Tag: کرکٹ

  • عالمی شہرت یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار عالمی ریکارڈ کے قریب پہنچ گئے

    عالمی شہرت یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار عالمی ریکارڈ کے قریب پہنچ گئے

    لاہور: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کرکٹ امپائر علیم ڈار اعلیٰ اعزازات اپنے نام کرنے کے بعد اب عالمی ریکارڈ کے قریب پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق علیم ڈار اگلے چند ماہ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل میچز کو سپروائز کرنے والے پہلے پاکستانی امپائر بن سکتے ہیں۔

    پاکستانی امپائر انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ایشز سیریز کے دو ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ ایشز سیریز کا دوسرا ٹیسٹ انکے کیریئر کا 128 واں ٹیسٹ میچ ہوگا جس کے ساتھ ہی وہ ویسٹ انڈیز کے مشہور امپائر اسٹیوبکنر کا سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز سپروائز کرنےکا عالمی ریکارڈ برابر کردیں گے۔

    علیم ڈار کو جنوبی افریقہ کے روڈی کوٹزن کے سب سے زیادہ 209 ون ڈے کا عالمی ریکارڈ برابر کرنے کے لیے بھی 4 ایک روزہ میچ سپروائز کرنا ہوں گے۔

    واضح رہے کہ ایوارڈ یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار نے ایک روزہ میچز کی ڈبل سنچری رواں سال مئی کے پہلے ہفتے میں مکمل کرلی تھی۔ یہ کارنامہ انہوں نے آئرلینڈ میں جاری سہ فریقی سیریز کے دوران ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ میں امپائرنگ کرتے ہوئے دیا۔

    علیم ڈار کی امپائرنگ کے 200 انٹرنیشنل میچز مکمل

    جھنگ سے تعلق رکھنے والے 50 سالہ علیم ڈار نے 200 ون ڈے میچز مکمل کرنے پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی شائقین کرکٹ اور میڈیا نے ہمیشہ بہت سپورٹ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پراعتماد کیا اور میں جب تک فٹ رہا یہ کام کرتا رہوں گا۔200 ون ڈے میچز کے علاوہ علیم ڈار نے 125 ون ڈے اور 43 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی ایمپائرنگ کے فرائض سرانجام دئیے ہیں۔

    وہ 2009 سے 2011 کے درمیان تین مرتبہ آئی سی سی کی جانب سے بہترین امپائر قرار پائے۔ انہیں پرائزف پرفارمنس سمیت کئی ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے۔

  • سرفراز احمد کا ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم کے کیمپ کا دورہ، کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا

    سرفراز احمد کا ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم کے کیمپ کا دورہ، کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا

    کراچی: قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے آج ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا اور ان کا حوصلہ بڑھایا.

    اس موقع پر انھوں نے ڈس بیلڈ کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انھیں دورہ انگلینڈ کے حوالے سے اہم ٹپس دیں.

    ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم نے قومی ٹیم کے کپتان کو گلدستہ پیش کیا اور ان کی آمد کا شکریہ ادا کیا، سرفراز احمد نے امید ظاہر کی ہے کہ دورہ انگلینڈ میں ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم اچھا پرفارم کرے گی.

    خیال رہے کہ ورلڈ کپ 2019 میں‌ سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی زیادہ متاثر کن نہیں رہی.

    مزید پڑھیں: کوچ غیرملکی نہیں ہونا چاہئے، راشد لطیف کی سرفراز کو کپتان برقرار رکھنے کی حمایت

    قومی ٹیم نے ٹورنامینٹ کا مایوس کن آغاز کیا، اسے ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور انڈیا کے ہاتھوں شکست ہوئی، البتہ پھر ٹیم نے شان دار کم بیک کیا اور لگا تار چار میچ میں فتوحات حاصل کیں. البتہ بھارت کی انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے باعث رن ریٹ پاکستان کے آڑے آگیا.

  • سوشل  میڈیا پر کرکٹرز کی منفی خبروں سے پی سی بی ناخوش

    سوشل میڈیا پر کرکٹرز کی منفی خبروں سے پی سی بی ناخوش

    لاہور: سوشل میڈیا پر قومی کرکٹرز کی منفی خبروں کی گردش پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے نا خوشی کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی اس بات پر نا خوش ہوا ہے کہ قومی کھلاڑیوں کے اسکینڈل سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کی زینت بن رہے ہیں جن سے ٹیم کا تشخص داغ دار ہو رہا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کی منفی خبروں کے بعد پی سی بی متحرک ہو گیا ہے، حکام کو اس بات احساس ہے کہ منفی خبروں سے پاکستان اور ٹیم کا امیج خراب ہوتا ہے۔

    ذرایع پی سی بی کے مطابق پلیئرز ایجوکیشن پروگرام پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کھلاڑیوں کو ٹیکنالوجی کے استعمال، محتاط اور ذمہ دارانہ رویے کی تعلیم دی جائے گی۔

    ذرایع نے بتایا کہ پی سی بی نے امام الحق کے معاملے کی تحقیقات مکمل کر لی ہیں، کرکٹرز کو بد نام کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی منصوبہ بندی بھی کر لی گئی ہے۔

    پی سی بی نے کوڈ آف کنڈکٹ اور سینٹرل کنٹریکٹ کی شقوں کا از سرِ نو جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

    پی سی بھی ذرایع نے یہ بھی بتایا کہ ورلڈ کپ میچز کے دوران کھلاڑیوں کے کمروں تک غیر متعلقہ افراد کی رسائی نہیں تھی۔

    خیال رہے کہ ٹیسٹ کرکٹر امام الحق پر لڑکیوں کو بے وقوف بنانے اور انھیں دھوکا دینے کے الزامات لگائے گئے ہیں، امام الحق کیرئیر کے آغاز سے ہی تنقید کی زد میں ہیں اور اچھی پرفارمنس کے باوجود قومی ٹیم میں ان کی شمولیت متنازع رہی ہے۔

  • ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر پی سی بی اجلاس 29 جولائی کو ہوگا

    ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر پی سی بی اجلاس 29 جولائی کو ہوگا

    لاہور: ورلڈ کپ 2019 میں ناقص کارکردگی کا ذمہ دار کون تھا، اس سلسلے میں ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس 29 جولائی کو منعقد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس انتیس جولائی کو طلب کیا گیا ہے جس میں ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں قومی ٹیم کی گزشتہ 3 سال کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور منیجر طلعت علی کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    ذرایع کے مطابق یہ کمیٹی پاکستان کرکٹ کے مستقبل سے متعلق بھی اہم فیصلے کرے گی، ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کرکٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، سابق کپتان وسیم اکرم کینیڈا سے اسکائپ پر اجلاس میں شریک ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  قومی ٹیم کے منیجر نے ورلڈ کپ کی رپورٹ پی سی بی کو پیش کردی

    خیال رہے کہ سابق کپتان مصباح الحق، سابق قومی خاتون کپتان عروج ممتاز بھی کرکٹ کمیٹی میں شامل ہیں، اجلاس میں بہ طور کپتان سرفراز احمد کے مستقبل سے متعلق بھی فیصلہ کیا جائے گا۔

    کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں قومی ٹیم کے کوچ اور نئے چیف سلیکٹر کے حوالے سے بھی اہم فیصلے ہوں گے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر طلعت علی نے دورۂ انگلینڈ اور ورلڈ کپ 2019 کی علیحدہ علیحدہ رپورٹس بورڈ کو بھجوائی تھیں، انھوں نے رپورٹ میں کہا یہ ہماری بد قسمتی تھی کہ ٹیم سیمی فائنل میں نہیں پہنچ سکی، انھوں نے یہ بھی رپورٹ میں لکھا کہ آن دی فیلڈ، آف دی فیلڈ کھلاڑیوں نے بہترین رویے کا مظاہرہ کیا، ٹیم میں کسی قسم کی کوئی گروپنگ یا اختلاف نہیں تھا۔

  • پی سی بی کا کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ

    پی سی بی کا کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ

    لاہور: ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے پیشِ نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے ذرایع کا کہنا ہے کہ کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہیں کی جائے گی، نئے کوچنگ اسٹاف کے لیے باقاعدہ اشتہار دیا جائے گا۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر مکی آرتھر کوچنگ جاری رکھنا چاہتے ہیں تو انھیں دوبارہ درخواست دینی ہوگی۔

    یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام کوچنگ اسٹاف کے ساتھ نئے معاہدے کیے جائیں گے، سابق انگلش کوچ اینڈی فلاور بھی کوچنگ کے لیے سنجیدہ ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی سے متعلق فیصلے جلد ہوں گے، چیئرمین پی سی بی

    پی سی بی کے ذرایع نے بتایا ہے کہ بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کوچز کی اسامیوں کے لیے اشتہار جاری کیا جائے گا، کوچز کے لیے اشتہار اس ماہ کے آخر تک جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ آیندہ چند ہفتوں میں نئی ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

    انھوں نے کہا تھا کہ جب انھوں نے اپنا عہدہ سنبھالا تو ورلڈ کپ میں کچھ ہی ماہ باقی تھے اور اسی وجہ سے ٹیم انتظامیہ اور کپتان سرفراز احمد کی تبدیلی سے متعلق فیصلہ نہیں کیا۔

    چیئرمین پی سی بی نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں مکی آرتھر نے ہیڈ کوچ کے طور پر ذمہ داریاں جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

  • ورلڈ کپ: بھارتی خواب چکنا چُور، نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچ گیا

    ورلڈ کپ: بھارتی خواب چکنا چُور، نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچ گیا

    مانچسٹر: ورلڈ کپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 18 رنز سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کرلی، دھونی اور جڈیجا کی اننگز بھی بھارت کو شکست سے نہ بچاسکیں۔

    تفصیلات کے مطابق مانچسٹر میں کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دئیے جانے والے 240 رنز ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم آخری اوور میں 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی، میٹ ہینری نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    بھارت کی 92 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد رویندر جڈیجا نے 77 اور دھونی نے 50 رنز کی اننگز کھیلی تاہم اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکے، رویندر جڈیجا کو ٹرینٹ بولٹ نے آؤٹ کیا، دھونی کو گپٹل نے رن آؤٹ کیا۔

    بھارتی کپتان ویرات کوہلی، روہت شرما اور لوکیش راہول صرف ایک، ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، رشبھ پنٹ 32 اور دنیش کارتک 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    ہاردک پانڈیا 32 رنز بنا کر سینٹنر کا نشانہ بنے، بھونیشور کمار بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، یوزویندر چاہل 5 رنز بنا کر نیشم کی گیند پر ٹام لیتھم کو کیچ دے بیٹھے۔

    نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری کو تین وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، ٹرینٹ بولٹ اور سینٹنر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، فرگیوسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں کل دوسرے سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گی، جیتنے والی ٹیم 14 جولائی کو نیوزی لینڈ سے فائنل کھیلے گی۔

     ورلڈ کپ 2019 میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والا پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا تھا، کل ہونے والا سیمی فائنل بارش کے باعث آج کے لیے مؤخر کردیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز جب مانچسٹر میں بارش شروع ہوئی تو نیوزی لینڈ نے 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنالیے تھے۔

    گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن بھارتی بولرز کے آگے شروع سے ہی دباؤ میں نظر آئی ، صرف ایک رن بنا کر اوپنر مارٹن گپٹل پویلین لوٹ گئے، نکولس 28 رنز بنا کر جڈیجا کا نشانہ بنے۔

    کپتان کین ولیمسن نے 67 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، انہیں اسپنر چاہل نے آؤٹ کیا۔ جمی نیشام 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گرینڈ ہوم 16 رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر دھونی کو کیچ دے بیٹھے۔

    راس ٹیلر نے 74 اور ٹام لیتھم نے 10 رنز بنائے۔ بھارت کے بھونیشور کمار نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    گزشتہ روز ٹاس جیتنے کے بعد کیوی کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے کوشش کریں گے اچھا کھیلیں۔

    بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم بھی بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، امید ہے پچ ایسی ہی رہے گی۔ اپنی صلاحیتوں کو بیک کر کے اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ مانچسٹر میں پہلے 2 اچھے میچز کھیل چکے ہیں۔

    اسکواڈ

    سیمی فائنل کے لیے بھارتی ٹیم میں ویراٹ کوہلی (کپتان)، کے ایل راہول، روہت شرما، رشبھ پنت، مہندر سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، ہردیک پانڈیا، رویندر جڈیجا، بھونیشور کمار، یزویندر چاہل اور جسپریت بمرا شامل ہیں۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیمسن (کپتان)، مارٹن گپٹل، ہنری نکولس، راس ٹیلر، ٹام لیتھم، جیمز نیشام، کولن ڈی گرینڈ ہوم، مچل اسینٹنر، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

  • بھارت اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل میچ بارش کے باعث کل تک کے لیے موخر کردیا گیا

    بھارت اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل میچ بارش کے باعث کل تک کے لیے موخر کردیا گیا

    مانچسٹر: بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل میچ بارش کے باعث کل تک کے لیے موخر کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مانچسٹر میں جب بارش شروع ہوئی تو نیوزی لینڈ نے 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنالیے تھے، کل میچ اسی اسکور سے دوبارہ شروع کیا جائے گا، اگر کل بھی بارش کے باعث میچ نہ ہوسکا تو بھارت زیادہ پوائنٹس ہونے کے سبب فائنل میں پہنچ جائے گا۔

    نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن بھارتی بولرز کے آگے شروع سے ہی دباؤ میں نظر آئی، صرف ایک رن بنا کر اوپنر مارٹن گپٹل پویلین لوٹ گئے، نکولس 28 رنز بنا کر جڈیجا کا نشانہ بنے۔

    کپتان کین ولیم سن نے 67 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی انہیں اسپنر چاہل نے آؤٹ کیا، جمی نیشم 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گرینڈ ہوم 16 رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر دھونی کو کیچ دے بیٹھے۔

    راس ٹیلر 67 اور ٹام لیتھم 3 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    بھارت کے بھونیشور کمار، جسپریت بمرا، ہردیک پانڈیا، چاہل اور رویندر جڈیجا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل ورلڈ کپ 2019 کا پہلا سیمی فائنل آج سابق ورلڈ چیمپئن بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

     آئی سی سی ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل مانچسٹر کے ٹرائی فورڈ اسٹیڈیم میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ بھارتی ٹیم مسلسل تیسری بار عالمی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ نیوزی لینڈ بھی لگاتار دوسرا سیمی فائنل کھیل رہا ہے۔

    ٹاس جیتنے کے بعد کیوی کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے کوششش کریں گے اچھا کھیلیں۔

    بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم بھی بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، امید ہے پچ ایسی ہی رہے گی۔ اپنی صلاحیتوں کو بیک کر کے اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ مانچسٹر میں پہلے 2 اچھے میچز کھیل چکے ہیں۔

    ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوجانے کے بعد اب دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کی جنگ میں شامل 4 ٹیمیں ٹرافی حاصل کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔

    ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور میزبان ٹیم انگلینڈ کے درمیان 11 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ دونوں سیمی فائنلز کی فاتح ٹیمیں 14 جولائی کو فائنل کھیلیں گی۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں ویراٹ کوہلی (کپتان)، کے ایل راہول، روہت شرما، رشبھ پنت، مہندر سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، ہردیک پانڈیا، رویندر جڈیجا، بھونیشور کمار، یزویندر چاہل اور جسپریت بمرا شامل ہیں۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیمسن (کپتان)، مارٹن گپٹل، ہنری نکولس، راس ٹیلر، ٹام لیتھم، جیمز نیشام، کولن ڈی گرینڈ ہوم، مچل اسینٹنر، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

  • ورلڈ کپ میں کافی کچھ سیکھا کافی غلطیاں بھی کی ہیں: امام الحق، بابر اعظم

    ورلڈ کپ میں کافی کچھ سیکھا کافی غلطیاں بھی کی ہیں: امام الحق، بابر اعظم

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں بابر اعظم اور امام الحق کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں کافی کچھ سیکھا کافی غلطیاں بھی کی ہیں، بدقسمتی سے سیمی فائنل تک نہ پہنچ سکے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں بابر اعظم اور امام الحق نے پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میرا پہلا ورلڈ کپ تھا پہلے ہاف میں 2 میچ ہارے، سب نے اچھا پرفارم کیا۔ کافی کچھ سیکھا کافی غلطیاں بھی کی ہیں۔

    بابر اعظم نے کہا کہ ہم اپنا 100 فیصد دے رہے تھے، انگلینڈ کے ساتھ سیریز اچھی رہی تھی۔ وکٹ دیکھ کر پلان کرنا ہوتا ہے۔ کوچ کا فیصلہ ہوتا ہے کس کو کھلانا ہے کس کو نہیں۔ ’میرے خیال سے ورلڈ کپ انگلینڈ کو جیتنا چاہیئے، ہمیں نہیں پتہ بھارت جان کر ہارا ہے یا واقعی شکست ہوئی‘۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کے سینئرز نے کبھی شو نہیں کروایا کہ وہ سینئر ہیں، ہمیں کبھی سوچنے بھی نہیں دیا کسی نے کہ وہ سینئرز ہیں۔ 15 کھلاڑیوں میں سے کوئی ریلو کٹا نہیں تھا۔

    امام الحق کا کہنا تھا کہ تجربہ اچھا تھا، بدقسمتی سے سیمی فائنل تک نہ پہنچ سکے۔ انسان کافی غلطیوں سے سیکھتا ہے میں بھی سیکھوں گا۔ ٹیم میں رکھنا ہے یا نہیں یہ کام پاکستان کرکٹ بورڈ کا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم جس طرح کھیلنے گئے تھے باقی ٹیمیں بھی کھیلنے آئی تھیں، ہمارے بلے بازوں نے اچھی پرفارمنس کی کوشش کی۔ 9 میں سے 5 میچ جیتے، اپنی کارکردگی مزید بہتر کروں گا۔ سب کا احترام ہے کوشش کرتا ہوں فینز خوش رہیں۔

    امام الحق کا کہنا تھا کہ کوشش ہوتی ہے دورے پر سوشل میڈیا استعمال نہ کروں، ہماری بھی فیملی اور ذاتی زندگی ہے، تنقید کی ایک حد ہوتی ہے۔ ہر شخص پر نظر رکھیں گے تو پرفارم کرنا مشکل ہوتا ہے، تمام کھلاڑی محنت کرتے ہیں ہار کسی کو اچھی نہیں لگتی۔ ’پرفارمنس پر تنقید کریں مگر کسی کی ذاتیات میں نہ جائیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان کی ٹیم میں ورلڈ کلاس اسپنرز تھے، افغانستان نے میچ میں بھارت کو بھی ٹف ٹائم دیا۔ جس طرح عماد وسیم نے میچ جتوایا اس پر توجہ دینی چاہیئے، آسٹریلیا کے خلاف میچ میں میری وجہ سے شروع میں ناکامی ہوئی۔ بھارت سے ہار جائیں تو ہر چیز پر تنقید ہوتی ہے، ایسا کبھی نہیں ہو سکتا تنقید نہ ہو۔

  • روہت شرما کی ایک اور سنچری، بھارت نے سری لنکا کو شکست دے دی

    روہت شرما کی ایک اور سنچری، بھارت نے سری لنکا کو شکست دے دی

    لیڈز : بھارت نے اپنے آخری گروپ میچ میں سری لنکا کو باآسانی شکست دے کر ایک اور فتح حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان لیڈز اسٹیڈیم میں ورلڈکپ کا چالیسواں اور آج کا پہلا میچ کھیلا گیا، جس میں سری لنکن ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز اسکور کیے۔

    سری لنکا اننگز

    سری لنکا کی جانب سے کپتان کرونارتنے اور کوشل پریرا نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں اوپنرز بالترتیب 17 اور 40 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے،  بعد ازاں فرنانڈو کریز پر آئے اور صرف 20 رنز بنا کر 53 کے مجموعی اسکور پر پانڈیا کا شکار بنے، اسی طرح کوشل مینڈس 55 اور تین کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

    سری لنکا کے چار کھلاڑی 55 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوگئے تھے البتہ میتھیوز اور تھریمانے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہر کرتے ہوئے 124 رنز کی پارٹنر شپ بنائی اور اسی دوران دونوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

    تھریمانے 68 گیندوں پر 53 رنز بنا کر 179 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے،  میتھیوز نے 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط بنایا۔

    سری لنکا نے مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے، میتھیوز 113 اور تھریمانے 53 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، بھارت کی جانب سے جسپرٹ بمرا نے 3، جڈیجا، پانڈیا، کمار اور کلدیب یادیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    ہدف کے تعاقب میں بھارت کی بیٹنگ

    بھارتی کی جانب سے روہت شرما اور کے ایل راہول نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور دونوں ہی اوپنرز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنائی، روہت شرما 103 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، بھارت کی پہلی وکٹ 189 کے مجموعی اسکور پر گری۔

    نئے آنے والے بیٹسمین ویرات کوہلی نے  بااعتماد انداز سے بیٹنگ کو جاری رکھا اور ٹیم کا اسکور مزید آگے بڑھایا اس دوران کے ایل راہول دوسرے ہینڈ پر کھل کر بیٹنگ کرتے رہے اور انہوں نے اپنی سنچری مکمل کی، اکتالیسویں اوور میں راہول 111 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

    بھارت کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی آر آر پانٹ تھے، کوہلی الیون نے 265 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرتے ہوئے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دی اور پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں ویراٹ کوہلی (کپتان)، کے ایل راہول، روہت شرما، رشبھ پنت، مہندر سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، ہردیک پانڈیا، رویندر جڈیجا، بھونیشور کمار، کلدیپ یادیو اور جسپریت بمرا شامل ہیں۔

    سری لنکا کی ٹیم میں دیموت کرونارتنے (کپتان)، کشال پریرا، ایوشکا فرنینڈو، کشال مینڈس، اینجلو میتھیوز، کسن راجتھ، دھننجایا ڈی سلوا، تشارا پریرا، اسورو ادانا، لستھ ملنگا، اور لہرو تھرمنی شامل ہیں۔

  • پاکستان نے بنگلہ دیش کو 94 رنز سے شکست دے دی، ورلڈ‌ کپ کا سفر اختتام پذیر

    پاکستان نے بنگلہ دیش کو 94 رنز سے شکست دے دی، ورلڈ‌ کپ کا سفر اختتام پذیر

    لندن: ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کا سفر ختم ہوگیا، قومی ٹیم نے آخری گروپ میچ میں بنگلہ دیش کو 94 رنز سے شکست دے دی، نیوزی لینڈ بہتر رن ریٹ ہونے کی وجہ سے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لارڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کی جانب سے دئیے جانے والے 316 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی، شاہین شاہ آفریدی کو 6 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔

    بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ 26 رنز پر گری، سومیا سرکار 22 رنز بنا کر محمد عامر کو وکٹ دے بیٹھے، تمیم اقبال کو 8 رنز پر شاہین آفریدی نے بولڈ کیا۔

    مشفیق الرحیم 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شکیب الحسن نے 64 رنز کی اننگز کھیلی انہیں شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا، لٹن داس 32 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    محمود اللہ 29 رنز بنا کر بولڈ ہوئے، مصدق حسین کو 16 رنز پر شاداب خان نے آؤٹ کیا، محمد سیف الدین بغیر کوئی رن بنائے شاہین آفریدی کا نشانہ بنے، مشرفی مرتضیٰ 15 رنز بناسکے۔

    شاہین شاہ آفریدی نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاداب خان نے دو وکٹیں حاصل کیں، محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    اس سے قبل لارڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے اور بنگال ٹائیگر کو جیت کے لیے 316 رنز کا ہدف دیا تھا، بابر اعظم نے 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 23 رنز پر گری جب فخر زمان 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، گرین شرٹس کی دوسری وکٹ 180 رنز پر گری بابر عظم نروس نائنٹیز کا شکار ہوتے ہوئے 96 رنز پر محمد سیف الدین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

    امام الحق 100 رنز بنا کر ہٹ وکٹ آؤٹ ہوئے، محمد حفیظ 27 رنز بنا کر ایک بار پھر اسپنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، حارث سہیل 6 رنز بنا کر مستفیض الرحمان کا نشانہ بنے۔

    کپتان سرفراز احمد 2 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، عماد وسیم نے 43 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، وہاب ریاض 2 اور شاداب خان ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد عامر 8 رنز بناسکے۔

    بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، محمد سیف الدین نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مہدی حسن ایک وکٹ لے سکے۔

     ورلڈ کپ 2019 میں آج پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں لارڈز کے تاریخی میدان میں مدمقابل ہیں۔ پاکستان کے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات انتہائی کم ہیں۔ٹاس جیت کر پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف 350 رنز بنائے تو حریف کو 311 رنز سے ہرانا ہوگا، اگر پاکستان بنگلہ دیش کے خلاف 400 رنز بنائے تو حریف کو 84 رنز پر آل آؤٹ کرنا ہوگا۔

    ٹاس جیت کر پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے بڑا اسکور کریں، ہمیں پتہ ہے مارجن بہت بڑا ہے۔ کوشش کریں گے میچ جیتیں اور اچھا اختتام کریں۔

    بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، کوشش کریں گے پاکستان کو کم رنز پر روکیں۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، حارث سہیل، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، وہاب ریاض اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔

    بنگلہ دیشی ٹیم میں مشرفی مرتضیٰ (کپتان)، تمیم اقبال، سومیہ سرکار، شکیب الحسن، مشفق الرحمٰن، لٹن داس، محمد اللہ، مصدق حسین، مہدی حسن، محمد سیف الدین اور مستفیض الرحمٰن شامل ہیں۔