Tag: کرکٹ

  • پاورہٹر بیٹسمین پاکستان کیخلاف وارم اپ میچ کیلیے آسٹریلوی کپتان مقرر

    پاورہٹر بیٹسمین پاکستان کیخلاف وارم اپ میچ کیلیے آسٹریلوی کپتان مقرر

    سڈنی: آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل پریکٹس میچ کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا۔ جارحانہ مزاج بیٹسمین کرسلن کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی کرکٹ ٹیم آج روانہ ہوگئی، آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹوینٹی میچز کے لیے ٹیم میں 16 کھلاڑی شامل ہیں۔

    میزبان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 3 نومبر، دوسرا 5 اور تیسرا 8 نومبر کو کھیلا جائے گا جب کہ قومی ٹیم ٹی ٹوینٹی سیریز سے قبل 31 اکتوبرکو وارم اپ میچ کھیلے گی۔

    یہ بھی پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا روانگی کے لیے ایئرپورٹ پہنچ گئی

    حیران کن طور پر کینگروز نے پاور ہٹر کرسلن کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا تاہم انہیں گرین شرٹس کے خلاف پریکٹس میچ کی قیادت سونپی گئی ہے۔

    وارپ میچ کے لیے آسٹریلوی ٹیم ، کرسلن(کپتان)، بیکسٹر ہالٹ، میکینزی ہاروی، ایلکس روز،میک سوینے، جیک فریسر،کرس گرین،بین ڈوارشوس، مکی ایڈور، لوئلڈ پوئپ، ڈین فالن اور ول ستھرلینڈ پر مشتمل ہے۔ 12 رکنی اسکواڈ میں کپتان کرسلن سب سے تجربہ کار کھلاڑی ہیں.

    دونوں ٹیمیں 31 اکتوبر کو سڈنی کے میدان پر پریکٹس میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

  • قومی ٹی 20 کپ: کھلاڑیوں کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ

    قومی ٹی 20 کپ: کھلاڑیوں کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹی 20 کپ میں کھلاڑیوں کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا، ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے قومی ٹی 20 کپ کے سلسلے میں انعامی رقم میں اضافہ کیا ہے، فاتح ٹیم کو پچاس لاکھ جب کہ رنرز اَپ ٹیم کو 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔

    ایونٹ کے بہترین بیٹسمین، بولر اور وکٹ کیپر کو 1،1 لاکھ کی انعامی رقم دی جائے گی، قومی ٹی 20 کپ کا بہترین کھلاڑی بھی ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم وصول کرے گا۔

    پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق پلیئر آف دی فائنل کو 35 ہزار روپے انعام دیا جائے گا، ایونٹ کے دوران مین آف دی میچ کے لیے 25 ہزار روپے بہ طور انعام مقرر کیے گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ٹی 20 سیریز، سری لنکا نے پاکستان کو کلین سویپ کردیا

    پلیئنگ الیون میں شامل ہر کھلاڑی 40 ہزار روپے بہ طور میچ فیس وصول کرے گا، نان پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑی 16 ہزار روپے میچ فیس وصول کریں گے۔

    یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان حالیہ کھیلی جانے والی تین میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز میں پاکستان کے خلاف سری لنکا نے کلین سویپ کیا، قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دی۔

    سری لنکا کی ٹیم کے کوچ رمیش رنا ئیکے نے کہا تھا کہ ہماری ٹیم نے ٹی ٹونٹی سیریز میں بہترین کرکٹ کھیلی، پاکستان آ کر کھیلنے سے بہت خوشی ہوئی، یہاں سے ملنی والی محبتوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

  • ہوم کراؤڈ کے سامنے کرکٹ کھیلنا پہلی مرتبہ گرین شرٹ زیب تن کرنے کے مترادف ہے، احمد شہزاد

    ہوم کراؤڈ کے سامنے کرکٹ کھیلنا پہلی مرتبہ گرین شرٹ زیب تن کرنے کے مترادف ہے، احمد شہزاد

    لاہور:سری لنکا کے خلاف 3 میچوں کے لیے قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے والے احمد شہزاد ایک سال بعد قومی ٹیم کا حصہ بنے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہوم کراؤڈ کےسامنے کھیلنا پہلی بار گرین شرٹ پہننے جیسا تجربہ ثابت ہوگا۔

    پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3ٹی20میچوں پرمشتمل سیریز 5سے 9اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان کی جانب سے ٹی 20 کرکٹ میں واحد سنچری اسکور کرنے والے احمد شہزاد نے آخری بار 13 جون 2018 کوز سکاٹ لینڈ کے خلاف قومی ٹی20کرکٹ ٹیم میں ملک کی نمائندگی کی تھی۔

    اوپنر نے 57 ٹی20 میچوں میں 1454 رنز بنارکھے ہیں۔26.43 کی اوسط سے اسکور کرنے والے احمد شہزاد کے کیرئیر میں 1 سنچری اور 7 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ورلڈ ٹی20 2014 میں بنگلہ دیش میں ڈھاکا کے خلاف 111 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے قومی کرکٹر اس طرز کی کرکٹ میں زمباوے کے خلاف ناقابل شکست 98 رنز بھی بنا چکے ہیں۔ علاوہ ازیں 2سال قبل قذافی اسٹیڈیم میں آئی سی سی ورلڈ الیون کے خلاف کھیلے جانے والے ٹی20 میچ میں بھی احمد شہزاد نے 55 گیندوں پر 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

    اس موقع پر 27 سالہ قومی کرکٹر کا کہنا ہے کہ ٹیم میں کم بیک کرنے پر وہ بہت خوش ہیں۔ ٹیم میں کم بیک کرنا کبھی آسان نہیں ہوتا۔احمد شہزاد نے کہاکہ ٹیم میں واپسی کے لیے اعصابی مضبوطی درکار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر دن ایک نیا دن ہوتا ہے،ٹیم سے دور رہ کر اپنی خامیوں پر قابو پانے کا موقع ملا۔

    لاہور سے تعلق رکھنے والے اوپنر نے کہاکہ ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنا پہلی مرتبہ گرین شرٹ زیب تن کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا قذافی اسٹیڈیم کیساتھ بڑا گہرا تعلق ہےاور یہاں کھیلنے کا ہمیشہ لطف آتا ہے۔احمد شہزاد نے کہاکہ پاکستانی قوم کرکٹ سے بہت پیار کرتی ہے، اپنے ہم وطنوں کے سامنے کرکٹ کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔

    انہوں نے کہاکہ بطور کرکٹر ہمیں میدان میں حوصلہ افزائی درکار ہوتی اور یہ پاکستان سے زیادہ ہمیں کہیں نہیں مل سکتی۔احمد شہزاد نے کہاکہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ امید ہے ٹی20 سیریز میں بھی کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

    انہوں نےکہاکہ یہ سیریز ورلڈکپ کے لیے ٹیم کا بہترین توازن بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔قومی کرکٹر کاکہنا ہے کہ ٹی20 کرکٹ میں سنچری سمیت بہترین ریکارڈ کے باوجود سری لنکا کے خلاف سیریز میں شمولیت ان کے لیے ایک نیا آغاز ہے۔انہوں نے کہاکہ میں اپنی فٹنس اور فارم کی بدولت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹیم میں نمایاں مقام حاصل کرنے کی کوشش کروں گا۔

  • ندا ڈار انٹرنیشنل لیگ میں شرکت کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹربن گئیں

    ندا ڈار انٹرنیشنل لیگ میں شرکت کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹربن گئیں

    اسلام آباد: قومی کرکٹر ندا ڈار کا آسٹریلیا کی ویمنز بگ بیش لیگ میں سڈنی تھنڈر سے معاہدہ طے پاگیا ہے،وہ کسی بھی انٹرنیشنل لیگ میں شرکت کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔

    پی سی بی پوڈ کاسٹ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ندا ڈار کاکہنا ہے کہ ویمنز بگ بیش لیگ میں شمولیت کا موقع ملنے پر وہ بہت مسرور ہیں۔ امید ہے رواں سال آسٹریلوی لیگ میں ان کی شرکت مستقبل میں دیگر قومی خواتین کرکٹرز کی ڈبلیو بی بی ایل میں شرکت کا باعث بنے گی۔

    71 ایک روزہ اور 96 ٹی ٹونٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی ندا ڈار نے 2010 میں اپنا ڈیبیو کیا تھا۔ آلراونڈر 5 اکتوبر کو سڈنی کے لیے روانہ ہوں گی جس کے بعد وہ یکم دسمبر کو انگلینڈ کے خلاف آئی سی سی ویمن چمپئن شپ میں شرکت کےلئے کوالالمپور پہنچیں گی۔ سڈنی تھنڈر ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 18 اکتوبر کو کھیلے گی۔

    ندا ڈار نے کہا کہ ویمنز بگ بیش لیگ میں بہترین کھلاڑیوں کی موجودگی کے باعث معیاری کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا آئندہ سال آسٹریلیا میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل آسٹریلوی لیگ میں شمولیت سے انہیں کنڈیشنز سے ہم آہنگی میں مدد ملے گی۔

    21 فروری سے 8 مارچ تک آسٹریلیا میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل ندا ڈار کی ویمنز بگ بیش لیگ میں شمولیت کا تنقیدی جائزہ لینے کے بعد پی سی بی نے قومی خاتون کرکٹر کو بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں عدم شرکت کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیگ میں شرکت ندا ڈار اور قومی خواتین کرکٹ ٹیم دونوں کے لیے مفید رہے گی۔

  • پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز: کراچی کا ٹریفک پلان جاری

    پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز: کراچی کا ٹریفک پلان جاری

    کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کے دوران شہر قائد میں ٹریفک پلان جاری کردیا گیا۔ شائقین کرکٹ کو شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم پہنچایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے پریس کانفرنس کے دوران پاکستان اور سری لنکا میں میچز کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری کردیا۔

    جاوید مہر نے بتایا کہ 2 ہزار سے زائد افسران و اہلکار اپنے فرائض انجام دیں گے، پارکنگ اردو یونیورسٹی گراؤنڈ اور غریب نواز فٹ بال گراؤنڈ میں ہوگی۔ ایکسپو سینٹر اور رعنا لیاقت گرلز کالج کو بھی پارکنگ کے لیے مختص کردیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ شائقین کرکٹ کو شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم پہنچایا جائے گا، میچز کے دوران متبادل راستوں کے بھی انتظامات کرلیے گئے۔

    ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق کارساز، اسٹیڈیم روڈ اور نیو ٹاؤن کے متبادل راستے اختیار کیے جاسکتے ہیں۔ نیپا، لیاقت آباد، حسن اسکوائر، پیپلز چورنگی اور یونیورسٹی روڈ پر بھاری ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

    خیال رہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک پاکستان میں موجود ہوگی، سری لنکن ٹیم کے دورے میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

    ون ڈے سیریز کراچی میں شیڈول ہے، تینوں ون ڈے میچز 27، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ ٹی 20 میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز دسمبر تک مؤخر کردی گئی ہے۔

  • سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ

    سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ

    لاہور: سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ ہوگئی جو شام 6 بجے کراچی پہنچے گی۔ اپنے دورہ پاکستان کے دوران سری لنکن ٹیم 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ ہوگئی، سری لنکن ٹیم نے روانگی سے قبل سری لنکا کرکٹ ہیڈ کوارٹر میں خصوصی دعا کی۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم شام 6 بجے کراچی پہنچے گی۔

    روانگی سے قبل سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی ہے، سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہوں۔ امید ہے پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

    سری لنکن کرکٹ ٹیم 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک پاکستان میں موجود ہوگی، سری لنکن ٹیم کے دورے میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

    ون ڈے سیریز کراچی میں شیڈول ہے، تینوں ون ڈے میچز 27، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ ٹی 20 میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز دسمبر تک مؤخر کردی گئی ہے۔

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں محدود اوورز کی میچز کی سیریز سے فائدہ ہوگا، ٹیسٹ میچز سے پہلے سری لنکن بورڈ کو یہاں کے حالات کا علم ہوجائے گا۔

    احسان مانی نے کہا تھا کہ وہ مثبت رویئے پر سری لنکن کرکٹ کے صدر شامی سلوا، بورڈ اور کھلاڑیوں کے شکر گزار ہیں۔

  • عثمان شنواری نے ذاتی رائے دی، اظہر محمود زبردست بولنگ کوچ ہیں: وقار یونس

    عثمان شنواری نے ذاتی رائے دی، اظہر محمود زبردست بولنگ کوچ ہیں: وقار یونس

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار  یونس نے کہا ہے کہ اظہر محمود ایک باصلاحیت بولنگ کوچ ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے خصوصی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم کی آمد سے دنیا کے سامنے اچھا تاثر جائے گا، دو سے تین نوجوان کھلاڑی نظر میں ہیں، جن کا مستقبل روشن ہوگا.

    انھوں نے فاسٹ فالر عثمان شنواری کی جانب سے سابق بولنگ کوچ اظہر محمود پر تنقید سے متعلق کہا کہ اظہر محمود تین سال قومی ٹیم کے ساتھ رہے، انھوں نے بہت اچھا کام کیا ہے.

    عثمان شنواری نے جو کہا ہے، وہ اس کی ذاتی رائے ہے، میری نظر میں اظہرمحمود بہت زبردست بولنگ کوچ ہیں، اظہر محمود کا بہ طور  بولنگ کوچ چیمپئنز ٹرافی جتوانے میں اہم کردارتھا.

    انھوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانا بنیادی مقصد ہے، جونیئر لیول پر بھی ہوم ورک کریں گے.

    مزید پڑھیں: مصباح سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا دکھ تھا: عثمان شنواری

    فاسٹ بولرز کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمینٹ سے متعلق انھوں نے کہا کہ یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے، البتہ ٹیم میں بلاصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں.

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے یہ کبھی نہیں کہا کہ عمراکمل اور احمد شہزاد کو ٹیم سے دور رکھنے کے لئے کبھی کچھ نہیں کہا، ایک نظام ہے، سب کو اسی میں رہنا ہے.

  • تین ملکی ٹی 20 سیریز: بنگلہ دیش، افغانستان اور زمبابوے آپس میں ٹکرائیں گے

    تین ملکی ٹی 20 سیریز: بنگلہ دیش، افغانستان اور زمبابوے آپس میں ٹکرائیں گے

    ڈھاکہ: بنگلہ دیش، افغانستان اور زمبابوے کے درمیان تین ملکی ٹی 20 سیریز کل سے شروع ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش، افغانستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ملکی ٹی 20 سیریز کل سے بنگلہ دیش میں کھیلی جائے گی۔

    سیریز کا پہلا میچ 13 ستمبر کو بنگلہ دیش اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائےگا، 14 ستمبر کو دوسرے میچ میں افغانستان اور زمبابوے کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

    تیسرا میچ 15 ستمبر کو بنگلہ دیش اور افغانستان کے مابین کھیلا جائے گا، 18 ستمبر کو چوتھے میچ میں بنگلہ دیش اور زمبابوے کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

    پانچواں میچ 20 ستمبر کو افغانستان اور زمبابوے جبکہ چھٹا اور آخری میچ 21 ستمبر کو بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ بنگلہ دیش کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ ہوگا، جبکہ ایونٹ میں افغانستان بھی ٹف ٹائم دے سکتا ہے۔

  • سری لنکن کرکٹرز نے پاکستان آنے سے کیوں‌ انکار کیا؟ فواد چوہدری کا انکشاف

    سری لنکن کرکٹرز نے پاکستان آنے سے کیوں‌ انکار کیا؟ فواد چوہدری کا انکشاف

    اسلام آباد: وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سری لنکن کھلاڑیوں کے دورہ پاکستان سے انکار کے حوالے سے اہم انکشاف کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن ٹیم کے 10 سینئر کھلاڑیوں نے گزشتہ روز پاکستان میں سیریز کھیلنے سے انکار کردیا تھا، جن میں اینجلیو میتھیوز، کرونارتنے اور لیستھ ملنگا بھی شامل ہیں۔

    اس ضمن میں سری لنکن کرکٹ بورڈ نے موقف اختیار کیا ہے کہ ٹیم شیڈول کے مطابق پاکستان کا دورہ کرے گی اور کھلاڑیوں کو دورے کے حوالے سے فیصلہ کرنے کی آزادی دی گئی تھی۔

    البتہ وفاقی وزیر واد چوہدری کی جانب سے اس ضمن میں اہم انکشاف کیا گیا ہے. ان کا کہنا ہے کہ موصولہ اطلاعات کے مطابق بھارتی کرتادھرتاؤں نے سری لنکن کرکٹرز کودھمکی دی ہے کہ پاکستان گئے تو خود کو آئی پی ایل سےفارغ سمجھیں.

    فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ اگر ایسا ہی ہے، تو اسپورٹس اتھارٹیز کو شرم آنی چاہیے، یہ رویہ افسوس ناک ہے۔

    انھوں نے مزید کہا گیا کہ خلا سے لے کر کرکٹ تک ہر معاملےمیں نفرت انگیزی انتہائی جاہلانہ ہے، اس کی مذمت ہونی چاہیے.

  • مصباح الحق مہنگے ترین مقامی کوچ، مکی آرتھر جتنی تنخواہ دی جائے گی

    مصباح الحق مہنگے ترین مقامی کوچ، مکی آرتھر جتنی تنخواہ دی جائے گی

    لاہور: قومی ٹیم کے حال ہی میں مقرر کیے جانے والے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق پاکستان کرکٹ بورڈ کے مہنگے ترین کوچز کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق مصباح الحق کو سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر جتنی تنخواہ اور دیگر سہولیات دی جائیں گی۔سابق کوچ کو پی سی بی کی جانب سے ماہانہ 18ہزار امریکی ڈالر ملتے تھے اور یہ رقم موجودہ کرنسی ریٹ کے مطابق 28 لاکھ 26ہزار روپے بنتی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ماہانہ مشاہرے کے علاوہ انہیں دو فرسٹ کلاس ائیرٹکٹس، ٹریول الاوئنس، موبائل اور ہیلتھ الاوئنس بھی ملتا تھا، مصباح الحق کو بھی یہ تمام سہولیات میسر آسکتی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سابق ہیڈ کوچ اور موجودہ باؤلنگ کوچ وقار یونس کو 15 ہزار ڈالر ماہانہ دئیے جاتے رہے ہیں۔دوسری جانب سابق کپتان یونس خان کو انڈر 19 ٹیم کی کوچنگ کے لیے 11 لاکھ روپے ماہانہ کی پیشکش کی گئی تھی تاہم انہوں نے معاوضہ کم ہونے کی بنیاد پر کوچنگ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق مصباح الحق کی پاکستان سپر لیگ فرنچائز کے ساتھ بھی معاملات لگ بھگ طے ہیں ،انہیں پی ایس ایل کے ایک سیزن کے لیے 50 سے 60 ہزار امریکی ڈالر ملنے کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق گزشتہ روز آئندہ 3 سال کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا۔ وقار یونس کو قومی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

    مصباح الحق کا نام کوچز کی تلاش کے لیے قائم کردہ 5 رکنی پینل نے متفقہ طور پر پیش کیا تھا۔ پینل میں انتخاب عالم، بازید خان، اسد علی خان، وسیم خان اور ذاکر خان شامل تھے۔ دونوں کوچز کے ناموں کی منظوری پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے دی۔

    مصباح اور وقار کی قومی ٹیم کے ہمراہ پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہوگی، پاکستان سری لنکا میں 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 27 ستمبر سے ہوگی۔

    اس موقع پر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، اس نئی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے مکمل تیار ہوں۔