Tag: کرکٹ

  • سرفراز احمد کراچی کا فخر ہیں: یونس خان

    سرفراز احمد کراچی کا فخر ہیں: یونس خان

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان بھی سرفراز احمد کے معترف ہوگئے اور ان کی قابلیت کو سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق سرفراز احمد قومی ٹیم کے کپتان تھے جنہیں کارکردگی نہ دکھانے کی پاداش میں ہٹادیا گیا، بعد ازاں شائقین کرکٹ کی جانب سے بھی غم وغصے کا اظہار کیا گیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کراچی کا فخر ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھ جیسے لوگوں پر کراچی کا قرض ہے، ہر کام میں ٹائم لگتا ہے پاکستان کرکٹ میں بھی بہتری آئے گی، ہوم گراؤنڈ میں کرکٹ واپس آگئی ہے اس پر بہت خوشی ہے، ملک میں بہت ٹیلنٹ ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ بحال ہوچکی ہے۔

    شاندار فتح کے بعد قومی ٹیم کی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پوزیشن بہتر

    واضح رہے کہ پاکستان نے 13 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ اپنے نام کیا، قومی ٹیم نے سری لنکا کو کراچی ٹیسٹ میں 263 رنز سے شکست دی تھی، سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے بولرز اور بلے باز دونوں چل گئے تھے۔

    جواب میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی تھی، پاکستانی بولرز نے کسی کھلاڑی کو کریز پر ٹکنے نہیں دیا اور فتح اپنے نام کی، قومی ٹیم کی اس شاندار فتح کے بعد ٹیسٹ رینکنگ میں بھی پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔

  • پاکستانی کرکٹر ثناء میر کے لیے ایک اور اعزاز

    پاکستانی کرکٹر ثناء میر کے لیے ایک اور اعزاز

    لاہور: پاکستانی کرکٹر ثناء میر نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا، دہائی کی بہترین خواتین کرکٹر کی فہرست میں شامل ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزڈن نے دہائی کی بہترین خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا، ون ڈے میں 100 وکٹیں لینے والی ثناء میر کا نام بھی وزڈن کی بہترین کرکٹرز میں شامل کرلیا گیا۔

    دزڈن کی بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں ویسٹ انڈیز، بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی کرکٹر شامل ہیں۔

    ثناء میر کا کہنا ہے کہ وزڈن میں بہترین کرکٹرز کے ساتھ نام شامل ہونا ان کے لیے بہت اعزاز کی بات ہے، ہمیشہ ٹیم کے لیے کھیلا اور بہترین پرفام کرنے کی کوشش کی، قومی ٹیم مستقبل میں فتوحات سمیٹے گی۔

    ثنا میر نے نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

    خیال رہے کہ تجربہ کار آل راؤنڈر ثناء میر اس سے قبل بھی کئی اعزاز اپنے نام کرچکی ہیں اور خواتین کرکٹ کی دنیا میں پاکستان کا پرچم فخر سے بلند کیا۔ وہ ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ بھی رقم کر چکی ہیں، انہیں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی ویمن اسپنر کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

  • اے بی ڈی ویلیئرز کے ورلڈکپ کھیلنے کے امکانات روشن

    اے بی ڈی ویلیئرز کے ورلڈکپ کھیلنے کے امکانات روشن

    کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور جارح مزاج بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شمولیت کے امکانات روشن ہوگئے، ٹیم کے موجودہ کپتان ڈو پلیسس نے تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈوپلیسس نے تصدیق کی ہے کہ اے بی ڈی ویلیئز سے آئندہ سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شمولیت پر بات چیت چل رہی ہے، امکان ہے کہ وہ استعفیٰ واپس لے کر ٹیم میں شامل ہوجائیں گے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مایہ ناز کھلاڑی ڈی ویلیئرز صرف آئندہ سال ہونے والے ورلڈکپ تک اپنا استعفیٰ واپس لے سکتے ہیں، بعد ازاں وہ کرکٹ کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیں گے۔ اپنے ایک بیان میں جنوبی افریقہ کے کپتان ڈوپلیسس کا کہنا تھا کہ شائقین کے ساتھ ساتھ میں بھی چاہتا ہوں کہ اے بی ٹیم میں واپس آئیں۔

    اے بی ڈی ویلیئرز کی ورلڈ کپ کے لیے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی پیش کش

    انہوں نے بتایا کہ ٹیم انتظامیہ اس سلسلے میں گزشتہ تین ماہ سے ان سے رابطے میں ہے۔

    ڈوپلیسس کا مزید کہنا تھا کہ اس بارے میں ڈی ویلیئرز اور ٹیم کے چیف کوچ مارک باؤچر کے درمیان کافی پہلے سے ہی بات چیت چل رہی ہے۔ باؤچر نے دو روز قبل کہا تھا کہ وہ اے بی ڈی ویلیئرز سے عالمی کپ کھیلنے کے لیے کہیں گے۔

    خیال رہے کہ رواں سال جون میں جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے ورلڈ کپ کے لیے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی پیش کش کی تھی تاہم چند وجوہات کی بنا پر بورڈ نے پیش کش مسترد کردی تھی۔

    یاد رہے گزشتہ سال مئی میں جارح مزاج بلے باز ڈی ویلیئرز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔

  • قومی کرکٹ ٹیم راولپنڈی سے کراچی پہنچ گئی، سخت سیکورٹی میں ہوٹل منتقل

    قومی کرکٹ ٹیم راولپنڈی سے کراچی پہنچ گئی، سخت سیکورٹی میں ہوٹل منتقل

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم راولپنڈی سے کراچی پہنچ گئی ہے، ٹیم کو سخت حفاظت میں ایئر پورٹ سے ہوٹل پہنچا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ 19 تاریخ سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے سخت سیکورٹی حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا۔

    سری لنکا کی مہمان ٹیم کل دوپہر کو کراچی پہنچے گی، دونوں ٹیمیں 17 اور 18 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک سری لنکا ٹیسٹ ڈرا، عابد علی اور بابر اعظم کی سنچریاں

    خیال رہے کہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلا جانا والا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا، پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز مہمان ٹیم نے 6 وکٹوں پر 308 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈیکلئر کر دی تھی جب کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں‌ کے نقصان پر 252 رنز بنائے اور میچ ڈرا ہوگیا۔

    یادگار پنڈی ٹیسٹ بارش کی نذر ہو کر ڈرا ہوا، پاکستانی اوپنر عابد علی نے منفرد عالمی ریکارڈ بنایا، ٹیسٹ اور ون ڈے میں ڈیبیو پر سنچری کرنے والے وہ دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے، عابد علی کو مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔ بابر اعظم نے بھی ٹیسٹ کیریئر کی تیسری سنچری بنائی، دونوں ٹیموں کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے بیس بیس پوائنٹس مل گئے ہیں۔

  • نشے میں دھت بھارتی کرکٹر نے شہری کو دھو ڈالا

    نشے میں دھت بھارتی کرکٹر نے شہری کو دھو ڈالا

    میرٹھ: گزشتہ سال انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے والے بھارتی کرکٹر پروین کمار مشکل میں پڑ گئے، شہری نے ان کے خلاف پولیس کو درخواست دے دی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دیپک شرما نامی شخص نے پولیس کو پروین کمار کے خلاف شکایت درج کراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کے ہمراہ جارہے تھے کہ اس دوران نشے میں دھت پروین کمار گاڑی سے باہر نکلے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔

    دیپک شرما نے کہا کہ پروین کمار کے تشدد سے اس کا بازو ٹوٹ گیا جب کہ بیٹا بھی زخمی ہوا اور سابق کرکٹر تضحیک آمیز سلوک کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں دھمکیاں بھی دیتا رہا۔

    شہری نے بتایا کہ پولیس کو تحریری شکایت درج کرائی مگر مقدمہ درج نہیں کیا گیا، پولیس ہائی پروفائل کرکٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کررہی ہے۔

    دوسری جانب متعلقہ ایس پی کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کی تفتیش کررہے ہیں ، دونوں پڑوسی ہیں اور ان کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف شکایات آئی ہیں، ان کے موقف کی روشنی میں تفتیش آگے بڑھ رہی ہے اور معاملے کو سنجیدگی سے لیا جارہا ہے۔

  • عابد علی نے عالمی ریکاڈ بیٹی کے نام کردیا

    عابد علی نے عالمی ریکاڈ بیٹی کے نام کردیا

    راولپنڈی: ٹیسٹ اور ون ڈے ڈیبیو میں سنچری بنا کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے والے قومی ٹیم کے اوپنر عابد علی نے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری بیٹی کے نام کردی۔

    راولپنڈی ٹیسٹ کے پانچویں روز عابد علی نے 201 گیندوں پر 109 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے بھی شامل تھے، انہیں شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: عابد علی نے عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

    اس موقع پر عابد علی کا کہنا تھا کہ اللہ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے، میری کارکردگی والدین کی دعاؤں کانتیجہ ہے اورسنچری بیٹی کےنام کرتاہوں۔

    انہوں نے کہا کہ انتظار تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کاموقع ملے اور یہی سوچا تھا جب بھی موقع ملے رنز کروں گا، 90 رنز بنانے کےبعد دباؤ میں تھا مگر بابر اعظم نےحوصلہ دیا کہ تم سنچری اسکورکرسکتے ہو۔

    عابد علی کا کہنا تھا کہ بارش نےمیچ کا مزہ خراب کردیا تھا لیکن ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے۔

    واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی نے ون ڈے کے بعد ٹیسٹ ڈیبیو میں سنچری بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔

    دائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے یہ سنگ میل سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پانچویں روز حاصل کیا، وہ ون ڈے اور ٹیسٹ کیریئر کی پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے دنیا کے واحد بیٹسمین بن گئے ہیں۔

  • آرمی ٹوپی کس نے دی؟ میانداد نے جواب دیدیا

    آرمی ٹوپی کس نے دی؟ میانداد نے جواب دیدیا

    لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد نے کہا ہے کہ فوجی کیپس مختلف جگہوں سے مل جاتی ہیں مگر یہ بتاؤں گا کہ میں نے ٹوپی کہاں سے لی۔

    قریباً 15 سال بعد راولپنڈی میں ہونے والے پاک سری لنکن تاریخی ٹیسٹ میچ کے دوران عظیم بیٹسمین جاوید میانداد الگ ہی روپ میں نظر آئے تھے، سر پر آرمی کیپ رکھے میدان میں انٹری اور پھر شائقین سے گھل مل جانے کے مناظر کو سب ہی پسند کیا۔

    مگر سوال یہ تھا کہ آخر جاوید میانداد کو آرمی کیپ پہننے کی ضرورت کیوں پیش آیا؟ کیا انہوں نے بھی ویرات کوہلی کو جواب دینے کے لیے ایسا کیا؟ اس حوالے سے جاوید میانداد نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    ایک ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس کیپ کو پہننے کا مقصد پاک فوج سے اپنے دلی جذبات کا اظہار تھا، میرے دل میں فوج کے لیے بہت عزت ہے اگر کرکٹر نہ بنتا تو فوجی بنتا۔

    مایہ ناز بیٹسمین کا کہنا تھا کہ میں تو شروع سے ہی یہ ٹوپی پہنتا آرہا ہوں، کوہلی اور دیگر لوگ تو سیاسی مقاصد کے لیے آرمی کیپ استعمال کرتے ہیں لیکن میں بچپن سے ایسی ٹوپیاں پہن رہا ہوں اور مجھے یہ جذبہ اپنے گھر سے ملا ہے۔

    واضح رہے کی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات میں بھی جاوید میانداد نے آرمی کیپ پہن رکھی تھی۔

  • دنیائے کرکٹ کا نیا سب سے بڑا اسٹیڈیم کیسا ہے؟

    دنیائے کرکٹ کا نیا سب سے بڑا اسٹیڈیم کیسا ہے؟

    احمد آباد: بھارتی ریاست گجرات کے سب سے بڑے شہر احمد آباد میں دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم زیر تعمیر ہے اور اس میں افتتاحی میچ ایشیا الیون اور ورلڈ الیون کے مابین آئندہ سال مارچ میں متوقع ہے۔

    ایک سو ملین ڈالرز کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس میگا گراؤنڈ میں 1 لاکھ سے زائد شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اس اعتبار سے یہ اسٹیڈیم آسٹریلیا کے میلبرن سے بھی بڑا ہے جہاں بیک وقت ایک لاکھ کے لگ بھگ شائقین بیٹھ کر میچ سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

    اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام آخری مراحل میں ہے اور امکان یہی ہے کہ مارچ 2020 میں اسے مکمل کرلیا جائے گا، یہاں افتتاحی میچ ایشیا الیون اور ورلڈ الیون کے مابین ہوگا جسے دیکھنے کے لیے شائقین بے تاب ہیں۔

    اس وقت کولکتہ کا ایڈن گارڈن کا میدان بھارت کا سب سے بڑا اسٹیڈیم ہے جہاں مجموعی طور پر 66 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔


    احمد آباد کے میگا اسٹیڈیم کو جدت اور فن تعمیر کا شاہکار قرار دیا جارہا ہے، جدید سہولیات سے آراستہ اس میدان کو خوب پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔

  • سری لنکن ٹیم پریکٹس کے لیے اسٹیڈیم پہنچ گئی، احسان مانی بنگلا دیشی ٹیم کے دورے کے لیے پرامید

    سری لنکن ٹیم پریکٹس کے لیے اسٹیڈیم پہنچ گئی، احسان مانی بنگلا دیشی ٹیم کے دورے کے لیے پرامید

    راولپنڈی: پاکستان میں 10 سال بعد انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ کی رونقیں بحال ہو گئی ہیں، سری لنکن ٹیم پریکٹس سیشن کے لیے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود ہے، تاہم گراؤنڈ پر اس وقت گہرے بادلوں کے ڈیرے ہیں، اور بارش کا امکان ہے۔

    دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسانی مانی نے بنگلا دیشی ٹیم کے پاکستان کے دورے کے لیے امید کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ سطح رابطوں کے بعد بنگلا دیشی ٹیم پاکستان ضرور آئے گی۔

    اس وقت کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں سری لنکن ٹیسٹ ٹیم پریکٹس کے لیے موجود ہے، آئی سی سی میچ آفیشلز بھی اسٹیڈیم میں موجود ہیں، پاکستان، سری لنکن ٹیمیں کل پہلا ٹیسٹ اسی اسٹیڈیم میں کھیلیں گی، قبل ازیں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے اسٹیڈیم میں پچ کا معائنہ کیا، ہیڈ کوچ مصباح الحق اور سری لنکن ٹیم ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی معائنے کے وقت ان کے ہم راہ تھے۔

    دریں اثنا، چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ بنگلا دیش کے دورے سے متعلق مثبت جواب کا امکان ہے، وزیر اعظم عمران خان نے بنگلا دیشی وزیر اعظم کو فون کیا تھا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی بنگلا دیشی وزیر خارجہ سے مل چکے ہیں، بنگلا دیش نے دورے سے منع کیا تو وجہ بتانا ہوگی، بنگلا دیشی سیکورٹی وفد کی رپورٹ بھی مثبت ہے۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ وہ پُر امید ہیں کہ بنگلا دیش کی ٹیم ضرور پاکستان آئے گی، 2021 میں انگلینڈ، 2022 میں آسٹریلیا کے دورۂ پاکستان کے لیے بھی پُر امید ہوں، پاکستان آئی سی سی کے اضافی ٹورنامنٹس کے حق میں ہے، بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ نے آئی سی سی کے 2 ٹورنامنٹس کی مخالفت کی، تاہم آئی سی سی کے اضافی ٹورنامنٹس سے ممبر ممالک کو 700 ملین ڈالرز کا فائدہ ہو سکتا ہے۔

  • بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ، کرکٹ کے شیدائی نے جان دے دی!

    بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ، کرکٹ کے شیدائی نے جان دے دی!

    پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔ وہ ایک ٹیسٹ میچ تھا جو 29 جنوری 1955 میں لاہور میں کھیلا گیا۔

    پاکستان کی جانب سے مقصود احمد عرف میری میکس بھارتی کھلاڑی کی گیند کا سامنا کرنے کو تیار تھے۔ ان کا انفرادی اسکور 99 رنز تھا اور وہ بڑی کام یابی کے قریب تھے کہ گپتے کی گیند پر ایک کھلاڑی نے اسٹمپڈ کر دیا۔ یوں سنچری مکمل نہ ہوسکی۔

    وہ 99 رنز پر آئوٹ ہونے والے پاکستان کے پہلے کھلاڑی تھے۔ یوں تو تمام پاکستانی اس پر رنجیدہ اور دکھی تھے، مگر نواب شاہ کا ایک شہری جو ریڈیو پر کمنٹری سن رہا تھا، مقصود احمد کے میدان سے باہر ہوجانے کی تاب نہ لاسکا اور حرکتِ قلب بند ہونے سے اس کی موت واقع ہو گئی۔

    ادھر مقصود احمد اس کے بعد کبھی سنچری اسکور نہیں کرسکے۔ ان کا شمار دنیا کے ان 9 کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جن کا ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ سے زیادہ انفرادی اسکور 99 رنز ہے۔ یہی مقصود احمد بعد میں پاکستان کی قومی سلیکشن ٹیم کا سربراہ بنے اور انھوں نے عمران خان کو ٹیم کی قیادت سونپی جو بعد میں کرکٹ ورلڈ کپ کے فاتح بنے۔ مقصود احمد میری میکس کے نام سے قومی اخبارات و جرائد میں کرکٹ پر مضامین بھی لکھتے رہے۔