطابق ایلیٹ پولیس ٹریننگ اسکول سے 60 اسپیشل، 60 ٹرینڈ سنائپرز بھی طلب کیے گئے ہیں۔ تمام فورس 6 فروری کو پولیس لائنز راولپنڈی میں رپورٹ کرے گی، افسران اور اہل کاروں کی رہایش اور دیگرانتظامات سی پی او راولپنڈی کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، پہلے ٹیسٹ کے لیے دونوں بورڈز کی جانب سے ٹیموں کا اعلان کر دیا گیا ہے، ٹیسٹ اسکواڈ میں فہیم اشرف اور بلال آصف کی واپسی ہوئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کی تاریخ کا بھی اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہوگی۔ پی سی بی کا کہنا تھا کہ 7 سے 11 فروری تک شائقین پنڈی اسٹیڈیم سے ٹکٹ خرید سکتے ہیں، اسلام آباد اور راولپنڈی ایکسپریس سینٹرز پر ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہوگی۔
شائقین کرکٹ سینٹرز سے ٹکٹ خریدتے وقت قومی شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں، ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 5 ٹکٹیں حاصل کی جا سکتی ہیں۔