Tag: کرکٹ

  • ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ‌ کو 64 رنز سے شکست، کینگروز کی سیمی فائنل میں‌ رسائی

    ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ‌ کو 64 رنز سے شکست، کینگروز کی سیمی فائنل میں‌ رسائی

    لندن: ورلڈ کپ 2019 کے 32ویں میچ میں آسٹریلیا نے میزبان انگلینڈ کو 64 رنز سے شکست دے دی، کپتان ایرون فنچ کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لارڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دئیے جانے والے 286 رنز کے تعاقب میں انگلش ٹیم 9 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بین اسٹوکس کے 89 رنز بھی انگلینڈ کو شکست سے بچاسکے۔

    ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کی ابتدائی دو وکٹیں جلد گر گئیں، جیمز ونس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ جو روٹ کو مچل اسٹارک نے 8 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

    جونی بریسٹو نے 28 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان اوئن مورگن صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بٹلر 25 اور معین علی 6 رنز پر ہمت ہار گئے۔

    بین اسٹوکس کی 89 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، کرس ووکس 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عادل رشید 25 رنزبنا کر ناقابل شکست رہے.

    آسٹریلیا کے بھینڈروف نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مچل اسٹارک نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مارکس اسٹونس کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

    اس سے قبل لارڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں کینگروز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز بنائے اور انگلش ٹیم کو جیت کے لیے 286 رنز کا ہدف دیا تھا، کرس ووکس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    آسٹریلوی اوپنر نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے شاندار آغاز فراہم کیا، کینگروز کی پہلی وکٹ 123 رنز پر گری جب ڈیوڈ وارنر 53 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر جو روٹ کو کیچ دے بیٹھے۔

    عثمان خواجہ 23 رنز بنا کر بین اسٹوکس کا شکار بنے، گلین میکسویل آج پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اسٹیو اسمتھ نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔

    مارک اسٹونس 8 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، کینگروز کپتان ایرون نچ نے شاندار سنچری اسکور کی، پیٹ کمنز ایک رن بنا کر ووکس کا شکار بنے۔

    وکٹ کیپر بلے باز الیکس کیری 38 اور فاسٹ بولر مچل اسٹارک 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    انگلینڈ کے کرس ووکس نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جوفرا آرچر، مارک ووڈ، بین اسٹوکس اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل ورلڈ کپ 2019 میں آج انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں لارڈز کے میدان میں آمنے سامنے ہیں۔ لارڈز میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اور میچ بارش کی نذر ہونے کا امکان ہے۔

    اگر میچ بارش کی نذر ہوگیا تو اس کا فائدہ پاکستان کو ہوگا۔ بارش کے باعث میچ نہ ہونے کی صورت میں انگلینڈ کو اپنے بقیہ دونوں میچز جیتنا ہوں گے ورنہ اس کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات معدوم ہوسکتے ہیں۔

    آسٹریلیا ایونٹ میں اب تک 6 میچز کھیل چکی ہے اور ایک میچ میں شکست کے بعد گینگروز 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹ اسکورننگ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہیں۔

    میزبان انگلینڈ نے میگا ایونٹ میں اب تک 6 میچز کھیلے ہیں اور 2 میچز میں شکست کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں آئن مورگن (کپتان)، جونی برسٹو، جیمز ونس، جو روٹ، بین اسٹوکس، جوز بٹلر، معین علی، کرس ووکس، عادل رشید، جوفرا آرچر اور مارک ووڈ شامل ہیں۔

    آسٹریلوی ٹیم میں ایرون فنچ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، اسٹیون اسمتھ، گلین میکس ویل، الکس کرے، جیسن بہرنڈورف، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور نیتھن لیون شامل ہیں۔

  • کچھ سابق کھلاڑی خود کو زمینی خدا سمجھ رہے ہیں: سرفراز احمد

    کچھ سابق کھلاڑی خود کو زمینی خدا سمجھ رہے ہیں: سرفراز احمد

    لندن: قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا سابق کھلاڑیوں کی تنقید پر ردعمل سامنے آگیا.

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کچھ سابق کھلاڑی خود کو زمینی خدا سمجھ رہے ہیں.

    پاکستان کو ٹی 20 کی نمبر ون ٹیم بنوانے والے کپتان کا کہنا تھا کہ سابق کھلاڑیوں کی رائے پر کچھ نہیں کہوں گا. سرفراز احمد نے کہا کہ چیمپئینز ٹرافی جیت کربھی ہمارے پیر زمین پر تھے.

    انھوں نے کہا کہ ورلڈ‌ کپ 2019 ابھی جاری ہے، ٹورنامنٹ ابھی ختم نہیں ہوا، قومی ٹیم سیمی فائنل میں جاسکتی ہے.

    خیال رہے کہ ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی. ویسٹ انڈیز، بھارت آسٹریلیا کے خلاف گرین شرٹس کو شکست ہوئی.

    مزید پڑھیں: پی سی بی نے کھلاڑیوں کوغیرضروری طورپرباہرنکلنے سے روک دیا

    پاکستان نے ٹورنامینٹ کی فیورٹ ٹیم انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی، جب کہ سری لنکا اور پاکستان کا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا.

    اس وقت پاکستانی ٹیم ٹورنامینٹ میں نویں نمبر پر ہے اور اس کا ٹورنامینٹ میں‌ کم بیک کرنا خاصا دشوار ہے، اسے باعث ٹیم کو سابق کھلاڑیوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے.

  • پاکستان کرکٹ بورڈ کا گراس روٹ لیول کرکٹ کی بحالی کے لیے بڑا فیصلہ

    پاکستان کرکٹ بورڈ کا گراس روٹ لیول کرکٹ کی بحالی کے لیے بڑا فیصلہ

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے گراس روٹ لیول کرکٹ کی بحالی کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا، کلب کی سطح سے ہی کرکٹرز کو اینٹی کرپشن قوانین کا پابند بنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی گورننگ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ کلب کی سطح سے ہی کرکٹرز کو اینٹی کرپشن قوانین کا پابند بنایا جائے گا، فیصلے سے گراس روٹ لیول پر کرکٹ کی بحالی میں مدد ملے گی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ کلب کی سطح پر پرائیویٹ ٹورنامنٹس کو اینٹی کرپشن یونٹ مانیٹر کرے گا، گورننگ بورڈ نے ٹورنامنٹ جائزہ کمیٹی کے قواعد میں رد و بدل کی منظوری بھی دے دی۔

    ذرایع نے مزید بتایا کہ جائزہ کمیٹی میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن، ڈائریکٹر کمرشل کو شامل کر لیا گیا، پرائیویٹ کلب ٹورنامنٹ آرگنائزرز اینٹی کرپشن کوڈ پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ کے بعد سب کا احتساب ہوگا، پی سی بی گورننگ باڈی اجلاس میں فیصلہ

    پرائیویٹ کلب ٹورنامنٹس کو مانیٹر کرنے کے لیے پی سی بی کمیٹیاں تشکیل دے گا، براڈ کاسٹ پرائیویٹ کلب ٹورنامنٹس کے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سیکورٹی کا طریقہ کار بھی وضع کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ آج لاہور میں پی سی بی کے گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ورلڈ کپ کے بعد سب کا احتساب ہوگا، اجلاس میں کہا گیا کہ جیسا سوچا تھا اس کے برعکس ہوا، کھلاڑیوں کے علاوہ مینجمنٹ کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    بھارت سے شکست پر بورڈ ممبران کا کہنا تھا کہ ٹیم سے جیسی پرفارمنس کی توقع تھی سب کچھ اس کے برعکس ہوا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے اختیارات ایم ڈی وسیم خان کو منتقل کردئیے گئے جس کی منظوری لاہور میں ہونے والے اجلاس میں دی گئی۔

  • ورلڈ کپ 2019: بنگلہ دیش کی تاریخی فتح، ویسٹ انڈیزکو 7 وکٹوں سے ہرادیا

    ورلڈ کپ 2019: بنگلہ دیش کی تاریخی فتح، ویسٹ انڈیزکو 7 وکٹوں سے ہرادیا

    ٹاؤنٹن: ورلڈ کپ 2019 کے 23ویں میچ میں بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، شکیب الحسن کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹاؤنٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا جانے والا 322 رنز کا ہدف بنگلہ دیش نے 41.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، شکیب الحسن نے شاندار سنچری اور لٹن داس نے نصف سنچری اسکور کی۔

    بنگلہ دیشی اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کو 51 رنز کا آغاز فراہم کیا، سومیا سرکار 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تمیم اقبال 48 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔

    مشفیق الرحیم ایک رن بنا کر تھامس کا شکار بنے، 133 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد شکیب الحسن اور لٹن داس کے درمیان عمدہ شراکت داری قائم ہوئی جو بنگلہ دیش کی فتح تک قائم رہی۔

    شکیب الحسن 124 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ لٹن داس نے 69 گیندوں پر 94 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔

    ویسٹ انڈین بولر بنگلہ دیشی بلے بازوں کے آگے بے بس نظر آئے، آندرے رسل اور تھامس کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آسکی۔

    واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی ورلڈ کپ 2019 میں یہ دوسری کامیابی ہے اس سے قبل بنگلہ دیش نے جنوبی افریقا کو شکست دی تھی۔

    اس سے قبل ٹاؤنٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ نے انڈیز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 322 رنز کا ہدف دیا، محمد سیف الدین اور مستفیض الرحمان نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

    کرس گیل کو بغیر کوئی رن بنائے پویلین بھیجنے کے باوجود بنگلہ دیشی بولرز ویسٹ انڈیز کو بڑا ہدف دینے سے نہیں روک سکے، ایون لوئس نے 70 اور شائے ہوپ نے 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    پورن 25 اور شیمرون ہیٹ میئر نے 50 رنز بنائے، آندرے رسل بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، کپتان جیسن ہولڈر نے 15 گیندوں پر 33 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، ڈیرن براؤو 19 رنز بناسکے۔

    بنگلہ دیش کے محمد سیف الدین اور مستفیض الرحمان نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شکیب الحسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل  آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں آج بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    پوائنٹس ٹیبل پر دونوں ٹیمیں یکساں پوزیشن پر ہیں۔ دونوں ٹیموں نے 4 میچز کھیلے جن میں سے صرف ایک میں فتح اور 2 میں شکست کھائی۔ دونوں ٹیموں کا ایک میچ منسوخ ہوا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد 3 ہے۔

    یاد رہے کہ رواں برس ہونے والے ورلڈ کپ کو بارش شدید متاثر کر رہی ہے۔ ورلڈ کپ 2019 سب سے زیادہ میچز منسوخ ہونے والا ورلڈ کپ بن گیا ہے۔

    بارش کے باعث میچز میں تاخیر اور مختصر اوورز کا کھیل بھی معمول کی بات بن گیا ہے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے کئی میچز بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں، جبکہ مزید میچز کی منسوخی کا بھی خدشہ ہے۔

    رواں برس ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے۔ فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9، 9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔

    آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کا فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

  • مانچسٹر میں پانچ قومی کرکٹرز کے سیر سپاٹوں کا انکشاف

    مانچسٹر میں پانچ قومی کرکٹرز کے سیر سپاٹوں کا انکشاف

    لاہور: مانچسٹر میں پانچ قومی کرکٹرز کے سیر سپاٹوں کا انکشاف ہوا ہے، معلوم ہوا ہے کہ روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں کھلاڑیوں پر کاہلی کیوں طاری رہی، کھلاڑیوں نے مانچسٹر میں رات گئے دعوتیں اڑائیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی نئی ویڈیوز سامنے آ گئی ہیں، اے آر وائی نیوز پر چلنے والی ویڈیوز میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز میدان میں کاہل کیوں نظر آئے۔

    جہاں باقی ٹیمیں میچز کی تیاریاں کر رہے تھے، وہاں ہمارے کھلاڑی رات میں موج مستیاں کر رہے تھے، حسن علی، شاداب خان، شاہین شاہ، محمد حسنین اور فخر زمان دعوت اڑانے میں مصروف ملے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ 2019: بھارت نے پاکستان کو 89 رنز سے شکست دے دی

    ویڈیو بنتے دیکھ کر کھلاڑیوں نے کیمروں سے بچنے کی کوشش کی، فخر زمان نے ساتھی کھلاڑیوں کو نکلنے کی ہدایت بھی کی، جب کہ حسن علی اور محمد حسنین کیمروں سے بچنے کے لیے دور چلے گئے۔

    کھلاڑیوں کے ہم راہ سیکورٹی یا اینٹی کرپشن اہل کار بھی نہیں تھے، کھلاڑی پاک بھارت میچ سے 3 روز قبل دعوتیں اڑانے میں مصروف رہے۔

    تازہ ترین پڑھیں:  کوئی سمجھتا ہے میں گھر چلا جاؤں گا تو یہ بھول ہے: سرفراز احمد

    دریں اثنا، سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے کہا ہے کہ ہمارے کھلاڑی کرکٹ کی تیاری کے علاوہ سب کچھ کرتے رہے، کھلاڑیوں کے اس رویے پر پی سی بی کو ایکشن لینا چاہیے۔

    باسط علی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی کو کھلاڑیوں پر نظر رکھنی چاہیے، اور انھیں فوری طور پر حرکت میں آنا چاہیے۔

  • سرفراز احمد نے وہی غلطی کی، جو کوہلی نے کی تھی: شعیب اختر کی کڑی تنقید

    سرفراز احمد نے وہی غلطی کی، جو کوہلی نے کی تھی: شعیب اختر کی کڑی تنقید

    لاہور: راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر برس پڑے.

    تفصیلات کے مطابق انڈیا سے شکست کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر نے سرفراز احمد پر تنقید کے تیر برسا دیے.

    شعیب اختر نے کہا کہ ٹاس جیت کر بولنگ کرنا غلط فیصلہ تھا، ایسی ہی غلطی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کی تھی، جس کا نتیجہ پاکستان کی فاتح کی صورت میں سامنے آیا۔

    شعیب اختر نے کہا کہ میں سمجھنے سے قاصر ہوں کہ کس بنیاد پر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا گیا. پاکستان ہدف کے تعاقب میں ہمیشہ ہی کمزور رہا ہے.

    اسپیڈ اسٹار نے کہا کہ اگر ہدف کا تعاقب کرنا ہی تھا، تو پھر ایک بلے باز کو مزید کھلانا چاہیے تھا، حارث کو موقع ملنا چاہیے تھا.

    انھوں نے شعیب ملک کو بھی کڑی تنقید کا نشان بنایا، ساتھ ہی امام الحق کی تکنیک پر بھی سوالات کھڑے کر دیے.

    مزید پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کھلاڑیوں پر برس پڑے

    شعیب اختر نے کہا کہ ماضی میں بھی بھارت شکست ہوئی، مگر یہ شکست افسوس ناک تھی. انھوں نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز کو ’ریلو کٹا‘ قرار دے دیا۔

    راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ بیٹنگ کمزور ہے، یہ جانتے ہوئے بھی سرفراز نے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، یعنی کپتان کو کیا کرنا ہے اسے پتا نہیں۔

  • ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں‌ سے باآسانی شکست دے دی

    ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں‌ سے باآسانی شکست دے دی

    ساؤتھ ہمپٹن: ورلڈ کپ 2019 کے 19ویں میچ میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی، جو روٹ نے ناقابل شکست سنچری اسکور کی۔

    تفصیلات کے مطابق ساؤتھ ہمپٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلش ٹیم نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا جانے والا 213 رنز کا ہدف 33.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنرز نے 95 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، جونی بریسٹو 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    جو روٹ نے ناقابل شکست 100 رنز کی اننگز کھیلی، کرس ووکس 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، فاسٹ بولر گیبرئیل کے علاوہ کوئی ویسٹ انڈین بولر وکٹ حاصل نہ کرسکا۔

    اس سے قبل ساؤتھ ہمپٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 44.4 اوورز میں 212 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 213 رنز کا ہدف دیا، جوفرا آرچر اور مارک ووڈ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

    ویسٹ انڈیز کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی، ایون لوئس 4 رنز کے مجموعی اسکور پر 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، 36 رنز بنا کر کرس گیل بھی پلنکٹ کا شکار بنے۔

    شائے ہوپ 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، نکولس پورن نے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں جوفرا آرچر نے بٹلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا، ہیٹ میئر 39 رنز بنا کر جو روٹ کا نشانہ بنے۔

    آندرے رسل تیز کھیلنے کے چکر میں وکٹ گنوا بیٹھے، رسل نے 16 گیندوں پر 21 رنز بنائے، بریٹ ویتھ 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کوٹریل اور گیبرئیل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

    انگلینڈ کے جوفرا آرچر اور مارک ووڈ نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جو روٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں، کرس ووکس اور لیام پلنکٹ کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

    اس سے قبل آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں آج انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز ساؤتھ ہمپٹن کے روز باؤل میدان میں مدمقابل ہیں۔ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    ورلڈ کپ 2019 میں ویسٹ انڈیز اب تک 3 میچز کھیل چکا ہے جس میں سے اسے ایک میں جیت اور ایک میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ انگلینڈ نے 3 میچز کھیلے جن میں سے 2 میں کامیابی اور ایک میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

    پوائنٹ اسکورنگ ٹیبل پر اس وقت انگلینڈ 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ ویسٹ انڈیز 3 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

    یاد رہے کہ رواں برس ہونے والے ورلڈ کپ کو بارش شدید متاثر کر رہی ہے۔ ورلڈ کپ 2019 سب سے زیادہ میچز منسوخ ہونے والا ورلڈ کپ بن گیا ہے۔

    بارش کے باعث میچز میں تاخیر اور مختصر اوورز کا کھیل بھی معمول کی بات بن گیا ہے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے کئی میچز بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں، جبکہ مزید میچز کی منسوخی کا بھی خدشہ ہے۔

    گزشتہ روز بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا اور اس ورلڈ کپ کا یہ چوتھا میچ ہے جو بارش کی وجہ سے منسوخ ہوا۔

  • پاکستان انڈر 19 ٹیم کا دورۂ جنوبی افریقہ، ہیڈ کوچ اور کپتان کی پریس کانفرنس

    پاکستان انڈر 19 ٹیم کا دورۂ جنوبی افریقہ، ہیڈ کوچ اور کپتان کی پریس کانفرنس

    کراچی: پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ و منیجر اعظم خان نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو جنوبی افریقا دورے میں 5 روز کنڈیشن سمجھنے میں لگیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے دورۂ جنوبی افریقا کے سلسلے میں ہیڈ کوچ و منیجر اعظم خان نے پریس کانفرنس کی، انھوں نے کہا کہ دورۂ سری لنکا ہمارے لیے آسان ثابت نہیں ہوا ہے، ایشیا اور ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے دورۂ جنوبی افریقا فائدہ مند رہے گا۔

    انھوں نے کہا کہ وننگ کمبی نیشن کے پلیئرز پرفارم نہیں کر سکے تھے اس لیے ریزرو کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، تاکہ ہمیں اگلے ٹورنامنٹس کے لیے بہترین ٹیم مل سکے۔

    ہیڈ کوچ اعظم خان نے کہا کہ جنوبی افریقا کی وکٹیں تیز اور باؤنسی ثابت ہوتی ہیں، تاہم اسی کو مد نظر رکھ کر ٹیم تشکیل دی ہے، امید ہے کہ صورت حال کے مطابق کھیل پیش کر سکیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی انڈر 19 ٹیم کی کوچنگ کے لیے ایک اور نام سامنے آگیا

    انھوں نے کہا کہ انڈر 19 ٹیم میں فاسٹ بولر سمیت چند ایسے کھلاڑی ہیں جو آیندہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں نظر آئیں گے۔

    دریں اثنا انڈر نائٹین ٹیم کے کپتان روحیل نذیر نے کہا کہ جنوبی افریقا کی تیز اور باؤنسی وکٹ کا مسئلہ نہیں ہے، اچھی کرکٹ کھیلیں گے تو جنوبی افریقا کو ہرا سکتے ہیں، ہمارا فاسٹ بولنگ کا شعبہ مضبوط ہے۔

    خیال رہے کہ انڈر 19 ورلڈ کپ بھی جنوبی افریقا میں شیڈول ہے، جنوبی افریقا کے ساتھ ون ڈے سیریز 7 میچز پر مشتمل ہے جو 22 جون سے 7 جولائی تک کھیلی جائے گی۔

  • پی سی بی کے جنوبی افریقا، افغانستان کے ساتھ مختصر دورانیے کی سیریز کے لیے رابطے

    پی سی بی کے جنوبی افریقا، افغانستان کے ساتھ مختصر دورانیے کی سیریز کے لیے رابطے

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقا اور افغانستان کے ساتھ مختصر دورانیے کی کرکٹ سیریز کے لیے رابطے کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع نے بتایا ہے کہ پی سی بی نے مختصر دورانیے کی کرکٹ سیریز کے لیے جنوبی افریقا اور افغانستان کے ساتھ رابطے کیے ہیں۔

    ذرایع پی سی بی کا کہنا ہے کہ ساؤتھ افریقا اور افغانستان کے ساتھ سیریز کے لیے بات چیت جاری ہے۔

    دوسری طرف ذرایع نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز 2 حصوں میں کھیلی جائے گی، پہلے مرحلے میں ستمبر اکتوبر میں 2 ٹیسٹ میچز ہوں گے، جب کہ دوسرے مرحلے میں دسمبر میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوینٹی میچز شامل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی ایس ایل 5 کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے، چیئرمین پی سی بی

    ذرایع کے مطابق بنگلا دیش کے خلاف سیریزمیں 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوینٹی میچز شامل ہیں، تاہم بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں ون ڈے میچز شامل نہیں۔

    خیال رہے کہ سری لنکا اور بنگلا دیش سیریز کی میزبانی پاکستان نے کرنی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے، وینیوز کے لیے لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں۔

  • ورلڈ کپ 2019: بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ بھی بارش کی نذر

    ورلڈ کپ 2019: بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ بھی بارش کی نذر

    ناٹنگھم: ورلڈ کپ 2019 میں آج کھیلا جانے والا بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ناٹنگھم میں بادل پھر برس پڑے، بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ بھی منسوخ کردیا گیا، بارش کے باعث ٹاس بھی نہیں ہوسکا، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

    نیوزی لینڈ کی پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن برقرار ہے، آسٹریلیا 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارتی ٹیم 5 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔

    واضح رہے کہ بارش کے باعث منسوخ ہونے والا یہ چوتھا میچ ہے، اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا، بنگلہ دیش بمقابلہ سری لنکا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا میچ بھی بارش کی نذر ہوچکا ہے۔

    اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے کئی میچز بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں، جب کہ مزید میچز کی منسوخی کا بھی خدشہ ہے.

    سوشل میڈیا پر بارش کو آئی سی سی ورلڈکپ کی گیارہویں ٹیم قرار دیا جارہا ہے، شائقین کو تشویش ہے کہ کہیں یہی ٹیم ورلڈ ٹرافی اپنے نام نہ کر لے.

    بارش سے ٹیموں کو نقصان ہورہا ہے، ڈک ورتھ لوئس قانون سے کمزورٹیم بھی فائدہ اٹھا سکتی ہے۔