Tag: کرکٹ

  • میں لاہورآرہا ہوں، اے بی ڈی ویلیئرز

    میں لاہورآرہا ہوں، اے بی ڈی ویلیئرز

    لاہور: جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے پی ایس ایل میچز کے لئے پاکستان آنے کی تصدیق کردی ہے، انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں لاہور آرہا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے اسٹار کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا ہے کہ لاہور قلندرز اپنے گھر آرہی ہے اور میں لاہور آرہا ہوں ۔ 9 اور 10 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول میچز میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کے لئے تیار ہوں، کوشش ہوگی کہ ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کروں۔

    دوسری جانب چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ نے ڈی ویلیئرز کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹار کرکٹر کی آمد سے نہ صرف شائقین میں بے پناہ جوش و خروش دیکھنے میں آئے گا بلکہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے راستے کھولنے میں بھی مدد ملے گی۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے 17 مارچ تک ہوگا۔ پہلے چار میچز پہلی مرتبہ ابو ظہبی میں ہوں گے جبکہ شارجہ اور دبئی میں بھی میچز ہوں گے۔ آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جن میں سے 3 میچ لاہور اور 5 میچ کراچی میں ہوں گے۔

    لاہور میں ہونے والے میچز 9، 10 اور 12 مارچ کو ہوں گے جبکہ 7، 10، 13 اور 15مارچ کو میچز کراچی میں ہوں گے۔ پی ایس ایل فور کا فائنل 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔شیڈول کے مطابق پی ایس ایل 4 کا افتتاحی میچ اسلام آباد اور لاہور قلندرز کے درمیان ہوگا۔

  • وسیم اکرم جنوبی افریقہ کی وکٹوں سے نالاں، سرفراز احمد کی بھرپور حمایت

    وسیم اکرم جنوبی افریقہ کی وکٹوں سے نالاں، سرفراز احمد کی بھرپور حمایت

    لاہور: لیجنڈ کرکٹر اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ سیریز کے لئے بنائی جانے والی وکٹوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے.

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے بات کرتے ہوئے سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی وکٹیں ٹیسٹ میچز کے لیے غیر معیاری تھیں، وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ایسی وکٹیں پاکستان میں ہوتیں، تو کب کی آئی سی سی کو رپورٹ ہوچکی ہوتی۔

     سابق کپتان نے پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کی ایک بار  پھر بھرپور حمایت کی .

    وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ایسا کون سا کھلاڑی ہے، جو سرفرازکی جگہ کپتانی کرسکے؟ لوگ سرفراز کے پیچھے پڑے ہیں، لیکن انھیں وقت دینےکی ضرورت ہے۔


    مزید پڑھیں: کیپ ٹاؤن ٹیسٹ: قومی ٹیم کو شکست، سیریز جنوبی افریقا کے نام


    ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کی سیریز مشکل ہوتی ہے، ماضی میں بھی کھلاڑیوں کو مشکلات پیش آئی، اس موقع پر سوئنگ کے سلطان نے ملتان میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اکیڈمی کے قیام کا بھی اعلان کیا۔

    یاد رہے کہ اس وقت پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ میں‌ ہے، جہاں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان ابتدائی دو ٹیسٹ میچ ہار چکی ہے.

  • ہیڈ‌ کوچ مکی آرتھر کے غصے کی وجہ سامنے آگئی

    ہیڈ‌ کوچ مکی آرتھر کے غصے کی وجہ سامنے آگئی

    سنچورین: جنوبی افریقہ کے خلاف ناقص کارکردگی پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے سینئر کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلے بازوں کی خراب پرفارمینس پر مکی آرتھر غصےسے پھٹ پڑے، تمام کھلاڑیوں کو کھری کھری سنا دی۔

    انھوں نے غیر ذمے دارانہ شاٹس کھیلنے پر کپتان سرفراز احمد، اظہر علی اور اسد شفیق کو بالخصوص تنقید کا نشانہ بنایا۔

    اس موقع پر کھلاڑیوں نے غلط شاٹس کھیلنے کا اعتراف کرلیا، البتہ ہیڈ کوچ کا غصہ ختم نہیں ہوا۔


    مزید پڑھیں: سنچورین ٹیسٹ: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی


    موصولہ اطلاعات کے مطابق اس موقع پر کھلاڑیوں اور کوچ کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

    البتہ پی سی بی نے جھگڑے کی باتوں کو بے بنیاد قرار دے دیا، ٹیم مینجمنٹ کے مطابق کھلاڑی پرفارم نہیں کرتے تو ڈانٹ ڈپٹ ہوتی ہے۔

    مکی آرتھر کو وارننگ مل گئی

    ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی شکست کے بعد بھی مکی آرتھر خبروں کی زینت بنے رہے۔ ہیڈ کوچ کو پی سی بی کی جانب سے وارننگ مل گئی۔

    تیسرے روز جنوبی افریقی بیٹسمین ڈین ایلگر کو ناٹ آؤٹ قرار دینے پر مکی آرتھر نے ٹی وی امپائر جوئل ولسن کے کمرے میں جا کر فیصلہ کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

    ٹی وی امپائر کی شکایت پر میچ ریفری ڈیوڈ بون نے انھیں وارننگ دیتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ سے محروم کردیا، مکی آرتھر نے غلطی کا اعتراف کیا ہے۔

  • احمد شہزاد کرکٹ کے میدانوں‌ میں لوٹ آئے

    احمد شہزاد کرکٹ کے میدانوں‌ میں لوٹ آئے

    لاہور: ٹیسٹ کرکٹر  احمد شہزاد پر عائد پابندی آج 22 دسمبر کو ختم ہوگئی، اب وہ میدان میں اترنے کو تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈوپ ٹیسٹ میں معطل ہونے والے کرکٹر احمد شہزاد پر عائد پابندی کی مدت ختم ہوگئی اور اب وہ کرکٹ کھیل سکتے ہیں.

    احمد شہزاد پر ممنوعہ ادویات کے استعمال کے باعث چار ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی، البتہ پابندی کے دوران انھوں نے قوانین کی خلاف ورزی کی.

    ٹیسٹ کرکٹر نے دوران پابندی کلب کرکٹ میچز کھیلے، کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر پابندی کی مدت میں چھ ہفتے کا اضافہ کردیا گیا اور  اس میں  بائیس دسمبر تک کی توسیع ہوگئی۔ 

    پابندی کے باعث احمد شہزاد قائد اعظم ٹرافی میں شرکت نہیں کرسکے، البتہ آج ان پر عائد کی جانے والی پابندی ختم ہوگئی ہے.


    ڈوپنگ کیس: معطل کرکٹر احمد شہزاد ایک اور مشکل میں پھنس گئے


    احمد شہزاد کا جولائی میں پاکستان کپ کے دوران ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

    واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹر کو ماضی میں‌بھی ڈسپلن کے مسائل کا سامنا رہا، ان کی غیرسنجیدگی کی وجہ سے ماضی میں بھی انھیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا.

    آؤٹ آف فارم ہونے کی وجہ سے انھیں ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا.

  • میری نظر میں سرفراز احمد بہترین کپتانی کر رہے ہیں: وسیم اکرم

    میری نظر میں سرفراز احمد بہترین کپتانی کر رہے ہیں: وسیم اکرم

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے موجودہ کپتان سرفراز احمد کی کپتانی سے متعلق منفی خبروں پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے انھیں بہترین کپتان قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیجنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 2 ماہ سے سن رہا ہوں کہ نیا کپتان بنا دو، کپتان کے لیے کوئی اور موزوں ہے تو لوگ ہی نام بتا دیں۔

    [bs-quote quote=”جنوبی افریقا کا دورہ مشکل ہے، قومی ٹیم کے لیے یہ دورہ امتحان ثابت ہوگا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”وسیم اکرم” author_job=”سابق فاسٹ بولر”][/bs-quote]

    سابق کرکٹر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پیچھے کوئی عمران خان یا جاوید میاں داد بیٹھے ہیں تو ان کو کپتان بنا دیں، جب بھی کوئی اَپ سیٹ ہوتا ہے فوری کپتان کو ہٹانے کی باتیں ہونے لگتی ہیں۔

    سوئنگ کے سلطان نے کہا ’ٹیم کو اسپورٹس میں ہارنا بھی آنا چاہیے اور کم بیک بھی آنا چاہیے، میری نظر میں سرفراز احمد بہترین کپتانی کر رہے ہیں۔‘

    وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کا دورہ مشکل ہے، قومی ٹیم کے لیے یہ دورہ امتحان ثابت ہوگا۔

    انھوں نے کہا ’نوجوانوں کو کرکٹ کی طرف لانے کے لیے ایونٹ شروع ہو رہا ہے، ایونٹ کا نام ٹالرنس رکھاگیا ہے، جس میں یونی ورسٹی اور مدرسے کے بچے کھیلیں گے، اس ایونٹ سے یہ سکھایا جائے گا کہ جیت ہار ہوتی ہے تو ہار کے بعد کیسے ٹالرنس کا مظاہرہ کرنا ہے۔‘


    یہ بھی پڑھیں:  سرفراز احمد کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقہ کیلئے روانہ


    خیال رہے کہ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں پاکستان ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کھلاڑیوں کو کارکردگی بہتر بنانی ہوگی، کوئی کپتان تا حیات نہیں ہوتا، جنوبی افریقا کی سیریز ہمیشہ سے سخت رہی ہے، ہمیں بہت محنت کرنا ہوگی۔

    یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں پانچ روز قبل جنوبی افریقا کے لیے جا چکی ہے، سیریز میں 3 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں۔

  • متنازع ٹی 10 لیگ کسی پاکستانی شہر کا نام اپنے مفاد کے لئے استعمال نہیں کرسکتی: سندھ ہائی کورٹ

    متنازع ٹی 10 لیگ کسی پاکستانی شہر کا نام اپنے مفاد کے لئے استعمال نہیں کرسکتی: سندھ ہائی کورٹ

    کراچی: متنازع ٹی 10 لیگ اب پاکستان کے کسی شہرکا نام اپنےمفاد کے لئے استعمال نہیں کرسکتی.

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے نے ٹی 10 لیگ پر پاکستانی شہر وں کے نام استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی.

    عدالتی فیصلے کے مطابق ٹی ٹین لیگ میں کراچی، کراچینز یا اس سے ملتےجلتے نام استعمال نہیں کیے جائیں گے.

    عدالت کے مطابق کراچی، کراچینز، کنگز  یا اس سے  ملتے جلتے ناموں کے اشتہارات بھی جاری نہیں کیے جا سکتے.

    متنازع ٹی 10 لیگ انتظامیہ کی جانب سےکراچی یا ملتے جلتے نام استعمال نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے.

    عدالت میں استغاثہ کے دلائل پر وکیل صفائی کے پاس نہ تو کوئی دلیل تھی نہ کوئی جواب تھا، ٹی ٹین انتظامیہ کو عدالتی فیصلہ ماننا پڑا۔

    تجزیہ کاروں نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پاکستانی کرکٹ کے مالی مفادات محفوظ ہوں گے.

    واضح رہے کہ ٹی 10 لیگ پہلے ہی  کئی مشکلات کا شکار ہے، گذشتہ دونوں ٹی ٹین لیگ کے پہلے سیزن کا بڑا اسکینڈل سامنے آیا، جب آئی سی سی نے کرپشن کے الزامات پر  سابق سری لنکن کرکٹر دلہارا لوکوہیٹگے کو معطل کر دیا تھا.

    یاد رہے کہ آل راؤنڈر شعیب ملک نے بھی گذشتہ دونوں‌ٹی 10 لیگ نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ بھی متنازع لیگ پر تحفظات کا اظہار کر چکا ہے، جب کہ اس کے لیے فنڈنگ کا معاملہ بھی واضح نہیں۔

  • بھارتی میڈیا نے بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا، کشمیریوں کو ان کا حق ملنا چاہیے: شاہد آفریدی

    بھارتی میڈیا نے بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا، کشمیریوں کو ان کا حق ملنا چاہیے: شاہد آفریدی

    کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کشمیر سے متعلق بیان پر مؤقف آ گیا، آفریدی نے ٹویٹ میں لکھا کہ بھارتی میڈیا نے بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم کے سابق آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کشمیر سے متعلق اپنے بیان پر کہا ہے کہ بھارتی میڈیا نے ان کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے۔

    [bs-quote quote=”انسانیت کے ناطے کشمیر کو اس کا حق ملنا چاہیے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”شاہد خان آفریدی” author_job=”سابق کپتان”][/bs-quote]

    شاہد آفریدی نے کہا کہ انھیں پاکستان سے محبت ہے اور وہ کشمیریوں کی جدوجہد کا احترام کرتے ہیں، انسانیت کے ناطے کشمیر کو اس کا حق ملنا چاہیے۔

    جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور بلے باز شاہد آفریدی نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ منظرِ عام پر آنے والی ان کی ویڈیو نا مکمل اور سیاق و سباق سے ہٹ کر ہے۔

    انھوں نے لکھا کہ جو باتیں انھوں نے پہلے کہیں وہ اس ویڈیو میں موجود نہیں ہیں، کشمیر ایک متنازع مسئلہ ہے جس پر بھارت کا قبضہ ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  ابھرتی ہوئی نوجوان خاتون کھلاڑی ’آفریدی‘ بننے کی خواہش مند


    بوم بوم نےمزید لکھا کہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ مجھ سمیت تمام پاکستانی آزادیٔ کشمیر کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔ کشمیر پاکستان سے ہے۔

    واضح رہے کہ  شاہد آفریدی کی ایک نا مکمل ویڈیو میں کشمیر سے متعلق ان کا ایک بیان متنازع صورت اختیار کر گیا تھا جس پر انھوں نے اپنا مؤقف جاری کیا۔

  • سوئنگ کے سلطان کو کراچی کنگزمیں بطورصدرخوش آمدید، سلمان اقبال

    سوئنگ کے سلطان کو کراچی کنگزمیں بطورصدرخوش آمدید، سلمان اقبال

    سوئنگ کے سلطان کے نام سے شہرت کے حامل لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم نے پی ایس ایل کی سب سے پسندیدہ ٹیم کراچی کنگز میں ٹیم کے صدر کی حیثیت سے شمولیت اختیار کرلی۔

    کراچی کنگز کے مالک اور اے آروائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال نے اپنے ٹویٹ میں لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم کو خوش آمدید کہتے ہوئے اعلان کیا کہ وسیم اکرم اب کراچی کنگز کا حصہ ہوں گے۔

    انہوں نے اپنے ٹویٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ سلطان آف سوئنگ ہی اب نئے کنگ ہوں گے ۔ وسیم اکرم نے کراچی کنگز میں بطور ٹیم صدر شمولیت اختیار کی ہے۔ یا درہے کہ پی ایس ایل کے سیزن۴ کی تیاریاں عروج پر ہیں ۔ سابقہ تینوں سیزن میں کراچی کنگز کرکٹ کے مداحوں کی فیورٹ ٹیم رہی ہے۔

    پاکستان کے مایہ ناز باؤلر وسیم اکرم 3 جون 1966ء کو لاہور میں پیدا ہوئے وہ بائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرنیوالے دنیا کے بہترین باؤلر مانے جاتے ہیں، انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیرئیرکا آغاز25جنوری1985ء میں نیوزی لینڈ کیخلاف آکلینڈ میں کیا۔

    وسیم اکرم ون ڈے کرکٹ میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنیوالے کھلاڑی ہیں، انہوں نے 356 ون ڈے میچز میں 502 وکٹیں حاصل کیں جبکہ وہ 1984 سے 2003 تک 104 ٹیسٹ میچ سمیت 356 بین الاقوامی ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں۔

    وسیم اکرم کا شمار پاکستان کے بہترین فاسٹ باولرز میں بھی کیا جاتا ہے،وہ 1992 میں کرکٹ کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم میں شامل رہے اور 1999 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہے۔

    وسیم اکرم 19برس تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد مئی 2003ء میں ریٹائرڈ ہوگئے تھے، وسیم اکرم ان دنوں ملکی و غیر ملکی سپورٹس چینلز پر کمنٹیٹر کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

    وسیم اکرم نے شنیرا تھامسن سے 2013میں دوسری شادی کی تھی ، اس سے قبل سال 2009 میں وسیم اکرم کی پہلی اہلیہ بیماری کے باعث انتقال کرگئی تھیں جو کہ ان کے لیے ایک صدمہ تھا۔

  • کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا شارٹ، بیٹسمین نے لیٹ کر چھکا مارا۔۔ ویڈیو وائرل

    کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا شارٹ، بیٹسمین نے لیٹ کر چھکا مارا۔۔ ویڈیو وائرل

    نئی دہلی: بھارت کے نوجوان کرکٹر شیوام نے پچ پر لیٹ کر منفرد چھکا لگایا جس کی  دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ویسے تو کرکٹ میچ کے دوران دلچسپ واقعات پیش آتے ہیں مگر بعض تو ایسے ہوتے ہیں جنہیں دیکھ کر شائقین ورطہ حیرت میں ڈال دیتے ہیں۔

    عام طور پر کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے دلچسپ انداز کی ویڈیوز وائرل ہوتی ہیں مگر اب کی بار جس نے انٹرنیٹ پر تہلکہ مچایا وہ بلے باز کا انوکھا انداز تھا۔

    ویڈیو دیکھیں: ’اظہر علی کو کرکٹ تعلیم کی ضرورت ہے‘

    انسٹاگرام پر شیئر ہونے والی ویڈیو کے مطابق وجے مرچنٹ ٹرافی کا میچ 2014 میں مقامی ٹیموں کے درمیان ہورہا تھا کہ اس دوران 20 سالہ کرکٹ شیوام نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

    شیئر ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ باؤلر نے جیسے ہی گیند پھینکی کھلاڑی کریز سے آگے بڑھا تو اُس کا بیلنس آؤٹ ہوگیا مگر اُس نے پچ پر گرنے کے باوجود بھی حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا اور گیند پر مکمل نظر رکھتے ہوئے اسے باؤنڈری کے پار پھینکا۔

    میچ میں شیوام کی ٹیم کو فتح حاصل ہوئی تو نہ ہوئی البتہ نوجوان کرکٹر نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا صلاحیتوں کا اعتراف ضرور کروایا، شائقین نے ویڈیو پر دلچسپ تبصرے کیے۔

    سوشل میڈیا صارفین نے اس شارٹ کو کرکٹر کی خوبی قرار دیا تو کچھ نے اس پر ظنز بھی کیا۔

  • اس بار ٹی 10 لیگ کا حصہ نہیں بن سکتا، شعیب ملک کا اعلان

    اس بار ٹی 10 لیگ کا حصہ نہیں بن سکتا، شعیب ملک کا اعلان

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس بار ٹی 10 لیگ کا حصہ نہیں بن سکتے۔

    تفصیلات کے مطابق آل راؤنڈر کرکٹر شعیب ملک نے کہا ہے کہ وہ اس بار پنجاب لیجنڈز کی جانب سے ٹی 10 لیگ نہیں کھیلیں گے کیوں کہ وہ اپنی بیوی اور بچے کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔

    شعیب ملک نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ بیوی اور بچے کے ساتھ وقت گزارنا ان کے لیے سب سے بڑھ کر ہے۔

    کرکٹر شعیب ملک نے لکھا ’میں ملے جلے جذبات کے ساتھ اعلان کرتا ہوں کہ ٹی 10 لیگ کا حصہ نہیں ہوں گا اور اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزاروں گا، یہ ایک مشکل فیصلہ تھا کیوں کہ میری بیوی چاہتی ہیں کہ مجھے کھیلنا چاہیے، لیکن میں بیوی اور بچے کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں اور یہ میرے لیے سب سے بڑھ کر ہے۔‘

    خیال رہے کہ پاکستانی اسٹار کرکٹر شعیب ملک اور ان کی بھارتی ٹینس اسٹار بیوی ثانیہ مرزا 29 اکتوبر کو ایک بیٹے کے والدین بن گئے ہیں جس کا نام انھوں نے اذہان رکھا ہے۔ شعیب اور ثانیہ کی شادی 12 اپریل 2010 کو ہوئی تھی۔


    یہ بھی پڑھیں:  شعیب ملک نے بیٹے کا نام رکھ دیا


    یہ بھی یاد رہے کہ ٹی ٹین لیگ ایک متنازع کرکٹ لیگ ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ اس پر تحفظات کا اظہار کر چکا ہے، جب کہ اس کے لیے فنڈنگ کا معاملہ بھی متنازع ہے۔ چند دن قبل پی ایس ایل فرنچائز نے بھی اس پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔